Baaghi TV

Blog

  • ٹرمپ کا ایران اور اسرائیل سے حملے روکنے کا مطالبہ

    ٹرمپ کا ایران اور اسرائیل سے حملے روکنے کا مطالبہ

    مشرقِ وسطیٰ میں ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی خطرناک مرحلے میں داخل ہو گئی ہے جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دونوں ممالک سے فوری طور پر حملے روکنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر جاری بیان میں کہا کہ "اسرائیل اور ایران کو فوری طور پر فائرنگ اور حملے بند کر دینے چاہئیں”۔ ان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دونوں ممالک گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک دوسرے پر میزائل اور فضائی حملے کر چکے ہیں۔اسرائیلی فوج کے مطابق ایران کی جانب سے متعدد میزائل حملے کیے گئے جنہیں اسرائیل کے فضائی دفاعی نظام نے بڑی حد تک ناکام بنا دیا۔ دوسری جانب ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے ایران کے مختلف دفاعی اور صنعتی مراکز کو نشانہ بنایا گیا، جس کے جواب میں جوابی کارروائیاں کی گئیں۔

    ایرانی خبر رساں اداروں کے مطابق تہران میں فضائی دفاعی نظام نے ایک ڈرون کو مار گرایا جبکہ دارالحکومت کے مختلف علاقوں سے دھماکوں کی آوازیں بھی سنائی دیں۔ اس کے علاوہ تہران کے مہرآباد ایئرپورٹ سے تمام پروازیں تاحکمِ ثانی معطل کر دی گئی ہیں۔اسرائیلی دفاعی افواج (آئی ڈی ایف) نے دعویٰ کیا ہے کہ درجنوں جنگی طیاروں نے ایران بھر میں فضائی دفاعی تنصیبات اور اسٹریٹجک اہداف کو نشانہ بنایا۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ ان حملوں کا مقصد ایران کی دفاعی صلاحیتوں کو کمزور کرنا تھا۔دوسری جانب ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے کہا ہے کہ وہ "تمام محاذوں پر وسیع پیمانے پر کارروائیوں” کے لیے تیار ہیں اور کسی بھی بیرونی مداخلت کا سخت جواب دیا جائے گا۔

    ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے الزام عائد کیا ہے کہ اسرائیل کی کوئی بھی بڑی فوجی کارروائی امریکہ کی مشاورت کے بغیر ممکن نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حالیہ حملوں نے تہران اور واشنگٹن کے درمیان سفارتی کوششوں کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔

    اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے جنوب مغربی شہر ماہشہر میں واقع ایک پیٹروکیمیکل کمپلیکس پر حملہ کیا گیا، جس سے تنصیب کو جزوی نقصان پہنچا۔ ادھر ایرانی ذرائع کا کہنا ہے کہ جوابی کارروائی میں حیفہ کے قریب اہم تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔

    ایران کے حمایت یافتہ یمنی حوثی گروپ نے بھی اسرائیل پر میزائل حملوں کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ بحیرہ احمر میں اسرائیلی جہازوں کی آمدورفت مکمل طور پر روک دی جائے گی۔ حوثیوں نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیل کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔

  • راولاکوٹ میں معمولاتِ زندگی بحال، عوام نے احتجاجی کال مسترد کر دی

    راولاکوٹ میں معمولاتِ زندگی بحال، عوام نے احتجاجی کال مسترد کر دی

    راولاکوٹ: آزاد کشمیر کے دیگر شہروں کی طرح راولاکوٹ میں بھی معمولاتِ زندگی معمول کے مطابق جاری ہیں اور تعلیمی، تجارتی و سماجی سرگرمیاں بلا تعطل رواں دواں ہیں۔

    ذرائع کے مطابق گزشتہ شام کالعدم ایکشن کمیٹی سے وابستہ شرپسند عناصر نے راولاکوٹ میں امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی کوشش کی، تاہم قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے شرپسند عناصر کو منتشر کر دیا اور علاقے میں امن و سکون بحال کر دیا۔حکام کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر پولیس اور دیگر متعلقہ ادارے عوام کے جان و مال کے تحفظ اور ریاستی رٹ کے قیام کو یقینی بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہے ہیں۔ سیکیورٹی ادارے صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔

    مقامی ذرائع کے مطابق راولاکوٹ کے باشعور عوام نے آزاد کشمیر کے دیگر اضلاع کی طرح نام نہاد احتجاجی کال کو یکسر مسترد کرتے ہوئے معمول کی سرگرمیوں کو جاری رکھا۔ شہر میں کاروباری مراکز، تعلیمی ادارے اور دیگر عوامی مقامات معمول کے مطابق کھلے رہے جبکہ شہریوں نے امن و استحکام کے حق میں اپنا کردار ادا کیا۔انتظامیہ نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ عوام کے تحفظ اور خطے میں امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

  • قابل اعتراض مواد شیئر کرنے والے 5 ہزار سے زائد اکاؤنٹس بند

    قابل اعتراض مواد شیئر کرنے والے 5 ہزار سے زائد اکاؤنٹس بند

    محرم الحرام کے پیش نظر سوشل میڈیا پر خصوصی سائبر پٹرولنگ کرتے ہوئے قابل اعتراض، اشتعال انگیز، مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے والا مواد شیئر کرنے پر اب تک 5 ہزار سے زائد اکاؤنٹس اور ویب سائٹس کو بلاک کیا جاچکا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق محرم الحرام کے پیش نظر سوشل میڈیا پر خصوصی سائبر پیٹرولنگ کی جارہی ہے، سائبر مانیٹرنگ ٹیمیں 24 گھنٹے متحرک، قانون شکنی پر فوری کارروائی ہوگی۔حکام کے مطابق قابل اعتراض، اشتعال انگیز، مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے والا مواد شیئر کرنا جرم ہے، سائبر پیٹرولنگ یونٹس نفرت انگیز تقاریر، جعلی اکاؤنٹس اور اشتعال انگیز پوسٹ کی نشاندہی کررہےہیں۔

    دوسر ی جانب محرم الحرام کے دوران فول پروف سکیورٹی انتظامات کیلئے فوج اور رینجرز کے دستے طلب کر لئے گئے،محکمہ داخلہ پنجاب نے پاک فوج اور رینجرز کی خدمات طلب کرنے کیلئے وفاقی وزارت داخلہ کو مراسلہ لکھ دیا،قانون نافذ کرنے والے ادارے محرم الحرام کے پُرامن انعقاد کیلئے خدمات سر انجام دیں گے،مجموعی طور پر پنجاب کے 39 اضلاع میں فوج اور رینجرز کی 137 کمپنیوں کی خدمات طلب کی گئیں،پنجاب میں پاک فوج کی 61 اور رینجرز کی 76 کمپنیاں تعینات کرنے کیلئے مراسلہ لکھا گیا،پاک فوج اور رینجرز کے دستے مختلف اضلاع کی ضرورت کے مطابق یکم سے 11 محرم کے دوران خدمات سرانجام دیں گے،وفاقی وزارت داخلہ کو مراسلہ پنجاب پولیس کی درخواست پر سکیورٹی میں معاونت کیلئے لکھا گیا

  • لاہور: خاتون سے مبینہ اجتماعی زیادتی، مقدمہ درج، ملزمان  گرفتار نہ ہو سکے

    لاہور: خاتون سے مبینہ اجتماعی زیادتی، مقدمہ درج، ملزمان گرفتار نہ ہو سکے

    لاہور کے علاقے گجر پورہ میں ایک خاتون نے تین افراد پر مبینہ اجتماعی زیادتی کا الزام عائد کرتے ہوئے پولیس کو درخواست دے دی، جس پر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

    پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون نے اپنے بیان میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ تقریباً ایک ماہ قبل وہ عینو بھٹیاں گاؤں سے کرول پنڈ اپنے گھر جا رہی تھی کہ راستے میں تین افراد نے اسے مبینہ طور پر زبردستی روک لیا۔ خاتون کے مطابق دو ملزمان اسے قریبی کھیت میں لے گئے جہاں انہوں نے مبینہ طور پر اجتماعی زیادتی کی، جبکہ تیسرا شخص موقع پر پہرا دیتا رہا۔ خاتون نے یہ بھی الزام لگایا کہ ملزمان نے واقعے کی ویڈیو بھی بنائی۔متاثرہ خاتون کا کہنا ہے کہ اس نے واقعے کی فوری رپورٹ اس خوف سے درج نہیں کروائی کہ اس کی عزت اور ساکھ متاثر ہو سکتی ہے، تاہم بعد ازاں اس نے قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ خاتون کی درخواست پر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور واقعے کے مختلف پہلوؤں کی تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس کے مطابق تاحال کسی ملزم کی گرفتاری عمل میں نہیں آ سکی، تاہم ملزمان کی تلاش کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔پولیس کا مزید کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے اور شواہد سامنے آنے کے بعد ہی واقعے کی حقیقت کا تعین کیا جا سکے گا۔

  • وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سےایچ بی ایل کے چیئرمین کی ملاقات

    وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سےایچ بی ایل کے چیئرمین کی ملاقات

    وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل خان آفریدی سے ایچ بی ایل کے چیئرمین اور آغا خان فنڈ فار اکنامک ڈویلپمنٹ کے ڈائریکٹر سلطان علی الانا نے ملاقات کی۔ ملاقات میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی بھی موجود تھے۔

    ملاقات کے دوران خیبرپختونخوا میں سرمایہ کاری کے فروغ، اقتصادی تعاون اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ فریقین نے پشاور میں آغا خان اسپتال کے قیام کے امکانات کا جائزہ لیا اور اس منصوبے کو عملی شکل دینے کے لیے مشترکہ ورکنگ ٹیمیں تشکیل دینے پر اتفاق کیا۔وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے اس موقع پر کہا کہ صوبائی حکومت آغا خان اسپتال کے قیام کے لیے ہر ممکن تعاون اور سہولیات فراہم کرے گی، جبکہ منصوبے پر پیش رفت کو تیز رفتار بنیادوں پر آگے بڑھایا جائے گا۔ملاقات میں ڈیٹا سینٹرز، کھیلوں، معدنیات، قدرتی وسائل اور مائنز سیکٹر میں سرمایہ کاری کے مواقع پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔ علاوہ ازیں صوبے میں سیاحت کے فروغ اور سیاحتی شعبے میں سرمایہ کاری کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

    فریقین نے خیبرپختونخوا میں سرمایہ کاری کے سازگار ماحول سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں اشتراکِ عمل کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔

  • بینظیر انکم سپورٹ پروگرام لوگوں کو بھکاری بننے سے بچا رہا ہے،سینیٹر روبینہ خالد

    بینظیر انکم سپورٹ پروگرام لوگوں کو بھکاری بننے سے بچا رہا ہے،سینیٹر روبینہ خالد

    پیپلز پارٹی کی سینیٹر روبینہ خالد نے ن لیگ کے رانا ثناء اللہ کو جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’کچھ لوگ کہتے ہیں کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام لوگوں کو بھکاری بنا رہا ہے۔ ایسے لوگوں کو اُن تمام خاندانوں سے معافی مانگنی چاہیے جو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے فائدہ اُٹھا رہے ہیں۔ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام لوگوں کو بھکاری نہیں بنا رہا، بلکہ انہیں بھکاری بننے سے بچا رہا ہے

    چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی ساکھ بین الاقوامی ہے.بی آئی ایس پی دنیا میں تخفیف غربت کا سب سے بڑا پروگرام ہے.دیگر ممالک بھی بی آئی ایس پی کی تقلیدکررہے ہیں.بی آئی ایس پی کے ذریعے نادارخاندانوں کو امدادفراہم کی جارہی ہے .یقیناًہر پروگرام میں مسائل ہوتے ہیں جنہیں دورکیاجاتاہے.بی آئی ایس پی ایک کروڑ لوگوں کی کفالت کرتا ہے. بی آئی ایس پی سفید پوش لوگوں کیلئے ہے.ریاست اپنی عوام کی عزت نفس کو بچانے کیلئے یہ پروگرام چلا رہی ہے.صدر مملکت اور وزیراعظم کوبی آئی ایس پی پر پورا اعتماد ہے.ماہ رمضان کا ریلیف پیکج بھی بی آ ئی ایس پی کے توسط سے دیا گیا.وزیراعظم نے کہاہے اس پروگرام کو مزید مربوط کیا جائے.سماجی تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے.بی آئی ایس پی صرف مالی معاونت نہیں بلکہ تعلیمی وسائل بھی فراہم کرتا ہے.اس پروگرام میں خاص طور پر بچیوں کی تعلیم پر خرچ کیا جاتا ہے. پروگرام سے 1 کروڑ 20 لاکھ بچے تعلیم حاصل کر رہے ہیں.نادرا کے بعد سب سے بڑا پروگرام ڈیٹا بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ہے.غریب کے بچوں کی صحت اور تعلیم ریاست کی ذمہ داری ہے، اور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام اس ذمہ داری کو بخوبی نبھا رہا ہے۔یہ ملک صرف امیروں کے لیے نہیں ہے۔ جو لوگ یہ کہتے ہیں کہ بی آئی ایس پی کی معمولی رقم سے غریب کا کیا ہوگا، یہ سب بھرے پیٹ کی باتیں کرتے ہیں۔ لیکن جس گھر میں فاقہ ہو، اُس کے لیے یہ رقم ایک بڑی سہولت اور ریلیف ہے۔

  • راولپنڈی جوڈیشنل کمپلیکس میں مبینہ ڈانس پارٹی، مقدمہ درج

    راولپنڈی جوڈیشنل کمپلیکس میں مبینہ ڈانس پارٹی، مقدمہ درج

    راولپنڈی کے نیو جوڈیشنل کمپلیکس میں مبینہ ڈانس پارٹی کے معاملے پر تھانہ سول لائن پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے، جبکہ وائرل ویڈیو میں نظر آنے والے افراد کی شناخت اور گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

    پولیس کے مطابق مقدمہ سیشن کورٹ کے چوکیدار تنویر حسین کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ مدعی مقدمہ نے مؤقف اختیار کیا کہ انہوں نے سوشل میڈیا پر ایک وائرل ویڈیو دیکھی جو نیو جوڈیشنل کمپلیکس کی تھی۔ایف آئی آر کے متن کے مطابق ویڈیو میں مرد و خواتین کو نازیبا حرکات کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے اور ان کی شکلیں واضح طور پر پہچانی جا سکتی ہیں۔ مدعی نے مطالبہ کیا کہ ویڈیو میں نظر آنے والے افراد کو تلاش کرکے قانون کے مطابق گرفتار کیا جائے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ وائرل ویڈیو کی چھان بین کا عمل جاری ہے اور اس میں شامل افراد کی شناخت کے لیے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

  • شوہر کو قتل کرنے والی خاتون کی عمر قید کی سزا 14 برس قید میں تبدیل

    شوہر کو قتل کرنے والی خاتون کی عمر قید کی سزا 14 برس قید میں تبدیل

    سپریم کورٹ نے میکے سے پیسے منگوانے اور تشدد کرنے پرشوہرکو قتل کرنے والی خاتون کی عمر قید کی سزا 14 سال قید میں تبدیل کردی۔

    سپریم کورٹ کے جسٹس ہاشم کاکڑ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے قتل کیس کی سماعت کی،عدالت میں سماعت کے دوران وکیل صفائی نے کہا کہ بیروزگارشوہربیوی پرتشدد کرتا اور میکے سے پیسے مانگنے پرمجبور کرتا تھا، مجرمہ کے 4 بچے تھے، مجرمہ کی والدہ عموماً مالی مدد کردیتی تھیں، آخری بار مجرمہ کی والدہ نے پیسے دینے سے انکارکیا جس پرشوہر نے اسے تشدد کا نشانہ بنایا، مجرمہ کی عزت کو خطرہ تھا جس پر اس نے ردِعمل دیا، مجرمہ2016 سے جیل میں ہے اور تقریباً 10 سال قید کاٹ چکی ہے۔

