Baaghi TV

Blog

  • مری ٹریفک حادثہ، 10 افراد کی ہلاکت کے مقدمے میں مفرور ڈرائیور گرفتار

    مری ٹریفک حادثہ، 10 افراد کی ہلاکت کے مقدمے میں مفرور ڈرائیور گرفتار

    مری: مری ایکسپریس وے پر پیش آنے والے المناک ٹریفک حادثے کے بعد فرار ہونے والے ڈرائیور کو موٹر وے پولیس نے گرفتار کر لیا۔

    ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق مفرور ڈرائیور کو خفیہ اطلاع کی بنیاد پر اسلام آباد کے پمز اسپتال سے گرفتار کیا گیا۔ گرفتاری کے بعد ملزم کو مزید قانونی کارروائی کے لیے مری پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ترجمان کا کہنا ہے کہ موٹر وے پولیس کی مدعیت میں تھانہ مری میں ڈرائیور کے خلاف مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے، جبکہ حادثے کی تحقیقات جاری ہیں۔

    یاد رہے کہ مری ایکسپریس وے پر کجوٹ کے مقام پر پی ٹی ڈی سی ٹورسٹ اسپاٹ کے قریب ایک وین بے قابو ہو کر حفاظتی دیوار سے ٹکرا گئی تھی۔ حادثے کے نتیجے میں گاڑی کا فیول ٹینک پھٹ گیا اور وین میں آگ بھڑک اٹھی۔اس افسوسناک حادثے میں ملتان سے تعلق رکھنے والے ایک ہی خاندان کے 10 افراد جاں بحق ہو گئے تھے، جس پر ملک بھر میں گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا تھا۔ پولیس حکام کے مطابق گرفتار ڈرائیور سے تفتیش جاری ہے اور واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

  • اراکینِ قومی اسمبلی کے ترقیاتی فنڈز میں کمی کا فیصلہ

    اراکینِ قومی اسمبلی کے ترقیاتی فنڈز میں کمی کا فیصلہ

    وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال کے لیے اراکینِ قومی اسمبلی کے ترقیاتی فنڈز میں کمی کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے تحت پارلیمنٹیرینز کے ترقیاتی بجٹ کو محدود کرنے کی تجویز سامنے آئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی ترقیاتی پروگرام (پی ایس ڈی پی) کا حجم 1126 ارب روپے سے کم کر کے 1000 ارب روپے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے اثرات مختلف ترقیاتی منصوبوں سمیت پارلیمنٹیرینز کے فنڈز پر بھی مرتب ہوں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مالی سال 2026-27 کے لیے اراکینِ پارلیمنٹ کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے 63 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے، جو گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں کم ہے۔

    دوسری جانب وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب آج قومی اسمبلی میں مالی سال 2026-27 کا وفاقی بجٹ پیش کریں گے، جس میں حکومتی آمدن، اخراجات، ترقیاتی منصوبوں اور معاشی پالیسیوں کی تفصیلات سامنے آئیں گی۔ماہرین کے مطابق ترقیاتی بجٹ میں کمی کے فیصلے کا مقصد مالی نظم و ضبط برقرار رکھنا اور محدود وسائل کو ترجیحی شعبوں کی جانب منتقل کرنا ہے، تاہم اس کے باعث بعض ترقیاتی منصوبوں کی رفتار متاثر ہونے کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔

  • صوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ کے ماموں کے گھر پر انسداد منشیات فورس کا چھاپہ

    صوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ کے ماموں کے گھر پر انسداد منشیات فورس کا چھاپہ

    لاہور: پنجاب انسدادِ منشیات فورس (اے این ایف) نے صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر سہیل شوکت بٹ کے ماموں کے گھر پر چھاپہ مارا ہے، جبکہ کارروائی کے دوران وزیر اور اہلکاروں کے درمیان تلخ کلامی اور ہاتھا پائی بھی ہوئی ہے،

