مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ کے اثرات اب عالمی کموڈیٹی منڈیوں تک پہنچنے لگے ہیں جس کے باعث توانائی، نقل و حمل اور صنعتی خام مال کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق خام تیل کی قیمتوں میں تقریباً 21 فیصد اضافہ ہو چکا ہے جبکہ جیٹ فیول کی قیمتیں 87 فیصد تک بڑھ گئی ہیں۔ اسی طرح مائع قدرتی گیس یعنی ایل این جی کی قیمتوں میں 106 فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
سمندری نقل و حمل کے شعبے میں بھی شدید اثرات دیکھنے میں آئے ہیں۔ وی ایل سی سی آئل ٹینکرز کے کرایوں میں 201 فیصد اضافہ ہوا جبکہ ایل این جی کیریئر جہازوں کے کرایے 529 فیصد تک بڑھ گئے ہیں۔
صنعتی شعبے میں ایلومینیم کی قیمتوں میں 20 فیصد، کھاد کی قیمتوں میں 36 فیصد جبکہ نیفتھا کی قیمت میں تقریباً 26 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ماہرین کے مطابق اگر خطے میں کشیدگی برقرار رہی تو توانائی اور صنعتی مصنوعات کی عالمی قیمتوں میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے جس کے اثرات دنیا بھر کی معیشتوں پر پڑنے کا خدشہ ہے۔
Blog
-

جنگ کے اثرات عالمی کموڈیٹی منڈیوں تک پھیل گئے
-

تہران میں آئل ڈپو پر حملے کے بعد سیاہ بارش، شہر دھوئیں کی لپیٹ میں
ایران کے دارالحکومت تہران میں آئل ڈپو پر حملے کے بعد شہر میں دھوئیں کے گہرے بادل چھا گئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق حملے کے بعد آئل ڈپو میں لگنے والی آگ سے اٹھنے والا دھواں پورے علاقے میں پھیل گیا جس کے باعث شہر کی فضا شدید متاثر ہوئی۔
تہران میں موجود ایک غیر ملکی نشریاتی ادارے کے نمائندے نے آنکھوں دیکھا حال بیان کرتے ہوئے بتایا کہ جب بارش شروع ہوئی تو اس کے پانی میں تیل کے ذرات شامل ہوگئے جس سے بارش کا پانی سیاہ نظر آنے لگا۔
رپورٹس کے مطابق آگ اور دھوئیں کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں فضائی آلودگی میں بھی اضافہ دیکھا گیا جبکہ حکام صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔ -

جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے حملے میں 2 اسرائیلی فوجی ہلاک
جنوبی لبنان میں لبنانی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کے حملے میں دو اسرائیلی فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔
اسرائیلی فوج کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں سارجنٹ فرسٹ کلاس ماہر خطار شامل ہیں جبکہ دوسرے فوجی کا نام بعد میں جاری کیا جائے گا۔
اسرائیلی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ جنوبی لبنان میں ایک فوجی چوکی کے قریب پیش آیا جو اسرائیلی سرحدی بستی منارا کے سامنے واقع ہے۔
ابتدائی فوجی تحقیقات کے مطابق علاقے میں کارروائی کے دوران ایک پیوما بکتر بند گاڑی کو نکالنے کے لیے اسرائیلی فوج نے ایک اور پیوما بکتر بند گاڑی اور دو ڈی 9 بکتر بند بلڈوزر بھیجے تھے۔
فوج کے مطابق بلڈوزروں میں سے ایک کو ایک گولہ لگا جو ممکنہ طور پر اینٹی ٹینک میزائل یا مارٹر تھا جس سے آگ بھڑک اٹھی اور دونوں فوجی ہلاک ہو گئے جبکہ اس واقعے میں ایک افسر معمولی زخمی بھی ہوا۔ -

لبنان پر اسرائیلی حملوں میں ہلاکتیں 394 تک پہنچ گئیں، 83 بچے بھی شامل
لبنان پر اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد بڑھ کر 394 ہو گئی ہے جن میں 83 بچے بھی شامل ہیں۔
لبنانی حکام کے مطابق حملوں میں ایک ہزار 130 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جنہیں مختلف اسپتالوں میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فضائی حملوں کے باعث متعدد رہائشی علاقوں کو شدید نقصان پہنچا ہے جبکہ امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
لبنانی حکام نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ شہری آبادی کو نشانہ بنانے کے واقعات کا نوٹس لے اور خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنے کے لیے کردار ادا کرے۔ -

