Baaghi TV

Blog

  • مذہبی و عوامی حلقوں کی جانب سے شدید ردعمل کا خدشہ،جیو نیوز نےخود اپنی نشریات معطل کرنے کی درخواست کی

    مذہبی و عوامی حلقوں کی جانب سے شدید ردعمل کا خدشہ،جیو نیوز نےخود اپنی نشریات معطل کرنے کی درخواست کی

    جیو نیوز کے پروگرام "سفرِ عشق” سے متعلق تنازع کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف دعوے سامنے آ رہے ہیں بعض حلقوں کا مؤقف ہے کہ اگر پروگرام میں نشر ہونے والا مواد قانون، پیمرا ضابطۂ اخلاق یا مذہبی حساسیت کے منافی تھا تو پہلے شوکاز نوٹس جاری کیا جانا چاہیے تھا، پھر مکمل تحقیقات اور متعلقہ فریق کا مؤقف سننے کے بعد کارروائی عمل میں لائی جاتی۔

    باغی ٹی وی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ جیو نیوز نے خود ہی اپنی نشریات 15 روز کے لیے معطل کرنے کی درخواست کی، ذرائع کے مطابق خدشہ تھا کہ اگر معاملہ معمول کے قانونی طریقہ کار کے تحت چلتا تو تحقیقات میں وقت لگ سکتا تھا، جبکہ اس دوران مذہبی و عوامی حلقوں کی جانب سے ملک بھر میں احتجاج اور جیو نیوز کے دفاتر کے باہر کشیدگی پیدا ہونے کا امکان موجود تھا، اسی تناظر میں مبینہ طور پر چینل نے رضاکارانہ طور پر 15 روزہ معطلی کی درخواست دی۔

    ادھر سوشل میڈیا پر متعدد صارفین کا کہنا ہے کہ پروگرام میں نشر کیے گئے مواد سے عوامی و مذہبی جذبات شدید مجروح ہوئے، اسی لیے عوامی ردعمل سامنے آیا ان حلقوں کا کہنا ہے کہ جیو نیوز کو 15 روز کے لیے بند کرنا اس کی گستاخی یا غلطی کی نوعیت کے مقابلے میں سزا بہت ہلکی ہے۔

  • اسحاق ڈار سے بحرینی وزیر خارجہ کا رابطہ،دورہ پاکستان کا عندیہ

    اسحاق ڈار سے بحرینی وزیر خارجہ کا رابطہ،دورہ پاکستان کا عندیہ

    نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے بحرین کے وزیر خارجہ ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا-

    ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے بحرین کے وزیر خارجہ ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی سے ٹیلی فون پر گفتگو کی، دونوں رہنماؤں نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے بعد خطے میں ہونے والی پیشرفت اور موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا۔

    بحرینی وزیر خارجہ نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر پاکستان کو مبارکباد دیتے ہوئے علاقائی امن کے لیے پاکستان کے مثبت اور تعمیری کردار کو سراہا، انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ پیشرفت خطے میں دیرپا امن اور استحکام کے قیام میں معاون ثابت ہوگی۔

    ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی نے کہا کہ وہ مستقبل قریب میں پاکستان کا دورہ کریں گے تاکہ وزیراعظم، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اور چیف آف ڈیفنس فورسز کی جانب سے جنگ بندی اور امن کے لیے کی جانے والی کوششوں پر ذاتی طور پر اظہار تشکر کر سکیں۔

    اسحاق ڈار نے بحرینی ہم منصب کے خیرسگالی جذبات پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے اور دنیا میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے بات چیت اور سفارت کاری کے راستے پر ثابت قدم رہے گا۔

  • خلا سے طوفانی بادلوں کی دنگ کر دینے والی انتہائی شاندار تصاویروائرل

    خلا سے طوفانی بادلوں کی دنگ کر دینے والی انتہائی شاندار تصاویروائرل

    امریکی خلائی تحقیقاتی ادارے (ناسا) کی خلاباز جیسیکا میئر نے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن سے زمین کے مدار میں موجود طوفانی بادلوں کی دنگ کر دینے والی انتہائی شاندار تصاویر شیئر کی ہیں،خلانوردوں کے مطابق مدار سے بادلوں کی مختلف اشکال، بناوٹ اور سائز کا لامحدود اور مسحور کن نظارہ دیکھنے کو ملتا ہے-

    اگر زمین سے بادلوں کی طرف دیکھا جائے تو یہ ایک خوبصورت نظارہ پیش کرتے ہیں لیکن خلا سے وہ بالکل ہی مختلف منظر پیش کرتے ہیں،یہ تصاویر بحر الکاہل کے شمال مغرب (Pacific Northwest) کے اوپر گرج چمک والے بادلوں کی ہیں۔

