پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے گلگت بلتستان کے عوام سے بھرپور حمایت اور بھاری مینڈیٹ کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ گلگت بلتستان کی آواز کو قومی سطح پر مؤثر انداز میں اٹھانا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں ایسا مینڈیٹ درکار ہے تاکہ اسلام آباد جا کر گلگت بلتستان کے حقوق اور مطالبات کو بھرپور انداز میں پیش کر سکیں۔
غذر کے علاقے گاہکوچ میں ایک انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وہ اپنی ذات کے لیے نہیں بلکہ گلگت بلتستان کے عوام کے حقوق کے لیے بھاری اکثریت چاہتے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ انتخابات میں پیپلز پارٹی کی کئی نشستیں چھین لی گئی تھیں، تاہم اس بار عوام پارٹی پر اعتماد کا اظہار کریں گے۔
پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے غذر کو ضلع کا درجہ دیا تھا جبکہ سابق صدر آصف علی زرداری نے گلگت بلتستان کو سیاسی شناخت فراہم کی۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اور گلگت بلتستان کے عوام کا تعلق کئی نسلوں پر محیط ہے اور یہ رشتہ مستقبل میں بھی مضبوط رہے گا۔
بلاول بھٹو نے اپنے خطاب میں حق ملکیت کے مسئلے کو بھی اجاگر کیا اور کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ گلگت بلتستان کے عوام کو زمینوں کے مکمل مالکانہ حقوق ملیں۔ ان کے مطابق اگر پیپلز پارٹی کو عوامی حمایت حاصل ہوئی تو قانون ساز اسمبلی کے ذریعے حق ملکیت سے متعلق قانون سازی کو یقینی بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ قابل کاشت زمین کو عوام میں تقسیم کرنے اور مقامی لوگوں کو زمین کا مالک بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان میں پیپلز پارٹی کی حکومت بننے کی صورت میں عوامی فلاح، روزگار اور بنیادی سہولیات کے منصوبوں کو ترجیح دی جائے گی۔
بلاول بھٹو زرداری نے روزگار، صحت اور سیاحت کے شعبوں میں بھی متعدد وعدے کیے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے پر یقین رکھتی ہے جبکہ مفت علاج کی سہولیات کو بھی وسعت دی جائے گی۔ ان کے مطابق پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت گلگت بلتستان کو سیاحت کا ایک بڑا مرکز بنایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ انتخابات میں اپنے مستقبل اور اپنے حقوق کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلہ کریں اور ایسے نمائندوں کا انتخاب کریں جو خطے کے مسائل کے حل کے لیے مؤثر کردار ادا کر سکیں۔
Blog
-

بلاول بھٹو نے گلگت بلتستان میں بھاری مینڈیٹ مانگ لیا
-

ڈی جی خان، سیلابی ریلا پل بہا لے گیا، ٹھیکیدار کے خلاف کارروائی کا مطالبہ
ڈیرہ غازی خان رپورٹر (شاہد خان)بستی بیلا وڈور کو ڈیرہ غازی خان شہر سے ملانے والا پل تعمیر کے محض 8 ماہ بعد ہی سیلابی ریلے میں بہہ گیا، جس کے بعد تعمیراتی معیار، نگرانی کے نظام اور سرکاری فنڈز کے استعمال پر کئی سوالات کھڑے ہو گئے ہیں۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ پل عوامی سہولت اور آمدورفت کے لیے ایک اہم منصوبہ تھا، لیکن اتنی قلیل مدت میں اس کا تباہ ہو جانا ناقص تعمیرات اور مبینہ غفلت کی نشاندہی کرتا ہے۔ پل کے بہہ جانے سے مقامی آبادی کو شدید مشکلات کا سامنا ہے جبکہ روزمرہ آمدورفت بھی متاثر ہوئی ہے۔
شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اس منصوبے کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کرائی جائیں اور یہ معلوم کیا جائے کہ آیا تعمیراتی کام مقررہ معیار کے مطابق کیا گیا تھا یا نہیں۔ عوام کا کہنا ہے کہ اگر کسی قسم کی کوتاہی، ناقص میٹریل کے استعمال یا بدعنوانی کے شواہد سامنے آئیں تو ٹھیکیدار سمیت تمام ذمہ دار افراد کے خلاف بلا امتیاز قانونی کارروائی کی جائے۔
