Baaghi TV

Category: جرائم و حادثات

  • بااثر وڈیرے کے تشدد کا شکار اونٹنی علاج کیلئے کراچی منتقل

    بااثر وڈیرے کے تشدد کا شکار اونٹنی علاج کیلئے کراچی منتقل

    سندھ کے علاقے صالح پٹ میں مبینہ طور پر زمیندار نے اونٹ کے بچے کی ٹانگ کاٹ دی، پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دیں،جبکہ فصل کے نقصان پر بدترین تشدد کا شکار اونٹنی کو علاج کیلئے کراچی روانہ کردیا گیا۔

    چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل کے مطابق ابتدائی علاج کے بعد اونٹنی کو فوری کراچی روانہ کیا گیا ہے ،گزشتہ روز سکھر کی تحصیل صالح پٹ میں کھیت میں گھس کر پانی پینے پر بااثر وڈیرے نے مبینہ طور پر اونٹنی کی ٹانگ توڑ دی تھی۔

    اونٹنی کے مالک کے مطابق کھیت میں گھسنے پر زمیندار نے اونٹنی کو ٹریکٹر سے باندھ کر گھسیٹا، تشدد کے بعد اونٹنی کی ٹانگ توڑ دی اور منہ پر بھی ڈنڈے مارے گئے زخمی اونٹنی کا علاج کرانے اسپتال پہنچے تو ڈاکٹروں نے انکار کر دیا۔

    بھارت بیانیے کی جنگ بھی ہار گیا تھا، بھارتی اینکر کا اعتراف

    وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صالح پٹ میں اونٹنی کی ٹانگ توڑنے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ جانور کے ساتھ اس طرح کا سلوک کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا،وزیراعلیٰ سندھ نے چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل سکھر کمیل شاہ کو اونٹنی کا علاج کرانے کی ہدایت دی، سید کمیل شاہ نے اونٹنی کے مالک سے رابطہ کرتے ہوئے علاج کی یقین دہانی کرا دی ہے۔

    وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی جانب سے واقعے کا نوٹس لینے کے بعد پولیس نے اونٹنی کے مالک کی مدعیت میں واقعے کا مقدمہ درج کرلیاپولیس نے بتایا کہ مقدمے میں نامزد 3 ملزمان میں سے ایک کو گرفتار کرلیا گیا جب کہ دیگر 2 ملزمان کی گرفتاری کےلیے چھاپے مارے جار ہے ہیں، زخمی اونٹنی کو علاج کے لیے کراچی روانہ کر دیا گیا ہے، ابتدائی علاج کے بعد اونٹنی کو فوری کراچی بھیجا گیا۔

    بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور گرم رہنے کا امکان

    گزشتہ برس کیمیٰ نامی اونٹ کے ساتھ بھی ایسا ہی واقعہ پیش آیا تھا، جس کی ٹانگ سانگھڑ میں ایک زمیندار نے کاٹ دی تھی کیونکہ وہ چرنے کے لیے اُس کے کھیت میں آئی تھی،اونٹنی تقریباً 8 ماہ کی تھی جب اس کی ایک اگلی ٹانگ کاٹ دی گئی۔ زمیندار نے الزام لگایا تھا کہ اونٹ اُس کے کھیت میں چرنے آئی تھی،متعلقہ کیس میں چھ ملزمان کو پولیس نے گرفتار کیا تھا، جن میں زمیندار اور اُن کے ملازمین شامل تھے،سندھ حکومت اور مقامی سیاسی نمائندوں نے معاملے کا نوٹس لیا تھا اور اونٹنی کو بعد ازاں مصنوعی ٹانگ لگائی گئی تھی، جس سے وہ چلنے کے قابل بنی۔

