Baaghi TV

Blog

  • اسحاق ڈار سے برطانوی  وزیر خارجہ کا ٹیلیفونک رابطہ

    اسحاق ڈار سے برطانوی وزیر خارجہ کا ٹیلیفونک رابطہ

    نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے برطانیہ کی وزیر خارجہ یوویٹ کوپر نے ٹیلیفون پر رابطہ کیا ہے۔

    پاکستان کے دفتر خارجہ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ٹیلی فون پر اس اہم گفتگو کے دوران علاقائی امن و استحکام، سفارتی تعاون اور باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا،برطانوی وزیر خارجہ نے خطے میں امن قائم کرنے کے لیے پاکستان کے کلیدی کردار کی کھل کر تعریف کی۔

    اعلامیے کے مطابق برطانوی وزیر خارجہ نے خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے پاکستان کی مسلسل سفارتی کوششوں کو زبردست الفاظ میں سراہا،انہوں نے خاص طور پر پاکستان کی کامیاب ثالثی کا ذکر کیا، جس کے نتیجے میں امریکا اور ایران کے درمیان تاریخی ’اسلام آباد مفاہمتی یادداشت‘ پر دستخط ممکن ہوئے،برطانیہ نے اسے عالمی سفارت کاری میں پاکستان کی بڑی کامیابی قرار دیا۔

    اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے پاکستان کے اصولی مؤقف کو دہراتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک فریقین کے درمیان مذاکرات، سفارت کاری اور تعمیری روابط کے فروغ کے لیے اپنی مخلصانہ کوششیں اسی طرح جاری رکھے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمیشہ سے خطے میں تنازعات کے پرامن حل کا حامی رہا ہے، دونوں رہنما ؤں نے عالمی اور علاقائی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے باہمی دلچسپی کے امور پر قریبی رابطہ برقرار رکھنے اور مستقبل میں بھی اعلیٰ سطح کی مشاورت کا سلسلہ جاری رکھنے پر مکمل اتفاق کیا۔

  • پاکستان میں زلزلے کے جھٹکوں کی وجہ وینزویلا میں زلزلے سے پیدا ہونے والی زیر زمین توانائی ہے،ماہرین

    پاکستان میں زلزلے کے جھٹکوں کی وجہ وینزویلا میں زلزلے سے پیدا ہونے والی زیر زمین توانائی ہے،ماہرین

    پاکستان کے مختلف علاقوں میں گزشتہ روز سے اب تک درمیانے درجے کے 6 زلزلے ریکارڈ کیے جا چکے ہیں، جن کے بارے میں ماہرین کا کہنا ہے کہ ان زلزلوں کا تعلق حال ہی میں وینزویلا میں آنے والے زلزلے سے پیدا ہونے والی زیر زمین توانائی کی لہروں سے ہے۔

    چیف میٹرولوجسٹ محکمہ موسمیات کے مطابق ​بلوچستان میں گزشتہ روز سے زلزلوں کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک مجموعی طور پر درمیانے درجےکے پانچ زلزلے ریکارڈ کیے جا چکے ہیں ،​سائنسی نقطہ نظر سے دیکھا جائے تو بلوچستان اور خیبر پختونخوا "یوریشین ٹیکٹونک پلیٹ” پر واقع ہیں اور یہ تمام حالیہ زلزلے اسی پلیٹ کی اوپری سطح پر آ رہے ہیں۔​

    ماہرین ارضیات کا کہنا ہےکہ یہ زلزلے دراصل عالمی سطح پر آنے والے زلزلوں کا اثر ہے حال ہی میں وینزویلا میں آنے والے تباہ کن زلزلے کے بعد زمین کے اندر توانائی کی لہریں پیدا ہوئیں، جو اب اس سے منسلک دوسری ٹیکٹونک پلیٹوں پر منتقل ہو کر زلزلوں کا سبب بن رہی ہیں سال 2000 سے 2011 کے دوران بھی ایسا ہی ایک بڑا تسلسل د یکھا گیا تھا، جب انڈونیشیا میں آنے والے بڑے زلزلےکی زیرِ زمین توانائی کے باعث ہی 2005 میں کشمیر کا تباہ کن زلزلہ آیا تھا۔

    ​ماہرین نے خبردار کیا ہےکہ جب تک زمین کے اندر پیدا ہونے والی توانائی کی یہ لہریں مکمل طور پر ختم نہیں ہوتیں، یوریشین پلیٹ پر مزید معتدل زلزلے آنےکا امکان برقرار رہےگا تاہم سائنسی طور پر زلزلے کے درست وقت اور شدت کی پیشگوئی کرنا ناممکن ہے۔

