Baaghi TV

Blog

  • جنوبی بحرالکاہل کا جزائر شدید زلزلے سے لرز اٹھا،شدت 6 ریکارڈ

    جنوبی بحرالکاہل کا جزائر شدید زلزلے سے لرز اٹھا،شدت 6 ریکارڈ

    جنوبی بحرالکاہل کے جزائر وانواتو میں منگل کے روز 6 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا۔

    جرمن ریسرچ سینٹر فار جیو سائنسز (GFZ) کے مطابق زلزلہ زمین کی سطح سے تقریباً 10 کلومیٹر گہرائی میں آیا، جس کے جھٹکے مختلف علاقوں میں محسوس کیے گئےحکام نے ابتدائی طور پر کسی بڑے نقصان یا سونامی وارننگ کی تصدیق نہیں کی، جبکہ صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے متعلقہ ادارے متحرک ہیں۔

    ماہرین کے مطابق کم گہرائی میں آنے والے زلزلے زیادہ شدت سے محسوس ہوتے ہیں، تاہم نقصانات کا انحصار علاقے کی آبادی اور تعمیرات پر ہوتا ہے، تاہم فوری طور پر کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی-

  • ایران قومی حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا، ایرانی صدر

    ایران قومی حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا، ایرانی صدر

    ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ مذاکرات کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ ایران ہتھیار ڈال دے۔

    ایرانی صدر نے کہا کہ ایران ہمیشہ وقار، خودمختاری اور قومی حقوق کے تحفظ کے ساتھ مذاکرات میں شامل ہوتا ہے اور کسی بھی صورت عوام اور ملک کے قانونی حقوق سے پیچھے نہیں ہٹے گا،ایرانی قیادت پوری طاقت اور عزم کے ساتھ آخری دم تک عوام کی خدمت جاری رکھے گی جبکہ ایران کے مفادات اور قومی وقار کا ہر قیمت پر تحفظ کیا جائے گا۔

    دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے معاملے پر ایک بار پھر سخت اور جارحانہ مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ایران کے ساتھ معاہدہ نہ ہوا تو انہوں نے فوج کو ایک سیکنڈ کے نوٹس پر حملے کے لیے تیار رہنے کا حکم دے رکھا ہے، تاہم اس وقت ایران کے ساتھ انتہائی سنجیدہ مذاکرات جاری ہیں اور ڈیل ہونے کے امکانات روشن دکھائی دے رہے ہیں۔

    صدر ٹرمپ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہیں مشرق وسطیٰ کے اہم رہنماؤں کی جانب سے ایران پر مجوزہ حملہ روکنے کی درخواست کی گئی تھی، جس کے بعد انہوں نے امریکی فوج کو کارروائی مؤخر کرنے کا حکم دیا، قطر، متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کی قیادت نے اپیل کی کہ ایران کو سفارتی راستہ دینے کی کوشش کی جائے۔

    امریکی صدر کا کہنا تھا کہ امریکا ایران پر حملے کے لیے مکمل طور پر تیار تھا اور کارروائی کل بھی ہوسکتی تھی، تاہم انہیں محسوس ہوتا ہے کہ تہران کے ساتھ ایسا معاہدہ طے پانے کا اچھا موقع موجود ہے جو نہ صرف امریکا بلکہ پورے مشرق وسطیٰ کے لیے قابل قبول ہوگا ممکنہ معاہدے میں ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی۔

    ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ انہوں نے امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ، جنرل ڈین کین اور عسکری قیادت کو ہدایت دی ہے کہ فی الحال حملہ نہ کیا جائے۔ ان کے بقول اگر ایسی ڈیل طے پا جاتی ہے جس کے تحت ایران جوہری ہتھیار حاصل نہ کرسکے تو امریکا مطمئن ہوسکتا ہے ایران کی اعلیٰ قیادت ختم ہوچکی ہے اور اب وہاں تیسرے درجے کی قیادت باقی رہ گئی ہے، آبنائے ہرمز پر مکمل کنٹرول امریکا کے پاس ہے۔