  • 14 سالہ بچے سے زیادتی کرنے والا اوباش ملزم گرفتار

    14 سالہ بچے سے زیادتی کرنے والا اوباش ملزم گرفتار

    کاہور:پولیس نے 14 سالہ بچے سے زیادتی کرنے والے اوباش ملزم کو گرفتار کرلیا۔

    پولیس کے مطابق ملزم نے گھر سے پارک سیر کے لیے جانے والے لڑکے کو زبردستی گودام میں لے گیا اور زیادتی کا نشانہ بنایامصری شاہ پولیس نے اطلاع ملنے پر بروقت کاروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا، ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

    ایس پی سٹی بلال احمد نے اوباش ملزم کی بروقت گرفتاری پر ایس ایچ او مصری شاہ اور ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ بچوں پر تشدد اور جنسی استحصال کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔

    ادھرسیشن کورٹ نے ریپ کیس میں جناح اسپتال کے ڈاکٹر کو 14 سال کی سزا سنادی،عدالت نے ملزم ڈاکٹر عبدالرحمٰن کو چودہ سال قید اور تین لاکھ روپے جرمانے کی سزا کا حکم دے دیا، ایڈیشنل سیشن جج ظفر یاب چدھڑ نے کیس پر فیصلہ جاری کیا،ملزم کے خلاف 2024 میں تھانہ نواب ٹاؤن میں اینٹی ریپ ایکٹ کے تحت درج کیا گیا تھا۔

    تفتیشی افسر کے مطابق ملزم نے مشہور رشتہ ایپ کے ذریعے لڑکی کو ورغلایا اور شادی کا جھانسہ دے کر زیادتی کا نشانہ بنایاپراسیکیوٹر نے بتایا کہ عدالت میں ملزم کے خلاف بارہ گواہان پیش ہوئے، ملزم پر میڈیکل سے جرم ثابت ہےعدالت میں ڈپٹی ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر یاسمین کوثر نے ملزم کے خلاف شہادتیں پیش کیں، ملزم کے خلاف متاثرہ بچی کے بیان سے جرم ثابت ہے۔

  • گوجرہ: چوروں نے دو شہریوں کی موٹر سائیکلیں چرا لیں

    گوجرہ: چوروں نے دو شہریوں کی موٹر سائیکلیں چرا لیں

    گوجرہ (سٹی رپورٹر محمد اجمل)چوروں نے گوجرہ میں دو شہریوں کو موٹر سائیکلوں سے محروم کردیا۔ محلہ نیو پلاٹ کے محمد بوٹا اپنی موٹر سائیکل (نمبری AYV1398) چوک ملکانوالہ میں دکان کے باہر کھڑی کر کے خریداری میں مصروف تھے کہ چور موقع سے موٹر سائیکل لے اڑے۔

    اسی طرح محلہ گلشن اقبال کالونی کے ساجد مسیح کی موٹر سائیکل (نمبری FDO3785) بھی گھر کے باہر سے نامعلوم افراد چرا کر فرار ہوگئے۔

    سٹی پولیس گوجرہ نے دونوں واقعات پر الگ الگ مقدمات درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔

  • گوجرہ: تیز رفتار ڈالے کی ٹکر سے محنت کش جاں بحق، ڈرائیور فرار

    گوجرہ: تیز رفتار ڈالے کی ٹکر سے محنت کش جاں بحق، ڈرائیور فرار

    گوجرہ (سٹی رپورٹر محمد اجمل)ستیاں ضلع جھنگ کا رہائشی محنت کش عبدالغفور، جو گوجرہ میں زمیندار کے پاس ملازم تھا، گدھا ریڑھی پر مویشیوں کے لیے چارہ لینے جا رہا تھا کہ مین جھنگ روڈ پر تیز رفتار ڈالہ (نمبری CAQ7288) کی ٹکر سے شدید زخمی ہو کر موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔

    حادثے کے بعد ڈالہ ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔ اطلاع ملنے پر صدر پولیس گوجرہ نے لاش تحویل میں لے کر تحصیل ہیڈکوارٹرز اسپتال منتقل کی، پوسٹ مارٹم کے بعد نعش ورثا کے حوالے کر دی گئی اور ڈالہ قبضے میں لے کر ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی گئی۔

