Baaghi TV

Blog

  • برکس اجلاس:یو اے ای میرے ملک کے خلاف جارحیت میں براہِ راست ملوث تھا ،عباس عراقچی

    برکس اجلاس:یو اے ای میرے ملک کے خلاف جارحیت میں براہِ راست ملوث تھا ،عباس عراقچی

    ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے نئی دہلی میں جاری ’برکس‘ وزرائے خارجہ اجلاس کے دوران متحدہ عرب امارات پر سخت تنقید کرتے ہوئے ایران کے خلاف فوجی کارروائیوں میں براہِ راست ملوث ہونے کا الزام عائد کیا ہے-

    ایرانی خبر رساں ادارے ’مہر نیوز‘ کے مطابق ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے جمعرات کو اجلاس کے پہلے روز متحدہ عرب امارات کے نمائندے کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یو اے ای ایران کے خلاف ہونے والی جارحیت میں براہِ راست شریک رہا ہے میں نے اپنے بیان میں متحدہ عرب امارا ت کا نام نہیں لیا، لیکن حقیقت یہ ہے کہ یو اے ای میرے ملک کے خلاف جارحیت میں براہِ راست ملوث تھا جب امریکا اور اسرائیل نے ایران پر حملہ کیا تو یو اے ای نے مذمت تک نہیں کی۔

    ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے اجلاس کے دوران اماراتی ہم منصب کو متحدہ عرب امارات کے اسرائیل کے ساتھ تعلقات پر نظرِ ثانی کا بھی مشورہ دیا، انہوں نے اماراتی ہم منصب کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کے ساتھ آپ کا اتحاد بھی آپ کو تحفظ فراہم نہیں کر سکا، بہتر یہی ہے کہ آپ ایران کے حوالے سے اپنی پالیسی پر نظرِ ثانی کریں، ہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات خطے میں مزید عدم استحکام اور کشیدگی میں اضافہ کر سکتے ہیں۔

    تاحال متحدہ عرب امارات کی جانب سے ان الزامات یا ایرانی وزیرِ خارجہ کے بیانات پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔

    بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں برکس ممالک کے وزرائے خارجہ کا دو روزہ اجلاس کا آج پہلا روز ہے جس میں برازیل، روس، بھارت، چین اور جنوبی افریقہ سمیت تنظیم کے نئے رکن ممالک کے سفارتکار شریک ہیں یہ اجلاس ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب ایران میں جاری جنگ نے عالمی توانا ئی سپلائی چین کو متاثر کیا ہے، جس کے نتیجے میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ اور عالمی معیشت میں غیر یقینی صورت حال پیدا ہو گئی ہے۔

    عرب نیوز کے مطابق اجلاس کے دوران ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے برکس ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف جارحیت کی مذمت کریں۔

    انہوں نے کہا کہ تنظیم کے رکن ممالک کو اس جنگ کو روکنے میں کردار ادا کرنا چاہیے اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزیوں کا خاتمہ یقینی بنانا چاہیے۔ عباس عراقچی نے کہا کہ ایران رکن ممالک کی حمایت کو سراہتا ہے، تاہم مزید مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے اور ساتھ ہی عالمی اداروں کو سیاست زدہ ہونے سے روکنا بھی ضروری ہے یہ ضروری ہے کہ ہم سب امریکا کی بالادستی اور استثنیٰ کے تصور کے خاتمے کے لیے اپنی کوششیں تیز کریں، جو آج کی دنیا میں کوئی جگہ نہیں رکھتا۔

  • آذربائیجان کے وزیرِ انصاف کی سپریم کورٹ میں چیف جسٹس آف پاکستان سے ملاقات

    آذربائیجان کے وزیرِ انصاف کی سپریم کورٹ میں چیف جسٹس آف پاکستان سے ملاقات

    جمہوریہ آذربائیجان کے وزیرِ انصاف فرید احمدوف کی قیادت میں اعلیٰ سطحی وفد نے چیف جسٹس آف پاکستان سے سپریم کورٹ میں ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان عدالتی تعاون، قانون کی حکمرانی اور انصاف کے نظام میں اصلاحات کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

    اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں آذربائیجان کے وزیرِ انصاف فرید احمدوف کے ہمراہ وزارتِ انصاف کے بین الاقوامی تعاون کے ڈائریکٹر جنرل عاد ل ابیلوف اور اسلام آباد میں آذربائیجان کے سفارت خانے کے فرسٹ سیکریٹری سمیر احمد علی بھی موجود تھے وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ بھی ملاقات کے دوران وفد کے ہمراہ شریک ہوئے۔

    ملاقات میں چیف جسٹس آف پاکستان نے پاکستان کے عدالتی نظام میں جاری اصلاحاتی اقدامات پر روشنی ڈالی، جن میں عدالتی نظام میں ٹیکنالوجی کا استعمال، عدالتوں کی استعداد کار میں اضافہ اور خدمات کی فراہمی میں بہتری شامل ہیں، دونوں فریقین نے عدالتی تربیت، متبادل تنازعہ حل (اے ڈی آر)، عدالتی انتظامیہ اور بہترین بین الاقوامی طریقہ کار کے تبادلے پر تفصیلی گفتگو کی۔

    آذربائیجان کے وزیرِ انصاف نے قانون کی حکمرانی کے فروغ میں پاکستان کی عدلیہ کے کردار کو سراہتے ہوئے عدالتی تربیت، قانونی تحقیق اور ادارہ جاتی ترقی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا،ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے، تبادلہ پروگرامز کے فروغ اور ادارہ جاتی شراکت داری کو وسعت دینے پر بھی اتفاق کیا گیا، آخر میں یادگاری تحائف کا تبادلہ کیا گیا۔

  • شاہد آفریدی پر بچوں کی تربیت سے متعلق بیان پر شدید تنقید

    شاہد آفریدی پر بچوں کی تربیت سے متعلق بیان پر شدید تنقید

    پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی اپنے بیان کی وجہ سے شدید تنقید کی زد میں آ گئے-

    حال ہی میں اسلام آباد کے ایک نجی اسکول کی تقریب میں بچوں کی پرورش اور موبائل فون کے استعمال سے متعلق ان کے ایک بیان نے نئی بحث چھیڑ دی ہے جس پر سوشل میڈیا صارفین نے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا-

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے والدین اور اساتذہ پر زور دیا کہ وہ بچوں کی دنیاوی تعلیم کے ساتھ ساتھ ان کی اخلاقی تربیت پر زیادہ توجہ دیں تعلیم چاہے دینی ہو یا دنیاوی وہ بہت اہم ہے لیکن والدین کی اصل ذمہ داری تربیت ہے اخلاقی اور مذہبی تربیت کے بغیر تعلیم کا کوئی فائدہ نہیں ہوتا۔ انہوں نے اسکول انتظامیہ سے بھی کہا کہ وہ بچوں کے بہتر اخلاق پر توجہ دیں۔

    موبائل فون کے استعمال پر بات کرتے ہوئے شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ آج کل جب بچے روتے ہیں تو والدین ان کے ہاتھ میں موبائل فون تھما دیتے ہیں حالانکہ بچوں کو موبائل فون سے دور رکھنا چاہیے کیونکہ یہ ایک بیماری ہے انہوں نے اپنی نجی زندگی کی مثال دیتے ہوئے انکشاف کیا کہ میں نے اپنی بیٹیوں کو شادی سے پہلے موبائل فون نہیں دیا تھا بچوں کی پرورش صرف ماں کی ذمہ داری نہیں ہے بلکہ والدین دونوں کو مل کر یہ فرض نبھانا چاہیے اور اپنے بچوں کو وقت دینا چاہیے۔

    شاہد آفریدی کا یہ بیان سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پر تبصروں کا سلسلہ شروع ہو گیا اور لوگوں نے ان کی سوچ کو قدامت پسند قرار دیا صارفین کا کہنا تھا کہ موجودہ دور میں ٹیکنالوجی سے مکمل دوری ممکن نہیں بلکہ والدین کو چاہیے کہ وہ بچوں کو اس کا درست اور ذمہ دارانہ استعمال سکھائیں۔

  • ناز شاہ برطانوی پارلیمان میں  کنگ کے  خطاب پر  تجویزپیش کرنیوالی پہلی مسلم خاتون بن گئیں

