Baaghi TV

Category: جرائم و حادثات

  • سکھر: کمشنر کی نگرانی میں سول ہسپتال کے اطراف تجاوزات کے خلاف تیز آپریشن

    سکھر: کمشنر کی نگرانی میں سول ہسپتال کے اطراف تجاوزات کے خلاف تیز آپریشن

    سکھر (باغی ٹی وی، نامہ نگار مشتاق علی لغاری) کمشنر سکھر عابد سلیم قریشی کی ہدایت پر سول ہسپتال کے اطراف تجاوزات کے خاتمے کا آپریشن تیزی سے جاری ہے۔ کمشنر نے خود موقع پر پہنچ کر آپریشن کی رفتار، عملے کی کارکردگی اور مریضوں کی سہولت کو یقینی بنانے کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ایم ایس ڈاکٹر احمد مجتبیٰ میمن اور پرنسپل جی ایم ایم سی ڈاکٹر صالح چنہ بھی موجود تھے اور انہوں نے آپریشن کے دوران طبی خدمات کی روانی برقرار رکھنے کے لیے رہنمائی فراہم کی۔

    اسسٹنٹ کمشنر سارہ فراز اور مختیارِ کار سکھر سٹی بابر بلو نے آپریشن ٹیم کو تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے تجاوزات کے خاتمے کے مراحل، متبادل پارکنگ اور مریضوں کے لیے مخصوص راستوں کو برقرار رکھنے کے اقدامات سے آگاہ کیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ آپریشن مرحلہ وار کیا جا رہا ہے تاکہ ہسپتال میں داخلہ اور ایمبولینس سروس متاثر نہ ہو۔

    کمشنر عابد سلیم قریشی نے کہا کہ وہ مریضوں اور ایمبولینس کی رسائی میں رکاوٹ ڈالنے والوں کو انسانیت کے خیرخواہ قرار نہیں دیتے اور شہر بھر میں تجاوزات کے خاتمے کو حکومت کی اولین ترجیح قرار دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس مہم سے نہ صرف سول اسپتال کی سہولیات میں بہتری آئے گی بلکہ شہر کی مرکزی سڑکیں اور راستے عوام کے لیے کھلے، منظم اور محفوظ بن جائیں گے۔

    اس آپریشن کے دوران متعلقہ محکموں نے ہدایات کے مطابق نوٹسز جاری کیے اور بعض غیرقانونی ڈھانچوں کو سیل یا ہٹانے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ حکام نے شہریوں سے تعاون کی اپیل کی ہے اور کہا گیا ہے کہ عارضی تجاوزات کو ہٹانے کے ساتھ مریضوں، معذور افراد اور ایمرجنسی گاڑیوں کے لیے مخصوص راستے ہر صورت برقرار رکھے جائیں گے۔

    ضلع انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تجاوزات کے خاتمے کے بعد ہسپتال کے اطراف میں داخلے کے راستے، پارکنگ اور پیدل چلنے والوں کے لیے مناسب سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ مریضوں کو آسانی اور محفوظ طبی رسائی میسر ہو سکے۔

  • یوٹیوب ویڈیو دیکھ کر جعلی ڈاکٹر کےآپریشن نے خاتون کی جان لے لی

    یوٹیوب ویڈیو دیکھ کر جعلی ڈاکٹر کےآپریشن نے خاتون کی جان لے لی

    جعلی ڈاکٹر کے غلط آپریشن نے ایک خاتون کی جان لے لی۔

    افسوسناک واقعہ بھارت کی ریاست اتر پردیش کے ضلع بارابنکی میں پیش آیا جہاں اناڑی اور نشے میں دھت اس شخص نے یوٹیوب ویڈیو دیکھ کر سرجری کی کوشش کی اور مریضہ کے پیٹ، آنتوں اور غذائی نالی کی کئی رگیں کاٹ دیں۔

    پولیس کے مطابق خاتون کا نام منیشرا راوت تھا انہیں شدید پیٹ درد پر اُن کے شوہر مقامی غیر رجسٹرڈ کلینک لے کر گئے، جہاں کلینک کے مالک گیان پرکاش مشرا اور وِویک مشرا نے انہیں بتایا کہ درد کی وجہ گردے کی پتھری ہے دونوں نے 25 ہزار روپے میں آپریشن کی بات کی جو بعد میں 20 ہزار پر طے ہوا۔

    ضابطہ اخلاق کی مبینہ خلاف ورزی: الیکشن کمیشن نے طلال چوہدری کوطلب کر لیا

    پولیس کے مطابق اگلے ہی دن گیان پرکاش نے یوٹیوب ویڈیو دیکھتے ہوئے سرجری شروع کی، نشے کی حالت میں اس نے پتھری نکالنے کے بجائے پیٹ میں گہرے زخم لگا دیے اور آنتوں سمیت اہم رگیں کاٹ ڈالیں، جس کے بعد مریضہ کی حالت خراب ہوتی گئی اور اگلے روز وہ دم توڑ گئیں،شوہر کی شکایت پر پولیس نے لاش پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوا دی اور دونوں ملزمان کے خلاف غیر ارادی قتل اور ایس سی/ایس ٹی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ کلینک غیر مجاز تھا اور دونوں ملزمان فرار ہیں، جنہیں جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔

    سندھ کے تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی چھٹیوں کا اعلان

  • اوکاڑہ: غیر قانونی پٹرول پمپس کے خلاف سول ڈیفنس کا کریک ڈاؤن، 20 لاکھ روپے جرمانہ عائد

    اوکاڑہ: غیر قانونی پٹرول پمپس کے خلاف سول ڈیفنس کا کریک ڈاؤن، 20 لاکھ روپے جرمانہ عائد

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی ہدایت پر سول ڈیفنس آفیسر جاوید اختر کھچی نے غیر قانونی پٹرول پمپس کے خلاف کریک ڈاؤن کیا۔ اس دوران مختلف مقامات پر پٹرول پمپس کی چیکنگ کی گئی اور چار غیر قانونی اور غیر منظور شدہ پمپس کو سیل کر دیا گیا۔

    سول ڈیفنس آفیسر نے مالکان پر مجموعی طور پر 20 لاکھ روپے کے بھاری جرمانے عائد کیے، ہر پمپس کے مالک پر 10 لاکھ روپے کا جرمانہ لگایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بغیر لائسنس اور حفاظتی اقدامات کے چلنے والے پٹرول پمپس شہریوں کی جان و مال کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔

    انہوں نے شہریوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ صرف منظور شدہ اور محفوظ پمپس سے ایندھن حاصل کریں۔ سول ڈیفنس آفیسر نے مزید واضح کیا کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت سخت کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

    انہوں نے پٹرول پمپ مالکان سے تاکید کی کہ تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد ہی کاروبار کریں اور حکومتی احکامات کی مکمل پاسداری کریں تاکہ کسی بھی سخت کارروائی سے بچا جا سکے۔

  • اوکاڑہ: عوام کے مسائل کا فوری حل، ضلعی پولیس کی کھلی کچہری کا انعقاد

    اوکاڑہ: عوام کے مسائل کا فوری حل، ضلعی پولیس کی کھلی کچہری کا انعقاد

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن "انصاف کی فراہمی دہلیز تک” کے تحت ضلعی پولیس اوکاڑہ نے عجوہ مارکی، ستگھرہ موڑ، علاقہ تھانہ طیب سعید شہید میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جس میں مرد و خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

    کھلی کچہری کے دوران شہریوں نے اپنے مسائل براہِ راست ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) اوکاڑہ کے سامنے پیش کیے، اور موقع پر ہی متعدد درخواستوں پر قانونی احکامات جاری کیے گئے۔ ڈی پی او نے کہا کہ کھلی کچہریوں کا مقصد عوام کو ان کے گھر کی دہلیز پر انصاف فراہم کرنا اور پولیس و عوام کے درمیان رابطے کو مضبوط کرنا ہے۔

    ڈی پی او نے ایس ڈی پی اوز کو ہدایت کی کہ موصول ہونے والی تمام درخواستوں کا فوری اور میرٹ پر حل یقینی بنایا جائے۔ اس موقع پر انچارج کمپلینٹ سیل، انسپکٹر ریحانہ کوکب کو تمام درخواستوں کے مکمل فالو اپ کا حکم بھی جاری کیا گیا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ضلع بھر میں عوام اور پولیس کے درمیان اعتماد کی فضا کو بہتر بنانے کے لیے اس طرح کی کھلی کچہریاں باقاعدگی سے منعقد کی جاتی رہیں گی۔

  • میرپور ماتھیلو:یارولنڈمیں رشتہ تنازع پر فائرنگ، نوجوان  قتل

    میرپور ماتھیلو:یارولنڈمیں رشتہ تنازع پر فائرنگ، نوجوان قتل

    میرپور ماتھیلو (باغی ٹی وی، نامہ نگار مشتاق علی لغاری)یارولنڈ میں رشتہ داری کے تنازع نے سنگین رخ اختیار کر لیا، جس کے نتیجے میں فائرنگ کے دوران نوجوان جنید احمد گولی لگنے سے موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔

    عینی شاہدین کے مطابق دونوں خاندانوں کے درمیان کئی روز سے تکرار اور تلخ کلامی جاری تھی، جو اچانک مسلح جھگڑے میں بدل گئی۔ فائرنگ کی آوازوں سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ گھروں میں محدود ہو گئے۔