    مرحوم کی میت گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا اور ہر آنکھ اشکبار ہوگئی۔

  • بہاولپور: ساس بہو جھگڑے نے گھر کو اجاڑ دیا، بہو نے دو بچوں کو قتل کر کے خودکشی کر لی

    بہاولپور: ساس بہو جھگڑے نے گھر کو اجاڑ دیا، بہو نے دو بچوں کو قتل کر کے خودکشی کر لی

    بہاولپور (باغی ٹی وی،نامہ نگار حبیب خان) بہاولپور کے علاقے المکہ ٹاؤن میں ایک اندوہناک سانحہ پیش آیا، جہاں گھریلو جھگڑے نے ایک پورے خاندان کو تباہ کر دیا۔ 26 سالہ خاتون شہر بانو نے مبینہ طور پر اپنی ساس سے جھگڑے کے بعد اپنے دو ننھے بچوں کو گلا دبا کر قتل کر دیا اور بعدازاں پھندہ لگا کر اپنی زندگی بھی ختم کر لی۔ یہ دل دہلا دینے والا واقعہ 18 ستمبر 2025 کو پیش آیا۔

    عینی شاہدین کے مطابق شہر بانو کا اپنی ساس کے ساتھ معمولی نوعیت کے جھگڑے اکثر ہوتے رہتے تھے، تاہم بدھ کی شام جھگڑا شدت اختیار کر گیا۔ ساس کی ڈانٹ پر طیش میں آکر بہو نے کمرے میں خود کو بند کر لیا اور پہلے اپنی 3 سالہ بیٹی اور 2 سالہ بیٹے کو گلا دبا کر ہلاک کیا، اس کے بعد چھت پر جا کر پھندا لگا کر خودکشی کر لی۔

    اطلاع ملتے ہی تھانہ بغداد الجدید پولیس موقع پر پہنچ گئی، علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کیے اور لاشوں کو وکٹوریہ ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے ظاہر ہوتا ہے کہ گھریلو تنازعات اور ذہنی دباؤ اس المیے کی بنیادی وجہ ہیں۔ ڈی ایس پی بغداد الجدید نے میڈیا کو بتایا کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ اور خاندانی پس منظر کی چھان بین جاری ہے۔

    پولیس نے مقدمہ درج کر کے شوہر اور ساس سمیت خاندان کے دیگر افراد سے تفتیش شروع کر دی ہے۔ واقعے نے پورے علاقے کو سوگوار کر دیا ہے۔
    دوسری طرف مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ گھریلو جھگڑوں کو معمولی نہیں سمجھنا چاہیے، بروقت حل نہ نکلنے پر یہ جھگڑے بڑے سانحے میں بدل سکتے ہیں۔

  • گوجرہ :دو موٹر سائیکلیں چوری، دو بجلی چور گرفتار

    گوجرہ :دو موٹر سائیکلیں چوری، دو بجلی چور گرفتار

    گوجرہ(باغی ٹی وی،سٹی رپورٹرمحمداجمل خان)شہر میں چوری کی وارداتوں کا سلسلہ جاری ہے، جہاں دو الگ الگ واقعات میں شہریوں کی دو موٹر سائیکلیں چوری ہو گئیں۔ اس کے علاوہ، فیسکو ٹاسک فورس نے دو افراد کو بجلی چوری کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا ہے۔ پولیس نے تمام واقعات کا مقدمہ درج کر کے کارروائی شروع کر دی ہے۔

    پہلے واقعے میں، محلہ شریف پورہ کا رہائشی محمد اکبر اپنی موٹر سائیکل (نمبر FDK-5224) لے کر غلہ منڈی میں ایک دکان پر آیا۔ وہ موٹر سائیکل باہر کھڑی کر کے دکان کے اندر گیا اور جب واپس آیا تو موٹر سائیکل غائب تھی۔

