Baaghi TV

Blog

  • ‎راولپنڈی اور اسلام آباد میں یکساں اوقاتِ اذان و نماز نافذ کرنے کا فیصلہ

    ‎راولپنڈی اور اسلام آباد میں یکساں اوقاتِ اذان و نماز نافذ کرنے کا فیصلہ

    
پاکستان کے بڑے شہروں میں یکساں اوقاتِ اذان اور نماز کے نفاذ کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، جس کا آغاز ابتدائی مرحلے میں دو اہم شہروں سے کیا جائے گا۔
    تفصیلات کے مطابق جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں یکساں اذان اور نماز کے نظام پر اتفاق کیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف کی زیر صدارت مشاورتی اجلاس میں کیا گیا، جس میں تمام مکاتبِ فکر کے علما اور تاجر برادری نے شرکت کی۔
    ‎اجلاس میں نظامِ صلوٰۃ کے نفاذ پر اتفاق کرتے ہوئے فیصلہ کیا گیا کہ یکساں اذان اور نماز کا باقاعدہ کلینڈر جلد جاری کیا جائے گا۔ وزیر مذہبی امور نے بتایا کہ اس نظام کے لیے قانون سازی پر بھی وزارت مذہبی امور کام کر رہی ہے۔
    ‎سردار یوسف کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں اس فیصلے کے نفاذ کے اثرات چاروں صوبوں تک جائیں گے اور یکساں اذان و نماز سے اتحادِ امت اور مذہبی ہم آہنگی کو فروغ ملے گا۔
    ‎تاجر برادری نے اذان کے بعد دکانیں رضاکارانہ طور پر بند کرنے پر آمادگی ظاہر کی، جبکہ جمعہ کے دن سے یکساں نظام کے آغاز کی تجویز بھی دی گئی ہے۔

  • ‎اڈیالہ جیل کے باہر دھرنے کا اعلان، بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کا مطالبہ

    ‎اڈیالہ جیل کے باہر دھرنے کا اعلان، بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کا مطالبہ

    
اڈیالہ جیل کے فیکٹری ناکے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ آج رات دھرنا دیا جائے گا اور پارٹی کے ایم پی ایز اور ایم این ایز موقع پر پہنچ رہے ہیں۔
    انہوں نے الزام عائد کیا کہ حالات کو زبردستی خراب کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، جبکہ ان کا مطالبہ ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کروائی جائے۔
    ‎سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی سے ان کے ذاتی معالج اور اہلِ خانہ کی ملاقات کی اجازت بھی دی جائے۔

  • پنجاب میں تعلیمی اداروں کی سیکیورٹی اور طلبہ کی ذہنی صحت کے لیے بڑے اقدامات

    پنجاب میں تعلیمی اداروں کی سیکیورٹی اور طلبہ کی ذہنی صحت کے لیے بڑے اقدامات

    ‎پنجاب حکومت نے تعلیمی اداروں کی سیکیورٹی مضبوط بنانے اور طلبہ کی ذہنی صحت کے تحفظ کے لیے اہم اقدامات متعارف کرا دیے ہیں۔ اے آر وائی نیوز کے مطابق پنجاب سیف سٹی پراجیکٹ کے تحت صوبے کے 30 ہزار سے زائد اسکولوں، کالجوں اور جامعات کو سیف سٹی سسٹم سے منسلک کر دیا گیا ہے، جبکہ طلبہ کی ذہنی صحت کے لیے ایمرجنسی ہیلپ لائن بھی شروع کر دی گئی ہے۔
    ‎سیف سٹی سسٹم سے منسلک ہونے کے بعد تعلیمی ادارے روزانہ تین بار سیفٹی ایپ کے ذریعے اپنی سیکیورٹی اسٹیٹس اپڈیٹ کریں گے۔ اس مقصد کے لیے ورچوئل سینٹر فار ایجوکیشنل سیکیورٹی قائم کیا گیا ہے، جہاں ایک ایپ کے ذریعے تمام اداروں کی سیکیورٹی ایک کلک پر مانیٹر کی جا سکے گی۔
    ‎ذہنی دباؤ، ناامیدی اور خودکشی جیسے بڑھتے ہوئے مسائل سے نمٹنے کے لیے پنجاب سیف سٹی نے ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 بھی متعارف کرائی ہے۔ اس ہیلپ لائن پر ڈپریشن، خوف، ناامیدی یا خودکشی کے خیالات کی صورت میں خصوصی کونسلنگ فراہم کی جائے گی، جہاں ماہرِ نفسیات فوری طور پر رابطہ کر کے مدد فراہم کریں گے۔