    ناسا کی خلا باز جیسیکا میئر نے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن سے بادلوں کی دلکش لیکن طاقت کو ظاہر کرنے والی تصاویر شیئر کی ہیں جیسیکا میئر نے تصاویر سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر شیئر کی ہیں، جس میں بحر الکاہل کے شمال مغرب میں گرج چمک کے بادل دکھائی دے رہے ہیں۔

    اپنی پوسٹ میں انہوں نے لکھا کہ خلائی اسٹیشن سے بادلوں کو دیکھنا بھی دلکش ہے، جس میں شکلیں، بناوٹ اور سائز کی بے شمار ورائٹی ملتی ہےاکثر بادل پر سکون دکھائی دیتے ہیں لیکن بعض اوقات یہ ناگوار بھی ہوجاتے ہیں، جیسے اس ہفتے بحر الکاہل کے شمال مغرب میں گرج چمک کے بادل ہوئے۔

  • سرکاری نرخ نظرانداز،ایل پی جی کی قیمتوں میں من مانا اضافہ،شہری پریشان

    سرکاری نرخ نظرانداز،ایل پی جی کی قیمتوں میں من مانا اضافہ،شہری پریشان

    حکومت کی جانب سے قیمت مقرر کرنے کے باوجود پنجاب بھر میں ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

    مارکیٹ ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے ایل پی جی کی سرکاری قیمت 308 روپے فی کلو مقرر ہے تاہم لاہور میں مختلف دکاندار ایل پی جی 480 سے 500 روپے فی کلو تک فروخت کر رہے ہیں دکاندار اپنی مرضی سے روز 10 سے20 روپے فی کلو تک اضافہ کرتے ہیں،جس کی وجہ سے گھریلو صارفین پر مالی بوجھ بڑھ گیا ہے اور عام استعمال کی گیس مہنگی ہوتی جا رہی ہے اور گھریلو صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

    دوسری جانب ایل پی جی سے چلنے والے رکشوں کے ڈرائیوروں کوبھی قیمتوں میں مسلسل اضافے سے شدید مشکلات کا سامنا ہے، ان کا کہنا ہے کہ ایندھن کی بڑھتی لاگت سے روزگار متاثر ہو رہا ہے اور آمدن میں نمایاں کمی آ گئی ہے شہریوں اور رکشہ ڈرائیوروں نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری نرخ نامے پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے، ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

    اس حوالے سے وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک کا کہنا ہے کہ ایل پی جی کی بلیک قیمت پر ذمہ داران کے خلاف کارروائی ہوگی، مارکیٹنگ کمپنیوں کو بھی نوٹس بھجوائے رہے ہیں، متعلقہ ادارے سرکاری نرخ نامے پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں، ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے گی۔

  • عالمی سطح پر پاکستان کی تاریخی پذیرائی دشمن سے ہضم نہیں ہورہی،بلاول بھٹو

    عالمی سطح پر پاکستان کی تاریخی پذیرائی دشمن سے ہضم نہیں ہورہی،بلاول بھٹو

    چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں رینجرز کے کیمپ پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے 3 اہلکاروں کی شہادت پر اظہار افسوس کیا ہے-

    چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں رینجرز کیمپ پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی ہے انہوں نے اس بزدلانہ کارروائی میں رینجرز کے 3 اہلکاروں کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور جام شہادت نوش کرنے والے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا اپنے بیان میں بلاول بھٹو نے سیکیورٹی فورسز کی بروقت اور پیشہ ورانہ کارروائی کی تعر یف کی، جس کے نتیجے میں حملہ آور دہشت گردوں کو جہنم واصل کر کے کیمپ پر قبضہ کرنے کی مذموم کوشش ناکام بنا دی گئی۔ انہوں نے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو کیفرِ کردار تک پہنچانے کے عزم کا اعادہ کیا –

    ترجمان بلاول ہاؤس کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی نے شہید اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا اور شہداء کےلواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کیابلاول بھٹو نے اپنے بیان میں کہا کہ بزدلانہ فعل سےواضح ہوا کہ عالمی سطح کےسفارتی محاذ پر پاکستان کی تاریخی پذیرائی دشمن سے ہضم نہیں ہورہی، پاکستانی قوم اپنے وطن کی حفاظت اور دشمن کے مذموم عزائم کو خاک میں ملانے کے لیے پُرعزم ہے۔

