Baaghi TV

Category: جرائم و حادثات

  • گمبٹ: معذور شخص کے 12 لاکھ روپے ہڑپ کرنے کا الزام

    گمبٹ: معذور شخص کے 12 لاکھ روپے ہڑپ کرنے کا الزام

    سکھر (باغی ٹی وی، نامہ نگار مشتاق علی لغاری) گمبٹ کے رہائشی فہیم شیخ ولد کمن شیخ نے سنگین الزام عائد کیا ہے کہ نوید احمد دستی نے ایک معذور شخص کے تقریباً 12 لاکھ روپے مبینہ طور پر ہڑپ کر لیے ہیں۔

    فہیم شیخ کے مطابق جب انہوں نے رقم واپس مانگی تو نوید احمد دستی نے خودکشی کی دھمکیاں دینے کے ساتھ ساتھ انہیں قتل کی سنگین دھمکیاں بھی دیں۔ متاثرہ نے بتایا کہ انہوں نے خلیل شیخ (گمبٹ والے) کو بھی شکایت کی، مگر کوئی عملی کارروائی نہیں کی گئی۔

    فہیم شیخ نے ایس ایس پی سے فوری نوٹس لینے اور انصاف فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔

  • اوکاڑہ: پولیس کی کارروائی، بائیک لفٹر گینگ گرفتار

    اوکاڑہ: پولیس کی کارروائی، بائیک لفٹر گینگ گرفتار

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) اوکاڑہ پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے بائیک لفٹر گینگ کے دو کارندے گرفتار کر لیے۔

    پولیس ترجمان کے مطابق ایس ایچ او تھانہ حویلی لکھا انسپکٹر سرور کی سربراہی میں کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضہ سے 12 موٹر سائیکلیں اور اسلحہ برآمد ہوا جن کی مالیت تقریباً 8 لاکھ روپے ہے۔

    گرفتار ملزمان نے دورانِ تفتیش حویلی لکھا اور گردونواح سے درجنوں موٹر سائیکلیں چوری کرنے کا انکشاف کیا۔ پولیس نے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

  • قصور: تیز رفتار ڈمپر بے قابو، 10 سالہ بچہ جاں بحق، مشتعل افراد نے گاڑی جلا دی

    قصور: تیز رفتار ڈمپر بے قابو، 10 سالہ بچہ جاں بحق، مشتعل افراد نے گاڑی جلا دی

    قصور (باغی ٹی وی، ڈسٹرکٹ رپورٹر طارق نوید سندھو) رائیونڈ روڈ چونگی نمبر 6 کے قریب تیز رفتار ڈمپر بے قابو ہو کر سڑک کنارے کھڑی فیملی پر چڑھ گیا، جس کے نتیجے میں 10 سالہ معیز شدید زخمی ہوا۔ بچے کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا مگر وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

    حادثے کے بعد علاقہ مکینوں میں شدید غم و غصہ پھیل گیا اور مشتعل افراد نے ڈمپر کو آگ لگا دی، جس سے وہ مکمل طور پر جل کر خاکستر ہوگیا۔ ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

    آگ اور ہنگامہ آرائی کے باعث ٹریفک معطل رہی اور روڈ پر شدید رکاوٹ پیدا ہوئی۔ پولیس نے صورتحال پر قابو پانے کے لیے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کرلیے اور قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔

  • قصور: گگڑ چوک میں پٹرول پمپ پر ڈکیتی، 17 لاکھ لوٹ لیے، ملازم فائرنگ سے زخمی

    قصور: گگڑ چوک میں پٹرول پمپ پر ڈکیتی، 17 لاکھ لوٹ لیے، ملازم فائرنگ سے زخمی

    قصور(باغی ٹی وی،ڈسٹرکٹ رپورٹرطارق نویدسندھو) گگڑ چوک کے پٹرول پمپ پر چھ مسلح ڈاکوؤں نے واردات کرتے ہوئے 17 لاکھ روپے لوٹ لیے۔ واردات کے دوران مزاحمت پر 26 سالہ ملازم ساجد کے سر پر گولی مار کر اسے شدید زخمی کر دیا گیا۔