    ترجمان پنجاب انسدادِ منشیات فورس کے مطابق لاہور کے علاقے باٹاپور کے بھسین گاؤں میں ایک گھر پر چھاپہ مارا گیا، جو صوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ کے ماموں کی رہائش گاہ بتایا جاتا ہے۔ترجمان کا کہنا ہے کہ چھاپے کے دوران سہیل شوکت بٹ بھی موقع پر پہنچ گئے اور انہوں نے اہلکاروں کے ساتھ تلخ کلامی کی، جبکہ ہاتھا پائی کا واقعہ بھی پیش آیا۔ ترجمان کے مطابق وزیر اہلکاروں سے یہ کہتے رہے کہ ’’تمہیں میری بہن کے گھر آنے کی جرات کیسے ہوئی۔‘‘اے این ایف کے ترجمان نے مزید بتایا کہ واقعے کے حوالے سے صوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ سے مؤقف لینے کی کوشش کی گئی، تاہم ان کا موبائل فون بند ملا اور رابطہ نہ ہو سکا۔

    کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کو کارروائی خفیہ اطلاع تھی کہ علاقے میں منشیات کے بڑے کاروبار ہوتا ہے۔ چھاپے کے دوران 3 سے 4 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔ تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا گیا،صوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ کے ماموں زاد بھائیوں سمیت متعدد افراد کو تحویل میں لیا گیا۔کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کی بھاری نفری نے علاقے کا گھیراؤ کرکے سرچ آپریشن مکمل کیا،بھسین گاؤں میں مبینہ منشیات نیٹ ورک کے خلاف کارروائی، حساس مقامات کی تلاشی بھی لی گئی، حراست میں لیے گئے افراد سے تفتیش جاری، مزید گرفتاریاں متوقع ہیں، کاؤنٹر نارکوٹکس فورس حکام نے کارروائی کو قانون کے مطابق قرار دیتے ہوئے تحقیقات شروع کر دیں

  • سیالکوٹ میں پیرا فورس پر سنگین الزامات، شہری اینٹی کرپشن پہنچ گیا

    سیالکوٹ میں پیرا فورس پر سنگین الزامات، شہری اینٹی کرپشن پہنچ گیا

    سیالکوٹ بیورو چیف مدثر رتو سے

    سیالکوٹ میں پیرا فورس کے بعض اہلکاروں کی مبینہ بدعنوانیوں اور رشوت طلبی کے خلاف ایک شہری نے اینٹی کرپشن میں باقاعدہ درخواست دائر کر دی۔ درخواست گزار کا مؤقف ہے کہ مبینہ طور پر رشوت کا مطالبہ پورا نہ کرنے پر انتقامی کارروائی کرتے ہوئے اس کے موبائل نمبر کو ہوٹل مالک ظاہر کر کے انکروچمنٹ کا چالان کر دیا گیا۔

    شہری نے اپنے مؤقف کے حق میں سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر شواہد بھی متعلقہ حکام کے سامنے پیش کر دیے ہیں۔ درخواست میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے ایک بے گناہ شہری کو ہراساں کیا گیا اور سرکاری طاقت کو ذاتی مقاصد کے لیے استعمال کیا گیا۔درخواست گزار نے وزیراعلیٰ پنجاب، ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن، کمشنر گوجرانوالہ اور ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کی شفاف تحقیقات کر کے ملوث اہلکاروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے تاکہ عوام کا سرکاری اداروں پر اعتماد بحال ہو سکے۔اگر یہ الزامات درست ثابت ہوتے ہیں تو یہ نہ صرف اختیارات کے ناجائز استعمال بلکہ عوامی خدمت کے نام پر بدعنوانی کی ایک سنگین مثال ہوگی، جس پر سخت اور فوری کارروائی ناگزیر ہے۔

  • گورنر خیبر پختونخوا نے جشنِ شندور فیسٹیول 2026 کا افتتاح کر دیا، پولو مقابلوں کا شاندار آغاز

    گورنر خیبر پختونخوا نے جشنِ شندور فیسٹیول 2026 کا افتتاح کر دیا، پولو مقابلوں کا شاندار آغاز

    لاسپور لوئر چترال نے غذر کو 9-0 سے شکست دے دی،

    یاسین گلگت بلتستان نے مستوج لوئر چترال کو 5کے مقابلے میں 8 گول سے ہرا دیا؛ فائنل 13 جون کو کھیلا جائے گا۔

