Baaghi TV

Category: جرائم و حادثات

  • قصور :کھلے نالے، بے حس حکمران،موت کا رقص کب رکے گا؟

    قصور :کھلے نالے، بے حس حکمران،موت کا رقص کب رکے گا؟

    قصور،باغی ٹی وی(طارق نوید سندھو سے) شہباز خاں روڈ شہر کی مصروف ترین گذرگاہ موت کے کنوئیں میں تبدیل ہو چکی ہے۔ یہاں 15 سے 20 فٹ گہرا کھلا نالہ انتظامیہ کی غفلت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ یہ نالہ نہ صرف شہریوں کے لیے خطرہ ہے بلکہ قصور کے ایم پی اے اور ایم این اے کے ڈیرے سے محض 100 میٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ اس خطرناک صورتحال پر کسی افسر کی نظر نہیں پڑی۔

    یونیک گروپ آف انسٹیٹیوشنز (قصور کیمپس) جیسے معروف تعلیمی ادارے کی موجودگی کے باوجودسکول انتظامیہ بھی خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ کیا کسی بڑے حادثے کا انتظار ہے؟ قصور کی سڑکیں خون سے رنگین ہو رہی ہیں۔یاد رہے کہ گذشتہ روز رائے ونڈ روڈ پر ایک اور المناک حادثہ پیش آیا، جہاں ایک وین بے قابو ہو کر نالے میں جا گری۔ اس حادثے میں 8 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ 2 شدید زخمی ہیں۔ مرنے والوں میں خواجہ سرا بھی شامل تھا۔

    قصور میں یہ پہلا موقع نہیں ہے جب اس طرح کا حادثہ پیش آیا ہے۔ گزشتہ سال دسمبر میں بھی 6 افراد اسی طرح کے حادثے میں جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔ 2023 میں بھی ایک ڈرائیور اسی مقام پر جان کی بازی ہار گیاتھا ،ان تمام حادثات کی بنیادی وجہ اوور اسپیڈنگ اور کھلے نالے جن پر باؤنڈری والز کا نہ ہونا ہے۔

    شہریوں نے ارباب اختیار سے سوال کیا ہے کہ کیا قصور کے شہری کب تک بے موت مرتے رہیں گے اور کب تک سڑکیں اور کھلے نالے خون سے رنگین ہوتے رہیں گے؟ کیا انتظامیہ کسی بڑے حادثے کا انتظار کر رہی ہے؟کوئی ہے جو فوری طور پر ان کھلے نالوں کو بندکرنے کے احکامات جاری کرے اور جاری موت کے رقص کو بندکرے اور شہریوں کوناگہانی موت مرنے سے بچائے .

  • سیالکوٹ: ڈکیتی اور چوری کی وارداتوں میں ملوث 3 رکنی گینگ گرفتار

    سیالکوٹ: ڈکیتی اور چوری کی وارداتوں میں ملوث 3 رکنی گینگ گرفتار

    سیالکوٹ ،باغی ٹی وی( بیوروچیف شاہد ریاض) پولیس نے ڈکیتی، راہزنی اور چوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث 3 رکنی گینگ کو سرغنہ سمیت گرفتار کر لیا۔ دورانِ تفتیش ملزمان کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کا مسروقہ سامان، نقدی، موٹر سائیکلیں اور غیر قانونی اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔

    پولیس ترجمان کے مطابق ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد کی خصوصی ہدایات پر ڈی ایس پی صدر سرکل کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ ہیڈ مرالہ سب انسپکٹر خاور الطاف نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کامیاب کارروائی کرتے ہوئے گینگ کو گرفتار کیا۔

    پولیس کے مطابق گرفتار ہونے والے ملزمان میں محمد عمران عرف مانو ولد قاسم علی (مسن کالر، کالا شاہ کاکو، شیخوپورہ)، رمضان عرف جانو ولد مقصود احمد (جاجو پور، پسرور، سیالکوٹ)، اور غلام عباس عرف فانا ولد بابر حسین (رنگپور سروچیاں) شامل ہیں۔ یہ گینگ شہر میں ڈکیتی اور چوری کی 29 وارداتوں میں ملوث تھا۔

    پولیس نے ملزمان کے قبضے سے 2 لاکھ 80 ہزار روپے نقدی، 4 عدد موٹر سائیکلیں، سرجیکل کا سامان، پانی کی الیکٹرک موٹر، 2 بیٹریاں اور وارداتوں میں استعمال ہونے والا 30 بور کے 2 پسٹل بمعہ متعدد گولیاں برآمد کر لیں۔

    ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد نے پولیس ٹیم کی کامیاب کارروائی کو سراہتے ہوئے تمام افسران و اہلکاروں کے لیے تعریفی سرٹیفکیٹس اور نقد انعام کا اعلان کیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور ان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے بھی کارروائی کی جا رہی ہے۔

  • بہاولپور: گیس لیکیج حادثہ، دو معصوم بچیاں جاں بحق، والدہ بے ہوش

    بہاولپور: گیس لیکیج حادثہ، دو معصوم بچیاں جاں بحق، والدہ بے ہوش

    اوچ شریف،باغی ٹی وی (نامہ نگارحبیب خان) بہاولپور کے علاقے ساجد اعوان ٹاؤن میں افسوسناک حادثہ پیش آیا، جہاں گیس لیکج کے باعث دو کمسن بچیاں جان کی بازی ہار گئیں، جبکہ ان کی والدہ بے ہوش ہو گئیں۔

    ریسکیو 1122 کنٹرول روم کو اطلاع ملی کہ ایک گھر میں گیس بھر جانے کے باعث ماں اور بچے بے ہوش ہو گئے ہیں۔ ریسکیو ٹیم فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچی، جہاں معلوم ہوا کہ تحریم اعجاز زوجہ اعجاز نصیر اپنے بچوں کے ہمراہ کمرے میں سو رہی تھیں۔ رات کے وقت گیس چولہے کا بٹن کھلا رہ جانے کے باعث کمرے میں گیس بھر گئی، جس سے دو سالہ مناحل اور آٹھ ماہ کی نوال دم گھٹنے سے جاں بحق ہو گئیں، جبکہ والدہ نیم بے ہوشی کی حالت میں پائی گئیں۔

    ریسکیو ٹیم نے فوری طبی امداد فراہم کرتے ہوئے تینوں افراد کو وکٹوریہ ہسپتال بہاولپور منتقل کیا، جہاں ڈاکٹرز نے بچیوں کی موت کی تصدیق کر دی، جبکہ ان کی والدہ کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔

    واقعے کی اطلاع پولیس کو بھی دے دی گئی ہے، جو مزید تحقیقات کر رہی ہے۔ یہ افسوسناک واقعہ گیس کے غیر محفوظ استعمال کے باعث پیش آیا، جس نے ایک ہی خاندان کی خوشیاں چھین لیں۔

  • اوچ شریف: زائرین کی بس میں تصادم، 35 سالہ شخص جاں بحق

    اوچ شریف: زائرین کی بس میں تصادم، 35 سالہ شخص جاں بحق

    اوچ شریف،باغی ٹی وی(نامہ نگارحبیب خان) موٹر وے انٹرچینج اوچ شریف پر لال شہباز قلندر کے عرس سے واپس جانے والی زائرین کی بس میں جھگڑے کے دوران 35 سالہ شخص جان کی بازی ہار گیا۔

    تفصیلات کے مطابق، چنیوٹ جانے والی بس میں زائرین کے درمیان تلخ کلامی کے بعد جھگڑا شدت اختیار کر گیا، جس میں ڈنڈوں اور سوٹوں کا آزادانہ استعمال کیا گیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق، ثناء اللہ ولد حبیب خان کو شدید سر کی چوٹیں آئیں، جس کے باعث وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

    واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور جاں بحق شخص کی لاش تحویل میں لے لی۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ بس میں موجود دیگر زائرین سے بھی پوچھ گچھ جاری ہے۔

  • خیرپور ٹامیوالی: بیوہ خاتون مبینہ طور پر دیور کے ہاتھوں زیادتی کا شکار، ملزم آزاد، خاتون کی دُہائی،

    خیرپور ٹامیوالی: بیوہ خاتون مبینہ طور پر دیور کے ہاتھوں زیادتی کا شکار، ملزم آزاد، خاتون کی دُہائی،

    اوچ شریف،باغی ٹی وی (نامہ نگارحبیب خان )خیرپور ٹامیوالی ، چک نمبر 23 میں ظلم کی انتہا، بیوہ خاتون مبینہ طور پر دیور کے ہاتھوں زیادتی کا نشانہ بن گئی، پولیس نے مقدمہ تو درج کر لیا لیکن پانچ روز گزرنے کے باوجود ملزم گرفتار نہ ہو سکا، متاثرہ خاتون انصاف کے لیے دربدر۔