    ٹرمپ نے امریکی ڈیموکریٹک پارٹی اور امریکی میڈیا کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا کہا کہ اگر ایران کی پوری فوج ہتھیار ڈال دے، تمام فوجی سرنڈر کردیں اور ایرانی قیادت باضابطہ طور پر شکست تسلیم کرتے ہوئے سرنڈر دستاویزات پر دستخط بھی کردے، تب بھی امریکی میڈیا ایران کی شاندار فتح کی ہی سرخیاں لگا ئے گا صدر ٹرمپ نے خاص طور پر دی وال اسٹریٹ جرنل، دی نیویارک ٹائمز اور سی این این کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں جعلی میڈیا قرار دیا،کہا کہ امریکی میڈیا اور ڈیموکریٹس مکمل طور پر حواس باختہ ہوچکے ہیں اور ہر معاملے کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کررہے ہیں۔

  • سان ڈیاگو میں واقع اسلامی مرکز پر فائرنگ، مشتبہ حملہ آوروں سمیت 5 افراد ہلاک

    سان ڈیاگو میں واقع اسلامی مرکز پر فائرنگ، مشتبہ حملہ آوروں سمیت 5 افراد ہلاک

    امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر سان ڈیاگو میں واقع اسلامک سینٹر میں پیر کے روز ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں کم از کم 3 افراد ہلاک جبکہ 2 مشتبہ حملہ آور بھی مارے گئے۔

    امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق دو مسلح حملہ آوروں نے اسلامک سینٹر میں داخل ہوکر اندھا دھند فائرنگ کی، مسجد کی حفاظت پر مامور گارڈ نے نمازیوں اور بچوں کو بچانے کی کوشش کی تاہم وہ بھی فائرنگ کی زد میں آ کر جان کی بازی ہارگیا واقعے میں مجموعی طور پر پانچ افراد ہلاک ہوئے جن میں دو مشتبہ حملہ آور بھی شامل ہیں، جب کہ کئی افراد زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیے گئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال پر قابو پا کرعلاقے کو محفوظ قرار دے دیا ہے۔

    حکام اس واقعے کو ابتدائی طور پر نفرت انگیز جرم قرار دے کر تحقیقات کر رہے ہیں سان ڈیاگو پولیس چیف اسکاٹ واہل نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ کلیئرمونٹ کے علاقے میں واقع اسلامک سینٹر سے فائرنگ کی اطلاع موصول ہونے پر پولیس نے کارروائی کی، جہاں مرکز کے باہر 3 افراد کی لاشیں ملیں، مسجد کے ڈائریکٹر امام طحہٰ حسن کے مطابق جاں بحق افراد میں ایک سیکیورٹی گارڈ اور اسلامی اسکول کے 2 عملے کے ارکان شامل ہیں، پولیس نے تاحال مقتولین کی شناخت ظاہر نہیں کی۔

    پولیس چیف کے مطابق 2 مشتبہ حملہ آور، جن کی عمریں 17 اور 19 برس بتائی گئی ہیں، قریب ہی کھڑی ایک گاڑی کے اندر مردہ پائے گئے ابتدائی تحقیقا ت کے مطابق دونوں نے خود کو گولیاں مار کر زندگی کا خاتمہ کیا،یک مشتبہ شخص نے ایک مالی پر بھی فائرنگ کی، تاہم وہ محفوظ رہا اسلامک سینٹر کو نشانہ بنائے جانے کے باعث ہم اس واقعے کو اس وقت تک ہیٹ کرائم تصور کر رہے ہیں جب تک اس کے برعکس شواہد سامنے نہ آئیں۔

    پولیس کے مطابق ابتدائی طور پر ایک خاتون نے اپنے کم عمر بیٹے کے گھر سے فرار ہونے کی اطلاع دی تھی،اس کا بیٹا ذہنی دباؤ کا شکار اور خودکشی کے رجحانات رکھتا تھا جبکہ گھر سے متعدد آتشیں اسلحہ بھی غائب تھا نوجوان کے ساتھ ایک اور شخص موجود تھا جو فوجی طرز کے لباس میں ملبوس تھا۔

    تحقیقات کے دوران پولیس کو ایک نوٹ بھی ملا جو مبینہ طور پر نوجوان نے چھوڑا تھا، تاہم حکام نے اس کے مندرجات ظاہر کرنے سے انکار کیا ہے مشتبہ افراد کی گاڑی سے اسلام مخالف تحریریں بھی برآمد ہوئی ہیں جبکہ ایک ہتھیار پر ‘ہیٹ اسپیچ’ کے الفاظ درج تھے۔