اہل علاقہ نے وزیراعلیٰ پنجاب، کمشنر اور متعلقہ محکمہ سے مطالبہ کیا ہے کہ پل کی فوری تعمیر نو کے ساتھ ساتھ عوامی خزانے کے نقصان کے ذمہ دار عناصر کا احتساب بھی یقینی بنایا جائے تاکہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام ہو
-

اوکاڑہ،آرپی او کا ڈی پی او کے ہمراہ محرم کے مرکزی روٹ کا دورہ
اوکاڑہ(نامہ نگار ملک ظفر)ریجنل پولیس آفیسر ساہیوال محمد ایاز سلیم کا ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید اور ڈی پی او ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی کے ہمراہ محرم کے مرکزی روٹ کا دورہ، آر پی او نے مرکزی امام بارگاہ ایوانِ حسین کے کنٹرول روم کا معائنہ اور انتظامات کی چیکنگ کی۔ انہوں نے محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کے لیے فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کے احکامات دیے۔ آر پی او محمد ایاز سلیم نے کہا کہ عزاداروں کو بہترین انتظامی و طبی سہولیات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ مرکزی جلوس کے روٹس پر سیکیورٹی سمیت تمام انتظامات مکمل ہونے چاہییں۔ ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے کہا کہ عزاداروں کی سہولت کے لیے لائٹس، صفائی اور دیگر بلدیاتی انتظامات مکمل ہیں۔ ضلعی انتظامیہ پولیس اور تمام متعلقہ محکمے محرم الحرام پر بہترین انتظامات کے لیے پوری طرح متحرک ہیں اور مثالی کوارڈینیشن کے فروغ سے تمام امور کو احسن انداز میں سرانجام دیا جائے گا۔ ڈی پی او ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی نے کہا کہ پولیس کی جانب سے محرم الحرام کے جلوسوں کو بہترین سیکیورٹی کور فراہم کیا جائے گا اور سی سی ٹی وی کیمروں سے روٹس مکمل مانیٹرنگ کی جائے گی۔
-

اوکاڑہ،ضلعی انتظامیہ کھیلوں کی ترقی و ترویج کے لیے پرعزم
اوکاڑہ(نامہ نگار ملک ظفر)ضلعی انتظامیہ کھیلوں کی ترقی و ترویج کے لیے پرعزم، دیپالپور چوک اوور ہیڈ برج کے نیچے سپورٹس ایرینا کی افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔ ایم پی اے میاں محمد منیر نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل احمد سلیم چشتی سپورٹس ایرینا کا افتتاح کر دیا۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر مرزا راحیل بیگ چیف آفیسر میونسپل کمیٹی عمر نسیم اور ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر محمد اشفاق بھی موجود تھے۔ ممبر صوبائی اسمبلی میاں محمد منیر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق حکومت پنجاب کھیلوں کی ترقی کے لیے پر عزم ہے۔ وزیراعلیٰ کے احکامات کے مطابق مختلف شہروں میں اوور ہیڈ برجز کے نیچے سپورٹس ایرینا بنائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جسمانی کھیلوں کی ماند پڑتی سرگرمیاں پروان چڑھیں گی۔ سپورٹس ایرینا سے بیڈمنٹن اور والی بال کے کھیلوں کو فروغ ملے گا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل احمد سلیم چشتی نے کہا کہ اوور ہیڈ برج کے نیچے کوڑے کے ڈھیر ختم کرکے سپورٹس ایرینا میں بدل دیا گیا ہے۔ اس نوعیت کی دو مزید جگہوں پر سپورٹس ایرینا بنایا جائے گا۔
-

این 5 ہائی وے منصوبے کے لیے 320 ملین ڈالر قرض معاہدہ
پاکستان اور ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک (AIIB) کے درمیان 320 ملین ڈالر کے قرض کے معاہدے پر دستخط کر دیے گئے ہیں۔ یہ رقم ملک کے اہم این 5 ہائی وے بحالی منصوبے پر خرچ کی جائے گی، جس کا مقصد قومی شاہراہ کے بنیادی ڈھانچے کو جدید خطوط پر استوار کرنا اور ٹرانسپورٹ نظام کو بہتر بنانا ہے۔
