Baaghi TV

Category: جرائم و حادثات

  • شکارپور: پولیس مقابلے میں جاں بحق صابر شیخ کے ورثاء اور خواتین کا احتجاج، شفاف تحقیقات کا مطالبہ

    شکارپور: پولیس مقابلے میں جاں بحق صابر شیخ کے ورثاء اور خواتین کا احتجاج، شفاف تحقیقات کا مطالبہ

    شکارپور (نامہ نگار مشتاق علی لغاری)شکارپور کے منچھر شاہ قبرستان میں پولیس مقابلے میں جاں بحق ہونے والے صابر شیخ کے ورثاء اور اہلِ خانہ نے زبردست احتجاج کیا۔ مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ صابر شیخ کو جعلی پولیس مقابلے میں قتل کیا گیا اور واقعے کی حقیقت چھپائی جا رہی ہے۔

    ورثاء کے مطابق صابر شیخ موٹر سائیکل پر پیٹرول ڈالنے کے لیے پمپ آیا تھا، جہاں پولیس اہلکاروں نے اسے بغیر کسی وضاحت کے گرفتار کر لیا اور بعد ازاں موت کے گھاٹ اتار دیا۔ اہلِ خانہ نے الزام لگایا کہ پولیس نے لاش دینے سے انکار کیا اور صابر شیخ کو مجرم کے طور پر درج کرنے پر زور دیا، جسے انہوں نے قطعی طور پر مسترد کیا۔

    احتجاج میں خواتین نے بھی بھرپور حصہ لیا اور پاک کتاب لے کر انصاف کے لیے مظاہرہ کیا، جس سے مظاہرے کا پیغام مزید پراثر اور جذباتی انداز میں سامنے آیا۔ ورثاء اور خواتین نے واضح کیا کہ وہ صابر شیخ کے قتل کی آزادانہ اور شفاف تحقیقات کے حق میں ہیں اور چاہتے ہیں کہ ذمہ داران کے خلاف فوری قانونی کارروائی کی جائے۔

    مظاہرین نے شکارپور انتظامیہ اور اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے اور انصاف فراہم کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ واقعے کے فوری بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی تھی اور مقامی پولیس کی جانب سے کسی بھی قسم کی وضاحت سامنے نہیں آئی۔ ورثاء کا کہنا تھا کہ صابر شیخ ایک عام شہری تھا اور اس کے قتل سے مقامی کمیونٹی میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔

    اس دوران مقامی میڈیا نے بھی واقعے کی کوریج شروع کر دی ہے اور شہریوں کی جانب سے پولیس کے رویے پر سخت سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔ ورثاء نے یقین دلایا کہ وہ صابر شیخ کے قتل کے معاملے کو انصاف تک پہنچانے کے لیے ہر ممکن جدوجہد کریں گے۔

  • لاہور: 2 سگی بہنوں سے 5 افراد کی مبینہ اجتماعی زیادتی

    لاہور: 2 سگی بہنوں سے 5 افراد کی مبینہ اجتماعی زیادتی

    لاہور میں دو سگی بہنوں کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا ہے۔

    لاہور کے علاقے سندر میں پانچ افراد نے 2 سگی بہنوں کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا اور فرار ہوگئےپولیس نے متاثرہ لڑکیوں کی والدہ کی درخواست پر پانچ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا، جس میں ملزمان قاسم، عمیر جٹ، علی اکبر وٹو، ضیاء الرحمن اور احمد رضا کو نامزد کیا گیا ہے۔

    پولیس نے مقدمہ اندراج کے بعد چار ملزمان کو گرفتار کرلیا تاہم ایک کی تلاش جاری ہے، حراست میں لیے گئے افراد سے تفتیش جاری ہے جبکہ لڑکیوں کو میڈیکل کیلیے اسپتال منتقل کردیا گیا، جس کی رپورٹ آنے کے بعد مزید قانونی پیشرفت ہوگی۔

  • گھوٹکی پولیس کی بڑی کامیاب کارروائی، بھاری مقدار میں شراب کی کھیپ برآمد

    گھوٹکی پولیس کی بڑی کامیاب کارروائی، بھاری مقدار میں شراب کی کھیپ برآمد

    گھوٹکی (نامہ نگار مشتاق علی لغاری) گھوٹکی پولیس نے منشیات اور غیر قانونی شراب کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے بھاری مقدار میں شراب کی کھیپ برآمد کر لی۔ یہ کارروائی پولیس سربراہ محمد انور کھیتران کی ہدایت اور حساس ادارے کی نشاندہی پر انجام دی گئی۔

