Baaghi TV

Category: جرائم و حادثات

  • تنگوانی: کاروکاری کے پرانے تنازع پر چولیانی برادری کے دو گروپوں میں تصادم، ایک شخص قتل، دو زخمی

    تنگوانی: کاروکاری کے پرانے تنازع پر چولیانی برادری کے دو گروپوں میں تصادم، ایک شخص قتل، دو زخمی

    تنگوانی (باغی ٹی وی، نامہ نگارمنصور بلوچ)تنگوانی کے نواحی علاقے جمال میں واقع گاؤں کریم چولیانی میں پرانی کاروکاری کے جھگڑے پر چولیانی برادری کے دو فریقین کے درمیان شدید تصادم ہوا، جس کے دوران دونوں اطراف سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ فائرنگ کے نتیجے میں نوجوان قربان علی چولیانی موقع پر جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہوگئے۔

    واقعہ کرم پور تھانے کی حدود میں پیش آیا، تاہم اطلاع کے باوجود اب تک پولیس یا ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تصادم روکنے یا فریقین کے درمیان فائرنگ بند کرانے کے لیے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا۔

    علاقے میں کشیدگی برقرار ہے اور فائرنگ کا سلسلہ تاحال جاری ہے، جس کے باعث عوام میں شدید خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔ مقامی شہریوں اور رہنماؤں نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے صورتحال کو قابو میں لایا جائے تاکہ مزید جانی نقصان سے بچا جا سکے۔

  • سیالکوٹ: فیملی کے سامنے شہری پر بدترین تشدد، ویڈیو وائرل، ایک ملزم گرفتار

    سیالکوٹ: فیملی کے سامنے شہری پر بدترین تشدد، ویڈیو وائرل، ایک ملزم گرفتار

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض)کراچی کے بعد اب سیالکوٹ میں بھی ایک شہری پر اس کی فیملی کے سامنے تشدد کا لرزہ خیز واقعہ سامنے آ گیا۔ سرکلر روڈ پر ایک الیکٹرانکس کمپنی کے ریکوری ایجنٹ نے قسط کی ادائیگی میں تاخیر پر نوجوان کو راستے میں روک کر سرعام بدترین تشدد کا نشانہ بنایا۔ متاثرہ نوجوان کے ساتھ موجود خواتین چیختی چلاتی رہیں، لیکن درندگی کی انتہا کرنے والے ریکوری ایجنٹ اور اس کے ساتھیوں نے ایک لمحے کو بھی رحم نہ کیا۔

    واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد نے نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایس پی سٹی طارق محمود ڈھڈی کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دی۔ پولیس ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم حسیب کو کشمیری محلہ سے گرفتار کر لیا، جبکہ واقعے میں ملوث دیگر تین ملزمان کی تلاش جاری ہے۔

    ڈی پی او فیصل شہزاد نے میڈیا سے گفتگو میں واضح کیا کہ کسی شخص کو قانون ہاتھ میں لینے کی ہرگز اجازت نہیں دی جا سکتی۔ متاثرہ شہری کو مکمل انصاف فراہم کیا جائے گا اور ملزمان کو سخت سے سخت سزا دی جائے گی۔ پولیس مظلوم شہری کی ہر ممکن مدد کرے گی تاکہ معاشرے میں قانون کی بالادستی قائم رہے۔

  • تنگوانی: بدامنی کے خلاف آواز اٹھانے پر 28 صحافیوں و رہنماؤں پرپیکاایکٹ کا مقدمہ، احتجاجی دھرنا تیسرے روز بھی جاری

    تنگوانی: بدامنی کے خلاف آواز اٹھانے پر 28 صحافیوں و رہنماؤں پرپیکاایکٹ کا مقدمہ، احتجاجی دھرنا تیسرے روز بھی جاری

