Baaghi TV

Blog

  • عوام کا دیرینہ مطالبہ پورا،پاور سیکٹر ملازمین کے فری یونٹس ختم

    عوام کا دیرینہ مطالبہ پورا،پاور سیکٹر ملازمین کے فری یونٹس ختم

    اسلام آباد: ملکی تاریخ میں پہلی بار پاور سیکٹر کے ملازمین کو دی جانے والی مفت بجلی یونٹس کی سہولت ختم کر دی گئی،

    یہ اقدام برسوں سے زیرِ بحث تھا اور صارفین کی جانب سے مسلسل مطالبہ کیا جا رہا تھا کہ قومی وسائل کو منصفانہ انداز میں استعمال کیا جائے۔وفاقی وزیر برائے پاور ڈویژن سردار اویس لغاری نے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ فری یونٹس کا خاتمہ عوام کا سب سے پرانا مطالبہ تھا، جسے موجودہ حکومت نے عملی طور پر پورا کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ قومی وسائل کے تحفظ، شفافیت کے فروغ اور انصاف کے تقاضوں کو پورا کرنے کی جانب ایک بڑا قدم ہے۔

    اویس لغاری نے کہا کہ اللّٰہ تعالیٰ نے اس اہم اقدام کا اعزاز موجودہ حکومت کو عطا کیا ہے اور وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پہلی مرتبہ اس فیصلے کو عملی جامہ پہنایا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت ہر وہ اقدام کرے گی جو ملک و قوم کی بہتری، ادارہ جاتی اصلاحات اور عوامی ریلیف کے لیے ضروری ہو۔وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ یہ فیصلہ صرف ایک انتظامی تبدیلی نہیں بلکہ توانائی کے شعبے میں اصلاحات کے نئے دور کا آغاز ہے، جس سے قومی خزانے پر بوجھ کم ہوگا اور وسائل کو زیادہ مؤثر انداز میں استعمال کیا جا سکے گا۔

  • اسکوٹی سوار لڑکی سے ڈکیتی،وزیراعلیٰ مریم نواز کا نوٹس

    اسکوٹی سوار لڑکی سے ڈکیتی،وزیراعلیٰ مریم نواز کا نوٹس

    لاہور کے علاقے نواب ٹاؤن میں دن دہاڑے اسکوٹی سوار لڑکی سے ڈکیتی کے واقعے پر وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے فوری نوٹس لیتے ہوئے لاہور پولیس کو ملزم کی 8 گھنٹے میں گرفتاری کا حکم دے دیا ہے۔

    وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کسی بیٹی کے ساتھ ڈکیتی کا واقعہ پیش آنا انتہائی تکلیف دہ اور افسوس ناک ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بیٹیاں اور بہنیں حکومت کے لیے ریڈ لائن ہیں اور ان کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ خواتین کے تحفظ کا عہد ہر صورت نبھایا جائے گا اور ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی جو شہریوں خصوصاً خواتین کے امن و امان کو خطرے میں ڈالنے کی کوشش کرتے ہیں۔انہوں نے لاہور پولیس کو ہدایت جاری کی کہ نہ صرف ملزم کو فوری گرفتار کیا جائے بلکہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اور عملی اقدامات بھی کیے جائیں تاکہ شہری خود کو محفوظ محسوس کریں۔

    پولیس کے مطابق متاثرہ لڑکی کے والد کی مدعیت میں نامعلوم ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ واقعے کی تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کی گرفتاری کے لیے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں

  • دونمبری میں بھارت کا پہلا نمبر، ڈوپنگ قوانین کی خلاف ورزیوں میں اضافہ

    دونمبری میں بھارت کا پہلا نمبر، ڈوپنگ قوانین کی خلاف ورزیوں میں اضافہ

    بھارت میں ڈوپنگ قوانین کی خلاف ورزیوں میں اضافہ، واڈا رپورٹ میں سنگین انکشافات سامنے آئے ہیں

