Baaghi TV

Blog

  • پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان منشیات اسمگلنگ اور منی لانڈرنگ کیخلاف تاریخی معاہدے پر دستخط

    پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان منشیات اسمگلنگ اور منی لانڈرنگ کیخلاف تاریخی معاہدے پر دستخط

    بنگلہ دیش اور پاکستان نے منشیات کی اسمگلنگ، نفسیاتی ادویات کے غلط استعمال اور اس سے جڑے مالی جرائم کی بیخ کنی کے لیے تعاون کے ایک تاریخی معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں –

    ڈھاکہ کے مقامی ہوٹل میں منعقدہ پروقار تقریب کے دوران بنگلہ دیش کے وزیرِ داخلہ صلاح الدین احمد اور پاکستان کے وفاقی وزیرِ داخلہ محسن رضا نقوی نے اس یادداشت پر دستخط کیے،معاہدے کے تحت دونوں ممالک نے انٹیلی جنس معلومات کے تبادلے، تکنیکی تعاون اور منشیات کی اسمگلنگ کے نیٹ ورکس سمیت منی لانڈرنگ کے خلاف مربوط آپریشنز کرنے کا عہد کیا ہے۔

    اس معاہدے کے ذریعے اسمگلروں، بین الاقوامی مجرمانہ تنظیموں، اسمگلنگ کے نئے راستوں اور منشیات چھپانے کے جدید طریقوں کے بارے میں باقا عدگی سے معلومات کا تبادلہ کیا جائے گا دونوں ممالک نے اس بات پر بھی اتفاق کیا ہے کہ علاقائی نیٹ ورکس کو مؤثر طریقے سے توڑنے کے لیے باہمی درخواست پر مشترکہ انٹیلی جنس آپریشنز اور ’کنٹرولڈ ڈیلیوری آپریشنز‘ کیے جائیں گے۔

    تعاون کے اس فریم ورک کے حصے کے طور پر پاکستان اور بنگلہ دیش انسدادِ منشیات اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے خصوصی تربیتی پروگرامز اور سائنسی تحقیق کا تبادلہ بھی کریں گے،اس کے علاوہ منشیات کی نشاندہی کے لیے جدید ٹیکنالوجی، سراغ رساں کتوں کے استعمال اور خفیہ خانوں کی شناخت جیسے آپریشنل تجربات سے بھی ایک دوسرے کو فائدہ پہنچایا جائے گا۔

    اس معاہدے پر عملدرآمد کے لیے پاکستان کی ’اینٹی نارکوٹکس فورس‘ اور بنگلہ دیش کے ’ڈیپارٹمنٹ آف نارکوٹکس کنٹرول‘ کو رابطہ کار مقرر کیا گیا ہےدونوں حکومتوں نے تبادلہ کی گئی معلومات کی مکمل رازداری برقرار رکھنے پر زور دیا ہے یہ معاہدہ ابتدائی طور پر 10 سال کے لیے نافذ العمل رہے گا، جس کی مدت میں باہمی رضامندی سے توسیع کی جا سکے گی۔

  • محسن نقوی کی ڈھاکا میں سابق وزیراعظم خالدہ ضیا کی قبر پر فاتحہ خوانی

    محسن نقوی کی ڈھاکا میں سابق وزیراعظم خالدہ ضیا کی قبر پر فاتحہ خوانی

    ڈھاکا میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سابق وزیراعظم بنگلہ دیش بیگم خالدہ ضیاء کی قبر پر حاضری دی۔

    وزیر داخلہ محسن نقوی نے مرحومہ کی قبر پر پھول رکھے اور ان کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی،انہوں نے مرحومہ کی روح کے ایصالِ ثواب کے لیے خصوصی دعا بھی کی،محسن نقوی نے اس موقع پر سابق وزیراعظم بیگم خالدہ ضیاء کی بنگلہ دیش اور اس کے عوام کے لیے خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔

    انہوں نے کہا کہ بیگم خالدہ ضیاء کی سیاسی اور عوامی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا،وزیر داخلہ کے بنگلہ دیش کے حالیہ دورے کو دو طرفہ احترام اور سیاسی تاریخ کی اہم شخصیت کو خراج تحسین کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

  • آزاد جموں و کشمیر انتخابات: نواز شریف کا امیدواروں کے لیے خود جا کر ووٹ مانگنے کا فیصلہ

    آزاد جموں و کشمیر انتخابات: نواز شریف کا امیدواروں کے لیے خود جا کر ووٹ مانگنے کا فیصلہ

    پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات میں امیدواروں کے لیے خود جا کر ووٹ مانگنے کا فیصلہ کیاہے-

    سابق وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت آزاد کشمیر میں انتخابات کے حوالے سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سمیت دیگر رہنماوں نے شرکت کی۔

    مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے الیکشن مہم کے دوران آزاد کشمیر جانے کا فیصلہ کیا ہے، نواز شریف کا جون کے وسط میں آزاد کشمیر جانے کا امکان ہے اور ان کے ساتھ مریم نواز بھی جاسکتی ہیں نواز شریف نے شہباز شریف کو بطور وزیراعظم اور مریم نواز کو بطور وزیراعلیٰ، قانون کے مطابق کشمیر میں الیکشن مہم میں شرکت کی ہدایت کی ہے، شہباز شریف اور مریم نواز کے آزاد کشمیر میں 2 سے 3 جلسے متوقع ہیں۔

    ذرائع نے بتایا کہ پارلیمانی بورڈ کے اجلاس میں نوازشریف نے آزادجموں وکشمیر کے45 انتخابی حلقوں سے 206سے زائد امیدواروں کے انٹرویوز کیے اور ہر امیدوار کو دو سے تین منٹ ہی گفتگو کے لیے دیے گئے جبکہ پارٹی صدر نواز شریف بورڈ ارکان کی مشاورت سے دو سے تین روز میں حتمی امیدواروں کا فیصلہ کریں گے،انٹرویوز میں کامیاب امیدواروں کو 30 روز میں پارٹی ٹکٹ جاری کیا جائے گا۔

    ذرائع نے بتایا کہ نوازشریف اور پارلیمانی بورڈ نے امیدواروں سے پارٹی سے وابستگی اور عوامی مقبولیت کے بارے میں سوالات کیے اور آزاد کشمیر الیکشن پر مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما امیر مقام کی سربراہی میں پارلیمانی کمیٹی قائم کردی گئی ہے آزاد کشمیر کے رہنماؤں نے نواز شریف کے سامنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 5 سال کے دوران نظریہ پاکستان اور نظریہ تحریک آزادی کو شدید نقصان پہنچا، ہماری تحریک آزادی کو 5 سال میں جتنا نقصان پہنچا اسے واپس لانے میں بہت عرصہ لگے گا۔

    امیدواروں نے نوازشریف سے گفتگو کے دوران بتایا کہ 5 سال میں آزاد کشمیر میں جو کھیل کھیلا وہ افسوسناک ہے، کشمیریوں نے آزادی کےلیے اپنی جان اور اپنے بچوں کو شہید کروا کر لاشیں اٹھائیں، مسلم لیگ (ن) ہی واحد جماعت ہے جوکشمیریوں کےحقیقی نظریہ اور شہدا کی وارث ہے،آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کا جیتنا ناگزیر ہے وگرنہ آزادی کی تحریک کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

    نوازشریف نے پارلیمانی بورڈ کے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ میں خود کشمیری ہوں اور کشمیریوں سے محبت میرے خون میں شامل ہے، آزاد کشمیر کے الیکشن میں خود آکر اپنے امیدواروں کےلیے ووٹ مانگوں گا وفاق اور پنجاب کی طرح آزاد کشمیر میں بھی مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہوگی۔