    واضح رہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، پنجاب اور خیبر پختونخوا سمیت گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں زلزلےکے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلےکی شدت 5.8 اور زلزلےکی گہرائی 178 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی، زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلےکا مرکز ہندوکش ریجن افغانستان تھا، زلزلےکے جھٹکے شام 6 بج کر 35 منٹ پر محسوس کیے گئے۔

    اس سے قبل آج صبح بلوچستان کے علاقےکوہلو میں ایک بار پھر زلزلےکے جھٹکے محسوس کیے گئےمحکمہ موسمیات کے مطابق آج صبح ریکارڈ کےگئے زلزلے کی شدت 5.2 تھی، جب کہ اس کا مرکز بلوچستان کا علاقہ بارکھان تھا ،اس کے علاوہ آج صبح ملتان اور اس کے نواحی علاقوں میں بھی زلزلےکے شدید جھٹکے محسوس کیےگئے، زلزلےکا دورانیہ چند سیکنڈ رہا۔

    خیال رہے کہ وینزویلا میں بدھ کے روز دو شدید زلزلے ریکارڈ کیے گئے جن کی شدت 7.2 اور 7.5 تھی، زلزلوں کی وجہ سے انفرا اسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچا ہے اور ہلاکتوں کی تعداد 920 ہوگئی ہے جب کہ 3 ہزار 360 افراد زخمی ہوچکے ہیں اور سیکڑوں افرادکے ملبے تلے دبے ہونےکا خدشہ ہے۔

  • کراچی ،فتنۃ الخوارج کا گلشنِ اقبال میں حملہ،جوابی کاروائی میں 5 دہشتگرد جہنم واصل

    کراچی ،فتنۃ الخوارج کا گلشنِ اقبال میں حملہ،جوابی کاروائی میں 5 دہشتگرد جہنم واصل

    کراچی کے علاقے گلستان جوہر بلاک 6 کے قریب فائرنگ اور دھماکے کی آوازیں سنی گئی ہیں۔

    کراچی: فتنہ الخوارج (افغان) دہشت گردوں نے گلشنِ اقبال کے قریب رینجرز کی ایک تنصیب پر گاڑی میں نصب بارودی مواد کے ذریعے حملہ کیا۔گیٹ پر تعینات الرٹ اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کو مؤثر انداز میں روک لیا۔ کارروائی کے دوران 5 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

    ابتدائی اطلاعات کے مطابق گلستان جوہر کے علاقے موسمیات چورنگی کے قریب 8 بجے کشور ہائٹس کے ساتھ واقع رینجرز ہیڈکوارٹر، گلستانِ جوہر بلاک 6، بالمقابل سنڈے بازار گراؤنڈ میں ایک دھماکہ ہو ادھماکے کی شدت کے باعث قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹنے کے بعد فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوا، جس کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا-

    ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکا اور فائرنگ رینجرز کے دفتر کے قریب ہوئی ہے پہلے دھماکا ہوا جس کی آواز کئی کلو میٹر دور تک سنی گئی اس کے بعد فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوگیا قانون نافذ کرنے والے ادارے متحرک ہوگئے اور پولیس سمیت متعلقہ سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری موقع پر روانہ کردی گئی، ٹی سی رینجرز ہیڈ کوارٹر کے مرکزی دروازے پر دستی بم حملہ کیا گیا ہے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا سلسلہ تھم گیا ہے واقعے کی نوعیت جاننے کے لیے ادارے تحقیقات کررہے ہیں۔

    واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے فوری طور پر آئی جی سندھ اور ایڈیشنل آئی جی کراچی سے رابطہ کیا ور صورتحال سے متعلق تفصیلات طلب کر لیں ،وزیرا علیٰ سندھ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ واقعے کی مکمل رپورٹ جلد از جلد پیش کی جائے تاکہ حقائق سامنے لائے جا سکیں۔

    پولیس کے مطابق سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر موسمیات چورنگی سے گلستان جوہر بلاک 6 اور کامران چورنگی جانے والی سڑک کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ موسمیات سے اقبال چمن کالونی جانے والے راستے پر بھی آمدورفت معطل کردی گئی ہے، جبکہ شہریوں کو متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

  • عطاء اللہ تارڑ   کی  شعیب اختر کے بھائی کے انتقال پر تعزیت کے لیے ان کے آمد

    عطاء اللہ تارڑ کی شعیب اختر کے بھائی کے انتقال پر تعزیت کے لیے ان کے آمد

    وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ معروف کرکٹر شعیب اختر کے بڑے بھائی شاہد اختر کے انتقال پر تعزیت کے لیے ان کے گھر گئے۔