دفاعی چیمپئن بھارت نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 جیت لیا۔
دفاعی چیمپئن بھارت نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کا ٹائٹل جیت لیا اور فائنل میں نیوزی لینڈ کو شکست دے کر تاریخ رقم کر دی۔
بھارتی ٹیم نے مسلسل دوسری جبکہ مجموعی طور پر تیسری بار ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اپنے نام کیا۔ اس کے ساتھ ہی بھارت ہوم گراؤنڈ پر یہ ٹائٹل جیتنے والی پہلی ٹیم بھی بن گیا۔
فائنل میں بھارت کے 256 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم 159 رنز پر آؤٹ ہو گئی اور بھارت نے میچ 96 رنز سے جیت لیا۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم سائفرٹ نے 52 اور مچل سینٹنر نے 43 رنز بنائے جبکہ دیگر بلے باز نمایاں کارکردگی نہ دکھا سکے۔
بھارت کی جانب سے جسپریت بمرا نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ اکشر پٹیل نے 3 اور ورون چکرورتی اور ہاردک پانڈیا نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 255 رنز بنائے تھے جس میں سنجو سیمسن نے 89 رنز کی نمایاں اننگ کھیلی۔ -

ایران کے اسرائیل اور متحدہ عرب امارات میں میزائل اور ڈرون حملے، امریکی اڈے نشانے پر
ایران کی جانب سے اسرائیل اور خطے میں موجود امریکی تنصیبات پر میزائل اور ڈرون حملوں کی نئی لہر داغی گئی ہے۔
ایرانی پاسداران انقلاب کے مطابق آپریشن وعدہ صادق کی اٹھائیسویں لہر کے تحت تل ابیب، حیفا اور یروشلم کو میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنایا گیا۔
رپورٹس کے مطابق حملوں کے نتیجے میں متعدد اسرائیلی زخمی ہوئے جبکہ کئی عمارتوں کو نقصان پہنچا۔
دوسری جانب مشرق وسطیٰ میں بھی امریکی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔ اطلاعات کے مطابق عراق کے شہر اربیل میں امریکی فوجی اڈے اور کویت میں عریفجان بیس پر حملے کیے گئے جہاں دو کویتی فوجیوں کی ہلاکت کی اطلاع ہے۔
ادھر متحدہ عرب امارات نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے ایران کی جانب سے داغے گئے 16 بیلسٹک میزائل اور 117 ڈرونز کو فضا میں تباہ کر دیا۔ -

آپریشن غضب للحق میں 583 افغان طالبان ہلاک، 795 زخمی: عطا تارڑ
وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان نے افغانستان کے اندر جاری آپریشن ’غضب للحق‘ کے دوران اب تک 583 افغان طالبان کو ہلاک جبکہ 795 سے زائد کو زخمی کر دیا ہے۔
اتوار کو سوشل میڈیا پر جاری بیان میں عطا تارڑ نے بتایا کہ آپریشن کے دوران پاکستان کی کارروائیوں میں بڑی تعداد میں طالبان جنگجوؤں کو نشانہ بنایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ اس آپریشن کے دوران 242 چیک پوسٹیں تباہ کی گئیں جبکہ 38 چیک پوسٹوں پر قبضہ کر کے انہیں بھی مسمار کر دیا گیا۔
وزیر اطلاعات کے مطابق کارروائیوں میں 213 ٹینک اور بکتر بند گاڑیاں تباہ کی گئیں جبکہ افغانستان میں 64 مختلف مقامات کو فضائی حملوں میں نشانہ بنایا گیا۔
واضح رہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان سرحدی جھڑپیں 26 فروری کو اس وقت شروع ہوئیں جب افغان فورسز نے سرحد کے قریب پاکستانی فوجی تنصیبات پر حملہ کیا۔ افغانستان کا مؤقف ہے کہ یہ کارروائی پاکستان کی جانب سے افغانستان میں عسکریت پسندوں کے مبینہ کیمپوں پر فضائی حملوں کے ردعمل میں کی گئی تھی۔ -

