Baaghi TV

Category: جرائم و حادثات

  • لاڑکانہ:رائس مل رتوڈیرو، چوری جھوٹا  ڈرامہ نکلی، دو ملزمان گرفتار، ساڑھے پانچ لاکھ برآمد

    لاڑکانہ:رائس مل رتوڈیرو، چوری جھوٹا ڈرامہ نکلی، دو ملزمان گرفتار، ساڑھے پانچ لاکھ برآمد

    لاڑکانہ (باغی ٹی وی رپورٹ) رائس مل رتوڈیرو میں ساڑھے پانچ لاکھ کی چوری کی اطلاع جھوٹی نکلی۔ 24 نومبر 2024 کو رائس مل کے ملازم صدام جلبانی نے اپنے ساتھی کاشف جلبانی کے ساتھ مل کر چوری کا ڈرامہ رچایا تھا۔

    لاڑکانہ پولیس نے چوری کے اس معاملے کو حل کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ابتدائی تفتیش میں ملزمان نے اپنے جرم کا اعتراف کیا اور ان کی نشاندہی پر پانچ لاکھ 50 ہزار روپے نقدی برآمد کر لی گئی، جو اصل مالک کے حوالے کر دی گئی۔

    رائس مل کے مالک نے پولیس کے تعاون کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ایس ایس پی لاڑکانہ میر روحل خان کھوسو سے اظہار تشکر کیا۔ ایس ایس پی نے کیس کو ٹریس کرنے اور نقدی برآمد کرانے پر رتوڈیرو کے پولیس افسران اور ٹیم کو انعامات دینے کے احکامات جاری کیے ہیں۔

    ایف آئی آر مدعی عرفان اللہ کی مدعیت میں تھانہ رتوڈیرو میں درج کی گئی ہے، اور مزید تفتیش جاری ہے۔

  • ڈیرہ غازی خان: رکشوں میں سوار ہو کر چوریاں کرنے والی خواتین گینگ گرفتار

    ڈیرہ غازی خان: رکشوں میں سوار ہو کر چوریاں کرنے والی خواتین گینگ گرفتار

    ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی، سٹی رپورٹر جواد اکبر) پولیس نے خواتین پر مشتمل ایک بین الصوبائی چوری اور فراڈ کرنے والے گینگ کی تین اہم رکن خواتین کو گرفتار کر لیا ہے۔ یہ خواتین بازار، ہسپتال، اور اڈوں پر رکشہ میں سفر کرنے والی خواتین کو نشانہ بناتی تھیں اور ان کے سامان، نقدی، اور زیورات چرا لیتی تھیں۔

    کل شام چار بجے کے قریب تھانہ گدائی کی چوکی لاری اڈا پولیس نے شہریوں کی مدد سے پل پیارے والی کے قریب کارروائی کرتے ہوئے ان خواتین کو گرفتار کیا۔ یہ کارروائی 21 نومبر کو ہونے والے ایک واقعے کے بعد کی گئی، جس میں ان خواتین نے پل ڈاٹ سے کالج کے درمیان سفر کے دوران ایک رکشہ میں سوار خواتین کے پرس سے 70 ہزار روپے نقدی، دو موبائل فونز، اور سونے کی بالیاں چرائی تھیں۔

    پولیس نے رکشہ ڈرائیوروں کی نشاندہی پر ان خواتین کو حراست میں لیا اور مزید تفتیش کے لیے انہیں تھانہ سول لائن کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق یہ خواتین ایک منظم گینگ کا حصہ ہیں، جو مختلف شہروں میں اسی نوعیت کے جرائم میں ملوث رہی ہیں۔

    شہریوں نے پولیس کی اس کارروائی کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ان گرفتاریوں کے بعد خواتین کے ساتھ ہونے والے چوری اور فراڈ کے واقعات میں کمی آئے گی۔ پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ مشکوک سرگرمیوں کی فوری اطلاع دیں تاکہ ایسے جرائم کا سدباب کیا جا سکے۔