    تفصیلات کے مطابق ریاض مائی دختر غلام قادر نے میڈیا کو بتایا کہ اس کا شوہر چند ماہ قبل وفات پا چکا ہے اور وہ اپنی کمسن بیٹی کے ساتھ رہائش پذیر ہے۔ خاتون کے مطابق اس کا دیور محمد اقبال گزشتہ کئی دنوں سے اسے ہراساں کر رہا تھا اور چار روز قبل رات ساڑھے نو بجے زبردستی گھر میں داخل ہو کر زیادتی کا نشانہ بنایا۔

    متاثرہ خاتون کا کہنا ہے کہ اس کی چیخ و پکار پر محلے دار موقع پر پہنچے، جس پر ملزم فرار ہو گیا۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس نے مقدمہ درج کر لیا، مگر تاحال ملزم کو گرفتار نہیں کیا جا سکا۔ خاتون نے الزام عائد کیا ہے کہ ملزم سرعام گھوم رہا ہے اور مقدمہ واپس لینے کے لیے سنگین نتائج کی دھمکیاں دے رہا ہے۔

    ریاض مائی نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور ڈی پی او بہاولپور اسد سرفراز خان سے اپیل کی ہے کہ ملزم کو فوری گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے، تاکہ اسے انصاف مل سکے۔

  • سیالکوٹ: رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں اے ایس آئی گرفتار

    سیالکوٹ: رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں اے ایس آئی گرفتار

    سیالکوٹ،باغی ٹی وی(بیوروچیف شاہدریاض) اینٹی کرپشن ٹیم کی بڑی کارروائی، شاکر نامی شہری سے 40 ہزار روپے رشوت لینے والا اے ایس آئی عرفان رنگے ہاتھوں گرفتار، نشان زدہ نوٹ برآمد کر کے ملزم کو ہتھکڑی لگا دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ میں اینٹی کرپشن سرکل افسر ملک ندیم منور اور سول جج نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے اے ایس آئی عرفان کو رشوت لیتے ہوئے موقع پر گرفتار کر لیا۔ اینٹی کرپشن حکام کے مطابق ملزم نے شاکر نامی شہری سے گاڑی کی سپرداری کے بعد 40 ہزار روپے رشوت طلب کی تھی۔

    سی او اینٹی کرپشن ملک ندیم کے مطابق چھاپے کے دوران ملزم کے قبضے سے نشان زدہ نوٹ برآمد کر کے اسے فوری ہتھکڑی لگا دی گئی۔ گرفتار اے ایس آئی کو مزید تفتیش کے لیے تھانہ اینٹی کرپشن منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں اس کے خلاف مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

  • بہاولپور: سعید کٹانہ گینگ کے سرغنہ سمیت 6 ملزمان گرفتار، 2 کروڑ سے زائد مالیت کا سامان برآمد

    بہاولپور: سعید کٹانہ گینگ کے سرغنہ سمیت 6 ملزمان گرفتار، 2 کروڑ سے زائد مالیت کا سامان برآمد

    اوچ شریف,باغی ٹی وی(نامہ نگارحبیبخان) تھانہ مسافرخانہ پولیس کی بڑی کارروائی، چوری، ڈکیتی اور سرقہ بالجبر کی وارداتوں میں ملوث خطرناک سعید کٹانہ گینگ کے سرغنہ سمیت 6 ملزمان گرفتار، 2 کروڑ روپے سے زائد مالیت کا ڈکیتی و چوری شدہ سامان برآمد کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ریجنل پولیس آفیسر رائے بابر سعید اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اسد سرفراز خان کی ہدایات پر ایس ایچ او تھانہ مسافرخانہ محسن سردار نے جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے کر کامیاب کارروائی کی۔ پولیس نے چھاپہ مار کر گینگ کے 6 ارکان کو گرفتار کر لیا، جن سے 5 ٹریکٹر، 5 موٹر سائیکل اور 10 لاکھ روپے نقد برآمد کیے گئے۔ ملزمان سے وارداتوں میں استعمال ہونے والا ناجائز اسلحہ، بشمول MP5 رائفل اور 30 بور کے 2 پسٹل بھی برآمد کیے گئے۔

    ایس ڈی پی او صدر سرکل بہاولپور کے مطابق ملزمان بہاولپور، مسافرخانہ، احمد پور شرقیہ اور یزمان کے علاقوں میں رات کے وقت لوٹ مار کی وارداتیں کرتے تھے۔ مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

    ڈی پی او بہاولپور اسد سرفراز خان نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی اور کسی کو بھی رعایت نہیں دی جائے گی۔ علاقہ مکینوں نے پولیس کی کامیاب کارروائی کو سراہتے ہوئے اظہار تشکر کیا۔

