Baaghi TV


سیول میں اوور پاس گرنے سے 3 افراد ہلاک

‎جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیول میں ایک زیرِ انہدام اوور پاس کا حصہ اچانک گرنے سے تین افراد ہلاک جبکہ تین زخمی ہو گئے۔
‎غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق حادثہ اُس وقت پیش آیا جب اوور پاس کی حفاظتی جانچ کی جا رہی تھی۔
‎رپورٹس کے مطابق حادثہ سیول کے مرکزی علاقے میں ریلوے کراسنگ کے قریب پیش آیا جہاں اوور پاس کا ایک بڑا حصہ سڑک پر آ گرا۔
‎ٹی وی فوٹیج میں دیکھا گیا کہ امدادی کارکن ملبے کے درمیان سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کرتے رہے جبکہ گرنے والے ڈھانچے کے نیچے پھنسے افراد کو نکالنے کی کوششیں جاری رہیں۔
‎سیول سٹی حکام کے مطابق گزشتہ رات ہی اوور پاس کے ڈھانچے میں عدم استحکام کے آثار سامنے آئے تھے، جس کے بعد منہدم کرنے کا کام عارضی طور پر روک دیا گیا تھا۔
‎حکام نے بتایا کہ منگل کی دوپہر حفاظتی معائنہ جاری تھا اور ماہرین سپورٹ اسٹرکچر کے اندر موجود تھے کہ اسی دوران اوور پاس کا حصہ اچانک زمین بوس ہوگیا۔
‎فائر حکام کے مطابق ہلاک اور زخمی ہونے والے تمام افراد سینئر سرکاری تعمیراتی افسران اور ایک نجی شعبے کے ماہر تھے جو حفاظتی معائنہ انجام دے رہے تھے۔
‎حادثے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں جبکہ ماہرین اوور پاس کے گرنے کی وجوہات کا جائزہ لے رہے ہیں۔
‎جنوبی کوریا میں اس واقعے کے بعد تعمیراتی منصوبوں میں حفاظتی اقدامات اور نگرانی کے نظام پر بھی سوالات اٹھنے لگے ہیں۔
‎مقامی حکام کا کہنا ہے کہ زخمی افراد کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے۔

More posts