Baaghi TV

Category: جرائم و حادثات

  • سیالکوٹ: روڈ ٹریفک حادثات کے متاثرین کا عالمی دن،ریسکیو 1122 کی آگاہی مہم

    سیالکوٹ: روڈ ٹریفک حادثات کے متاثرین کا عالمی دن،ریسکیو 1122 کی آگاہی مہم

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، ڈسٹرکٹ رپورٹر مدثر رتو)سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر کی خصوصی ہدایت پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال کی زیر صدارت روڈ ٹریفک حادثات کے متاثرین کی یاد کے عالمی دن کے سلسلے میں ضلع بھر کی چاروں تحصیلوں میں سیمینارز اور آگاہی واکس کا انعقاد کیا گیا۔ ریسکیو 1122 سیالکوٹ نے ٹریفک پولیس کے ساتھ مل کر شہریوں میں احتیاطی تدابیر سے متعلق آگاہی پرچہ جات بھی تقسیم کیے۔

    سینٹرل ریسکیو اسٹیشن کچہری روڈ پر منعقدہ مرکزی سیمینار میں ایم این اے نوشین افتخار نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ٹریفک حادثات میں اموات کا بڑھتا ہوا رجحان تشویش ناک ہے۔ ریسکیو 1122 کی بروقت رسپانس نے بے شمار قیمتی جانیں بچائی ہیں، تاہم حادثات کی روک تھام کیلئے اجتماعی کوشش ضروری ہے۔ انہوں نے حکومتی تعاون کی مکمل یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ریسکیو 1122 کے ساتھ مل کر حادثات میں کمی لانے کیلئے بھرپور اقدامات کیے جائیں گے۔

    ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال نے کہا کہ حادثات سے بچاؤ کیلئے ٹریفک قوانین کی پابندی ناگزیر ہے۔ چھوٹے بچوں کو موٹر سائیکل نہ دیں، بائیک کی رفتار 50 کلومیٹر فی گھنٹہ تک محدود رکھیں تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے میں جانی و مالی نقصان سے بچا جاسکے۔ تقریب کے اختتام پر آگاہی واک بھی نکالی گئی جس میں ریسکیورز اور ریسکیو اسکاؤٹس نے بھرپور شرکت کی۔

  • اوچ شریف: ٹریکٹر کے ساتھ تصادم، نوجوان موٹرسائیکل سوار جاں بحق

    اوچ شریف: ٹریکٹر کے ساتھ تصادم، نوجوان موٹرسائیکل سوار جاں بحق

    اوچ شریف (باغی ٹی وی نامہ نگار حبیب خان)اوچ شریف کے نواحی علاقے چوک بھٹہ کوٹلہ موسیٰ خان روڈ پر ایک خوفناک حادثہ پیش آیا، جس میں 25 سالہ عمران ولد خادم حسین سکنہ کوٹلہ سلطان احمدپور موقع پر جاں بحق ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق، عمران اپنی CD 70 موٹرسائیکل پر جا رہا تھا کہ سامنے سے آنے والے ٹریکٹر کے پیچھے لگے ہل سے ٹکرانے کے بعد حادثہ پیش آیا۔ عینی شاہدین کے مطابق، عمران نے جب ٹریکٹر کو اوور ٹیک کرنے کی کوشش کی تو موٹر سائیکل بے قابو ہو گئی اور سیدھا ہل سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں اسے شدید ہیڈ انجری آئی اور وہ موقع پر دم توڑ گیا۔

    حادثے کے بعد علاقے میں افسوس اور غم کی فضا قائم ہو گئی، اور لواحقین نے ڈیڈ باڈی کو شفٹ کرنے سے انکار کر دیا۔ اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ پہنچ گئیں۔

  • ٹھٹھہ: پولیس کارروائی میں 3 گٹکا فروش اور 1 منشیات فروش گرفتار، بڑی مقدار میں ممنوعہ اشیاء برآمد

    ٹھٹھہ: پولیس کارروائی میں 3 گٹکا فروش اور 1 منشیات فروش گرفتار، بڑی مقدار میں ممنوعہ اشیاء برآمد