    دوسرا واقعہ چک نمبر 279 ج ب میں پیش آیا، جہاں محمد علی نے اپنی موٹر سائیکل (نمبر ALP-6849) اپنے کلینک کے باہر کھڑی کی جو نامعلوم چور چرا کر لے گئے۔ تھانہ سٹی اور نواں لاہور پولیس نے دونوں واقعات کے الگ الگ مقدمات درج کر کے چوروں کی تلاش شروع کر دی ہے۔

    اسی دوران، فیسکو ٹاسک فورس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے دو بجلی چوروں کو گرفتار کر لیا۔ محلہ شہسوار ٹاؤن کے غلام عباس اور چک نمبر 373 ج ب کے ناصر علی میٹر سے براہ راست تاریں لگا کر بجلی چوری کر رہے تھے۔ فیسکو اہلکاروں نے موقع پر چھاپہ مار کر انہیں بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑا اور ان کے میٹر اتار لیے۔ دونوں ملزمان کے خلاف متعلقہ تھانوں میں مقدمات درج کر لیے گئے ہیں اور ان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

  • گوجرہ:جنگلی حیات کا تحفظ ،محکمہ وائلڈ لائف نے غیر قانونی کاروبار کرنے والے گرفتار کر لیے

    گوجرہ:جنگلی حیات کا تحفظ ،محکمہ وائلڈ لائف نے غیر قانونی کاروبار کرنے والے گرفتار کر لیے

    گوجرہ(باغی ٹی وی ،سٹی رپورٹرمحمداجمل خان)محکمہ وائلڈ لائف نے گوجرہ میں پرندوں کا غیر قانونی کاروبار کرنے والے تین افراد کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمات درج کر لیے۔ گرفتار ملزمان کو عدالت نے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ہے جبکہ ان کے قبضے سے برآمد ہونے والے پرندوں کو دوبارہ قدرتی ماحول میں چھوڑ دیا گیا ہے۔

    محکمہ وائلڈ لائف رینجر ٹوبہ ٹیک سنگھ کی ٹیم نے اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر عبدالرشید کی قیادت میں گوجرہ شہر میں پرندوں کی غیر قانونی خرید و فروخت کے اڈوں پر چھاپے مارے۔ اس دوران قمر مسیح، جارج مسیح، اور محمد رضوان نامی افراد کو غیر قانونی طور پر پرندوں کا کاروبار کرتے ہوئے پایا گیا۔ ان کے خلاف فوری طور پر قانونی کارروائی کی گئی۔

    ملزمان کو مقامی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں عدالت کے حکم پر انہیں جیل بھیج دیا گیا۔ محکمہ وائلڈ لائف نے کارروائی کے دوران برآمد ہونے والے مختلف پرندے، جن میں تیتر، بٹیر، فینسی طوطے، اور دیگر اقسام شامل تھیں، کو واپس فطرت میں آزاد کر دیا۔ یہ کارروائی جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے محکمہ وائلڈ لائف کی سنجیدگی کو ظاہر کرتی ہے۔

  • ٹھٹھہ : دو مختلف واقعات میں 4 افراد جاں بحق

    ٹھٹھہ : دو مختلف واقعات میں 4 افراد جاں بحق

    ٹھٹھہ(باغی ٹی وی ،ڈسٹرکٹ رپورٹربلاول سموں)ٹھٹھہ میں دو الگ الگ افسوسناک واقعات میں چار افراد، جن میں تین خواتین بھی شامل ہیں، اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

    گھارو کے علاقے میں ایک معمولی تکرار پر مالک کورائی نامی شخص نے اپنے بھائی انس کورائی پر چاقو سے پے در پے وار کر کے اسے شدید زخمی کر دیا۔ زخمی کو فوری طور پر گھارو رورل ہیلتھ سینٹر منتقل کیا گیا، لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کر دی ہے۔ پولیس کے مطابق قاتل بھائی جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا ہے۔