    پولیس کے مطابق ڈاکو گزشتہ روز پٹرول پمپ پر پہنچے، عملے کو یرغمال بنایا اور کیش باکس سے نقدی جمع کرنے کے بعد فرار ہوگئے۔ زخمی ملازم کو فوری طور پر بلھے شاہ ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کا علاج جاری ہے۔

    تھانہ تھہ شیخم پولیس نے مقدمہ درج کرکے ڈاکوؤں کی تلاش شروع کر دی ہے، جبکہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔

  • گھوٹکی :سینٹرل جیل کے قریب موٹر سائیکل اوررکشا میں تصادم، ایک جاں بحق، ایک شدید زخمی

    گھوٹکی :سینٹرل جیل کے قریب موٹر سائیکل اوررکشا میں تصادم، ایک جاں بحق، ایک شدید زخمی

    گھوٹکی (باغی ٹی وی، نامہ نگار مشتاق علی لغاری) گھوٹکی سینٹرل جیل کے نزدیک ماٹھيلو–مومل جی ماڑی لنک روڈ پر تیز رفتاری کے باعث موٹر سائیکل اور رکشا میں خوفناک ٹکر ہوگئی۔ حادثے میں موٹر سائیکل سوار نثار احمد ٹانوری موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا جبکہ محمد علی ٹانوری شدید زخمی ہوا، جسے ریسکیو ٹیم نے اسپتال منتقل کردیا جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

    علاقہ مکینوں کے مطابق لنک روڈ پر تیز رفتاری اور ٹریفک قوانین کی عدم پابندی حادثات کا سبب بن رہی ہے۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کرلیے ہیں اور تفتیش جاری ہے۔ جناح ہونے والے نثار احمد کی لاش ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دی گئی، جبکہ علاقے میں سوگ کی فضا قائم ہے۔

  • ایک ماہ قبل شادی،لڑکی کی پھندا لگی لاش برآمد

    ایک ماہ قبل شادی،لڑکی کی پھندا لگی لاش برآمد

    کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس سے ایک لڑکی کی پھندا لگی لاش ملی ہے۔

    پولیس کا بتانا ہے کہ زینب زوجہ زین عمر کی پھندا لگی لاش ڈیفنس فیز 5 بدر کمرشل کے فلیٹ سے ملی ہے، ابتدائی طور پر واقعہ خودکشی لگ رہا تھا تاہم مزید تفتیش کے دوران خودکشی کا معاملہ مشکوک لگ رہا ہے، لاش کا پوسٹ مارٹم ہونے کےبعد صورتحال واضح ہوگی، لڑکی کا تعلق سیالکوٹ سے ہے اور اس کی ایک ماہ قبل شادی ہوئی تھی، شادی کے بعد لڑکی اپنے شوہر کی خالہ کے گھر رہائش پذیر تھی جبکہ واقعے کے وقت شوہر گھر پر موجود نہیں تھا،متوفی خاتون کا شوہر سکیورٹی ادارے کا ملازم ہے، معاملے کی ہر پہلو سے تحقیقات شروع کر دی ہے۔

  • قصور: سرچ آپریشن میں منشیات فروش، موٹر سائیکل چور اور اشتہاری سمیت 10 ملزمان گرفتار

    قصور: سرچ آپریشن میں منشیات فروش، موٹر سائیکل چور اور اشتہاری سمیت 10 ملزمان گرفتار

