ملک بھر میں سونے کی قیمت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ سونے کی قیمت میں 2 ہزار 300 روپے کی کمی کے بعد نئی قیمت 4 لاکھ 28 ہزار 936 روپے مقرر ہو گئی ہے۔
ایسوسی ایشن کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 1 ہزار 972 روپے کی کمی آئی ہے، جس کے بعد 10 گرام سونا 3 لاکھ 67 ہزار 743 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔
دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں کمی دیکھی گئی ہے۔ عالمی بازار میں فی اونس سونے کی قیمت 23 ڈالر کم ہونے کے بعد 4 ہزار 65 ڈالر پر آ گئی ہے۔
ماہرین کے مطابق بین الاقوامی مارکیٹ میں قیمتوں میں اتار چڑھاؤ، امریکی ڈالر کی قدر، عالمی معاشی حالات اور سرمایہ کاروں کے رجحانات سونے کی قیمتوں پر براہ راست اثر انداز ہوتے ہیں، جس کے اثرات مقامی مارکیٹ میں بھی دیکھنے کو ملتے ہیں۔
تاجروں کا کہنا ہے کہ اگر عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں یہی رجحان برقرار رہا تو آئندہ دنوں میں مقامی سطح پر بھی سونے کی قیمتوں میں مزید ردوبدل دیکھنے میں آ سکتا ہے۔
ملک بھر میں سونے کی قیمت میں 2300 روپے فی تولہ کمی
