Baaghi TV

Blog

  • علیمہ خان کی وفاقی و صوبائی وزرا  کو بطور عدالتی گواہ طلب کرنے کی درخواست مسترد

    علیمہ خان کی وفاقی و صوبائی وزرا کو بطور عدالتی گواہ طلب کرنے کی درخواست مسترد

    انسدادِ دہشت گردی عدالت راولپنڈی نے 26 نومبر کے احتجاج سے متعلق درج مقدمے میں علیمہ خان کی جانب سے وفاقی و صوبائی وزرا سمیت 21 افراد کو بطور عدالتی گواہ طلب کرنے کی درخواست مسترد کر دی۔

    اے ٹی سی راولپنڈی کے جج امجد علی شاہ نے درخواست پر محفوظ کیا گیا فیصلہ سناتے ہوئے دو وفاقی وزرا اور ایک صوبائی وزیر کو عدالتی گواہ کے طور پر طلب کرنے کی استدعا خارج کر دی۔عدالتی فیصلے کے مطابق مقدمے کے ٹرائل کے دوران استغاثہ کے 19 گواہان پر تفصیلی اور طویل جرح کی جا چکی ہے، لہٰذا عدالتی گواہان کو طلب کر کے اسی نوعیت کی کارروائی دوبارہ نہیں دہرائی جا سکتی۔

    علیمہ خان نے عدالت میں درخواست دائر کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا تھا کہ مقدمے کے حقائق واضح کرنے کے لیے دو وفاقی وزرا، ایک صوبائی وزیر اور دیگر افراد سمیت مجموعی طور پر 21 گواہان کو طلب کیا جائے۔سماعت کے دوران اسپیشل پراسیکیوٹر نے عدالتی گواہان کو طلب کرنے کی درخواست کی مخالفت میں دلائل دیے، جبکہ علیمہ خان کے وکیل فیصل ملک نے گزشتہ ہفتے درخواست کے حق میں اپنے دلائل مکمل کیے تھے۔دالت کے فیصلے کے بعد مقدمے کی مزید کارروائی معمول کے مطابق جاری رہے گی۔

  • سیٹ پر مزدور کی موت، فلم باڈی کا سنجے لیلا سے 50 لاکھ روپے مالی امداد کا مطالبہ

    سیٹ پر مزدور کی موت، فلم باڈی کا سنجے لیلا سے 50 لاکھ روپے مالی امداد کا مطالبہ

    نامور بالی ووڈ ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کی فلم لو اینڈ وار کے سیٹ پر پیش آنے والے ایک حادثے میں 42 سالہ کارکن ہلاک ہو گیا، جفلم باڈی نے سنجے لیلا بھنسالی سے 50 لاکھ روپے معاوضے کا مطالبہ کردیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق 17 جون کو ممبئی کے علاقے گورگاؤں میں واقع ایک اسٹوڈیو میں سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ‘لو اینڈ وار’ کے سیٹ پر ایک کارپنٹر کی موت کا افسوس ناک واقعہ پیش آیا مزدور کام کے دوران کرنٹ لگنے سے موت کے منہ میں چلا گیا جس کی شناخت چندر دھاری سنگھ یادو کے نام سے ہوئی، یادو کے اہلِ خانہ میں ان کی اہلیہ اور دو بیٹیاں شامل ہیں،واقعے کے بعد بھنسالی پروڈکشنز نے متاثرہ خاندان کے لیے 40 لاکھ بھارتی روپے مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔ پروڈکشن ہاؤس کا کہنا ہے کہ یہ امداد سوگوار خاندان کی امداد کے لیے فراہم کی جا رہی ہے۔

    لیکن فیڈریشن آف ویسٹرن انڈیا سین ایمپلائز ( ایف ڈبلیو آئی سی ای) نے سنجے لیلا بھنسالی سے متوفی کے خاندان کے لیے 50 لاکھ روپے معاوضہ اور تعلیمی مدد کا مطالبہ کیا ہے اس حوالے سے فیڈریشن کے صدر بی این تیواری نے کہا کہ فلم ساز پہلے ہی خاندان کو 40 لاکھ روپے بطور معاوضہ فراہم کر چکے ہیں تاہم فیڈریشن اس رقم کو بڑھا کر 50 لاکھ روپے کرنے کا مطالبہ کر رہی ہے فیڈریشن نے یہ بھی درخواست کی کہ سنجے لیلا بھنسالی چندر دھاری کے 2 بچوں کے تعلیمی اخراجات بھی برداشت کریں۔