    رپورٹس کے مطابق دھوکہ دہی اور بے ایمانی سے متعلق معاملات میں بھارت نمایاں طور پر سرفہرست ہے، جبکہ ڈوپنگ قوانین کی بار بار خلاف ورزیوں کے باعث اسے مسلسل تیسرے سال اس فہرست میں پہلے نمبر پر رکھا گیا ہے۔ورلڈ اینٹی ڈوپنگ ایجنسی (واڈا) کی تازہ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ بھارت میں ممنوعہ ادویات کے استعمال سے متعلق مثبت ڈوپ کیسز کی شرح دنیا کے بڑے ممالک کے مقابلے میں سب سے زیادہ ہے، جسے ایک سنگین مسئلہ قرار دیا گیا ہے۔

    واڈا کے صدر ویٹولڈ بانکا کے مطابق بھارت میں کارکردگی بڑھانے والی ادویات اور اسٹیرائیڈز باآسانی دستیاب ہیں، جو کھیلوں کی سالمیت کے لیے ایک بڑا خطرہ ہیں۔ انہوں نے اس صورتحال کو نہ صرف کھیلوں کی ساکھ بلکہ بھارت کے عالمی کھیلوں کے عزائم کے لیے بھی “ریڈ فلیگ” قرار دیا۔ویٹولڈ بانکا نے کہا ہے کہ بھارت میں متعلقہ حکام اور اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ ملاقاتیں مثبت رہی ہیں، تاہم ڈوپنگ نیٹ ورکس کے خلاف سخت کریک ڈاؤن اور ٹیسٹنگ کے عمل میں مزید اضافہ ناگزیر ہے۔انہوں نے زور دیا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو ڈوپنگ کے خلاف مؤثر کارروائی کرنی چاہیے اور زیادہ سے زیادہ ٹیسٹنگ کو یقینی بنایا جائے تاکہ کھیلوں میں شفافیت اور انصاف برقرار رکھا جا سکے۔

  • وفاقی آئینی عدالت، بھارت، اسرائیل سے اشیاء کی درآمد پر عائد پابندی درست قرار

    وفاقی آئینی عدالت، بھارت، اسرائیل سے اشیاء کی درآمد پر عائد پابندی درست قرار

    وفاقی آئینی عدالت نے بھارت اور اسرائیل سے کتابوں سمیت دیگر اشیاء کی درآمد پر عائد پابندی درست قرار دیدی۔

    لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے حکومت کو دی گئی تمام ہدایات کالعدم قرار دیدی گئیں، ہائیکورٹ کا حکم "سوموٹو” قرار دیکر ختم کردیا گیا۔وفاقی آئینی عدالت نے بھارت اور اسرائیل سے درآمد پر پابندی درست قرار دیدی، جسٹس عامر فاروق کا تحریر کردہ فیصلہ جاری کردیا گیا، جسٹس علی باقر نجفی کا اضافی نوٹ بھی فیصلے میں شامل ہے۔عدالت نے اپنے فیصلے میں لاہور ہائیکورٹ کی حکومت کو دی گئی تمام ہدایات کالعدم قرار دیتے ہوئے لاہور ہائیکورٹ کا حکم ’’سوموٹو‘‘ قرار دے کر ختم کردیا گیا۔

    لاہور ہائیکورٹ نے وفاقی حکومت کو نظرثانی کیلئے افسر مقرر کرنے کا حکم دیا تھا۔ وفاقی آئینی عدالت نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ کے پاس اپنے طور پر کارروائی کا اختیار نہیں، خارجہ پالیسی، قومی سلامتی ایگزیکٹو کا اختیار ہیں، عدلیہ مداخلت نہیں کرسکتی۔فیصلے میں کہا گیا ہے کہ کن ممالک سے تجارتی تعلقات رکھنے ہیں؟، یہ حکومت کی صوابدید ہے، نجی درخواست گزار شکایات کے حل کیلئے حکومت سے رجوع کرنے میں آزاد ہیں، اگر عدلیہ تجارت سے متعلق احکامات دے گی تو یہ اختیارات سے تجاوز ہوگا۔