  • سرگودھا: پٹرولنگ پولیس کی غنڈہ گردی، صحافی اور کیمرہ مین پر تشدد، افسران خاموش

    سرگودھا: پٹرولنگ پولیس کی غنڈہ گردی، صحافی اور کیمرہ مین پر تشدد، افسران خاموش

    سرگودھا (باغی ٹی وی،سٹی رپورٹرادریس نواز چدھڑ) پٹرولنگ پولیس کے اہلکاروں کی جانب سے نجی چینل کے صحافی اور کیمرہ مین پر بہیمانہ تشدد کا واقعہ پیش آیا ہے۔ غلام اکبر اور کیمرہ مین ساگر عارف اجنالہ روڈ پر کوریج کے لیے جا رہے تھے جب 27 چک کے قریب پٹرولنگ چیک پوسٹ پر اہلکاروں نے انہیں روکا اور شناختی کارڈ دکھانے کے باوجود بدسلوکی کرتے ہوئے زد و کوب کیا۔

    کیمرہ مین ساگر عارف کی میڈیکل رپورٹ میں تشدد کی تصدیق ہو چکی ہے، لیکن پولیس اپنے اہلکاروں کے خلاف کارروائی کرنے سے انکاری ہے۔ اس واقعے کے بعد صحافتی برادری نے شدید احتجاج کیا ہے اور اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

    صحافیوں کا کہنا ہے کہ اگر میڈیا کے نمائندوں کے ساتھ ایسا رویہ اختیار کیا جا رہا ہے تو عام شہریوں کے لیے انصاف کا حصول مزید مشکل ہو جائے گا۔ معروف قانون دان ایڈووکیٹ احسان چٹکال نے اس واقعے کو قانون کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پولیس افسران ماتحت عملے کے غیر قانونی رویے پر خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں، جس کا نقصان عوام کو ہو رہا ہے۔

    صحافتی تنظیموں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ تشدد میں ملوث اہلکاروں کو فوری طور پر برخاست کیا جائے اور ان کے خلاف مقدمہ درج کر کے متاثرین کو انصاف فراہم کیا جائے۔ عوامی حلقے بھی اس واقعے پر غم و غصے کا اظہار کر رہے ہیں اور پولیس کے رویے میں اصلاح کی ضرورت پر زور دے رہے ہیں۔

  • اوچ شریف: کھیت میں کھیلتے ہوئے بچہ روٹا ویٹر کی زد میں آ کر شدید زخمی

    اوچ شریف: کھیت میں کھیلتے ہوئے بچہ روٹا ویٹر کی زد میں آ کر شدید زخمی

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) اوچ شریف کے قریبی علاقے ہتھیجی میں کھیتوں میں کام کے دوران ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں 13 سالہ بچہ محمد اویس ولد محمد مدنی روٹا ویٹر کی زد میں آ کر شدید زخمی ہو گیا۔ حادثے کی اطلاع ملنے پر فوری طور پر ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کھیت میں روٹا ویٹر چلایا جا رہا تھا جب محمد اویس کھیلتے ہوئے اچانک اس کے قریب آ گیا اور روٹا ویٹر کی زد میں آ کر بائیں ٹانگ سے شدید زخمی ہو گیا۔ واقعے کے فوری بعد کنٹرول روم کو اطلاع دی گئی، جس پر ریسکیو اہلکاروں نے اوچ شریف سے ایمبولینس روانہ کی۔

    ریسکیو ٹیم نے موقع پر پہنچ کر بچے کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔ ریسکیو اسٹاف کے مطابق بچے کی بائیں ٹانگ میں شدید کرش انجری ہوئی، جس کی وجہ سے فوری طور پر اسے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال (ٹی ایچ کیو) اوچ شریف منتقل کر دیا گیا۔

    ریسکیو ٹیم کی بروقت کارروائی اور بچے کو فوری طبی امداد کی فراہمی پر اہل خانہ اور مقامی لوگوں نے ریسکیو اہلکاروں کی خدمات کو سراہا۔

