Baaghi TV

Category: خواتین

  • سیدہ فاطمہ زاہرا سلام اللہ علیہا کی عظمت. تحریر : سیدہ عطرت بتول نقوی

    سیدہ فاطمہ زاہرا سلام اللہ علیہا کی عظمت. تحریر : سیدہ عطرت بتول نقوی

    علامہ اقبال نہ صرف ایک آفاقی شاعر تھے بلکہ وہ عظیم مفکر ، فلسفی ، صوفی ، قانون دان اور مصنف تھے پوری دنیا میں ان کا کلام پسند کرنے والے اور ان کے چاہنے والے موجود ہیں اور اقبالیات ایک وسیع موضوع بن چکا ہے وہ ہر دور کے شاعر ہیں پیغبر اسلام صل اللہ علیہ وآلہ وسلم کے عشق میں سرشار تھے اور قرآن سے وابستگی نے ان کا اقبال مزید بلند کیا اردؤ شاعری کی طرح ان کی فارسی شاعری بھی لاجواب ہے لیکن فارسی عام زبان نہ ہونے کی وجہ سے ان کا یہ کلام زیادہ منظر عام پر نہیں آ تا

    علامہ اقبال کی ایک شاہکار فارسی نظم جو ،، رموز بےخودی ،، میں موجود ہے اور جناب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی صاحب زادی فاطمہ زاہرا سلام اللہ علیہا کے بارے میں ہے اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ علامہ اقبال کو جناب سیدہ کی کتنی معرفتِ تھی وہ جناب رسول اللہ صل اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اس فرمان کی گہرائی کو سمجھ گئے تھے کہ ،، فاطمہ بضعتہ منی ،، ( فاطمہ میرا ٹکڑا ہے ) اور یہ حدیث مبارکہ بھی کہ ،، فاطمہ سیدہ ۃ نساء عالمین ( فاطمہ سارے جہان کی عورتوں کی سردار ہے )

    اقبال کہتے ہیں
    مریم از یک نسبت عیسی عزیز
    از سہ نسبت حضرت زہرا عزیز
    ( بی بی مریم سلام اللہ علیہا حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے حوالے سے بزرگ وبرتر ہیں جبکہ فاطمہ زاہرا تین نسبتوں سے بزرگ وعزیز ہیں آ پ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی نور چشم ہیں جو اولین و آخرین عالم کے رہبر و امام ہیں
    آ نکہ جان در پیکر گیتی دمید
    روز گار تازہ آ ئین آ فرید
    ( وہی رحمت للعالمین جنہوں نے کائنات کے پیکر میں روح پھونک دی اور ایک تازہ دین سے معمور زمانے کی تخلیق فرمائی )
    بانوے آ ن تاجدار ھل اتیٰ
    مرتضیٰ مشکل کشا شیرِ خدا
    ( آ پ ھل اتیٰ کے تاجدار مرتضیٰ شیر خدا کی زوجہ معظمہ ہیں)

    مادر آ ن مرکز پرکار عشق
    مادر آ ن کاروان سالار عشق
    ( ان کی ماں ہیں جو عشق کا مرکزی نقطہ اور پرکار عشق ہیں اور ماں ہیں ان کی جو کاروان عشق کے سردار ہیں )

    آ ن ادب پروردہ ء صبر ورضا
    آ سیا گردان ولب قرآن سرا
    ( صبر ورضا کا یہ عالم تھا کہ چکی پیستی جاتی تھیں اور لبوں پر قرآن جاری رہتا)

    بہر محتاجی دلش آ ن گونہ سوخت
    با یہودی چادر خود را فروخت
    ایک محتاج اور مسکین کی حالت پر ان کو اس قدر ترس آ یا کہ اپنی چادر یہودی کو بیچ ڈالی)

    رشتہ آ ئین حق زنجیر پاست
    پاس فرمان جناب مصطفیٰ است
    (آ ئین حق سے رشتہ تعلیماتِ اِسلام اور رسول اللہ کا فرمان میرے پاؤں میں زنجیر ڈال دیتا ہے)
    ورنہ گرد تر بتش گردید می
    سجدہ ہا بر خاک او پاشید می
    ( ورنہ میں آ پ کی تربت کے گرد طواف کرتا اور اس خاک پر سجدے کرتا )

    علامہ اقبال کی اس نظم کے آ خری اشعار حیرت انگیز اور بے حد متاثر کن ہیں انہوں نے سیرت جناب سیدہ فاطمہ کا کتنا گہرا مطالعہ کیا تھا کہ وہ کہتے ہیں کہ میرے پاؤں میں شریعت کی زنجیر نہ ہوتی تو میں ان کی قبر مبارک کا طواف کرتا اور سجدے کرتا ،یقننا جناب سیدہ فاطمہ زاہرا سلام اللہ علیہا ایسی ہی قدر و منزلت والی ہستی تھیں رسول اللہ ان کے آ نے پر کھڑے ہو جاتے تھے ان کی پیشانی پر بوسہ دیتے تھے اور اپنی جگہ پر بٹھا لیتے تھے وہ شہر علم تھے علم نبوت کی رو سے جانتے تھے کہ ان کی بیٹی کے پیارے بیٹے اپنے نانا کے دین پر قربان ہونگے اور وہ کفار مکہ جو ان کو طعنے دیتے تھے کہ آ پ کا کوئی بیٹا نہیں ہے آ پ کی نسل ختم ہوجائے گی اللہ نے اپنے پیارے حبیب کی نسل ان کی بیٹی سے چلائی ،اس زمانے میں جب جاہل عرب بیٹیوں کو زندہ دفن کر دیتے تھے رسول اللہ صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم نے بیٹی کی قدر و منزلت فرمائی ان کو ہر طرح کے حقوق دینے بیٹی کے بچوں کو کندھے پر بٹھایا اور کہا حسن وحسین جنت کے نوجوانوں کے سردار ہیں ،مدینے کے عیسائی جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات سے انکار کرتے تھے اور عیسیٰ علیہ السلام کو اللہ کا بیٹا کہتے تھے تب اللہ تعالیٰ نے سورۃ آل عمران میں فرمایا کہ
    ،، اے رسول یہ تم سے عیسیٰ کے بارے میں بات کرتے ہیں تم ان سے کہہ دو کہ تم اپنے بیٹوں کو لاؤ ہم اپنے بیٹوں کو لاتے ہیں تم اپنی عورتوں کو لاؤ ہم اپنی عورتوں کو لاتے ہیں تم اپنے نفسوں کو لاؤ اور ہم اپنے نفسوں کو لاتے ہیں اور پھر عیسیٰ کے بارے میں مباہلہ کرتے ہیں اور پھر جو جھوٹا ہو اس پر خدا کی لعنت ،،
    ( آیت نمبر 61 ، پارہ تیسرا ، محل نزول مدینہ)

    سورۃ آل عمران کی ان آ یات کے نازل ہونے کے بعد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم قرآنی حکم کے مطابق اپنے بیٹوں کے طور پر اپنے نواسوں حسن وحسین علیھم السلام اور فاطمہ زاہرا سلام اللہ علیھا اور حضرت علی علیہ السلام کو لے کر میدان مباہلہ میں نجران کے عیسائیوں سے مباہلہ کرنے گئے تھے ،فاطمہ زاہرا سلام اللہ علیہا کے بچوں نے بچپن میں ہی اپنے نانا جان کے ہمراہ توحید کی روشنی سے جہان کو منور کیا اور اپنی عالی مرتبت ماں کی تربیت سے ایک زمانے کو حریت وصداقت کا درس دیا

    اقبال فرماتے ہیں
    سیرت فرزند ہا از امات
    جوہر صدق وصفا از امات
    مزرع تسلیم را حاصل بتول
    مادران را اسوہ کامل بتول
    ( فرزندوں کوسیرت اور روش زندگی ماؤں سے ورثے میں ملتی ہے صدق وخلوص کا جوہر ماؤں سے ملتا ہے اور تسلیم اور عبودیت کی کھیتی کا حاصل بتول ہیں اور ماؤں کے لیے نمونہ کامل بتول ہیں)

    ( 3 جمادی الثانی جناب سیدہ فاطمہ زاہرا سلام اللہ علیہا کے یوم رحلت پر لکھا گیا مضمون)

