Baaghi TV

Blog

  • شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، دہشتگردی کا پوری قوت سے خاتمہ کیا جائے گا، وزیراعظم و صدر

    شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، دہشتگردی کا پوری قوت سے خاتمہ کیا جائے گا، وزیراعظم و صدر

    صدر مملکت آصف زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے کراچی میں رینجرز کے کیمپ پر بھارتی پراکسی جماعت الاحرار کے دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

    صدر زرداری نے کہا کہ دہشتگردی سے جنگ میں قوم اپنے بہادر سپاہیوں کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کرے گی، بیرونی سرپرستی میں سرگرم دہشتگرد عناصر کے مذموم عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے، پاکستانی قوم دہشتگردی کے خلاف سکیورٹی فورسز اور قانون نافذکرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ ہے شہداء کی قربانیاں دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے قومی عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں، شہدا کے اہلِخانہ سے دلی ہمدردی و تعزیت کرتا ہوں اور زخمی اہلکاروں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا گو ہوں۔

    وزیراعظم شہبازشریف نے کراچی میں رینجرزکیمپ پرحملہ ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ جوانوں نے دہشتگردوں کے مذموم عزائم ناکام بنا کر فرض شناسی کا مظاہرہ کیا3 دہشتگردوں کو ہلاک اور ایک کو زندہ گرفتار کرکے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیے گئے ، وطن پر جانیں نچھاور کرنے والے شہداء کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے۔

    وزیر اعظم نے مزید کہا کہ شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، دہشتگردی کا پوری قوت سے خاتمہ کیا جائے گا، دہشتگرد اور ان کے سرپرست اپنے ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے قوم اپنی بہادر مسلح افواج، رینجرز اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کیساتھ کھڑی ہے، دہشتگردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک جدوجہد پوری قوت سے جاری رہے گی۔

  • فیفا ورلڈ کپ 2026:میسی  کا نیا ریکارڈ،مسلسل 7 میچوں میں گول کرنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے

    فیفا ورلڈ کپ 2026:میسی کا نیا ریکارڈ،مسلسل 7 میچوں میں گول کرنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے

    ارجنٹائن کے فٹبالر لیونل میسی نے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے گروپ مرحلے کے آخری میچ میں اردن کے خلاف شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک اور تاریخی اعزاز اپنے نام کر لیا۔

    ارجنٹائن کےکپتان لیونل میسی نے ورلڈ کپ کی تاریخ میں نیا ریکارڈ قائم کرتے ہوئے مسلسل 7 میچوں میں گول کرنے والے پہلے کھلاڑی کا اعزاز حاصل کر لیا، جبکہ اردن کے خلاف گول کے ساتھ ورلڈ کپ میں ان کے مجموعی گولز کی تعداد 19 ہو گئی ہے،میسی نے میچ کے دوسرے ہاف میں متبادل کھلاڑی کے طور پر میدان میں اترنے کے بعد 80 ویں منٹ میں فری کک کے ذریعے گول کیا، ان کا کم اونچائی پر لگایا گیا خوبصورت شاٹ اردن کے دفاعی کھلاڑیوں کو چکمہ دیتے ہوئے جال میں جا پہنچا۔

    اس گول کے ساتھ میسی نے ورلڈ کپ میں مسلسل 7 میچوں میں گول کرنے کا نیا ریکارڈ قائم کیااس سے قبل وہ فرانس کے جسٹ فونٹین اور برازیل کے جائیرزینہو کے ساتھ مسلسل 6 میچوں میں گول کرنے والے کھلاڑیوں میں شامل تھےاردن کے خلاف گول میسی کا ورلڈ کپ مقابلوں میں 19واں گول تھا، جس سے انہوں نے مردوں کے ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ گول کرنے کا اپنا ریکارڈ مزید بہتر کر لیا،میسی کا یہ گول فری کک پر ان کے کیریئر کا 72واں گول تھا، جبکہ ارجنٹائن کے لیے فری کک پر یہ ان کا 12واں گول ہے، وہ اب بین الاقوامی فٹبال میں 202 میچوں میں 123 گول کر چکے ہیں-