    فیڈریشن نے فلم سیٹس پر حفاظتی اقدامات کو مزید سخت بنانے کا مطالبہ کیا ہے تنظیم نے حکام اور پروڈکشن ہاؤسز پر زور دیا ہے کہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے حفاظتی ضوابط پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔

    واضح رہے کہ سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ‘لو اینڈ وار’ میں اداکار رنبیر کپور، وکی کوشل اور اداکارہ عالیہ بھٹ ایک ساتھ نظر آئیں گے، اس فلم کی کہانی 2 افسروں کے درمیان ایک پیچیدہ محبت پر مبنی ہے،فلم 21 جنوری 2027 کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی،جو سنجے لیلا بھنسالی کی آنے والی بڑی فلموں میں شمار کی جا رہی ہے، رپورٹس کے مطابق فلم کا بجٹ 350 کروڑ بھارتی روپے سے زائد ہے۔

  • کینسر کو شکست دینے کے بعد نفیسہ علی کی 11 ہزار فٹ بلندی پر ٹریکنگ

    کینسر کو شکست دینے کے بعد نفیسہ علی کی 11 ہزار فٹ بلندی پر ٹریکنگ

    بھارتی اداکارہ اور سیاست دان نفیسہ علی سوڈھی نے کینسر کے خلاف کامیاب جنگ کے بعد 11 ہزار فٹ کی بلندی پر ٹریکنگ کر کے اپنے مداحوں کو حیران کر دیا ہے۔

    اداکارہ کی جانب سے سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیو اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں، اداکارہ کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد مداحوں اور شوبز شخصیات نے ان کے حوصلے اور عزم کو سراہا۔ سوشل میڈیا صارفین نے انہیں کینسر کے مریضوں کے لیے امید اور ہمت کی علامت قرار دیا۔

    نفیسہ علی سوڈھی کو 2018 میں اسٹیج تھری پیریٹونیل اور رحم کے کینسر کی تشخیص ہوئی تھی، بیماری کی تشخیص کے بعد انہوں نے طویل عرصے تک علاج کرایا جس میں کیموتھراپی کے متعدد مراحل اور دیگر طبی اقدامات شامل تھے، گزشتہ چند برسوں کے دوران وہ اپنی صحت، ورزش اور مثبت طرزِ زندگی سے متعلق تجربات بھی مداحوں کے ساتھ شیئر کرتی رہی ہیں۔

    انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ویڈیو میں نفیسہ علی کو اپنے اہلِ خانہ اور قریبی دوستوں کے ساتھ ایک خوبصورت پہاڑی مقام پر دیکھا جا سکتا ہے، انہوں نے تقریباً 11 ہزار فٹ کی بلندی تک ٹریکنگ کی اپنی پوسٹ میں انہوں نے لکھا کہ یہ تجربہ انہیں "بالکل نیا” محسوس کروا رہا ہے انہوں نے بتایا کہ اس سفر کے دوران ان کے داماد اور پوتے نے بھرپور مدد کی، جس کی بدولت وہ اس یادگار مہم کا حصہ بن سکیں، سرجری اور متعدد کیمو تھراپی سیشنز کے بعد اتنی بلندی پر ٹریکنگ کرنا ان کے لیے ایک بڑی کامیابی اور زندگی کی نئی شروعات جیسا احساس تھا۔

    نفیسہ علی نہ صرف بھارتی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ ہیں بلکہ وہ ماضی میں بیوٹی کوئین اور قومی سطح کی سوئمنگ چیمپئن بھی رہ چکی ہیں ان کی نمایاں فلموں میں جنون، میجر صاحب، بےوفا، لائف اِن اے میٹرو اور یملا پگلا دیوانہ شامل ہیں اپنے طویل فنی کیریئر کے دوران انہوں نے بالی ووڈ کے نامور اداکاروں ششی کپور، امیتابھ بچن اور دھرمیندر کے ساتھ بھی کام کیا۔

  • آئین پر عمل نہیں ہو رہا تو اپنے گریباں میں جھانکیں،فاروق ستار

    آئین پر عمل نہیں ہو رہا تو اپنے گریباں میں جھانکیں،فاروق ستار

    ایم کیو ایم کے رہنما رہنما فاروق ستار نے کہا ہےکہ اگر کراچی کی طرف توجہ نہ دی گئی تو کراچی ایکشن کمیٹی بھی بنے گی۔

    قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ کوئی 100 فیصد درست نہیں، ہم 100 فیصد اپوزیشن کو غلط کہہ سکتے ہیں نہ 100فیصد خود کو درست، دونوں جانب سے غلطیاں ہوئی ہیں،انہوں نے کہا کہ اگر آئین پر عمل نہیں ہو رہا تو اپنے گریباں میں جھانکیں، آرٹیکل 7، 32 اور آرٹیکل 40 اے پرکوئی بات نہیں کرتا،ہمیں ایک قومی مصالحت اور قومی مفاہمت کی ضرورت ہے،آج آپ مسائل کو ایڈریس کریں ورنہ پھرکراچی سمیت دیگر شہروں سے انہیں وفاق کے زیرانتظام ہونے کا مطالبہ آئےگا، اگر آپ نے اس طرف توجہ نہ دی تو کراچی ایکشن کمیٹی بھی بنے گی

    ایم کیو ایم کے سربراہ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سے تحریک کے مرکزی رہنما زاہد ملک کی پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات ہوئی ہے،سینیئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار اور سید امین الحق بھی ملاقات کے موقع پر موجود تھے ،خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ انتظامی بنیادوں پر نئے صوبوں کا قیام پاکستان کی معاشی ترقی اور عوام کو مسائل سے نجات دلانے کا اہم قدم بن سکتا ہےآئین میں آرٹیکل 140 اے کی ترمیم کی جدوجہد جاری رکھیں گے، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے پنجاب اور آزاد کشمیر میں تنظیم سازی سے متعلق کاوشوں پر زاہد ملک کے جذبے اور کام کو سراہا ،زاہد ملک کا کہنا تھا کہ تحریک کو متحد رکھنے میں ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے تاریخی کردار ادا کیا،زاہد ملک نے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کو پنجاب میں تنظیم سازی سے متعلق امور پر بریف کیا ،زاہد ملک نے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کو آزاد جموں و کشمیر میں انتخابات سے متعلق تیاری اور تنظیمی سرگرمیوں سے متعلق بھی رپورٹ پیش کی

  • میں بھی بہترین کرکٹ کھیل سکتی ہوں،کرینہ کپور کا جسپریت بمراہ کو چیلنج

    میں بھی بہترین کرکٹ کھیل سکتی ہوں،کرینہ کپور کا جسپریت بمراہ کو چیلنج

    بالی ووڈ اداکارہ کرینہ کپور نے کہا ہے کہ وہ کرکٹ کھیلنے میں جسپریت بمراہ کا بھی مقابلہ کر سکتی ہیں-

    45 سالہ اداکارہ کرینہ کپور نے حال ہی میں سوشل میڈیا پر ایک دلچسپ پوسٹ شیئر کی جو وائرل ہوگئی جس میں انہوں نے بھارتی فاسٹ بولر جسپریت بمراہ کو ہلکے پھلکے انداز میں چیلنج کیا اداکارہ کرینہ نے انسٹاگرام پر اپنی تصاویر کا ایک کولاج شیئر کیا جس میں وہ اپنے بیٹے تیمور علی خان کو بولنگ کرواتی ہوئی دکھائی دے رہی ہیں –

    تصاویر کے ساتھ کرینہ کپور نے مزاحیہ انداز میں لکھا کہ میرے ٹیلنٹ کو کم نہ سمجھیں، میں بمراہ سے بھی مقابلہ کرسکتی ہوں،ساتھ ہی انہوں نے مختلف ایموجیز کا بھی استعمال کیا، جبکہ تصاویر میں اداکارہ گلابی شرٹ، نیلی جینز اور سفید اسنیکرز میں ملبوس نظر آئیں – یہ پوسٹ تیزی سے وائرل ہوئی اور مداحوں کی جانب سے اس کرکٹنگ ایکشن کو بے حد پسند کیا جا رہا ہے-

    showbiz

    اس سے قبل ایک انٹرویو میں کرینہ کپور نے بتایا تھا کہ میرے بیٹے تیمور کو فلموں کے ساتھ ساتھ کرکٹ اور فٹ بال کا بھی بے حد شوق ہے ، وہ کھیلوں میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں،جبکہ جسپریت بمراہ دنیا کے بہترین فاسٹ بولرز میں شمار کیے جاتے ہیں اور دباؤ کے لمحات میں بھی اپنی خطرناک یارکرز کے لیے مشہور ہیں۔