  • ایک کالم صرف لڑکیوں کیلئے۔۔۔ تحریر:شاہد نسیم چوہدری

    ایک کالم صرف لڑکیوں کیلئے۔۔۔ تحریر:شاہد نسیم چوہدری

    یہ دور سوشل میڈیا کا ہے، جہاں فاصلے سمٹ چکے ہیں، اور ہر کوئی دنیا کے کسی بھی کونے میں بیٹھ کر کسی سے بھی رابطہ کر سکتا ہے۔ محبت کے جذبات بھی ان ڈیجیٹل راستوں پر بہنے لگے ہیں، جہاں ایک تصویر، ایک میسج، ایک ویڈیو کال کسی کو دل کے قریب کر دیتی ہے۔ مگر سوال یہ ہے کہ کیا یہ محبت حقیقت میں بھی اتنی ہی گہری اور سچی ہوتی ہے جتنی کہ دکھائی دیتی ہے؟اونیجا اینڈریو رابنس نامی یہ امریکی خاتون گذشتہ کئی دنوں سے پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں موجود ہیں اور اُس کی موجودگی خبروں اور تبصروں کی زینت بن رہی ہے۔ویزا کی معیاد پوری ہونے اور پاکستانی اور امریکی حکام کی متعدد کوششوں کے باوجود وہ واپس امریکہ جانے سے انکاری ہیں۔ اُن کا دعویٰ ہے کہ وہ کراچی میں ایک پاکستانی نوجوان کی محبت میں مبتلا ہو کر اُس کی تلاش میں پہنچی تھیں۔

    یہ کہانی ایک ایسی لڑکی کی ہے جو امریکہ میں پلی بڑھی، آزادی اور خودمختاری کی زندگی گزار رہی تھی۔ مگر دل پر کسی کا اختیار نہیں ہوتا۔ فیس بک پر ایک پاکستانی نوجوان سے دوستی ہوئی، اور پھر یہ دوستی محبت میں بدل گئی۔ دن رات کی گفتگو، وعدے، خواب، اور یقین دہانیاں اسے اس حد تک لے آئیں کہ اس نے اپنا سب کچھ چھوڑ کر پاکستان آنے کا فیصلہ کر لیا۔یہ اس کامحبت کا سفر تھا یا زندگی کی سب سے بڑی غلطی؟۔یہ لڑکی سب کچھ چھوڑ کر پاکستان آئی، دل میں خوشی، امید، اور محبت کا چراغ جلائے۔ اس نے یقین کر لیا تھا کہ جس شخص سے وہ ملنے جا رہی ہے، وہ اس کا سچا محبت کرنے والا ہے، جو اسے عزت، خوشی اور تحفظ دے گا۔ لیکن جیسے ہی وہ پاکستان پہنچی، اس کا خواب ٹوٹ گیا۔ وہ لڑکا جو اسے ایئرپورٹ پر لینے آنا تھا، غائب ہو چکا تھا۔بار بار کال کرنے پر بھی کوئی جواب نہیں، میسجز بھیجنے پر کوئی ردعمل نہیں، اور جب اس نے گھر والوں سے رابطہ کرنے کی کوشش کی تو پتا چلا کہ وہ لڑکا حقیقت میں کہیں اور مصروف تھا، اور اس کے جذبات محض ایک کھیل تھے۔ وہ لڑکی ایک اجنبی ملک میں، اکیلی، بے سہارا، اور دل شکستہ کھڑی رہ گئی۔

    یہ کہانی ایک سبق ہے۔یہ صرف ایک کہانی نہیں، بلکہ ایک سبق ہے ان تمام لڑکیوں کے لیے جو سوشل میڈیا کی محبت کو حقیقت سمجھ کر اپنی زندگی کی سب سے بڑی غلطی کر بیٹھتی ہیں۔محبت ایک خوبصورت جذبہ ہے، لیکن یہ ضروری ہے کہ محبت اور دھوکہ میں فرق کیا جائے۔ فیس بک، انسٹاگرام، یا دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر کسی کے میٹھے بول اور جھوٹی محبت کے جال میں آ کر اپنی زندگی کو خطرے میں ڈالنا ایک بڑی نادانی ہے۔آنکھیں بند کر کے اعتبار نہ کریں۔سوشل میڈیا پر کسی سے تعلق بنانا آسان ہے، لیکن اعتبار کرنے سے پہلے تحقیق کرنا ضروری ہے۔ جو شخص آپ سے محبت کا دعویٰ کرتا ہے، وہ حقیقت میں کیسا ہے؟ کیا اس کی باتوں میں سچائی ہے؟ کیا وہ واقعی آپ کے لیے کچھ کر سکتا ہے یا محض وقت گزاری کر رہا ہے؟ یہ سب جانچنا ضروری ہے۔محبت میں جلد بازی نقصان دہ ہو سکتی ہے۔محبت ایک خوبصورت احساس ہے، لیکن اگر یہ جذبات میں بہہ کر کی جائے تو نقصان دہ ہو سکتی ہے۔ کسی سے محض آن لائن بات چیت کے بعد اس پر اپنی زندگی کا فیصلہ کرنا حماقت ہے۔اپنے خاندان کو اعتماد میں لینا ضروری ہے۔اگر کوئی واقعی آپ سے محبت کرتا ہے تو وہ آپ کے خاندان کے سامنے آنے سے نہیں گھبرائے گا۔ اگر کوئی شخص آپ کو چھپ کر، خفیہ طور پر ملنے یا کسی اور ملک آنے کے لیے مجبور کر رہا ہے تو یہ واضح اشارہ ہے کہ کچھ غلط ہے۔ خود کو قیمتی سمجھیں ،کسی بھی لڑکی کی عزت، خودداری، اور زندگی کسی کے جھوٹے وعدوں سے زیادہ قیمتی ہے۔ کوئی بھی شخص جو آپ کی سچائی کا فائدہ اٹھا کر آپ کے جذبات سے کھیل رہا ہو، وہ آپ کے لائق نہیں۔ایسی کہانیوں کو دہرانے سے کیسے بچا جائے؟یہ صرف ایک کہانی نہیں، بلکہ سوشل میڈیا پر ہونے والے ان گنت دھوکوں میں سے ایک ہے۔

    آئے دن ہم ایسی خبریں سنتے ہیں کہ کسی لڑکی نے کسی اجنبی پر بھروسہ کر کے اپنی زندگی برباد کر لی۔ اس سے بچنے کے لیے چند احتیاطی تدابیر اپنائی جا سکتی ہیں: کسی سے آن لائن دوستی ہونے پر پہلے مکمل تحقیق کریں۔ محبت کے جذبات میں جلد بازی نہ کریں۔کسی اجنبی پر بغیر ملے اور سمجھے اعتبار نہ کریں۔اگر کوئی شخص سچی محبت کرتا ہے تو وہ کبھی بھی آپ کو خود سے الگ نہیں کرے گ۔ااپنی عزت نفس، خودمختاری اور وقار کو ہر چیز سے زیادہ اہم رکھیں۔اس کے نتیجہ میں سچی محبت وہی ہے جو عزت دے۔سچی محبت وہی ہوتی ہے جو عزت دے، اعتماد دے، اور سب کے سامنے ہو۔ جو محبت چھپانی پڑے، جو آن لائن وعدوں اور جھوٹے خوابوں پر قائم ہو، وہ محض ایک دھوکہ ہوتی ہے۔وہ امریکی لڑکی شاید اب اپنی زندگی کی سب سے بڑی غلطی پر پچھتا رہی ہو گی، لیکن اگر اس کی کہانی کسی اور لڑکی کے لیے سبق بن جائے، تو شاید وہ اپنی زندگی برباد ہونے سے بچا سکے۔ محبت خوبصورت ہے، لیکن اس کے لیے آنکھیں کھلی رکھنا ضروری ہیں۔یاد رکھیں عزت ہی سب کچھ ہے۔عزت وہ اثاثہ ہے جو نہ خریدا جا سکتا ہے، نہ کسی کو دے کر واپس لیا جا سکتا ہے۔ یہ وہ قیمتی متاع ہے جو اگر ایک بار ہاتھ سے نکل جائے تو پوری زندگی کی تگ و دو بھی اسے واپس نہیں لا سکتی۔ دولت، شہرت، محبت سب کچھ فانی ہے، مگر عزت وہ دائمی دولت ہے جو انسان کی پہچان بنتی ہے۔ جو عزت کو قربان کر دے، وہ سب کچھ کھو دیتا ہے۔ اپنی عزت کی حفاظت کرنا ہی اصل کامیابی ہے، کیونکہ دنیا میں اگر کوئی چیز سب سے قیمتی ہے، تو وہ عزت ہے—اور عزت ہی سب کچھ ہے!یہ کالم صرف لڑکیوں کے لئے ہے، امریکن لڑکی کی حالت پر غور کریں اس سے سبق سیکھیں،کیونکہ جو آپکے لئے آپ کے والدین سوچتے ہیں ، اسی میں عافیت اور بھلائی ہے، وگرنہ فیس بک کی دوستی پرامریکن لڑکی کی پاکستانی لڑکے سے شادی کے نام پر ذلالت تو آپ نے دیکھ ہی لی ہے

