مظفرگڑھ کے اسپورٹس گراؤنڈ میں دھی رانی پروگرام کے چوتھے مرحلے کے تحت 207 اجتماعی شادیوں کی ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں 3 غیر مسلم مستحق جوڑے اور 4 معذور جوڑے بھی شامل تھے۔
تقریب میں صوبائی وزیر سماجی بہبود سہیل شوکت بٹ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی عوامی فلاح اور دوراندیش قیادت کو سراہا۔
اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی اجمل چانڈیا، ایم پی اے عون حمید ڈوگر، ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلفیئر طارق قریشی، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر اظہر یوسف، ڈپٹی کمشنر عثمان طاہر جپہ اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سید غضنفر علی شاہ بھی موجود تھے۔
رکن صوبائی اسمبلی اجمل چانڈیا نے خطاب کرتے ہوئے اجتماعی شادیوں اور دھی رانی پروگرام کے اقدامات کو سراہا اور وزیر اعلیٰ پنجاب کی فلاحی پالیسیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
صوبائی وزیر سماجی بہبود سہیل شوکت بٹ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے وژن کے مطابق دھی رانی پروگرام کے تحت مستحق بچیوں کے حقوق اور سہولیات کا عملی تحفظ یقینی بنایا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ دو برسوں میں محکمہ سماجی بہبود نے ہمت کارڈ، وہیل چیئرز اور دیگر فلاحی منصوبوں کا کامیاب اجرا کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دھی رانی پروگرام کے تحت تمام منصوبے شفاف انداز میں نافذ کیے گئے ہیں اور ہر مستحق جوڑے کو دو لاکھ روپے کی مالی امداد براہِ راست اے ٹی ایم کے ذریعے فراہم کی گئی ہے۔
صوبائی وزیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب ایک ماں کے جذبے کے تحت مستحق جوڑوں کی شادیوں کی ذمہ داری نبھا رہی ہیں۔
Category: پنجاب
-

مظفرگڑھ میں دھی رانی پروگرام کے تحت 207 اجتماعی شادیاں
-

میٹرک و انٹرمیڈیٹ امتحانات میں بائیومیٹرک حاضری لازمی
پنجاب کے تمام بورڈز آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات میں بائیومیٹرک حاضری کو لازمی قرار دے دیا ہے۔ لاہور بورڈ کی جانب سے تمام پرنسپلز اور ہیڈ ماسٹرز کو خطوط جاری کیے گئے ہیں، جن میں کہا گیا ہے کہ چیف منسٹر کے ٹاسک فورس برائے امتحانی اصلاحات کی ہدایات اور ہائر/اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے احکامات کے مطابق تمام امیدواروں کی امتحانی مراکز پر لائیو بایومیٹرک حاضری لازمی ہوگی۔
خط میں مزید کہا گیا ہے کہ امیدواروں کے دونوں انگوٹھوں کے فنگر پرنٹس اسکین کرنا لازمی ہوگا اور ادارے کے سربراہ اس عمل میں کسی قسم کی غفلت یا تاخیر کے ذمہ دار ہوں گے۔
ریگولر اور پرائیویٹ طلبہ اپنے متعلقہ اسکول یا کالج میں بائیومیٹرک رجسٹریشن کرائیں گے، جہاں بورڈ کی فراہم کردہ سافٹ ویئر یا ایپلیکیشن کے ذریعے اسکین کا عمل مکمل کیا جائے گا۔ -

امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر کی لاہور میں بسنت کی تقریبات میں شرکت
امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر بسنت کی تقریبات میں شرکت کے لیے لاہور کے دہلی گیٹ پہنچیں، جہاں پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب اور صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
بسنت کے موقع پر نیٹلی بیکر اور امریکی سفارتی وفد نے روایتی لباس زیب تن کیا اور پتنگ بازی میں حصہ لیا۔ ان خوشگوار لمحات میں لاہور میں تعینات امریکی قونصل جنرل اسٹیٹسن سینڈرز بھی وفد کے ہمراہ موجود تھے۔
تقریب کے دوران مریم اورنگزیب نے امریکی سفیر، قونصل جنرل اور انڈر سیکریٹری کو پتنگ اڑانے کے طریقے سکھائے اور بسنت کے حوالے سے کی گئی خصوصی سجاوٹ اور انتظامات سے آگاہ کیا۔
امریکی وفد نے پتنگ بازی کے ساتھ ساتھ لاہوری کھانوں، مقامی ثقافت اور پاکستانی مہمان نوازی کو بھی سراہا۔
اس موقع پر مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ثقافتی سرگرمیاں قوموں کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں، جبکہ بسنت جیسے تہوار پاکستان کی پُرامن اور مثبت شناخت کو اجاگر کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ غیر رسمی ماحول میں ہونے والی ایسی ملاقاتیں باہمی اعتماد اور دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بناتی ہیں۔ -

کسانوں کو مڈل مین یا مارکیٹ کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جائے گا ،مریم نواز
پنجاب میں آلو کی ریکارڈ پیداوار کے بعد صوبہ عالمی منڈی میں آلو کی برآمد کے قابل بننے کے قریب پہنچ گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں آلو کی پیداوار میں 25 فیصد اضافہ ہوا ہے اور تاریخی طور پر پنجاب میں آلو کی پیداوار 12 ملین میٹرک ٹن تک پہنچ گئی ہے پنجاب حکومت نے کسانوں کے مفاد میں موثر اقدامات کیے ہیں تاکہ پیداوار ضائع نہ ہو اور آلو کے نرخ مستحکم رہیں اسی سلسلےمیں وزیراعظم پاکستان سے آلو کی برآمدات کی اجازت طلب کی گئی ہےتاکہ کسانوں کو بہتر معاوضہ فراہم کیاجا سکےاور پیداوار کو کوڑیوں میں نہ بیچاجا ئے۔
پنجاب حکومت اور قازقستان کے درمیان زرعی تعاون کی عملی پیش رفت بھی جاری ہے وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ آج پاکستان میں موجود قازقستان کے اعلی سطح وفد کے ساتھ آلو کی برآمد کے لیے اہم ملاقات متوقع ہے، جس میں نئی برآمدی مارکیٹوں تک رسائی کے اقدامات حتمی شکل اختیار کریں گے۔
مریم نواز شریف نے زور دیا کہ کسانوں کو مڈل مین یا مارکیٹ کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جائے گا اور صوبائی حکومت وفاق کے ساتھ مل کر عملی اقدامات کر رہی ہے تاکہ آلو کی پیداوار کے پھل کسانوں تک پہنچیں اور وہ خوشحالی محسوس کریں۔ انہوں نے کہا کہ آلو کی بمپر پیداوار کسانوں کے لیے پریشانی نہیں بلکہ خو شحا لی کا پیغام لائے گی، قازقستان کے بعد پنجاب حکومت مزید بین الاقوامی زرعی منڈیوں تک رسائی حاصل کرنے کے اقدامات کرے گی تاکہ پاکستان کی پید اوار عالمی سطح پر بہترین قیمت پر فروخت ہو سکے۔
-