    ناز شاہ برطانوی پارلیمان میں کنگ کے خطاب پر تجویزپیش کرنیوالی پہلی مسلم خاتون بن گئیں

    برطانوی پارلیمانی تاریخ میں 13 مئی 2026 کو ایک اہم تاریخی سنگ میل عبور کیا گیا، جب بریڈ فورڈ ویسٹ سے لیبر پارٹی کی رکن پارلیمنٹ ناز شاہ ایوانِ عوام (House of Commons) میں بادشاہ (کنگ چارلس سوئم) کے خطاب پر ’وفادار خطاب‘ (Loyal Address) کی تجویز پیش کرنے والی پہلی مسلم خاتون بن گئیں۔

    ناز شاہ نے برطانوی پارلیمان میں "Humble Address” یا "Loyal Address” پیش کیا، جو بادشاہ کے خطاب (King’s Speech) کے جواب میں پارلیمنٹ کے ایوانِ زیریں (House of Commons) میں ہونے والی بحث کا آغاز کرتا ہے۔

    ناز شاہ پارلیمانی تاریخ میں اس اعلیٰ ترین روایت کو نبھانے والی پہلی مسلمان ہیں ناز شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ "یہ میری زندگی کا اعزاز ہے کہ میں وفادار خطاب پیش کر رہی ہوں یہ لمحہ بریڈ فورڈ ویسٹ کے لوگوں کا ہے میں ایوان میں یہ تجویز پیش کرنے والی پہلی مسلمان ہوں-

    یہ تقریب برطانیہ میں پارلیمانی سیشن کے آغاز پر ہوتی ہے جہاں بادشاہ حکومت کے ایجنڈے کا خاکہ پیش کرتے ہیں، ناز شاہ نے برطانوی پارلیمنٹ کی روایت کے مطابق اس خطاب میں مزاح اور سنجیدگی کا امتزاج پیش کیا۔

    واضح رہے کہ ناز شاہ نے اس تاریخی موقع پر بادشاہ چارلس کو مخاطب کرتے ہوئے ان کے امریکہ کے حالیہ ریاستی دورے اور ان کی بلاغت کی تعریف بھی کی جبکہ یہ واقعہ برطانوی سیاست میں تنوع (Diversity) اور مسلم نمائندگی کے حوالے سے ایک انتہائی اہم سنگِ میل سمجھا جا رہا ہے۔

  • شاہراہ بھٹو کو رواں ماہ مکمل طورپرکھولنے جارہے ہیں،شرجیل میمن

    شاہراہ بھٹو کو رواں ماہ مکمل طورپرکھولنے جارہے ہیں،شرجیل میمن

    وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت رواں ماہ ہی شاہراہ بھٹو کو مکمل طور پر کھولنے جارہی ہے۔

    کراچی میں پریس کانفرنس کرتےہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ کے سینیئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ کراچی کے لیے شاہراہِ بھٹو اور ڈی سیلینیشن پلانٹ جیسے منصوبے شہری سہولیات میں انقلاب برپا کریں گے انہوں نے دورۂ چین اور کراچی میں ڈی سیلینیشن پلانٹ کے منصوبے کو شہر کے لیے بڑی پیشرفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات کراچی کے دیرینہ مسائل کے حل میں اہم کردار ادا کریں گے۔