    عطاء اللہ تارڑ نے مرحوم کے اہل خانہ سے ملاقات کی، شعیب اختراور مرحوم کے بیٹے حمزہ شاہد اور دیگر سوگواران سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا، انہوں نے شاہد اختر مرحوم کے ایصالِ ثواب، درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعاکی،عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ غم کی اس گھڑی میں شعیب اختر اور ان کے خاندان کے دکھ میں برابر شریک ہیں، اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوارِ رحمت میں بلند مقام عطا فرمائے اور اہل خانہ کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت اور حوصلہ دے۔

  • پی ٹی اے نے موبائل فون صارفین کو خبردار کر دیا

    پی ٹی اے نے موبائل فون صارفین کو خبردار کر دیا

    پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے موبائل فون صارفین کو خبردار کیا ہے کہ اگر ان کا شناختی کارڈ غیر فعال یا زائد المعیاد ہے تو اس کے ساتھ رجسٹرڈ سمز کسی بھی وقت معطل کی جا سکتی ہیں-

    پی ٹی اے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ موبائل سروس کو بلا تعطل جاری رکھنے کے لیے صارفین اپنے قومی شناختی کارڈ کی معیاد پر نظر رکھیں اور وقت پر اس کی تجدید کروائیں، بصورت دیگر غیر فعال شناختی کارڈ کے ساتھ منسلک سمز بند ہونے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے،اتھارٹی نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے شناختی کارڈ کی معلومات بروقت اپ ڈیٹ کروائیں، اگر کسی کا شناختی کارڈ غیر فعال ہو چکا ہے تو پہلے اسے نادرا سے دوبارہ فعال کرائیں، جس کے بعد موبائل سروس بھی بحال رکھی جا سکے گی، صارفین کو چاہیے کہ وہ متعلقہ موبائل آپریٹر کے سروس سینٹر سے رجوع کریں، بائیو میٹرک تصدیق مکمل کریں اور اپنی سم رجسٹریشن کی موجودہ حیثیت بھی فوری طور پر چیک کریں، خصوصاً اگر ان کا شناختی کارڈ غیر فعال ہے،شناختی دستاویزات کی بروقت تجدید اور معلومات کی درستگی سے صارفین کی موبائل کنیکٹیویٹی متاثر نہیں ہوگی اور وہ کسی بھی ممکنہ معطلی سے محفوظ رہ سکیں گے۔

  • اپنے قومی مفادات اور معاہدوں کے احترام پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کریں گے،ایران

    اپنے قومی مفادات اور معاہدوں کے احترام پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کریں گے،ایران

    ایرانی سپریم لیڈر کے مشیر ابراہیم رضائی نے کہا ہے کہ امریکا نے مفاہمتی یادداشت کی خلاف ورزی کی اس کا جواب فوری اور فیصلہ کن ہو گا۔

    غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایرانی سپریم لیڈر کے مشیر ابراہیم رضائی نے امریکا پر آبنائے ہرمز میں کشیدگی پیدا کرکے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا،انہوں نے کہا کہ امریکا نے آبنائے ہرمز میں تناؤ پیدا کر کے طے شدہ مفاہمتی یادداشت کی خلاف ورزی کی ہے، انہوں نے خبردار کیا کہ اس اقدام کا جواب فوری، فیصلہ کن اور مؤثر انداز میں دیا جائے گا، ایران اپنے قومی مفادات، علاقائی سلامتی اور معاہدوں کے احترام پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا اور کسی بھی خلاف ورزی پر مناسب رد عمل دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

    واضح رہے کہ عمان کے ساحل کے قریب کارگو جہاز پر حملے کے بعد امریکی فوج نے ایران کے خلاف فضائی حملے کیے، جس کی امریکی سینٹرل کمانڈ نے تصدیق کی،سینٹرل کمانڈ کے مطابق آبنائے ہرمز میں ایران کی جانب سے ایک تجارتی جہاز پر حملے کے جواب میں کارروائی کی گئی، امریکی طیاروں نے ایران کے میزائل اور ڈرون اسٹوریج کے مقامات اور ساحلی ریڈار سائٹس کو نشانہ بنایا۔

  • پاکستانی امپائر راشد ریاض وقار آئی سی سی کے ایمرجنگ پینل میں شامل

    لاہور، پاکستانی امپائر راشد ریاض وقار کے لئے ایک اور بڑا اعزاز،آئی سی سی نے ایمرجنگ پینل میں شامل کر لیا-

    تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نےراشد ریاض وقار کو اپنے انٹرنیشنل پینل سے ترقی دے کرایمرجنگ پینل میں شامل کر لیا ہے، جس کے بعد وہ پہلی مرتبہ ٹیسٹ کرکٹ میں امپائرنگ کے فرائض انجام دیں گے 50 سالہ راشد ریاض وقار اتوار سے اپنے ٹیسٹ امپائرنگ کیریئر کا باقاعدہ آغاز کریں گے وہ ہرارے میں بنگلہ دیش اور زمبابوے کے درمیان کھیلے جانے والے واحد ٹیسٹ میچ میں آن فیلڈ امپائر کی حیثیت سے ذمہ داریاں نبھائیں گے۔

    اس تقرری کے ساتھ ہی وہ پاکستان کی جانب سے مینز ٹیسٹ کرکٹ میں امپائرنگ کرنے والے 34ویں امپائر بن جائیں گے، جو ان کے پیشہ ورانہ سفر کا ایک اہم سنگ میل ہےراشد ریاض وقار ماضی میں فرسٹ کلاس کرکٹر بھی رہ چکے ہیں انہوں نے اپنے 12 سالہ فرسٹ کلاس کیریئر کے دوران 50 میچز کھیلے جبکہ امپائر کی حیثیت سے اب تک 118 مینز اور ویمنزانٹرنیشنل وائٹ بال میچزمیں خدمات انجام دے چکے ہیں انہوں نے اکتوبر 2018 میں دبئی میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کے ذریعے بین الاقوامی امپائرنگ کا آغازکیا تھا۔

  • ‘پاکستان گاٹ ٹیلنٹ’  کے پہلے سیزن میں ججز کے فرائض کون سرانجام دیں گے؟

    ‘پاکستان گاٹ ٹیلنٹ’ کے پہلے سیزن میں ججز کے فرائض کون سرانجام دیں گے؟

    مشہور عالمی ٹیلنٹ شو ‘پاکستان گاٹ ٹیلنٹ’ نے اپنے پہلے سیزن کے ججز کا اعلان کر دیا ہےپینل میں گلوکار علی ظفر، اداکارہ مہوش حیات اور کامیڈین و میزبان تابش ہاشمی شامل ہیں،ججز کے اعلان کے بعد سوشل میڈیا پر مداحوں کی جانب سے مثبت ردعمل سامنے آیا ہے-

    شو کی انتظامیہ نے ججز کے نام اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر جاری کیے سب سے پہلے تابش ہاشمی کو بطور جج متعارف کرایا گیا، جنہوں نے ملک بھر کے باصلاحیت افراد کو آڈ یشنز میں شرکت کی دعوت دی، اس کے بعد مہوش حیات کو پینل میں شامل کیا گیا،مہوش حیات نے انسٹا گرام پر اپنی پوسٹ میں کہا کہ پاکستان کے ہر شہر و گاؤں میں باصلاحیت افراد موجود ہیں، جنہیں اب اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع ملے گا،گلوکار و اداکار علی ظفر کو پینل کا حصہ بنایا گیا، انہوں نے امیدواروں کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ اب ان کے لیے اسٹیج پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کا وقت آ گیا ہے۔

    ‘پاکستان گاٹ ٹیلنٹ’ دنیا بھر میں مقبول Got Talent فارمیٹ پر مبنی شو ہے، جو 70 سے زائد ممالک میں نشر کیا جا چکا ہے شو کی پروڈکشن کمپنی نے ملک بھر سے امیدواروں کے لیے آڈیشنز کا سلسلہ شروع کر دیا ہے، جہاں گلوکاری، رقص، کامیڈی، جادوگری اور دیگر منفرد صلاحیتوں کے حامل افراد شرکت کر سکتے ہیں۔

  • راولپنڈی، اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے

    راولپنڈی، اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے

    وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں،زلزلے کے شدید جھٹکوں کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور متعدد مقامات پر لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔

    راولپنڈی، اسلام آباد، لاہور، میانوالی، شیخوپورہ، سرگودھا، سیالکوٹ سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے ریکارڈ کیے گئےلاہور، میانوالی اور اس کے نواحی علاقوں کے علاوہ چکوال اور گردونواح میں بھی لوگوں نے زلزلے کی شدت محسوس کی خیبرپختونخوا میں زلزلے سے متاثر ہونے والے علاقوں میں شانگلہ، بونیر، مردان، چارسدہ، سوات، صوابی، کوہاٹ، کرک، ملاکنڈ، باجوڑ، ہنگو، لوئر دیر اور جنوبی وزیرستان لوئر سمیت متعدد علاقے شامل ہیں۔