معاہدے پر سیکرٹری اقتصادی امور محمد حمیر کریم اور ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کے چیف انویسٹمنٹ آفیسر نے دستخط کیے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احد چیمہ سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
وفاقی وزیر احد چیمہ نے کہا کہ این 5 ہائی وے پاکستان کی اہم ترین شاہراہوں میں شمار ہوتی ہے، جو سندھ، پنجاب اور خیبر پختونخوا کو ایک دوسرے سے جوڑتی ہے۔ ان کے مطابق اس منصوبے کی تکمیل سے نہ صرف اندرون ملک ٹرانسپورٹ رابطے مضبوط ہوں گے بلکہ علاقائی تجارت اور معاشی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ این 5 بحالی منصوبہ ملک کی اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا اور مختلف صنعتی و تجارتی مراکز کے درمیان سفر اور مال برداری کو مزید آسان بنائے گا۔ اس سے کاروباری لاگت میں کمی اور تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ متوقع ہے۔
احد چیمہ کے مطابق منصوبے میں جدید انجینئرنگ معیار اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کو مدنظر رکھتے ہوئے تعمیراتی ڈیزائن اختیار کیا جائے گا۔ اس کے ذریعے شاہراہ کو مستقبل کے موسمی چیلنجز اور بڑھتے ہوئے ٹریفک دباؤ کا مقابلہ کرنے کے قابل بنایا جائے گا۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ این 5 منصوبہ پاکستان کے پائیدار انفراسٹرکچر وژن کا اہم حصہ ہے۔ حکومت ملک کے مواصلاتی نظام کو جدید بنانے اور قومی شاہراہوں کی بہتری کے لیے مختلف ترقیاتی منصوبوں پر کام کر رہی ہے تاکہ معاشی سرگرمیوں کو مزید تقویت مل سکے۔ -

سیالکوٹ،محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کے لائسنس ہولڈرز و منتظمین کا خصوصی اجلاس
سیالکوٹ بیورو چیف مدثر رتو سے
ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سیالکوٹ کیپٹن (ر) دوست محمد کی زیرِ صدارت محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کے لائسنس ہولڈرز و منتظمین کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نعیم بشیر، ایڈیشنل ایس پی حسیب، کوآرڈینیٹر ضلعی امن کمیٹی حافظ اصغر چیمہ، انچارج سیکورٹی برانچ حافظ محمد سعید،ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز، امن کمیٹی کے اراکین، لائسنس ہولڈرز اور مجالس و جلوسوں کے منتظمین نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کا قیام ہم سب کی مشترکہ اور اولین ذمہ داری ہے۔ ضلعی انتظامیہ جلوسوں اور مجالس کے تمام روٹس پر پیچ ورک، سٹریٹ لائٹس، صفائی ستھرائی، سینی ٹیشن، نکاسی آب اور دیگر شہری سہولیات کے بہترین انتظامات یقینی بنائے گی تاکہ عزاداران کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ محکمے باہمی رابطے اور ہم آہنگی کے ساتھ فرائض سرانجام دیں گے اور محرم الحرام کے پرامن انعقاد کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے اور گزشتہ سال کی طرح امسال بھی حکومت کی جانب سے سبیلوں کا اہتمام کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان، بین المسالک ہم آہنگی، سیکیورٹی انتظامات اور ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن (ر) دوست محمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام جلوسوں اور مجالس کے منتظمین مقررہ قواعد و ضوابط اور اوقات کار کی سختی سے پابندی کریں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ضلع سیالکوٹ ہمیشہ امن و بھائی چارے کا گہوارہ رہا ہے، محرم میں نئے جلوس، مجلس یا ایونٹ کی اجازت نہیں دی جائے گی اور تمام پروگرام روایتی شیڈول کے مطابق منعقد ہوں گے۔