    دنیا کے بلند ترین پولو گراؤنڈ شندور میں روایتی شندور پولو فیسٹیول 2026 کا رنگا رنگ آغاز ہو گیافیسٹیول کا انعقاد خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان کی حکومتوں اور پاک فوج کے تعاون سے کیا جا رہا ہے،گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے بطور مہمانِ خصوصی شندور پولو فیسٹیول 2026 کا افتتاح کیا،گورنر خیبر پختونخوا نے شندور پولو فیسٹیول کے انعقاد کو قومی یکجہتی، ثقافتی ہم آہنگی اور سیاحت کے فروغ کے لیے اہم قرار دیا،فیسٹیول کے پہلے روز روایتی حریف چترال اور گلگت بلتستان کی ٹیموں کے درمیان دلچسپ مقابلہ دیکھنے میں آیا، شائقین نے دونوں ٹیموں کی شاندار کارکردگی کو بھرپورسراہا اور خوب لطف اٹھایا،تقریب کے دوران پیرا گلائڈنگ کا دلکش مظاہرہ بھی پیش کیا گیا، جس نے حاضرین کی بھرپور توجہ حاصل کی ،شندور پولو فیسٹیول 3روز تک جاری رہے گا جس میں ملک بھر سے سیاح اور کھیلوں کے شائقین شرکت کر رہےہیں

    چترال (فتح اللہ) گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبائی وزراء، وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا شفیع جان، ڈپٹی سپیکر صوبائی اسمبلی اور دیگر معززین کے ہمراہ جشنِ شندور فیسٹیول 2026 کے افتتاحی میچ میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔شندور پہنچنے پر کمشنر ملاکنڈ ڈویژن مسعود احمد، ڈپٹی کمشنر اپر چترال محمد عمران خان اور ڈائریکٹر جنرل سپورٹس خیبر پختونخوا شاہد احمد نے گورنر اور دیگر معزز مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر اپر چترال محمد عمران خان نے گورنر خیبر پختونخوا کو ضلع اپر چترال کو درپیش انتظامی، مواصلاتی، سیاحتی اور ترقیاتی مسائل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ گورنر نے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے متعلقہ حکام کو ضروری اقدامات کی ہدایت کی۔

    فیسٹیول کے پہلے روز کھیلے گئے پولو مقابلوں میں لاسپور لوئر چترال اے اور بی ٹیموں نے غذر گلگت بلتستان کی اے اور بی ٹیموں کو 9-0 سے شکست دے دی، جبکہ دوسرے میچ میں یاسین گلگت بلتستان کی پولو ٹیم نے مستوج لوئر چترال کی ٹیم کو 5 کے مقابلے میں 8گول سے شکست دی۔افتتاحی میچ کے دوران گورنر، وزیر اطلاعات، ڈپٹی سپیکر صوبائی اسمبلی، صوبائی وزراء اور دیگر معززین نے شاندار کھیل کا مشاہدہ کیا اور کھلاڑیوں کی بہترین کارکردگی کو سراہا۔ میچوں کے اختتام پر نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔فیسٹیول کے شیڈول کے مطابق بی اور سی ٹیموں کے درمیان مقابلے جمعہ کو منعقد ہوں گے، جبکہ جشنِ شندور فیسٹیول 2026 کا فائنل معرکہ 13 جون بروز ہفتہ کھیلا جائے گا۔

    اس موقع پر گورنر خیبر پختونخوا نے جشنِ شندور فیسٹیول کے کامیاب انعقاد پر ضلعی انتظامیہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور متعلقہ محکموں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ شندور فیسٹیول خطے کی ثقافت، روایتی کھیلوں اور سیاحت کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتا ہے اور اس کے ذریعے علاقے کا مثبت تشخص دنیا بھر میں اجاگر ہوتا ہے۔

  • پاک فوج نے برطانیہ میں انٹرنیشنل پیس اسٹکنگ مقابلہ 2026 جیت لیا،تمام بڑے اعزازات پاکستان کے نام

    پاک فوج نے برطانیہ میں انٹرنیشنل پیس اسٹکنگ مقابلہ 2026 جیت لیا،تمام بڑے اعزازات پاکستان کے نام