  • پاکستان کی معروف شیف راحت علی انتقال کر گئیں

    پاکستان کی معروف شیف راحت علی انتقال کر گئیں

    پاکستان کی معروف شیف راحت علی انتقال کر گئیں۔

    راحت علی کا شمار پاکستان کے معروف ترین شیفس میں ہوتا تھا، ان کی آسان تراکیب، منفرد پکوان اور سادہ انداز نے لاکھوں لوگوں خصوصاً گھریلو خواتین کے دل جیت لیے، ان کی مسکراہٹ اور دوستانہ انداز انہیں ناظرین میں بے حد مقبول بناتا تھا، انکے کوکنگ شوز نے نہ صرف کھانا پکانے کو آسان بنایا بلکہ بے شمار لوگوں کو نئے ذائقے آزمانے کی ترغیب بھی دی۔

    شیف راحت علی کی بھانجی نے سوشل میڈیا پر ان کے انتقال کی خبر شیئر کی ہے جس کے بعد مداحوں اورمختلف شعبہ ہائے زندگی سےتعلق رکھنے والی شخصیات نےگہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکرتے ہوئے ان کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

    واضح رہے کہ مرحومہ کی صاحبزادی شیف مائدہ راحت علی بھی ایک معروف شیف ہیں جو اس وقت امریکا میں مقیم ہیں، وہاں وہ اپنے شعبے میں خدمات انجام دے رہی ہیں-

  • فیفا ورلڈکپ 2026: آسٹریا 72 سال میں پہلی بار ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچ گیا، ایران ایونٹ سے باہر

    فیفا ورلڈکپ 2026: آسٹریا 72 سال میں پہلی بار ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچ گیا، ایران ایونٹ سے باہر

    فٹبال ورلڈ کپ میں الجزائر اور آسٹریا کی ٹیمیں راؤنڈ آف 32 کے لیے کوالیفائی کر گئیں جبکہ ایران ایونٹ سے باہر ہو گیا۔

    الجزائز اور آسٹریا کا سنسنی خیز میچ تین تین گول سے برابر ہو گیا جس کے بعد ایران فٹبال ورلڈ کپ سے باہر ہو گیا ہے ناک آؤٹ مرحلے تک رسائی کے لیے دونوں ٹیموں میں سے کسی ایک کا جیتنا ضروری تھا،الجزائز اور آسٹریا کا میچ ابتدائی 60 منٹ تک مقابلہ دو دو گول سے برابر رہا جس کے بعد الجزائر نے دوسرے ہاف کے انجری ٹائم میں تیسرا گول کر کے برتر ی حاصل کی ، میچ کے بالکل اختتامی لمحات میں آسٹریا نے تیسرا گول کیا اور راؤنڈ آف 32 میں جگہ بنا لی۔

    اس کے علاوہ فٹ بال ورلڈ کپ کے کے گروپ کے میچ میں کانگو نے اُزبکستان کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے دی، جبکہ پُرتگال اور کولمبیا کا میچ دلچسپ مقا بلے کے بعد بغیر کسی گول کے برابر رہا آسٹریا کی ٹیم 72 سال میں پہلی مرتبہ میگا ایونٹ کے ناک آؤٹ راؤنڈ میں پہنچی ہے، اس کا مقابلہ اسپین سے ہو گا، ناک آؤٹ راؤنڈ میں پُرتگال کا میچ کروشیا سے ہو گا، کولمبیا کی ٹیم گھانا سے کھیلے گی، کانگو اور انگلینڈ آمنے سامنے ہوں گے۔

    میگا ایونٹ کے گروپ میچز کے آخری روز گروپ کے کے بھی دو مقابلے ہوئے جس میں کانگو نے اُزبکستان کو تین ایک سے مات دی، میچ میں پہلے اُزبکستان نے شومورودوف کے گول کی بدولت برتری حاصل کی،دوسرے ہاف میں کانگو کی ٹیم کا پلہ بھاری رہا جس نے حریف پر تین گول داغ دیئے، اُن کی جانب سے دو گول ویسا نے اسکور کئے، ایک گول میلیے نے بنایا، راؤنڈ آف تھرٹی ٹو میں اُس کا مقابلہ انگلینڈ سے ہو گا۔

  • سیف علی خان نے گھر پر جان لیوا حملے کی خوفناک رات  سے پردہ اٹھا دیا

    سیف علی خان نے گھر پر جان لیوا حملے کی خوفناک رات سے پردہ اٹھا دیا

    بالی ووڈ اداکار سیف علی خان نے گھر پر جان لیوا حملے سے متعلق ایک سال سے زائد عرصے بعد کھل کر بات کی ہے-

