Baaghi TV

Category: جرائم و حادثات

  • کشتی حادثات میں ملوث انتہائی مطلوب انسانی سمگلر عمران ٹونی مصر سے گرفتار

    کشتی حادثات میں ملوث انتہائی مطلوب انسانی سمگلر عمران ٹونی مصر سے گرفتار

    ایف آئی اے گجرانوالہ زون کی بڑی کاروائی، کشتی حادثات میں ملوث انتہائی مطلوب انسانی سمگلر انٹرپول کی معاونت سے مصر سے گرفتار کر لیا

    گرفتار ملزم کی شناخت عمران عرف ٹونی کے نام سے ہوئی،ملزم کو انٹرپول کی مدد سے مصر سے گرفتار کیا گیا،ملزم یونان کشتی حادثہ 2023 کا مرکزی ملزم ہے ، ملزم کو مصر سے گرفتار کر کے ضروری قانونی کاروائی کے بعد ایف آئی اے گجرانوالہ زون منتقل کر دیا گیا۔عمران عرف ٹونی انسانی سمگلنگ میں ملوث بین الاقوامی نیٹ ورک کا حصہ ہے ،ایف آئی اے این سی بی انٹرپول نے گجرانوالہ زون کی درخواست پر ملزم کی گرفتاری کے لئے ریڈ نوٹسسز جاری کیا تھا۔ملزم سال 2012 سے لیبیا سے آپریٹ کر رہا تھا ،ملزم غیر قانونی انسانی سمگلنگ کی سہولت کاری فراہم کرنے میں ملوث پایا گیا ،ملزم سیف ہاؤسز کے نیٹ ورک کے ذریعے انسانی سمگلنگ کی سہولت کاری کرتا تھا ،ملزم شہریوں کو سمندر کے راستے لیبیا سے یورپ بھجوانے میں ملوث ہے،ملزم نے شہریوں کو غیر قانونی طور بیرون ملک بھجوانے کے لیے لاکھوں روپے ہتھیائے ،ملزم کے خلاف غیر قانونی انسانی سمگلنگ کے جرم میں متعدد مقدمات درج ہیں ،کشتی حادثات میں متعدد پاکستانی شہریوں کی موت واقع ہوئی ،ملزم کی حوالگی انٹرپول اسلام آباد کی انٹرپول مصر کے ساتھ قریبی رابطہ کاری کی وجہ سے ممکن ہوئی

    ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا،ملزم کے نیٹ ورک میں شامل دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مار کاروائیاں جاری ہیں ،کشتی حادثات میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاون جاری ہے۔ ڈائریکٹر گجرانوالہ زون عبدالقادر قمرکا کہنا ہے کہ انسانی سمگلنگ کے نیٹ ورک کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کر دی گئی ہیں،کشتی حادثے میں ملوث ایجنٹوں کی گرفتاری کے لئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جارہا ہے.ملک کے تمام ائرپورٹس پر تعینات افسران ایجنٹوں کے گرفتاری کے لئے کڑی نگرانی کر رہے ہیں۔ معصوم جانوں سے کھیلنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا،انسانی سمگلنگ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل جاری ہے ، گرفتار انسانی سمگلروں کو قانون کے مطابق سخت سزائیں دلوائی جائیں گی، بین الاقوامی سطح پر انسانی سمگلنگ کے نیٹ ورک کو جڑ سے ختم کیا جائے گا،

  • رحیم یار خان، 13 سالہ گھریلو ملازمہ مبینہ تشدد سے جاں بحق

    رحیم یار خان، 13 سالہ گھریلو ملازمہ مبینہ تشدد سے جاں بحق

    رحیم یار خان، گلشن اقبال کے علاقے میں ایک 13 سالہ گھریلو ملازمہ سمیہ نامی بچی مبینہ طور پر میاں بیوی کے تشدد کا نشانہ بن کر جاں بحق ہوگئی ہے۔

    ڈی پی او عرفان سموں نے بتایا کہ سمیہ نواحی علاقے کوٹلہ پٹھان کی رہائشی تھی اور گزشتہ تین سال سے شہرام نامی شخص کے گھر میں ملازمہ کے طور پر کام کر رہی تھی۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق بچی کی موت شدید تشدد کے باعث ہوئی، اور واقعہ کی اطلاع بچی کی والدہ کو رات کے اندھیرے میں دی گئی۔ لاش کو کفن میں لپیٹ کر ماں کے حوالے کیا گیا، جہاں والدہ نے دیکھا کہ سمیہ کے جسم پر تشدد کے واضح نشان موجود تھے۔بچی کی ماں کی شکایت پر پولیس نے فوری کارروائی کی اور فرار ہونے والے ملزم میاں بیوی کو چھاپہ مار کارروائی کے دوران گرفتار کر لیا۔