    ارجنٹائن نے اردن کو 3-1 سے شکست دے کر گروپ مرحلے کا اختتام کیا میسی نے میچ کا آغاز نہیں کیا کیونکہ ارجنٹائن پہلے ہی گروپ میں پہلی پوزیشن یقینی بنا چکا تھا، تاہم شائقین ان کی شرکت کے لیے بے تاب رہےمیسی 60ویں منٹ میں میدان میں آئے تو 70 ہزار سے زائد شائقین نے ان کا شاندار استقبال کیا، ارجنٹائن کے لیے د یگر گولز میں لو سیلسو اور لاؤتارو مارٹینز نمایاں رہے۔

  • آزاد کشمیر انتخابات: پیپلز پارٹی نےامیدواروں کا اعلان کردیا

    آزاد کشمیر انتخابات: پیپلز پارٹی نےامیدواروں کا اعلان کردیا

    پاکستان پیپلز پارٹی نے آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے آئندہ عام انتخابات 2026 کے لیے اپنے امیدواروں کی فہرست جاری کردی ہے-

    پاکستان پیپلز پارٹی نے آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات 2026 کے لیے انتخابی امیدواروں کا اعلان کر دیا ہے،، پارٹی نے آزاد کشمیر اور مہاجرین نشستوں سمیت مختلف حلقوں سے امیدوار نامزد کیے ہیں، جن میں میرپور، بھمبر، کوٹلی، باغ، سدھنوتی، پونچھ، وادی نیلم، مظفرآباد، جموں اور ویلی کے حلقے شامل ہیں۔

    پارٹی کی جانب سے جاری فہرست کے مطابق آزاد کشمیر کے مختلف اضلاع اور پاکستان میں مقیم مہاجرین کی نشستوں پر امیدوار مید ان میں اتارے گئے ہیں،اعلان کردہ امیدواروں میں میرپور ڈویژن میں ایل اے-1 میرپور 1 سے افسر شاہد، ایل اے-2 میرپور 2 (چکسواری) سے قاسم مجید، ایل اے-3 میرپور 3 (میرپور شہر) سے یاسر سلطان، ایل اے-4 میرپور 4 (کھڑی شریف) سے چوہدری صہیب ارشد اور ایل اے-5 بھمبر 1 (برنالہ) سے چوہدری پرویز اشرف کو پارٹی ٹکٹ جاری کیا گیا ہے۔

    کوٹلی ڈویژن میں ایل اے-8 سے ملک ظفر، ایل اے-9 سے جاوید اقبال بھڈھانوی، ایل اے-10 اور ایل اے-12 سے چوہدری یاسین جبکہ ایل اے-11 سے چوہدری اخلاق کو امیدوار نامزد کیا گیا ہے باغ اور حویلی سے سردار قمر زمان اور فیصل ممتاز راٹھور جبکہ سدھنوتی پو نچھ کے مختلف حلقوں سے سردار امجد یوسف، سردار سعود صادق، سردار یعقوب، سردار محمد عابد خان اور سردار فہیم اختر ربانی کو امیدوار نامزد کیا گیا ہے، وادی نیلم، مظفرآباد اور دیگر علا قوں سے میاں عبد الوحید، سردار جاوید ایوب، سید بازل نقوی، سردار مختار احمد خان، مباشر منیر اعوان، اشفاق ظفر اور دیوان علی چغتائی شامل ہیں۔

    مہاجرین جموں و کشمیر کے حلقوں میں پاکستان کے مختلف شہروں سے امیدوار نامزد کیے گئے ہیں، جن میں کرنل (ر) قدیر چوہان، چوہدری آصف گجر، چوہدری احسن اسماعیل گجر، شاہین کوثر ڈار، راجہ شاہد اقبال ایڈووکیٹ اور دیگر شامل ہیں پیپلز پارٹی نے کراچی، لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، جہلم، خیبر پختونخوا اور دیگر علاقوں سے بھی امیدواروں کا اعلان کیا ہے۔

    آزاد جموں و کشمیر میں عام انتخابات 27 جولائی کو شیڈول ہیں، جبکہ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا عمل مکمل ہونے کے بعد انتخابی سرگرمیوں میں تیزی آ گئی ہے۔

