Baaghi TV

Category: جرائم و حادثات

  • ننکانہ : حادثے میں زخمی ریسکیور فاطمہ بانو شہید، سپرد خاک

    ننکانہ : حادثے میں زخمی ریسکیور فاطمہ بانو شہید، سپرد خاک

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز) ریسکیور فاطمہ بانو کی شہادت، نماز جنازہ میں افسران و شہریوں کی شرکت

    گزشتہ روز کشمیر روڈ پر حادثے کا شکار ہونے والی ریسکیو 1122 کی "ایمرجنسی میڈیکل ٹیکنیشن” فاطمہ بانو فیصل آباد کے الائیڈ ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اپنے خالق حقیقی سے جا ملی۔

    آج دھولر چوک قبرستان میں ان کی نماز جنازہ ادا کی گئی، جس میں ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر محمد اکرم پنوار، دیگر افسران، میڈیا نمائندگان، ریسکیورز، اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریسکیو 1122 کے چاق و چوبند دستے نے مرحومہ کو سلامی پیش کی۔

    سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر اور دیگر افسران نے قبر پر پھول چڑھائے اور مرحومہ کی خدمات کو سراہا۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر محمد اکرم پنوار نے کہا کہ فاطمہ بانو ایک پیشہ ور اور خدمتِ انسانیت کے جذبے سے سرشار ریسکیور تھیں، ان کا کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

    سوگوار خاندان کے ساتھ تعزیت کرتے ہوئے انہوں نے مرحومہ کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔

  • سیالکوٹ: کنگرہ روڈ پر موٹرسائیکل حادثہ، 32 سالہ نوجوان جاں بحق، تین زخمی

    سیالکوٹ: کنگرہ روڈ پر موٹرسائیکل حادثہ، 32 سالہ نوجوان جاں بحق، تین زخمی

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی ،بیوروچیف شاہد ریاض) کنگرہ روڈ پر موٹرسائیکل حادثہ، 32 سالہ نوجوان جاں بحق، تین زخمی

    تھانہ سبز پیر کے علاقہ کنگرہ روڈ پر دو موٹرسائیکلوں کے خوفناک تصادم میں 32 سالہ ذیشان عارف جاں بحق ہو گیا، جبکہ اس کے ساتھ 8 سالہ ازان اور دوسری موٹرسائیکل پر سوار 16 سالہ علی رضا اور 17 سالہ حسنین شدید زخمی ہو گئے۔

    موٹرسائیکل حادثات میں زیادہ تر زخمی ہونے والے نوجوانوں کی عمریں 15 سے 20 سال کے درمیان ہوتی ہیں، جو زیادہ تر تیز رفتاری کا نتیجہ ہیں۔ والدین اور نوجوانوں سے اپیل ہے کہ احتیاط کریں اور اپنی زندگی کو محفوظ بنائیں۔

  • سیالکوٹ: ناجائز منافع خوروں کے خلاف کریک ڈاؤن، 78 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد

    سیالکوٹ: ناجائز منافع خوروں کے خلاف کریک ڈاؤن، 78 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض)ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے کہا ہے کہ ناجائز منافع خوروں کے خلاف سخت کارروائی جاری ہے۔ گزشتہ تین ہفتوں میں گراں فروشی کے الزام میں 1,298 دکانداروں پر 78 لاکھ 6 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا، جبکہ 3 دکانداروں کے خلاف پرائس کنٹرول ایکٹ کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی، 52 افراد کو گرفتار کیا گیا اور 21 دکانوں اور گوداموں کو سیل کر دیا گیا۔

    ڈپٹی کمشنر نے یہ بات پرائس مجسٹریٹس کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس میں کہی۔ اجلاس میں اے ڈی سی جنرل ایوب بخاری، اے سی سیالکوٹ انعم بابر، اور ڈی او انڈسٹریز عبد القدوس سمیت ڈسکہ، پسرور، اور سمبڑیال کے اسسٹنٹ کمشنرز نے بھی وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

    ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ ون ڈش اور شادی کے اوقات پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے اور میرج ہالز کی مانیٹرنگ مزید سخت کی جائے۔ مزید برآں ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والے اینٹوں کے بھٹوں کے خلاف کارروائی اور فصلوں کی باقیات کو جلانے پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے کے احکامات بھی دیے۔

