Baaghi TV

Blog

  • معروف بھارتی اداکار ٹریفک حادثے میں جاں بحق

    معروف بھارتی اداکار ٹریفک حادثے میں جاں بحق

    بھارت کے معروف ملیالم اداکار سنتوش کے نائر ایک افسوسناک ٹریفک حادثے میں 65 سال کی عمر میں انتقال کرگئے۔

    رپورٹس کے مطابق حادثہ منگل کی صبح ریاست کیرالہ کے علاقے ایڈور میں پیش آیا، جہاں ان کی گاڑی سامنے سے آنے والے ٹرک سے ٹکرا گئی، حادثے میں ان کی اہلیہ بھی شدید زخمی ہوئیں اور اسپتال میں زیر علاج ہیں،اداکار کو فوری طور پر نجی اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دل کا دورہ پڑنے سے دم توڑ گئے۔

    سنتوش کے نائر نے اپنے فنی سفر کا آغاز 1982 میں فلم ایتھو آرتی کتھا سے کیا تھا اور اپنے طویل کیریئر کے دوران 100 سے زائد فلموں میں کام کیا، وہ خاص طور پر منفی اور مزاحیہ کرداروں کی وجہ سے بے حد مقبول تھے، ان کی وفات پر ملیالم فلم انڈسٹری میں گہرے دکھ کا اظہار کیا جا رہا ہے،انہوں نے نہ صرف بڑے پردے بلکہ چھوٹی اسکرین یعنی ٹیلی ویژن پر بھی بہت کام کیا اور اپنی ایک الگ پہچان بنائی۔

  • جنوبی کوریا کا ٹرمپ کے پروجیکٹ فریڈم میں شمولیت پر غور

    جنوبی کوریا کا ٹرمپ کے پروجیکٹ فریڈم میں شمولیت پر غور

    جنوبی کوریا نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے آبنائے ہرمز میں نئے مشن ’پروجیکٹ فریڈم‘ میں شرکت کے امکانات پر غور شروع کر دیا ہے۔

    ’رائٹرز‘ کے مطابق جنوبی کوریا کا صدارتی دفتر اس بات کی تحقیقات کر رہا ہے کہ آیا ملک آبنائے ہرمز میں پھنسے ہوئے بحری جہازوں کو نکالنے کے لیے امریکی قیادت میں شروع کیے جانے والے اس فوجی آپریشن کا حصہ بن سکتا ہے یا نہیں۔

    صدر ٹرمپ نے حال ہی میں اس اہم آبی گزرگاہ میں پھنسے ہوئے جہازوں کی بحفاظت واپسی کے لیے اس مہم کا اعلان کیا تھا صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ اس مہم کا مقصد ان لوگوں، کمپنیوں اور ممالک کو آزاد کرانا ہے جنہوں نے کچھ غلط نہیں کیا اور وہ صرف حالات کے شکار ہوئے ہیں یہ مہم ان ممالک کی درخواست پر شروع کی جا رہی ہے جن کے جہاز اسٹریٹجک اہمیت کی حامل آبنائے ہرمز میں پھنسے ہوئے ہیں اگر اس آپریشن میں کسی قسم کی مداخلت کی گئی تو اس کا جواب طاقت سے دیا جائے گا۔

    دوسری جانب ایران نے خبردار کیا ہے کہ آبنائے ہرمز اور خلیج فارس کا انتظام صدر ٹرمپ کی سوشل میڈیا پوسٹس کے ذریعے نہیں چلایا جائے گا ایرانی پارلیمنٹ کے عہدیدار ابراہیم عزیزی نے انتباہ دیا ہے کہ کسی بھی قسم کی امریکی مداخلت جنگ بندی کی خلاف ورزی تصور کی جائے گی یہاں سے گزرنے والے جہازوں کو ٹول ٹیکس ادا کرنا ہوگا اور پاسداران انقلاب کے منظور شدہ راستوں پر چلنا ہوگا۔