    شرجیل میمن نے کہاکہ شاہراہ بھٹو موٹر وے ایم نائن کو ڈائریکٹ کنکٹ کرےگی، شاہراہ بھٹو کو رواں ماہ مکمل طورپرکھولنے جارہے ہیں جس کے بعد ٹر یفک مسائل حل ہوں گے، عوام کو سہولت ہوگی کراچی پورٹ سے ایک روڈ بنایا جارہا ہے جو قیوم آباد تک آئے گا، کراچی میں اس وقت برجز، انڈر پاسز اور روڈ انفراسٹرکچر پر بھی کام جاری ہےجبکہ کے ایم سی اور دیگر ادارےبھی اس عمل میں شریک ہیں حکومت کی اولین ترجیح شہری سہولتوں کی فراہمی ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبے میں مختلف تکنیکی اور انتظامی چیلنجز درپیش رہے، جن میں یوٹیلٹی ٹرانسفر اور دیگر مسائل شامل ہیں حکومت نے کوشش کی کہ عوامی پیسے کو بچاتے ہوئے منصوبے کو آگے بڑھایا جائے، تاہم بعض مشکلات کے باعث معاہدہ ختم کرنا پڑا اور اب اس پر دوبارہ کام جاری ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ریڈ لائن بی آر ٹی کی وجہ سے ہمیں بد نامی سہنا پڑی ہے، کنٹریکٹر کام مکمل نہیں کر پارہے تھے اس لیے ریڈ لائِن منصوبہ کسی اور کو دیا، اس منصوبے کی تاخیر پر عوام کو زحمت ہوئی اس کے لیے معذرت خواہ ہیں چینی کمپنیاں کراچی میں ڈی سیلینیشن پلانٹ لگانے جارہی ہیں، ڈی سیلینیشن پلا نٹ سے کراچی میں پانی کی کمی کا مسئلہ حل ہوجائے گا، ڈی سیلینیشن پلانٹ مہنگا ہوگا مگر اسے لارہے ہیں۔

    وزیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ ایک منشیات فروش خاتون کو گرفتار کیا گیا ہے، اس پر اداروں کی حوصلہ افزائی کرنی چاہئے، ہم نے بھی اس خاتون کو گرفتار کرنے کی کوشش کی مگر ہمیں کامیابی نہ مل سکی سندھ کی تمام سڑکیں اور ہائی ویز اس وقت محفوظ ہیں، ہمیں پولیس کی حوصلہ افزائَی کرنی چاہئے۔

    انہوں نے کہا کہ صدر زرداری کے دورہ چین میں پینے کے صاف پانی، زراعت اور لائیو اسٹاک سے متعلق منصوبوں پر ایم او یو سائن کیے، سی پیک کے بانی کوئی اور نہیں بلکہ آصف زرداری ہیں، میرے علم میں آج تک 28 ویں ترمیم کی کوئی بات نہیں، میری اطلاعات کے مطابق وفاقی حکومت کی جا نب سے کسی ترمیم کی بات نہیں کی گئی۔

  • ایران اور امریکا کے درمیان  ممکنہ مذاکرات کے تناظر میں پاکستان کا کردار مسلسل فعال ہے،دفتر خارجہ

    ایران اور امریکا کے درمیان ممکنہ مذاکرات کے تناظر میں پاکستان کا کردار مسلسل فعال ہے،دفتر خارجہ

    ترجمان دفتر خارجہ نے ہفتہ وار بریفنگ میں کہا کہ پاکستان کا مؤقف واضح ہے کہ خطے میں پائیدار امن صرف مکالمے اور سفارتکاری کے ذریعے ہی ممکن ہے۔

    دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں امن، مکالمے اور سفارتکاری کے فروغ کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے، خصوصاً ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی اور ممکنہ مذاکرات کے تناظر میں پاکستان کا کردار مسلسل فعال ہےپاکستان تمام ریاستوں کی خودمختاری اور برابری کے اصولوں کا احترام کرتے ہوئے علاقائی امن کے لیے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے گزشتہ ہفتے قطر اور آذربائیجان کے رہنماؤں سے ٹیلی فونک رابطے کیے، جن میں علاقائی صورتحال اور امن کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا وزیراعظم نے آذربائیجان کے صدر کو ورلڈ اربن فورم کے لیے نیک خواہشات بھی پیش کیں۔

    ترجمان کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے مشرق وسطیٰ کے خصوصی نمائندے سے ملاقات کی، جس میں خطے میں امن و استحکام اور پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہا گیا، پاکستان نے خطے میں ڈی اسکیلیشن اور مذاکرات کے فروغ کے لیے مختلف فریقین سے رابطے جاری رکھے ہوئے ہیں، جن میں خاص طور پر ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں کمی کے لیے سفارتی کردار بھی شامل ہے۔