  • پاکستان اور چین کے درمیان توانائی کی ٹیکنالوجیز کے شعبے میں تعاون کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط

    پاکستان اور چین کے درمیان توانائی کی ٹیکنالوجیز کے شعبے میں تعاون کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط

    پاکستان اور چین کے درمیان جدید لیتھیم آئن بیٹریوں، انرجی اسٹوریج سسٹمز، الیکٹرک وہیکل (ای وی) چارجنگ انفراسٹرکچر اور دیگر صاف توانائی کی ٹیکنالوجیز کے شعبے میں تعاون کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے ہیں۔

    اسلام آباد میں منعقدہ تقریب میں پاکستان کے سیگولز گروپ اور چین کے ہیبی جوہانگ انرجی ٹیکنالوجی گروپ کے درمیان ہونے والے معاہدے کو دونوں ممالک کے صنعتی تعاون میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا گیا،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے کہا کہ یہ معاہدہ محض ایک تجارتی شراکت داری نہیں بلکہ پاکستان کے صنعتی مستقبل اور پاک چین تعاون پر اعتماد کا اظہار ہے۔

    انہوں نے دونوں کمپنیوں کو اس شراکت داری پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام پاکستان کی صنعتی تبدیلی، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور جدید مینوفیکچرنگ کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا، پاکستان اور چین کےتعلقات وقت کےساتھ نئی معاشی ضروریات اور عالمی تبدیلیوں کےمطابق مزید مضبوط ہوئے ہیں اور اب یہ شراکت داری جدید مینوفیکچرنگ، صاف توانائی، جدت، ٹیکنالوجی ٹرانسفر اور صنعتی تعاون کے نئے دور میں داخل ہو چکی ہے۔

    ہارون اختر خان نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت ملک کی تاریخ کے اہم ترین صنعتی اور معاشی اصلاحاتی پروگرام پر عمل پیرا ہے، جس کا مقصد پیداوار، برآمدا ت، جدت اور نجی شعبے کی حوصلہ افزائی کے ذریعے پاکستان کو عالمی معیار کی مسابقتی اور سرمایہ کار دوست معیشت بنانا ہے،حکومت قومی صنعتی پالیسی، قومی ٹیرف پالیسی اور ریگو لیٹر ی اصلاحات کے جامع پروگرام کے ذریعے کاروباری لاگت کم کرنے، ضابطہ کار آسان بنانے اور شفاف و قابل اعتماد کاروباری ماحول کی تشکیل پر کام کر رہی ہے، حکومت سر ما یہ کاروں کے لیے ریڈ ٹیپ نہیں بلکہ ریڈ کارپٹ بچھا رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان میں لیتھیم آئن بیٹریوں کی اسمبلی اور مینوفیکچرنگ سہولت کا قیام صرف ایک سرمایہ کاری نہیں بلکہ ایک نئے صنعتی ماحولیاتی نظام کی بنیاد ہوگا، جہاں چینی ٹیکنالوجی، پاکستانی کاروباری صلاحیت اور ملک کا جغرافیائی محل وقوع ایک دوسرے کی تکمیل کریں گے، پاکستان میں شمسی توانائی کے استعمال میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، جس کے باعث جدید انرجی اسٹوریج سسٹمز کی ضرورت بھی بڑھ رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مقامی سطح پر لیتھیم آئن بیٹریوں کی تیاری سے درآمدی انحصار کم ہوگا، صاف توانائی کی سپلائی چین مضبوط ہوگی، اعلیٰ مہارت پر مبنی روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور انجینئرنگ و مینوفیکچرنگ کے معاون شعبوں کو فروغ ملے گا انہوں نے بیٹری مینوفیکچرنگ کو اکیسویں صدی کی اہم ترین صنعتوں میں سے ایک قرار دیتے ہوئے کہا کہ پائیدار قو می ترقی کے لیے صنعتی شعبے کو جدت، ٹیکنالوجی اور ماحول دوست پالیسیوں کے مطابق آگے بڑھانا ہوگا۔

