Baaghi TV

Blog

  • بجٹ سے قبل ایم کیو ایم وفد کی وزیراعظم سے ملاقات

    بجٹ سے قبل ایم کیو ایم وفد کی وزیراعظم سے ملاقات

    بجٹ سے قبل حکومت اور ایم کیو ایم پاکستان کے درمیان اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں ایم کیو ایم کے وفد نے اپنے مطالبات کی منظوری کے لیے وزیرِ اعظم شہباز شریف سے ملاقات کی۔ ملاقات میں بجٹ تجاویز، بلدیاتی حکومتوں سے متعلق مجوزہ آئینی ترمیمی بل اور سندھ میں گورنر کے عہدے سمیت اہم سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق وزیرِ اعظم نے کراچی کے لیے 20 ارب روپے اور حیدرآباد کے لیے 5 ارب روپے کے خصوصی ترقیاتی پیکیج کی منظوری پر آمادگی ظاہر کی۔ اس کے علاوہ ایم کیو ایم کے مجوزہ آئینی ترمیمی بل کے حوالے سے بھی حکومت نے تعاون کی یقین دہانی کروائی اور کہا کہ اس معاملے پر پاکستان پیپلز پارٹی سے مشاورت کی جائے گی۔ملاقات کے دوران وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) ایم کیو ایم کے مجوزہ آئینی ترمیمی بل کی حمایت کرتی ہے اور اس حوالے سے مثبت پیش رفت کے لیے کردار ادا کرے گی۔

    ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم وفد نے سندھ میں گورنر شپ کے معاملے پر بھی اپنا مؤقف پیش کرتے ہوئے کہا کہ گورنر سندھ کا عہدہ ان کا حق ہے۔ تاہم حکومتی نمائندوں نے جواب دیا کہ فی الحال گورنر سندھ سے متعلق معاملات طے ہو چکے ہیں، البتہ مستقبل میں اس معاملے پر غور کیا جا سکتا ہے۔ملاقات میں ایم کیو ایم کے وفد کی قیادت خالد مقبول صدیقی نے کی، جبکہ وفد میں فاروق ستار، مصطفیٰ کمال، امین الحق اور جاوید حنیف شامل تھے۔ وزیرِ اعظم کے ہمراہ اسحاق ڈار، رانا ثناء اللہ، احسن اقبال، اعظم نذیر تارڑ، عطاء تارڑ اور توقیر شاہ بھی موجود تھے۔

    سیاسی مبصرین کے مطابق بجٹ سے قبل ہونے والی یہ ملاقات حکومتی اتحادیوں کو ساتھ رکھنے اور اہم آئینی و ترقیاتی معاملات پر اتفاقِ رائے پیدا کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔

  • بجٹ اجلاس،اپوزیشن کا احتجاج کا فیصلہ،سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات

    بجٹ اجلاس،اپوزیشن کا احتجاج کا فیصلہ،سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات

    قومی اسمبلی کے بجٹ اجلاس کے موقع پر پارلیمنٹ ہاؤس کے اندر اور باہر سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ اسلام آباد اور پنجاب پولیس کے ساتھ رینجرز کے اہلکار بھی تعینات کر دیے گئے ہیں۔

    سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پارلیمنٹ ہاؤس اور اس کے اطراف میں حفاظتی اقدامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔ غیر ضروری افراد کی آمد و رفت روکنے کے لیے مختلف مقامات پر خاردار تاریں بچھا دی گئی ہیں، جبکہ پارلیمنٹ جانے والے راستوں پر پولیس اہلکاروں کی گشت بھی بڑھا دی گئی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی اسمبلی کے بجٹ اجلاس کے دوران کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے قانون نافذ کرنے والے ادارے ہائی الرٹ ہیں اور پارلیمنٹ ہاؤس کے اطراف سیکیورٹی کی کڑی نگرانی جاری ہے۔