  • پاکستانی نوجوان نے مصنوعی ذہانت کو اردو سکھا دی، دنیا کا سب سے بڑا اردو لینگویج ماڈل تیار

    پاکستانی نوجوان نے مصنوعی ذہانت کو اردو سکھا دی، دنیا کا سب سے بڑا اردو لینگویج ماڈل تیار

    ‎مصنوعی ذہانت (AI) اب تک اردو سے مکمل طور پر آشنا نہیں تھی، جس کی وجہ سے انگریزی میں کم مہارت رکھنے والے پاکستانی اکثر اس سے فائدہ نہیں اٹھا پاتے تھے۔ تاہم امریکا میں زیرِ تعلیم پاکستانی نوجوان تیمور حسن نے اس خلا کو پر کیا اور AI کو اردو سکھا دیا۔
    ‎تیمور حسن نے اپنے دو ساتھیوں جواد احمد اور محمد اویس کے ساتھ مل کر پاکستان کا اپنا اردو چیٹ جی پی ٹی ماڈل تیار کیا ہے جسے ’’قلب‘‘ کا نام دیا گیا ہے۔ یہ ماڈل دنیا کا سب سے بڑا اردو لینگویج ماڈل قرار دیا جا رہا ہے۔
    ‎’’قلب‘‘ تقریباً ایک ارب 97 کروڑ الفاظ پر تربیت دی گئی ہے اور اسے سات سے زائد عالمی معیار کے ٹیسٹس پر جانچا گیا، جہاں اس نے موجودہ اردو AI ماڈلز کو پیچھے چھوڑ دیا۔
    ‎یہ ماڈل اردو زبان میں سوالات سمجھنے اور جواب دینے میں مکمل مہارت رکھتا ہے۔ طلبہ اس کے ذریعے اردو میں تحقیق اور اسائنمنٹس کے لیے مدد حاصل کر سکتے ہیں، جبکہ عام صارفین بھی جدید AI ٹیکنالوجی سے اپنی مادری زبان میں فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

  • ترکی میں ایرانی جاسوسی نیٹ ورک کا پردہ فاش، پانچ صوبوں میں چھ افراد گرفتار

    ترکی میں ایرانی جاسوسی نیٹ ورک کا پردہ فاش، پانچ صوبوں میں چھ افراد گرفتار

    ‎ترکی کی نیشنل انٹیلی جنس آرگنائزیشن (MIT) اور سکیورٹی فورسز نے ترکی کے اندر سرگرم ایک مشتبہ ایرانی جاسوسی نیٹ ورک کو توڑ دیا اور پانچ صوبوں میں مشترکہ چھاپوں کے دوران چھ افراد کو گرفتار کیا۔
    ‎روزنامہ ’صباح‘ کے مطابق یہ گروہ حساس فوجی اور سکیورٹی معلومات اکٹھا کرنے اور ممکنہ حملوں کی منصوبہ بندی میں ملوث تھا، جس میں جنوبی ترکی میں انجرلیک ایئر بیس کی نگرانی بھی شامل تھی۔
    ‎تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ اس نیٹ ورک کو ایرانی انٹیلی جنس افسران نجف رستمی (عرف حاجی) اور مہدی یکہ دہقان (عرف ڈاکٹر) چلا رہے تھے۔ رستمی نے وان صوبے میں رہائش پذیر علی جان کوچ کو ہدایت دی کہ وہ ایسے افراد بھرتی کرے جو آدانا میں انجرلیک بیس کے ارد گرد خفیہ تصاویر اور ویڈیوز بنا سکیں۔
    ‎مزید تحقیقات سے پتہ چلا کہ انقرہ میں مقیم ایرانی شہری اشکان جلالی نے اپنی کمپنیوں بلاق روبوٹکس اور آریٹے انڈسٹریز کے ذریعے ترکی سے ترک جمہوریہ شمالی قبرص اور یونانی قبرصی انتظامیہ کو مسلح ڈرونز منتقل کرنے کی کوشش کی۔ مبینہ طور پر جلالی اور کوچ نے اگست اور ستمبر 2025 میں ایران میں ڈرون کی تربیت حاصل کی تھی۔
    ‎استنبول میں چھاپوں کے دوران دفاعی صنعت کے مالکان ارہان ارگیلن اور تانیر اوزجان، ٹیکسٹائل تاجروں جمال بیاز اور رمزی بیاز، علی جان کوچ اور اشکان جلالی کو حراست میں لیا گیا۔ بعد ازاں استنبول کی عدالت نے انہیں ’سیاسی یا فوجی جاسوسی کے لیے ریاستی خفیہ معلومات حاصل کرنے‘ کے الزام میں گرفتار کر لیا۔