    تقریب کے اختتام پر معاون خصوصی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت پاکستان اسٹریٹجک سرمایہ کاری کے فروغ اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے، یہ مفاہمتی یادداشت پاکستان کی صنعتی ترقی، مقامی مینوفیکچرنگ، درآمدی متبادل، برآمدات پر مبنی صنعتوں اور پائیدار اقتصادی ترقی کے ایک نئے باب کا آغاز ثابت ہوگی۔

  • کراچی پورٹ ٹرسٹ کا 138 سالہ تاریخ  کا نیا ریکارڈ قائم

    کراچی پورٹ ٹرسٹ کا 138 سالہ تاریخ کا نیا ریکارڈ قائم

    کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) نے اپنی 138 سالہ تاریخ میں کارگو ہینڈلنگ کا نیا ریکارڈ قائم کرتے ہوئے ملکی بحری تجارت میں ایک اہم سنگِ میل عبور کر لیا۔

    وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انوار چوہدری نے کے پی ٹی کی اس تاریخی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ادارے نے 5 کروڑ 46 لاکھ 85 ہزار ٹن کارگو ہینڈلنگ کا سابقہ ریکارڈ عبور کر لیا ہے، جو پاکستان کے بحری شعبے کی مسلسل ترقی اور بہتر انتظامی صلاحیتوں کا واضح ثبوت ہے، حکومت پاکستان کو خطے کا ایک مضبوط بحری اور تجارتی مرکز بنانے کے لیے جامع اصلاحات پر عمل پیرا ہے۔

    جنید انوار چوہدری نے کہا کہ بندرگاہوں کی جدید خطوط پر ترقی، توسیع، سرمایہ کاری کے فروغ، لاجسٹکس کے نظام کی بہتری اور بندرگاہی انفراسٹرکچر کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اقدامات تیز کر دیے گئے ہیں،کراچی پورٹ ٹرسٹ کے چیئرمین، افسران اور ملازمین کی محنت، پیشہ ورانہ صلاحیت اور ٹیم ورک اس تاریخی کامیابی کے بنیادی عوامل ہیں، جن کی کاوشیں قا بلِ تحسین ہیں۔

    اس موقع پر چیئرمین کے پی ٹی ایڈمرل شاہد احمد نے کہا کہ کراچی پورٹ کی استعداد، آپریشنل کارکردگی اور انتظامی صلاحیت میں نمایاں بہتری آئی ہے، جس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں،انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کراچی پورٹ کی مسابقتی صلاحیت کو مزید بڑھانے اور اسے عالمی معیار کی بندرگاہ بنانے کے لیے اصلاحاتی اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

  • فیفا ورلڈکپ: کانگو نے پہلی بار ناک آؤٹ مرحلے میں کوالیفائی کرکے تاریخ رقم کردی

    فیفا ورلڈکپ: کانگو نے پہلی بار ناک آؤٹ مرحلے میں کوالیفائی کرکے تاریخ رقم کردی

    فٹبال ورلڈکپ میں کانگو نے پہلی بار ناک آؤٹ مرحلے میں کوالیفائی کرکے تاریخ رقم کردی۔

    آخری گروپ میچ میں کانگو نے اُزبکستان کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دی اور اس طرح میگا ایونٹ میں پہلی بار ناک آؤٹ مرحلے میں کوالیفائی کرلیا اب کانگو کا راؤنڈ آف 32 میں انگلینڈ سے مقابلہ ہوگا دوسری جانب کولمبیا اور پُرتگال کے درمیان مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا، اگلے مرحلے میں کولمبیا کا میچ گھانا سے ہوگا، جب کہ پُرتگال کو کروشیا سے مقابلہ کرنا ہوگا۔

    گروپ ‘کے’ میں کولمبیا اور پرتگال کے درمیان میامی میں کھیلا گیا مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا، تاہم دونوں ٹیمیں اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کرنے میں کامیاب رہیں، کولمبیا نے زیادہ تر وقت کھیل پر برتری برقرار رکھی اور متعدد مواقع بھی بنائے، مگر انہیں گول میں تبدیل نہ کرسکی،آخری لمحات میں ڈیوسن سانچیز کا گول وی اے آر کے ذریعے آف سائیڈ قرار دے دیا گیا، جبکہ پرتگال کے کرسٹیانو رونالڈو بھی پورے میچ میں خاطر خواہ اثر نہ چھوڑ سکے۔