  • کلثوم نواز کی بیٹی بے رحم نہیں ہوسکتی،تحریر:ملک سلمان

    کلثوم نواز کی بیٹی بے رحم نہیں ہوسکتی،تحریر:ملک سلمان

    وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی دوسال کی کارگردگی کی دھوم ناصرف پنجاب اور پورے پاکستان بلکہ دنیا کے متعدد ممالک تک جاپہنچی۔ فلاحی و ترقیاتی کاموں کی ایسی تاریخ رقم کی, جس کی نظیر ماضی میں نہیں ملتی۔ ایسے میں ہر کوئی مریم نواز کی کارگردگی کا معترف نظر آرہا تھا۔ دو سال کے مختصر دورانیے میں پنجاب کی بے مثال ترقی نے پنجاب اور پاکستانی عوام کو ان کا گرویدہ بنا لیا تھا دیگر صوبوں کی عوام کہتے تھے کہ خداداصلاحیتوں اور عوامی فلاح و بہبود کی تاریخ رقم کرنی والی مریم نواز کو وزیراعظم ہونا چاہئے تاکہ پورے پاکستان کی تقدیر بدل جائے۔
    مریم نواز شریف طلبہ و طالبات کی پسندیدہ سیاسی شخصیت بن چکی تھیں۔

    بدقسمتی سے کتے کے کاٹنے سے ایک بچے کی ہلاکت کا واقع ہوتا ہے تو وزیراعلیٰ مریم نواز شریف انتظامی افسران کی سخت سرزنش کرتی ہیں کہ پنجاب کے ہر بچے اور شہری کی حفاظت کو پہلی ترجیح بنایا جائے ساتھ ہی انہوں نے انتظامی افسران کو وارننگ جاری کی کہ کہیں بھی انسانی جان کا نقصان ہوا تو متعلقہ افسر کو سزا ملے گی۔
    شہریوں کو محفوظ رکھنے کیلئے زخمی کتوں کا علاج معالجہ اور انکی ویکسینیشن کرنے کی بجائے ہمیشہ سے اپنی ناکامی کا ملبہ دوسروں پر ڈالنے کی ماہر بیوروکریسی نے انسانیت اور ضمیر کو مردہ کرکے وحشی جلاد کا روپ دھار لیا اور کتوں کی لاشوں کے ڈھیڑ لگادیے۔ ستھرا پنجاب جس کی دھوم مچی ہوئی تھی اس کے ورکرز کے ہاتھوں میں جھاڑو کی بجائے بندوق دے کر کتے مارنے پر لگادیا گیا جبکہ کچرا اٹھانے والی گاڑیوں میں کتوں کی لاشوں کی تصایر کو قومی و بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں نے شدید تشویش کے ساتھ شئیر کیا۔

    معصوم و بے زبان کتوں کے قتل عام نے ہر باضمیر انسان کو دکھی کردیا۔
    گذشتہ دنوں ایک دوست ملنے آئے تو کہنے لگے کہ چند دن قبل ڈپٹی کمشنرز کے انٹرویو تھے تو اس نے ڈی سی شپ سے انکار کردیا کہ اگر ڈی سی لگ کر ان معصوم جانوں کو قتل کرنا ہے تو ایسی ڈی سی شپ سے معذرت۔
    لاکھوں طلبہ و طالبات نے سوشل میڈیا پر
    ” 💔Broken Heart💔“
    کے ساتھ "سٹاپ ڈاگ کلنگ” کے سٹیٹس لگائے۔ ہزاروں طلبہ کے سوشل میڈیا سٹیٹس تھے کہ مریم نواز اگر آپ ان معصوموں کے قتل کا حکم دے رہی ہیں تو
    we no more love you 😞🙏

    اندرون لاہور کی چند خواتین کا انٹرویو وائرل ہورہا ہے کہ کلثوم نواز کی بیٹی بے رحم نہیں ہوسکتی، مذکورہ ویڈیو میں خواتین مادر جمہوریت کلثوم نواز کی رحم دلی اور شخصیت کے حوالے سے بتا رہی تھی کہ مرحوم کلثوم نواز تو باقاعدگی سے ان بے گھر کتوں کیلئے روٹی کا اہتمام کرتی تھیں۔مختلف دیہاتوں سے ویڈیوز دیکھنے کو مل رہی ہیں ستھرا پنجاب اور میونسپل کمیٹی کے اہلکار جانوروں کی حفاظت کیلے رکھے گئے پالتو کتوں کو بھی زہر دے کر چلے گئے۔