  • ترکی،روسی جہاز میں آگ بھڑک اٹھی،عملے سمیت 95 مسافر تھے سوار

    ترکی،روسی جہاز میں آگ بھڑک اٹھی،عملے سمیت 95 مسافر تھے سوار

    ترکی میں روسی جہاز میں آگ بھڑک اٹھی،عملے سمیت95 مسافر سوار تھے،

    روسی طیارے میں آگ لگنے کے واقعہ کے بعد 90 سے زائد مسافروں اور عملے کو نکال لیا گیا ، جنوبی ترکیہ کے ہوائی اڈے پر لینڈنگ کے دوران طیارے کے ایک انجن میں آگ لگ گئی اور وہ پھیلتی چلی گئی، اس دوران ایئر پورٹ پر ایمرجنسی نافذ کر دی گئی، واقعہ روس کی ازیموت ایئرلائنز کے زیرِ انتظام چلنے والے سکھوئی سپر جیٹ 100 (ایس یو 95) کے ساتھ پیش آیا۔

    اس ضمن میں حکام کاکہنا ہے کہ طیارہ ابھی ترکیہ کے بحیرۂ روم کے ساحل پر واقع انطالیہ ایئرپورٹ پر اترا ہی تھا کہ اس کے ایک انجن میں آگ بھڑک اٹھی،جہاز میں موجود 89 مسافروں اور عملے کے چھے ارکان کو بحفاظت نکال لیا گیا اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، ایئرپورٹ پر تمام طے شدہ لینڈنگ صبح 3:00 بجے تک منسوخ کر دی گئی۔ واقعہ کے بعد حکام پائلٹ کی غلطی کو بھی دیکھ رہے ہیں،تحقیقات جاری ہیں، سکھوئی سپر جیٹ 100 (ایس یو 95) طیارہ سات برس سے زیر استعمال تھا،

    روسی ٹیلی گرام چینلز کے مطابق، اسی طیارے نے اکتوبر میں Mineralnye Vody سے Ivanovo کی پرواز کے دوران ماسکو کے ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی تھی، جب اس کے ہائیڈرولک سسٹم میں خرابی ہوئی تھی۔ مزید یہ کہ، ایوی ایشن ماہرین نے اس بات کا ذکر کیا ہے کہ اس طیارے کے لینڈنگ گیئر کے فلیپس پہلے بھی خراب ہو چکے ہیں۔

    2019 میں اسی ماڈل کے طیارے کے ساتھ Sheremetyevo ایئرپورٹ پر بھی ایک بڑا حادثہ پیش آیا تھا۔ لینڈنگ کے دوران لینڈنگ گیئر نے ایندھن کے ٹینک کو نقصان پہنچایا، جس کے نتیجے میں طیارے میں آگ بھڑک اٹھی تھی اور 41 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔

  • تلہ گنگ: زنجیروں میں قید مبینہ طور پر ذہنی بیمار بنایا گیا سرکاری ملازم بازیاب

    تلہ گنگ: زنجیروں میں قید مبینہ طور پر ذہنی بیمار بنایا گیا سرکاری ملازم بازیاب

    تلہ گنگ(باغی ٹی وی ،مزمل اقبال کی رپورٹ) زنجیروں میں قید مبینہ طور پر ذہنی بیمار بنایا گیا سرکاری ملازم بازیاب

    تفصیلات کے مطابق تلہ گنگ کے علاقے ککڑاں والی میں تھانہ ٹمن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک 41 سالہ سرکاری ملازم عامر سلطان کو بازیاب کروا لیا ہے، جسے گھر والوں نے زنجیروں میں جکڑ کر مویشیوں کے باڑے میں قید کر رکھا تھا۔ عامر سلطان جو ماہانہ 40 ہزار روپے تنخواہ پاتا تھا، مبینہ طور پر گھر والوں کی جانب سے تشدد اور ذہنی ٹارچر کا شکار ہوا، جس سے اس کی ذہنی حالت خراب ہو گئی۔

    پولیس کے مطابق عامر کو گزشتہ دو ماہ سے قید میں رکھا گیا تھا جبکہ وہ پچھلے آٹھ ماہ سے ذہنی مسائل کا شکار تھا۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ عامر کی حالت مبینہ طور پر اہل خانہ کے غیر انسانی رویے کی وجہ سے بگڑی۔ متاثرہ شخص کی والدہ نے دوسری شادی کی تھی اور اس کے تین سوتیلے بھائی بھی اسی گھر میں رہتے ہیں۔