    پراسیکیوٹرنےکہا کہ مجرمہ نے شوہرکے سرپروارکیا جس کے نتیجے میں موت واقع ہوگئی، اس پر جسٹس ہاشم کاکڑ نے کہا کہ عموماً شوہربیوی کو قتل کرتا ہے، یہ پہلا کیس دیکھا ہے جس میں بیوی نے شوہرکوقتل کیا،جسٹس اشتیاق ابراہیم نے کہا کہ کیس میں مجرمہ کے دوبھائی بھی نامزد تھے تاہم انہیں بری کردیا گیا،جسٹس ہاشم نے ریمارکس دیے کہ استغاثہ کے شواہد پرفیصلہ کیا جائے توکیس میں تینوں ملزمان بری ہوجاتے ہیں،عدالت نے سماعت کے بعد اپنا فیصلہ سناتے ہوئے مجرمہ افشاں سحرکی عمرقید کی سزا کم کرکے 14 سال قید میں تبدیل کردی۔

  • گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ بجلی کی غیر اعلانیہ بندش  شروع

    گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ بجلی کی غیر اعلانیہ بندش شروع

    گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی لاہور سمیت مختلف علاقوں میں بجلی کی غیر اعلانیہ بندش کا سلسلہ بھی بڑھ گیا، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

    بجلی کے نظام پر بڑھتے ہوئے دباؤ کے باعث تکنیکی خرابیوں میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ متعدد علاقوں میں ٹرانسفارمر جلنے اور دیگر فنی مسائل کے باعث بجلی کی آنکھ مچولی جاری ہے، جبکہ کئی مقامات پر صارفین گھنٹوں بجلی سے محروم رہتے ہیں،دیہی علاقوں میں صورتحال مزید سنگین بتائی جا رہی ہے جہاں تکنیکی خرابیوں کے باعث طویل دورانیے کی بندش معمول بن چکی ہے۔ شدید گرمی اور حبس کے موسم میں بجلی کی مسلسل بندش نے عوام کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کی بجلی کی طلب 3200 میگاواٹ سے تجاوز کر گئی ہے۔ تاہم طلب کے مطابق بجلی فراہم کی جا رہی ہے اور مجموعی طور پر بجلی کی کمی کا سامنا نہیں ہے.لیسکو حکام کے مطابق ہائی لاسز فیڈرز پر شیڈول کے مطابق 4 سے 5 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے، جبکہ دیگر علاقوں میں سامنے آنے والی بندشیں زیادہ تر تکنیکی خرابیوں کا نتیجہ ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ خراب ٹرانسفارمرز اور دیگر فنی مسائل کے فوری ازالے کے لیے ٹیمیں متحرک ہیں تاکہ بجلی کی فراہمی کو جلد از جلد بحال کیا جا سکے۔

  • ایرانی حملہ،اسرائیل میں امریکی سفیر بنکر میں پناہ لینے پر مجبور

    ایرانی حملہ،اسرائیل میں امریکی سفیر بنکر میں پناہ لینے پر مجبور

    اسرائیل میں تعینات امریکی سفیر مائیک ہکابی ایرانی حملوں کے بعد بنکر میں پناہ لینے پر مجبور ہو گئے۔ امریکی سفیر نے بنکر سے جاری اپنے پیغام میں تصدیق کی ہے کہ وہ حملوں کے دوران حفاظتی اقدامات کے تحت بنکر میں موجود ہیں۔

    مائیک ہکابی نے اپنے بیان میں کہا کہ مختلف مقامات پر زور دار دھماکوں کی آوازیں سنائی دے رہی ہیں اور خطے میں سیکیورٹی صورتحال انتہائی کشیدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل میں موجود افراد خطرے کے سائے میں زندگی گزار رہے ہیں اور مسلسل احتیاطی تدابیر اختیار کی جا رہی ہیں۔

    دوسری جانب اسرائیلی میڈیا کے مطابق ایرانی حملوں کے باعث ملک بھر میں خطرے کی صورتحال برقرار ہے، جبکہ بڑی تعداد میں شہری اور غیر ملکی اہلکار بنکروں میں پناہ لینے پر مجبور ہیں۔ حکام نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ وہ حفاظتی مراکز کے قریب رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر پناہ گاہوں کا رخ کریں۔ایران اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث خطے میں عدم استحکام کے خدشات میں اضافہ ہو گیا ہے، جبکہ عالمی برادری دونوں ممالک سے تحمل کا مظاہرہ کرنے اور صورتحال کو مزید بگڑنے سے روکنے کی اپیل کر رہی ہے۔