Baaghi TV

Blog

  • بھارت کو  سفارتی محاذ پر متعدد چیلنجز اور تزویراتی غیر یقینی صورتحال کا سامنا

    بھارت کو سفارتی محاذ پر متعدد چیلنجز اور تزویراتی غیر یقینی صورتحال کا سامنا

    بھارت کو حالیہ عرصے میں سفارتی محاذ پر متعدد چیلنجز اور تزویراتی غیر یقینی صورتحال کا سامنا ہے۔

    بھارتی جریدے فرسٹ پوسٹ کے مطابق امریکا اور بھارت کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کے مستقبل کے حوالے سے خدشات بڑھ رہے ہیں اور انڈو پیسفک خطے میں بھارت کے کردار پر بھی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں چین کے خلاف امریکا کے ساتھ قریبی اتحاد سے متعلق بھارتی توقعات پوری ہوتی نظر نہیں آ رہیں اور واشنگٹن اپنی معاشی اور صنعتی ترجیحات کو مدنظر رکھتے ہوئے نئی حکمت عملی اختیار کر رہا ہے۔

    امریکی نائب وزیر خارجہ کرسٹوفر لینڈاؤ سے منسوب بیان میں کہا گیا کہ امریکا بھارت کو ایسے معاشی مواقع فراہم نہیں کرنا چاہتا جو مستقبل میں امریکی صنعت کے لیے مسابقت پیدا کریں بعض ماہرین کا کہنا ہے کہ حالیہ علاقائی کشیدگی اور پاکستان کے ساتھ تنازعات کے تناظر میں بھارت کے خود کو خطے کا “نیٹ سکیورٹی پرووائیڈر” قرار دینے کے دعوؤں کو چیلنجز کا سامنا ہے پاکستان اپنی جغرافیائی اہمیت، علاقائی کردار اور اسٹریٹجک حیثیت کے باعث عالمی منظرنامے میں اہمیت برقرار رکھے ہوئے ہے۔

  • عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی،پیٹرول مزید سستا ہونے کا امکان

    عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی،پیٹرول مزید سستا ہونے کا امکان

    امریکا اور ایران کے درمیان معاہدے اور کشیدگی میں کمی کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق سرمایہ کاروں کے خدشات کم ہونے اور تیل کی سپلائی معمول پر آنے کی توقعات کے باعث برینٹ خام تیل اور ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی برینٹ خام تیل کی فی بیرل قیمت میں ایک ڈالر سے زائد کی کمی ہوئی ہے جس کے بعد برینٹ خام تیل کی فی بیرل قیمت 79.44 ڈالر ہو گئی ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات میں پیش رفت سے آبنائے ہرمز میں ممکنہ رکاوٹوں کے خدشات کم ہوئے ہیں، جس کے باعث عالمی توانائی منڈی میں استحکام کے آثار پیدا ہوئے ہیں، اگر دونوں ممالک کے درمیان معاہدے پر عمل درآمد جاری رہا تو تیل کی سپلائی بہتر ہونے کے ساتھ قیمتوں میں مزید استحکام آ سکتا ہے، تاہم خطے میں دوبارہ کشیدگی کی صورت میں عالمی منڈی متاثر ہو سکتی ہے۔

    معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں کمی کا مثبت اثر پاکستان سمیت تیل درآمد کرنے والے ممالک پر بھی پڑ سکتا ہے اور آئندہ دنوں میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی گنجائش پیدا ہو سکتی ہے۔

  • سعودی عرب کی ابراہم معاہدے میں شمولیت کا وقت آگیا، امریکی سینیٹر لنزے گراہم

    سعودی عرب کی ابراہم معاہدے میں شمولیت کا وقت آگیا، امریکی سینیٹر لنزے گراہم

    واشنگٹن: امریکی سینیٹرلنزے گراہم نے کہا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ سعودی عرب ابراہم معاہدے میں شامل ہو جائے اور اسرائیل کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لائے۔

    امریکی ٹی وی چینل کو دیے گئے انٹرویو میں لنزے گراہم کا کہنا تھا کہ ان کے خیال میں سعودی عرب اور اسرائیل کے درمیان تعلقات کی بحالی کا عمل 2026 کے دوران ممکن ہو سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ خطے میں امن اور استحکام کے لیے ابراہم معاہدے کی اہمیت بڑھ چکی ہے، تاہم اس عمل میں ایران کا کردار بھی اہم ہوگا۔امریکی سینیٹر کے مطابق یہ پیش رفت اس وقت تک مکمل طور پر ممکن نہیں ہو سکتی جب تک ایران بھی کسی نہ کسی شکل میں اس عمل کا حصہ نہ بن جائے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران مستقبل میں ابراہم معاہدے میں شامل ہو سکتا ہے، چاہے تہران اور واشنگٹن کے درمیان کسی معاہدے پر اتفاق ہو یا نہ ہو۔