    دوسری جانب اپوزیشن جماعتوں نے بجٹ اجلاس کے موقع پر پارلیمنٹ کے اندر اور باہر احتجاج کا اعلان کر رکھا ہے، جس کے پیش نظر انتظامیہ نے اضافی حفاظتی اقدامات اختیار کیے ہیں۔پارلیمانی ذرائع کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی نے اجلاس کے دوران ممکنہ احتجاج کے پیش نظر سارجنٹ ایٹ آرمز کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے تاکہ ایوان کے نظم و ضبط کو برقرار رکھا جا سکے۔حکام کا کہنا ہے کہ بجٹ اجلاس کے پرامن اور منظم انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے تمام متعلقہ ادارے مکمل طور پر متحرک ہیں۔

  • امریکا کا آبنائے ہرمز میں 2 ایرانی ڈرون مار گرانے کا دعویٰ

    امریکا کا آبنائے ہرمز میں 2 ایرانی ڈرون مار گرانے کا دعویٰ

    امریکی فورسز نے آبنائے ہرمز کے قریب دو ایرانی حملہ آور ڈرونز مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔

    رائٹرز نے رپورٹ کیا ہے کہ ایک امریکی عہدیدار کے مطابق یہ ڈرونز ممکنہ طور پر تجارتی جہازوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کر رہے تھےعہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ واقعے کے باوجود آبنائے ہرمز میں بحری ٹریفک معمول کے مطابق جاری ہے۔

    یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ ممکنہ امن معاہدے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے ایران پر نئے فوجی حملوں کا فیصلہ مؤخر کر دیا ہے اوول آفس میں گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ جنگ کے خاتمے کے لیے اہم پیش رفت ہوئی ہے اور آئندہ چند روز میں معاہدہ طے پانے کا امکان ہے۔

    دوسری جانب ایران نےکہا ہے کہ تاحال کسی حتمی معاہدے پر اتفاق نہیں ہوا ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی کے مطابق معاہدے کا بیشتر متن تیار ہو چکا تھا، لیکن امریکا کی جانب سے نئی شرائط سامنے آنے کے بعد معاملات پیچیدہ ہو گئے ایران نے ابھی تک کسی حتمی نتیجے پر نہیں پہنچا، جبکہ ایرانی خبر رساں ادارے نے نشاندہی کی ہے کہ صدر ٹرمپ گزشتہ دو ماہ میں متعدد بار ایسے دعوے کر چکے ہیں۔

  • احمد آباد طیارہ حادثہ، پائلٹوں کو قصوروار نہ ٹھہرایا جائے، مطالبہ

    احمد آباد طیارہ حادثہ، پائلٹوں کو قصوروار نہ ٹھہرایا جائے، مطالبہ

    احمد آباد میں ایئر انڈیا کی پرواز اے آئی-171 کے المناک حادثے کو ایک سال مکمل ہونے پر فیڈریشن آف انڈین پائلٹس (ایف آئی پی) نے حادثے کی تحقیقات کے دائرہ کار کو وسیع کرنے اور پائلٹوں کو قبل از وقت ذمہ دار قرار نہ دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

    فیڈریشن کے صدر کیپٹن سی ایس رندھاوا نے ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صرف چند سیکنڈ کی کاک پٹ وائس ریکارڈر (سی وی آر) آڈیو کی بنیاد پر حادثے کی ذمہ داری پائلٹوں پر عائد کرنا مناسب نہیں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ بعض بین الاقوامی ذرائع ابلاغ میں یہ تاثر دیا گیا کہ پائلٹوں نے غلطی سے انجن بند کر دیے تھے، تاہم حادثے کے تمام تکنیکی پہلوؤں کی مکمل جانچ ابھی باقی ہے۔ ان کے مطابق تحقیقات کو صرف فیول کنٹرول سوئچ تک محدود رکھنے کے بجائے طیارے کے برقی، الیکٹرانک اور کمپیوٹرائزڈ نظاموں کا بھی تفصیلی جائزہ لیا جانا چاہیے۔کیپٹن رندھاوا نے دعویٰ کیا کہ بوئنگ 787 طیاروں میں ماضی میں بھی مختلف برقی خرابیوں کی رپورٹس سامنے آ چکی ہیں، جن میں لیتھیم بیٹری سے متعلق مسائل، برقی آگ لگنے کے واقعات، پانی کے رساؤ اور الیکٹرانک نظام میں خرابی جیسے معاملات شامل ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ حادثے کے روز ویانا سے دہلی آنے والی ایئر انڈیا کی ایک اور بوئنگ 787 پرواز میں بھی برقی شارٹ سرکٹ اور الیکٹرانک حصے میں پانی داخل ہونے کی اطلاع موصول ہوئی تھی۔