    تنگوانی،باغی ٹی وی،نامہ نگارمنصور بلوچ)تنگوانی میں بدامنی کے خلاف آواز بلند کرنے اور سوشل میڈیا پر پولیس کی نااہلی کو اجاگر کرنے پر پولیس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے صحافیوں، مذہبی رہنماؤں، قوم پرست جماعتوں کے کارکنوں اور شہری اتحاد سے وابستہ افراد سمیت 28 افراد کے خلاف پیپکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق تھانہ تنگوانی میں درج ایف آئی آر میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ ان افراد نے کچہ میں ڈاکوؤں کی لوٹ مار کے حوالے سے جھوٹی خبریں پھیلائیں، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا۔ مقدمے میں صحافی عطاالرحمن ملک (صدر پریس کلب تنگوانی)، عطا حسین ملک، احمد علی لاشاری، سہراب سندھی، محمد علی ڈہانی، لطف سندھی، عبدالباری ملک، مسعود باجکانی، کندھکوٹ سے حافظ ملک اکبر بگوار، اور غوث پور کے صحافی کا نام سمیت دیگر افراد کے نام شامل ہیں۔

    شہری اتحاد سے تعلق رکھنے والے رہنماؤں میں کفایت اللہ کھوسو، فضل الرحمن، قوم پرست رہنما رحمدل لاشاری اور دیگر بھی شامل ہیں۔

    پولیس پر الزام ہے کہ یہ مقدمہ دراصل بدامنی کے واقعات اور پولیس کی ناکامی پر پردہ ڈالنے کی ایک کوشش ہے، تاکہ حقائق سامنے لانے والوں کو دبایا جا سکے۔

    مقدمے کے اندراج کے خلاف تنگوانی پریس کلب میں آج صبح صحافیوں، سیاسی، سماجی، مذہبی اور قوم پرست جماعتوں کے رہنماؤں کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا، جس میں عطاالرحمن ملک، عطا حسین ملک، سہراب سندھی، باری ملک، منصور بلوچ، کفایت اللہ کھوسو، رحمدل لاشاری اور دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ مقدمات، گرفتاریوں یا دباؤ کے باوجود جدوجہد جاری رکھی جائے گی اور کسی صورت پولیس کے سامنے سر نہیں جھکایا جائے گا۔

    اس جدوجہد کے تسلسل میں آج تیسرے روز بھی تنگوانی شہر میں ویگن اسٹینڈ کے مقام پر شہری اتحاد، مذہبی و قوم پرست جماعتوں کی قیادت میں احتجاجی دھرنا دیا گیا، جس میں حافظ کفایت اللہ، سہراب سندھی، محمد اسماعیل باجکانی، رحمۃ اللہ لاشاری سمیت دیگر رہنماؤں اور شہریوں نے شرکت کی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ پولیس چاہے جتنی بھی جھوٹی ایف آئی آر درج کرے، وہ مظلوموں کے حق میں آواز بلند کرتے رہیں گے اور بدامنی و پولیس کی نااہلی کے خلاف اپنی تحریک جاری رکھیں گے۔

  • پانی اور اراضی کا تنازعہ  : دو سگے بھائیوں سمیت تین افراد جاں بحق

    پانی اور اراضی کا تنازعہ : دو سگے بھائیوں سمیت تین افراد جاں بحق

    خیبر ضلع کی تحصیل جمرود کے علاقے غنڈی میں کھیتوں کو سیراب کرنے کے تنازعے میں دو سگے بھائیوں سمیت تین افراد جاں بحق جبکہ ایک خاتون سمیت دو افراد زخمی ہوگئے۔

    پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ چچازاد بھائیوں کے درمیان پانی اور اراضی کے جھگڑے پر پیش آیا، جاں بحق اور زخمی ہونے والے تمام افراد ایک ہی خاندان سے تعلق رکھتے ہیں، زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

    واقعے کے بعد پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا، جسے تھانہ جمرود کی حوالات میں بند کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ دیگر ملوث افراد فائرنگ کے بعد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے جن کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