ڈی پی او نے کہا کہ جن افراد کے ضلع میں داخلے پر پابندی عائد ہے یا جن کے خلاف زبان بندی کے احکامات موجود ہیں، انہیں کسی بھی مجلس یا جلوس میں مدعو نہ کیا جائے۔ سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد، اشتعال انگیزی اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو متاثر کرنے والی سرگرمیوں کی ہرگز اجازت نہیں ہوگی اور قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش سیکیورٹی چیلنجز کے پیش نظر فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ تمام منتظمین اپنے رضاکاروں کی تعیناتی یقینی بنائیں جبکہ ان کی باقاعدہ تربیت بھی کروائی جائے گی۔ خواتین کی سہولت اور رہنمائی کے لیے لیڈیز رضاکار بھی خدمات سرانجام دیں گی۔ تمام مجالس اور جلوسوں کی ویڈیو ریکارڈنگ لازمی ہوگی۔
کیپٹن (ر) دوست محمد نے بتایا کہ ضلع بھر کی 160 امام بارگاہوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہیں اور ان کی مکمل فعالیت کو یقینی بنایا جائے گا، بالخصوص داخلی و خارجی راستوں کی مؤثر نگرانی کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ غیر قانونی اور غیر رجسٹرڈ سبیلوں کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی جبکہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بھی عوامی خدمت کے لیے سبیلوں کا اہتمام کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ بین المسالک ہم آہنگی اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے "امن کا کارواں” بھی نکالا جائے گا جس میں ضلعی امن کمیٹی کے اراکین اور مختلف مکاتب فکر کے نمائندگان شریک ہوں گے۔ انہوں نے منتظمین کو ہدایت کی کہ کسی بھی مسئلے کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ تھانے، ایس ڈی پی او یا ضلعی انتظامیہ سے رابطہ کیا جائے۔
اجلاس کے اختتام پر شرکاء نے ضلع سیالکوٹ میں محرم الحرام کے دوران امن، رواداری، مذہبی ہم آہنگی اور قانون کی پاسداری کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ -

وادی کالاش رومبور ، جنگلات کے تحفظ ،فاریسٹ فائر سے بچاؤ کیلیے خصوصی آگاہی مہم
رومبور (فتح اللہ): وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا، چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا، سیکرٹری جنگلات و ماحولیات اور ڈی ایف او چترال کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں سب ڈویژن چترال کے رومبور بلاک میں جنگلاتی آگ (فاریسٹ فائر) سے بچاؤ اور عوامی شعور اجاگر کرنے کے لیے ایک جامع آگاہی مہم کا انعقاد کیا گیا۔
آگاہی مہم کے دوران رومبور بلاک کے فاریسٹ اسٹاف نے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے مقامی آبادی، طلبہ، سیاحوں، راہ گیروں اور دیگر متعلقہ افراد کو جنگلاتی آگ کے اسباب، نقصانات اور احتیاطی تدابیر سے آگاہ کیا۔ اس سلسلے میں سکولوں میں خصوصی پروگرامز منعقد کیے گئے جبکہ مقامی تھانے میں بھی آگاہی سیشن کا اہتمام کیا گیا۔فاریسٹ حکام نے عوام پر زور دیا کہ جنگلاتی علاقوں میں آگ جلانے، سگریٹ کے ٹکڑے پھینکنے اور دیگر ایسے اقدامات سے گریز کریں جو جنگلاتی آگ کا سبب بن سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنگلات قومی اثاثہ ہیں اور ان کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
