Baaghi TV

Category: جرائم و حادثات

  • شوہر کو آشنا کے ساتھ مل کر قتل کرنے والی بیوی سمیت دو ملزمان گرفتار

    شوہر کو آشنا کے ساتھ مل کر قتل کرنے والی بیوی سمیت دو ملزمان گرفتار

    اسلام آباد کے تھانہ سمبل کی حدود میں ایک خوفناک قتل کے کیس میں پولیس نے اہم پیشرفت کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے، جن میں مقتول کی اپنی ہی بیوی بھی شامل ہے۔

    تفصیلات کے مطابق، مقتول تنویر انجم کو تیز دھار آلے سے وار کرکے قتل کیا گیا تھا۔ واقعے کی خبر ملتے ہی ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق نے فوری نوٹس لیتے ہوئے واقعہ کی تحقیقات کے احکامات جاری کیے۔ اس سلسلے میں ایس پی صدر زون کی نگرانی میں پولیس ٹیم نے جدید تکنیکی اور سائنسی طریقہ کار کے ذریعے تفتیش کا آغاز کیا۔تحقیقات کے دوران پولیس نے نہ صرف مقتول کی بیوی بلکہ اس کے آشنا کو بھی اس قتل میں ملوث ہونے کے ثبوت کے ساتھ گرفتار کیا ہے۔ دونوں ملزمان کو قانون کے مطابق سخت سزا دلوانے کے لئے ٹھوس شواہد کے ساتھ عدالت میں چالان کیا جائے گا۔ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق نے کہا ہے کہ پولیس کسی بھی قیمت پر قانون شکنی کو برداشت نہیں کرے گی اور ایسے سنگین جرائم کے مرتکب افراد کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دلوانا ان کی اولین ترجیح ہے۔

  • 13 کروڑ روپے کی ڈکیتی،ملوث ٹک ٹاکر سمیت 2 ملزمان کی ضمانت منظور

    13 کروڑ روپے کی ڈکیتی،ملوث ٹک ٹاکر سمیت 2 ملزمان کی ضمانت منظور

    کراچی کے پوش علاقے پی ای سی ایچ ایس میں ہونے والی 13 کروڑ روپے کی ڈکیتی کے کیس میں گرفتار چار ملزمان میں سے دو کی ضمانت منظور کرلی گئی ہے، جن میں ایک معروف ٹک ٹاکر بھی شامل ہے، جبکہ دیگر دو ملزمان کی درخواست ضمانت عدالت نے مسترد کردی۔

    ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شرقی نے کیس کی سماعت کرتے ہوئے محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا۔ عدالت نے ملزمان شہروز اور ٹک ٹاکر نمرہ کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے دونوں کو ایک ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔ دوسری جانب عدالت نے ٹک ٹاکر یسریٰ اور اس کے بھائی شہریار کی درخواست ضمانت مسترد کردی، جس کے بعد دونوں کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا ہے۔استغاثہ کے مطابق ملزمہ یسریٰ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بطور ٹک ٹاکر اور انسٹاگرام انفلوئنسر فعال تھی اور عوامی شہرت رکھتی ہے۔ اس کے ہمراہ دیگر ملزمان پر الزام ہے کہ انہوں نے ایک مقامی تاجر کے گھر میں گھس کر کروڑوں روپے کی نقدی، زیورات اور قیمتی اشیاء لوٹیں۔

    یاد رہے کہ یہ بڑی ڈکیتی 26 جون کی رات کراچی کے علاقے پی ای سی ایچ ایس میں پیش آئی تھی، جہاں مبینہ طور پر چار افراد نے ایک تاجر کے گھر میں داخل ہو کر اسلحے کے زور پر 13 کروڑ روپے مالیت کی ڈکیتی کی تھی۔ واقعے کے فوراً بعد متاثرہ خاندان کی جانب سے تھانہ فیروز آباد میں مقدمہ درج کروایا گیا۔پولیس نے بعد ازاں مختلف شواہد اور سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے ملزمان کو گرفتار کیا، جن میں سوشل میڈیا پر فعال دو خواتین بھی شامل تھیں۔