    واقعے کے بعد مقتول کے لواحقین شدید غم و غصے میں یارولنڈ تھانے کے سامنے جمع ہوگئے، جہاں انہوں نے نوجوان کی لاش سڑک پر رکھ کر دھرنا دیا۔ ورثاء نے مطالبہ کیا کہ ملزمان کو فوری گرفتار کیا جائے، شفاف تحقیقات کی جائیں اور مقتول کو انصاف فراہم کیا جائے۔

    پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس نے بتایا کہ بظاہر واقعہ رشتہ داری کے فیصلے پر پیدا ہونے والے تنازع کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے، تاہم مکمل تحقیقات کے بعد ہی حتمی رپورٹ جاری کی جائے گی۔

  • احمدپور شرقیہ:پسند کی شادی کی خواہش پر لڑکی قتل

    احمدپور شرقیہ:پسند کی شادی کی خواہش پر لڑکی قتل

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان)تحصیل احمد پور شرقیہ کے نواحی علاقے موضع سکیل بستی مہر کالو سیال میں غیرت کے نام پر پیش آنے والا دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں پسند کی شادی کی خواہش پر ایک نوجوان لڑکی کو اس کے باپ اور بھائی نے بے رحمی سے قتل کر دیا۔ اس واقعے نے پورے علاقے کو غم اور صدمے میں مبتلا کر دیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق مقتولہ سلمہ بی بی کئی برسوں سے اپنی خالہ کے ساتھ احمد پور شرقیہ میں مقیم تھی اور ایک مقامی میڈیکل ادارے میں ملازمت کرتی تھی۔ خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ لڑکی اپنی پسند کے رشتے میں شادی کرنا چاہتی تھی، جس پر گھر والے سخت ناراض تھے۔

    چند روز قبل والد نے اسے یہ کہہ کر گھر بلوایا کہ اس کی مرضی کے مطابق شادی کر دی جائے گی۔ لڑکی خوشی خوشی گھر لوٹ آئی، مگر اس کے پیچھے ایک خوفناک منصوبہ چھپا تھا۔

    واقعے کی رات تقریباً 10 بجے والد مہر طالب اور بھائی نے اسے بدترین تشدد کا نشانہ بنایا۔ بعد ازاں نیم مردہ حالت میں موٹر سائیکل پر ڈال کر کھیتوں کی طرف لے جایا گیا اور ویرانے میں پھینک دیا گیا۔

    اہل علاقہ کے مطابق مقتولہ پوری رات لاپتہ رہی۔ صبح ہونے پر تھانہ ڈیرہ نواب پولیس نے مقامی افراد کی مدد سے سرچ آپریشن کیا، جس کے دوران سرسوں کی فصل سے لڑکی کی لاش برآمد کر لی گئی۔ دل خراش منظر دیکھ کر پورا علاقہ سوگوار ہو گیا۔

    پولیس نے موقع سے شواہد اکٹھے کیے اور لاش کو ٹی ایچ کیو ہسپتال احمد پور شرقیہ منتقل کر دیا، جہاں پوسٹ مارٹم جاری ہے۔ ابتدائی رپورٹس کے مطابق لڑکی کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

    پولیس نے قتل کا مقدمہ درج کر لیا ہے اور والد و بھائی کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

    علاقہ مکینوں اور سماجی حلقوں نے اس واردات کو غیرت کے نام پر قتل کی ایک اور دل خراش مثال قرار دیتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے جرائم کی روک تھام کے لیے سخت قانون سازی اور مؤثر عمل درآمد ناگزیر ہے۔ ان کے مطابق پسند کی شادی کا حق حاصل کرنے کی خواہش کوئی جرم نہیں، مگر معاشرتی جبر نے ایک اور معصوم جان لے لی۔

    ذرائع کے مطابق سلمہ بی بی کی شادی اور رخصتی ایک روز بعد ہونا طے تھی، مگر خاندانی ضد اور فرسودہ روایات نے اسے زندگی کی دہلیز تک پہنچنے سے پہلے ہی موت کے حوالے کر دیا۔

    پولیس حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات کی جا رہی ہیں اور ملزمان کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

  • اوچ شریف:چنی گوٹھ پل کے قریب تین گاڑیوں کی ٹکر، دو زخمی

    اوچ شریف:چنی گوٹھ پل کے قریب تین گاڑیوں کی ٹکر، دو زخمی

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان): چنی گوٹھ پل کے مقام پرگذشتہ روز سہ پہر ایک ٹریفک حادثہ پیش آیا، جس میں دو افراد زخمی ہو گئے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق ، ایک ٹرالہ یوٹرن لے رہا تھا کہ پیچھے سے آنے والا منی مزدا اس سے ٹکرا گیا۔ اسی دوران منی مزدا کے عقب سے آنے والی موٹر سائیکل بھی حادثے کا شکار ہو گئی۔