  • پاکستان کی مسلح افواج تیزی سے جدید ٹیکنالوجی اپنا رہی ہیں، فیلڈ مارشل عاصم منیر

    فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جمعرات کو کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج مختلف شعبوں میں بڑے تبدیلی کے عمل سے گزر رہی ہیں اور ہر سطح پر ٹیکنالوجی کو تیزی سے اپنا رہی ہیں۔
    پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، یہ بیان فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بہاولپور گیریژن کے دورے کے موقع پر دیا، جہاں انہیں کور کی مختلف عملیاتی، تربیتی اور انتظامی امور پر بریفنگ دی گئی۔
    ‎فیلڈ مارشل نے کہا کہ جنگ کی نوعیت میں نمایاں تبدیلی آئی ہے اور ٹیکنالوجی اس تبدیلی کو آگے بڑھا رہی ہے، جس کے لیے ہر سطح پر فکری تبدیلی ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں تکنیکی حربے جسمانی حرکات کی جگہ لیں گے اور جارحانہ و دفاعی کارروائیوں کے طریقے بنیادی طور پر بدل جائیں گے، اسی لیے مسلح افواج تیزی سے ٹیکنالوجی کو اپنا رہی ہیں۔
    ‎انہوں نے مزید کہا کہ اس عمل میں اختراع، مقامی تیاری اور موافقت بنیادی ستون ہوں گے۔ جوانوں سے خطاب میں فیلڈ مارشل نے ان کے حوصلے، پیشہ ورانہ مہارت اور عملیاتی تیاری کو سراہا اور عزم ظاہر کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج ہر قسم کے خطرات کے خلاف ملک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
    ‎ساتھ ہی انہوں نے مستقبل کے میدانِ جنگ اور سلامتی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اعلیٰ سطح کی تیاری برقرار رکھنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

  • لاہور مین ہول حادثہ: مریم نواز سخت برہم، غم و غصے کا اظہار

    لاہور مین ہول حادثہ: مریم نواز سخت برہم، غم و غصے کا اظہار

    
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور میں مین ہول واقعے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں بیان نہیں کر سکتی کہ میرے دل پر کیا گزری۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں انسان کی بھی جان کی قیمت نہیں ہے، جانور کی تو بات ہی چھوڑ دیں، ہر سطح پر مجرمانہ غفلت ہوئی اور میں سمیت سب جوابدہ ہیں۔
    مریم نواز کی زیرصدارت لاہور مین ہول واقعے پر اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا، جس میں انہوں نے کہا کہ اربوں روپے کے کام عوام کی بہتری اور سہولت کے لیے کیے جاتے ہیں، لوگوں کو نقصان پہنچانے کے لیے نہیں۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ کسی کو پرواہ نہیں تھی کہ مین ہول کھلا ہوا ہے، داتا دربار جیسی رش والی جگہ پر یہ غفلت ناقابل قبول ہے۔
    ‎انہوں نے سوال اٹھایا کہ اسسٹنٹ کمشنر کس چیز کے ذمہ دار ہیں اور مین ہول کھلا کیوں رہ گیا۔ کمشنر لاہور اور ایل ڈی اے لاہور دونوں ہی اس میں قصوروار ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ ٹریفک پولیس کو بھی معلوم نہیں تھا کہ پارکنگ کے پیسے لیے جا رہے ہیں، اور لوگوں کے لیے جگہ محفوظ نہیں بنائی گئی۔
    ‎انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی تمام میٹنگوں میں واضح ہدایت ہے کہ کوئی مین ہول کھلا نہ رہے۔ جو لوگ مین ہول کھلا چھوڑتے ہیں، کیا ان کے اپنے گھر میں بچے نہیں؟
    ‎مریم نواز نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لڑکی کی فیملی کو چور بنا کر تھانے میں لے جانا بھی ناقابل قبول ہے۔ سیف سٹی کیمروں اور سی سی ٹی وی کی مدد سے حقیقت دیکھنے میں زیادہ وقت نہیں لگنا چاہیے۔
    ‎انہوں نے زور دیا کہ معاملے کا رخ بدلنے کی کوشش کی گئی، جیسے کچھ ہوا ہی نہیں، لیکن میں نے سیف سٹی کے اہلکار کو فون کیا تو اس نے کہا شاید کوئی مین ہول میں گرا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ اس واقعے کے تمام ذمہ دار خود بھی جوابدہ ہیں۔