  • ماہ نیم شب۔تحریر:فرح علوی

    ماہ نیم شب۔تحریر:فرح علوی

    ماہ نیم شب
    تحریر:فرح علوی
    وہ ہسپتال کے ویٹنگ روم میں بیٹھا اپنی باری آنے کا انتظار کر رہا تھا۔ اندر کو دھنسی آنکھیں اور چہرے پر کرب کی بے شمار کہانیاں لکھی تھیں۔ ملگجی سا میلا کچیلا لباس اور ٹوٹے پھوٹے جوتے پہنے ہوئے، اس کی حالت بہت قابلِ رحم تھی۔

    "شاکر خان۔۔۔۔۔۔!” نرس نے اس کا نام پکارا تو وہ بے تاثر سی خالی خالی نظروں سے ڈاکٹر کے کمرے کی طرف دیکھتے ہوئے جونہی روم کے اندر داخل ہوا تو اس کی نظر اپنے سامنے بیٹھی ڈاکٹر ادینہ پر پڑی۔ وہ اس کی طرف دیکھ کر گھوم سا گیا۔ حیرت و بے یقینی کے عالم میں اسے کچھ سمجھ نہیں آ رہی تھی۔ فائل پر جھکا چہرہ، جس پر بلا کا اعتماد تھا۔ بالوں کا بنا بیک کومب اسٹائل اور سادہ سے سوٹ پر اوور آل پہنے ہوئے، وہ بہت باوقار لگ رہی تھی۔

    "آئیے۔۔۔۔۔۔” فائل سے نظریں ہٹا کر اس نے اپنے سامنے کھڑے شاکر خان کی طرف دیکھا تو چہرے پر چھائے اطمینان کی جگہ اضطراب نے لے لی۔ وہ حیرت و بے یقینی کے عالم میں کھڑی ہو گئی۔ جھریوں زدہ چہرے کے پیچھے ماضی کی اندوہناک کہانیاں واضح لکھی ہوئی تھیں۔ وہ ان تحریروں کو صفحۂ ہستی سے مٹا دینا چاہتی تھی، مگر یہ امر اس کی دسترس سے باہر تھا۔ ماضی نے اسے ایسے زخم دیے تھے، جن پر بظاہر تو کھَرَنڈ آ چکا تھا مگر وہ اندر سے ناسور بن چکے تھے۔ حال نے ایک بار پھر ماضی کا صفحہ پلٹ کر اس کے زخموں پر نمک پاشی کا کام کیا۔ وہ ماضی کی تلخیوں کو بھلا کر آگے بڑھنے والی لڑکی تھی، مگر زندگی شاید اس سے کوئی اور امتحان لینا چاہتی تھی۔

    ماضی میں شاکر خان کی ساری خوشیاں ادینہ کی اذیتوں سے مشروط تھیں اور وہ آج بھی اسی چہرے کے پیچھے چھپے اپنے ہر درد اور اذیت کا مداوا چاہتی تھی۔ شاکر کے ضبط کا بند ٹوٹا تو آنسو خود بخود آنکھوں کے حلقوں سے ابل کر باہر نکل آئے۔ اس نے اپنے جھریوں والے کپکپاتے ہاتھ ادینہ کے سامنے جوڑ دیے، لیکن وہ بے تاثر سی کھڑی ناپسندیدگی کے باوجود ماضی کے ان جھروکوں میں داخل ہو چکی تھی، جن میں وہ جانا نہیں چاہتی تھی۔
    ……………..
    بیٹے کی خواہش میں پے در پے تین بیٹیاں پیدا ہوئیں۔ آج بھی حسنہ وہی اذیت سہہ رہی تھی اور پھر وہ چوتھی بیٹی کو جنم دیتے ہی اس جہانِ فانی کو الوداع کہہ گئی۔ بیٹی کو پیدا ہوتے ہی منحوس کے لقب سے نوازا گیا، کیونکہ ماں کے مرنے کی ذمہ دار صرف یہی بچی تھی۔ موت اور زندگی کا اختیار تو صرف اللّٰہ تعالیٰ کے پاس ہے تو پھر انسان کیوں دوسرے انسان کو اس امر کا ذمہ دار ٹھہراتا ہے؟

    وقت اپنی مست خرامی میں گزرتا رہا۔ بڑی دو بہنوں نے باپ کی نفرت کا زیادہ اثر لیا اور چھوٹی بہن سے ہتک آمیز سلوک کرنے لگیں۔ بڑی بہن نے پھر بھی کسی حد تک سمجھوتہ کر لیا تھا۔ وہ بچپن سے ہی دبی دبی اور سہمی ہوئی رہتی۔ پانچ سال کی عمر میں اس نے اسکول جانا شروع کیا تو کچھ وقت سکون کا میسر آنے لگا۔ وہ کتابوں کو اس طرح سینے سے لگا کر رکھتی گویا یہی وہ نیا ہے، جو زندگی کے بیکراں سمندر میں اسے پار لگائیں گی۔ وہ بہت خوشی سے تیار ہو کر اسکول جاتی مگر اپنی خوشی کو کسی پر ظاہر نہ کرتی۔ تلخ حالات، اپنوں کی بیگانگی اور احساسِ تنہائی نے اسے وقت سے پہلے بڑا کر دیا تھا۔ گھر میں جب شاکر خان داخل ہوتا تو ادینہ ایسے چھپتی جیسے اس نے موت کا فرشتہ دیکھ لیا ہو۔ وقت کی مخصوص رفتار کے ساتھ وہ بھی بڑی ہو رہی تھی۔

    آج اسکول میں ایک شاندار پروگرام کا اہتمام کیا گیا، جس میں ادینہ نے بھی حصہ لیا۔ ڈائس پر مائیک کے سامنے اپنی تمام تر متانت اور اعتماد لیے ادینہ نے اظہارِ خیال کرنا شروع کیا۔
    …………….
    میرا ان تمام فوت شدہ ماؤں سے ایک سوال ہے۔ جن روحوں کو جنم دیتے ہی مائیں اس جہان کو چھوڑ جاتی ہیں۔ کیا ان کے مرنے کے ذمہ دار ہم ہوتے ہیں۔۔۔؟
    کیا قانونِ قدرت وہ بے بس بچہ اپنی دسترس میں لے سکتا ہے، جو بولنے، سننے، سمجھنے، چلنے پھرنے اور خود کھانے پینے کی طاقت نہ رکھتا ہو۔۔۔؟ تو پھر معاشرے کے لوگوں کا رویہ اتنا نفرت آمیز کیوں ہوتا ہے۔۔۔؟ کیا زندگی اور موت انسانی خواہش پر منحصر ہے۔۔۔؟ میں یہ اچھی طرح جانتی ہوں کہ وہ فوت شدہ اجسام میرے سوالوں کے جواب دینے سے قاصر ہیں، تو اس لیے میرا سوال ان زندہ انسانوں سے ہے، جو آج ہر جذبے سے عاری، محسوسات کے عنصر سے خالی ذہن لیے زندہ لاشیں بنے پھرتے ہیں۔ کیا یہ سب ان کو زندہ کر کے واپس لا سکتے ہیں۔۔۔؟ جن کو مارنے کا ذمہ دار ہمیں ٹھہرایا جاتا ہے۔۔۔؟

    "اس نے اپنے سوالات مکمل کرنے کے بعد سوالیہ نظروں سے حال میں بیٹھے حاضرین کی طرف دیکھا۔ سبھی خاموش تھے۔ حال پر چھائے اس سکوت کو پرنسپل کی تالیوں نے توڑا تو سبھی اٹھ کر ادینہ کو تالیاں بجا بجا کر داد دینے لگے۔ اپنی آنکھوں میں آئی نمی کو ضبط کرتے ہوئے اس نے سب کی طرف دیکھا۔

    "تمام تر حسیات سے محروم یہ معاشرہ آپ کے سوالوں کے جواب دینے سے قاصر ہے، بیٹا۔” پرنسپل صاحب نے نظریں جھکا کر رندھی ہوئی آواز میں کہا۔
    ……………..
    ادینہ گھر میں داخل ہوئی تو ایک ہنگامہ اس کا منتظر تھا۔ باپ کی آنکھوں سے ٹپکتی وحشت کو محسوس کرتے ہوئے ادینہ کانپ سی گئی۔ وہ نظر بچا کر کمرے میں جانے لگی تو شاکر خان ایک جھٹکے سے اٹھا اور ادینہ کو گردن سے دبوچ لیا۔
    "کیا کہہ کر آئی ہے تُو سکول میں۔۔۔؟ کیا میں نے اس لیے تجھے سکول جانے کی اجازت دی تھی کہ تُو ہماری بدنامیاں کرتی پھرے؟” وہ غم و غصے کی حالت میں سب کچھ فراموش کر چکا تھا۔ بڑی بہن بچانے کے لیے لپکی۔ چھوٹی دونوں سہمی کھڑی تھیں۔
    "ابا، چھوڑ دے اسے، نہیں تو یہ مر جائے گی۔” بڑی بہن نے ادینہ کو اس سنگین گرفت سے آزاد کرانے کی ناکام کوشش کی۔
    "میرے لیے تو یہ کب کی مر چکی ہے۔” یہ کہتے ہوئے شاکر خان نے اسے چوٹی سے پکڑا اور گھر سے باہر نکال دیا۔ وہ آگے بڑھ کر گھر میں داخل ہونے لگی تو دروازہ دھڑاک کی آواز پیدا کر کے اس کے منہ پر بند ہوا۔ وہ روتے ہوئے بہت دیر تک دروازہ پیٹتی رہی، مگر بے سود۔