ٹی 20 ورلڈ کپ فائنل: بھارت کا نیوزی لینڈ کو جیت کیلئے 256 رنز کا ہدف
ٹی 20 ورلڈ کپ کے فائنل میں بھارت نے نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 256 رنز کا بڑا ہدف دے دیا ہے۔
احمد آباد کے کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے فائنل میچ میں بھارتی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 255 رنز اسکور کیے۔
بھارت کی جانب سے سنجو سیمسن نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 89 رنز بنائے جبکہ ایشان کشن نے 54 اور ابھیشیک شرما نے 52 رنز کی اہم اننگز کھیلی۔
دیگر کھلاڑیوں میں ہاردک پانڈیا نے 18 اور تلک ورما نے 8 رنز اسکور کیے جبکہ شیوَم دوبے نے صرف 8 گیندوں پر جارحانہ انداز میں 26 رنز بنائے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے جیمی نیشم سب سے کامیاب بولر رہے جنہوں نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ -

ایران جنگ کیلئے برطانیہ کے طیارہ بردار بحری جہازوں کی ضرورت نہیں، ٹرمپ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ جاری جنگ میں امریکا کو برطانیہ کے طیارہ بردار بحری جہازوں کی ضرورت نہیں ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں ٹرمپ نے کہا کہ امریکا مشرق وسطیٰ میں اپنی فوجی صلاحیت کے ساتھ کارروائی کرنے کی مکمل اہلیت رکھتا ہے اور اسے برطانیہ کی اضافی فوجی مدد درکار نہیں۔
یہ بیان برطانوی وزارت دفاع کے اس اعلان کے بعد سامنے آیا جس میں کہا گیا تھا کہ برطانیہ اپنے دو بڑے طیارہ بردار بحری جہازوں میں سے ایک ایچ ایم ایس پرنس آف ویلز کو ہائی الرٹ پر رکھ رہا ہے۔
ٹرمپ نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ برطانیہ، جو کبھی امریکا کا عظیم اتحادی تھا، اب مشرق وسطیٰ میں دو طیارہ بردار بحری جہاز بھیجنے پر غور کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ یہ اقدام ٹھیک ہے مگر امریکا کو اس کی ضرورت نہیں۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ امریکا کو ایسے اتحادیوں کی ضرورت نہیں جو جنگ کے اختتام کے بعد اس میں شامل ہونے کی کوشش کریں۔
سیاسی مبصرین کے مطابق ٹرمپ کے اس بیان سے امریکا اور برطانیہ کے تعلقات میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کی جھلک ملتی ہے جو ٹرمپ کے دوبارہ اقتدار میں آنے کے بعد سے نمایاں ہوئی ہے۔ -

سعودی عرب کی ایران کو پہلی بار جوابی کارروائی کی وارننگ
سعودی عرب نے پہلی بار ایران کو خبردار کیا ہے کہ اگر حملے جاری رہے تو ریاض جوابی کارروائی کرنے پر مجبور ہو سکتا ہے۔
برطانوی خبر ایجنسی کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی عرب نے تہران کو پیغام دیا ہے کہ اگر ایران کے حملے جاری رہے تو سعودی حکومت امریکا کو اپنے فوجی اڈے ایران کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت دے سکتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق خلیجی ممالک نے اب تک ایران پر حملوں کے لیے امریکا کو اپنی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی۔
ادھر قطر کے امیر نے بھی امریکی صدر سے رابطہ کیا اور واضح کیا کہ قطر اپنی قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کرنے سے نہیں ہچکچائے گا۔
متحدہ عرب امارات کے صدر محمد بن زاید النہیان نے بھی سخت بیان دیتے ہوئے کہا کہ یو اے ای آسان ہدف نہیں اور اپنے ملک کے دفاع میں کسی قسم کی کوتاہی نہیں کی جائے گی۔
دوسری جانب ایران کا مؤقف ہے کہ اس کے حملوں کا ہدف خلیجی ممالک نہیں بلکہ خطے میں موجود امریکی مفادات ہیں اور اس نے مطالبہ کیا ہے کہ خطے میں امریکی فوجی موجودگی ختم کی جائے۔