    ٹھٹھہ (بلاول سموں)
    ایس ایس پی ٹھٹھہ فاروق احمد بجارانی کے احکامات پر تھانہ گھارو، گاڑہو، مکلی اور دہابیجی پولیس نے مختلف مقامات پر کارروائیاں کرتے ہوئے 3 انڈین گٹکا فروش/سپلائر اور 1 منشیات فروش کو گرفتار کر لیا۔

    گرفتار ملزمان میں شامل ہیں:
    غلام نبی عرف کارو ولد عیسو خاصخیلی
    عصمت اللہ ولد سادا گل پٹھان
    حضور بخش ولد محمد صدیق کلمتی
    عبدالطیف ولد صدیق ملاح (منشیات فروش)

    کارروائی کے دوران پولیس نے 2400 پڑیاں انڈین گٹکا، 700 پڑیاں گٹکا ماوا، 510 گرام چرس اور 2 موٹر سائیکلیں برآمد کر لیں۔

    ملزمان کے خلاف متعلقہ تھانوں میں نارکوٹکس ایکٹ اور گٹکا ایکٹ کے تحت الگ الگ مقدمات درج کر دیے گئے ہیں۔

  • اوچ شریف: غیر قانونی لاؤڈ اسپیکروں سے شہری اذیت میں، پولیس اور انتظامیہ خاموش

    اوچ شریف: غیر قانونی لاؤڈ اسپیکروں سے شہری اذیت میں، پولیس اور انتظامیہ خاموش

    اوچ شریف (باغی ٹی وی نامہ نگار حبیب خان)اوچ شریف شہر میں غیر قانونی لاؤڈ اسپیکروں کا استعمال تیزی سے بڑھ رہا ہے، جس سے شہریوں کی زندگی مشکلات کا شکار ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں سبزی فروش، ریڑھی بان، پھیری فروش اور فقیروں نے میگا فون اور اسپیکر کے ذریعے شور مچایا ہوا ہے، جس سے شہری اذیت میں مبتلا ہیں۔

    مرکزی چوک الشمس، ٹینکی چوک، حسینی چوک، صدر بازار اور گلی محلوں میں صبح سے شام تک اونچی آواز میں اشیاء فروخت کی ریکارڈنگز چلائی جاتی ہیں۔ یہ صورتحال نہ صرف ایمپلی فائر ایکٹ کی صریح خلاف ورزی ہے بلکہ شہریوں کی نجی زندگی اور سکون بھی متاثر ہو رہا ہے۔

    شہریوں کا کہنا ہے کہ مریض، طلباء اور بزرگ سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں، گھروں میں بزرگ اور بیمار آرام نہیں کر سکتے، اور بچوں کی تعلیم میں خلل پڑ رہا ہے۔
    شہر کے اکثر علاقوں میں کباڑیہ، فروٹ فروش، آئس کریم فروش اور بھکاری مافیا نے لاؤڈ اسپیکروں کا استعمال معمول بنا رکھا ہے۔

    عوامی و سماجی تنظیموں کے نمائندگان نے بتایا کہ پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی خاموشی اس غیر قانونی عمل کی حوصلہ افزائی کے مترادف ہے۔
    شہریوں نے ڈپٹی کمشنر بہاولپور، اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ، اور ڈی پی او بہاولپور سے مطالبہ کیا ہے کہ ایمپلی فائر ایکٹ پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے، تاکہ شہر کے باسی سکون سے زندگی گزار سکیں۔

  • اوچ شریف: بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں کرپشن، مستحق خواتین کی رقم ہڑپ

    اوچ شریف: بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں کرپشن، مستحق خواتین کی رقم ہڑپ

    اوچ شریف (باغی ٹی وی نامہ نگار حبیب خان)بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں مستحق خواتین کی رقوم میں مبینہ کرپشن اور ناجائز کٹوتیوں کے انکشافات کے باوجود متعلقہ اداروں کی خاموشی نے عوامی حلقوں میں شدید غم و غصہ پیدا کر دیا ہے۔ذرائع کے مطابق گذشتہ رپورٹس کے باوجود ایف آئی اے، انٹی کرپشن اور ضلعی انتظامیہ نے ابھی تک کسی باقاعدہ انکوائری یا کارروائی کا آغاز نہیں کیا۔