    پارلیمانی بورڈ کے ارکان میں خواجہ آصف، خواجہ سعد رفیق، پرویز رشید، رانا ثنا اللہ، امیر مقام، مریم اورنگزیب، انوشہ رحمان، محمد صفدر اور برجیس طاہر شامل ہیں اس کے علاوہ شاہ غلام قادر، راجہ محمد فاروق حیدر، مشتاق منہاس، چوہدری محمد سعید اور چوہدری طارق فاروق بھی بورڈ کے ارکان میں شامل ہیں اجلاس میں نجیب نقی خان، افتخار گیلانی اور چوہدری عبدالرحمان بھی شریک ہوئے۔

  • افغان طالبان کا  مولانا فضل الرحمان سے  شیخ ادریس کی شہادت پر افسوس کا اظہار

    افغان طالبان کا مولانا فضل الرحمان سے شیخ ادریس کی شہادت پر افسوس کا اظہار

    امارت اسلامی افغانستان کے اعلیٰ سطح کے رہنماؤں نے مولانا فضل الرحمان سے رابطہ کیا، اور شیخ ادریس کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا،ان رہنماؤں میں وزیر دفاع ملا یعقوب، وزیر داخلہ مولانا سراج الدین حقانی، وزیر خارجہ ملا امیر خان متقی، ترجمان ذبیح اللہ مجاہد شامل تھے۔

    جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے میڈیا سیل سے جاری بیان کے مطابق امارت اسلامی کی قیادت نے مولانا فضل الرحمان سے شیخ ادریس کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ شیخ ادریس شہید کی بلندی درجات کے لیے دعاگو ہیں اور ان کی شہادت کی شدید الفاط میں مذمت کرتے ہیں، امارت اسلامی افغانستان شیخ ادریس کی شہادت کے غم میں برابر کی شریک ہے اور پاکستانی عوام کی طرح افغانستان کے عوام بھی شیخ ادریس کی شہادت کے غم میں برابر کے شریک ہیں،جمعیت علما اسلام اور علما اور طلبا کے دکھ درد کو محسوس کرتے ہیں۔

    واضح رہے کہ چارسدہ کے معروف عالم دین اور سابق رکن صوبائی اسمبلی شیخ الحدیث مولانا محمد ادریس ترنگزئی کو 5 مئی کو فائرنگ کرکے قتل کیا گیا تھا اور تفتیشی حکام نے بتایا تھا کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق حملے کی منصوبہ بندی افغانستان میں ہوئی اور ایک حملہ آور کا تعلق افغانستان سے ہے۔

  • تہران کی جانب سے ابھی تک کوئی جواب موصول نہیں ہوا،مارکو روبیو

    تہران کی جانب سے ابھی تک کوئی جواب موصول نہیں ہوا،مارکو روبیو

    امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ امریکا کو آج ایران کی جانب سے جواب موصول ہونا چاہئیے، تہران کی جانب سے ابھی تک کوئی جواب موصول +نہیں ہوا۔

    امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نےروم میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن ایران کی جانب سے سنجیدہ تجاویز کا منتظر ہے اور امید کرتا ہے کہ ایران موجودہ صورتِ حال میں ذمہ داری کا مظاہرہ کرے گا،ایران کا داخلی نظام اس وقت شدید تقسیم اور غیر مؤثر صورتِ حال کا شکار ہے، جس کی وجہ سے فیصلہ سازی میں تاخیر ہو سکتی ہے،امید کی جا رہی ہے کہ ایران کی جانب سے ایسا مؤقف سامنے آئے جو سنجیدہ مذاکرات کے آغاز کا باعث بنے۔

    انہوں نے کہا کہ گزشتہ رات کی رپورٹس کے مطابق ایران آبنائے ہرمز میں ٹریفک کنٹرول کرنے کے لیے کوئی نیا ادارہ قائم کرنے یا اس کی کوشش کر رہا ہے، جو کہ ان کے بقول ناقابلِ قبول اور سنگین مسئلہ ہوگا، واشنگٹن چاہتا ہے کہ موجودہ صورتِ حال ایک ایسے سفارتی عمل میں تبدیل ہو جس کے ذریعے کشیدگی کم ہو اور بامعنی مذاکرات شروع کیے جا سکیں، عالمی برادری نہیں چاہتی کہ ایران کے پاس جوہری ہتھیار ہوں، جب کہ آبنائے ہرمز کی ممکنہ بندش عالمی تجارت اور انسانی جانوں کے لیے شدید خطرہ بن سکتی ہے۔