    ڈی ایس پی اوباوڑو عبدالقادر سومرو اور ایس ایچ او تھانہ ڈھرکی منظور احمد چانڈیو کی قیادت میں پولیس بمہ اسٹاف نے مٹھا خان مارکیٹ میں ایک گھر ماڑی پر چھاپہ مار کر شراب کی بڑی مقدار برآمد کی۔ اس موقع پر ایک ملزم بیشم ولد کرشن لعل کو گرفتار کر لیا گیا۔

    پولیس کے مطابق برآمد ہونے والی شراب کی تفصیل درج ذیل ہے:03 کارٹون بیئر سائے رنگ کے (ہر کارٹون میں 60 عدد بیئر)،03 کارٹون ملینیم بیئر نیلے رنگ کے (ہر کارٹون میں 60 عدد بیئر)،01 کارٹون بیئر (20 عدد بیئر)
    ،45 آدھیہ شراب ڈرائیجن کے،55 پوے شراب ڈرائیجن کے،10 آدھیہ شراب واٹ ون کے،25 پوے شراب واٹ ون کے،10 بڑی بوتلیں رائیل ایمبسٹر شراب کی،03 بڑی بوتلیں مریئرس ایمپئر شراب کی،ایک بڑی بوتل نیلے رنگ کی

    گرفتار ملزم نے شراب کی یہ بڑی مقدار فروخت کرنے کے لیے گھر میں چھپا رکھی تھی۔ پولیس نے برآمد شدہ شراب کو تھانے منتقل کر دیا اور ملزم کے خلاف کرائم نمبر 233/2025، دفعہ 3/4 منشیات حدود آرڈیننس کے تحت مقدمہ درج کر دیا۔

    ایس ایس پی گھوٹکی محمد انور کھیتران نے اس کامیاب کارروائی پر پولیس پارٹی کو شاباشی دی اور تعریفی سرٹیفکیٹ کا اعلان کیا۔

  • اوکاڑہ: 12سالہ بچی سے مبینہ زیادتی،ملزم گرفتار

    اوکاڑہ: 12سالہ بچی سے مبینہ زیادتی،ملزم گرفتار

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)ضلع اوکاڑہ کے تھانہ چوچک کے علاقے موضع بازید پور میں ایک 12 سالہ بچی سے مبینہ جنسی زیادتی کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے اور مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق متاثرہ بچی، جو موضع بازید پور کی رہائشی خاتون کلثوم کی بیٹی ہے، اپنے گھر کے قریب مویشیوں کو چارہ ڈالنے گئی تھی۔ اس دوران ملزم علی حسنین نے بچی کو زبردستی پکڑ کر قریبی جھونپڑی میں لے جا کر مبینہ طور پر جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا۔
    جب علاقے کے لوگوں نے شور سنا اور جھونپڑی کی طرف بڑھے تو ملزم موقع سے فرار ہو گیا۔ متاثرہ بچی کی ماں کلثوم نے فوری طور پر تھانہ چوچک پہنچ کر واقعے کی اطلاع دی اور اپنی بیٹی کے ساتھ ہونے والے ظلم کی شکایت درج کروائی۔

    پولیس نے بچی کی ماں کی درخواست پر مقدمہ نمبر 669/25 درج کر لیا اور فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم علی حسنین کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے ملزم کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے اور مقدمے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

    یہ واقعہ علاقے میں شدید غم و غصے کا باعث بنا ہے اور لوگ ملزم کے خلاف سخت ترین سزا کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ قانون کے مطابق ملزم کو جلد عدالت کے سامنے پیش کیا جائے گا۔

  • اوچ شریف: خیر پور ڈاھا میں آوارہ کتوں کا راج، شہری خوف کے مارے گھر میں محصور

    اوچ شریف: خیر پور ڈاھا میں آوارہ کتوں کا راج، شہری خوف کے مارے گھر میں محصور

    اوچ شریف (باغی ٹی وی،نامہ نگارحبیب خان) نواحی علاقے خیر پور ڈاھا میں آوارہ کتوں کی بڑھتی ہوئی تعداد شہریوں کے لیے مہلک خطرہ بن گئی ہے۔ ہر صبح اور شام لوگ گھر سے نکلنے میں خوف محسوس کر رہے ہیں، جبکہ گزشتہ شام ایک پاگل کتے نے فہد نامی معصوم بچے کو شدید زخمی کر دیا، جس نے علاقے میں خوف و ہراس کی فضا قائم کر دی ہے۔