    تین گاڑیوں کے اس ٹکراؤ کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہو گئے، جنہیں ریسکیو ذرائع نے موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ٹی ایچ کیو ہسپتال احمد پور شرقیہ منتقل کر دیا۔

    زخمیوں کی تفصیل کے مطابق:اختر حسین ولد جند وڈا، عمر 38 سال، سکنہ مولا فرید آباد احمد پور ایسٹ، کے چہرے پر متعدد زخم آئے۔صفی اللہ ولد اللہ دتہ، عمر 29 سال، سکنہ خانبیلہ ضلع لیاقت پور، کے ماتھے پر چوٹیں آئی ہیں۔

    ریسکیو حکام نے بتایا کہ زخمیوں کی حالت مستحکم ہے اور انہیں ہسپتال میں مکمل طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور علاقے میں ٹریفک معمول کے مطابق بحال کر دی گئی ہے۔

  • اوچ شریف: گھریلو جھگڑا، خاتون نے مبینہ طور پر تیزاب پی لیا، حالت تشویشناک

    اوچ شریف: گھریلو جھگڑا، خاتون نے مبینہ طور پر تیزاب پی لیا، حالت تشویشناک

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان): اللہ ہو چوک ریلوے اسٹیشن کے قریب گھریلو جھگڑے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں شوہر سے تلخ کلامی کے بعد خاتون نے مبینہ طور پر واش کلینر یا تیزاب پی لیا۔

    واقعے کے فوری بعد خاتون کی حالت غیر ہو گئی اور وہ بے ہوش ہو کر گر پڑی۔ مقامی افراد نے فوری طور پر ریسکیو 1122 کو اطلاع دی۔

    ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچی اور متاثرہ خاتون 24 سالہ صغراں بی بی زوجہ اللہ دتہ کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد تشویشناک حالت میں ٹی ایچ کیو ہسپتال احمد پور شرقیہ منتقل کر دیا۔ وہاں اس کا علاج جاری ہے اور ڈاکٹروں کے مطابق اس کی حالت نازک ہے۔

    حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ گھریلو جھگڑوں کے دوران فوری طور پر قانونی اور طبی مدد حاصل کی جائے تاکہ ایسے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے۔

  • قصور:بہادر پورہ، مبینہ پولیس مقابلے میں ڈاکو اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک

    قصور:بہادر پورہ، مبینہ پولیس مقابلے میں ڈاکو اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک

    قصور (ڈسٹرکٹ رپورٹر،طارق نوید سندھو): بہادر پورہ کے قریب مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ایک مسلح ڈاکو اپنے ساتھیوں کی فائرنگ کا نشانہ بن کر ہلاک ہو گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق، ڈاکو لوٹ مار میں مصروف تھے کہ ایک شہری نے 15 پر کال کرکے پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر ڈاکوؤں کو روکنے کی کوشش کی تو انہوں نے فائرنگ کر دی۔

    مقامی ذرائع کے مطابق، ڈاکوؤں کی اپنی فائرنگ کے نتیجے میں ہی ایک ڈاکو موقع پر ہلاک ہو گیا۔ ہلاک ہونے والے ڈاکو کی شناخت اشتیاق عرف ببلی کے نام سے ہوئی ہے اور اس کی لاش ہسپتال منتقل کر دی گئی ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز بھی قصور میں دو مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران تین ڈاکو ہلاک ہو گئے تھے۔ دونوں طرفہ فائرنگ کے نتیجے میں تینوں ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے جان سے گئے تھے۔ ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں کی شناخت جبار، ذیشان اور علی رضا کے ناموں سے ہوئی تھی۔

    پولیس حکام نے بتایا کہ گرفتار ہونے والے یا ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں کے خلاف مقدمات درج ہیں اور علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔

  • کراچی:چھوٹے بچوں کے ساتھ بدفعلی و غلط حرکات کرنے والا ملزم گرفتار

    کراچی:چھوٹے بچوں کے ساتھ بدفعلی و غلط حرکات کرنے والا ملزم گرفتار

    کراچی:پولیس نے چھوٹے بچوں کے ساتھ بدفعلی و غلط حرکات کرنے والے ملزم کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔

    ترجمان ڈسٹرکٹ سٹی پولیس کے مطابق ملزم کو علاقہ تھانہ عیدگاہ کی حدود میں 12 سالہ بچے کے ساتھ بدفعلی کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا، گرفتار ملزم کی شناخت حیدر علی کے نام سے ہوئی ہےملزم نے اعتراف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ بچوں کو چیز کے بہانے بہلا پھسلا کر سنسان جگہ پر لیجا کر ان کے ساتھ بد فعلی کرتا تھا۔

    پولیس کے مطابق ملزم اب تک کئی بچوں کے ساتھ بد فعلی کرنے کا اعتراف کر چکا ہے جس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ دیگر قانونی کاروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