    ڈی پی او عرفان سموں نے مزید بتایا کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بچی کے جسم پر سر سے لے کر پیروں تک بدترین تشدد کے نشانات پائے گئے ہیں، جس سے واضح ہوتا ہے کہ بچی کو سخت تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔اب ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے اور پولیس مزید تفتیش کر رہی ہے تاکہ اس المناک واقعہ کی تمام جہتوں کو سامنے لایا جا سکے۔

  • اوچ شریف: زہریلے سانپ کے ڈسنے سے کسان کی ساڑھے تین لاکھ روپے مالیت کی گائے ہلاک، کسان غم سے نڈھال

    اوچ شریف: زہریلے سانپ کے ڈسنے سے کسان کی ساڑھے تین لاکھ روپے مالیت کی گائے ہلاک، کسان غم سے نڈھال

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان)اوچ شریف کے نواحی علاقے رتہر نہڑراں والی بستی عبد اللہ خان میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں ایک زہریلے سانپ کے کاٹنے سے مویشی پال کسان عبدالطیف کی قیمتی گائے موقع پر ہی ہلاک ہو گئی۔ گائے کی مالیت تقریباً ساڑھے تین لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔

    متاثرہ کسان کے مطابق، گائے حسب معمول گھر کے صحن میں بندھی ہوئی تھی کہ اچانک جھاڑیوں سے ایک زہریلا سانپ نمودار ہوا اور گائے کو کاٹ لیا۔ سانپ کا زہر اتنا تیز تھا کہ چند لمحوں میں ہی گائے کی حالت بگڑ گئی، اور وہ تڑپتے ہوئے زمین پر گر کر دم توڑ گئی۔

    واقعے کے بعد کسان عبدالطیف شدید صدمے سے دوچار ہے اور اس کا کہنا ہے کہ یہ نقصان اس کی سال بھر کی محنت پر پانی پھیر گیا۔ مقامی افراد نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ علاقہ بھر میں جھاڑیوں کی صفائی اور زہریلے جانوروں کے تدارک کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔

  • سیالکوٹ ایئرپورٹ پر بڑی کارروائی، جعلی ویزے پر آنے والا مسافر گرفتار

    سیالکوٹ ایئرپورٹ پر بڑی کارروائی، جعلی ویزے پر آنے والا مسافر گرفتار

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیوروچیف شاہد ریاض)ایف آئی اے امیگریشن نے سیالکوٹ ایئرپورٹ پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے جعلی دستاویزات کے ذریعے بیرون ملک سے آنے والے ایک مسافر کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار مسافر کی شناخت عبدالحمید کے نام سے ہوئی ہے جو فلائٹ نمبر G9552 کے ذریعے کینیا سے پاکستان پہنچا تھا۔

    ایف آئی اے ترجمان کے مطابق عبدالحمید کے پاسپورٹ پر کینیڈا کا جعلی ویزا چسپاں تھا۔ ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا کہ مذکورہ شخص گزشتہ ماہ کینیا گیا تھا اور وہاں سے ایک مقامی ایجنٹ کے ذریعے جعلی ویزا حاصل کیا۔ مسافر کی نیت پاکستان سے کینیڈا روانگی کی تھی جو جعلی ویزے کی بنیاد پر ممکن نہ ہو سکی۔

    حکام نے بتایا کہ ملزم کو مزید تفتیش اور قانونی کارروائی کے لیے ایف آئی اے کے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل گجرات کے حوالے کر دیا گیا ہے، جہاں اس کے خلاف مزید قانونی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

  • ٹبہ سلطان پور: دیرینہ دشمنی پر فائرنگ، 60 سالہ شخص قتل

    ٹبہ سلطان پور: دیرینہ دشمنی پر فائرنگ، 60 سالہ شخص قتل

    ٹبہ سلطان پور (نامہ نگار) ٹبہ سلطان پور کے نواحی گاؤں چک نمبر 110-ڈبلیو بی میں دیرینہ دشمنی پر مسلح افراد کی فائرنگ سے 60 سالہ واحد بخش بلوچ جاں بحق ہو گیا۔ فائرنگ کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہو گئے جبکہ پولیس حسبِ روایت تاخیر سے پہنچی۔

    واقعے کی تفصیلات کے مطابق، مقتول واحد بخش بلوچ معمول کے طبی معائنے کے لیے قریبی ڈاکٹر کے کلینک جا رہا تھا کہ راستے میں گھات لگائے بیٹھے مخالفین نے اچانک فائرنگ کر دی۔ شدید زخمی حالت میں اُسے فوری طور پر مقامی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

    پولیس تھانہ ٹبہ سلطان پور کو اطلاع دینے کے باوجود وہ تاخیر سے موقع پر پہنچی، جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے حملہ آور باآسانی فرار ہو گئے۔ مقتول کے ورثا نے واقعے کا مقدمہ درج کروانے کے لیے تھانے میں درخواست جمع کرا دی ہے، تاہم تا حال مقدمہ درج نہیں ہو سکا۔