    روبیو نے کہا کہ ایران کے خلاف گزشتہ روز کی گئی امریکی فوجی کارروائی، پہلے سے جاری آپریشن ایپک فیوری سے الگ اور مختلف تھی امریکا کی تازہ کارر وائی مکمل طور پر دفاعی نوعیت کی تھی آپریشن ایپک فیوری ایک جارحانہ کارروائی تھی جس کا مقصد ایران کے میزائل لانچنگ نظام، بحریہ اور فضائیہ کو نشانہ بنانا تھا اور ان کے بقول یہ آپریشن پہلے ہی ختم ہو چکا ہے۔

    مارکو روبیو نےکہا کہ ایران کی یہ حرکت بحری قزاقی ہے اور تہران بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہےہرمز میں کشیدگی کے باعث کارگو کے ساتھ انسانی زندگیاں بھی ضائع ہو رہی ہیں کئی ممالک نے امریکا سے آبنائے ہرمز کو کھلوانے کی درخواست کی، اسی لیے صدر ڈونلڈ ٹرمپ ان ممالک کی مدد کے لیے کھڑے ہوئے۔

    امریکی وزیرِ خارجہ نے کہا کہ گزشتہ روز امریکی جنگی جہاز بین الاقوامی پانیوں سے گزر رہے تھے کہ اس دوران ایرانی جانب سے فائرنگ کی گئی، جس کے جواب میں امر یکا نے اپنے دفاع میں کارروائی کی،ہم نے صرف دفاع میں جواب دیا تاکہ اپنے آپ کو محفوظ رکھ سکیں صرف احمق ممالک ہی اس وقت جواب نہیں د یتے جب ان پر فائرنگ ہو رہی ہو اور ہم کوئی احمق ملک نہیں ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ امریکا کا مؤقف واضح ہے کہ اگر ایران نے امریکی شہریوں یا مفادات کو خطرے میں ڈالا تو اسے سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گاہم ان پر حملے نہیں کر رہے بلکہ حملوں کا جواب دے رہے ہیں، جو کچھ بھی ہو رہا ہے دفاع میں ہو رہا ہے صرف ہمارے پاس یہ اقدام کرنے کی قوت ہے اور امر یکا خطے میں استحکام برقرار رکھنے کے لیے کام کر رہا ہے۔

    امریکی وزیرِ خارجہ نے کہا کہ دو امریکی مرچنٹ جہاز آبنائے ہرمز سے گزرے ہیں اور اگر امریکی جہازوں پر فائرنگ کی گئی تو امریکا بھی بھرپور جواب دے گا امریکی فورسز پہلے ہی ایران کی 7 فاسٹ بوٹس تباہ کر چکی ہیں ایران میں مہنگائی 70 فی صد تک پہنچ چکی ہے جب کہ ایرانی کرنسی شدید بحران کا شکار ہے آبنائے ہرمز کی بندش سے ایران کو روزانہ 500 ملین ڈالرز کا نقصان ہو رہا ہے اور اس کی 90 فی صد ایکسپورٹ متاثر ہو چکی ہے صدرٹرمپ پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ امریکا کے پاس تمام آپشنز موجود ہیں، آبنائے ہرمز پر ایران کا کوئی حق نہیں۔

  • وفاقی دارالحکومت میں 6 مویشی منڈیاں قائم کرنے کا فیصلہ

    وفاقی دارالحکومت میں 6 مویشی منڈیاں قائم کرنے کا فیصلہ

    عید الاضحیٰ کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ اسلام آباد نے وفاقی دارالحکومت میں 6 مویشی منڈیاں قائم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