    اداس شام آہستہ آہستہ رات سے ہم آغوش ہوتی شاکر خان کی حویلی کی دہلیز پر اُتر رہی تھی۔ ادینہ روتی رہی۔ اس نے ملتجی نظروں سے آسمان کی طرف دیکھا۔ برستی کہر نے اطراف کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا تھا۔ جاڑے کی اس ٹھٹھرتی شب میں وہ ننگے پاؤں یونہی بے سرو سامان چل پڑی۔ انجان رستوں پر منزل سے بے خبر۔ وہ کچی آبادی میں لگے خیموں میں آگئی۔ وہ نڈھال سی ہو کر ایک طرف بیٹھ گئی۔ ایک خانہ بدوش خاتون کی اس پر نظر پڑی، جو زمین پر بیٹھی روٹی ہاتھ پر رکھے پانی کے ساتھ کھا رہی تھی۔ اس نے روٹی ادینہ کی طرف بڑھاتے ہوئے اسے کھانے کی پیشکش کی، جسے اس نے فوراً قبول کر لیا۔ تین دن کی مسلسل بھوک نے اسے ہوش و خرد سے بیگانہ کر دیا تھا۔ وہ کھانے کی طرف لپکی اور کھانا اس خانہ بدوش خاتون کے ہاتھوں سے جھپٹ کر نوالہ پر نوالہ ٹھونسنے لگی۔ خاتون نے اس کی حالت دیکھتے ہوئے مٹی کے پیالے میں پانی بھر کر اسے دیا۔ وہ پانی بھی ایک ہی سانس میں ختم کر گئی۔

    پیٹ کی بھوک ختم ہوئی تو مستقبل کی فکر نے اسے آ لیا۔ وہ اس خاتون سے ملتجی لہجے میں کہنے لگی۔۔۔
    "مجھے چند دنوں کے لیے اپنے پاس رکھ لو۔ جیسے ہی میرے میٹرک کے پیپر ختم ہوں گے، میں یہاں سے چلی جاؤں گی۔” ادینہ کی حالت کے پیشِ نظر اس خاتون نے اسے اپنے پاس رکھنے کی ہامی بھر لی۔ یہ ماحول بھی اس کے لیے سازگار نہیں تھا۔ پیٹ کی بھوک کب کسی کے اندر احساس رہنے دیتی ہے! وہ یہاں سے بھاگی اور بھاگتی چلی گئی۔ بل کھاتی سڑک دور دور تک سنسان پڑی تھی۔ کہیں کسی ذی روح کا نام و نشان تک نہیں تھا۔ ہر طرف ہو کا عالم تھا۔ وہ اپنے قدموں کی آواز سے بھی سہمی ہوئی تھی۔ وہ بھاگتے ہوئے ٹھوکر کھا کر گری تو بے ہوش ہو گئی۔

    وہ جب ہوش میں آئی تو خود کو ایک پُرسکون خواب گاہ میں پایا۔
    "میں کہاں ہوں۔۔۔؟” اس نے خودکلامی کرتے ہوئے خود سے سوال کیا۔ اتنے میں کمرے کا دروازہ کھلا تو ایک مکمل لباس زیب تن کیے نفیس اور مدبر سی خاتون لبوں پر خفیف سی مسکراہٹ سجائے کمرے میں داخل ہوئی۔
    "بچیوں کے بارے میں اس معاشرے میں پھیلے ناسور کو میں بہت اچھی طرح جانتی ہوں، بیٹی۔۔۔ زندگی کے سارے باب تلخیوں سے بھرے ہیں، بس انسان کو مایوس نہیں ہونا چاہیے۔ جو لوگ ہمت سے کام لیتے ہیں، شکست ان کے آگے خودبخود ہار مان جاتی ہے۔” اس خاتون کے الفاظ گویا زخموں پر مرہم کا کام کر رہے تھے۔ اس نے اس خاتون کو تشکر آمیز نظروں سے دیکھا۔

    گزرتے وقت کے ساتھ اس نے بھی حالات کے ساتھ سمجھوتہ کر لیا تھا۔ یہاں اس خاتون کے اصرار اور حوصلہ دینے پر پھر سے تعلیم شروع کر لی۔ وہ گزشتہ تلخیوں کو بھلا کر آگے بڑھ رہی تھی۔ وہ اس شفیق خاتون کا بہت احترام کرتی۔ وہ پرخلوص رہتی اور اس کی بہت خدمت کرتی۔ اس نے ادینہ کو اپنی بیٹی بنا لیا۔ احساس اور خلوص بھرے اس رشتے کی بھی مدت بہت کم تھی اور یہ خاتون اپنا سارا اثاثہ ادینہ کے نام کر کے اس جہان کو الوداع کہہ گئی۔ حالات نے ایک بار پھر ایسی ٹھوکر لگائی کہ وہ بکھر کر چکنا چور ہو گئی۔
    …………..
    اس نے میڈیکل مکمل کرنے کے بعد اپنا کلینک بنا لیا۔ مسلسل محنت نے اسے سب کچھ بھلا دیا۔ وہ دکھی انسانیت کی خدمت میں بےانتہا سکون محسوس کرتی اور اسی خدمتِ خلق کو اس نے نصب العین بنا لیا۔ اس کی زندگی یونہی سبک روی سے رواں دواں تھی کہ آج پھر شاکر خان کی صورت میں ایک اور اذیت اس کی منتظر تھی۔ آنکھیں آنسوؤں سے تر ہوئیں تو سارے مناظر دھندلا گئے۔ وہ آگے بڑھی تو کرسی سے ٹکرا گئی۔ شاکر خان نے آگے بڑھ کر بیٹی کو تھام لیا۔ آنسوؤں کا سیلاب ایسا امڈا کہ بند باندھنا مشکل ہوگیا۔ الفاظ سارے ختم ہو چکے تھے، کربناک داستانوں کا ابھی اختتام نہیں ہوا تھا اور زندگی کے سارے رنگ مانند پڑ گئے تھے۔ یہ کیسی محرومی تھی، جس کے ختم ہونے کی اسے نہ خوشی ہوئی، نہ اپنی زندگی میں آنے والے دکھوں کا ملال تھا۔

    "مجھے معاف کر دو، بیٹی۔۔۔۔۔” شاکر نے لرزتی ہوئی آواز سے اور کپکپاتے ہوئے ہاتھوں کو اس کے آگے جوڑتے ہوئے کہا۔

    "کیا کر رہے ہیں، بابا۔۔۔۔۔” ادینہ نے اپنے والد کے ہاتھوں کو اپنے ہاتھوں میں لے کر چوم لیا۔

    "تیرے بعد مجھے زندگی میں ایک پل بھی سکون میسر نہیں آیا۔ میں نے تجھے بہت ڈھونڈا، لیکن تو مجھے کہیں نہیں ملی۔ میرے ان ہاتھوں کو چومنے کی بجائے اگر تو ان کو کاٹ دے تو مجھے زیادہ سکون ملے گا، کیونکہ انہیں ہاتھوں نے تجھے دربدر کیا تھا۔” یہ کہتے ہوئے اس کی آواز آنسوؤں میں گم ہونے لگی۔

    اس نے ایک نظر اپنے والد کے چہرے پر چھائے ملال کو دیکھا اور صرف "بابا” کہہ سکی۔ آج تک تنہائی کا عذاب سہتے ہوئے آج وہ کوئی بھی فیصلہ نہیں کر پا رہی تھی۔ اس نے ایک بار پھر والد کے چہرے کی طرف دیکھا۔ چہرہ آنسوؤں سے تر اور آنکھیں معافی کی طلبگار تھیں۔

    وہ چاہ کر بھی آج یہ فیصلہ نہیں کر پا رہی تھی کہ وہ زندگی اکیلے گزارے یا پھر باقی زندگی کے ایام انہیں پتھروں کے حوالے کر دے، جن سے ٹھوکریں کھاتے ہوئے وہ آج یہاں تک پہنچی تھی۔