شعور سے پیٹ نہیں بھرتا، کے پی حکومت عوام کا حق کھا رہی ہے، مریم نواز
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ کے پی حکومت جب ترقی کا حوالہ دیتی ہے تو کہتی ہے کہ ہم نے آپ کو شعور دیا، لیکن کیا شعور کسی کا پیٹ بھر سکتا ہے؟ کیا لوگ روٹی کی جگہ شعور کھائیں گے؟
انہوں نے کہا کہ ورکر اور ووٹر کے بچے جیل میں ہیں جبکہ اپنے بچے برطانیہ میں ہیں، اور جیل میں بیٹھا شخص کہتا ہے کہ بچوں پاکستان نہ آئیں تاکہ انہیں گرم ہوا نہ لگے۔
راجن پور میں گرین الیکٹرک بسوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ جعلی حکومت وہ ہوتی ہے جو عوام کے حقوق اور ترقی کو کھا جاتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا کی حکومت میں عام ورکرز اور حکمرانوں کے بچوں کے لیے شعور مختلف ہے، اور جب تک عوام اپنے حکمرانوں سے سوال نہیں کریں گے، وہ ناکامی کا مظاہرہ کرتے رہیں گے۔
مریم نواز نے بانی پی ٹی آئی پر بھی تنقید کی کہ وہ اپنے بچوں کو برطانیہ بھیج کر پاکستان نہ آنے کی تلقین کرتے ہیں، جبکہ ورکرز کے بچوں کے لیے مشکلات پیدا کی جاتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ جہاز لے کر منصوبوں کا افتتاح کرتے ہیں، لیکن یہ جہاز عوام کے لیے نہیں بلکہ اپنے ذاتی مفاد کے لیے ہیں، کیونکہ اڈیالا میں کبھی جہاز نہیں اترتے۔
تقریب کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب نے راجن پور میں گرین الیکٹرک بسوں کے منصوبے کا افتتاح کیا۔ -

رحمان بابا ایکسپریس میں دوران سفر خاتون نے بچی کو جنم دیا
رحمان بابا ایکسپریس میں سفر کے دوران ایک خاتون نے بچی کو جنم دیا۔
ریلوے پولیس کے مطابق، ٹرین انجن کے خراب ہونے کی وجہ سے دھابیجی اسٹیشن پر کھڑی تھی، اسی دوران خاتون نے بچی کو جنم دیا۔
ٹرین میں موجود ایک ڈاکٹر نے فوری طور پر خاتون کو طبی امداد فراہم کی۔
ریلوے پولیس نے بتایا کہ ماں اور بچی دونوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ -

ڈاکٹر اکبر ناصر آئی جی گلگت بلتستان تعینات
گریڈ 20 کے پولیس افسر ڈاکٹر اکبر ناصر خان کو انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس گلگت بلتستان کے عہدے پر تعینات کر دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ڈاکٹر اکبر ناصر خان پہلے آئی جی اسلام آباد کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں اور ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) ایف آئی اے کے طور پر بھی اپنی خدمات دے چکے ہیں۔
ان کی تعیناتی کے بعد موجودہ آئی جی گلگت بلتستان افضل محمود بٹ کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اس فیصلے سے گلگت بلتستان میں پولیس کے قیادت کے امور میں نئی سمت متوقع ہے۔ -

لاہور میں فضائی آلودگی کی صورتحال ایک بار پھر تشویشناک
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران اسلام آباد میں چند مقامات پر بارش کا امکان ہے-
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پنجاب کے زیادہ تر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا، تاہم نارووال، سیالکوٹ اور جہلم میں بارش متوقع ہے جبکہ مری، گلیات اور گردونواح میں بارش کے ساتھ برفباری کا امکان ہےاس کے علاوہ خیبرپختونخوا کے اضلاع ایبٹ آباد، مانسہرہ، بٹگرام، کوہستان، دیر اور سوات میں بھی چند مقامات پر بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہےگلگت بلتستان میں بھی بعض علاقوں میں بارش اور برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے۔
دوسری جانب لاہور میں فضائی آلودگی کی صورتحال ایک بار پھر تشویشناک ہو گئی ہے۔ عالمی سطح پر آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں لاہور ساتویں نمبر پر آ گیا ہے۔ شہر کا مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس 184 ریکارڈ کیا گیا ہے ڈی ایچ اے فیز ایٹ میں سب سے زیادہ اے کیو آئی 423 ریکارڈ کیا گیا، جبکہ وحدت روڈ کے علاقے میں 348 اور ٹھوکر نیاز بیگ میں 324 اے کیو آئی ریکارڈ ہوا۔
-