    عامر سلطان جو شادی شدہ اور چار بچوں کا باپ ہے، گھریلو تنازعات کے باعث پہلے ہی مشکلات کا شکار تھا اور اس کی بیوی بھی ناراض ہو کر میکے جا چکی ہے۔ پولیس نے عامر کو بازیاب کرنے کے بعد طبی معائنے کے لیے اسپتال منتقل کر دیا ہے اور اس معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔

    یہ واقعہ ذہنی صحت کے مسائل اور سماجی بے حسی کے پہلوؤں پر سنگین سوالات اٹھاتا ہے اور اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ تشدد اور ذہنی ٹارچر کے شکار افراد کے لیے مناسب مدد اور انصاف کی فراہمی کتنی ضروری ہے۔

  • کراچی،کلفٹن میں مبینہ پولیس مقابلہ، 4 ملزمان ہلاک

    کراچی،کلفٹن میں مبینہ پولیس مقابلہ، 4 ملزمان ہلاک

    کراچی کے پوش علاقے کلفٹن میں اسنیپ چیکنگ کیدوران مبینہ پولیس مقابلہ ہوا جس کے نتیجے میں 4 ملزمان ہلاک ہوگئے۔

    پولیس کے مطابق کراچی کے علاقے کلفٹن گندا نالہ اسٹاپ پر اسنیپ چیکنگ کے دوران مسلح ملزمان اور پولیس کے درمیان مبینہ طور پر فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں 4 ملزمان ہلاک ہوگئے۔پولیس حکام کا بتانا ہے کہ مقابلے میں ہلاک ملزمان سے اسلحہ اور 2موٹرسائیکلیں بھی برآمد ہوئیں۔ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا نے اس حوالے سے بتایا کہ ملزمان میں عبدالستار، سری چند، راج کمار اور نواب احمد شامل ہیں، ہلاک ملزمان کا کرمنل ریکارڈ بھی موجود ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمان نے 2 ہفتے قبل ڈیفنس فیز 5 میں ڈکیتی مزاحمت پر سکیورٹی گارڈ کوقتل کیا تھا جبکہ ملزمان مقتول سعید سے 5 لاکھ روپے چھین کر فرار ہوگئے تھے۔

    کراچی ایئر پورٹ خودکش دھماکے کے ملزمان سی ٹی ڈی کے حوالے

  • چپل میں آئس چھپا کر نیوزی لینڈ اسمگل کی کوشش ناکام

    چپل میں آئس چھپا کر نیوزی لینڈ اسمگل کی کوشش ناکام

    اینٹی نارکوٹکس فورس نے کراچی میں ایک کوریئر آفس سے نیوزی لینڈ کے لیے بک کروائے گئے پشاوری چپل کے پارسل میں چھپائی گئی 250 گرام آئس برآمد کرکے اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔

    ترجمان اے این ایف کے مطابق ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے دوران 6 کروڑ سے زائد مالیت کی 114.450 کلوگرام منشیات برآمد کرلی جس کے دوران ایک ملزم کی گرفتاری بھی عمل میں آئی۔ترجمان کے مطابق کراچی میں ایک کوریئر آفس پر خفیہ اطلاع کے ذریعے کارروائی کی گئی جس کے دوران پارسل کے اندر موجود پشاوری چپل میں چھپائی گئی 250 گرام آئس برآمد کرلی گئی، مذکورہ پارسل نیوزی لینڈ کے لیے بک کروایا گیا تھا۔بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ میں اسمگلنگ کی غرض سے چھپائی گئی 80 کلوگرام مارفین اور 30 کلوگرام چرس برآمد کی گئی جبکہ جی ٹی روڈ راولپنڈی پر ملزم کے قبضے سے 4.100 کلو چرس برآمد کی گئی۔گرفتار ملزم کیخلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

    اورماڑہ پولیس کی کاروائی، کراچی کےرہائشی سے 50کلو آئس برآمد

  • ڈیرہ غازی خان: غیرقانونی ٹھیکیدار فدا حجانہ کی گڈز ٹرانسپورٹ سے بھتہ خوری جاری، انتظامیہ خاموش

    ڈیرہ غازی خان: غیرقانونی ٹھیکیدار فدا حجانہ کی گڈز ٹرانسپورٹ سے بھتہ خوری جاری، انتظامیہ خاموش