    مقامی شہریوں اور سماجی کارکنوں کا کہنا ہے کہ اس معاملے میں ملوث فرانچائزی اسحاق مزاور اور بی آئی ایس پی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر عامر شہزاد کلاچی کے خلاف الزامات کے باوجود تحقیقات کا آغاز نہیں ہوا، اور بدعنوانی کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔
    مستحق خواتین سے ہر قسط میں 1000 سے 1500 روپے تک غیر قانونی کٹوتیاں کی جا رہی ہیں۔ خواتین کا کہنا ہے کہ وہ اپنی حق کی رقم لینے جاتی ہیں تو سسٹم بند یا اکاؤنٹ بلاک کا بہانہ بنایا جاتا ہے، لیکن اصل میں ان کی رقوم سے کئی جیبیں بھری جا رہی ہیں۔

    سماجی تنظیموں نے الزام لگایا کہ بعض بااثر عناصر اس اسکینڈل کو دبانے کے لیے دباؤ ڈال رہے ہیں۔ دوسری جانب ضلعی انتظامیہ اور ایف آئی اے ذرائع اس معاملے پر خاموش ہیں، جس سے شکوک و شبہات مزید بڑھ گئے ہیں۔

    عوامی نمائندوں اور سول سوسائٹی نے چیئرپرسن بنظیر انکم سپورٹ پروگرام محترمہ روبینہ خالد اور وزیر اعلیٰ پنجاب سے فوری ایکشن لینے کا مطالبہ کیا تاکہ مستحق خواتین کے حقوق محفوظ رہیں اور کرپشن میں ملوث عناصر کو نشان عبرت بنایا جا سکے۔
    سماجی مبصرین کا کہنا ہے کہ اگر اس میں شفاف تحقیقات نہ ہوئیں تو یہ مالی بدعنوانی کے ساتھ عوامی اعتماد کے قتل کے مترادف ہوگا۔

  • اوچ شریف: گندے سیوریج پانی سے اگائی سبزیاں شہری صحت کے لیے خطرہ،حکام کی چشم پوشی

    اوچ شریف: گندے سیوریج پانی سے اگائی سبزیاں شہری صحت کے لیے خطرہ،حکام کی چشم پوشی

    اوچ شریف (باغی ٹی وی نامہ نگار حبیب خان)اوچ شریف شہر اور اس کے گردونواح میں سیوریج کے گندے پانی سے سبزیاں اگانے کا خطرناک سلسلہ جاری ہے، جس سے شہریوں کی صحت شدید خطرے میں پڑ گئی ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں پالک، مولی، گاجر، ساگ، بند گوبھی، پھول گوبھی، شلجم، آلو اور میتھی جیسی سبزیوں کی کاشت میں صاف پانی کی بجائے گندے سیوریج پانی کا استعمال کیا جا رہا ہے۔

    شہریوں کا کہنا ہے کہ گندے پانی کی سبزیاں عموماً وہی قیمت پر مارکیٹ میں فروخت ہوتی ہیں جیسے صاف پانی سے اگائی گئی سبزیاں، جس سے مجبوراً انہیں خطرناک سبزیاں کھانی پڑ رہی ہیں۔

    ماہرین صحت کے مطابق، گندے پانی سے اگائی گئی سبزیوں میں جراثیم اور بیکٹیریا کی مقدار عام سبزیوں کی نسبت کئی گنا زیادہ ہوتی ہے، جس سے آنتوں کی بیماریاں، دست اور دیگر مہلک امراض کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، خاص طور پر بچوں، بوڑھوں اور کمزور افراد میں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ متعدد بار شہریوں نے پنجاب فوڈ اتھارٹی سے شکایات درج کروائی ہیں، لیکن حکام روٹین کارروائیوں میں مصروف نظر آتے ہیں اور ایسے کاشتکاروں کے خلاف مؤثر قدم نہیں اٹھاتے۔ ضلعی انتظامیہ بھی اس مسئلے پر مکمل خاموش ہے۔

    شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ اور پنجاب فوڈ اتھارٹی فوری کارروائی کریں اور سبزیوں کے معیار کی جانچ کے لیے مستقل بنیادوں پر مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دی جائیں تاکہ عوام کی صحت کو لاحق خطرات سے بچایا جا سکے۔

  • اوچ شریف: ڈی پی او بہاولپور کی زیرِ نگرانی کھلی کچہری، شہری مسائل کا فوری اور شفاف حل

    اوچ شریف: ڈی پی او بہاولپور کی زیرِ نگرانی کھلی کچہری، شہری مسائل کا فوری اور شفاف حل

    اوچ شریف (باغی ٹی وی نامہ نگار حبیب خان)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے عوام دوست وژن اور آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایات کے تحت ڈی پی او بہاولپور محمد حسن اقبال نے ضلع بھر میں پولیس کو حقیقی معنوں میں عوام کی خدمت گاہ بنا دیا ہے۔ شہری مسائل کے فوری اور شفاف حل کے لیے کھلی کچہریوں کا سلسلہ مسلسل جاری ہے تاکہ پولیس اور عوام کے درمیان اعتماد کی مضبوط فضا قائم ہو۔

    اسی سلسلے میں تھانہ اوچ شریف میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا، جس کی براہِ راست نگرانی ڈی پی او محمد حسن اقبال نے کی۔ کچہری میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور مختلف نوعیت کی شکایات پیش کیں۔

    ڈی پی او نے شہریوں کے مسائل سنے اور متعدد شکایات پر فوری احکامات جاری کیے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ ہر شہری کے ساتھ عزت و احترام کا برتاؤ کیا جائے، اور انصاف میں تاخیر یا کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں ہوگی۔

    ڈی پی او نے کہا:”وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق پولیس عوام کی خدمت کے لیے ہے۔ ہر تھانہ شہریوں کے لیے کھلا ہونا چاہیے۔ میرٹ، شفافیت اور انصاف پولیس کا طرۂ امتیاز ہونا چاہیے۔ عوام کو دروازے پر انصاف دینا ہمارا فرض ہے۔”

    اس موقع پر ایس ڈی پی او سرکل احمد پور شرقیہ محمود اکبر، ایس ایچ او تھانہ اوچ شریف فیصل امین اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔
    عوامی و سماجی حلقوں نے ڈی پی او محمد حسن اقبال کی عوام دوست پالیسیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں بہاولپور پولیس ایک مثالی فورس کے طور پر سامنے آئی ہے۔ اقدامات سے شہریوں کو پولیس پر دوبارہ اعتماد حاصل ہوا اور عوامی ریلیف میں نمایاں بہتری آئی ہے۔

    عوام نے کہا کہ ڈی پی او کی زیرِ نگرانی کھلی کچہریاں حقیقی معنوں میں "انصاف عوام کی دہلیز پر” کے تصور کو عملی شکل دے رہی ہیں۔

  • اوچ شریف: چوری کی وارداتوں میں ملوث ملزم گرفتار، موبائل فونز اور نقدی برآمد

    اوچ شریف: چوری کی وارداتوں میں ملوث ملزم گرفتار، موبائل فونز اور نقدی برآمد

    اوچ شریف (باغی ٹی وی نامہ نگار حبیب خان)ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد حسن اقبال کی ہدایات پر تھانہ صدر احمدپور شرقیہ پولیس کی بڑی کارروائی — چوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث ملزم گرفتار، ملزم کے قبضہ سے دو قیمتی موبائل فون اور ایک لاکھ روپے سے زائد نقد رقم برآمد کر لی گئی۔

    کارروائی سرکل پولیس آفیسر محمود اکبر کی نگرانی اور ایس ایچ او سراج تبسم کی سربراہی میں کی گئی۔پولیس نے خفیہ معلومات، انٹیلی جنس ذرائع اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ملزم کو گرفتار کیا۔