    سپیشل برانچ اور انٹیلیجنس بیورو سے رپورٹ لیں آپ کو خوفناک حقائق ملیں گے کہ کتوں کو مارنے کے واقعات کے دوران کتنے شہری فائرنگ سے زخمی ہوئے اسی طرح کتوں کو مارنے کیلئے پھینکے گئے strychnine زہر سے چار بچوں کی ہلاکت اور درجنوں بچوں کے ہسپتال میں جانے کی اطلاعات ہیں۔ فائرنگ اور زہر سے ہونے والی ہلاکتوں اور زخمیوں کا کون ذمہ دار؟پنجاب بھر کے اضلاع کیلے ایک ہی ٹھیکیدار سے خریدے گئے strychnine زہر کی وجہ سے فضا زہریلی ہوچکی ہے۔

    جب سے کتا مار مہم شروع گئی کی گئی ہے تب سے کتا کاٹنے کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اس کی وجہ یہ ہے کہ فائرنگ سے زخمی ہونے والا کتا اگر مرتا نہیں ہے تو وہ زخموں کی وجہ سے باؤلا ہو جاتا ہے ۔
    گزارش ہے کہ کتوں کو فائرنگ اور زہر سے باؤلا کرنے یا تڑپا تڑپا کر مارنے کی بجائے ویکسینیشن کریں۔

    وزیر اعلیٰ تک کوئی بھی حقائق پہنچانے کی زحمت نہیں کرتا کہ آج تک کسی صحت مند کتے نے کسی شہری کو نہیں کاٹا بلکہ جتنے بھی واقعات ہوئے اس کے پس منظر میں پہلے محلے داروں نے ان کتوں کو زخمی کیا اور پھر وہ انہی زخموں کا علاج نہ ہونے سے باؤلے ہوگئے اور باؤلے پن میں شہریوں پر حملہ کیا۔ بے شمار واقعات ہیں جہاں کتوں نے انسانوں سے دوستی نبھاتے ہوئے جان دے دی۔ لیکن انسان انتہائی ناشکرا ہے 99نیکیاں بھول جاتا ہے اور ایک برائی یاد رکھتا ہے۔

    کتوں کے ساتھ صدیوں کے تعلق کو بھول کر چند ناخوشگوار واقعات کی آڑ میں ان کا قتل عام شروع کر دینا کسی طور پر بھی جسٹیفائیڈ نہیں۔ کتوں کو مارنا یا انسانوں سے دور کرنا حل نہیں اس لیے کتوں کو مارنے اور ان کے کیلئے شہر سے باہر شیلٹر ہوم بنانے کی بجائے ان کی ویکسینیشن کرنی چاہئے۔ مغربی ممالک میں جتنے بھی شیلٹر ہوم ہیں وہ انسانی آبادی میں بنائے جاتے ہیں صرف موذی مرض میں مبتلا کتوں کیلئے ریہبلیٹیشن سینٹر دوردراز جگہ ہوتے ہیں۔ زخمی اور بیمار کتوں کو ریہیبلیٹیشن اور شیلٹر فرام کیا جائے۔ زخمی کتوں کو فوری طور پر علاج معالجہ فراہم کیا جائے تو باؤلے ہو کر کاٹے گے نہیں۔جبکہ صحت مند کتوں کو ویکسینیشن اور ٹریکنگ سسٹم کے ساتھ سوسائٹی کا حصہ بنایا جائے نا کہ ان کا قتل عام اور شہرسے باہر جنگل میں چھوڑ آنا۔

    بے زبانوں کا قتل عام حل نہیں بلکہ انکی ویکسینیشن کرنی چاہئے تھی۔
    کتا انسان کے ساتھ جذباتی تعلق رکھتا ہے اور انتہائی وفادار ساتھی سمجھا جاتاہے۔
    کتے اور انسانوں کی دوستی ہزاروں سال پرانی ہے، جس کے باعث کتے انسانوں کے ساتھ رہنے اور ان کی زندگی کا حصہ بننے کے عادی ہو چکے ہیں۔کتے انسانوں کے ساتھ ملنے اور انہیں دیکھنے میں زیادہ خوشی محسوس کرتے ہیں۔ہزاروں سالوں سے انسانی ابادی میں رہنے والے کتوں کو ختم کرنے سے ایکو سسٹم بری طرح متاثر ہوگا۔ ماضی میں اسی طرح ان سرکاری بے عقلوں نے چیلوں کا خاتمہ کیا تھا تو بعد میں ہمیں بیرون ملک سے چیلیں امپورٹ کرنی پڑی تھی۔