    علاقہ مکینوں نے پولیس کی سستی اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی نہ ہونے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ مقتول کی لاش پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کر دی گئی، جب کہ پولیس نے معاملے کی تفتیش شروع کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

  • تنگوانی: کاروکاری کے تنازع پر باجکانی و چولیانی قبائل میں تصادم، نوجوان جاں بحق

    تنگوانی: کاروکاری کے تنازع پر باجکانی و چولیانی قبائل میں تصادم، نوجوان جاں بحق

    تنگوانی (باغی ٹی وی، نامہ نگار منصور بلوچ) تنگوانی کے نواحی علاقے میں کاروکاری کے تنازع پر دو قبائل کے درمیان مسلح تصادم کے نتیجے میں ایک نوجوان جان کی بازی ہار گیا۔ واقعہ جمال تھانے کی حدود میں انڑ پل اسٹاپ کے قریب پیش آیا جہاں باجکانی اور چولیانی برادری کے درمیان شدید جھڑپ ہوئی۔

    تصادم کے دوران فائرنگ سے باجکانی قبیلے کے نوجوان محمد عارب باجکانی موقع پر ہی گولی لگنے سے جاں بحق ہو گیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں شدید کشیدگی پھیل گئی ہے اور مزید خونریزی کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

    مقامی ذرائع کے مطابق دونوں قبائل کے درمیان پرانا تنازع موجود تھا، جسے کاروکاری کے معاملے نے مزید بھڑکا دیا۔ پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی ہے اور صورتحال کو قابو میں رکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

    تاحال کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی جبکہ مقتول کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دی گئی ہے۔ پولیس نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

  • دھوڑ کوٹ تا ترنڈبشارت سڑک موت کا ٹریک بن گئی، گہرے گڑھوں نے عوام کی زندگی داؤ پر لگا دی

    دھوڑ کوٹ تا ترنڈبشارت سڑک موت کا ٹریک بن گئی، گہرے گڑھوں نے عوام کی زندگی داؤ پر لگا دی

    اوچ شریف (باغی ٹی وی ، نامہ نگار حبیب خان) دھوڑ کوٹ سے ترنڈبشارت جانے والی نئی تعمیر شدہ سڑک چند ماہ میں ہی کھنڈرات کا منظر پیش کرنے لگی ہے۔ حالیہ بارشوں کے بعد سڑک کے دونوں کناروں پر بننے والے گہرے اور خطرناک گڑھے روزانہ حادثات کا سبب بن رہے ہیں، جس کے نتیجے میں متعدد شہری زخمی ہو چکے ہیں۔ موٹر سائیکل، کار اور دیگر گاڑیوں کے الٹنے اور پھسلنے کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

    اہل علاقہ نے سڑک کی تباہ حالی پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ "یہ سڑک نہیں بلکہ کھلا قبرستان بن چکی ہے۔ ہر لمحہ ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے موت ہمارے سروں پر منڈلا رہی ہو۔” مقامی افراد روزانہ اسی سڑک سے گزرنے پر مجبور ہیں اور ہر سفر ان کے لیے خوفناک تجربہ بن چکا ہے۔

    عوامی حلقوں، بزرگوں، خواتین اور نوجوانوں نے حکومت وقت اور متعلقہ اداروں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے وزیراعظم پاکستان، وزیراعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب، ڈپٹی کمشنر بہاولپور ڈاکٹر فرحان فاروق اور ہائی وے ڈیپارٹمنٹ سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ سڑک کے کناروں پر پڑے ان مہلک گڑھوں کو فوری طور پر بھرا جائے اور سڑک کو مکمل طور پر محفوظ بنایا جائے تاکہ قیمتی انسانی جانوں کو مزید ضیاع سے بچایا جا سکے۔

  • سیالکوٹ: شوہر کی فائرنگ سے بیوی قتل، ملزم گرفتار

    سیالکوٹ: شوہر کی فائرنگ سے بیوی قتل، ملزم گرفتار

    سیالکوٹ(باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض)گھریلو ناچاقی پر شوہر نے بیوی کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا، ملزم گرفتار

    سیالکوٹ کے نواحی علاقے بٹر گاؤں میں افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک شخص نے گھریلو جھگڑے کے دوران طیش میں آکر اپنی بیوی کو گولی مار کر قتل کر دیا۔ مقتولہ کی شناخت ارم کے نام سے ہوئی ہے جو تین بچوں کی ماں تھی۔