    لنزے گراہم نے مزید کہا کہ مشرق وسطیٰ میں بدلتی ہوئی صورتحال کے تناظر میں سعودی عرب کی ابراہم معاہدے میں شمولیت کا وقت آ چکا ہے، جو خطے میں سفارتی اور سیاسی روابط کے ایک نئے دور کا آغاز ثابت ہو سکتا ہے۔

  • امریکی ریاست میری لینڈ میں طیارہ حادثہ، پائلٹ سمیت 3 اسرائیلی ہلاک

    امریکی ریاست میری لینڈ میں طیارہ حادثہ، پائلٹ سمیت 3 اسرائیلی ہلاک

    امریکا کی ریاست میری لینڈ میں ایک چھوٹا طیارہ گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں پائلٹ سمیت 3 افراد ہلاک ہو گئے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے پائلٹ اور دونوں مسافر اسرائیلی شہری تھے۔ یہ حادثہ دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی سے چند کلومیٹر مشرق میں پیش آیا۔رپورٹس کے مطابق طیارہ ایک تربیتی پرواز پر تھا جب اسے حادثہ پیش آیا۔ تاہم حادثے کی حتمی وجوہات تاحال سامنے نہیں آ سکیں۔مقامی حکام کا کہنا ہے کہ انہیں حادثے کی اطلاع مقامی وقت کے مطابق رات ساڑھے گیارہ بجے موصول ہوئی، جس کے بعد امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔

    اسرائیلی میڈیا کے مطابق تباہ ہونے والا طیارہ ایک مقامی فلائٹ اسکول کی ملکیت تھا اور غالب امکان ہے کہ حادثے کے وقت اسے تربیتی مقاصد کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ ماہرین طیارے کے ملبے اور دیگر شواہد کا جائزہ لے کر حادثے کی وجوہات معلوم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

  • ایران کو کچھ منجمد اثاثے جاری، ناکہ بندی بھی اٹھا لی گئی،ایرانی وزیرخارجہ

    ایران کو کچھ منجمد اثاثے جاری، ناکہ بندی بھی اٹھا لی گئی،ایرانی وزیرخارجہ

    پاکستان اور قطر کی مشترکہ ثالثی کے نتیجے میں ایران اور امریکا کے درمیان جاری مذاکرات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جبکہ امریکا نے ایران کے بعض منجمد اثاثے جاری کرنے اور چند اقتصادی پابندیوں میں نرمی کے اقدامات کیے ہیں۔

    ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے سوئٹزرلینڈ میں ہونے والے ایران امریکا مذاکرات کے بعد پاکستان اور قطر کی جانب سے جاری مشترکہ اعلامیے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ لبنان میں جنگ کے خاتمے کی کوششوں کے حوالے سے نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔عباس عراقچی کے مطابق ایران کی تیل اور پیٹروکیمیکل مصنوعات کی برآمدات پر عائد بعض پابندیاں ختم کر دی گئی ہیں، جبکہ ناکہ بندی میں بھی نرمی لائی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایران کے کچھ منجمد اثاثے بھی جاری کر دیے گئے ہیں، جسے مذاکراتی عمل میں مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

    اس سے قبل ایرانی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ فریقین کے درمیان حتمی معاہدے کے آغاز کے لیے بنیاد فراہم کرنے پر تفصیلی بات چیت ہوئی ہے۔ وزارت خارجہ کے مطابق دوسرے فریق کی جانب سے ذمہ داریوں پر عملدرآمد کے حوالے سے بھی حوصلہ افزا پیش رفت دیکھنے میں آئی ہے۔

    دریں اثنا، سوئٹزرلینڈ میں مذاکرات کے اختتام پر پاکستان اور قطر نے مشترکہ اعلامیہ جاری کیا، جس میں فریقین نے مذاکراتی عمل کی نگرانی کے لیے اعلیٰ سطحی کمیٹی کے قیام پر اتفاق کیا۔ اعلامیے کے مطابق حتمی معاہدے تک پہنچنے کے لیے 60 روزہ روڈمیپ بھی منظور کر لیا گیا ہے۔تجزیہ کاروں کے مطابق مذاکرات میں ہونے والی یہ پیش رفت مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے اہم ثابت ہو سکتی ہے۔

  • اسلام آباد ڈائیلاگ سے قبل ایران، امریکا کے کبھی اعلیٰ سطح پر مذاکرات نہیں ہوئے،جے ڈی وینس