  • کراچی میں رینجرز کیمپ پر  بھارتی پراکسی جماعت الاحرار کے دہشتگردوں کا حملہ، 3اہلکار شہید،4 زخمی ، 3 دہشتگردبھی ہلاک

    کراچی میں رینجرز کیمپ پر بھارتی پراکسی جماعت الاحرار کے دہشتگردوں کا حملہ، 3اہلکار شہید،4 زخمی ، 3 دہشتگردبھی ہلاک

    کراچی میں پاکستان رینجرز سندھ کے ایک کیمپ پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنا دیا گیا ہے تاہم، اس کارروائی کے دوران 3 رینجرز اہلکار شہید ہوگئے جبکہ3 دہشتگرد بھی مارے گئے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق 27 جون بروز ہفتہ بھارتی پراکسی جماعت الاحرار کے دہشتگردوں نے یونیورسٹی روڈ پر موسمیات چورنگی کے قریب واقع رینجرز کیمپ پر حملے کی کوشش کی دہشتگرد ایک دھماکہ کرنے کے بعد کیمپ کے اندر گھسنے کی کوشش کر رہے تھے، لیکن وہاں تعینات رینجرز کے بہادر جوانوں نے بنا وقت ضائع کیے انتہائی پھرتی سے جوابی کارروائی کی اور ان کا یہ ارادہ مٹی میں ملا دیا۔

    آئی ایس پی آرکے مطابق اس شدید مقابلے کے دوران تین حملہ آور موقع پر ہی مارے گئے جبکہ ایک دہشتگرد کو زخمی حالت میں زندہ گرفتار کر لیا گیا ہےابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا ہے کہ گرفتار ہونے والا دہشتگرد افغان شہری ہے، جس سے اب سیکیورٹی ادارے مزید پوچھ گچھ کر رہے ہیں اس مقابلے میں وطن عزیز کے3 رینجرز اہلکار شہید ہو گئے جبکہ 4جوان زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

    آئی ایس پی آر نے بتایا ہے کہ واقعے کے فوراً بعد پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے اور وہاں چھپے ہوئے مزید ممکنہ دہشتگردوں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے تاکہ علاقے کو پوری طرح محفوظ بنایا جا سکے عزمِ استحکام کے نام سے چلنے والے آپریشن کے تحت دہشتگردی کے خلاف یہ جنگ پوری طاقت کے ساتھ جاری رہے گی، پاکستان اپنے شہداء کے خون کا ایک ایک قطرے کا حساب لے گا اور اس بزدلانہ حملے کے ذمہ داروں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بھرپور جوابی کارروائی کی جائے گی۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق اس افسوسناک واقعے پر آرمی چیف نے شہید ہونے والے رینجرز جوانوں کے پسماندگان اور گھر والوں سے گہرے دکھ اور تعزیت کا اظہار کیا ہے آرمی چیف نے اپنے پیغام میں شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان جوانوں کی قربانیاں پوری قوم کے پختہ ارادے اور عزم کی علامت ہیں انہوں نے یقین دلایا کہ ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک فورسز چین سے نہیں بیٹھیں گی اور ان شہداء کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔

  • ایران کے بحرین اور کویت میں امریکی تنصیبات پر جوابی حملے، خطے میں ہائی الرٹ

    ایران کے بحرین اور کویت میں امریکی تنصیبات پر جوابی حملے، خطے میں ہائی الرٹ

    ایران کی پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ اس نے امریکی کارروائیوں کے جواب میں بحرین اور کویت میں امریکی فوجی اہداف کو میزائل اور ڈرون حملوں کا نشانہ بنایا جبکہ بحرین، کویت اور عراق میں حملے کے پیش نظر غیر معمولی سکیورٹی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