    ایس ایچ او سراج تبسم کے مطابق گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے اور جلد اس کے دیگر ساتھی بھی گرفتار کیے جائیں گے۔
    برآمد شدہ سامان قانونی کارروائی کے بعد اصل مالکان کے حوالے کیا جا رہا ہے۔

  • گوجرانوالہ: رشوت اور جھوٹا مقدمہ درج کرنے پر ایس ایچ او سمیت تین پولیس افسران گرفتار

    گوجرانوالہ: رشوت اور جھوٹا مقدمہ درج کرنے پر ایس ایچ او سمیت تین پولیس افسران گرفتار

    گوجرانوالہ (باغی ٹی وی نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی)گوجرانوالہ پولیس میں کرپشن اور اختیارات کے ناجائز استعمال کا بڑا کیس سامنے آگیا۔
    طمعِ نفسانی اور رشوت لے کر اغوا کا جھوٹا مقدمہ درج کرنے، شہری سے اشٹام پیپر پر زبردستی دستخط کروانے اور جبراً رقم وصول کرنے کے الزام میں تھانہ سبزی منڈی کے ایس ایچ او سمیت تین پولیس افسران کو گرفتار کر لیا گیا۔

    سٹی پولیس آفیسر محمد ایاز سلیم نے واقعہ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی آپریشنز غیور احمد کو انکوائری کے احکامات جاری کیے۔
    انکوائری رپورٹ میں الزامات درست ثابت ہونے پر ایس ایچ او انسپکٹر لقمان، سب انسپکٹر غلام فرید، اور اے ایس آئی خالد کو قصوروار قرار دے کر گرفتار کر لیا گیا۔

    سی پی او محمد ایاز سلیم کے حکم پر تینوں افسران کو تھانہ سبزی منڈی کی حوالات میں بند کر دیا گیا اور ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔
    مقدمے میں اغوا، جبراً رقم وصولی اور اختیارات سے تجاوز کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

    سی پی او محمد ایاز سلیم نے کہا کہ محکمہ پولیس کی بدنامی کا باعث بننے والی کالی بھیڑوں سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔انہوں نے واضح کیا کہ کرپشن اور اختیارات کے ناجائز استعمال پر ملوث افسران جیل جائیں گے، کیونکہ محکمہ پولیس میں بدعنوانی کی کوئی گنجائش نہیں۔

  • منڈی بہاؤالدین: عطائی ڈاکٹروں کے خلاف ضلع بھر میں کریک ڈاؤن، متعدد کلینکس سیل، مقدمات درج

    منڈی بہاؤالدین: عطائی ڈاکٹروں کے خلاف ضلع بھر میں کریک ڈاؤن، متعدد کلینکس سیل، مقدمات درج

    منڈی بہاؤالدین (باغی ٹی وی، نامہ نگار افنان طالب)ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم کی خصوصی ہدایت پر عطائی ڈاکٹروں کے خلاف ضلع بھر میں کریک ڈاؤن مہم بھرپور انداز میں جاری ہے۔ شہریوں کی صحت اور قیمتی جانوں کے تحفظ کے لیے یہ مہم ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کی مشترکہ کارروائیوں کے تحت انجام دی جا رہی ہے۔

    کریک ڈاؤن کی قیادت سی ای او ہیلتھ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر افتخار اور ڈپٹی ڈرگز کنٹرولر افضل ندیم پر مشتمل ٹیم کر رہی ہے۔
    کارروائی کے دوران شہر اور نواحی علاقوں میں غیر قانونی طور پر چلنے والے متعدد کلینکس کو سیل کر دیا گیا اور عطائیت میں ملوث افراد پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے۔

    ڈرگز کنٹرولر افضل ندیم نے کہا کہ جعلی ادویات فروخت کرنے والے اور عطائی ڈاکٹروں نے شہریوں کی زندگیاں خطرے میں ڈال رکھی ہیں، ایسے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔
    انہوں نے واضح کیا کہ کریک ڈاؤن بلا امتیاز جاری رہے گا تاکہ عوام کو معیاری صحت کی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

    ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم نے کہا کہ عطائیت کا مکمل خاتمہ ان کی اولین ترجیح ہے اور اس حوالے سے کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