  • بلاول زرداری سے علیم خان کی وفد کے ہمراہ ملاقات

    بلاول زرداری سے علیم خان کی وفد کے ہمراہ ملاقات

    چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول زرداری اور صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان کے درمیان پارلیمنٹ ہاؤس میں اہم ملاقات ہوئی، جس میں گلگت بلتستان میں حکومت سازی سمیت باہمی سیاسی تعاون اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں کے درمیان خوشگوار ماحول میں گفتگو ہوئی اور باہمی دلچسپی کے مختلف سیاسی معاملات پر خیالات کا اظہار کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی اور استحکام پاکستان پارٹی نے گلگت بلتستان میں آئندہ بھی سیاسی تعاون جاری رکھنے اور مشترکہ حکمت عملی کے تحت آگے بڑھنے پر اتفاق کیا۔اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور رکن قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف بھی موجود تھے، جبکہ استحکام پاکستان پارٹی کی جانب سے عون چوہدری، گل اصغر بگھور اور منزہ حسن نے ملاقات میں شرکت کی۔سیاسی حلقوں میں اس ملاقات کو گلگت بلتستان کی آئندہ سیاسی صورتحال اور حکومت سازی کے تناظر میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جہاں دونوں جماعتوں کے درمیان تعاون کے امکانات مزید مضبوط ہونے کی توقع ہے۔

  • اوم پوری کے معاشقے کے سبب میری زندگی شدید مشکلات کا شکار ہو گئی تھی،سیما کپور

    اوم پوری کے معاشقے کے سبب میری زندگی شدید مشکلات کا شکار ہو گئی تھی،سیما کپور

    بھارتی اداکارہ اور مصنفہ سیما کپور نےانکشاف کیا ہے کہ انہوں نے اوم پوری کی وجہ سے اپنا بچہ کھو دیا تھا-

    اداکارہ سیما کپور نے ایک حالیہ انٹرویو کے دوران بتایا ہے کہ اوم پوری کے معاشقے سے متعلق جاننے کے بعد میری زندگی شدید مشکلات کا شکار ہو گئی تھی، اس دوران میں حاملہ تھی، صدمے کے سبب میرے لیے میری قیمتی ترین شے میرا ہونے والا بچہ زندہ نہیں بچ سکا تھا بچے کی موت کا سُن کر اوم پوری نے مجھے پیسے بھی بھیجوائے تھے لیکن میں نے انکار کردیا تھا۔

    انہوں نے بتایا کہ اوم پوری کے صحافی اور مصنفہ نندیتا پوری سے معاشقے کی خبر ملنے پر میں اپنی والدہ کے پاس راجستھان چلی گئی تھی جس کے بعد ہم دونوں کے درمیان فاصلے مزید بڑھ گئے تھے بعد ازاں اوم پوری نے مجھ سے علیحدگی اختیار کر لی اور 1993ء میں نندیتا پوری سے شادی کر لی تھی،کئی برس بعد اوم پوری نے لندن میں اپنے ایک اہم آپریشن سے قبل مجھ سے معافی بھی مانگی تھی کیونکہ اوم کو اپنی زندگی سے متعلق خدشات لاحق تھے۔

    واضح رہے کہ اوم پوری نے 1991ء میں سیما کپور سے شادی کی تھی جو ایک سال سے بھی کم عرصے میں ختم ہو گئی تھی بعد ازاں 1993ء میں انہوں نے نندیتا پوری سے شادی کر لی تھی جن سے ان کا ایک بیٹا ایشان ہے یہ شادی بھی 2013ء میں ختم ہو گئی تھی جبکہ اوم پوری 2017ء میں 66 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔

  • پاک بحریہ جدیدیت، خود انحصاری اور مشترکہ آپریشنز کے عزم پر کاربند ہے،نیول چیف

    پاک بحریہ جدیدیت، خود انحصاری اور مشترکہ آپریشنز کے عزم پر کاربند ہے،نیول چیف

    پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے کہا ہے کہ مستقبل کی جنگوں میں کامیابی کے لیے نہ صرف روایتی جنگی حکمت عملیوں پر نظرثانی ضروری ہے بلکہ ایسی افرادی قوت کی تیاری اور تربیت بھی ناگزیر ہے جو فکری طور پر مضبوط اور جدید ٹیکنالوجی میں مہارت رکھتی ہو۔