    پاک فوج نے برطانیہ میں انٹرنیشنل پیس اسٹکنگ مقابلہ 2026 جیت لیا۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج نے عالمی سطح پر ایک اور نمایاں کامیابی حاصل کرتے ہوئے برطانیہ میں منعقدہ باوقار انٹرنیشنل پیس اسٹکنگ مقابلہ 2026 جیت لیا ہے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق برطانیہ کی رائل ملٹری اکیڈمی سینڈ ہرسٹ میں ہونے والے مقابلے میں پاکستان ملٹری اکیڈمی کی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مجموعی طور پر پہلی پوزیشن حاصل کی، پاکستانی ٹیم نے نہ صرف مقابلہ جیتا بلکہ تمام بڑے اعزازات بھی اپنے نام کر لیے مقابلے میں بہترین پیس اسٹکر اور بہترین ڈرلر کے ایوارڈز بھی پاکستانی ٹیم نے حاصل کیے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق میجر حیدر گلزار کی قیادت میں 9 رکنی پاکستانی دستہ اس بین الاقوامی مقابلے میں شریک ہوا مقابلے میں مختلف ممالک کی 16 فوجی ٹیموں نے حصہ لیا، یہ کامیابی پاک فوج کی اعلیٰ پیشہ ورانہ تربیت، نظم و ضبط اور غیر معمولی صلاحیتوں کا مظہر ہے۔

  • جنوبی کوریا کے سابق صدر کو 30 سال قید کی سزا

    جنوبی کوریا کے سابق صدر کو 30 سال قید کی سزا

    جنوبی کوریا کے سابق صدر یون سک یول کو شمالی کوریا کے دارالحکومت پیانگ یانگ میں ڈرون بھیجنے کی مبینہ سازش اور مارشل لا کے لیے ماحول بنانے کے الزام میں 30 سال قید کی سزا سنا ئی گئی۔

    خبر رساں ادارے یونہاپ کے مطابق سیئول سینٹرل ڈسٹرکٹ کورٹ نے جمعہ کو سابق صدر یون سک یول کو اختیارات کے ناجائز استعمال اور دشمن کی معاونت کے الزامات میں قصوروار قرار دیتے ہوئے 30 سال قید کی سزا سنائی۔

    عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ یون سک یول اکتوبر 2024 میں شمالی کوریا کے دارالحکومت پیانگ یانگ میں بھیجے گئے ڈرونز کے آپریشن کی منصوبہ بندی میں ابتدا سے ہی شریک تھے استغاثہ کا مؤقف تھا کہ اس کارروائی کا مقصد دسمبر 2024 میں مارشل لا نافذ کرنے کے لیے جواز پیدا کرنا تھا۔

    سابق صدر یون سک یول نے اپنے خلاف عائد تمام الزامات کی تردید کی ہے ان کے وکلا کا کہنا ہے کہ انہوں نے نہ تو ڈرون آپریشن کا حکم دیا اور نہ ہی بعد میں اس کی منظوری دی یہ کارروائی مارشل لا سے کسی طور منسلک نہیں تھی بلکہ شمالی کوریا کیجانب سے کئی ماہ تک سرحد پار کچرے سے بھرے غبارے بھیجنے کے جواب میں کی گئی تھی۔

    واضح رہے کہ جنوبی کوریا کے پراسیکیوٹرز نے رواں سال اپریل میں یون سک یول کے لیے 30 سال قید کی سزا کا مطالبہ کیا تھایون سک یول، جو ماضی میں جنوبی کوریا کے اعلیٰ ترین پراسیکیوٹر بھی رہ چکے ہیں، دسمبر 2024 میں مارشل لا نافذ کرنے کی کوشش کے بعد شدید سیاسی بحران کا سبب بنے تھے، جس نے ایشیا کی چوتھی بڑی معیشت کو کئی دہائیوں کے بدترین سیاسی انتشار سے دوچار کر دیااس سے قبل فروری میں بھی ایک جنوبی کوریائی عدالت نے مارشل لا کی کوشش سے متعلق بغاوت کی قیادت کرنے کے جرم میں یون سک یول کو عمر قید کی سزا سنائی تھی۔

    یون سک یول کو گزشتہ سال اس وقت عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا جب آئینی عدالت نے ان کے مواخذے کے فیصلے کو برقرار رکھا۔ اس کے بعد ملک میں قبل از وقت انتخابات کرائے گئے، جن میں لبرل رہنما اور موجودہ صدر لی جے میونگ کامیاب ہوئے سابق صدر یون سک یول اس وقت پہلے ہی حراست میں ہیں اور انہیں جمعہ کے عدالتی فیصلے کے خلاف اپیل کا حق حاصل ہے۔