    واقعے کے بعد قریبی اسپتال شارپ میموریل ہاسپٹل نے ایمرجنسی اقدامات نافذ کرتے ہوئے زخمیوں کے علاج کی تصدیق کی۔

    واقعے کی تحقیقات میں فیڈرل بیورو آف انویسٹیگیشن بھی مقامی پولیس کی معاونت کر رہی ہےوائٹ ہاؤس حکام کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو واقعے پر بریفنگ دی گئی ہے، انہوں نے اس حملے کو انتہائی افسوسناک صورتحال قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اس معاملے کا سنجیدگی سے جائزہ لے رہی ہے۔

  • نادرہ دفتر میں شہریوں کا شدید مشکلات کا سامنا،نوٹس کی اپیل

    نادرہ دفتر میں شہریوں کا شدید مشکلات کا سامنا،نوٹس کی اپیل

    قصور
    نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی ( نادرہ) کے دفتر میں شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، دفتر کے باہر موجود ب فارم بنانے والی موبائل گاڑی گزشتہ کئی دنوں سے غائب ہے جبکہ عملہ صرف اسی گاڑی کے ذریعے ب فارم جاری کرنے پر اصرار کر رہا ہے۔

    شہریوں کے مطابق دور دراز علاقوں سے آنے والے سائلین روزانہ کرایہ خرچ کرکے دفتر پہنچتے ہیں مگر ب فارم نہ ملنے مل لیںنے پر مایوس واپس لوٹنے پر مجبور ہیں۔ متاثرہ شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے اس دور میں بار بار دفتر کے چکر لگانا ان کے لیے اضافی مالی بوجھ بن چکا ہے۔

    سائلین نے الزام عائد کیا کہ جب انہوں نے اس حوالے سے دفتر کے عملے سے شکایت کی تو انہیں جواب دیا گیا کہ “چاہے 15 دن تک گاڑی نہ آئے، ب فارم اسی گاڑی سے بنے گا، دفتر کے اندر سے نہیں بنایا جائے گا
    نیز جو ب فارم بن چکے وہ بھی گاڑی سے ہی ملینگے دفتر سے نہیں

    مزید برآں ایک شہری نے بتایا کہ جب اس نے دفتر میں موجود اعلیٰ حکام سے ملاقات کی خواہش ظاہر کی تو عملے کی جانب سے اس کے ساتھ بدتمیزی اور زدوکوب کیا گیا۔

    شہریوں نے نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی کے ڈی جی اور ڈپٹی کمشنر قصور سے فوری نوٹس لینے، شہریوں کو درپیش مشکلات ختم کرنے اور ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے

  • سعودیہ،قطر،عرب امارات کی درخواست پر ایران پر کل کا حملہ مؤخر کر دیا،ٹرمپ

    سعودیہ،قطر،عرب امارات کی درخواست پر ایران پر کل کا حملہ مؤخر کر دیا،ٹرمپ

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ ایرانپر کل کے لیے طے شدہ امریکی فوجی حملہ مؤخر کر دیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ سعودی عرب، قطر اور متحدہ عرب امارات کی قیادت کی جانب سے کی گئی درخواست کے بعد سامنے آیا۔

    صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر جاری بیان میں کہا کہ قطر کے امیر تمیم بن حمد آل ثانی، سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان آل سعود اور متحدہ عرب امارات کے صدر محمد بن زاید آل نہیان نے ان سے ایران پر حملہ مؤخر کرنے کی درخواست کی تھی کیونکہ اس وقت اہم سفارتی مذاکرات جاری ہیں، ان رہنماؤں کا مؤقف ہے کہ ایک ایسا معاہدہ طے پا سکتا ہے جو نہ صرف امریکا بلکہ پورے مشرق وسطیٰ اور عالمی برادری کے لیے قابل قبول ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس معاہدے کا بنیادی مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ ایران کسی بھی قسم کے جوہری ہتھیار حاصل نہ کر سکے۔

    امریکی صدر نے بتایا کہ انہوں نے سیکریٹری دفاع ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل اور امریکی فوج کو ہدایت جاری کی ہے کہ کل ایران پر حملہ نہ کیا جائے۔ تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ اگر مذاکرات ناکام ہوئے تو امریکا کسی بھی وقت بڑے پیمانے پر فوجی کارروائی کے لیے تیار رہے گا۔