    ترجمان نے کہا کہ 8 مئی کو نائب وزیراعظم نے سنگاپور کے وزیر خارجہ سے ٹیلی فونک گفتگو کی، جس میں پاکستانی اور ایرانی بحری عملے کی واپسی اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا 11 مئی کو سعودی وزیر خارجہ سے گفتگو میں بھی خطے کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور زیر بحث آئےسعودی عرب نے پاکستان کے تعمیری سفارتی کردار کو سراہا اور ایران و امریکا کے درمیان جاری سفارتی رابطوں کی حمایت کا اظہار کیا اسی طرح 12 مئی کو آسٹریا کے وزیر خارجہ سے ٹیلی فونک گفتگو میں بھی علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا، جس میں ایران اور امریکا کے درمیان ممکنہ مذاکرات اور پاکستان کی سہولت کاری کی کوششو ں کو سراہا گیا۔

    دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن، بحری سلامتی اور سفارتی روابط کے فروغ کے لیے تمام شراکت داروں کے ساتھ قریبی رابطے میں رہے گا۔

  • وزیراعظم کا  وفاقی کابینہ کے اجلاس میں شہدا کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت

    وزیراعظم کا وفاقی کابینہ کے اجلاس میں شہدا کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت

    وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں شہدا کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے-

    وفاقی کابینہ کے اجلاس میں گفتگو میں وزیراعظم شہباز شریف نے ایک شہید لیاقت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک نہایت دلیر شہری تھا، جس نے خطرہ محسوس کرتے ہی فوری طور پر اپنی جان قربان کر دی، ایسی قربانیاں صرف اپنے خاندان ہی نہیں بلکہ پوری قوم کے لیے دی جا رہی ہیں، میں سمجھتا ہوں کہ قوم کے حوالے سے دی جانے والی ایسی قربانیوں کی دنیا کی تاریخ میں دوسری مثال نہیں ملتی، قوم کے یہ بہادر سپوت اپنی جانو ں کا نذرانہ دے کر دھرتی کی آبیاری کر رہے ہیں۔

    وزیراعظم نے بتایا کہ چند روز قبل راولپنڈی میں بھی ایک اور شہید کی قربانی کا واقعہ سامنے آیا، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ وطن کے محافظ اور شہری ملک کی سلامتی کے لیے مسلسل اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں،اجلاس کے دوران وزیراعظم نے شرکاء سے تمام شہداء کے لیے دعا کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ آپ سے درخواست ہے کہ سب شہداء کے لیے ہاتھ اٹھائیں اور ان کے لیے دعا کریں۔

  • بیجنگ :فاکس نیوز کی ٹیم پر  جرمانہ

    بیجنگ :فاکس نیوز کی ٹیم پر جرمانہ

    چین کے دورے پر موجود امریکی نیوز چینل ’فاکس نیوز‘ کی ٹیم کو بیجنگ میں محض دو منٹ کے لیے غلط جگہ گاڑی کھڑی کرنے پر جرمانے کا ٹکٹ تھما دیا گیا۔

    فاکس نیوز کے میزبان بریٹ بائر نے بدھ کو بتایا کہ ان کے ڈرائیور نے صرف دو منٹ کے لیے غیر قانونی پارکنگ کی تھی جس پر اسے فوری طور پر موبائل فون پر ایک پیغام موصول ہوا کہ اسے کیمرے کی مدد سے دیکھ لیا گیا ہے اور اس پر چالیس امریکی ڈالر کا جرمانہ عائد کر دیا گیا ہے۔

    بریٹ بائر ان دنوں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورہ چین کی کوریج کے لیے بیجنگ میں موجود ہیں جہاں سے وہ اپنے پروگرام کی نشریات کر رہے ہیں بریٹ بائر نے چین میں شہریوں کی کڑی نگرانی اور ہر جگہ نصب کیمروں کے نظام پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بیجنگ میں ہر طرف کیمرے لگے ہوئے ہیں اور ایسا لگتا ہے جیسے کوئی آپ کو ہر لمحہ دیکھ رہا ہے۔

