عالمی و مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے،سونے کی قیمت میں 24 ڈالر کی کمی ہوئی ہے، جبکہ مقامی سطح پر فی تولہ سونا تقریباً 2400 روپے سستا ہوا۔
تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 24ڈالر کی کمی سے 4ہزار 530ڈالر کی سطح پر آنے کے باعث مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی منگل کو فی تولہ سونے کی قیمت 2ہزار 400روپے کی کمی سے 4لاکھ 75ہزار 362روپے کی سطح پر آگئی اسی طرح فی 10 گرام سونے کی قیمت بھی 2ہزار 57روپے کی کمی سے 4لاکھ 7ہزار 546روپے کی سطح پر آگئی۔
دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں فی اونس چاندی کی قیمت ایک ڈالر 53سینٹ گھٹ کر 76ڈالر 33سینٹس کی سطح پر آنے سے مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی فی تولہ چاندی کی قیمت 153روپے کی کمی سے 8ہزار 117روپے اور فی 10 گرام چاندی کی قیمت بھی 131روپے کی کمی سے 6ہزار 959روپے کی سطح پر آگئی۔
ملائیشیا کی جانب سے سونے کی کچھ بارز پر 10 فیصد درآمدی ڈیوٹی عائد کیے جانے کے بعد ایشیائی بلین مارکیٹ میں ہلچل مچ گئی مئی کے آغاز سے ہی بعض سونے کی درآمدی کھیپوں پر اضافی ٹیکس وصول کیا جا رہا ہے جس سے جنوب مشرقی ایشیا کی گولڈ ٹریڈ شدید متاثر ہونے لگی ہے۔
تاجروں اور ڈیلرز کا کہنا ہے کہ نئی ڈیوٹی کے باعث سونے کی قیمتوں میں مزید اضافہ اور تجارت میں سست روی کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے، ماہرین کے مطابق عالمی مارکیٹ میں پہلے ہی سونا ریکارڈ سطح پر پہنچ چکا ہے اور اب ملائیشیا کے اس اقدام نے سرمایہ کاروں کو نئی تشویش میں مبتلا کر دیا ہے، یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دنیا بھر میں معاشی بے یقینی، جنگی کشیدگی اور ڈالر کی صورتحال کے باعث سرمایہ کار بڑی تعداد میں سونے کا رخ کر رہے ہیں۔