  • چین کےصحرائی علاقوں میں شدید  سیلابی صورت حال کا امکان

    چین کےصحرائی علاقوں میں شدید سیلابی صورت حال کا امکان

    چین کے شمال مغربی صوبے سنکیانگ میں رواں موسمِ گرما میں شدید سیلابی صورت حال کے لیے تیار رہیں، کیونکہ غیر معمولی گرمی، شدید بارشوں اور گلیشیئر ز کے تیزی سے پگھلنے کے باعث بڑے پیمانے پر سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

    سرکاری نشریاتی ادارے سی سی ٹی وی کے مطابق چین کے سب سے بڑے صحرائی علاقے، تکلامکان ریگستان، میں جون کے آغاز ہی میں رواں سال کا پہلا سیلاب ریکارڈ کیا گیا جمعے کے روز نشر کی گئی ویڈیو فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پانی عام طور پر خشک رہنے والے ریت کے ٹیلوں میں بھر گیا، اگرچہ تکلامکان ریگستان میں 2021 سے ایسے سیلاب آتے رہے ہیں، تاہم عموماً یہ اگست میں وقوع پذیر ہوتے ہیں جب درجہ حرارت اپنی بلند ترین سطح پر پہنچ جاتا ہے، اس سال صورتحال مختلف رہی اور گرمی کی شدت معمول سے کہیں پہلے بڑھ گئی۔

    رائٹرز کلائمیٹ مانیٹر کے مطابق 12 جون کو سنکیانگ کا درجہ حرارت اس موسم کے معمول سے 7.3 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ (100 ڈگری فارن ہائیٹ) تک پہنچ گیا سنکیانگ کے مغربی اور جنوبی علاقوں میں حالیہ عرصے کے دوران بارشوں کی مقدار میں بھی نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے، سی سی ٹی وی کے مطابق بعض علاقوں میں جون کے اوائل کے تاریخی اوسط کے مقابلے میں بارشیں دو سے تین گنا زیادہ ریکارڈ کی گئیں۔

    شدید گرمی اور بارشوں کے امتزاج نے صحرائی سیلابوں کو جنم دیا ہے، تیان شان اور کونلون پہاڑی سلسلوں میں موجود گلیشیئرز اور برف کی وسیع تہیں تیزی سے پگھل رہی ہیں، جس کے نتیجے میں پانی کا بہاؤ چین کے سب سے طویل اندرونی دریا، دریائے تاریم، میں پہنچ رہا ہے، پانی کی اس بڑی مقدار کے باعث دریائے تاریم اپنے کناروں سے باہر نکل آیا اور اس کا پانی صحرائی علاقے کے نشیبی حصوں میں پھیل گیا۔

    ماہرین کے مطابق اگرچہ یہ موسمی سیلاب عارضی طور پر مختصر مدت کے لیے نخلستان نما علاقے پیدا کر سکتے ہیں، تاہم ان کے زیادہ عرصے تک برقرار رہنے کا امکان نہیں اس کی وجہ یہ ہے کہ تکلامکان ریگستان سمندر سے بہت دور واقع ہے اور چاروں طرف بلند پہاڑوں سے گھرا ہوا ہے، جس کے باعث نمی کی سطح کم رہتی ہے جبکہ شدید بخارات جلد ہی پانی کو خشک کر دیتے ہیں، اگرچہ یہ پانی مقامی جنگلات کے لیے اہم آبپاشی فراہم کرتا ہے، تاہم حکام نے خبر دار کیا ہے کہ اس کے نتیجے میں بنیادی ڈھانچے کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔

    چین کی موسمیاتی انتظامیہ کی تجزیہ کار سن چیان چیان نے سی سی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شدید سیلاب سڑکوں، ریلوے لائنوں اور تیل و گیس کی تنصیبات کو تباہ کر سکتے ہیں، جس سے بڑے پیمانے پر آفات کا خطرہ پیدا ہو جاتا ہے،سیلابی موسم کے دوران ان علاقوں کے رہائشیوں اور مسافروں کو سرکاری انتباہات پر گہری نظر رکھنی چاہیے، اپنے سفری منصوبوں میں ضروری تبدیلیاں کرنی چاہئیں اور حفاظت کو اولین ترجیح دینی چاہیے۔