  • علی پور: فرسٹ ایئر طالبہ پر خاوند اور نند کا تشدد، مقدمہ درج

    علی پور: فرسٹ ایئر طالبہ پر خاوند اور نند کا تشدد، مقدمہ درج

    علی پور (باغی ٹی وی,حبیب خان کی رپورٹ) تھانہ سٹی علی پور کی رہائشی فرسٹ ایئر کی طالبہ حجاب زہرہ نے اپنے خاوند حامد اور نند دعا کے خلاف پولیس میں مقدمہ درج کرایا ہے۔ حجاب زہرہ نے بتایا کہ ڈیڑھ سال قبل حامد سے شادی ہوئی تھی، شروع میں اس کا رویہ ٹھیک تھا لیکن بعد میں اس نے اور اس کی بہن ( نند )نے مسلسل تشدد شروع کر دیا۔ دونوں ملزمان اسے کھانا نہیں دیتے اور کمرے میں قید کر رکھا تھا۔

    گذشتہ روز ملزمان نے اسے کہا کہ اپنے والد سے میکے سے رقم منگواؤ، جس پر اس نے انکار کیا تو ملزمان نے اس پر مار پیٹ شروع کر دی۔ تشدد کے دوران حجاب کے کان سے چالیس ہزار روپے کی بالی گر گئی جو اس کی نند نے اٹھا لی۔ شور شرابہ سن کر حجاب کے والد اور برادری کے افراد موقع پر پہنچے اور اس کی جان بچائی۔

    اطلاع ملنے پر پولیس تھانہ سٹی علی پور موقع پر پہنچی اور مقدمہ درج کر کے ملزمان کیخلاف تفتیش شروع کر دی۔ ملزمان نے پولیس کو بھی قتل کی دھمکیاں دی ہیں۔

  • لودھراں: دکان کے باہر سویا نوجوان ،چھریوں کے وار سے قتل

    لودھراں: دکان کے باہر سویا نوجوان ،چھریوں کے وار سے قتل

    لودھراں (باغی ٹی وی رپورٹ) نواحی علاقہ چک 50ایم میں دکاندار رمضان گاذر کو دکان کے باہر سوئے ہوئے حالت میں نامعلوم ملزمان نے چھرے کے وار کرکے قتل کر دیا۔ رمضان گاذر موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ اہل علاقہ کو یہ ہولناک واقعہ اس وقت معلوم ہوا جب ایک شخص نماز فجر کے لیے اسے جگانے پہنچا۔ جائے وقوعہ سے مقتول کا موبائل، پرس اور دکان کی چابیاں چارپائی پر موجود تھیں، جس کی اطلاع گیلےوال پولیس کو دی گئی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے، تاہم قتل کی اصل وجہ معلوم نہ ہو سکی۔

    مقتول کی لاش 53ایم اسپتال منتقل کی گئی، جہاں سے پوسٹ مارٹم کے بعد ڈی ایچ کیو لودھراں منتقل کر کے ورثاء کے حوالے کی گئی۔ نماز جنازہ چک نمبر 50 ایم کی عیدگاہ میں ادا کی گئی اور تدفین عمل میں آئی۔ مقتول رمضان گاذر مقامی صحافی عمر فاروق کا بھانجا اور دو بچوں کا باپ تھا۔ پولیس تھانہ گیلےوال ملزمان کی تلاش میں مصروف ہے۔