    ضلعی انتظامیہ کے مطابق مویشی منڈیاں ضیاء مسجد، آئی-12، بارہ کہو، لہتراڑ روڈ سلطانہ فاؤنڈیشن، سنگجانی اور جاپان روڈ پر قائم کی جائیں گی، جبکہ ان منڈیوں کا قیام 10 مئی سے عمل میں لایا جائے گا ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے متعلقہ اداروں کو پارکنگ، صفائی ستھرائی، سیکیورٹی اور دیگر انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے، ڈی سی اسلام آباد کے مطابق منڈیوں میں نوٹیفائیڈ ریٹ سے زائد فیس وصول کرنے کی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے گا۔

    ضلعی انتظامیہ نے ہدایت کی ہے کہ ہر مویشی منڈی میں ایک مجسٹریٹ ہمہ وقت ڈیوٹی پر موجود ہوگا تاکہ انتظامی امور کی نگرانی یقینی بنائی جاسکے ڈی سی اسلام آباد نے ٹریفک پولیس کے ساتھ خصوصی حکمت عملی تشکیل دینے کی بھی ہدایت کی ہے تاکہ منڈیوں سے متصل شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھی جاسکے،مقررہ مویشی منڈیوں کے علاوہ شہر کے کسی بھی مقام پر جانوروں کی خرید و فروخت کی سختی سے ممانعت ہوگی۔

  • مرتضیٰ وہاب الیکٹرک بائیک پر سندھ اسمبلی پہنچ گئے

    مرتضیٰ وہاب الیکٹرک بائیک پر سندھ اسمبلی پہنچ گئے

    میئر کراچی مرتضیٰ وہاب الیکٹرک بائیک پرسندھ اسمبلی پہنچ گئے-

    مرتضیٰ وہاب کے ایم سی ہیڈ آفس سے میٹنگ کے لیے سندھ اسمبلی الیکٹرک بائیک پر پہنچے جس کی ویڈیو بھی جاری کی گئی ہے،ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ گیٹ پر پہنچے تو ایک پولیس والے نے انہیں پہچانا نہیں اور مرکزی دروازہ بند کرنے کی کوشش کی جس پر میئر کے ساتھ آئے اہلکاروں نے پولیس والے سے دروازہ کھلوایا۔

    انہوں ںے کہا کہ کے ایم سی ملازمین کو 20 الیکٹرک بائیکس دی ہیں، ملازمین کو مزید الیکٹرک بائیکس دی جائیں گی، پہلی بار موٹر سائیکل چلائی ہے تاہم سائیکل چلاتا رہا ہوں میں موٹر سائیکل پر اسمبلی آیا اور واپس اپنی نجی گاڑی میں جا رہا ہوں،مجھ سے بائیک چلانے کے لائسنس کا سوال پوچھا گیا مجھے نہیں پتا موٹر سائیکل اور کار کے الگ الگ ڈرائیونگ لائسنس ہوتے ہیں۔

    دوسری جانب بغیر ہیلمٹ اور لائسنس کے بائیک چلانے پر صارفین مرتضیٰ وہاب پر برس پڑے،ایک صارف نے لکھا کہ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب صاحب نے بغیر ہیلمٹ اور لائسنس کے قانون ساز ادارے سندھ اسمبلی تک اسکوٹی چلا کر اچھا کیا یا عوام کو غلط پیغام دیا؟ایک صارف نے لکھا کہ مرتضی وہاب کے آس پاس موٹر سائیکل سواروں نے ہیلمٹ پہن رکھے ہیں لیکن وہ کھلم کھلا ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کر رہے ہیں،ایک صارف نے لکھا کہ قانون بنانے والے ہی جب قانون توڑنے لگیں تو ایسا لگتا ہے کہ اس ملک میں صرف غریب کو قانون کی لاٹھی سے ہانکتے ہیں ان کے لئے واقعی پیرس ہے۔

  • ایرانی بحریہ کا  خلیج عمان میں’اوشن کوئی‘ نامی آئل ٹینکر کو قبضے میں لینے کا دعویٰ

    ایرانی بحریہ کا خلیج عمان میں’اوشن کوئی‘ نامی آئل ٹینکر کو قبضے میں لینے کا دعویٰ