مہم کے دوران شہریوں سے اپیل کی گئی کہ جنگلاتی آگ کی کسی بھی اطلاع یا مشتبہ سرگرمی کی صورت میں فوری طور پر محکمہ جنگلات یا متعلقہ حکام کو مطلع کریں تاکہ قیمتی جنگلات، جنگلی حیات اور ماحول کو نقصان سے بچایا جا سکے۔عوامی سطح پر اس آگاہی مہم کو خوب سراہا گیا۔ مقامی افراد نے جنگلات کے تحفظ اور فاریسٹ فائر کی روک تھام کے لیے محکمہ جنگلات کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کو نہایت اہم قرار دیتے ہوئے فاریسٹ ڈیپارٹمنٹ کا شکریہ ادا کیا اور اس نوعیت کی آگاہی سرگرمیوں کو مستقبل میں بھی جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔
-

اسرائیل نے جنوبی لبنان میں کارروائیاں جاری رکھنے کا اعلان کر دیا
اسرائیلی وزیرِ دفاع اسرائیل کاٹز نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیلی فوج جنوبی لبنان میں اپنی زمینی کارروائیاں جاری رکھے گی اور سرحدی علاقوں سے نقل مکانی کرنے والے لبنانی شہری فی الحال اپنے گھروں کو واپس نہ جائیں۔ ان کے بیان نے جنگ بندی کے باوجود خطے میں موجود غیر یقینی صورتحال کو مزید نمایاں کر دیا ہے۔
جمعرات کو جاری ہونے والے ایک بیان میں اسرائیلی وزیرِ دفاع نے کہا کہ اسرائیلی فوج جنوبی لبنان میں قائم سیکیورٹی بفر زون میں اپنی موجودگی برقرار رکھے گی۔ ان کے مطابق فوج ان علاقوں میں تعینات رہے گی جنہیں اسرائیل اپنی سلامتی کے لیے اہم سمجھتا ہے۔
اسرائیل کاٹز نے خاص طور پر بیفورٹ کیسل کے علاقے کا ذکر کیا، جو تقریباً 900 سال قدیم تاریخی قلعہ ہے۔ اسرائیلی فوج نے حالیہ دنوں میں اس مقام پر کنٹرول حاصل کیا تھا اور اب اسے سیکیورٹی بفر زون کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔
وزیرِ دفاع کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اسرائیل اور لبنان نے امریکہ کی حمایت سے جنگ بندی کے ایک معاہدے پر اتفاق کیا ہے۔ اس معاہدے کا مقصد سرحدی علاقوں میں جاری کشیدگی کو کم کرنا اور دونوں ممالک کے درمیان امن کو فروغ دینا ہے۔
جاری کردہ تفصیلات کے مطابق جنگ بندی کے معاہدے میں مختلف شرائط شامل ہیں، جن میں حزب اللہ کی جانب سے اسرائیل پر حملوں کا مکمل خاتمہ بھی شامل ہے۔ اسرائیلی حکام کا مؤقف ہے کہ جب تک سیکیورٹی خطرات مکمل طور پر ختم نہیں ہو جاتے، فوج اپنی پوزیشنز برقرار رکھے گی۔
دوسری جانب لبنان میں مختلف حلقے اسرائیلی فوج کی مسلسل موجودگی پر تحفظات کا اظہار کر رہے ہیں۔ سیاسی مبصرین کے مطابق جنگ بندی کے باوجود زمینی کارروائیوں اور فوجی موجودگی کے اعلانات خطے میں امن کے امکانات پر اثر انداز ہو سکتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ جنگ بندی معاہدے کی کامیابی کا انحصار دونوں فریقوں کی جانب سے اس کی شرائط پر مکمل عملدرآمد اور کشیدگی میں کمی پر ہوگا۔ عالمی برادری بھی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور فریقین پر تحمل اور مذاکرات کا راستہ اپنانے پر زور دے رہی ہے۔ -

برینٹ خام تیل 97 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گیا
مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے اثرات عالمی توانائی منڈیوں پر نمایاں ہونے لگے ہیں، جہاں جمعرات کی صبح ایشیائی منڈیوں میں برینٹ نارتھ سی خام تیل کی قیمت تقریباً 97 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔ ماہرین کے مطابق خطے میں سکیورٹی صورتحال کے باعث سرمایہ کاروں میں بے چینی پائی جا رہی ہے، جس کے نتیجے میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق ایران اور خلیجی خطے میں حالیہ واقعات نے عالمی تیل مارکیٹ کو متاثر کیا ہے۔ ایران کی جانب سے کویت اور بحرین پر حملوں کی اطلاعات اور امریکہ کی جانب سے ایران سے منسلک ایک آئل ٹینکر اور جزیرہ قشم کے جنوبی علاقوں میں کارروائیوں نے مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال کو مزید بڑھا دیا ہے۔