    آزاد کشمیر میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے وادی نیلم، مظفرآباد اور اس سے ملحقہ علاقوں میں زمین لرزنے سے لوگ خوفزدہ ہو کر کھلے مقامات پر جمع ہوگئے گلگت بلتستا ن کے ضلع دیامر اور اس کے گردونواح میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔ فوری طور پر کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع سامنے نہیں آئی، تاہم متعلقہ ادارے صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔

    زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5.8 ریکارڈ کی گئی ہے، جس کا مرکز افغانستان کا کوہ ہندو کش ریجن تھا-

    واضح رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے، جس کے بعد ڈپٹی کمشنر موسیٰ خیل نے بتایا کہ زلزلے سے راڑا شم کے علاقے چاپ میں 90 سے زیادہ مکانات کو نقصان پہنچا، اور دیوار یں گرنے سے 20 سے زیادہ افراد زخمی بھی ہوئے۔

  • ملک پر قرضوں کا بوجھ کم، زرمبادلہ کے ذخائرمیں نمایاں بہتری

    ملک پر قرضوں کا بوجھ کم، زرمبادلہ کے ذخائرمیں نمایاں بہتری

    اسلام آباد: حالیہ معاشی اصلاحات کے نتیجے میں قومی خزانے پر قرضوں کا دباؤ نسبتاً کم ہوا ہے، مالی نظم و ضبط بہتر ہوا ہے اور زرمبادلہ کے ذخائر میں بھی نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

    اسٹیٹ بینک کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق مرکزی حکومتی قرضوں کی شرح نمو گزشتہ 15 برس کی کم ترین سطح پر آ گئی ہے۔ مشیر وزیر خزانہ خرم شہزاد کے مطابق پاکستان کا مرکزی حکومتی قرض 81.9 کھرب روپے ہے، جبکہ 97 سے 100 کھرب روپے کے جن اعداد و شمار کا حوالہ دیا جاتا ہے، ان میں نجی شعبے کے واجبات بھی شامل ہوتے ہیں۔

    مشیرِ وزیرِ خزانہ خرم شہزاد نے معاشی اعشاریوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے مالیاتی نظم و ضبط میں بہتری کی تصدیق کی ہے کہا کہ پاکستان کا قرض اور جی ڈی پی تناسب جو پہلے 76 فیصد تھا، اب نمایاں طور پر کم ہو کر 68 فیصد رہ گیا ہے سال 2023 میں حکومتی قرض بڑھنے کی رفتار 23 فیصد کی تشویشناک سطح پر تھی، جو موجودہ معاشی اقدامات کی بدولت اب محض 5 فیصد پر آ گئی ہے، جو کہ گزشتہ 15 سالوں میں سب سے کم رفتار ہے۔

    وزارتِ خزانہ کے مطابق مقامی قرضوں کی اوسط مدت 2.8 سال سے بڑھا کر 3.8 سال کر دی گئی ہے، جس سے قرضوں کی فوری واپسی کا خطرہ اور دباؤ کم ہوا ہے،اس کے علاوہ پاکستان کی مالیاتی تاریخ میں پہلی بار 4.7 کھرب روپے کے قرضے قبل از وقت ختم یا واپس کر دیے گئے ہیں انہی اقدامات کی بدولت مالی سال 2026 میں سودی اخراجات 8.89 کھرب روپے سے کم ہو کر 6.94 کھرب روپے رہ گئے ہیں، جس سے قومی خزانے کو مجموعی طور پر 2 کھرب روپے کی خطیر بچت ہوئی ہے۔

    مشیر وزیر خزانہ کے مطابق مالی سال 2023 میں وفاقی آمدن کا 64 فیصد حصہ سود کی ادائیگی پر خرچ ہوتا تھا، جو اب کم ہو کر تقریباً 40 فیصد رہ گیا ہے زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری کے باعث درآمدی بل کی ادائیگی کی گنجائش 2 ہفتوں سے بڑھ کر تقریباً 3 ماہ تک پہنچ گئی ہے ، قرضوں کی واپسی میں مثبت پیش رفت اور ذخائر میں اضافہ دیرپا حکومتی پالیسیوں اور مؤثر معاشی اقدامات کا نتیجہ ہے،زرمبادلہ کے ذخائر مستحکم ہونے سے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی ساکھ بہتر ہوئی ہے اور ملکی معیشت صحیح سمت کی طرف گامزن ہے۔