  • بہاولپور: سیوریج لائن خراب، سڑک دھنس گئی، حادثات کا خطرہ

    بہاولپور: سیوریج لائن خراب، سڑک دھنس گئی، حادثات کا خطرہ

    بہاولپور (باغی ٹی وی ،نامہ نگارحبیب خان) بغداد پولیس اسٹیشن کے قریب روڈ پر سیوریج لائن کی خرابی کے باعث سڑک کا درمیانی حصہ زمین میں دھنس گیا، جس کے نتیجے میں سڑک پر ایک بڑا گڑھا بن گیا۔

    مقامی شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت درختوں کی ٹہنیاں کاٹ کر گڑھے میں ڈالیں تاکہ حادثات سے بچا جا سکے، لیکن حکام کی جانب سے کوئی حفاظتی اقدامات نہیں کیے گئے۔

    میونسپل کارپوریشن کا عملہ موقع پر موجود تو ہے لیکن سڑک پر شہریوں کو خبردار کرنے کے لیے نہ تو کوئی سائن بورڈ نصب کیا گیا اور نہ ہی حفاظتی بیریئرز لگائے گئے۔ اس لاپروائی کے باعث کسی بھی وقت سنگین حادثہ پیش آنے کا خطرہ موجود ہے۔

    شہریوں نے شکایت کی ہے کہ حکام کی جانب سے فوری اقدامات نہ کرنے کی وجہ سے عوام کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ حادثے سے بچاؤ کے لیے خود ہی عارضی انتظامات کیے گئے ہیں، لیکن یہ ناکافی ہیں۔

    علاقہ مکینوں اور شہریوں نے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے اور سڑک کی مرمت کے ساتھ ساتھ حفاظتی اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ مزید نقصان اور حادثات سے بچا جا سکے۔

  • سرگودھا: مسافر بس الٹ گئی، 2 افراد جاں بحق، 10 زخمی

    سرگودھا: مسافر بس الٹ گئی، 2 افراد جاں بحق، 10 زخمی

    سرگودھا (باغی ٹی وی رپورٹ) سرگودھا کے مٹھہ معصوم بائی پاس کے قریب ایک افسوسناک حادثے میں مسافر بس الٹنے سے 2 افراد جاں بحق جبکہ 10 زخمی ہو گئے۔ حادثے کے بعد امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے زخمیوں اور جاں بحق افراد کو قریبی ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق مسافر بس فیصل آباد سے بنوں کی جانب جا رہی تھی کہ مٹھہ معصوم بائی پاس کے قریب اچانک ڈرائیور بس پر قابو نہ رکھ سکا۔ بس الٹنے کی وجہ سے موقع پر دو افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ دیگر 10 مسافر زخمی ہو گئے جن میں سے کچھ کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

    ریسکیو اہلکاروں نے فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں۔ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کیا گیا،

    حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجہ تیز رفتاری یا ممکنہ طور پر ڈرائیور کی غفلت ہو سکتی ہے۔ حادثے کے وقت بس میں موجود مسافروں نے بتایا کہ ڈرائیور بس کو غیر معمولی رفتار سے چلا رہا تھا، جس کی وجہ سے یہ سانحہ پیش آیا۔

  • کسٹمز کی کارروائیاں، کروڑوں روپے مالیت کی نان کسٹم پیڈ اشیا برآمد

    کسٹمز کی کارروائیاں، کروڑوں روپے مالیت کی نان کسٹم پیڈ اشیا برآمد

    سندھ رینجرزاورکسٹمز حکام نے 2 مختلف کارروائیوں کے دوران کروڑوں روپے مالیت کی نان کسٹم پیڈ اشیا برآمد کرکے 9 ملزمان کوگرفتارکرلیا۔