    دوسری جانب صدر ٹرمپ نے ایک انٹرویو میں واضح کیا کہ وہ ایران کو کسی قسم کی رعایت دینے کے لیے تیار نہیں۔ امریکی اخبارنیو یارک پوسٹ کو دیے گئے ٹیلیفونک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ایران جانتا ہے کہ “بہت جلد کیا ہونے والا ہے”۔جب ان سے پوچھا گیا کہ آیا وہ ایران کے یورینیم افزودگی پروگرام پر 20 سالہ پابندی کے بدلے کسی سمجھوتے پر آمادہ ہیں تو ٹرمپ نے جواب دیا کہ وہ “اس وقت کسی چیز کے لیے تیار نہیں”۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران اب پہلے سے زیادہ معاہدہ کرنا چاہتا ہے کیونکہ اسے امریکی ردعمل کی شدت کا اندازہ ہے۔

    امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق چین کے حالیہ دورے سے واپسی کے بعد ٹرمپ نے ریاست ورجینیامیں اپنے گالف کلب پر قومی سلامتی ٹیم کے ساتھ اہم مشاورت کی، جہاں ایران کے خلاف آئندہ ممکنہ اقدامات پر غور کیا گیا۔

  • ایران کی نظریں اب زیرِ سمندر انٹرنیٹ کیبلز پر، عالمی ٹیک کمپنیوں کیلئے نئی وارننگ

    ایران کی نظریں اب زیرِ سمندر انٹرنیٹ کیبلز پر، عالمی ٹیک کمپنیوں کیلئے نئی وارننگ

    ‎ایران نے آبنائے ہرمز میں اپنی اسٹریٹجک برتری کو مزید وسعت دیتے ہوئے اب زیرِ سمندر انٹرنیٹ کیبلز پر نظر جما لی ہے، جو دنیا بھر میں انٹرنیٹ اور مالیاتی ڈیٹا کی ترسیل کیلئے نہایت اہم سمجھی جاتی ہیں۔
    ‎سی این این کی رپورٹ کے مطابق ایران چاہتا ہے کہ خلیج فارس اور آبنائے ہرمز کے نیچے بچھائی گئی انٹرنیٹ کیبلز استعمال کرنے والی بڑی عالمی ٹیکنالوجی کمپنیاں فیس ادا کریں۔
    ‎ایرانی حکام کے مطابق گوگل، مائیکروسافٹ، میٹا اور ایمیزون جیسی کمپنیوں کو ایرانی قوانین کے مطابق لائسنس فیس دینا ہوگی، جبکہ کیبلز کی مرمت اور دیکھ بھال کے حقوق صرف ایرانی کمپنیوں کو دیے جائیں گے۔
    ‎تہران میں قانون سازوں نے گزشتہ ہفتے ایسے منصوبے پر غور کیا جس کے تحت یورپ، ایشیا اور عرب ممالک کو ملانے والی زیرِ سمندر کیبلز کو حکومتی نگرانی میں لایا جا سکے۔
    ‎ایرانی فوج کے ترجمان ابراہیم ذوالفقاری نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ “ہم انٹرنیٹ کیبلز پر فیس عائد کریں گے۔”
    ‎رپورٹ کے مطابق ایران سے وابستہ میڈیا اداروں نے بالواسطہ خبردار بھی کیا ہے کہ اگر کمپنیاں ادائیگی نہ کریں تو ڈیٹا ٹریفک متاثر ہو سکتی ہے، جس سے عالمی انٹرنیٹ رابطوں اور مالیاتی نظام پر اثر پڑنے کا خدشہ ہے۔
    ‎ماہرین کے مطابق آبنائے ہرمز صرف تیل کی ترسیل کا راستہ نہیں بلکہ عالمی ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی اہم ترین شہ رگ بھی بنتی جا رہی ہے۔
    ‎تاہم یہ ابھی واضح نہیں کہ ایران ان عالمی کمپنیوں کو ادائیگی پر کیسے مجبور کرے گا، کیونکہ امریکی پابندیوں کے باعث بیشتر امریکی کمپنیاں ایران کے ساتھ مالی لین دین نہیں کر سکتیں۔
    ‎سیاسی اور تزویراتی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ایران اپنی جغرافیائی حیثیت کو معاشی اور سفارتی دباؤ کے نئے ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کی کوشش کر رہا ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب خطے میں امریکا، اسرائیل اور ایران کے درمیان کشیدگی دوبارہ بڑھنے کے خدشات موجود ہیں۔