    اسلام آباد ڈائیلاگ سے قبل ایران، امریکا کے کبھی اعلیٰ سطح پر مذاکرات نہیں ہوئے،جے ڈی وینس

    امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ اگر ایران کی قیادت علاقائی عدم استحکام کا باعث بننا اور نیوکلیئر پروگرام چھوڑ دے تو پھر امریکا ایران کے ساتھ نئے سرے سے تعلقات بنائے گا۔

    جے ڈی وینس نے کہاکہ ہم سفارتکاری کے ذریعے مشرق وسطیٰ میں تبدیلی لانا چاہتے ہيں، ایسا مستقبل دیکھ رہے ہيں جہاں سب کے لیے امن و خوشحالی ہوگی، ایرانی نیوکلیئر پروگرام کے خاتمے کے بعد اب ہمیں آگے بڑھنا ہے ، اسلام آباد ڈائيلاگ سے پہلے ایسا کبھی نہیں ہوا کہ ایران اور امریکا نے اعلیٰ سطح پر مذاکرات کیے ہوں۔

    سوئٹرز لینڈ میں پاکستان کی ثالثی میں ایران سے مذاکرات کے آغاز پر جے ڈی وینس نے کہاکہ امریکی صدر ٹرمپ نے نئی شروعات کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ ایرانی عوام سے تعلقات بہتر بنائيں، بحران کے خاتمے، امن و ترقی کی شروعات کے لیے اہم دن ہے، اگر ایران کی قیادت علاقائی عدم استحکام کا باعث بننا اور نیوکلیئر پروگرام چھوڑ دے تو پھر امریکا ایران کے ساتھ نئے سرے سے تعلقات بنائے گا،دوسری جانب امریکی نائب صدر نے وزیراعظم شہبازشریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی تعریف کی اور کہاکہ اگرفیلڈ مارشل کی حکمت عملی نہ ہوتی تو شاید ہم یہاں نہ ہوتے، فیلڈ مارشل ایک عظیم ملٹری لیڈر ہیں، فیلڈ مارشل نے اپنے آپ کو ایک بہترین سفارتکار کے طور پر بھی ثابت کیا ہے

  • ایران امریکا مذاکرات کے بعد قطر اور پاکستان کا مشترکہ اعلامیہ جاری

    ایران امریکا مذاکرات کے بعد قطر اور پاکستان کا مشترکہ اعلامیہ جاری

    سوئٹزر لینڈ میں ایران امریکا مذاکرات کے بعد قطر اور پاکستان کا مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا۔

    دفتر خارجہ کے مطابق اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے فریم ورک کے تحت مذاکرات کا پہلا دور مکمل ہوگیا،تکنیکی مذاکرات ہفتے کے باقی دنوں میں برگن اسٹاک ریزورٹ میں جاری رہیں گے، ایران امریکا کے درمیان تکنیکی مذاکرات فوری شروع ہوں گے،دفتر خارجہ کے مطابق فریقین نے مذاکرات کی نگرانی کے لیے اعلیٰ سطح کی کمیٹی کے قیام پر اتفاق کرلیا،حتمی معاہدے کے لیے 60 روزہ روڈمیپ منظور کرلیا گیا،آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں کی آمدورفت کے لیے رابطہ لائن قائم کر دی گئی،لبنان جنگ بندی پر عملدرآمد کے لیے ڈی کنفلیکشن سیل قائم کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ ڈی کنفلیکشن سیل میں لبنان اور ثالث ممالک شامل ہوں گے،ثالث ممالک مذاکرات تعمیری ماحول میں آگے بڑھانےکے لیے کوششیں جاری رکھیں گے۔

    علاوہ ازیں قطری وزارت خارجہ کے بیان میں یہ کہا گیا ہے کہ ایٹمی پروگرام، پابندیوں سےمتعلق ورکنگ گروپس تشکیل دیے جائیں گے

  • اقدام قتل کے نامزد ملزمان بیگناہ کرنے پر ڈی پی او قصور اور سپیکر پنجاب اسمبلی آمنے سامنے

    اقدام قتل کے نامزد ملزمان بیگناہ کرنے پر ڈی پی او قصور اور سپیکر پنجاب اسمبلی آمنے سامنے

    سپیکر پنجاب اسمبلی کے ڈیرے پر اقدام قتل کے نامزد ملزمان بیگناہ کرنے پر ڈی پی او قصور اور سپیکر پنجاب اسمبلی آمنے سامنے آ گئے،ڈی پی او قصور افتاب احمد پھلروان نے ایس ایچ او کھڈیاں طیب یوسف کو معطل کلوز لائن کر دیا جبکہ ڈی ایس پی سٹی کو سرینڈر کرنے کا تحریری لیٹر جاری کر دیا