    یہ واقعہ تھانہ صدر کی حدود میں پیش آیا۔ مقامی افراد کے مطابق میاں بیوی کے درمیان کافی عرصے سے گھریلو ناچاقی چل رہی تھی۔ بدھ کی صبح معمولی تلخ کلامی نے شدت اختیار کی اور ملزم عمران نے طیش میں آ کر پستول سے فائرنگ کر دی، جس سے ارم موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی۔

    فائرنگ کی آواز سن کر اہل علاقہ جمع ہو گئے جنہوں نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم عمران کو آلہ قتل سمیت گرفتار کر لیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق واقعہ گھریلو ناچاقی کا نتیجہ ہے، تاہم مزید تحقیقات جاری ہیں۔

    مقتولہ کی لاش کو ضروری قانونی کارروائی کے بعد پوسٹ مارٹم کے لیے سول ہسپتال سیالکوٹ منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق مقتولہ کے ورثاء کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے مزید قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

  • بااثر افراد  کی مزدور کی بیوی سے اجتماعی زیادتی، 3 ملزمان گرفتار

    بااثر افراد کی مزدور کی بیوی سے اجتماعی زیادتی، 3 ملزمان گرفتار

    پنجاب کے ضلع منڈی بہاالدین میں انسانیت سوز واقعہ پیش آیا، جہاں بااثر مسلح افراد نے مزدور کی بیوی اور بہن کو اغوا کیا، اور ایک خاتون کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تین مرکزی ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    میدیا رپورٹس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ تھانہ پھالیہ کی حدود میں مانو چک پل کے قریب پیش آیا، جہاں ملزمان نے دونوں خواتین کو اسلحے کے زور پر اغوا کیا اور انہیں گاڑی میں بٹھا کر پنڈی کالو کے نزدیک ایک زیر تعمیر کوٹھی میں لے گئے۔متاثرہ خاتون کو وہاں باری باری زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔واقعہ کی اطلاع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) وسیم ریاض خان نے فوری ایکشن لیتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کا حکم دیا، جس پر تھانہ پھالیہ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تین مرکزی ملزمان کو حراست میں لے لیا۔

    متاثرہ خاتون کے شوہر جواد الحسن کی مدعیت میں مقدمہ نمبر 595/25 درج کیا گیا، جس میں تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 367 (اغوا) اور 375 (جنسی زیادتی) شامل کی گئیں۔ایف آئی آر میں علی حسن ولد عمر حیات، دلاور شہزاد ولد شبیر احمد، اور ساجد علی ولد محمد مہندی کو نامزد کیا گیا ہے، جبکہ ایک ملزم ملک فرحان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

    ڈی پی او نے اس واقعے کو انتہائی سنگین اور قابل مذمت قرار دیتے ہوئے ملزمان کو قانون کے مطابق سخت سزا دلوانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔

    عیدالاضحیٰ پر 69 لاکھ 77 ہزار جانور قربان، فروخت اور قیمتوں میں کمی

    بلاول بھٹو زرداری کا سندھ طاس معاہدے کی بحالی اور پاک بھارت جامع مذاکرات پر زور

    ہیوسٹن میں بھارتی سفارت خانے کے سامنےاحتجاج، خالصتان اور کشمیر کی آزادی کے نعرے

    ثنا میر آئی سی سی ہال آف فیم میں شامل ہونے والی پہلی پاکستانی خاتون کرکٹر بن گئیں

  • سیالکوٹ: نہروں میں نہانے پر پابندی، دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر 105 افراد گرفتار

    سیالکوٹ: نہروں میں نہانے پر پابندی، دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر 105 افراد گرفتار

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض)سیالکوٹ پولیس نے عید تعطیلات کے دوران نہروں اور دریاؤں میں نہانے پر عائد پابندی کی خلاف ورزی کرنے والے 105 افراد کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمات درج کر لیے ہیں۔ یہ کارروائیاں دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر فیصل شہزاد کی خصوصی ہدایات کے تحت عمل میں لائی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ پولیس کی جانب سے شہر بھر میں نہروں، دریاؤں اور دیگر آبی مقامات پر سخت نگرانی کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئیں تھیں جنہوں نے مختلف مقامات پر چھاپے مار کر دفعہ 144 کا مذاق اڑانے والے افراد کو موقع پر گرفتار کیا۔ گرفتار افراد کے خلاف متعلقہ تھانوں میں قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

    ڈی پی او فیصل شہزاد کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات شہریوں کی قیمتی جانوں کے تحفظ اور ڈوبنے جیسے مہلک حادثات کی روک تھام کے لیے کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو نہروں یا دریاؤں میں نہانے سے سختی سے روکیں اور ان پر نظر رکھیں تاکہ کسی بھی افسوسناک واقعے سے بچا جا سکے۔

    سیالکوٹ پولیس نے واضح کیا ہے کہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رہے گی اور قانون کی عملداری کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے گا۔