    ملک سلمان
    maliksalman2008@gmail.com

  • اسلام آباد میں پولیس کا سرچ آپریشن،20 افغانی، 56 مشکوک افراد گرفتار

    اسلام آباد میں پولیس کا سرچ آپریشن،20 افغانی، 56 مشکوک افراد گرفتار

    وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں فول پروف سکیورٹی انتظامات۔ آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کے احکامات پر اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر مشترکہ گرینڈ کومبنگ سرچ آپریشنز جاری ہے

    اسلام آباد تھانہ کرپا، سمبل، سکریٹریٹ، کھنہ، انڈسٹریل ایریا، بنی گالہ اور تھانہ ترنول کے علاقوں میں سرچ آپریشنز کئے گئے۔سرچ آپریشنز ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد قاضی علی رضا کی سپرویژن اور زونل ایس پیز کی زیرِ نگرانی کیے گئے جس میں لیڈیز پولیس نے حصہ لیا۔سرچ آپریشن کے دوران 712 افراد، 1108 گھرانوں، 182 دکانوں، 32 ہوٹلز، 381 موٹر سائیکلز اور 141 گاڑیوں کی مکمل جانچ پڑتال کی گئی۔20 افغانی، 56 مشکوک افراد، 02 گاڑیاں اور 47 موٹر سائیکلز کو مزید جانچ پڑتال کے لیے متعلقہ تھانوں میں منتقل کیا گیا۔ غیر قانونی اسلحہ رکھنے والے ملزمان کو گرفتار کر کے مختلف بور کے 04 عدد پستول معہ ایمونیشن برآمد کیے۔ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر مؤثر چیکنگ کے لیے خصوصی چیکنگ پوائنٹس قائم کئے گئے ہیں۔ تمام پٹرولنگ یونٹس اور خصوصی سکواڈ شہر بھر میں گشت کر رہے ہیں۔سینئر افسران فیلڈ میں موجود رہتے ہوئے سکیورٹی انتظامات کا ازخود جائزہ لے رہے ہیں، شہری چیکنگ کے دوران پولیس سے تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع دیں۔ اسلام آباد پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات یقینی بنا رہی ہے۔

  • بشریٰ بی بی کی آنکھ کا آپریشن، دوبارہ جیل منتقل کر دیا گیا

    بشریٰ بی بی کی آنکھ کا آپریشن، دوبارہ جیل منتقل کر دیا گیا

    بانی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی آنکھ کی سرجری کے حوالے سے سپرنٹینڈنٹ اڈیالہ جیل نے باضابط اعلامیہ جاری کیا ہے

    اعلامیہ کے مطابق بشری بی بی نے دائیں آنکھ کی بینائی متاثر ہونے کی شکایت کی،جیل انتظامیہ نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ماہرین چشم سے معائنہ کرایا،دائیں آنکھ میں ریٹینل ڈیٹچمنٹ (Retinal Detachment)تشخیص ہوا، تشخیص کے پیش نظر ڈاکٹرز نے سرجری کا مشورہ دیا،16 اپریل کی شام مریضہ کو راولپنڈی کے نجی ہسپتال منتقل کیا گیا، سرجری سے قبل ضروری ٹیسٹ اور طبی معائنہ مکمل کیا گیا،مریضہ نے آپریشن کی رضامندی دی، سرجری پروفیسر ڈاکٹر ندیم قریشی اور پینل نے انجام دی، سرجری اور ایک رات ہسپتال قیام کے بعد مطمئن حالت میں مریضہ کو ڈسچارج کر دیا گیا، مریضہ کو واپس اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا ہے،آپریشن کے بعد کے معائنے اور فالو اپ ڈاکٹرز کے مشورے مطابق کیے جائیں گے،

  • نورپور شاہاں میں سی ڈی اے کا بڑا آپریشن، 300 ایکڑ سرکاری زمین واگزار

    نورپور شاہاں میں سی ڈی اے کا بڑا آپریشن، 300 ایکڑ سرکاری زمین واگزار

    سی ڈی اے کی جانب سے غیر قانونی تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری ہے