پنجاب میں بسنت: شہریوں سے ذمہ داری کے ساتھ تہوار منانے کی اپیل
صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے بسنت کے تہوار کو ذمہ داری کے ساتھ منانے کی اپیل کی ہے اور شہریوں سے کہا ہے کہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔
عظمیٰ بخاری کے مطابق پنجاب حکومت نے بسنت کے حوالے سے قواعد و ضوابط طے کر دیے ہیں۔ ٹریفک پولیس نے 10 لاکھ سیفٹی راڈز موٹرسائیکلوں پر مفت نصب کیے ہیں اور ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کروا رہی ہیں۔ ڈور کے پنے، ہر پتنگ اور گڈے پر خصوصی کیو آر کوڈ لگائے گئے ہیں، جبکہ پتنگیں فروخت کرنے والے اور خریدنے والوں کا مکمل ڈیٹا بھی محفوظ رکھا جائے گا۔
بسنت کے تین دن شہریوں کو الیکٹرک بسیں، رکشے اور ٹیکسیوں کی مفت سہولت فراہم کی جائے گی۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے 25 سال بعد عوام کو بسنت جیسے ثقافتی تہوار کو محفوظ انداز میں منانے کا موقع فراہم کیا ہے اور پنجاب کی ثقافت کی بحالی کا کریڈٹ مریم نواز کو جاتا ہے۔ -

نواز شریف اور اسحاق ڈار کا داتا دربار کا دورہ
مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف نے گزشتہ روز حضرت علی ہجویریؒ (داتا دربار) کا دورہ، کیا مزار پر پھول چڑھائے اور ملکی سلامتی کے لیے دعائیں کیں-
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ ان کے ساتھ موجود تھے،چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ نے مہمانوں کا استقبال کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل اوقاف شاہد کلیانی، ایڈمنسٹریٹر محمد علی خان سمیت دیگر افسران اور منیجرز بھی موجود تھے،میاں نواز شریف اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے مزار پر فاتحہ خوانی کی، چادر چڑھائی اور پھول نچھاور کیے انہوں نے ملک اور قوم کے امن، سلامتی، خوشحالی اور استحکام کے لیے دعا بھی کی۔
اس موقع پر نواز شریف نے کہا کہ حضرت علی ہجویریؒ کا مزار روحانی سکون، برداشت اور ہم آہنگی کا عظیم مرکز ہے، اور اس مقدس مقام پر آنے والے زائرین کی خدمت ایک قومی ذمہ داری ہے،زائرین کو زیادہ سے زیادہ سہولیات، سیکیورٹی، صفائی اور سہولت کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، اور داتا دربار کے تقدس، تاریخی ورثے اور روحانی ماحول کے تحفظ کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں ہر سال ملک بھر سے اور بیرونِ ملک سے لاکھوں زائرین داتا دربار آتے ہیں، اور حکومت اس بات کے لیے پُرعزم ہے کہ زائرین کو جدید سہولیات فراہم کی جائیں جبکہ مزار کی مذہبی اور ثقافتی اہمیت کو مکمل طور پر برقرار رکھا جائے۔
اس موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہاکہ داتا دربار کی توسیع و ترقی کا منصوبہ ایک اہم اور تاریخی منصوبہ ہے جس کا مقصد لاکھوں زائرین کو سہولیات فراہم کرنا ہے ایسے منصوبے مذہبی ورثے کے تحفظ اور عوام کو جدید و بہتر خدمات فراہم کرنے کے حکومتی وژن کی عکاسی کرتے ہیں۔
ڈاکٹر احسان بھٹہ نے سابق وزیراعظم میاں نواز شریف اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کو داتا دربار کے توسیعی منصوبے اور جاری ترقیاتی کاموں کی تازہ ترین پیش رفت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی،حمد نواز شریف اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کام کے معیار اور رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا، انہوں نے سیکریٹری اوقاف ڈاکٹر احسان بھٹہ اور ان کی پوری ٹیم کی کارکردگی کو سراہا اور اس اہم منصوبے کی بروقت تکمیل کے لیے ان کی محنت، لگن اور وابستگی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