    ڈیرہ غازیخان(باغی ٹی وی،سٹی رپورٹر جواد اکبر)غیرقانونی ٹھیکیدار فدا حجانہ کی گڈز ٹرانسپورٹ سے بھتہ خوری جاری، انتظامیہ خاموش

    ڈیرہ غازیخان میں انٹرسٹی ٹیکس کے نام پر بین الصوبائی گڈز ٹرانسپورٹ سے فداحجانہ کے غنڈوں کی بھتہ وصولی جاری،انتظامیہ حصہ لیکرخاموش، انتظامیہ کی گڈزٹرانسپورٹ کو چپ کرانے کیلئے غیرقانونی ٹیکس کے نام پر بھتہ وصولی کی نام نہادٹھیکیدارکے ملازمین پر لولی لنگڑی ایف آئی آر درج کرائی گئی،ایک قومی اخبارکے رپورٹر کے ذریعے گڈزٹرانسپورٹ کو چپ کرانے کیلئے ایک لاکھ روپے ماہانہ دینے کی پیش کش ۔روزانہ ڈیرہ غازیخان سے تقریباََ 2000سے زائد چھوٹی بڑی گاڑیاں گزر کر پاکستان کے مختلف شہروں میں سامان کی ترسیل کرتی ہیں ،زیادہ تربلوچستان سے آنے والے ٹرک اور منی گڈزان کا نشانہ، 200روپے سے 400روپے فی گاڑی گن پوائنٹ پوائنٹ پر بھتہ لیا جاتا ہے ،گڈزٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری بلال لغاری

    تفصیلات کے مطابق ڈیرہ غازی خان میں بین الصوبائی گڈز ٹرانسپورٹ سے غیرقانونی بھتہ خوری کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ انٹرسٹی ٹیکس کے نام پر روزانہ سینکڑوں گاڑیوں سے غیرقانونی طور پر رقم وصول کی جا رہی ہے، جبکہ مقامی انتظامیہ اس معاملے پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نے الزام عائد کیا ہے کہ انتظامیہ بھتہ خوروں کے ساتھ ملی بھگت میں ملوث ہے اور اس مسئلے کو دبانے کے لیے مختلف حربے استعمال کیے جا رہے ہیں۔گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری بلال لغاری کے مطابق روزانہ ڈیرہ غازی خان سے تقریبا 2000 گاڑیاں سامان کی ترسیل کے لیے گزرتی ہیں، جن میں زیادہ تر بلوچستان سے آنے والے ٹرک اور منی گڈز شامل ہیں۔

    ان گاڑیوں سے گن پوائنٹ پر 200 سے 400 روپے فی گاڑی بھتہ لیا جا رہا ہے۔ بلال لغاری کا کہنا ہے کہ فداحجانہ نامی ٹھیکیدار نے مقامی انتظامیہ کے ساتھ ملی بھگت کرکے میونسپل کارپوریشن سے انٹرسٹی ٹرانسپورٹ سے ٹیکس وصولی کا ٹھیکہ لیا ہوا ہے۔ اس ٹھیکے کی آڑ میں بین الصوبائی گڈز ٹرانسپورٹ سے روزانہ لاکھوں روپے کا غیرقانونی بھتہ وصول کیا جا رہا ہے۔

    مسلسل شکایات کے باوجود انتظامیہ نے محض رسمی کارروائی کرتے ہوئے تھانہ گدائی میں چند غنڈوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی ہے۔ مورخہ 28 اگست 2024 کو اسسٹنٹ کمشنر سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی تیمور عثمان کی جانب سے تحریری درخواست پر ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔ درخواست میں واضح کیا گیا کہ پل ڈاٹ اور گدائی چونگی پر شعیب ولد محمد اکبرقوم راناسکنہ چورہٹہ، محمد زبیر ولد محمد حسین قوم حجانہ سکنہ شاہ سکندر روڈ اور محمد اسلم ولد محمد اکرم قوم حجانہ سکنہ شاہ سکندر روڈ غیرقانونی طور پر اڈہ فیس کے نام پر بھتہ وصول کر رہے ہیں۔سیکرٹری آرٹی آئی نے خود موقع پر پہنچ کر بھتہ خوری کی تصدیق کی اور ملزمان کے خلاف تعزیرات پاکستان کی دفعات 384 اور 341 کے تحت مقدمہ درج کرایا۔