    نورپور شاہان میں قانونی اور شفاف آپریشن کے ذریعے اربوں روپے مالیت کی سرکاری زمین واگزار کرا لی گئی، جس سے دہائیوں پر محیط غیر قانونی قبضے اور ناجائز منافع خوری کا خاتمہ ہوا۔600 ایکڑ پر مشتمل قبضہ شدہ علاقے میں سے 300 ایکڑ زمین واپس حاصل کر لی گئی، جبکہ 3,500 سے زائد غیر قانونی تعمیرات کی نشاندہی کر کے قانون کے مطابق کارروائی شروع کر دی گئی۔یہ زمین 1961 تا 1964 کے دوران مکمل معاوضے، نقد رقم اور متبادل زمین کی فراہمی کے ساتھ قانونی طور پر حاصل کی گئی تھی، جس سے تمام دعوے دہائیوں پہلے ہی نمٹا دیے گئے تھے۔ازخود نوٹس کیس نمبر 1 برائے 2011 میں واضح کیا گیا کہ حاصل شدہ زمین مکمل طور پر ریاست کی ملکیت ہوتی ہے اور قابضین کے لیے کسی قسم کی رعایت نہیں۔

    تمام قانونی تقاضے مکمل کیے گئے، دعوے طلب کیے گئے، سماعتیں ہوئیں، اور 19 جنوری 2026 کو تفصیلی فیصلہ جاری کیا گیا، جس کے خلاف کوئی اپیل دائر نہیں کی گئی۔آپریشن نومبر 2025 سے اپریل 2026 تک پیشگی نوٹس کے ساتھ کیا گیا، رہائشیوں کو اپنے سامان، چھتیں، حتیٰ کہ لوہے کے ڈھانچے خود ہٹانے کے لیے وقت دیا گیا، اس کے بعد مشینری استعمال کی گئی۔زمینی شواہد سے ظاہر ہوا کہ قابضین نے کئی مواد رضاکارانہ طور پر خود ہٹایا، جس سے ثابت ہوتا ہے کہ کارروائی مرحلہ وار، انسانی ہمدردی پر مبنی اور پیشگی اطلاع کے ساتھ کی گئی۔تجاوزات میں غیر قانونی فروخت، کرایہ داری اور تجارتی استعمال شامل تھا، جبکہ ذمہ دار افراد کے خلاف ایف آئی آرز درج کر دی گئی ہیں۔ماڈل ولیج (1985) کو مکمل طور پر محفوظ رکھا گیا، کارروائی صرف اس کی مقررہ حدود سے باہر موجود غیر قانونی تجاوزات تک محدود رہی۔

    سی ڈی اے، اسلام آباد انتظامیہ اور اسلام آباد پولیس نے باہمی تعاون سے ریاستی رٹ بحال کرنے اور عوامی اثاثوں کے تحفظ کے لیے کارروائی کی۔ غیر قانونی زمینوں پر قبضہ اور متوازی جائیداد بازار کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے، قانون کی حکمرانی قائم رہے گی۔

  • ٹرمپ پر طنز،یوٹیوب نے ایرانی حکومت کاحامی چینل معطل کر دیا

    ٹرمپ پر طنز،یوٹیوب نے ایرانی حکومت کاحامی چینل معطل کر دیا

    ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب نے ایرانی حکومت کے حامی ایک چینل کو معطل کردیا ہے، جو لیگو اسٹائل مصنوعی ذہانت (اے آئی) ویڈیوز کے ذریعے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا مذاق اڑانے کی وجہ سے خاصی شہرت حاصل کرچکا تھا۔

    رپورٹس کے مطابق مذکورہ چینل پر ایسی ویڈیوز اپ لوڈ کی جاتی تھیں جن میں ٹرمپ کو مختلف طنزیہ اور فرضی حالات میں دکھایا جاتا تھا۔ ان ویڈیوز میں جنگی مناظر، عالمی رہنماؤں کے کردار اور سیاسی واقعات کو لیگو اینیمیشن انداز میں پیش کیا جاتا تھا، جس نے سوشل میڈیا صارفین کی بڑی توجہ حاصل کی۔یوٹیوب انتظامیہ کا کہنا ہے کہ چینل نے پلیٹ فارم کی اسپام اور دھوکا دہی سے متعلق پالیسیوں کی خلاف ورزی کی، جس کے باعث اسے معطل کیا گیا۔ کمپنی کے مطابق ایسے مواد کے خلاف کارروائی کی جاتی ہے جو صارفین کو گمراہ کرے یا پلیٹ فارم کے قواعد سے متصادم ہو۔