  • ترکیہ کے شہر مرسین میں فائرنگ، 4 افراد ہلاک

    ترکیہ کے شہر مرسین میں فائرنگ، 4 افراد ہلاک

    ترکیہ کے شہر مرسین میں فائرنگ کے افسوسناک واقعے میں 4 افراد جاں بحق جبکہ 8 افراد زخمی ہو گئے۔
    ‎ترک میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک مسلح شخص نے شہر کے مختلف مقامات پر اندھا دھند فائرنگ کی جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
    ‎پولیس حکام کے مطابق حملہ آور نے پہلے ایک ریسٹورنٹ پر فائرنگ کی جہاں ریسٹورنٹ کا مالک اور ایک ملازم موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔
    ‎رپورٹ کے مطابق ملزم فرار ہوتے ہوئے راستے میں ایک چرواہے اور ایک ٹرک ڈرائیور کو بھی گولی مار کر قتل کر دیا۔
    ‎فائرنگ کے مختلف واقعات میں 8 افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
    ‎ترک پولیس نے ملزم کی گرفتاری کیلئے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے جبکہ ہیلی کاپٹر کی مدد سے مختلف علاقوں کی نگرانی بھی کی جا رہی ہے۔
    ‎حکام کے مطابق شہر کے متعدد داخلی و خارجی راستوں پر ناکہ بندی کر دی گئی ہے اور حملہ آور کی تلاش جاری ہے۔
    ‎تاحال فائرنگ کے محرکات سامنے نہیں آ سکے جبکہ سکیورٹی ادارے واقعے کی مکمل تحقیقات کر رہے ہیں۔

  • پنجاب کے 2 ہزار دیہات کو جدید سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں، مریم نواز

    پنجاب کے 2 ہزار دیہات کو جدید سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں، مریم نواز

    ‎وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب میں ماڈل ولیج پروگرام کے تحت دو ہزار دیہات کو جدید سہولتوں سے آراستہ کیا جا رہا ہے جبکہ رابطوں میں بہتری کیلئے شاہراہوں اور بنیادی ڈھانچے کو بھی ترقی دی جا رہی ہے۔
    ‎آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں ورلڈ اربن فورم سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت شہری اور دیہی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے تاکہ عوام کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
    ‎انہوں نے کہا کہ “ستھرا پنجاب” میگا پروجیکٹ کے تحت صفائی کا جامع نظام تشکیل دیا گیا ہے جبکہ لاہور کو شنگھائی تعاون تنظیم کی جانب سے اہم ثقافتی شہر قرار دیا جانا خوش آئند پیش رفت ہے۔
    ‎وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ حکومت سیاحت کے فروغ پر بھی بھرپور توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے تاکہ تاریخی اور ثقافتی مقامات کو عالمی سطح پر متعارف کرایا جا سکے۔
    ‎مریم نواز نے آذربائیجان کی قیادت کی مہمان نوازی کو سراہتے ہوئے کہا کہ صدر الہام علیئیف کی قیادت میں آذربائیجان کی ترقی قابلِ تحسین ہے اور وہ پاکستان کے عوام کی جانب سے محبت اور خیرسگالی کا پیغام لے کر آئی ہیں۔
    ‎انہوں نے کہا کہ ورلڈ اربن فورم میں شرکت ان کیلئے خوشی کا باعث ہے جہاں دنیا بھر کے رہنما پائیدار اور جدید شہری ترقی پر تبادلہ خیال کر رہے ہیں۔
    ‎فورم کی سائیڈ لائنز پر وزیراعلیٰ پنجاب کی بلغاریہ، کرغزستان، ازبکستان اور جارجیا کے رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں ہوئیں جن میں عوام دوست اور پائیدار ترقی کے مشترکہ عزم کا اظہار کیا گیا۔