  • احمد پور شرقیہ: طارق بشیر چیمہ کے قریبی ساتھی کا بیٹا اور بھائی فائرنگ میں قتل

    احمد پور شرقیہ: طارق بشیر چیمہ کے قریبی ساتھی کا بیٹا اور بھائی فائرنگ میں قتل

    اوچ شریف (باغی ٹی وی،نامہ نگارحبیب خان) اڈا 42 ہزار لاشاری پٹرول پمپ پر رشتہ داروں کے درمیان خونی جھگڑا، ایم این اے چوہدری طارق بشیر چیمہ کے بااعتماد ساتھی حاجی ندیم خان لاشاری کا نوجوان بیٹا ڈاکٹر شیراز خان اور بھائی وسیم خان فائرنگ سے جاں بحق، تین افراد شدید زخمی ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق معمولی رنجش پر شروع ہونے والا تنازعہ جان لیوا تصادم میں بدل گیا۔ اڈا 42 ہزار پر واقع لاشاری پٹرول پمپ پر حاجی ندیم خان لاشاری بلوچ کے کزنوں کے بیٹوں نے فائرنگ کر کے ان کے صاحبزادے ڈاکٹر شیراز خان — جو حال ہی میں ڈاکٹری کی تعلیم مکمل کر چکے تھے — اور بھائی وسیم خان کو موقع پر ہی قتل کر دیا۔
    فائرنگ کے نتیجے میں حاجی ندیم خان لاشاری کے دوسرے بیٹے شہزاد لاشاری، بھائی اسد لاشاری اور بھانجا سجاد خان لاشاری شدید زخمی ہو گئے، جنہیں تشویشناک حالت میں بہاولپور وکٹوریہ اسپتال ریفر کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں کی ٹیم ان کا علاج کر رہی ہے۔

    واقعہ کی اطلاع پر احمد پور شرقیہ اور یزمان تھانوں کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، جبکہ مقتولین کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے سول اسپتال احمد پور شرقیہ منتقل کیا گیا۔ پولیس نے حاجی ندیم خان لاشاری کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔

    ذرائع کے مطابق واقعہ کی بنیاد گزشتہ روز ہونے والا ایک معمولی جھگڑا تھا، جس نے خونریز رخ اختیار کر لیا۔ پولیس عینی شاہدین اور مقتولین کے لواحقین سے معلومات اکٹھی کر رہی ہے، جبکہ علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔

  • مظفرگڑھ: غیرت کے نام پر بہن پر قاتلانہ حملہ، پولیس نے بچا لیا

    مظفرگڑھ: غیرت کے نام پر بہن پر قاتلانہ حملہ، پولیس نے بچا لیا

    مظفرگڑھ (باغی ٹی وی رپورٹ) تھانہ روہیلانوالی کی حدود ماہڑہ میں غیرت کے نام پر لرزہ خیز واقعہ، سگے بھائی نے ناجائز تعلقات کے شبہ میں بہن پر درانتی اور کلہاڑیوں سے حملہ کر دیا، شدید زخمی لڑکی کو پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اسپتال منتقل کیا اور زندگی بچالی۔ ورثا کی خاموشی پر پولیس نے از خود مقدمہ درج کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق ماہڑہ کے رہائشی سجاد نامی شخص نے اپنی سگی بہن اقرا بی بی پر غیرت کے نام پر حملہ کرتے ہوئے اسے قتل کرنے کی کوشش کی۔ ملزم نے درانتی اور کلہاڑیوں کے وار سے لڑکی کو شدید زخمی کر دیا اور موقع سے فرار ہو گیا۔ اطلاع ملنے پر تھانہ روہیلانوالی پولیس موقع پر پہنچی، جہاں زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا اقرا بی بی کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر کے اس کی جان بچا لی گئی۔

    پولیس کے مطابق ورثا نے بیٹی کو بچانے اور ملزم کے خلاف کارروائی سے انکار کر دیا، جس پر پولیس نے اپنی مدعیت میں سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا اور فرار ہونے والے ملزم سجاد کو گرفتار کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ ڈی ایس پی صدر سرکل مرزا محمد صدیق کے مطابق لڑکی کی حالت اب بہتر ہے، اور ملزم کے خلاف ٹھوس شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں، تاکہ عدالت سے اسے سخت سے سخت سزا دلوائی جا سکے۔

    یہ واقعہ ایک بار پھر معاشرتی بے حسی اور غیرت کے نام پر تشدد کے بھیانک چہرے کو بے نقاب کرتا ہے، جہاں پولیس نے بروقت کارروائی کر کے ایک معصوم جان کو بچا لیا۔