    دوسری جانب چینل انتظامیہ نے یوٹیوب کے فیصلے کو سنسرشپ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے مواد کو سیاسی بنیادوں پر نشانہ بنایا گیا۔ ان کا مؤقف ہے کہ طنز و مزاح اور سیاسی تنقید اظہارِ رائے کا حصہ ہیں، جنہیں دبانے کی کوشش کی جارہی ہے۔یاد رہے کہ اس چینل کی ویڈیوز لاکھوں بار دیکھی جا چکی ہیں اور متعدد کلپس مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر تیزی سے وائرل ہوئے تھے۔

  • امریکی ناکہ بندی ،پاکستانی جھنڈے والا آئل ٹینکر آبنائے ہرمز عبور کر گیا

    امریکی ناکہ بندی ،پاکستانی جھنڈے والا آئل ٹینکر آبنائے ہرمز عبور کر گیا

    پاکستانی جھنڈے والے آئل ٹینکر نے آبنائے ہرمز عبور کر لیا ہے، جسے امریکی ناکہ بندی کے بعد خام مال کے ساتھ اس راستے سے گزرنے والا پہلا جہاز قرار دیا جا رہا ہے۔

    امریکی جریدے بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق یہ پیش رفت خطے میں بڑھتی کشیدگی اور سمندری نگرانی کے ماحول میں سامنے آئی ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستانی پرچم بردار آئل ٹینکر کامیابی کے ساتھ آبنائے ہرمز سے گزرا، جبکہ یہ جہاز گزشتہ ہفتے کے آخر میں خلیج فارس میں داخل ہوا تھا۔ ماہرین کے مطابق یہ پیش رفت عالمی توانائی منڈیوں اور خطے کی بحری سرگرمیوں کے لیے اہم سمجھی جا رہی ہے۔

    دوسری جانب امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے کہا ہے کہ امریکی بحری افواج ایرانی بندرگاہوں میں داخل ہونے یا وہاں سے روانہ ہونے والے جہازوں پر عائد پابندیوں کے نفاذ کے دوران مسلسل نگرانی کر رہی ہیں۔ سینٹکام کے مطابق خلیج عمان میں متعدد جہازوں کا رخ بھی موڑا جا چکا ہے۔سینٹکام نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ گائیڈڈ میزائل ڈسٹرائر یو ایس ایس ڈیلبرٹ ڈی بلیک (DDG-119) پر تعینات اہلکار مکمل چوکس ہیں اور امریکی افواج ایرانی بندرگاہوں اور ساحلی علاقوں میں داخل یا وہاں سے روانہ ہونے والے جہازوں کے خلاف ناکہ بندی برقرار رکھے ہوئے ہیں۔بیان کے مطابق طیارہ بردار جہاز یو ایس ایس ابراہام لنکن (CVN-72) بحیرہ عرب میں ناکہ بندی کی کارروائیوں میں شریک ہے۔ اس جنگی جہاز کے ایئر ونگ میں ایف-35 سی اسٹیلتھ فائٹر طیارے، ایف/اے-18 جیٹ، ای اے-18 جی الیکٹرانک حملہ آور طیارے، ای-2 ڈی کمانڈ اینڈ کنٹرول طیارے، ہیلی کاپٹرز اور لاجسٹک معاون طیارے شامل ہیں۔

    سینٹکام نے ایک آڈیو اور ویڈیو بھی جاری کی ہے، جس میں امریکی بحریہ کے اہلکار ایک ڈسٹرائر سے تجارتی جہازوں کو ایرانی بندرگاہوں کی جانب واپس جانے کا حکم دیتے دکھائی دیتے ہیں۔ حکام کے مطابق یہ آپریشن خطے میں کشیدگی کے دوران وسیع تر سمندری نگرانی اور نفاذی اقدامات کا حصہ ہے۔جاری کردہ فوٹیج میں یو ایس ایس مائیکل مرفی (DDG-112) سے لی گئی ویڈیو بھی شامل ہے، جس میں خلیج عمان کے اوپر ہیلی کاپٹر کے ذریعے فضائی نگرانی دکھائی گئی ہے۔