    شہریوں کا کہنا ہے کہ رات کے وقت گلیوں میں نکلنا محال ہو چکا ہے اور بچے کھیلنے تک نہیں جا سکتے۔ مقامی لوگوں نے اس صورتحال کو انتہائی سنگین قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر فوری اور سخت اقدامات نہ کیے گئے تو کسی بڑے سانحے سے بچنا ممکن نہیں ہوگا۔

    علاقہ مکینوں نے اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ اور ڈپٹی کمشنر بہاولپور سے مطالبہ کیا ہے کہ آوارہ کتوں کو فوری طور پر تلف کیا جائے اور شہریوں کی جان و مال کو تحفظ فراہم کیا جائے۔ انہوں نے بلدیہ اور متعلقہ محکموں کی غفلت اور نااہلی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ کئی ہفتوں سے کوئی عملی کارروائی نہیں کی گئی، جس کی وجہ سے صورتحال دن بہ دن خراب ہو رہی ہے۔

    مقامی ذرائع کے مطابق محکمہ بلدیہ کی لاپرواہی اور انتظامیہ کی ناکامی کی وجہ سے آوارہ کتوں کی تعداد میں کوئی کمی نہیں آئی اور شہری اپنے روزمرہ کے معمولات بھی خوف کے عالم میں انجام دے رہے ہیں۔ شہریوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر فوری مؤثر اقدامات نہ کیے گئے تو بچوں، خواتین اور بزرگ شہریوں کی جان کو شدید خطرہ لاحق ہو جائے گا۔

  • میرپور ماتھیلو: بی آئی ایس پی کے سنٹر انچارج کا خواتین کے ساتھ ہتک آمیز رویہ، حکام سے نوٹس کا عوامی مطالبہ

    میرپور ماتھیلو: بی آئی ایس پی کے سنٹر انچارج کا خواتین کے ساتھ ہتک آمیز رویہ، حکام سے نوٹس کا عوامی مطالبہ

    میرپور ماتھیلو(باغی ٹی وی،نامہ نگارمشتاق علی لغاری) بی آئی ایس پی کے سنٹر انچارج کا خواتین کے ساتھ ہتک آمیز رویہ، حکام سے نوٹس کا عوامی مطالبہ

    تفصیلات کے مطابق میرپور ماتھیلو میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے سنٹر انچارج محمد اسحاق نائچ کی من مانی، خواتین کے ساتھ غصہ اور بدتمیزی اور غیر ذمہ دارانہ رویے کے خلاف عوام شدید اضطراب پایا جارہا ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ اسحاق نائچ کے خلاف فوری اخلاقی اور قانونی کارروائی کی جائے اور اسے عہدے سے ہٹایا جائے۔

    دفتر کے باہر خواتین کھڑی ہیں، جہاں نہ پانی ہے اور نہ کوئی بنیادی سہولت موجود ہے، جس سے عوام کی پریشانی اور غصہ مزید بڑھ گیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ رویہ ناقابل قبول ہے اور سرکاری عہدوں پر ایسے افسران کا رہنا سراسر ظلم اور ناانصافی ہے۔

    عوام نے انتظامیہ، گورنمنٹ کے تمام متعلقہ ادارے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری نوٹس لیا جائے، فوری کارروائی کی جائے، اور ذمہ داران کے خلاف سخت قانونی کارروائی یقینی بنائی جائے۔ عوام نے واضح کیا ہے کہ ایسے رویے رکھنے والے افسران کے خلاف کسی بھی قسم کی نرمی ناقابل قبول ہے۔

    شہریوں اور خواتین نے زور دیا ہے کہ حکومت اور متعلقہ ادارے قانون کی بالادستی اور عوامی حقوق کی فوری حفاظت کو یقینی بنائیں۔

  • پسرور میں غیر قانونی آئل ایجنسیوں کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن، متعدد  سیل

    پسرور میں غیر قانونی آئل ایجنسیوں کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن، متعدد سیل