  • احمد پور شرقیہ: معمولی تلخ کلامی پر فائرنگ، چچا بھتیجا قتل، دو زخمی

    احمد پور شرقیہ: معمولی تلخ کلامی پر فائرنگ، چچا بھتیجا قتل، دو زخمی

    اوچ شریف (باغی ٹی وی،نامہ نگارحبیب خان) احمد پور شرقیہ میں معمولی تلخ کلامی پر جان لیوا جھگڑا خونریزی میں بدل گیا، تھانہ ڈیرہ نواب صاحب کی حدود میں مخالفین کی فائرنگ سے چچا اور بھتیجا موقع پر جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہو گئے۔ افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب معمولی بات پر دونوں فریقین میں تلخ کلامی شروع ہوئی جو شدت اختیار کر گئی۔ اسی دوران مخالفین نے اسلحہ نکال کر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں چچا اور بھتیجا موقع پر دم توڑ گئے جبکہ دو راہگیر گولی لگنے سے زخمی ہو گئے۔
    اطلاع ملنے پر پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی، شواہد اکٹھے کیے اور لاشوں کو پوسٹ مارٹم جبکہ زخمیوں کو علاج کے لیے مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارنے شروع کر دیے ہیں۔ واقعے نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے جبکہ مقتولین کے لواحقین نے انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔

  • ننکانہ: اتائی ڈاکٹروں کے خلاف بڑا آپریشن، پانچ کلینک سیل، 112 غیر قانونی مراکز کی نشاندہی

    ننکانہ: اتائی ڈاکٹروں کے خلاف بڑا آپریشن، پانچ کلینک سیل، 112 غیر قانونی مراکز کی نشاندہی

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز) اتائی ڈاکٹروں کے خلاف بڑا آپریشن، پانچ کلینک سیل، 112 غیر قانونی مراکز کی نشاندہی،تحصیل شاہکوٹ اور سانگلہ ہل میں سست روی، شہریوں کا اظہارِ تشویش

    ضلع ننکانہ صاحب میں محکمہ صحت نے غیر قانونی اور خطرناک اتائی ڈاکٹروں کے خلاف بڑا آپریشن شروع کر دیا ہے۔ ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر تحصیل ننکانہ ڈاکٹر ذیشان اختر نے اپنی ٹیم کے ہمراہ مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے پانچ اتائی کلینکس سیل کر دیے، جب کہ ان کے چالان پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کو بھجوا دیے گئے ہیں۔

    سیل کیے گئے کلینکس میں شامل مقامات گاؤں کوٹلی لال، یونین کونسل مانگٹانوالہ، گاؤں پیپل والا (یونین کونسل کوٹ نامدار)، بندے کی جاگیر، بائی پاس لاہور روڈ اور موڑ کھنڈا شامل ہیں۔ محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق تحصیل ننکانہ صاحب میں اس وقت 112 غیر قانونی اتائی کلینکس کی نشاندہی کی جا چکی ہے، جن کے خلاف مرحلہ وار کارروائیاں جاری ہیں۔

    یہ آپریشن سیکرٹری ہیلتھ اینڈ پاپولیشن پنجاب محترمہ نادیہ ثاقب کی ہدایات، ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ کی نگرانی، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر طلحہ شیروانی اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر کامران واجد کی سرپرستی میں عمل میں لایا جا رہا ہے۔

    محکمہ صحت کی جانب سے "مریم نواز ہیلتھ کلینکس (MNHC)” منصوبے کے تحت ضلع میں 19 جدید مراکز فعال کیے جا چکے ہیں، جن میں تحصیل ننکانہ میں 10، شاہکوٹ میں 6 اور سانگلہ ہل میں 3 کلینک شامل ہیں۔ ان مراکز کے قیام کے بعد اتائی کلینکس کے خلاف کارروائیوں میں بھی تیزی آئی ہے۔

    تاہم، دوسری جانب تحصیل شاہکوٹ اور سانگلہ ہل میں اتائی ڈاکٹروں کے خلاف کارروائی سست روی کا شکار ہے، جس پر مقامی شہریوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ان علاقوں میں بھی فوری اور بھرپور آپریشن کیا جائے تاکہ انسانی جانوں سے کھیلنے والے جعلی ڈاکٹروں کا قلع قمع کیا جا سکے۔

    محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق ضلع بھر میں اتائیوں کے خلاف مزید آپریشن جلد متوقع ہیں اور اس ضمن میں کسی قسم کی نرمی یا رعایت نہیں برتی جائے گی۔