    اس وقت صورتحال انتہائی تشویشناک ہے کیونکہ بین الاقوامی میری ٹائم آرگنائزیشن کے مطابق تقریباً دو ہزار بحری جہازوں پر بیس ہزار کے قریب ملاح پھنسے ہوئے ہیں ان جہازوں پر خوراک، ایندھن اور پانی کی شدید قلت پیدا ہو رہی ہےتنظیم کے ڈائریکٹر ڈیمین شیولیئر کا کہنا ہے کہ جدید دور میں اتنی بڑی تعداد میں ملاحوں کے پھنس جانے کی کوئی دوسری مثال نہیں ملتی۔

  • 4 روزہ تعطل کے بعد پاکستانی پاسپورٹ سروسز  بحال

    4 روزہ تعطل کے بعد پاکستانی پاسپورٹ سروسز بحال

    پاکستان کے پاسپورٹ کے اجرا کی خدمات تکنیکی خرابیوں کے باعث پیدا ہونے والے 4 روزہ تعطل کے بعد دنیا بھر میں مکمل طور پر بحال کر دی گئی ہیں-

    تکنیکی خرابیوں سے سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور متعدد یورپی ممالک سمیت کئی ملکوں میں پاسپورٹ کے اجرا کا عمل متاثر ہوا اور درخواست دہند گان کو تاخیر کا سامنا کرنا پڑا،ڈائریکٹر جنرل پاسپورٹ اینڈ امیگریشن، محمد علی رندھاوا کے مطابق پاسپورٹ ہیڈکوارٹر میں پیش آنے والے تکنیکی مسائل اب حل کر لیے گئے ہیں، جس کے بعد خدمات دوبارہ معمول کے مطابق بحال ہو گئی ہیں۔

    سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے بتایا گیا کہ اس سے قبل تکنیکی مسائل کے باعث خدمات معطل تھیں، تاہم اب تمام درخواست دہندگان کے لیے پاسپورٹ سے متعلق امور دوبارہ شروع ہو چکے ہیں، تمام پاکستانی شہریوں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ مقررہ اوقات کار کے دوران سفارت خانے کا رخ کریں اور اپنے پاسپورٹ کے اجرا یا تجدید کے لیے درخواستیں جمع کروائیں، ابوظہبی میں سفارت خانہ اب معمول کے مطابق خدمات فراہم کر رہا ہے تاکہ کمیونٹی کو سہولت فراہم کی جا سکے۔

  • 
بارش اور آسمانی بجلی سے 4 افراد جاں بحق، مختلف شہر متاثر

    
بارش اور آسمانی بجلی سے 4 افراد جاں بحق، مختلف شہر متاثر

    ‎پاکستان کے مختلف شہروں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ ہونے والی بارشوں کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے 4 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ ایک گھر کی چھت گرنے سے 4 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
    ‎تفصیلات کے مطابق پنجاب کے شہر جھنگ میں آسمانی بجلی گرنے کے باعث 2 افراد جان کی بازی ہار گئے، جبکہ کمالیہ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی ایک، ایک شخص جاں بحق ہوا۔ تیز آندھی اور بارش کے باعث کئی علاقوں میں معمولات زندگی متاثر ہوئے اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
    ‎مریدکے، شیخوپورہ، تاندلیانوالہ، چنیوٹ اور خانیوال سمیت متعدد علاقوں میں بارش کے بعد نشیبی علاقے زیر آب آ گئے، جس سے آمد و رفت میں رکاوٹ پیدا ہوئی۔ اوکاڑہ اور اس کے اطراف میں گرج چمک کے ساتھ بارش کے باعث بجلی کا نظام متاثر ہوا اور کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔
    ‎پیرمحل، گجرات، پنڈی بھٹیاں اور دیگر علاقوں میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا جبکہ خیبرپختونخوا کے علاقے مانسہرہ میں موسلا دھار بارش ریکارڈ کی گئی۔
    ‎دوسری جانب بلوچستان کے علاقے موسیٰ خیل میں بارش کے ساتھ ژالہ باری بھی ہوئی، جس سے فصلوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
    ‎محکمہ موسمیات نے آئندہ دنوں میں مزید بارشوں اور گرج چمک کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے، خاص طور پر کھلے مقامات پر جانے سے گریز اور محفوظ جگہوں پر رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

  • عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں معمولی کمی

    عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں معمولی کمی

    عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں معمولی کمی دیکھنے میں آئی ہے تاہم قیمتیں اب بھی 100 ڈالر فی بیرل سے اوپر برقرار ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق برینٹ کروڈ فیوچرز کی قیمت میں ایک فیصد سے زائد کمی ہوئی جس کے بعد یہ تقریباً 112 ڈالر فی بیرل کی سطح پر آ گئی، جبکہ امریکی خام تیل (یو ایس آئل) کی قیمت بھی کم ہو کر 104 ڈالر فی بیرل سے کچھ نیچے آگئی ہے۔

    تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگرچہ قیمتوں میں کمی آئی ہے، لیکن یہ کمی عارضی ہو سکتی ہے کیونکہ خطے میں غیر یقینی صورتحال اب بھی برقرار ہے خاص طور پر امریکا اور ایران کے درمیان نازک جنگ بندی اور آبنائے ہرمز میں جاری تنازع عالمی تیل کی سپلائی کو متاثر کر رہا ہے۔

    ماہرین کے مطابق آبنائے ہرمز دنیا کی اہم ترین تیل گزرگاہوں میں شامل ہے، جہاں کسی بھی قسم کی رکاوٹ عالمی معیشت پر فوری اثر ڈالتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ تیل کی قیمتیں کم ہونے کے باوجود اب بھی بلند سطح پر موجود ہیں جب تک خطے میں کشیدگی ختم نہیں ہوتی اور سپلائی مکمل طور پر بحال نہیں ہوتی، تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا امکان کم ہے۔

  • ٹرمپ کی کرپٹو کمپنی نے جسٹن سن کے خلاف ہتکِ عزت کا مقدمہ دائر کر دیا

    ٹرمپ کی کرپٹو کمپنی نے جسٹن سن کے خلاف ہتکِ عزت کا مقدمہ دائر کر دیا

    ٹرمپ اور اس کے بیٹوں کی کرپٹو کمپنی نے جسٹن سن کے خلاف ہتکِ عزت کا مقدمہ دائر کر دیا-

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے بیٹوں کی مشترکہ قائم کردہ کرپٹو کمپنی ورلڈ لبرٹی فائنانشل نے پیر کے روز اعلان کیا کہ اس نے ہانگ کانگ میں مقیم کرپٹو کاروباری شخصیت جسٹن سن کے خلاف ہتکِ عزت کا مقدمہ دائر کر دیا ہے۔

    ورلڈ لبرٹی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر مقدمے کی کاپی شیئر کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ جسٹن سن نے کمپنی کے خلاف عوامی سطح پر بدنامی کر نے کی غرض سے مہم چلائی اور ایسے دعوے کیے جو کمپنی کے مطابق بے بنیاد ہیں،سن نے اپنے ٹوکنز کے ساتھ ایسے اقدامات کیے جن کی اسے اجاز ت نہیں تھی، جن میں انہیں کرپٹو ایکسچینج بائنانس کو منتقل کرنا بھی شامل ہے، ٹوکنز کو منجمد کرنے کا اختیار فروخت کی شرائط میں واضح طور پر درج تھا۔

    اس سے قبل اپریل میں جسٹن سن نے خود ورلڈ لبرٹی فنانشل کے خلاف مقدمہ دائر کیا تھا، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ کمپنی نے غیرقانونی طور پر ان کے خریدے گئے ٹوکنز منجمد کر دیے ہیں، کمپنی نے خفیہ طور پر ایسے ٹولز نصب کیے جن کے ذریعے ستمبر 2025 میں ٹوکنز کے قابلِ تجارت ہونے کے بعد بھی ان کی فروخت کو روکا گیا۔