    باغی ٹی وی کے مطابق ملک میں اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے سندھ رینجرزاورکسٹمز حکام کی جانب سے آپریشنز کا سلسلہ جاری ہے۔اسی حوالے سے خفیہ معلومات کی بنیاد پرمنگھو پیرروڈمیانوالی کالونی میں ایک مشکوک کنٹینرسے تلاشی کے دوران 16800کلو گرام نان کسٹم پیڈ چھالیہ کی141کارٹن، 3135کلو گرام راجنی کے 420کارٹن اور 38کارٹن پیپسی چھالیہ برآمد کر لی گئی جس کی مالیت لاکھوں روپے ہے۔کارروائی کے دوران 2ملزمان عجب لحان اورگل بدین کو بھی گرفتار کیا گیا۔دوسری مشترکہ کارروائی پیر آباد تھانے کے علاقے پختون مارکیٹ بنارس آریانا بس اڈے پر کی گئی ، جہاں بھاری مقدار میں نان کسٹم پیڈاشیا جن میں خشک دودھ، سگریٹ،چائنا نمک، گاڑیوں کے بال بیئرنگ اور بال بیئرنگ برش شامل ہیں برآمد کر لی گئی۔برآمد اشیا کی مالیت کروڑوں روپے بتائی جاتی ہے۔کارروائی کے دوران 7 ملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا، جنہیں بمعہ برآمد شدہ نان کسٹم اشیا مزید قانونی کارروائی کے لیے کسٹمز حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

    کرم:سیز فائر میں توسیع، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تعیناتی کا فیصلہ

    بانی کی ہدایت نہ ماننے پر پی ٹی آئی کمیٹی کا اظہار تشویش

    بیلاروس کے صدر کا قربانیوں پرپاک فوج کو خراج تحسین

    اٹک میں پی ٹی آئی رہنماوں وکارکنان کےخلاف 7 مقدمات درج

  • اوچ شریف: حساس مقامات کی ناقص سکیورٹی، شہری عدم تحفظ کا شکار

    اوچ شریف: حساس مقامات کی ناقص سکیورٹی، شہری عدم تحفظ کا شکار

    اوچ شریف (باغی ٹی وی،نامہ نگارحبیب خان) اوچ شریف کے حساس مقامات اور تاریخی مزارات کی سیکیورٹی انتظامات بدستور ناقص، "ڈنگ ٹپاؤ پالیسی” کے تحت کیے گئے معاہدے ناکافی ثابت ہو رہے ہیں۔ حالیہ دہشت گردی کے خدشات اور ضلع بہاولپور میں مشتبہ دہشت گردوں کی گرفتاری کے بعد شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نیکٹا کی جانب سے جاری کردہ دہشت گردی الرٹ کے باوجود اوچ شریف کے اہم مزارات، عبادت گاہوں، سرکاری عمارات، اور تاریخی آثار پر سیکیورٹی نہ ہونے کے برابر ہے۔ حضرت سید جلال الدین سرخ پوش بخاری اور حضرت غوث بندگی کے مزارات پر روزانہ ہزاروں زائرین کی آمد کے باوجود فول پروف سیکیورٹی کا انتظام نہ ہونے سے یہ مقامات ممکنہ خطرات کا شکار ہیں۔

    محکمہ اوقاف کی جانب سے نجی سیکیورٹی گارڈز تعینات کیے گئے ہیں جن کی کارکردگی پر شہریوں نے بارہا سوال اٹھائے ہیں۔ ریٹائرڈ فوجیوں پر مشتمل فورس کا قیام صرف ایک وعدہ بن کر رہ گیا جبکہ سیکیورٹی کے لیے نصب میٹل ڈیٹیکٹرز اور سکینرز خراب حالت میں ہیں۔

    شہر کے دیگر حساس مقامات جیسے پولیس اسٹیشنز، ہسپتال، تعلیمی ادارے، اور تجارتی مراکز بھی سیکیورٹی اقدامات سے محروم ہیں۔ تجاوزات اور غیر منظم مارکیٹوں کی وجہ سے دہشت گردی کے واقعات کا خطرہ مزید بڑھ گیا ہے۔

    شہریوں نے حکومت اور متعلقہ حکام سے سیکیورٹی انتظامات کو فوری بہتر بنانے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ عوامی تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔

  • ڈیرہ غازیخان:پنجاب پولیس کا کامیاب دفاع,خوارجی دہشت گردوں کا حملہ ناکام

    ڈیرہ غازیخان:پنجاب پولیس کا کامیاب دفاع,خوارجی دہشت گردوں کا حملہ ناکام

    ڈیرہ غازیخان (باغی ٹی وی ،سٹی رپورٹر جواد اکبر)پنجاب پولیس نے خوارجی دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا، بھاری نقصان کے بعد دہشت گرد فرار

    ڈیرہ غازی خان میں سرحدی چوکی لکھانی پر 25 سے 30 خوارجی دہشت گردوں نے حملہ کیا جسے پولیس نے ناکام بناتے ہوئے دہشت گردوں کو فرار ہونے پر مجبور کردیا۔

    پولیس ترجمان کے مطابق ڈیرہ غازی خان کے تھانہ وہوا کی سرحدی چوکی لکھانی پر خوارجی دہشت گردوں نے رات گئے اچانک حملہ کردیا۔

    25 سے 30 خوارجی دہشت گرد چیک پوسٹ پر چاروں طرف سے حملہ آور ہوئے اور راکٹ، دستی بموں سمیت بھاری اسلحے کا استعمال کیا۔

    پولیس نے تھرمل امیج کیمروں کی مدد سے خوارجی دہشت گردوں کی نشاندہی کی۔ پولیس، ایلیٹ فورس، رینجرز اور سی ٹی ڈی اہلکاروں نے مل کر خوارجی دہشت گردوں کا مقابلہ کیا۔

    پولیس کے جانبازوں نے مشین اور مارٹر گنز سے فائرنگ کرکے فوری جوابی کارروائی کی۔ پولیس کی بھرپور جوابی کارروائی نے خوارجی دہشت گردوں کو فرار پر مجبور کر دیا۔

    ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق موثر جوابی کارروائی کے نتیجے میں دہشت گرد بھاری جانی نقصان اٹھا کر فرار ہوگئے۔

    انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا بارڈر پر تمام چیک پوسٹس پہلے سے ہائی الرٹ تھیں، جس کے باعث یہ حملہ ناکام بنایا گیا۔

    وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے دہشت گردوں کا حملہ پسپا کرنے پر ڈیرہ غازی خان پولیس کو شاباش دی۔

  • گوجرہ: مبینہ پولیس مقابلہ، ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار، دوسرا فرار

    گوجرہ: مبینہ پولیس مقابلہ، ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار، دوسرا فرار

    گوجرہ(باغی ٹی وی ،نامہ نگارعبدالرحمن جٹ) مبینہ پولیس مقابلہ، ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار، دوسرا فرار

    گوجرہ کے علاقے تھانہ سٹی کی حدود میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار جبکہ دوسرا فرار ہو گیا۔ واقعہ نواحی چک 370 ج ب کے لنک روڈ پر پیش آیا، جہاں پولیس نے دو مشکوک موٹر سائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا۔ ملزمان نے فرار کی کوشش کرتے ہوئے پولیس پر فائرنگ کر دی۔

    پولیس کے تعاقب پر ملزمان نے انی پلی کے قریب جھاڑیوں کی آڑ میں دوبارہ فائرنگ کی۔ جوابی کارروائی میں ایک ملزم اپنے ہی ساتھی کی گولی لگنے سے زخمی ہو گیا، جسے گرفتار کر کے گورنمنٹ آئی کام جنرل اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

    زخمی ملزم کی شناخت اسد ولد عبد الستار سکنہ ساہیوال کے طور پر ہوئی ہے، جبکہ فرار ہونے والے ساتھی کا نام ثاقب ولد بوٹا مسیح سکنہ 318 ج بتایا گیا ہے۔

    ایس ایچ او تھانہ سٹی گوجرہ پولیس نفری کے ہمراہ فرار ملزم کی تلاش میں مصروف ہیں، جبکہ مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