    قصور (باغی ٹی وی،ڈسٹرکٹ رپورٹرطارق نوید)ڈی پی او محمد عیسیٰ خاں کی ہدایت پر تھانہ بی ڈویژن پولیس نے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کرتے ہوئے منشیات فروشی، موٹر سائیکل چوری اور رابری جیسے سنگین جرائم میں ملوث 10 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران 5 بدنام زمانہ منشیات فروشوں سےساڑھے 4 کلوگرام چرس،آدھا کلوگرام افیون اور 20 لیٹر زہریلی شراب
    برآمد کی گئی۔گرفتار منشیات فروشوں کی شناخت سرفراز عرف لاجی مسیح، اشفاق، افضل، اقبال اور عارف کے ناموں سے ہوئی ہے۔

    اسی دوران ایک اور مقام پر کیے گئے سرچ آپریشن میں 3 موٹر سائیکل چور ملزمان شہزاد، عابد اور الیاس کو حراست میں لے لیا گیا۔ پولیس نے ان کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کی 3 چوری شدہ موٹر سائیکلیں برآمد کیں۔

    علاوہ ازیں رابری کے سنگین مقدمات میں مطلوب 2 خطرناک اشتہاری مجرم سرفراز اور احسن کو بھی گرفتار کیا گیا۔ پولیس کے مطابق تمام ملزمان سے تفتیش کا عمل جاری ہے اور مزید انکشافات متوقع ہیں۔

  • قصور: دوسری شادی کیوں کی؟ بیٹے نے ماں کو کلہاڑیوں کے وار سے قتل کر دیا

    قصور: دوسری شادی کیوں کی؟ بیٹے نے ماں کو کلہاڑیوں کے وار سے قتل کر دیا

    قصور ( باغی ٹی وی،ڈسٹرکٹ رپورٹرطارق نویدسندھو)قصور کے علاقے میں ایک دل دہلا دینے والا اور افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں بیٹے نے اپنی والدہ کو صرف اس وجہ سے قتل کر دیا کہ اس نے دوسری شادی کر لی تھی۔ پولیس کے مطابق مقتولہ صوبیہ بی بی نے حال ہی میں دوسری شادی کی تھی، جس پر اس کے بیٹے ذیشان کو شدید رنج اور غصہ تھا۔

    رنجش اس حد تک بڑھی کہ ذیشان نے اپنی ماں کو قتل کرنے کا منصوبہ بنا لیا۔ گزشتہ روز ملزم نے صوبیہ بی بی کو کیلوں کی فصل میں بلا کر کلہاڑی کے پے در پے وار کیے جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئیں۔

    واقعے کی اطلاع پر تھانہ صدر قصور پولیس فوری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی، لاش کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے روانہ کیا اور قانونی کارروائی شروع کر دی۔

    پولیس نے ملزم ذیشان کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ قتل کے محرکات اور مزید پہلوؤں پر تحقیقات جاری ہیں۔

  • اوچ شریف : تیز رفتار یو ٹانگ ماسٹر بس کی ٹکر سے 3موٹروے اہلکار شہید

    اوچ شریف : تیز رفتار یو ٹانگ ماسٹر بس کی ٹکر سے 3موٹروے اہلکار شہید

    اوچ شریف (باغی ٹی وی ،نامہ نگار حبیب خان)اوچ شریف کے قریب تیز رفتار یو ٹانگ ماسٹر بس کی ٹکر سے موٹروے پولیس کے تین اہلکار شہیدہوگئے۔ حادثہ بیٹ نمبر 25 کے مقام پر اوچ شریف انٹرچینج سے تقریباً چار کلومیٹر سکھر کی جانب پیش آیا، جہاں کراچی سے ملتان کی طرف جانے والی یو ٹانگ ماسٹر گاڑی نمبر CAL-1530 نے گشت کے دوران کھڑی موٹروے پولیس کی گاڑی کو پیچھے سے زور دار ٹکر ماری۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ موٹروے گاڑی بری طرح تباہ ہوگئی اور اس میں سوار تینوں اہلکار شدید زخمی ہوگئے۔

    ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثے کی بنیادی وجہ گاڑی کی تیز رفتاری اور ڈرائیور کا عدم احتیاط بتایا جا رہا ہے، جس کے باعث وہ بروقت بریک نہ لگا سکا اور موٹروے پولیس کی گاڑی سے ٹکرا گیا۔ حادثے کے بعد قریبی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور امدادی کارروائیاں شروع کیں۔

    حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں محمد ناصر شامل ہیں جو تقریباً 42 برس کے تھے اور موٹروے پولیس میں ASI کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔ انہیں سر پر شدید چوٹ آئی جس کے باعث وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ جاں بحق ہونے والے دوسرے اہلکار اسامہ علی ولد لال محمد تھے، جن کی عمر تقریباً 23 برس تھی اور وہ کانسٹیبل تھے۔ انہیں بھی سر پر شدید چوٹیں آئیں اور وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔

    تیسرے زخمی اہلکار مشتاق احمد تھے جن کی عمر تقریباً 40 برس بتائی جاتی ہے اور وہ SI تھے۔ انہیں دائیں بازو کی ہڈی ٹوٹنے کے ساتھ ساتھ سر پر بھی شدید چوٹیں آئیں۔ ریسکیو ٹیم نے انہیں موٹروے ایمبولینس کے ذریعے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال احمد پور شرقیہ منتقل کیا، جہاں دورانِ علاج وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔

    حادثے کے بعد محمد ناصر اور اسامہ علی کو ساتھی اہلکاروں نے اپنی گاڑی سے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال احمد پور شرقیہ منتقل کیا، جبکہ مشتاق احمد کو موٹروے ایمبولینس کے ذریعے منتقل کیا گیا۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق تینوں اہلکار حادثے کے وقت ہی شدید زخمی تھے اور ان کی حالت نازک تھی۔

    واقعے کے بعد موٹروے پولیس نے جائے حادثہ کا مکمل معائنہ کیا اور بس ڈرائیور کی ذمہ داری کے تعین کے لئے تفتیش شروع کردی ہے۔ افسوسناک حادثے نے ادارے سمیت عوام میں بھی گہرے دکھ اور افسوس کی لہر دوڑا دی ہے، جبکہ اعلیٰ حکام نے جاں بحق اہلکاروں کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا ہے۔

  • کوٹلی،اسکریب کے گودام میں دھماکہ،تین افراد کی موت،پانچ زخمی

    کوٹلی،اسکریب کے گودام میں دھماکہ،تین افراد کی موت،پانچ زخمی

    آزاد کشمیر کے ضلع کوٹلی میں اسکریپ کے ایک گودام میں ہونے والے خوفناک دھماکے کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق جبکہ 5 سے زائد زخمی ہوگئے، جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔

    ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکا اسکریپ کے گودام میں اُس وقت ہوا جب وہاں کام جاری تھا۔ زور دار دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی جس کے بعد آس پاس کے رہائشیوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ دھماکے کے باعث گودام کے کچھ حصے کو بھی شدید نقصان پہنچا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور دیگر امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال کوٹلی منتقل کیا، جہاں زخمیوں کو طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں ،دھماکے میں شمالی ساکن چارسدہ،عبداللہ ساکن تتہ پانی،محمد ساکن باجوڑ جاں بحق ہو گئے جبکہ زخمیوں میں اویس ساکن باجوڑ،غفار ساکن مہمند ایجنسی،جاوید ساکن مہمند ایجنسی،شاداب ساکن تتہ پانی شامل ہیں

    پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے کی نوعیت جاننے کے لیے بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی طلب کرلیا گیا ہے۔ علاقے کے رہائشیوں نے اس افسوسناک واقعے پر شدید دکھ کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اسکریپ یارڈز کی باقاعدہ مانیٹرنگ کی جائے تاکہ مستقبل میں ایسے حادثات کی روک تھام ممکن ہوسکے۔