    جسٹن سن نے خبر رساں ادارے رائٹرزسے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ورلڈ لبرٹی کی جانب سے ایکس پر اعلان کردہ یہ مبینہ ہتکِ عزت کا مقدمہ محض ایک بے بنیاد تشہیری حربہ ہےمیں اپنے اقدامات پر قائم ہوں اور عدالت میں اس کیس کو شکست دینے کا منتظر ہوں۔

    امریکی صدر کے بیٹے ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر نے ورلڈ لبرٹی کی پوسٹ کو دوبارہ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ سچ جاننے کے لیے اس پوری تھریڈ کو پڑھیں جبکہ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو اور شریک بانی زیک وٹکوف کا کہنا تھا کہ وہ عدالت میں حقیقت سامنے آنے کے منتظر ہیں۔

  • سائبر مجرموں کے لیے اے آئی کا استعمال مشکل، نئی تحقیق

    سائبر مجرموں کے لیے اے آئی کا استعمال مشکل، نئی تحقیق

    ‎ایک نئی بین الاقوامی تحقیق میں یہ انکشاف سامنے آیا ہے کہ سائبر مجرموں کو مصنوعی ذہانت (اے آئی) کو مؤثر انداز میں اپنے جرائم میں استعمال کرنے میں نمایاں مشکلات کا سامنا ہے۔
    ‎تحقیق کے دوران ڈارک ویب اور زیر زمین سائبر کرائم فورمز پر موجود تقریباً 10 کروڑ پوسٹس کا تفصیلی تجزیہ کیا گیا، جس سے معلوم ہوا کہ بیشتر ہیکرز کے پاس اے آئی ٹیکنالوجی کو مؤثر انداز میں استعمال کرنے کے لیے نہ تو مطلوبہ مہارت موجود ہے اور نہ ہی ضروری وسائل۔
    ‎یہ تحقیق ایڈنبرا، سٹراتھ کلائیڈ اور کیمبرج یونیورسٹی کے ماہرین نے مشترکہ طور پر کی، جس میں جدید مشین لرننگ ٹولز اور دستی تجزیے کے ذریعے ڈیٹا کا جائزہ لیا گیا۔ ماہرین نے خاص طور پر یہ جاننے کی کوشش کی کہ نومبر 2022 کے بعد، جب چیٹ جی پی ٹی متعارف ہوا، سائبر مجرم کس طرح اے آئی کے ساتھ تجربات کر رہے ہیں۔
    ‎نتائج سے معلوم ہوا کہ اے آئی ٹولز زیادہ تر انہی افراد کے لیے فائدہ مند ثابت ہو رہے ہیں جو پہلے ہی تکنیکی مہارت رکھتے ہیں۔ عام سائبر مجرم ان ٹولز سے خاطر خواہ فائدہ نہیں اٹھا پا رہے کیونکہ ان کے مؤثر استعمال کے لیے گہرا علم اور تجربہ درکار ہے۔
    ‎تحقیق کے مطابق اے آئی کا سب سے زیادہ استعمال سوشل میڈیا بوٹس بنانے میں دیکھا گیا، جن کے ذریعے آن لائن ہراسانی یا دھوکہ دہی جیسے جرائم کیے جاتے ہیں۔ تاہم ماہرین نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ جدید چیٹ بوٹس میں شامل حفاظتی اقدامات نقصان کو محدود کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

  • سونے اور چاندی کی قیمتوں میں کمی

    سونے اور چاندی کی قیمتوں میں کمی

    عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں آج بھی کمی ریکارڈ کی گئی-

    بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 21ڈالر کی کمی سے 4ہزار 555ڈالر کی سطح پر آگئی،جس کے بعد مقامی مارکیٹ میں بھی فی تولہ سونے کی قیمت 2ہزار 100روپے کی کمی سے 4لاکھ 77ہزار 862روپے کی سطح پر آگئی جبکہ دس گرام سونے کی قیمت 1ہزار 801روپے گھٹ کر 4لاکھ 09ہزار 689روپے کی سطح پر آگئی۔