    تفصیلات کے مطابق ڈھولن کے رہائشی محمد عرفان نے دو روز قبل ڈی پی او قصور کی کھلی کچہری میں درخواست گزاری ،اقدام قتل کے مقدمہ میں اس کے بیٹے کو فائرنگ کر کے زخمی کرنے والے تین ملزمان کو پولیس نے پہلے گنہگار لکھا بعد میں ضمنی تبدیل کر کے دو ملزمان کو بے گناہ کر دیا ،ڈی پی او قصور نے شہری کی درخواست پر فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایس پی لیگل قدیر بھٹی کو واقعہ کی انکوائری کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں ،انکوائری میں شہری کے لگائے گئے الزامات درست ثابت ہوئے جس میں پولیس نے نامزد دو ملزمان کو پہلے گنہگار لکھا اور بعد میں ڈی ایس پی سٹی کے کہنے پر بھی گناہ کر دیا ،ڈی پی قصور نے مقدمہ کے تفتیشی افیسر سب انسپکٹر محمد نوید کو کلوز لائن کر دیا اور جامع انکوائری کے لیے ایس پی انویسٹیگیشن کے سربراہی میں چار گزٹیڈ افسران پر مشتمل ٹیم تشکیل دی

    دوران انکوائری ثابت ہوا کہ مقدمہ میں نامزد ملزمان کو بے گناہ کرنے کے لیے سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے ڈی ایس پی سٹی اور ایس ایچ او کھڈیاں کو اپنے ڈیرے پر طلب کیا ،سپیکر پنجاب اسمبلی نے ڈی ایس پی سٹی کو پہلے سے گنہگار کیے گئے ملزمان کو بے گناہ کرنے کے لیے ڈی ایس پی سٹی کو حکم دیا ،جبکہ ایس ایچ او کھڈیاں اس بارے میں سپیکر پنجاب اسمبلی کو کنونس کرنے کی کوشش کرتے رہے چونکہ ملزمان پہلے سے گنہگار ہو چکے ہیں اس لیے آپ تبدیلی تفتیش کے لیے درخواست دیں،لیکن ڈی ایس پی سٹی نے ملزمان کو بیگناہ کرنے کی حامی بھر لی اور تفتیشی آفیسر نوید کو اپنے آفس میں طلب کر کے پہلے سے گنہگار کیے ملزمان کو بے گناہ کرنے کی ضمنی تحریر کر دی ،

    ڈی پی او قصور نے انکوائری کمیٹی کی رپورٹ پر ایس ایچ او کھڈیاں کو سپیکر پنجاب اسمبلی کے ڈیرے پر جانے پر معطل کر کے کلوز لائن کر دیا ،ذرائع کے مطابق ڈی پی او قصور نے ڈی ایس پی سٹی سیف اللہ بھٹی کے خلاف تحریری رپورٹ سرنڈر کرنے کے لیے آئی جی پنجاب کو بھیج دی ہے ،دوسری طرف سپیکر پنجاب اسمبلی ڈی پی او قصور کے اس اقدام سے سخت نالاں ہیں اور ڈی پی او قصور کو تبدیل کرنے کے لیے کوششیں کر رہے ہیں ،دوسری طرف ڈی پی قصور نے عام شہری کو انصاف فراہم کرنے کیلئے کسی بھی قسم کے سیاسی پریشر کو قبول کرنے سے انکار کر دیا ہے

  • نیوز چینل کے سی ای او سے لاہور ایئر پورٹ پر شراب کی32 بوتلیں برآمد

    نیوز چینل کے سی ای او سے لاہور ایئر پورٹ پر شراب کی32 بوتلیں برآمد

    بیرون ملک سے پاکستان لائی جانے والی لاکھوں روپے مالیت کی شراب کسٹم نے قبضہ میں لے لی شراب لانے والی شخصیت پاکستان کے ایک بڑے نیوز چینل کے سی ای او نکلے،

    علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور پر کسٹمز حکام نے دبئی سے آنے والے ایک مسافر ،نجی ٹی وی چینل کے سی ای او احمدکے سامان سے بڑی مقدار میں غیر ملکی شراب برآمد کر کے ضبط کر لی۔کسٹمز ذرائع کے مطابق 17 جون 2026 کو اے ایچ اے پی (ٹریفک) لاہور کے عملے نے دبئی سے آنے والی پرواز کے ایک پاکستانی مسافر کے سامان کی اسکیننگ کے دوران مشتبہ اشیاء کی نشاندہی کی۔ مسافر سے کسٹمز ایکٹ 1969 کے سیکشن 139 کے تحت سامان میں موجود ممنوعہ اشیاء کے بارے میں پوچھا گیا تاہم اس نے کسی بھی ایسی چیز کی موجودگی سے انکار کیا۔بعد ازاں سامان کی تفصیلی تلاشی لی گئی جس کے دوران مختلف برانڈز کی غیر ملکی شراب کی مجموعی طور پر 32 بوتلیں برآمد ہوئیں۔ ضبط شدہ بوتلوں میں بلیو لیبل، ڈیورز، بلیک لیبل، رائل سلیوٹ، گلین مورینجی، ٹیکیلا، بیلویڈیر ووڈکا اور دیگر معروف برانڈز شامل ہیں۔کسٹمز حکام کے مطابق برآمد ہونے والی شراب تجارتی مقدار میں تھی اور اسے ذاتی استعمال کے سامان (بونا فائیڈ لگیج) کے زمرے میں نہیں رکھا جا سکتا۔ نجی ٹی وی چینل کے سی ای اوقانونی درآمد یا ملکیت کے حوالے سے کوئی دستاویزی ثبوت پیش نہ کر سکا۔حکام نے کسٹمز ایکٹ 1969 کے مختلف سیکشنز کی خلاف ورزی پر تمام برآمد شدہ سامان کو سیکشن 168(1) کے تحت ضبط کرتے ہوئے مزید قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔ احمد کو سیکشن 171 کے تحت نوٹس بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

  • قصور میں گردوں کی غیر قانونی پیوندکاری کا نیٹ ورک پکڑا گیا

    قصور میں گردوں کی غیر قانونی پیوندکاری کا نیٹ ورک پکڑا گیا

    قصور
    گردوں کی غیر قانونی پیوندکاری کا مکروہ دھندہ بے نقاب، نجی ہسپتال سیل، نکالا گیا گردہ برآمد

    ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی قصور اور پولیس کی مشترکہ کارروائی میں گردوں کی غیر قانونی پیوندکاری کے مبینہ مکروہ دھندے کا بھانڈا پھوٹ گیا۔ گزشتہ شب سٹیل باغ چوک قصور میں واقع علامہ اقبال ہسپتال پر چھاپہ مار کر مبینہ طور پر غیر قانونی ٹرانسپلانٹ میں ملوث افراد کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا گیا، جبکہ آپریشن کے دوران نکالا گیا گردہ بھی برآمد کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق 21 جون 2026 کی رات تقریباً ڈھائی بجے 27 سالہ سکینہ بی بی دختر ماجد کاظمی، رہائشی عزیز گارڈن نزد خیرا پل لاہور، اپنی والدہ نشین بی بی اور کزن سید عمار ولد سید خورشید احمد کے ہمراہ علاج کی غرض سے علامہ اقبال ہسپتال قصور پہنچی۔ بتایا گیا ہے کہ مریضہ گردوں کے عارضے میں مبتلا تھی اور اس کا پہلے بھی لاہور کے ایک نجی ہسپتال میں ٹرانسپلانٹ ہو چکا تھا جو کامیاب نہیں ہوا تھا۔

    ذرائع کے مطابق مریضہ کے ساتھ موجود نوید ولد شوکت علی سکنہ نارووال اور شہباز ولد ارشد سکنہ کماہاں، لاہور کینٹ، ہسپتال کے نجی عملے کے ساتھ گردے کی انفیکشن کی سرجری کے بہانے آپریشن تھیٹر میں داخل ہوئے۔ اسی دوران ہسپتال کے ایک ملازم نے پولیس ہیلپ لائن 15 پر اطلاع دی کہ ہسپتال میں گردے کی غیر قانونی پیوندکاری کی جا رہی ہے۔

    اطلاع ملتے ہی تھانہ صدر قصور کی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور نوید، شہباز اور سید عمار کو حراست میں لے لیا، جبکہ محکمہ صحت کے حکام کو بھی طلب کر لیا گیا۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر قصور ڈاکٹر فیصل نے موقع پر پہنچ کر علامہ اقبال ہسپتال کو سیل کر دیا۔ مریضہ سکینہ بی بی کو ابتدائی طور پر ڈی ایچ کیو بابا بلھے شاہ ہسپتال قصور منتقل کیا گیا، جہاں سے بعد ازاں مزید علاج کے لیے جنرل ہسپتال لاہور ریفر کر دیا گیا۔

    پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش اور قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ غیر قانونی اعضا کی پیوندکاری میں ملوث نیٹ ورک کے دیگر کرداروں کے بارے میں بھی تحقیقات جاری ہیں