    ایران کی بحریہ نے خلیج عمان میں ایک کارروائی کے دوران ’اوشن کوئی‘ نامی آئل ٹینکر کو قبضے میں لے لیا-

    ایران کے نیم سرکاری خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق ایرانی بحریہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کی قرارداد اور عدالتی حکم کے تحت خلیج عمان میں خصوصی آپریشن کیا گیا۔

    بیان کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی بحریہ نے خلیج عمان میں خصوصی آپریشن کرتے ہوئے ’اوشن کوئے‘ نامی ٹینکر کو قبضے میں لیا، جو ایرانی تیل کی کھیپ لے جا رہا تھا مذکورہ ٹینکر خطے کی صورت حال سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ایران کی تیل برآمدات اور ایرانی قوم کے مفادات کو نقصان پہنچانے اور ان میں خلل ڈالنے کی کوشش کررہا تھا۔

    ایرانی بحریہ کے مطابق آپریشن میں بحری کمانڈوز اور میرین اہلکاروں نے حصہ لیا اور ٹینکر کو ایران کے جنوبی ساحلوں تک منتقل کرکے عدالتی حکام کے حوا لے کردیا، ایرانی بحریہ ملک کے علاقائی پانیوں میں ایران کے مفادات اور اثاثوں کے دفاع کے لیے بھرپور اقدامات جاری رکھے گی اور کسی بھی خلا ف ورزی یا جارحیت پر کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی-

  • ٹنڈو محمد خان،ماں نے دو بچوں سمیت نہر میں چھلانگ لگا دی

    ٹنڈو محمد خان،ماں نے دو بچوں سمیت نہر میں چھلانگ لگا دی

    ٹنڈو محمد خان میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں ایک خاتون نے اپنے دو کمسن بچوں کے ساتھ نہر میں چھلانگ لگا دی، جس کے نتیجے میں تینوں جاں بحق ہوگئے۔

    پولیس کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں اور غوطہ خور موقع پر پہنچ گئے۔ طویل تلاش کے بعد خاتون اور دونوں بچوں کی لاشیں نہر سے نکال لی گئیں۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق بچوں کی عمریں 6 اور 7 سال تھیں۔ لاشوں کو ضروری کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے جبکہ اہلِ خانہ سے بھی معلومات حاصل کی جارہی ہیں۔

  • پاکستان میں سونے کی قیمت میں کمی، چاندی مہنگی ہوگئی

    پاکستان میں سونے کی قیمت میں کمی، چاندی مہنگی ہوگئی

    ملک بھر میں سونے کی قیمت میں گزشتہ روز کے بڑے اضافے کے بعد آج کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ چاندی کی قیمت میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

    آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ سونے کی قیمت 2 ہزار 700 روپے کمی کے بعد 4 لاکھ 94 ہزار 62 روپے ہو گئی ہے۔اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت 2 ہزار 315 روپے کم ہو کر 4 لاکھ 23 ہزار 578 روپے کی سطح پر آ گئی ہے۔دوسری جانب چاندی کی قیمت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ چاندی 80 روپے مہنگی ہونے کے بعد 8 ہزار 525 روپے میں فروخت ہو رہی ہے۔

    عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کے نرخوں میں کمی دیکھی گئی، جہاں سونے کا بھاؤ 27 ڈالرز کمی کے بعد 4 ہزار 717 ڈالرز فی اونس پر آ گیا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان میں سونے کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا تھا۔ فی تولہ سونا 7 ہزار 800 روپے جبکہ 10 گرام سونا 6 ہزار 687 روپے مہنگا ہوا تھا، جس کے بعد آج مارکیٹ میں قیمتوں میں کچھ کمی سامنے آئی ہے،ماہرین کے مطابق عالمی مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ، ڈالر کی قدر اور سرمایہ کاروں کے رجحانات سونے کی قیمتوں پر براہِ راست اثر انداز ہوتے ہیں۔