  • سگریٹ،جان و مال کا دشمن،تحریر: حنا سرور

    سگریٹ،جان و مال کا دشمن،تحریر: حنا سرور

    پاکستان میں مہنگائی کی صورتحال دن بہ دن بڑھتی جا رہی ہے۔ لوگ اپنی روزمرہ کی ضروریات پوری کرنے کے لئے سخت محنت کرتے ہیں، لیکن پھر بھی اکثر انہیں مہنگائی کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس کے باوجود پاکستانی قوم میں ایک حیرت انگیز تضاد پایا جاتا ہے: ایک طرف مہنگائی کا رونا رویا جاتا ہے اور دوسری طرف عوام اپنی جیب سے پیسہ نکال کر ایسی چیزوں پر خرچ کر رہے ہیں جو نہ صرف صحت کے لئے مضر ہیں بلکہ ان کی مالی حالت پر بھی منفی اثرات مرتب کرتی ہیں۔ ان میں سب سے بڑی چیز سگریٹ نوشی ہے۔

    سگریٹ نوشی ایک ایسی عادت ہے جو نہ صرف فرد کی صحت کو تباہ کرتی ہے بلکہ اس سے معاشرے پر بھی گہرے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ سگریٹ میں موجود کیمیکلز اور زہریلے مادے انسان کے پھیپھڑوں، دل اور دیگر اعضاء پر حملہ کرتے ہیں، جس کے نتیجے میں کینسر، دل کی بیماریوں اور سانس کی بیماریوں کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ اس کے باوجود پاکستانی قوم بڑی تعداد میں سگریٹ پینے کی عادت میں مبتلا ہے۔پاکستانی عوام اس بات سے بخوبی آگاہ ہیں کہ سگریٹ نوشی صحت کے لئے کتنی خطرناک ہے، لیکن پھر بھی وہ اسے ترک کرنے میں ناکام ہیں۔ اس کی ایک بڑی وجہ یہ ہے کہ سگریٹ نوشی ایک نشے کی عادت بن چکی ہے، جس سے چھٹکارا حاصل کرنا بہت مشکل ہو جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ لوگ اپنی صحت کے ساتھ ساتھ اپنی مالی حالت کو بھی نقصان پہنچا رہے ہیں۔

    پاکستان میں جہاں لاکھوں خاندان بنیادی ضروریات جیسے کھانا، تعلیم، اور علاج معالجے کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں، وہیں ایک بڑی تعداد ایسی بھی ہے جو سگریٹ نوشی کی عادت میں مبتلا ہے۔ یہ صورتحال انتہائی افسوسناک ہے کہ کچھ لوگ اپنے بچوں کو کھانا نہیں دے پاتے لیکن سگریٹ خریدنے کے لئے پیسہ نکال لیتے ہیں۔ کچھ والدین اس بات کی شکایت کرتے ہیں کہ ان کے پاس اپنے بچوں کی فیس جمع کرنے کے لئے پیسے نہیں ہیں، لیکن وہ سگریٹ کے لئے رقم نکالنے میں کامیاب ہوتے ہیں۔ اس طرح وہ اپنی صحت، دولت اور بچوں کے مستقبل کو برباد کر رہے ہیں۔

    یہاں پر حکومت کا کردار بہت اہم ہے۔ اگرچہ حکومت نے کئی بار سگریٹ پر ٹیکس بڑھانے کی کوشش کی ہے، لیکن یہ اقدام ابھی تک اس حد تک مؤثر ثابت نہیں ہو سکا جتنا متوقع تھا۔ حکومت کو چاہئے کہ وہ سگریٹ کی قیمتوں میں مزید اضافہ کرے تاکہ یہ غریب آدمی کی پہنچ سے دور ہو جائے۔ اگر عوام کو یہ سمجھ آ جائے کہ سگریٹ نوشی کی عادت ترک کرنا صرف صحت کے لئے نہیں بلکہ مالی فائدے کے لئے بھی ضروری ہے، تو شاید وہ اس عادت کو ترک کرنے میں کامیاب ہو سکیں۔

    حکومت کو چاہیے کہ وہ سگریٹ نوشی کے نقصانات کے بارے میں عوام میں آگاہی پیدا کرے۔ اس کے لئے میڈیا اور اسکولوں میں تعلیمی پروگرامز منعقد کیے جا سکتے ہیں۔سگریٹ کی قیمتوں میں اضافہ کیا جائے تاکہ غریب لوگ اس کی خریداری سے گریز کریں۔ مذہبی اداروں اور سماجی تنظیموں کو اس بات کا شعور دینا چاہئے کہ سگریٹ نوشی نہ صرف صحت کے لئے نقصان دہ ہے بلکہ یہ معاشرتی طور پر بھی غلط ہے۔

    پاکستانی قوم کو اپنے معاشرتی اور صحت کے مسائل کے بارے میں سوچنے کی ضرورت ہے۔ اگر ہم نے سگریٹ نوشی جیسے مضر صحت عادات کو ترک نہ کیا تو یہ نہ صرف ہماری صحت بلکہ ہمارے ملک کی معیشت کے لئے بھی خطرناک ثابت ہو گا۔ ہمیں اپنی عادات کو بہتر بنانا ہوگا اور ایسی چیزوں پر خرچ کرنے کی بجائے جو ہماری زندگیوں کو تباہ کر دیں، ہمیں اپنی زندگیوں کو بہتر بنانے کی کوشش کرنی چاہئے۔

  • جنوبی بھارت میں باڈی بلڈرز،جسموں‌کو فخر سے پیش کرنے والی خواتین

    جنوبی بھارت میں باڈی بلڈرز،جسموں‌کو فخر سے پیش کرنے والی خواتین

    بھارت کی ساحلی ریاست کیرالہ میں، جہاں قدرتی مناظر اور پرسکون ماحول کا راج ہے، فوٹوگرافر کیرتھنا کناتھ نے ایسی تصاویر لی ہیں جن میں طاقتور اور مضبوط خواتین اپنے جسموں کو فخر سے پیش کر رہی ہیں۔ یہ خواتین سمندر کی لہروں، کھجور کے درختوں یا چٹانوں کے درمیان بائسپس کو جمانے، ٹانگوں کو سٹریچ کرنے یا شانوں کو بڑھانے کے دوران اپنے باڈی بلڈنگ کی مہارتوں کا مظاہرہ کر رہی ہیں، اور جِم کی مخصوص وردی کے بجائے زریں سبز لباس یا خواتین کے روایتی چیکرڈ بیکنی ٹاپ اور اسکرٹ میں جلوہ گر ہو رہی ہیں۔

    تاہم کیرالہ میں، جہاں کیرتھنا کناتھ کا تعلق ہے، خواتین کے لئے باڈی بلڈنگ اب بھی ایک ممنوعہ موضوع ہے، کیونکہ یہاں خواتین سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ روایتی نسوانی اصولوں پر عمل کریں۔ ایک باڈی بلڈر کی انسٹاگرام پروفائل کو دیکھنے کے بعد، کناتھ نے ان خواتین سے متاثر ہو کر باڈی بلڈنگ کی دنیا کا جائزہ لیا جو اس کھیل کے لئے اپنی زندگی وقف کر چکی ہیں اور سماجی روایتوں کے ساتھ ساتھ اپنے خاندانوں کی خواہشات کو بھی نظرانداز کر چکی ہیں۔

    کناتھ نے سی این این کو فون کال میں بتایا، "جہاں ہم رہتے ہیں، یہ بہت عام بات نہیں ہے۔ میں اسے کمیونٹی کہوں گی بھی نہیں، کیونکہ یہ ابھی تک ایک نیا رجحان ہے اور صرف چند لڑکیاں ہی اس میں دلچسپی رکھتی ہیں۔”

    بھارت میں خواتین کا باڈی بلڈنگ کی طرف بڑھتا ہوا رجحان
    بھارت بھر میں، حالیہ برسوں میں خواتین کا ایک بڑھتا ہوا رجحان باڈی بلڈنگ میں شامل ہو رہا ہے اور بہت سی خواتین نے بین الاقوامی فٹنس اینڈ باڈی بلڈنگ فیڈریشن سے پیشہ ورانہ حیثیت حاصل کی ہے۔ 2016 میں، دیپیکا چودھری نے پہلی بھارتی خاتون باڈی بلڈر بن کر اس میدان میں ایک سنگ میل قائم کیا۔

    کییرتھنا نے ابتدائی طور پر کیرالہ میں جنسی لحاظ سے غیر جانبدار مارشل آرٹ "کالاری پائٹ” پر تحقیق کرنے کا ارادہ کیا تھا، لیکن جب انہوں نے باڈی بلڈنگ پر فوکس کرنے والی خواتین کا پتہ چلایا تو ان کی توجہ اس طرف مرکوز ہو گئی۔ کناتھ کی فوٹوگرافی کی سیریز میں شامل خواتین باڈی بلڈرز ایک دوسرے کو براہ راست نہیں جانتی تھیں، مگر سوشل میڈیا اور مقابلوں کے ذریعے ان کے درمیان ایک انجان سی پہچان تھی۔