    پاک بحریہ کے ترجمان کے مطابق چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے پاکستان نیوی وار کالج لاہور کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے 55ویں پاکستان نیوی اسٹاف کورس کے شرکاء سے خطاب کیا۔اپنے خطاب میں نیول چیف نے جدید جنگوں کی بدلتی ہوئی نوعیت اور ابھرتے ہوئے بحری سلامتی کے خطرات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور کے روایتی اور غیر روایتی سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے عسکری حکمت عملیوں میں جدت اور موافقت ضروری ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک بحریہ جدیدیت، مقامی سطح پر دفاعی صلاحیتوں کے فروغ اور مشترکہ آپریشنز کے اصولوں پر عمل پیرا ہے۔ایڈمرل نوید اشرف نے کہا کہ شرکاء کو اپنی تزویراتی سوچ اور عملی بصیرت کو مزید نکھارنا ہوگا تاکہ وہ مستقبل میں درپیش پیچیدہ چیلنجز کا مؤثر انداز میں مقابلہ کرسکیں۔

    پاکستان کو درپیش بحری چیلنجز کا ذکر کرتے ہوئے نیول چیف نے کہا کہ بحرِ ہند کا خطہ مسلسل تبدیلیوں اور مسابقتی ماحول سے گزر رہا ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ خطے میں نئی جغرافیائی و سیاسی صف بندیاں اور طاقت کے حصول کی دوڑ بحرِ ہند کے سیکیورٹی ماحول پر اثرانداز ہورہی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ جدید جنگی تصورات میں مختلف شعبوں پر مشتمل آپریشنز (ملٹی ڈومین آپریشنز) کا مؤثر نفاذ مرکزی حیثیت رکھتا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے پاک بحریہ کے مختلف ترقیاتی منصوبوں اور اقدامات پر بھی روشنی ڈالی، جن کا مقصد پاک بحریہ کو ایک مضبوط اور مؤثر علاقائی بحری قوت کے طور پر مزید مستحکم کرنا ہے۔

    خطاب کے اختتام پر چیف آف دی نیول اسٹاف نے 55ویں پاکستان نیوی اسٹاف کورس کے شرکاء کو کامیاب تکمیل پر مبارکباد دی اور انہیں ہدایت کی کہ وہ اپنے آئندہ فرائض میں باریک بینی، تجزیاتی صلاحیت، جدت پسندی اور پیشہ ورانہ مہارت کو اپنا شعار بنائیں۔

  • وزیراعظم کابینہ کو کنٹرول کریں،ایم کیو ایم حکومت سے کیوں نہیں نکلتی،بلاول

    وزیراعظم کابینہ کو کنٹرول کریں،ایم کیو ایم حکومت سے کیوں نہیں نکلتی،بلاول

    چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول زرداری نے ایم کیو پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم کے مطالبات نہیں مانے جاتے تو حکومت سے نکل جائے، پورے ملک میں صرف سندھ میں بلدیاتی نظام ہے، آئین میں ترمیم کراؤ، اسلام آباد میں الیکشن کراؤ، بلدیاتی نظام صرف بہانہ ہے، ملک بھر میں بلدیاتی الیکشن کرائے جائیں۔

    بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ آئی پی پی اور ن لیگ کی مدد سے گلگت بلتستان میں حکومت بنائیں گے، گلگت بلتستان میں 90 دن کے اندر بلدیاتی الیکشن کرائیں گے۔کراچی کے دوستوں کو بتانا چاہتا ہوں پیپلز پارٹی سے آپ کا کوئی مسئلہ نہیں،آپ کے کابینہ کے دوست آپ سے غلط بیانی کرتے ہیں ،اگر حکومت آپ کا مطالبہ پورا نہیں کرتی تو نکلو حکومت سے، یہ آپ کو ہم سے لڑوانا چاہتے ہیں،چند ایسے وزیر ہیں جو وزیر اعظم کی مدد کی بجائے مشکلات پیدا کرتے ہیں،سندھ میں منتخب ضلعی حکومتوں کو با اختیار بنانے کے لئے آئین میں ترمیم کرنے کی باتیں ن لیگ کا کراچی کے لوگوں کے لئیے ایک لالی پاپ ہیں، اگر ایم کیو ایم اپنے مطالبات میں سنجیدہ ہے تو وفاقی حکومت سے الگ ہو کر دکھائے۔وزیراعظم شہبازشریف اپنی کابینہ کو کنٹرول کریں ،اپنی ٹیم کو کنٹرول کریں ،اس وقت صرف جہاں پیپلزپارٹی کی حکومت ہے وہاں بلدیاتی نظام ہے ، جہاں مسلم لیگ ن کی حکومت وہاں وہ خوف زدہ ہے ایک یونین کونسل کے الیکشن کیلئے تیار نہیں،بڑی بڑی باتیں کررہے ہیں آئین میں ترمیم ،یہاں اسلام آباد تک میں بلدیاتی نظام نہیں ہے