    اسی طرح، فی تولہ چاندی کی قیمت 65 روپے کی کمی سے 7ہزار 849 روپے اور فی دس گرام چاندی کی قیمت بھی 55روپے کی کمی سے 6ہزار 729روپے کی سطح پر آگئی۔

  • 
یو اے ای میں اسکول بند، آن لائن کلاسز کا اعلان

    
یو اے ای میں اسکول بند، آن لائن کلاسز کا اعلان

    ‎متحدہ عرب امارات میں سیکیورٹی خدشات اور علاقائی کشیدگی کے پیش نظر ملک بھر کے تعلیمی ادارے عارضی طور پر بند کر کے آن لائن کلاسز شروع کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
    ‎وزارتِ تعلیم یو اے ای کے مطابق 5 مئی سے 8 مئی 2026 تک تمام نرسریز، سرکاری اور نجی اسکولوں میں تدریسی سرگرمیاں آن لائن جاری رہیں گی۔ یہ فیصلہ طلبہ، اساتذہ اور انتظامی عملے سب کے لیے لاگو ہوگا تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے محفوظ رہتے ہوئے تعلیم کا سلسلہ جاری رکھا جا سکے۔
    ‎حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام اس وقت کیا گیا جب ملک میں ایمرجنسی الرٹ سسٹم کئی بار فعال ہوا اور سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر فوری احتیاطی اقدامات کی ضرورت پیش آئی۔
    ‎وزارت تعلیم اور اسکول انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ تعلیمی سرگرمیاں متاثر نہیں ہوں گی بلکہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے معمول کے مطابق جاری رکھی جائیں گی۔ اس دوران اسکولز طلبہ اور والدین کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں گے اور صورتحال کے مطابق نئی ہدایات جاری کی جائیں گی۔
    ‎تعلیمی حکام کے مطابق اداروں کو پہلے ہی ہنگامی حالات میں فوری طور پر آن لائن تعلیم پر منتقل ہونے کی تیاری رکھنے کی ہدایت دی گئی تھی، جس پر اب عمل کیا جا رہا ہے۔

  • جنوبی لبنان میں کشیدگی، اسرائیل کی انخلا کی ہدایت

    جنوبی لبنان میں کشیدگی، اسرائیل کی انخلا کی ہدایت

    ‎اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان کے دو قصبوں کے رہائشیوں کو فوری طور پر اپنے گھر خالی کرنے اور محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت جاری کی ہے، جس سے خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔
    ‎آئی ڈی ایف کے مطابق یہ اقدام حزب اللہ کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی مبینہ خلاف ورزیوں کے بعد کیا جا رہا ہے، جہاں اسرائیلی افواج پر مارٹر گولوں سے دو حملوں کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ تاہم حزب اللہ کی جانب سے اس حوالے سے تاحال کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔
    ‎دوسری جانب لبنانی وزارت صحت نے تصدیق کی ہے کہ پیر کے روز اسرائیلی حملوں میں 17 افراد ہلاک ہوئے، جس کے بعد گزشتہ چند دنوں میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 110 تک پہنچ گئی ہے۔
    ‎اسرائیل کا کہنا ہے کہ مارچ سے جاری کشیدگی کے دوران اس کے 17 فوجی ہلاک ہو چکے ہیں، جبکہ اس نے حزب اللہ پر سینکڑوں راکٹ اور ڈرون حملے کرنے کا الزام بھی عائد کیا ہے۔
    ‎واضح رہے کہ حزب اللہ گزشتہ ماہ ہونے والے جنگ بندی معاہدے کا باضابطہ حصہ نہیں تھا، تاہم تنظیم نے عندیہ دیا تھا کہ اگر اسرائیل معاہدے کی پاسداری کرے تو وہ بھی اس کی پابندی کرے گی۔
    ‎دوسری طرف لبنانی حکام اسرائیل پر بار بار جنگ بندی کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہیں، جبکہ اسرائیل کا مؤقف ہے کہ وہ اپنے دفاع میں کارروائیاں کر رہا ہے۔