    بالی ووڈ اداکار سیف علی خان نے اپنے گھر پر ہونے والے جان لیوا چاقو حملے کے ایک سال سے زائد عرصے بعد پہلی بار اس خوفناک رات سے متعلق بتایا کہ حملہ آور کو معاف کرنا ان کے لیے انتہائی مشکل ہے کیونکہ اس نے نہ صرف ان پر حملہ کیا بلکہ ان کے کمسن بیٹے جہانگیر (جے) کو بھی نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔

    سیف علی خان نے ایک حالیہ انٹرویو میں بتایا کہ جنوری 2025 میں ممبئی کے علاقے باندرہ میں واقع ان کی رہائش گاہ میں ایک شخص گھس آیا تھا، جس نے انہیں متعدد بار چاقو کے وار کرکے شدید زخمی کر دیا، اداکار کے مطابق اس واقعے کی سب سے تکلیف دہ بات یہ تھی کہ حملہ آور نے ان کے بیٹے جے کو بھی نقصان پہنچایا، اور یہی وجہ ہے کہ اس شخص کو معاف کرنا ان کے لیے آسان نہیں، وہ اپنی زندگی میں آگے بڑھنے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم اس رات کی یادیں آج بھی ان کے ذہن میں تازہ ہیں ا اگرچہ وقت نے جسمانی زخم بھر دیے ہیں لیکن ذہنی اور جذباتی اثرات اب بھی باقی ہیں۔

    واضح رہے کہ 16 جنوری 2025 کو سیف علی خان پر ان کے گھر میں گھس کر حملہ کیا گیا تھا، جس میں انہیں چھ چاقو کے زخم آئے تھے۔ ایک زخم ریڑھ کی ہڈی کے انتہائی قریب تھا، جس کے باعث انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی ہنگامی سرجری کی گئی بعد ازاں پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا تھا۔

  • آج سے 3 جولائی تک پری مون سون بارشوں کی پیشگوئی ،  الرٹ جاری

    آج سے 3 جولائی تک پری مون سون بارشوں کی پیشگوئی ، الرٹ جاری

    نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے آج سے 3 جولائی تک وقفے وقفے سے پری مون سون بارشوں کی پیشگوئی کر دی۔

    این ڈی ایم اے کے مطابق شدید گرمی اور متوقع پری مون سون بارشوں کے باعث شمالی علاقوں میں گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے کا خدشہ ہے گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں دریاؤں اورندی نالوں میں پانی کی سطح اچانک بلند ہو سکتی ہے، گلیشیائی جھیلیں پھٹنے، اچانک سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خطرہ موجود ہے۔

    این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے کے پیش نظر ہنزہ، نگر، غذر، اسکردو، شگر، گانچھے، کھرمنگ، استور، دیامر، اپر و لوئر چترال اور سوات سمیت حساس علاقوں کے رہائشیوں اور سیاحوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے دریاؤں، ندی نالوں، گلیشیائی جھیلوں اوردریا کناروں کے قریب غیر ضروری نقل وحرکت سے گریز کیا جائے، صوبا ئی ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹیزکو بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔

  • پیٹرول اور ڈیزل پر لیوی میں اضافہ

    پیٹرول اور ڈیزل پر لیوی میں اضافہ

    حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل پر لیوی میں اضافہ کر دیا۔

    ذرائع پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق ڈیزل پر لیوی 6 روپے57 پیسے فی لیٹر بڑھا دی گئی جس کے بعد ڈیزل پر لیوی بڑھ کر 79 روپے 54 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہےاس کے علاوہ پیٹرول پر لیوی میں 39 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہےجس سے پیٹرول پر لیوی بڑھ کر 66 روپے 64 پیسے فی لیٹر ہو گئی،جبکہ مٹی کے تیل پر لیوی 20 روپے 36 پیسے فی لیٹر برقرار رکھی گئی ہے۔

    واضح رہے کہ حکومت نے آئندہ ایک ہفتے کے لیے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں برقرار رکھی ہیں، نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 299 روپے 50 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت 311 روپے 47 پیسے فی لیٹر برقرار رکھی گئی ہے۔

    دوسری جانب عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا سلسلہ جاری ہے، تازہ اعداد و شمار کے مطابق امریکی خام تیل کی قیمت کم ہو کر 68 ڈالر 65 سینٹ فی بیرل جبکہ برینٹ کروڈ آئل کی قیمت 71 ڈالر 52 سینٹ فی بیرل پر آ گئی،ابوظبی بینچ مارک مربان کروڈ کی قیمت بھی کم ہو کر 67.50 ڈالر فی بیرل ریکارڈ کی گئی ہے۔