    انہوں نے ایک ریلوے اسٹیشن کے باہر کا منظر بیان کرتے ہوئے کہا کہ میں صرف اس ایک کونے پر کھڑے ہو کر کم از کم بیس کیمرے گن سکتا ہوں صر ف اس سال بیجنگ میں پندرہ سو نئے کیمروں کا اضافہ کیا گیا ہے جو ہر چیز پر نظر رکھتے ہیں یہی وجہ ہے کہ یہاں کوئی بھی شخص سڑک پار کرنے کے لیے ٹر یفک قوانین کی خلاف ورزی نہیں کرتا کیونکہ انہیں معلوم ہے کہ ایسا کرنے پر فوراً جرمانہ ہو جائے گا۔

    بریٹ بائر نے چین کی نگرانی کے ان اقدامات پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ چینی حکومت کا کہنا ہے یہ سب کچھ لوگوں کی حفاظت کے لیے ہے لیکن شہریوں کی اس طرح نگرانی اور ان کی درجہ بندی کرنے کے حوالے سے کئی اہم سوالات جنم لے رہے ہیں یہ کیمرے ہر جگہ موجود ہیں اور ہر منٹ آپ کی نگرانی کر رہے ہیں۔

    ماہرین کے مطابق پورے چین میں اس وقت تقریباً ساٹھ کروڑ کیمرے نصب ہیں جو مصنوعی ذہانت اور چہروں کی شناخت جیسی جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہیں،یہ نظام نہ صرف لوگوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھتا ہے بلکہ بعض علاقوں میں ڈرونز اور جدید کیمروں کے ذریعے خودکار طریقے سے قانون نافذ کرنے کی منصوبہ بندی بھی کی جا رہی ہے۔

  • متعدد تھانوں کی پولیس کو لاکھوں روپے ماہانہ ادا کرتی تھی،منشیات فروش پنکی کا انکشاف

    متعدد تھانوں کی پولیس کو لاکھوں روپے ماہانہ ادا کرتی تھی،منشیات فروش پنکی کا انکشاف

    منشیات فروشی کے الزام میں گرفتار انمول عرف پنکی نے تفتیش کے دوران بتایا ہے کہ ایک افسر نے میرے بھائی کو متعدد بار پکڑا اور رشوت لے کر چھوڑ دیا۔

    ابتدائی تفتیش کے مطابق پنکی نے کراچی میں ماہانہ 2 کروڑ روپے سے زائد کی منشیات فروخت کرنے کا انکشاف کیا ہےتفتیش میں پنکی کے زیرِ استعمال 2 موبائل سمز افضل اور صابرہ بی بی کے ناموں پر رجسٹرڈ نکلیں، متعدد تھانوں کی پولیس کو لاکھوں روپے ماہانہ ادا کرتی تھی، پولیس اہلکار نے میرے رائیڈرز کو حرا ست میں لے کر 1 کروڑ کی مجموعی رشوت لی۔

    ملزمہ انمول عرف پنکی کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکار نے اتنا تنگ کیا کہ اسے قتل کروانے کی منصوبہ بندی بھی کی، پولیس اہلکار کے قتل کے لیے کرائے کے قاتلوں کی مدد لینے کا بھی سوچا لاہور سے منشیات بھیجنے کے لیے انٹر سٹی بسوں کا استعمال کیا جاتا ہے، میرا شناختی کارڈ بلاک ہوا تو سمیر کے نام پر بینک اکاؤنٹ کھلوایا۔

    ابتدائی تفتیش کے مطابق پنکی نے بتایا کہ منشیات کی رقم موبائل ایپ سے بھیجی اور وصول کی جاتی ہے، رقم کی منتقلی کے لیے بینک اکاؤنٹ ذیشان کے نام سے بھی کھلوایا گیا، سابق شوہر کے 2 بھائی بطور ایڈووکیٹ کام کرتے ہیں، پولیس سے بچنے کے لیے سابق شوہر منشیات وکلا بھائیوں کے چیمبرز میں رکھتا ہے۔

  • انمول عرف پنکی گینگ کا مرکزی ممبر گرفتار

    انمول عرف پنکی گینگ کا مرکزی ممبر گرفتار

    کراچی :پولیس نے گلستان جوہر میں کارروائی کے دوران انمول عرف پنکی گینگ کے ایک مرکزی کارندے ذیشان کو گرفتار کر لیا ہے۔