    بھو میکا کمار، جو 22 سال کی ہیں اور کیرالہ کے شہر کوچین سے تعلق رکھتی ہیں، نے بچپن میں اپنی جسمانی سرگرمیوں کو محدود رکھنے کے باوجود باڈی بلڈنگ میں دلچسپی پیدا کی۔ اپنے والدین کے سخت رویے کی وجہ سے انہیں بچپن میں کھیلنے کی آزادی نہیں مل سکی تھی، مگر بالغ ہونے کے بعد یوٹیوب ویڈیوز کے ذریعے ورزش کا آغاز کیا اور پھر خاندان کے ساتھ بحث و تکرار کے بعد جِم میں شامل ہو گئیں۔ آج وہ مس کیرالہ اور مس ارناکولم جیسے مقامی مقابلوں میں گولڈ میڈل جیت چکی ہیں۔کمار اور دیگر باڈی بلڈرز کی کہانیاں ایک ہی جتنی ہیں، جنہیں اپنے خاندانوں سے تنقید اور دباؤ کا سامنا رہا کہ وہ اپنے جسموں کو دکھا کر غیر روایتی دنیا میں کیوں قدم رکھ رہی ہیں۔
    india
    خواتین باڈی بلڈرز کا عالمی سطح پر مقابلہ کرنے کا عزم
    کیرتھنا کناتھ کی فوٹوگرافی میں شامل ایک اور خاتون، 25 سالہ سینڈرا اے ایس ہیں جو 4 سال سے باڈی بلڈنگ کر رہی ہیں اور اب باڈی بلڈنگ کے نئے کھلاڑیوں کو تربیت بھی دیتی ہیں۔ ان کا مقصد خواتین کے لئے باڈی بلڈنگ کے میدان میں رکاوٹیں توڑنا اور بین الاقوامی سطح پر پیشہ ورانہ طور پر مقابلہ کرنے کے لیے ضروری کوالیفیکیشن حاصل کرنا ہے۔

    کیرتھنا نے اپنی فوٹوگرافی کے دوران بھارتی دیویوں کی تصاویر سے متاثر ہو کر خواتین کے ہیروک پورٹریٹس بنائے ہیں۔ انہوں نے مقامی اسٹائلسٹ ایلتن جان کے ساتھ مل کر ایسی تصاویر تخلیق کیں جو جسمانی طاقت کو نرمی اور حسن کے ساتھ پیش کرتی ہیں۔ فوٹوگرافر کے مطابق، "یہ خواتین انتہائی مضبوط، پراعتماد اور طاقتور ہیں، لیکن پھر بھی ان میں ایک نرمائی ہے۔”

    کیرتھنا نے اپنی سیریز "نات واٹ یو سو” کے ذریعے ان خواتین کے عزم اور محنت کو اجاگر کیا ہے جو باڈی بلڈنگ کے میدان میں مردوں کے غلبے کو توڑنے کے لئے مسلسل محنت کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا ہے، "انہوں نے اپنے لئے یہ جگہ بنائی ہے۔ مجھے لگتا ہے کہ ان کی کہانیاں جشن منانے کے قابل ہیں۔”

    یوکرین اور روس کے ایک دوسرے پر بڑے ڈرون،میزائل حملے

    سعودی عرب معاہدے کے تحت 570 پاکستانی قیدیوں کی واپسی کی لیے رضامند

  • چڑیا نہیں …..شیرنی ! تحریر:ڈاکٹر طاہرہ کاظمی

    چڑیا نہیں …..شیرنی ! تحریر:ڈاکٹر طاہرہ کاظمی

    ہم نے پانچویں کلاس سے پبلک ٹرانسپورٹ یعنی بس سے سکول جانا شروع کیا ۔شروع میں آپا ساتھ ہوتیں کہ ان کا کالج سکول کے ساتھ ہی تھا لیکن ان کا بی اے ختم ہوگیا تو ہم اور ہماری چھوٹی بہن ۔
    بس میں بہت رش ہوتا ، بیٹھنے کو جگہ نہ ملتی اور ہم عورتوں کے بیچ سینڈوچ بن کر کھڑے ہوتے ۔اچھت پہ لگے ڈنڈے کو تو ہمارا ہاتھ نہ پہنچتا سو ہم کسی نہ کسی سیٹ کو تھام لیتے ۔

    عام طور پہ سواریاں بس جس طرف کو چل رہی ہوتی ، اسی طرف منہ کر کے کھڑی ہوتیں ۔ایک بار ایسا ہی رش تھا اور ہم سیٹ کو تھامے کچھ یوں کھڑے تھے کہ ہمارا منہ دوسری سمت میں تھا ۔ ہمارے بالکل سامنے ایک عورت ، کالے برقعے میں ملبوس ، ایک ہاتھ سے سائیڈ پر لٹکا ہوا بچہ اور دوسرے ہاتھ سے بس کا ڈنڈا تھامے ہوئے ۔

    ہمارا قد اتنا تھا کہ بمشکل عورت کی چھاتی تک پہنچتا تھا۔ ہم اپنے خیالوں میں گم کہ ہم نے عورت کو کسمساتے محسوس کیا ۔ سر اٹھا کر دیکھا تو ایک مردانہ ہاتھ عورت کی چھاتی پہ ۔ عورت بار بار کسمساتی ، ایک لحظے کو ہاتھ پیچھے جاتا ، مگر دوسرے ہی سیکنڈ دوبارہ سے چھاتی پہ مصروف عمل ہو جاتا ۔
    ہم نے عورت کی سائیڈ سے منہ نکال کر پیچھے دیکھنے کی کوشش کی کہ یہ آخر چکر کیا ہے ؟
    عورت کے بالکل پیچھے ایک کریہہ الصورت شخص کھڑا تھا جو یہ کھیل کھیلنے میں مصروف تھا ۔
    سوچئیے گیارہ بارہ برس کی لڑکی نے کیا کیا ہو گا ؟
    ترکیبیں سوچنے میں ماہر تو تھے ہم سو بستے میں سے پرکار نکالی اور تیار ہو گئے ۔
    اب ہاتھ جونہی آگے آیا اور چھاتی پکڑی ، ہم نے پوری قوت سے پرکار کی نوک اس ہاتھ میں گھسا دی ۔ بجلی کی سی تیزی سے ہاتھ واپس گیا اور پھر چراغوں میں روشنی نہ رہی ۔
    گھر پہنچنے پہ آپا کو اپنا کارنامہ سنایا ، آپا ہنسیں تو سہی مگر کچھ خوفزدہ بھی ہوئیں … اگر وہ مرد تمہیں پکڑ کر مارتا تو ؟
    ایسے ہی … اتنا شور مچاتے کہ دنیا اکھٹی کر لیتے ۔
    یہ واقعہ یوں یاد آیا کہ کل کسی نے کمنٹ لکھا کہ کمپنی ھذا کیا کرسکتی ہے ؟
    سو بہنو اور بھائیو ، تھوڑی سی ہمت ، تھوڑی سی عقل اور تھوڑا سا اعتماد آپ کی بیٹی کو ایساانگارہ بنا سکتا ہے جو دوسروں کو جلا کر راکھ کر دے ۔
    چڑیا نہیں بننے کا …… شیرنی بنو شیرنی !

  • کب تک گھر بیٹھی رہو گی؟ یہ حل نہیں، تحریر: حناسرور

    کب تک گھر بیٹھی رہو گی؟ یہ حل نہیں، تحریر: حناسرور

    آج کے دور میں لڑکیوں کو مختلف معاشی، سماجی اور نفسیاتی مسائل کا سامنا ہے، لیکن ان مسائل کا تقابل لڑکوں کے مسائل سے کرنا بے جا نہیں ہے۔ یہ حقیقت ہے کہ لڑکیوں کو اس معاشرتی دائرے میں لڑکوں کی نسبت مختلف قسم کی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، خاص طور پر جب بات کام، تعلیم اور خودمختاری کی آتی ہے۔لڑکوں کے مقابلے میں لڑکیوں کے مسائل ہمیشہ زیادہ پیچیدہ اور سوشیل ہیں۔ ایک لڑکی جو کہ بیروزگار ہے، اس کے لیے یہ طعنے سننا کہ "کب تک گھر بیٹھی رہو گی؟” ایک عام بات ہو سکتی ہے، لیکن اگر یہی سوال ایک لڑکے سے کیا جائے تو شاید وہ اتنی تنقید کا شکار نہ ہو۔ لڑکیوں کے لیے معاشرتی دباؤ ہمیشہ زیادہ ہوتا ہے، کیونکہ ایک لڑکی پر گھر والوں کی طرف سے یہ توقعات رکھی جاتی ہیں کہ وہ اپنے کام اور زندگی کو ایک مخصوص طریقے سے گزارے، اور اگر وہ ایسا نہ کرے تو اسے "ایفشل” یا "بیکار” سمجھا جاتا ہے۔