    فیڈریشن آف انڈین پائلٹس نے مطالبہ کیا ہے کہ تحقیقات میں مزید پائلٹوں، انجینئروں اور فضائی سلامتی کے ماہرین کو شامل کیا جائے تاکہ حادثے کے تمام ممکنہ اسباب کا غیر جانبدارانہ اور جامع جائزہ لیا جا سکے۔ تنظیم کے مطابق اس سلسلے میں گزشتہ ایک سال کے دوران حکومت اور تحقیقاتی اداروں کو 20 سے زائد خطوط بھی ارسال کیے جا چکے ہیں۔کیپٹن رندھاوا نے بتایا کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے پائلٹ کیپٹن سمیت سبر وال کے والد پشکر راج سبر وال کے ساتھ مل کر سپریم کورٹ میں ایک درخواست بھی دائر کی گئی ہے، جس میں عدالتی نگرانی میں تحقیقات کرانے کی استدعا کی گئی ہے۔انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ حادثے سے قبل طیارے کی جانب سے بھیجے گئے اے کارس (ACARS) پیغامات کا تفصیلی تجزیہ ضروری ہے کیونکہ ان میں طیارے کی تکنیکی حالت سے متعلق اہم معلومات موجود ہو سکتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تحقیقات کا مقصد کسی ایک فریق کو مورد الزام ٹھہرانا نہیں بلکہ حادثے کی اصل وجوہات کا تعین اور مستقبل میں ایسے سانحات کی روک تھام کو یقینی بنانا ہونا چاہیے۔

    واضح رہے کہ احمد آباد سے لندن جانے والی ایئر انڈیا کی پرواز اے آئی-171 گزشتہ سال ٹیک آف کے چند منٹ بعد حادثے کا شکار ہو گئی تھی، جس کے نتیجے میں 260 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔ اس حادثے کی تحقیقات ایئرکرافٹ ایکسیڈنٹ انویسٹی گیشن بورڈ کی جانب سے جاری ہیں، تاہم حتمی رپورٹ تاحال منظر عام پر نہیں آ سکی۔

  • بجٹ سے قبل وزیراعظم نے 4 نئے پارلیمانی سیکرٹری مقرر کر دیے

    بجٹ سے قبل وزیراعظم نے 4 نئے پارلیمانی سیکرٹری مقرر کر دیے

    اسلام آباد: وفاقی بجٹ سے قبل حکومتی صفوں میں ناراض اراکین کو متحرک اور مطمئن کرنے کی کوششوں کے تحت وزیراعظم شہباز شریف نے چار نئے پارلیمانی سیکرٹریز کی تقرری کی منظوری دے دی۔

    وزیراعظم کی منظوری کے بعد وزارتِ پارلیمانی امور نے تقرریوں کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق محمد نعمان کو پارلیمانی سیکرٹری برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات مقرر کیا گیا ہے، جبکہ دانیال احمد کو پارلیمانی سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ تعینات کیا گیا ہے۔اسی طرح شائستہ خان کو پارلیمانی سیکرٹری برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ اور اختر بی بی کو پارلیمانی سیکرٹری برائے بورڈ آف انویسٹمنٹ مقرر کر دیا گیا ہے۔

    سیاسی حلقوں کے مطابق یہ تقرریاں وفاقی بجٹ کی منظوری سے قبل حکومتی اراکین کو اہم ذمہ داریاں دے کر پارٹی صفوں میں ہم آہنگی پیدا کرنے کی کوشش کا حصہ ہیں۔

  • پاکستان کی مسقط ایکشن پلان کی حمایت

    پاکستان کی مسقط ایکشن پلان کی حمایت

    اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے سلطنت عمان، اقوام متحدہ کے خصوصی مشیر برائے نسل کشی کی روک تھام کے دفتر اور پیس میکرز نیٹ ورک کو مسقط پلان آف ایکشن کی تیاری اور تکمیل پر مبارکباد پیش کی۔