    تفتیشی حکام کے مطابق گرفتار ملزم ذیشان اس پورے نیٹ ورک کے اکاؤنٹس اور مالی معاملات سنبھالنے کا ذمہ دار تھا اور اس سے ہونے والی ابتدائی تحقیقات میں کئی چونکا دینے والے انکشافات سامنے آئے ہیں منشیات کی خرید و فروخت کے لیے ادائیگیوں کا ایک پیچیدہ نظام بنایا گیا تھا جس میں آن لائن ایپس اور موبائل بیلنس کی آڑ میں رقم منتقل کی جاتی تھی جبکہ ایک نجی کمیونیکیشن فرنچائز کو بھی لین دین کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔

    پنکی کے خلاف تحقیقات کا دائرہ اب لاہور تک پھیل چکا ہے جہاں وزیر اعلیٰ پنجاب نے اس نیٹ ورک کے حوالے سے خفیہ اداروں سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہےسی سی ڈی لاہور نے بھی باقاعدہ تفتیش کا آغاز کر دیا ہے اور امکان ہے کہ پنکی کو قانونی کارروائی کے لیے لاہور منتقل کیا جائے گا۔

    دوسری جانب ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی کی عدالت میں پولیس نے ایک نئی رپورٹ جمع کرائی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ یہ گروہ پوش علاقوں اور نجی تعلیمی اداروں میں کم عمر بچوں کو نشانہ بناتا ہے اسکولوں اور کالجوں میں منشیات کا جال پھیلانے کے لیے زیادہ خریداری کرنے والوں کو رعایتی پیکج بھی دیے جاتے تھے عدالت نے اس رپورٹ کو ریکارڈ کا حصہ بنا لیا ہے جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ تعلیمی اداروں میں اس نیٹ ورک کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے مزید تفتیش انتہائی ضروری ہے۔

    ادھر کراچی میں تفتیشی حکام کو ملزمہ کے بھائی شوکت کی تلاش ہے جس کا مجرمانہ ریکارڈ حاصل کر لیا گیا ہے اور اس کے خلاف پہلے ہی منشیات فروشی کا مقدمہ درج ہے ملزمہ پنکی کے مبینہ شوہر سابق پولیس افسر رانا اکرام کو بھی اس کیس میں شامل تفتیش کرنے کے لیے طلب کر لیا گیا ہے دوران تفتیش منشیات کی فراہمی کے انتہائی انوکھے طریقے کا بھی پتہ چلا ہے جس کے مطابق یہ 6 رکنی گروہ جس میں ایک خاتون اور پانچ مرد شامل ہیں، گرفتاری سے بچنے کے لیے گاہک سے براہ راست نہیں ملتا تھا-

    پولیس حکام کے مطابق گروہ کا کارندہ کسی سنسان گلی یا مقام کا انتخاب کر کے وہاں پتھر کے نیچے منشیات چھپا دیتا تھا اور پھر خریدار کو اس مقام کی لوکیشن بھیج دی جاتی تھی،پنکی ایک گرام کوکین 15 سے 20 ہزار روپے میں فروخت کرتی تھی جبکہ پنکی منشیات کالین دین آئن لائن کرتی تھی،پولیس اب ملزم ذیشان کے بینک اکاؤنٹس اور آن لائن ڈیٹا کی مدد سے اس پورے گروہ کے دیگر سہولت کاروں تک پہنچنے کی کوشش کر رہی ہے۔

    واضح رہے کراچی میں گارڈن پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے منشیات فروش خاتون انمول عرف پنکی کو گرفتار کیا تھا جب کہ گزشتہ روز پنکی کے بھائی کے خلاف لاہور میں مقدمہ سامنے آیا ہے۔

    لاہور پولیس کا دعویٰ ہے کہ 2022 میں شاداب کالونی میں لگژری گاڑی سے پنکی کا بھائی ملزم ریاض بلوچ منشیات دینے اترا تو پولیس نے قابو کرلیا، اس کے ساتھ موجود اس کی بہن انمول عرف پنکی گاڑی دوڑا کر نکل گئی، پنکی کے بھائی ریاض بلوچ پر لاہور میں 7 جنوری 2022 کو مقدمہ درج کیا گیا تھا۔