    یہ بات بھی اہم ہے کہ ایک لڑکی پر خاندان، دوستوں اور معاشرتی ماحول کی طرف سے بہت زیادہ دباؤ ہوتا ہے کہ وہ جلد سے جلد اپنے قدموں پر کھڑی ہو اور ایک مستحکم زندگی گزارے۔ اگر کوئی لڑکی گھر بیٹھے رہ جائے تو اسے معاشرتی طور پر ناپسندیدہ سمجھا جا سکتا ہے، حالانکہ اس کے لیے ضروری نہیں کہ وہ فوراً نوکری یا کاروبار میں مشغول ہو۔ ہر فرد کا سفر مختلف ہوتا ہے، اور ہر کسی کو اپنی زندگی کی رفتار کے مطابق فیصلہ کرنے کا حق ہونا چاہیے۔اگر ہم لڑکیوں کی مدد کرنا چاہتے ہیں، تو سب سے اہم چیز جو انہیں دی جا سکتی ہے وہ ہے تعلیم اور ہنر۔ ایک لڑکی کو ایسا ہنر سکھانا، جو اسے خودمختار اور مضبوط بنائے، اس کے لئے زندگی کے مختلف پہلوؤں میں کامیاب ہونے کی راہ ہموار کر سکتا ہے۔ اگر ایک لڑکی تعلیم حاصل کرے اور کسی ہنر میں ماہر ہو، تو وہ نہ صرف اپنی زندگی کی بہتر منصوبہ بندی کر سکتی ہے، بلکہ اگر کل کو اس کی زندگی میں کوئی بھی ناخوشگوار تبدیلی آئے، جیسے طلاق یا بیوہ ہونا، تو وہ خود کو مالی طور پر سنبھالنے کے قابل ہو گی۔

    خودمختاری اور معاشرتی آزادی،یہ بات نہ صرف لڑکیوں کے حق میں ہے بلکہ پورے معاشرے کے فائدے میں ہے کہ لڑکیاں اپنے قدموں پر کھڑی ہوں۔ ان کو اس بات کا احساس دلایا جائے کہ وہ معاشرتی اور اقتصادی لحاظ سے اپنے فیصلے خود لے سکتی ہیں اور انہیں ہر معاملے میں مردوں کے شانہ بشانہ قدم بڑھانے کا موقع دیا جائے۔ ان کا ہنر اور تعلیم کبھی ضائع نہیں جائے گا۔ ان کے پاس اگر سکلز ہوں گے تو وہ معاشرتی، مالی اور نفسیاتی طور پر مضبوط رہیں گی۔اس دور میں جب دنیا بھر میں لڑکیاں مردوں کے ساتھ برابر قدموں پر چل رہی ہیں، تو ضروری ہے کہ ہم اپنے معاشرتی دائرے میں بھی ان کو وہ مواقع فراہم کریں جو وہ حق دار ہیں۔ ان کی تعلیم، ہنر اور خودمختاری کا تحفظ کرنا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔ لڑکیاں جب اپنے حقوق کے بارے میں آگاہ ہوں گی اور ان کے پاس وسائل اور ہنر ہوں گے، تو وہ نہ صرف خود کو بلکہ اپنے خاندان اور معاشرے کو بھی بہتر بنا سکیں گی۔لہذا، لڑکیوں کو تعلیم دیں، ہنر سکھائیں، اور ان کی کامیابی کے راستے کو ہموار کریں تاکہ وہ نہ صرف اپنے لیے بلکہ پورے معاشرت کے لیے فائدہ مند ثابت ہوں۔

  • طلاق کیوں ضروری ہے ؟ تحریر:معظمہ تنویر

    طلاق کیوں ضروری ہے ؟ تحریر:معظمہ تنویر

    وہ شادی شدہ جوڑے جو باہمی عزت و احترام کے ساتھ سچے دل سے ایک دوسرے سے پیار کرتے ہیں انہوں نے واقعی اپنے گھر کو ایک چھوٹی سی جنت بنا رکھا ہے ۔لیکن بد قسمتی سے ازدواجی خوشیوں سے محروم ایسے زوجین کی افسوسناک خبریں بھی آئے دن سامنے آتی رہتی ہیں جو نفرت ،غصے اور انتقام میں ایک دوسرے کی جان تک لینے سے دریغ نہیں کرتے۔

    آخر کیوں لوگ ایسے خراب تعلق کو نبھانے کی کوشش کرتے ہیں جس کا نتیجہ قتل و غارت کی صورت میں نکلتا ہے ؟ اس ضمن میں ایسے واقعات بھی تواتر کے ساتھ رونما ہوتے رہتے ہیں جن میں شادی شدہ افراد کسی غیر کی محبت میں مبتلا ہو کر اپنے شریک حیات کو راستے سے ہٹانے کے لیے اسے موت کی وادی میں پہنچا دیتے ہیں ۔ ایسی خبریں ہماری نظروں سے گزرتی رہتی ہیں جہاں کبھی بیوی اپنے شوہر کو آشنا کی مدد سے قتل کر دیتی ہے تو کہیں شوہر اپنی محبوبہ کو پانے کے لیے بیوی کو موت کے گھاٹ اتار دیتا ہے۔۔آخر یہ کیسا جنونی بلکہ خونی عشق ہے جو نکاح جیسے مقدس بندھن کو پامال کر کے رکھ دیتا ہے۔ جو عورت کسی غیر مرد کو پانے کے لیے اپنے شوہر کو قتل کرا دیتی ہے وہ کسی اور سے کیا وفا کرے گی؟ اور جو شوہر دوسری عورت کی خاطر اپنی زوجہ کومار ڈالتا ہے وہ بھلا کیسے کسی سے پیار کر سکے گا؟ سمجھ میں نہیں آتا کہ آخر کیا سوچ کر یہ بے حس لوگ اس حد تک سفاکیت کا مظاہرہ کرجاتے ہیں۔ان کے دلوں میں نہ تو خدا کا خوف ہوتا ہے اور نہ ہی قانون کا کوئی ڈر۔اگرچہ یہ ظالم افراد اپنے انجام کو ضرور پہنچتے ہیں لیکن جن معصوم لوگوں کے خون سے انہوں نے ہاتھ رنگے ہوتے ہیں ان غریبوں کا کیا قصور تھا؟ کتنا اچھا ہوتا کہ یہ جنونی لوگ انہیں بے دردی سے قتل کرنے کی بچائے راہیں جدا کر لیتے ۔

    طلاق کا راستہ اسی لیے تو موجود ہے کہ اگر زوجین میں سے کوئی ایک یا دونوں ایک دوسرے کے لیے ناپسندیدہ اور ناقابل برداشت ہو جائیں تو وہ ایک دوجے کی زندگی سے نکل جائیں ۔ایک ہی چھت تلے رپتے ہوئے چپکے چپکے اپنے شریک حیات کے لیے قتل کی سازش تیار کرنا کس قدر گھناؤنا عمل ہے ۔وقتی طور پر اچانک طیش میں آکر دوسرے فریق کو قتل کردینا بھی اس امر کا ثبوت ہے کہ اس انسانیت سوز فعل کے پیچھے ایک طویل مدت سے نفرت پل رہی تھی ۔تو پھر کیوں نہ کسی کی جان لینے سے پہلے،اس انسان سے اپنی جان چھڑا لی جائے تاکہ ہمارا معاشرہ ایسے اندوہناک واقعات سے پاک ہو سکے ۔طلاق اگرچہ ایک ناپسندیدہ عمل ہے لیکن زندگی چھن جانے سے کئی گنا بہتر ہے ۔

  • عورت کی ہر ادا خود اک تعویذ بن سکتی ہے،تحریر:مہر بشارت صدیقی

    عورت کی ہر ادا خود اک تعویذ بن سکتی ہے،تحریر:مہر بشارت صدیقی

    ہزاروں سال سے انسانوں نے مختلف طریقوں سے اپنی زندگی کے مسائل حل کرنے کی کوشش کی ہے، اور ان میں ایک بہت بڑی تعداد ان لوگوں کی ہے جو روحانی چیزوں میں سکون اور رہنمائی تلاش کرتے ہیں۔ تعویذ، جن کو ہم عموماً ایک کاغذی یا دھاگے میں لپٹے ہوئے نسخے کی صورت میں دیکھتے ہیں، ان کا مقصد کسی قسم کے روحانی یا جسمانی مسائل سے نجات پانا ہوتا ہے۔ لیکن جب ہم بات کرتے ہیں خاص طور پر عورتوں کے تعویذ لینے کی، تو ایک بہت اہم سوال سامنے آتا ہے: کیا واقعی ہمیں اس طرح کے روحانی نسخوں کی ضرورت ہے، یا پھر ہمارے اندر خود اتنی طاقت اور صلاحیت ہے کہ ہم اپنی زندگیوں کو بہتر بنا سکیں؟