  • بھارت میں 86 لاکھ مالیت کی ‘وہیل کی قے’ برآمد، 2 افراد گرفتار

    بھارت میں 86 لاکھ مالیت کی ‘وہیل کی قے’ برآمد، 2 افراد گرفتار

    ‎بھارتی ریاست گجرات کے علاقے گودھرا میں پولیس نے دو افراد کو گرفتار کر لیا، جن کے قبضے سے مبینہ طور پر “وہیل کی قے” یعنی عنبر برآمد ہوا ہے۔
    ‎پولیس کے مطابق برآمد ہونے والے عنبر کا وزن تقریباً 860 گرام ہے جبکہ اس کی مالیت 86 لاکھ بھارتی روپے بتائی جا رہی ہے۔
    ‎میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں ملزمان کو احمد آباد گودھرا ہائی وے کے قریب گرفتار کیا گیا، جہاں ان کی گاڑی سے ٹھوس شکل میں موجود یہ نایاب مادہ برآمد ہوا۔
    ‎پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں عنبر کی قیمت انتہائی زیادہ ہوتی ہے اور بعض اوقات اس کی قیمت سو کروڑ روپے فی کلوگرام تک پہنچ جاتی ہے۔
    ‎برآمد شدہ مادے کو مزید تصدیق کیلئے فارنزک معائنے کیلئے بھیج دیا گیا ہے۔
    ‎عنبر، جسے انگریزی میں “Ambergris” کہا جاتا ہے، سپرم وہیل کے نظامِ ہاضمہ سے پیدا ہونے والا ایک نایاب مادہ ہے۔
    ‎ماہرین کے مطابق سپرم وہیل جب آکٹوپس یا دیگر سمندری جاندار کھاتی ہے تو ان کے نوکیلے حصوں سے معدے کو بچانے کیلئے جسم ایک خاص رطوبت پیدا کرتا ہے، جو بعد میں سخت مادے کی شکل اختیار کر لیتی ہے۔
    ‎یہ مادہ دنیا بھر میں مہنگے پرفیومز اور روایتی ادویات کی تیاری میں استعمال ہوتا ہے، خاص طور پر عرب ممالک میں اعلیٰ معیار کی خوشبوؤں جبکہ چین میں بعض روایتی ادویات میں اس کا استعمال کیا جاتا ہے۔

  • مغربی کنارے کے فلسطینیوں کیلئے سزائے موت کا قانون نافذ

    مغربی کنارے کے فلسطینیوں کیلئے سزائے موت کا قانون نافذ

    ‎اسرائیل نے مقبوضہ مغربی کنارے کے فلسطینیوں کے خلاف دہشت گردی کے مقدمات میں خصوصی سزائے موت کا قانون نافذ کر دیا ہے۔
    ‎اسرائیلی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج کی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ میجر جنرل ایوی بلوتھ نے قانون کے نفاذ کیلئے ضروری فوجی حکم نامے پر دستخط کر دیے ہیں۔
    ‎نئے قانون کے تحت وہ فلسطینی جو اسرائیلی شہریوں کے قتل کے مقدمات میں مجرم قرار پائیں گے، انہیں سزائے موت دی جائے گی اور عدالت کے پاس متبادل سزا دینے کے اختیارات انتہائی محدود ہوں گے۔
    ‎رپورٹ کے مطابق صرف غیر معمولی حالات میں عدالت عمر قید کی سزا سنانے کی مجاز ہوگی۔
    ‎یہ قانون مارچ کے آخر میں اسرائیلی پارلیمنٹ سے منظور کیا گیا تھا، جس کے بعد اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے فوجی قیادت سے اس کے عملی نفاذ کی درخواست کی تھی۔
    ‎قانون میں واضح طور پر درج ہے کہ یہ اسرائیلی شہریوں یا اسرائیل کے مستقل رہائشیوں پر لاگو نہیں ہوگا بلکہ صرف ان فلسطینیوں پر نافذ ہوگا جن کے مقدمات فوجی عدالتوں میں چلائے جاتے ہیں۔
    ‎رپورٹس کے مطابق اسرائیلی شہریوں کے مقدمات سویلین عدالتوں میں چلتے ہیں جبکہ فلسطینیوں کیلئے الگ فوجی عدالتی نظام استعمال کیا جاتا ہے۔
    ‎انسانی حقوق تنظیموں اور قانونی ماہرین نے اس قانون کو امتیازی قرار دیتے ہوئے شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
    ‎تجزیہ کاروں کے مطابق اس فیصلے کے بعد مقبوضہ علاقوں میں کشیدگی میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