    امریکا اور ایران کے درمیان ہونے والے امن معاہدے کے بعد بھی دونوں ممالک کی ایک دوسرے کے خلاف فوجی کارروائیاں جاری ہیں، امریکا نے مسلسل دوسرے دن ایرانی ساحلی شہروں سریک، بندر لنگہ اور جزیرہ قشم پر شدید بمباری کی ہے جس کے جواب میں ایران نے بحرین اور کویت میں امریکی فوجی اڈوں پر میزائل داغے۔

    امریکی فوج کا کہنا ہے کہ ان کے لڑاکا طیاروں نے آبنائے ہرمز کے قریب ایران کے دس فوجی ٹھکانوں، میزائل اور ڈرونز کے گوداموں اور ریڈار سسٹم کو نشانہ بنایا ہے امریکا نے اس کارروائی کی ایک ویڈیو بھی انٹرنیٹ پر جاری کی ہے،اس امریکی بمباری کے جواب میں ایران کی فوج ’پاسدارانِ انقلاب‘ نے بحرین اور کویت میں قائم امریکی فوجی اڈوں پر بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز سے جوابی حملے کیے ہیں۔

    ایرانی پاسداران انقلاب نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ امریکی فضائی حملوں کے جواب میں اس کی بحری اور ایرو اسپیس فورسز نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے بحرین اور کویت میں موجود امریکی فوجی تنصیبات کو میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنایا کارروائی ایران کے ساحلی علاقوں پر مبینہ امریکی حملوں کے ردعمل میں کی گئی، بیان میں خبردار کیا گیا کہ اگر امریکا نے مزید فوجی کارروائی کی تو ایران اس سے کہیں زیادہ سخت اور وسیع جواب دے گا۔

    اس سے قبل ایرانی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ امریکی جنگی طیاروں نے خلیج فارس میں واقع جزیرہ سیرک کو نشانہ بنانے کی کوشش کی تاہم ایرانی فضائی دفاع نے کارروائی کرتے ہوئے انہیں پسپا ہونے پر مجبور کر دیا دوسری جانب بحرین کی وزارت داخلہ نے ملک میں خطرے کے سائرن بجنے کی تصدیق کی تاہم فوری طور پر مزید تفصیلات جاری نہیں کیں۔

    کویت کی مسلح افواج نے بھی بتایا کہ فضائی دفاعی نظام ممکنہ میزائل اور ڈرون حملوں کو ناکام بنانے کے لیے متحرک ہے۔ حکام کے مطابق سنائی دینے والے دھماکوں کی آوازیں دفاعی نظام کی کارروائی کا نتیجہ ہیں جبکہ شہریوں کو سرکاری حفاظتی ہدایات پر عمل کرنے کی تلقین کی گئی ہے۔

    عراق کے دارالحکومت بغداد کے گرین زون میں بھی غیر معمولی سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں اطلاعات کے مطابق خصوصی فورسز، بکتر بند گاڑیوں اور ٹینکوں کی بڑی تعداد تعینا ت کر دی گئی ہے اور گرین زون کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہےبعض رپورٹس میں اعلیٰ سرکاری شخصیات کی گرفتاریوں کا بھی ذکر کیا گیا ہے، تاہم عراقی حکام نے اس حوالے سے باضابطہ مؤقف جاری نہیں کیا۔

  • واشنگٹن اپنی فوجی کارروائیاں مزید وسیع کر سکتا ہے،ایسا نہ ہو کہ ایران کا وجود ہی نہ رہے،صدر ٹرمپ

    واشنگٹن اپنی فوجی کارروائیاں مزید وسیع کر سکتا ہے،ایسا نہ ہو کہ ایران کا وجود ہی نہ رہے،صدر ٹرمپ

    واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ اگر حالات نہ بدلے تو واشنگٹن اپنی فوجی کارروائیاں مزید وسیع کر سکتا ہے، ایسا وقت بھی آ سکتا ہے جب امریکا کے لیے مزید تحمل ممکن نہ رہے ایسا نہ ہو کہ ایران کا وجود ہی نہ رہے۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں کہا ہے کہ امریکی فضائیہ نے ایران کے میزائل اور ڈرون ذخائر، ساحلی ریڈار تنصیبات اور دیگر فوجی اہداف کو نشانہ بنایا ہے، یہ کارروائی جنگ بندی معاہدے کی مبینہ خلاف ورزی اور خطے میں ایران کی سرگرمیوں کے جواب میں کی گئی امریکی فوج نے اپنے اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا ہے،اگر صورتحال مزید بگڑتی ہے تو امریکا اس فوجی مہم کو مکمل کرنے پر مجبور ہو سکتا ہے جس کے نتائج ایران کے لیے انتہائی سنگین ہوں گے

    صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران نے جنگ بندی معاہدے کی دوبارہ خلاف ورزی کی ہے، یہ ممکن ہے کہ وہ کبھی نہیں سیکھیں گے،امریکا مستقبل میں مزید کارروائی بھی کر سکتا ہے، ایسا وقت بھی آ سکتا ہے جب ہم مزید تحمل نہیں دکھا سکیں گے اور ہمیں وہ کام فوری طور پر مکمل کرنا پڑے گا جس کی ہم نے بہت کامیابی سے ابتدا کی ہے، اگر ایسا ہوا تو اسلامی جمہوریہ ایران کا وجود باقی نہیں رہے گا۔

    اس سے قبل امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے بھی اعلان کیا تھا کہ آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں پر مبینہ حملوں اور ایران کی جانب سے جارحانہ اقدامات کے جواب میں امریکی افواج نے ایران کے فوجی نگرانی کے نظام، مواصلاتی مراکز، فضائی دفاعی تنصیبات، ڈرون ذخیرہ گاہوں اور بارودی سرنگیں بچھانے سے متعلق صلاحیتوں کو نشانہ بنایا۔

  • پیمرا نے جیو نیوز کا لائسنس 15 روز کے لیے معطل کر دیا

    پیمرا نے جیو نیوز کا لائسنس 15 روز کے لیے معطل کر دیا

    پاکستان الیکٹرونک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے جیو نیوز کی نشریات 15 روز کے لیے معطل کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے چینل کو نوٹس بھی جاری کر دیا ہے۔

    پیمرا کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق جیو نیوز پر 10 محرم الحرام، 26 جون 2026 کو پروگرام "سفرِ عشق” میں نا قابل قبول مذہبی تصویر کشی کی گئی ایسی تصویر کشی اور تصوراتی عکاسی نا صرف لائسنس کی خلاف ورزی ہے بلکہ مذہبی، معاشرتی اور ثقافتی اقدار اور اصولوں کے منافی ہے ایسی تصویر کشی قانون اور پیمرا کی کئی شقوں کی سراسر خلاف ورزی ہے۔ اس سے مذہبی جذبات مجروح ہوئے اور ہونے کا خدشہ ہے، جس کی بنیاد پر جیو نیوز کا لائسنس معطل کیا جا رہا ہے۔

    پیمرا نے کہا کہ مذہبی جذبات مجروح ہونے کے نتیجے میں اور مذہبی ہم آہنگی کو نقصان کے پیشِ نظر یہ احکامات جاری کیے جا رہے ہیں،جیو نیوز پر یہ لازم تھا کہ مذہبی پروگرام نشر کرتے ہوئے، احتیاط سے کام لیا جائے اور ان کی اندرونی کمیٹی ایسے معاملات کو خود دیکھے جس میں وہ ناکام رہے،لہٰذا جیو نیوز کا لائسنس فی الفور 15 دن کے لیے معطل کیا جاتا ہے،یہ تمام احکامات پیمرا قوانین کے تحت جاری کیے جا رہے ہیں-

    پیمرا نے اعلامیے میں کہا کہ جیو نیوز کی نشریات سیٹلائٹ اور تمام نشریاتی نیٹ ورکس پر معطل رہیں گی، تمام ڈسٹریبیوٹرز اور آپریٹرس کو ہدایت کی جاری ہے، کہ ان احکامات پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں،اس معاملے پر پیمرا کی شکایات کونسل بھی مزید کارروائی کے لیے سماعت کرے گی اور مزید ریگولیٹری ایکشن کی سفارشات مرتب کرے گی،جیو نیوز کو یہ احکامات جاری کیے جاتے ہیں کہ وہ اپنے ادارے کے اندر بھی انکوائری کرے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ مستقبل میں ایسی خلاف ورزی نہ ہو۔