  • اوچ شریف: ایف آئی اے کا بڑا کریک ڈاؤن، بی آئی ایس پی میں بدعنوانی پر متعدد ریٹیلرزگرفتار

    اوچ شریف: ایف آئی اے کا بڑا کریک ڈاؤن، بی آئی ایس پی میں بدعنوانی پر متعدد ریٹیلرزگرفتار

    اوچ شریف (باغی ٹی وی/نامہ نگارحبیب خان) بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) کے تحت غریب اور مستحق خواتین کو دی جانے والی مالی امداد میں مبینہ بدعنوانیوں، غیرقانونی کٹوتیوں اور جعلی لین دین کے خلاف فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے اوچ شریف میں بڑا اور فیصلہ کن کریک ڈاؤن کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں قائم متعدد ریٹیلرز کے مراکز پر بیک وقت چھاپے مارے۔

    کارروائی کے دوران ایف آئی اے نے بڑی تعداد میں مشتبہ بائیومیٹرک ڈیوائسز، اہم ریکارڈ اور نقد رقوم قبضے میں لے لیں، جبکہ متعدد ریٹیلرز اور ان کے اہلکاروں کو حراست میں لے کر مزید تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق ایف آئی اے کو طویل عرصے سے شکایات موصول ہو رہی تھیں کہ بعض ریٹیلرز مستحق خواتین سے غیرقانونی کٹوتیاں کر رہے ہیں، جعلی بائیومیٹرک کے ذریعے رقوم نکلوا رہے ہیں اور کئی خواتین کو یہ کہہ کر گمراہ کیا جا رہا ہے کہ وہ پروگرام کے لیے نااہل ہو چکی ہیں، حالانکہ ان کے نام پر قسط جاری ہو چکی ہوتی ہے۔ ان شکایات کی روشنی میں ایف آئی اے نے خفیہ نگرانی اور شواہد اکٹھے کرنے کے بعد کارروائی عمل میں لائی۔

    ابتدائی تحقیقات کے مطابق بعض ریٹیلرز کے پاس سرکاری قواعد و ضوابط کے برخلاف اضافی بائیومیٹرک ڈیوائسز موجود تھیں، جبکہ کئی مراکز پر خواتین کے شناختی کارڈز کی نقول اور بائیومیٹرک ڈیٹا غیرقانونی طور پر محفوظ کیا گیا تھا۔ ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ یہ عمل نہ صرف قومی ڈیٹا تحفظ قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے بلکہ غریب اور مستحق خواتین کے معاشی استحصال کے مترادف بھی ہے۔

    ایف آئی اے ذرائع نے بتایا ہے کہ زیرِ حراست افراد سے تفتیش کے بعد مزید گرفتاریوں اور مقدمات کے اندراج کا قوی امکان ہے، جبکہ اس نیٹ ورک میں شامل دیگر سہولت کاروں اور ممکنہ سرکاری اہلکاروں کے کردار کا بھی باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام جیسے قومی فلاحی منصوبے میں بدعنوانی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔

    دوسری جانب علاقے کی عوام اور سماجی حلقوں نے ایف آئی اے کی اس کارروائی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ملوث ریٹیلرز کو نشانِ عبرت بنایا جائے، لوٹی گئی رقوم مستحق خواتین کو واپس دلائی جائیں اور مستقبل میں ایسے مؤثر اقدامات کیے جائیں جن سے اس قومی فلاحی پروگرام کو بدعنوان عناصر سے مکمل طور پر پاک کیا جا سکے۔

  • ٹھٹھہ:ڈپٹی کمشنر  کی اوپن ڈور پالیسی، شہریوں کے مسائل کے فوری حل کی ہدایات

    ٹھٹھہ:ڈپٹی کمشنر کی اوپن ڈور پالیسی، شہریوں کے مسائل کے فوری حل کی ہدایات

    ٹھٹھہ (باغی ٹی وی/بلاول سموں) ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ سرمد علی بھاگت کی جانب سے اپنے دفتر میں روزانہ کی بنیاد پر شہریوں کے مسائل حل کرنے کا سلسلہ تسلسل کے ساتھ جاری ہے۔ اوپن ڈور پالیسی کے تحت انہوں نے مختلف علاقوں سے آنے والے شہریوں سے ملاقات کی اور ان کے انفرادی و اجتماعی مسائل تفصیل سے سنے۔