    مسقط ایکشن پلان کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے سلطنت عمان، اقوام متحدہ کے خصوصی مشیر برائے نسل کشی کی روک تھام کے دفتر اور پیس میکرز نیٹ ورک کو مسقط پلان آف ایکشن کی تیاری اور تکمیل پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ مسقط ایکشن پلان رواداری،امن اور پرامن معاشروں کے قیام کے لیے ایک جدید اور مؤثر راستہ ہے، جو نفرت انگیز تقاریر اور تشدد پر اکسانے کے رجحانات کے خاتمے میں مدد دے سکتا ہے۔

    عاصم افتخار نے کہا کہ نفرت انگیز بیانات اور نسل کشی جیسے جرائم کی ترغیب پیچیدہ عوامل سے جڑی ہوتی ہے، جن کا مؤثر اور جامع حل قومی و بین الاقوامی سطح پر مشترکہ ذمہ داری کے ساتھ ساتھ مقامی قیادت کے فعال کردار کا بھی متقاضی ہے،قبائلی عمائدین، سردار اور مقامی رہنما تاریخ میں ہمیشہ مقامی حکمرا نی، تنازعات کے حل اور ثالثی میں اہم کردار ادا کرتے رہے ہیں،اور آج بھی امن قائم کرنےتنازعات کم کرنے اور انسانی ہمدردی کی سرگرمیوں میں پیش پیش ہیں۔

    پاکستانی مندوب کے مطابق مسقط ایکشن پلان ایک ایسا جدید اقدام ہے جو روایتی اور مقامی قیادت کی ثقافتی ساکھ اور اثر و رسوخ کو بروئے کار لا کر نفرت انگیز تقاریر کے خلاف مؤثر کردار ادا کر سکتا ہے،یہ منصوبہ ریاستی کوششوں کو مزید مضبوط بناتا ہے تاکہ منصفانہ، جامع اور پرامن معاشروں کی تشکیل ممکن ہو سکے پاکستان بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر نفرت انگیز نظریات کے خاتمے اور معاشروں کو امن، مساوات اور ہم آہنگی کا گہوارہ بنانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔

  • وفاقی آئینی عدالت نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کیس سماعت کے لیے مقرر کر دیا

    وفاقی آئینی عدالت نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کیس سماعت کے لیے مقرر کر دیا

    وفاقی آئینی عدالت نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کیس کو سماعت کے لیے مقرر کر دیا ہے، جبکہ وزیراعظم اور وفاقی کابینہ کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی سے متعلق اپیل بھی سماعت کے لیے مقرر کر دی گئی ہے۔

    چیف جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں دو رکنی بنچ 16 جون کو اس مقدمے کی سماعت کرے گا،یہ اپیل وفاقی حکومت کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ کے اس فیصلے کے خلاف دائر کی گئی ہے جس میں ڈاکٹر عافیہ صدیقی کیس میں عدالتی حکم پر عمل نہ ہونے پر توہین عدالت کی کارروائی کا حکم دیا گیا تھا،وفاقی حکومت نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے اس فیصلے کو چیلنج کر رکھا ہے، جس پر اب وفاقی آئینی عدالت آئندہ سماعت میں غور کرے گی۔

  • موجیں ختم،اورنج لائن ٹرین،میٹرو پر سفر کے لئے اب کرایہ دینا ہو گا

    موجیں ختم،اورنج لائن ٹرین،میٹرو پر سفر کے لئے اب کرایہ دینا ہو گا

    پنجاب میں ماس ٹرانزٹ سسٹم کے تحت چلنے والی تمام پبلک ٹرانسپورٹ پر مفت سفر کی سہولت ختم کر دی گئی ہے، جس کے بعد مسافروں کو دوبارہ کرایہ ادا کرنا ہوگا۔