    یہ جو عورتیں تعویذ لینے آتی ہیں کہ "حضرت! میرے شوہر کے ساتھ کچھ مسئلہ ہے، وہ میری طرف نہیں آتا یا ہماری زندگی میں خوشی نہیں ہے”، مجھے ذاتی طور پر یہ بہت حیران کن لگتا ہے۔ یہ ایک ایسی بیوی کی تصویر ہے جو جوان، تعلیم یافتہ، اور عقل و فہم سے مالا مال ہے، پھر بھی وہ روحانی تعویذوں کی تلاش میں ہے۔ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ ایسی عورت کے اندر جو خوبیاں اور صلاحیتیں اللہ نے رکھی ہیں، ان کا فائدہ اُٹھا کر اپنے مسائل کا حل کیوں نہ نکالا جائے؟

    یاد رکھیے کہ اللہ تعالیٰ نے عورت کو بے شمار خوبیاں دی ہیں جن میں سب سے بڑی چیز اس کا فطری حسن، محبت کرنے کی صلاحیت، اور سمجھداری ہے۔ ایک نیک و فہمی عورت کی ہر ادا خود ایک تعویذ بن سکتی ہے۔ اللہ نے عورت کے اندر ایسی کشش رکھی ہے کہ وہ اپنی باتوں، انداز، اور طرزِ زندگی سے اپنے شوہر کے دل میں محبت اور تعلق پیدا کر سکتی ہے۔ مرد کی دل کی کشش کا راز بھی عورت کی ہر چھوٹی سے چھوٹی بات یا حرکت میں ہوتا ہے۔ لہٰذا، اگر کوئی عورت اپنے اندر موجود نرگسیت، محبت، اور سمجھداری کا صحیح استعمال کرے، تو وہ اپنے شوہر کو اپنی طرف مائل کر سکتی ہے۔عورت کو ان تعویذوں کی ضرورت نہیں ہے جو کاغذ پر لکھے ہوتے ہیں، بلکہ اسے اپنی باتوں، انداز اور محبت میں چھپی ہوئی طاقت کا استعمال کرنا چاہیے۔ مرد کی دل کی کشش، عورت کی باتوں میں چھپی ہوئی محبت، اور اس کی مسکراہٹ میں بسی ہوئی راحت ہی وہ تعویذ ہیں جن کی واقعی ضرورت ہوتی ہے۔

    جب شوہر تھکا ہارا گھر آتا ہے، تو گھر کا ماحول اس کے لیے سکون اور راحت کا ذریعہ بننا چاہیے۔ لیکن اگر بیوی بھی تھکی ہوئی ہو، تو ایسا ماحول قائم نہیں ہو پاتا۔ جب شوہر کام سے واپس آتا ہے، تو بیوی کا اس کا استقبال محبت سے، خوش اخلاقی سے، اور ہنستے ہوئے چہرے کے ساتھ کرنا، یہ سب ایسی چیزیں ہیں جو مرد کے دل کو سکون دیتی ہیں۔بیوی کو چاہیے کہ وہ اپنے آپ کو فریش (تروتازہ) رکھے، اور شوہر کے سامنے محبت بھری باتیں کرے۔ اگر وہ اپنی باتوں اور انداز سے شوہر کو خوش رکھے گی، تو پھر دیکھیں کہ گھر میں کیسی خوشیاں آتی ہیں۔ مرد جب اپنی بیوی سے محبت و پیار دیکھے گا، تو وہ خود بھی ان تمام تر پریشانیوں سے آزاد ہو جائے گا جن کا وہ دن بھر سامنا کرتا ہے۔لہذا، عورت کو چاہیے کہ وہ اپنی قدرتی صلاحیتوں اور حسن کو سمجھے اور ان کا استعمال کرے۔ اللہ نے اس کے اندر اتنی طاقت رکھی ہے کہ وہ اپنے شوہر کو خوش رکھ سکتی ہے، اور اپنے گھر میں سکون اور محبت کا ماحول پیدا کر سکتی ہے۔ تعویذ لینے کی بجائے، وہ اپنے طرزِ زندگی اور رویے میں تبدیلی لائے، تاکہ وہ اپنے شوہر کے دل میں محبت اور تعلق پیدا کر سکے۔

    یاد رکھیں کہ ایک نیک و فہمی اور محبت کرنے والی بیوی کے لیے اس کی ہر حرکت، ہر بات اور ہر انداز ایک تعویذ کی مانند ہوتا ہے۔ عورت کے اندر ایسی بے پناہ طاقت ہے کہ وہ اپنے شوہر کے دل میں محبت اور سکون کا خزانہ بنا سکتی ہے۔ اس کا تعلق روحانیت اور محبت سے ہے، نہ کہ کسی کاغذی تعویذ سے۔

    baaghi blogs

  • محبت اور وفا کسی ایک جنس پر محدود نہیں .تحریر:ساجدہ امیر

    محبت اور وفا کسی ایک جنس پر محدود نہیں .تحریر:ساجدہ امیر

    کسی نے لکھا ” کون کہتا ہے برداشت کا عنصر صرف عورت کے پاس ہے؟ اس مرد کے بارے میں کیا خیال ہے جس نے محض باپ کی لاج رکھنے کے لئے فقط ماں کے دونوں جڑے ہاتھوں کی لاج رکھنے کے لئیے اپنی پسندیدہ عورت کو تیاگ دیا ہو؟ اور اپنے گھر آنے والی اس عورت کو وہ سب مقام دیے ہوں جسکے خواب اسنے اپنی محبوب عورت کے لیے سینچے تھے۔میں ہمیشہ لکھتی ہوں کہ محبت اور وفا کسی ایک جنس پر محدود نہیں فرق فطرت کا ہوتا ہے۔ہر مرد کی فطرت میں قربانی نہیں ہوتی اسی طرح ہر عورت کی فطرت میں ایک مقام پر ٹھہرنا نہیں ہوتا۔ فرق ہر جنس کی اپنی اپنی فطرت کا ہے۔کہیں مرد قربانیاں دیتا چلا جاتا ہے کہیں عورت سہتے سہتے قربان ہو جاتی ہے۔”

    بالکل درست لکھا ہے۔۔۔
    "میں نے ایسے مرد بھی دیکھے ہیں جن کے پاس اختیار ہوتا ہے جو خود مختار ہوتے ہیں مگر وہ خود کو روک لیتے ہیں اس عورت پر اکتفا کرلیتے ہیں جن کو اس پر نافذ کیا گیا تھا مسلط کیا گیا تھا۔عورت تو یہ قربانی صدیوں سے دیتی آرہی ہے مگر مرد بھی یہ قربانی بارہا دے چکا ہے، پھر مرد کو بے وفائی کا ٹیگ لگا دینا یہ سراسر بد دیانتی ہے۔ ایسے مرد بھی دیکھے ہیں میرے مشاہدے سے گزرے ہیں جنھوں نے اپنی بیوی کی اس خطا کو بھی معاف کردیا جس کے بعد چھوڑدینا اس مرد کا حق بنتا تھا مگر پھر بھی اس مرد نے بے وفائی کر کے نادم ہونے پر اس عورت کو وہ مقام دیا جسکی وہ حق دار نہیں تھی۔”

    مرد رب العالمین کی خوبصورت تخلیق ہے، وہی عورت نایاب تخلیق ہے۔ کبھی کبھار مرد کے سامنے باپ کی پگڑی، ماں کا دوپٹہ اور بہن کے آنسو روکاوٹ بن جاتے ہیں ۔۔۔۔ اگر عورت کو باپ کی عزت پیار ہے تو مرد کو بھی پیار ہے۔۔۔۔ اگر عورت مجبور ہو سکتی ہے تو مرد بھی بے بس ہو جاتا ہے۔۔۔۔
    بہرحال سب ایک جیسے نہیں ہیں۔۔۔ جسم کے پجاری مرد اس معاشرے میں ہیں تو پیسے کی لالچی عورت بھی موجود ہے۔۔۔ بہت سے تجربات کے بعد کہہ رہی ہوں کہ اگر سب مرد جسم کے بھوکے ہوتے تو آج ایک عورت بھی زندہ نہ ہوتی اور اگر سب عورتیں لالچی ہوتیں تو کوئی بھی مرد اب تک بینک میں بیلنس رکھے ہوئے نہ ملتا۔۔۔۔

    بے وفائی اور وفاداری کے جراثیم مرد و عورت دونوں میں ہیں۔۔۔۔ ہم نے وہ مرد بھی دیکھے کہ جو اپنی عورتوں کی اس غلطی کو معاف کر دیتے ہیں جس پر طلاق دینا بنتا تھا اور ہم نے وہ عورتیں بھی دیکھی ہیں جنہوں نے طلاق کی پارٹیاں منائی اور فقط آزادی کی خاطر خلع نامہ بھیجا۔۔۔۔
    آج بھی مرد زندہ ہیں جو سچی محبتیں کرتے ہیں اور آج بھی وہ عورتیں زندہ ہیں جو سچی محبت کی متلاشی ہیں ۔