    تفصیلات کے مطابق ملاقات کے دوران شہریوں نے زمین، ریونیو، صحت، تعلیم، بلدیاتی امور اور دیگر سرکاری محکموں سے متعلق شکایات اور مسائل ڈپٹی کمشنر کے سامنے رکھے۔ ڈپٹی کمشنر سرمد علی بھاگت نے تمام مسائل کو بغور سنا اور موقع پر ہی متعلقہ محکموں کے افسران کو واضح ہدایات جاری کیں کہ عوامی شکایات کا فوری، شفاف اور قانون کے مطابق ازالہ یقینی بنایا جائے۔

    اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ نے کہا کہ عوام کو درپیش مسائل کا بروقت حل حکومت کی اولین ترجیح ہے اور ضلعی انتظامیہ عوامی خدمت کے مشن پر مکمل طور پر کاربند ہے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ سائلین کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں اور کسی بھی شہری کو غیر ضروری طور پر دفاتر کے چکر نہ لگوائے جائیں۔

    ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ اوپن ڈور پالیسی کا بنیادی مقصد عوام اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان فاصلے کم کرنا اور عوام کو فوری ریلیف فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ شکایات کے ازالے میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام متعلقہ افسران اپنی کارکردگی مزید بہتر بنائیں۔

  • ٹھٹھہ:گھارو میں لینڈ مافیا بے لگام، سرکاری زمینوں پر غیر قانونی ہاؤسنگ اسکیمیں تیار

    ٹھٹھہ:گھارو میں لینڈ مافیا بے لگام، سرکاری زمینوں پر غیر قانونی ہاؤسنگ اسکیمیں تیار

    ٹھٹھہ (باغی ٹی وی/ڈسٹرکٹ رپورٹر بلاول سموں) ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ کی جانب سے سرکاری زمینوں اور تجاوزات کے خلاف جاری مہم کے باوجود گھارو میں لینڈ مافیا کے خلاف مؤثر کارروائی نہ ہو سکی، جس کے باعث سرکاری زمینوں پر قبضہ کرکے غیرقانونی ہاؤسنگ اسکیمیں چلانے کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔

    ذرائع کے مطابق گھارو کے مختلف علاقوں میں سرکاری اراضی پر غیرقانونی تعمیرات اور ہاؤسنگ اسکیموں کا جال بچھایا جا رہا ہے، جبکہ ضلعی انتظامیہ کی کارروائیاں محض کاغذی حد تک محدود نظر آتی ہیں۔ محکمہ ریونیو نے حالیہ کارروائی کے دوران غیرقانونی بلڈرز کو نوٹس جاری کرتے ہوئے “ماڈرن سٹی” نامی ہاؤسنگ اسکیم کو غیرقانونی قرار دیا ہے اور اسکیم سے متعلق تقریباً 100 ایکڑ زمین کا مکمل ریکارڈ طلب کر لیا گیا ہے۔

    محکمہ ریونیو کے ذرائع کا کہنا ہے کہ نوٹس کے بعد کارروائی کی تیاری جاری تھی، تاہم مبینہ طور پر بلڈرز نے سیاسی اور انتظامی اثر و رسوخ استعمال کرتے ہوئے کارروائی عارضی طور پر رکوا دی۔ اس حوالے سے محکمہ ریونیو کا مؤقف ہے کہ کسی بھی وقت غیرقانونی تعمیرات کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے اور سرکاری زمین کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

    دوسری جانب شہری حلقوں نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ کسی بھی ہاؤسنگ اسکیم میں پلاٹ خریدنے سے قبل اس کی قانونی حیثیت، این او سی اور زمین کے ریکارڈ کی مکمل تصدیق ضرور کریں، تاکہ مستقبل میں مالی نقصان سے بچا جا سکے۔ متاثرہ افراد اور سماجی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ اور اسسٹنٹ کمشنر میرپور ساکرو سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری زمینوں پر جاری تمام غیرقانونی تعمیراتی سرگرمیاں فوری بند کرائی جائیں اور لینڈ گریبرز کے خلاف بلاامتیاز سخت قانونی کارروائی کی جائے۔