    تاہم گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ بھتہ خوری کے اڈے بدستور فعال ہیں اور ملزمان کو روکنے کے لیے کوئی مئوثر کارروائی نہیں کی جا رہی۔گڈز ٹرانسپورٹ کے صدر عبدالسلام ناصر اور جنرل سیکرٹری بلال لغاری نے اس صورتحال پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ پر دباؤڈالنے کے لیے بارہا کمشنر اور ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان کو شکایات درج کرائی گئیں لیکن کوئی عملی اقدام نہیں کیا گیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ نے گڈز ٹرانسپورٹ کو خاموش کرانے کے لیے ایک قومی اخبارکے رپورٹر کے ذریعے ماہانہ ایک لاکھ روپے دینے کی پیشکش کی جو کہ غیر اخلاقی اور غیر قانونی ہے۔ایسوسی ایشن نے خبردار کیا ہے کہ اگر فوری طور پر بھتہ خوری کے اس نظام کو ختم نہ کیا گیا تو وہ پورے ملک میں پہیہ جام ہڑتال کرنے پر مجبور ہوں گے۔ گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نے مقامی انتظامیہ کو متنبہ کیا ہے کہ اس مسئلے کا فوری حل نکالا جائے، ورنہ یہ احتجاج پورے ملک میں پھیل سکتا ہے، جس سے معاشی سرگرمیاں بری طرح متاثر ہوں گی۔

  • علی پور: شادی کی رات دولہا کا لرزہ خیز قتل، لاش جنگل سے برآمد

    علی پور: شادی کی رات دولہا کا لرزہ خیز قتل، لاش جنگل سے برآمد

    علی پور (باغی ٹی وی رپورٹ) ضلع مظفر گڑھ کی تحصیل علی پور میں تھانہ خیر پور سادات کی حدود موضع ٹھل مینگراج میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں شادی کی رات دولہا محمد شاہد کو بے دردی سے قتل کر دیا گیا۔ نامعلوم ملزمان نے گلہ گھونٹ کر دولہا کو موت کے گھاٹ اتارا اور اس کی لاش جنگل میں پھینک کر فرار ہو گئے۔

    واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او خیر پور سادات نور خان بھاری پولیس نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچے اور شواہد اکٹھے کیے۔ لاش کو ضروری کارروائی کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ ایس ایچ او نور خان نے کہا کہ قتل کی تحقیقات جاری ہیں اور بہت جلد ملزمان کو گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

    اس لرزہ خیز واقعے نے علاقے میں خوف و ہراس پیدا کر دیا ہے، جبکہ مقتول کے اہل خانہ شدید غم سے نڈھال ہیں۔ اہل علاقہ نے حکومت اور انتظامیہ سے قاتلوں کی فوری گرفتاری اور سخت سزا کا مطالبہ کیا ہے۔

    یاد رہے کہ مقتول دولہا محمد شاہد ولد مختیار قوم بھٹی تھانہ کندائی کی حدود کا رہائشی تھا جبکہ اس کی لاش تھانہ خیر پور سادات کی حدود میں برآمد ہوئی۔ پولیس کی جانب سے واقعے کی تحقیقات تیزی سے جاری ہیں اور جلد پیش رفت متوقع ہے۔

  • گوجرہ: نہر سے تیرتی ہوئی نامعلوم شخص کی لاش برآمد

    گوجرہ: نہر سے تیرتی ہوئی نامعلوم شخص کی لاش برآمد

    گوجرہ(باغی ٹی وی،نامہ نگار عبدالرحمن جٹ) نہر سے تیرتی ہوئی نامعلوم شخص کی لاش برآمد

    تفصیل کے مطابق تھانہ صدر گوجرہ کے نواحی علاقے چک نمبر 283 ج ب کے قریب نہر جھنگ برانچ سے ایک مسخ شدہ لاش برآمد ہوئی۔ یہ نہر فیصل آباد سے ٹوبہ ٹیک سنگھ کی طرف جاتی ہے۔ لاش نہر کے کنارے آ کر رک گئی، جس کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس موقع پر پہنچ گئی۔

    ریسکیو 1122 کی مدد سے لاش کو نہر سے نکال کر بیگ میں ڈال کر ضروری کارروائی کے لیے ٹی ایچ کیو ہسپتال گوجرہ منتقل کر دیا گیا۔ پولیس نے لاش کے ورثاء کی تلاش شروع کر دی ہے۔ مزید تحقیقات جاری ہیں۔