    انچارج ماس ٹرانزٹ اتھارٹی عزیر شاہ کے مطابق اورنج لائن میٹرو ٹرین، میٹرو بس اور اسپیڈو بس سروس پر مفت سفر کی سہولت کا خاتمہ کر دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ کرایوں کا دوبارہ اطلاق لاہور، راولپنڈی اور ملتان میں چلنے والی تمام ماس ٹرانزٹ سروسز پر ہوگا،عزیر شاہ نے بتایا کہ شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کی ٹرانسپورٹ سروسز کو عارضی طور پر مفت کیا گیا تھا، تاہم اب یہ سہولت واپس لے لی گئی ہے اور مسافروں سے معمول کے مطابق کرایہ وصول کیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ اپریل میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد پنجاب اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں عوام کو سفری سہولت فراہم کرنے کے لیے پبلک ٹرانسپورٹ کو مفت کر دیا گیا تھا۔ اب حکومت کی جانب سے اس پالیسی کو ختم کرتے ہوئے دوبارہ کرایہ نظام بحال کر دیا گیا ہے۔

  • ملک کی کل آبادی 25 کروڑ 20 لاکھ 9 ہزار سے تجاوز

    ملک کی کل آبادی 25 کروڑ 20 لاکھ 9 ہزار سے تجاوز

    اسلام آباد: قومی اقتصادی سروے کے تحت پاکستان میں بڑھتی ہوئی آبادی اور اس کے سنگین اثرات کے حوالے سے حقائق نامہ جاری کردیا گیا،آبادی میں مردوں کی تعداد خواتین کے مقابلے میں زیادہ ہے۔

    قومی اقتصادی سروے کے مطابق ملک کی کل آبادی 25 کروڑ 20 لاکھ 9 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے،کل آبادی میں مردوں کی تعداد 12 کروڑ 95 لاکھ 40 ہزار اور ملک میں خواتین کی تعداد 12 کروڑ 24 لاکھ 50 ہزار ہو گئی ہے اس طرح مرد اور خواتین کا صنفی فرق محض 71 لاکھ تک محدود رہ گیا ہے۔

  • سعودی عرب ، آثارِ قدیمہ کی اہم دریافتوں کا اعلان،حضرت عمر فاروق کے نام کا کتبہ دریافت

    سعودی عرب ، آثارِ قدیمہ کی اہم دریافتوں کا اعلان،حضرت عمر فاروق کے نام کا کتبہ دریافت

    سعودی عرب کے ہیریٹیج کمیشن نے مدینہ ریجن کے المہد گورنریٹ میں آثارِ قدیمہ کے سروے کے دوسرے مرحلے کی تکمیل پر 1774 اہم تاریخی دریافتوں کا اعلان کر دیا ہے، جو مملکت کے ثقافتی اور تاریخی ورثے کے حوالے سے ایک بڑی پیش رفت قرار دی جا رہی ہیں۔

    کمیشن کے مطابق یہ سروے السویریقیہ، المویہیہ اور حضہ کے علاقوں میں انجام دیا گیا، جہاں آثارِ قدیمہ کے 156 نئے مقامات کی نشاندہی کی گئی۔ سعودی پریس ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق سروے کے دوران 461 اسلامی کتبے، 34 ثمودی کتبے، چٹانوں پر بنے 1259 نقوش، پتھر سے تعمیر کردہ 11 ڈھانچے، 3 تاریخی محلات، قافلوں کے 2 قدیم راستے اور 4 کنویں دریافت کیے گئے۔

    دریافت ہونے والی اہم نوادرات میں خلیفۂ دوم حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ کے نام سے منسوب ایک کتبہ بھی شامل ہے، جبکہ عربی شاعری پر مشتمل متعدد نقوش بھی سامنے آئے ہیں۔ ماہرین کے مطابق یہ دریافتیں علاقے کی تاریخی، تہذیبی اور ثقافتی اہمیت کو مزید اجاگر کرتی ہیں۔سعودی ہیریٹیج کمیشن نے اس موقع پر اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی وژن 2030ء کے تحت ملک بھر میں آثارِ قدیمہ کے تحفظ، دستاویز سازی اور تحقیق کے منصوبے جاری رکھے جائیں گے تاکہ مملکت کے قیمتی ثقافتی ورثے کو محفوظ بنایا جا سکے اور آنے والی نسلوں تک منتقل کیا جا سکے۔