    بلاول زرداری نے خواجہ آصف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وزیر دفاع کشمیریوں کے بارے میں ایسا بیان کیسے دے سکتا ہے ؟ کہ راولا کوٹ کے لوگ کشمیری نہیں ہے۔ایسا شخص اب تک وزیر کیسے ہے۔ کہ غلط بیان دیتا ہے اور اس پر معافی بھی نہیں مانگتا،ایک وفاقی وزیر نے کشمیر کے الیکشن سے متعلق کہا کہ ہم اپنی جیب میں 12 سیٹیں لے کر آتے ہیں، اِن کے اِس جیسے بیانات نے کشمیر میں یہ حالات پیدا کیے ہیں۔ تجویز ہے مولانا فضل الرحمان کی پیشکش کو قبول کیا جائے، حکومت کو سیاسی راستہ نکالنا چاہئے، ہمیں کشمیر کاز کو نقصان نہیں پہنچانا چاہئے۔

  • وزن بڑھنے کے باعث پریشان نمرا خان کو شوہر نے کیا مشورہ دیا؟

    وزن بڑھنے کے باعث پریشان نمرا خان کو شوہر نے کیا مشورہ دیا؟

    پاکستانی اداکارہ نمرا خان کا کہنا ہے کہ اپنے وزن کے باعث بعض اوقات پریشان اور افسردہ ہو جاتی ہوں، میں اس بارے میں بہت زیادہ سوچتی ہوں-

    حال ہی میں ایک نجی ٹی وی کے ٹاک شو میں شرکت کے دوران نمرا خان نے شادی کے بعد وزن بڑھنے اور اس حوالے سے اپنے شوہر کے رویے پر بات کی، اداکارہ نے کہا کہ الحمدللّٰہ! میری حال ہی میں شادی ہوئی ہے، اس لیے میں خوشی خوشی کھا رہی ہوں اور وزن بھی بڑھ رہا ہے لیکن میرے شوہر ہمیشہ یہی کہتے ہیں کہ آپ جو چاہیں کریں، بس خوش رہیں اگرچہ میرے شوہر وزن کے حوالے سے دباؤ نہیں ڈالتے، تاہم میں خود اپنے وزن کے بارے میں حساس ہوں۔

    نمرا خان نے بتایا کہ میں اپنے وزن کے باعث بعض اوقات پریشان اور افسردہ ہو جاتی ہوں، میں اس بارے میں بہت زیادہ سوچتی ہوں، لیکن میرے شوہر مجھے مشورہ دیتے ہیں کہ اپنے لیے اہداف مقرر کروں اور ایک صحت مند معمول اپناؤں، اگر آپ مستقل مزاجی سے صحت مند روٹین اختیار کریں تو نتائج ضرور سامنے آتے ہیں، میں اسکیپنگ اور زومبا کرتی ہوں تاہم حالیہ عرصے میں میرا وزن مزید بڑھا ہےعمر بڑھنے کے ساتھ جسم کا میٹابولزم سست ہو جاتا ہے، جس کے باعث وزن کم کرنا پہلے کے مقابلے میں زیادہ مشکل ہو جاتا ہے وزن کم کرنے کے بارے میں سوچ کر مجھے پریشانی ہوتی ہے اور اس کے لیے زیادہ محنت کرنا پڑتی ہے۔

    واضح رہے کہ نمرا خان حال ہی میں برطانیہ میں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئی ہیں،ان کے انسٹاگرام پر 4.7 ملین سے زائد فالوورز موجود ہیں، جبکہ نمایاں ڈراموں میں اے مشتِ خاک، احرامِ جنون، اڑان، خوب سیرت، باغی، اُمِ عائشہ اور سارہ آپی شامل ہیں۔