  • اوچ شریف: بے قابو پھٹہ رکشہ کی ٹکر، 6 سالہ بچی شدید زخمی

    اوچ شریف: بے قابو پھٹہ رکشہ کی ٹکر، 6 سالہ بچی شدید زخمی

    اوچ شریف ،باغی ٹی وی(نامہ نگارحبیب خان) موضع بن والا میں افسوسناک ٹریفک حادثہ، بے قابو پھٹہ رکشہ کی ٹکر سے 6 سالہ معصوم بچی شدید زخمی ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق والناس بی بی دختر محمد تسلیم سڑک عبور کر رہی تھی کہ اچانک ایک تیز رفتار پھٹہ رکشہ نے اسے ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں بچی کی دونوں ٹانگوں میں فیمَر فریکچر (Femur Fracture) ہو گیا۔

    حادثے کے فوراً بعد مقامی افراد نے ریسکیو کو 1122 پر کال کی ،ریسکیورز نے بروقت رسپانس دیتے ہوئے ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور بچی کو فوری طور پر رورل ہیلتھ سینٹر (RHC) اوچ شریف منتقل کر دیا، جہاں اس کا علاج جاری ہے۔

    علاقہ مکینوں نے بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ رکشوں کی تیز رفتاری اور غیر محتاط ڈرائیونگ پر سخت کارروائی کی جائے۔

  • اوچ شریف: مکھن بیلہ میں ڈاکہ، مزاحمت پر نوجوان زخمی

    اوچ شریف: مکھن بیلہ میں ڈاکہ، مزاحمت پر نوجوان زخمی

    اوچ شریف،باغی ٹی وی(نامہ نگارحبیب خان) اوچ شریف کے نواحی علاقے مکھن بیلہ میں مسلح ڈاکوؤں نے شہری سے 4 لاکھ 85 ہزار روپے چھین لیے، مزاحمت پر فائرنگ اور چھرے کے وار سے نوجوان کو شدید زخمی کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق جمیل ولد محمد ریاض جو مکھن بیلہ کا رہائشی ہے رات 8 بجے اپنی رقم لے کر موٹر سائیکل پر گھر واپس جا رہا تھا کہ راستے میں نقاب پوش ڈاکوؤں نے اسے روک لیا۔ ملزمان نے اسلحے کے زور پر نقدی چھیننے کی کوشش کی، تاہم مزاحمت پر انہوں نے چھرے سے حملہ کیا اور ٹانگ میں گولی مار کر زخمی کر دیا۔ ڈاکو واردات کے بعد فرار ہو گئے۔

    پولیس اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ گئی اور زخمی کو اوچ شریف رورل ہیلتھ سینٹر منتقل کیا، جہاں سے تشویشناک حالت کے باعث وکٹوریہ ہسپتال بہاولپور ریفر کر دیا گیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ شہریوں نے بڑھتی ہوئی وارداتوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت اور پولیس حکام سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔

    پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے اور دعویٰ کیا ہے کہ جلد مجرموں کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

  • تنگوانی: خسرہ کی وباء بے قابو، ہلاکتوں کی تعداد 8 ہو گئی

    تنگوانی: خسرہ کی وباء بے قابو، ہلاکتوں کی تعداد 8 ہو گئی

    تنگوانی ،باغی ٹی وی(نامہ نگارمنصوربلوچ) گاؤں سلیم کھوسو میں خسرہ کی وبا ءسے ایک اور معصوم بچی سویرا لاشاری زندگی کی بازی ہار گئی، جس کے بعد علاقے میں جاں بحق ہونے والے بچوں کی تعداد 8 ہو گئی ہے۔

    بچی کی موت پر گھر میں کہرام مچ گیا، والدین غم سے نڈھال ہیں جبکہ ماں پر غشی کے دورے پڑ رہے ہیں۔ علاقہ مکینوں نے محکمہ صحت کی مجرمانہ خاموشی پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔

    ضلعی بجٹ میں کروڑوں روپے مختص ہونے کے باوجود خسرہ کی وباء پر قابو نہ پایا جا سکا، جس کے باعث کئی معصوم جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔ مقامی افراد نے وزیراعلیٰ سندھ، ڈی سی کشمور اور محکمہ صحت سے فوری نوٹس لینے اور خسرہ کی روک تھام کے لیے ہنگامی اقدامات کرنے کی اپیل کی ہے۔