  • ایل پی جی گیس کی قیمتوں میں بڑا اضافہ،سخت پریشانی

    ایل پی جی گیس کی قیمتوں میں بڑا اضافہ،سخت پریشانی

    قصور
    شہر و گردونواح میں میں ایل پی جی گیس کی قیمت میں بڑا اضافہ، دکاندار سرکاری نرخ نظر انداز کرنے لگے

    تفصیلات کے مطابق قصور و گردونواح میں مہنگائی کے ستائے شہریوں پر ایک اور بوجھ ڈال دیا گیا
    ضلع بھر میں ایل پی جی گیس کی قیمتوں میں من مانا اضافہ کر دیا گیا ہے جبکہ متعدد دکاندار گیس 500 روپے فی کلو تک فروخت کر رہے ہیں جس پر شہریوں نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے

    دوسری جانب آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کے جون 2026 کے نوٹیفکیشن کے مطابق ایل پی جی کی سرکاری قیمت 308.76 روپے فی کلوگرام مقرر کی گئی ہے جبکہ گھریلو 11.8 کلوگرام سلنڈر کی قیمت 3643.40 روپے بنتی ہے

    شہریوں کا کہنا ہے کہ سرکاری نرخ اور مارکیٹ قیمت میں تقریباً 190 روپے فی کلو کا فرق ناقابل برداشت ہے جبکہ انتظامیہ کی عدم توجہی کے باعث دکاندار کھلے عام منافع خوری کر رہے ہیں

    عوامی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر قصور اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ ایل پی جی کی سرکاری قیمتوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور زائد نرخ وصول کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے تاکہ پہلے سے مہنگائی کی چکی میں پسنے والے عوام کو مزید ریلیف مل سکے

  • 
مظفرآباد ہیلی کاپٹر حادثے کے شہداء کی نماز جنازہ ادا

    
مظفرآباد ہیلی کاپٹر حادثے کے شہداء کی نماز جنازہ ادا

    ‎مظفرآباد ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونے والے افواجِ پاکستان کے اہلکاروں کی نماز جنازہ چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں پورے فوجی وقار اور عقیدت کے ساتھ ادا کر دی گئی۔ نماز جنازہ میں وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، اعلیٰ عسکری حکام، سرکاری شخصیات اور شہداء کے اہل خانہ نے شرکت کی۔
    ‎آئی ایس پی آر کے مطابق نماز جنازہ کے موقع پر شہداء کی قومی خدمات، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور وطن کے دفاع کے لیے دی جانے والی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ شرکاء نے شہداء کے بلند درجات اور اہل خانہ کے لیے صبر و استقامت کی دعا بھی کی۔
    ‎ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونے والے دو مسیحی اہلکاروں کی آخری مذہبی رسومات راولپنڈی کے کرائسٹ چرچ میں ادا کی گئیں۔ اس موقع پر سیاسی اور عسکری قیادت نے چرچ میں شرکت کر کے شہداء کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا اور ان کی قربانیوں کو سراہا۔
    ‎وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے اظہار خیال میں کہا کہ وطن کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے یہ بہادر سپوت پوری قوم کا فخر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں آنے والی نسلوں کے لیے مشعل راہ ہیں اور قوم ہمیشہ ان کی خدمات کو یاد رکھے گی۔
    ‎وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ حکومت اور پوری قوم شہداء کے خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی ہر ممکن معاونت جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملکی سلامتی اور استحکام کے لیے دی گئی یہ قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔
    ‎آئی ایس پی آر کے مطابق تمام شہداء کو ان کے آبائی علاقوں میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔ اس موقع پر فوجی دستے شہداء کو سلامی پیش کریں گے جبکہ سرکاری سطح پر بھی ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔
    ‎مظفرآباد ہیلی کاپٹر حادثہ ملک بھر میں غم و افسوس کا باعث بنا ہے اور مختلف سیاسی، سماجی اور مذہبی شخصیات کی جانب سے شہداء کے اہل خانہ سے اظہار ہمدردی اور تعزیت کا سلسلہ جاری ہے۔ قوم اپنے ان بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو ہمیشہ عزت اور احترام کے ساتھ یاد رکھے گی۔