    دوسرا دلخراش واقعہ جھرک کے قریب پیش آیا، جہاں تالاب سے پانی بھرتے ہوئے ایک خاتون کا پاؤں پھسل گیا۔ اسے بچانے کے لیے دو مزید خواتین نے تالاب میں چھلانگ لگا دی، لیکن بدقسمتی سے تینوں ڈوب گئیں۔ ایک خاتون پٹھانی ببر موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی، جبکہ دوسری دو خواتین مہک اور غزالہ کو مقامی افراد نے تالاب سے باہر نکال کر کوٹری ہسپتال منتقل کیا، مگر وہ بھی جانبر نہ ہو سکیں۔ تینوں خواتین کی میتیں جب ان کے گاؤں پہنچیں تو علاقے میں کہرام مچ گیا اور ہر آنکھ اشکبار تھی

  • سعودی عرب میں انتقال کرنے والے نوجوان اعجاز احمد کی نماز جنازہ ادا کردی گئی

    سعودی عرب میں انتقال کرنے والے نوجوان اعجاز احمد کی نماز جنازہ ادا کردی گئی

    منڈی بہاوالدین(باغی ٹی وی،نامہ نگارافنان طالب)منڈی بہاوالدین سے تعلق رکھنے والے نوجوان اعجاز احمد کی نماز جنازہ ان کے آبائی گاؤں سیویہ شریف میں ادا کردی گئی، جو سعودی عرب میں انتقال کر گئے تھے۔ نماز جنازہ میں اہل علاقہ اور دوست احباب کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

    تفصیلات کے مطابق اعجاز احمد ولد حاجی محمد اسلم رحمانی جو سعودی عرب میں انتقال کر گئے تھے، ان کی میت پاکستان منتقل کی گئی۔ ان کا نماز جنازہ 17 ستمبر 2025 کو بعد نماز مغرب ادا کیا گیا۔ نماز جنازہ میں ان کے ماموں یاسر اقبال رحمانی، بھائی ریاض احمد رحمانی اور قریبی دوستوں سمیت کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ بیرون ملک مقیم دوستوں نے بھی اعجاز احمد کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

    نماز جنازہ کے بعد اعجاز احمد کی میت کو آبائی قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا۔ اس موقع پر غمزدہ خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا گیا اور مرحوم کی مغفرت اور بلند درجات کے لیے دعا کی گئی۔

  • بہاولپور کے قریب موٹروے پر دلخراش حادثہ، باپ بیٹا جاں بحق

    بہاولپور کے قریب موٹروے پر دلخراش حادثہ، باپ بیٹا جاں بحق

    اوچ شریف(باغی ٹی وی ،نامہ نگارحبیب خان) بہاولپور کے قریب نیشنل ہائی وے پر مسافر خانہ کے مقام پر ایک المناک ٹریفک حادثے میں باپ اور بیٹے کی جان چلی گئی۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک تیز رفتار ٹریلر نے موٹر سائیکل کو پیچھے سے ٹکر مار دی۔

    تفصیلات کے مطابق ریسکیو ذرائع نے بتایا ہے کہ عبدالحمید (عمر 70 سال) اور ان کے بیٹے محمد جمشید (عمر 30 سال) موٹر بائیک پر بہاولپور سے احمد پور کی جانب جا رہے تھے۔ اسی دوران پیچھے سے آنے والے ایک تیز رفتار ٹریلر نے انہیں کچل دیا، جس کے نتیجے میں دونوں کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔

    موٹروے پولیس کے مطابق حادثے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ دونوں لاشیں شدید زخمی حالت میں پائی گئیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے فوری طور پر جائے وقوع پر پہنچ کر وائٹل سائنز چیک کیے جو کہ موجود نہیں تھے۔

    جاں بحق ہونے والے باپ بیٹے کا تعلق احمد پور شرقیہ کے موضع ٹبی ہوت سے تھا۔ پولیس نے حادثے کی جگہ پر پہنچ کر مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