توانائی کے شعبے سے وابستہ ماہرین کا کہنا ہے کہ خلیجی خطہ عالمی تیل سپلائی کا ایک اہم مرکز ہے، اس لیے کسی بھی قسم کی عسکری یا سیاسی کشیدگی فوری طور پر خام تیل کی قیمتوں پر اثر انداز ہوتی ہے۔ سرمایہ کاروں کو خدشہ ہے کہ اگر کشیدگی میں مزید اضافہ ہوا تو سپلائی متاثر ہو سکتی ہے، جس سے قیمتوں میں مزید تیزی آ سکتی ہے۔
دوسری جانب تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ لبنان اور اسرائیل کے درمیان حالیہ جنگ بندی معاہدہ مارکیٹ کے لیے کسی حد تک مثبت اشارہ ثابت ہو سکتا ہے۔ ان کے مطابق اگر جنگ بندی برقرار رہتی ہے اور خطے میں کشیدگی مزید نہیں بڑھتی تو برینٹ خام تیل کی قیمت کو 100 ڈالر فی بیرل کی سطح سے اوپر جانے سے روکا جا سکتا ہے۔
معاشی ماہرین کے مطابق تیل کی قیمتوں میں اضافے کا اثر دنیا بھر کی معیشتوں پر پڑتا ہے، خصوصاً ان ممالک پر جو اپنی توانائی کی ضروریات کے لیے درآمدی تیل پر انحصار کرتے ہیں۔ قیمتوں میں مسلسل اضافہ مہنگائی اور پیداواری لاگت میں اضافے کا سبب بن سکتا ہے۔
سرمایہ کار اور عالمی منڈیاں اب خطے کی سیاسی اور سکیورٹی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں، کیونکہ آنے والے دنوں میں ہونے والی پیش رفت تیل کی قیمتوں کی سمت کا تعین کر سکتی ہے۔ -

جنوبی لبنان میں اقوامِ متحدہ کا امن اہلکار ہلاک
جنوبی لبنان میں اقوامِ متحدہ کے امن مشن کے ایک اہلکار کی ہلاکت کی تصدیق ہو گئی ہے، جبکہ ایک حملے میں دو دیگر افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ واقعے کے بعد اقوامِ متحدہ نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ حملے کی وجوہات اور ذمہ دار عناصر کا تعین کیا جا سکے۔
رپورٹس کے مطابق جنوب مشرقی لبنان میں واقع اقوامِ متحدہ کے ایک دفتر پر مارٹر گولے گرے، جس کے نتیجے میں سربیا سے تعلق رکھنے والا ایک امن فوجی اہلکار جان کی بازی ہار گیا۔ حملے میں دو دیگر افراد بھی زخمی ہوئے جنہیں فوری طبی امداد فراہم کی گئی۔
یہ واقعہ بدھ کے روز پیش آیا اور اس کے بعد علاقے میں سکیورٹی خدشات مزید بڑھ گئے ہیں۔ اقوامِ متحدہ کے امن مشن نے واقعے پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ہلاک ہونے والے اہلکار کے اہل خانہ اور ساتھیوں سے تعزیت کی ہے۔
اقوامِ متحدہ کی جانب سے جاری بیان میں ابھی تک یہ واضح نہیں کیا گیا کہ حملے کی ذمہ داری کس فریق پر عائد ہوتی ہے۔ امن مشن نے نہ تو اسرائیل اور نہ ہی حزب اللہ کو براہ راست ذمہ دار قرار دیا ہے، تاہم مکمل حقائق سامنے لانے کے لیے باضابطہ تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ جنوبی لبنان میں حالیہ مہینوں کے دوران سکیورٹی صورتحال مزید پیچیدہ ہوئی ہے، جہاں سرحدی کشیدگی اور مختلف فوجی کارروائیوں کے باعث اقوامِ متحدہ کے امن مشن کو بھی بڑھتے ہوئے خطرات کا سامنا ہے۔
اقوامِ متحدہ کے امن اہلکار کئی دہائیوں سے لبنان کے جنوبی علاقوں میں امن و استحکام برقرار رکھنے، جنگ بندی کی نگرانی اور مقامی آبادی کے تحفظ کے لیے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ایسے واقعات نہ صرف امن مشن کے لیے تشویش کا باعث بنتے ہیں بلکہ خطے میں امن کوششوں کو بھی متاثر کر سکتے ہیں۔
عالمی برادری کی جانب سے واقعے پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے اور امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ تحقیقات کے ذریعے حقائق سامنے آئیں گے اور ذمہ دار عناصر کے خلاف مناسب کارروائی کی جائے گی۔