    پسرور ( باغی ٹی وی ،نامہ نگار وقاص اسلم) ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ کی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر پسرور سدرہ ستار نے آج شہر بھر میں بڑے پیمانے پر کارروائی کرتے ہوئے تمام غیر قانونی آئل ایجنسیاں مکمل طور پر سیل کر دیں۔ اس دوران شہر میں قائم منی پٹرول پمپ بھی بند کر دیے گئے، جبکہ وہ دکاندار جنہوں نے اپنی جگہیں کرایہ پر دے کر یہ غیر قانونی کاروبار چلنے دیا، ان کے خلاف بھی سخت قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

    اسسٹنٹ کمشنر کی جانب سے ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ متعلقہ دکانداروں اور مالکان کے خلاف ایف آئی آر کے اندراج کے احکامات بھی جاری کر دیے گئے ہیں، تاکہ شہر میں قانون کی عملداری یقینی بنائی جاسکے۔ حکام نے واضح کر دیا ہے کہ پسرور میں آج کے بعد کسی بھی قسم کی غیر قانونی آئل ایجنسی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ خلاف ورزی کی صورت میں فوری ایف آئی آر، بھاری جرمانے اور دیگر قانونی کارروائیاں کی جائیں گی۔

    شہریوں کو سختی سے تنبیہ کی گئی ہے کہ اگر کسی مقام پر غیر قانونی آئل ایجنسی یا منی پٹرول پمپ نظر آئے تو فوری طور پر اے سی آفس پسرور کو اطلاع دیں یا ثبوت کے ساتھ رابطہ کریں۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شہر کی حفاظت، شفاف کارروائی اور امن و امان کی بہتری سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، جس کے لیے ہر شہری کا تعاون ضروری ہے۔

  • سکھر: کمشنر کی نگرانی میں سول ہسپتال کے اطراف تجاوزات کے خلاف تیز آپریشن

    سکھر: کمشنر کی نگرانی میں سول ہسپتال کے اطراف تجاوزات کے خلاف تیز آپریشن

    سکھر (باغی ٹی وی، نامہ نگار مشتاق علی لغاری) کمشنر سکھر عابد سلیم قریشی کی ہدایت پر سول ہسپتال کے اطراف تجاوزات کے خاتمے کا آپریشن تیزی سے جاری ہے۔ کمشنر نے خود موقع پر پہنچ کر آپریشن کی رفتار، عملے کی کارکردگی اور مریضوں کی سہولت کو یقینی بنانے کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ایم ایس ڈاکٹر احمد مجتبیٰ میمن اور پرنسپل جی ایم ایم سی ڈاکٹر صالح چنہ بھی موجود تھے اور انہوں نے آپریشن کے دوران طبی خدمات کی روانی برقرار رکھنے کے لیے رہنمائی فراہم کی۔

    اسسٹنٹ کمشنر سارہ فراز اور مختیارِ کار سکھر سٹی بابر بلو نے آپریشن ٹیم کو تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے تجاوزات کے خاتمے کے مراحل، متبادل پارکنگ اور مریضوں کے لیے مخصوص راستوں کو برقرار رکھنے کے اقدامات سے آگاہ کیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ آپریشن مرحلہ وار کیا جا رہا ہے تاکہ ہسپتال میں داخلہ اور ایمبولینس سروس متاثر نہ ہو۔

    کمشنر عابد سلیم قریشی نے کہا کہ وہ مریضوں اور ایمبولینس کی رسائی میں رکاوٹ ڈالنے والوں کو انسانیت کے خیرخواہ قرار نہیں دیتے اور شہر بھر میں تجاوزات کے خاتمے کو حکومت کی اولین ترجیح قرار دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس مہم سے نہ صرف سول اسپتال کی سہولیات میں بہتری آئے گی بلکہ شہر کی مرکزی سڑکیں اور راستے عوام کے لیے کھلے، منظم اور محفوظ بن جائیں گے۔

    اس آپریشن کے دوران متعلقہ محکموں نے ہدایات کے مطابق نوٹسز جاری کیے اور بعض غیرقانونی ڈھانچوں کو سیل یا ہٹانے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ حکام نے شہریوں سے تعاون کی اپیل کی ہے اور کہا گیا ہے کہ عارضی تجاوزات کو ہٹانے کے ساتھ مریضوں، معذور افراد اور ایمرجنسی گاڑیوں کے لیے مخصوص راستے ہر صورت برقرار رکھے جائیں گے۔

    ضلع انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تجاوزات کے خاتمے کے بعد ہسپتال کے اطراف میں داخلے کے راستے، پارکنگ اور پیدل چلنے والوں کے لیے مناسب سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ مریضوں کو آسانی اور محفوظ طبی رسائی میسر ہو سکے۔

  • یوٹیوب ویڈیو دیکھ کر جعلی ڈاکٹر کےآپریشن نے خاتون کی جان لے لی

    یوٹیوب ویڈیو دیکھ کر جعلی ڈاکٹر کےآپریشن نے خاتون کی جان لے لی

    جعلی ڈاکٹر کے غلط آپریشن نے ایک خاتون کی جان لے لی۔

    افسوسناک واقعہ بھارت کی ریاست اتر پردیش کے ضلع بارابنکی میں پیش آیا جہاں اناڑی اور نشے میں دھت اس شخص نے یوٹیوب ویڈیو دیکھ کر سرجری کی کوشش کی اور مریضہ کے پیٹ، آنتوں اور غذائی نالی کی کئی رگیں کاٹ دیں۔

    پولیس کے مطابق خاتون کا نام منیشرا راوت تھا انہیں شدید پیٹ درد پر اُن کے شوہر مقامی غیر رجسٹرڈ کلینک لے کر گئے، جہاں کلینک کے مالک گیان پرکاش مشرا اور وِویک مشرا نے انہیں بتایا کہ درد کی وجہ گردے کی پتھری ہے دونوں نے 25 ہزار روپے میں آپریشن کی بات کی جو بعد میں 20 ہزار پر طے ہوا۔

    ضابطہ اخلاق کی مبینہ خلاف ورزی: الیکشن کمیشن نے طلال چوہدری کوطلب کر لیا

    پولیس کے مطابق اگلے ہی دن گیان پرکاش نے یوٹیوب ویڈیو دیکھتے ہوئے سرجری شروع کی، نشے کی حالت میں اس نے پتھری نکالنے کے بجائے پیٹ میں گہرے زخم لگا دیے اور آنتوں سمیت اہم رگیں کاٹ ڈالیں، جس کے بعد مریضہ کی حالت خراب ہوتی گئی اور اگلے روز وہ دم توڑ گئیں،شوہر کی شکایت پر پولیس نے لاش پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوا دی اور دونوں ملزمان کے خلاف غیر ارادی قتل اور ایس سی/ایس ٹی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ کلینک غیر مجاز تھا اور دونوں ملزمان فرار ہیں، جنہیں جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔

    سندھ کے تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی چھٹیوں کا اعلان

  • اوکاڑہ: غیر قانونی پٹرول پمپس کے خلاف سول ڈیفنس کا کریک ڈاؤن، 20 لاکھ روپے جرمانہ عائد

    اوکاڑہ: غیر قانونی پٹرول پمپس کے خلاف سول ڈیفنس کا کریک ڈاؤن، 20 لاکھ روپے جرمانہ عائد

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی ہدایت پر سول ڈیفنس آفیسر جاوید اختر کھچی نے غیر قانونی پٹرول پمپس کے خلاف کریک ڈاؤن کیا۔ اس دوران مختلف مقامات پر پٹرول پمپس کی چیکنگ کی گئی اور چار غیر قانونی اور غیر منظور شدہ پمپس کو سیل کر دیا گیا۔

    سول ڈیفنس آفیسر نے مالکان پر مجموعی طور پر 20 لاکھ روپے کے بھاری جرمانے عائد کیے، ہر پمپس کے مالک پر 10 لاکھ روپے کا جرمانہ لگایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بغیر لائسنس اور حفاظتی اقدامات کے چلنے والے پٹرول پمپس شہریوں کی جان و مال کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔

    انہوں نے شہریوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ صرف منظور شدہ اور محفوظ پمپس سے ایندھن حاصل کریں۔ سول ڈیفنس آفیسر نے مزید واضح کیا کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت سخت کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

    انہوں نے پٹرول پمپ مالکان سے تاکید کی کہ تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد ہی کاروبار کریں اور حکومتی احکامات کی مکمل پاسداری کریں تاکہ کسی بھی سخت کارروائی سے بچا جا سکے۔