  • ٹک ٹاکر سامعہ حجاب کو دھمکیاں دینے والا گرفتار

    ٹک ٹاکر سامعہ حجاب کو دھمکیاں دینے والا گرفتار

    اسلام آباد پولیس نے معروف ٹک ٹاکر سامعہ حجاب کو مبینہ طور پر ہراساں کرنے، اغوا اور قتل کی دھمکیاں دینے کے الزام میں حسن زاہد نامی شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔

    پولیس نے یہ کارروائی سامعہ کی شکایت اور اس کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری کیے گئے ویڈیو بیان کے بعد کی۔پولیس ترجمان کے مطابق ملزم کے خلاف تھانہ شالیمار میں پاکستان پینل کوڈ کی متعدد دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے، جن میں دفعہ 354 (خواتین کی عزت مجروح کرنے کی نیت سے حملہ یا زبردستی)، 365 (اغوا)، 392 (ڈکیتی کی سزا)، 500 (ہتکِ عزت)، 509 (ہراسانی) اور 511 (ناکام مجرمانہ کوشش) شامل ہیں۔

    سوشل میڈیا پر جاری کیے گئے ویڈیو بیان میں سامعہ حجاب نے دعویٰ کیا کہ حسن زاہد کئی روز سے اس کا پیچھا کر رہا تھا اور بار بار تحائف دے کر اسے دباؤ میں لانے کی کوشش کرتا رہا۔ سامعہ کے مطابق، ملزم نے اسے شادی کی پیشکش کی، اور انکار پر اس نے ہراساں کرنا شروع کر دیا۔”ملزم میرے گھر تک پہنچ گیا، گھنٹی بجائی، اور دروازہ کھلنے پر مجھے زبردستی ساتھ چلنے کو کہا۔ اس دوران وہ میرا فون چھین کر گاڑی میں بیٹھ گیا، اور جب میں نے فون واپس لینے کی کوشش کی تو اس نے مجھے ہراساں کیا اور اغوا کی کوشش بھی کی،” سامعہ نے ویڈیو میں کہا۔اس نے مزید انکشاف کیا کہ ملزم نے واضح طور پر دھمکی دی تھی کہ اگر شادی سے انکار کیا تو وہ اسے قتل کر دے گا۔

    اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ سامعہ حجاب کی شکایت پر فوری کارروائی کی گئی اور ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق، ملزم کے خلاف ٹھوس شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں، اور تفتیش کے دوران مزید انکشافات کی توقع ہے۔

    سوشل میڈیا پر اس واقعے کے خلاف شدید ردعمل دیکھنے میں آ رہا ہے، جہاں صارفین سامعہ حجاب کے حق میں آواز بلند کر رہے ہیں اور ملزم کو قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ کئی صارفین نے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ خواتین کو ہراساں کرنے والے افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔

  • ٹوبہ ٹیک سنگھ:سیلاب متاثرین میں امدادی سامان کی تقسیم

    ٹوبہ ٹیک سنگھ:سیلاب متاثرین میں امدادی سامان کی تقسیم

    گوجرہ(باغی ٹی وی سٹی رپورٹراجمل خان) ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ نعیم احمد سندھو کی ہدایت پر ضلع کی تحصیلوں پیر محل اور کمالیہ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر رانا کاشف نثار اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد شبیر ملک نے اپنی ٹیموں کے ساتھ فلاحی اداروں کے تعاون سے سیلاب زدگان میں کھانا اور پانی تقسیم کیا۔

    متاثرہ علاقوں میں سندھیلیاں والی، اڈا بھسی، موضع ڈھیڈھی والا، موضع درگاہ پور، مائی صفورا، موضع کوٹ کرم شاہ، موضع شاہ پور، تارا حویلی اور مل فتیانہ شامل ہیں۔ تقریباً 600 افراد میں منرل واٹر، دوپہر اور رات کا کھانا تقسیم کیا گیا۔

    حکام کا کہنا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور ان کی مدد کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

  • اوکاڑہ:دریائے راوی میں ریسکیو 1122 کی کامیاب اپریشن

    اوکاڑہ:دریائے راوی میں ریسکیو 1122 کی کامیاب اپریشن

    اوکاڑہ(نامہ نگارملک ظفر کی رپورٹ) دریائے راوی میں انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کے دوران ریسکیو 1122 کی جانب سے امدادی کارروائیاں بھرپور انداز میں جاری ہیں۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ظفر اقبال کے مطابق، ریسکیو ٹیموں نے دن بھر کی کارروائیوں میں 189 افراد اور 30 چھوٹے جانوروں کو سیلاب زدہ علاقوں سے محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔

    امدادی کارروائیوں میں 50 اہلکاروں پر مشتمل ٹیمیں 4 مختلف مقامات پر 10 کشتیوں کی مدد سے کام کر رہی ہیں۔ اب تک کل 568 سیلاب متاثرین اور 352 چھوٹے جانوروں کو بچایا جا چکا ہے۔ ریسکیو کی ٹیمیں خواتین، بچوں اور بزرگوں کی منتقلی کو یقینی بنا رہی ہیں۔

    اہلکاروں کی جانب سے دن بھر 189 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔ ان میں خواتین، بچے اور بزرگ شامل تھے۔ اس کے علاوہ، 30 چھوٹے جانوروں کو بھی بحفاظت سیلاب سے متاثرہ علاقوں سے نکال لیا گیا۔

    ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نے عوام سے اپیل کی ہے کہ موجودہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو ٹیموں کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں تاکہ کسی بھی قسم کے نقصان سے بچا جا سکے۔

  • ڈیرہ:تھانہ چوٹی پولیس کی فوری کارروائی: 8 سالہ بچی سے زیادتی کی کوشش کرنے والا ملزم گرفتار

    ڈیرہ:تھانہ چوٹی پولیس کی فوری کارروائی: 8 سالہ بچی سے زیادتی کی کوشش کرنے والا ملزم گرفتار

    ڈیرہ غازی خان(باغی ٹی وی،نیوز رپورٹرشاہدخان)ڈیرہ غازی خان میں پولیس نے ایک قابلِ ستائش کارروائی کرتے ہوئے 8 سالہ بچی سے زیادتی کی کوشش کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس نے اس گھناؤنے جرم کی اطلاع ملتے ہی فوری طور پر حرکت میں آ کر جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ملزم کو ٹریس کیا۔

    یہ افسوس ناک واقعہ چوٹی زرین کے علاقے میں پیش آیا، جہاں ایک ریڑھی والا اپنی دکان پر آنے والی بچی کے ساتھ نازیبا حرکت کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ بچی کے شور مچانے پر آس پاس کے لوگوں نے پولیس کو اطلاع دی، جس پر تھانہ چوٹی پولیس نے بغیر کسی تاخیر کے کارروائی کا آغاز کر دیا۔

    پولیس کی فوری اور مؤثر تفتیش کے نتیجے میں، ملزم کو جلد ہی گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے اور مزید کارروائی جاری ہے۔

    اس حوالے سے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ غازی خان، طارق ولایت، نے کہا کہ ایسے گھناؤنے جرائم کسی بھی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پولیس بچوں اور خواتین کے تحفظ کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گی اور ملزم کو سخت سزا دی جائے گی تاکہ مستقبل میں کوئی ایسی حرکت کرنے کی جرات نہ کرے۔

  • ننکانہ صاحب: ڈی ایچ کیو ہسپتال انفیکشس ویسٹ کا ڈمپنگ پوائنٹ بن گیا

    ننکانہ صاحب: ڈی ایچ کیو ہسپتال انفیکشس ویسٹ کا ڈمپنگ پوائنٹ بن گیا

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز)ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ننکانہ صاحب میں ویسٹ مینجمنٹ کے سنگین مسائل نے مریضوں، ہیلتھ ملازمین اور قریبی آبادی کی زندگیوں کو شدید خطرات میں ڈال دیا ہے۔ ہسپتال انفیکشس ویسٹ کا ڈمپنگ پوائنٹ بن چکا ہے جہاں ایس او پیز کو یکسر نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ صورتحال اس قدر تشویشناک ہے کہ لاہور کے بڑے ہسپتالوں کا انفیکشن ویسٹ بھی ننکانہ صاحب ڈی ایچ کیو لا کر جلایا جا رہا ہے، جس کے دھوئیں اور بدبو نے ماحول کو شدید آلودہ کر دیا ہے۔

    ہسپتال ذرائع کے مطابق ارار انوویشن ویسٹ مینجمنٹ کمپنی گزشتہ ایک ماہ سے ییلو بیگ فراہم کرنے میں ناکام ہے، جس کے باعث انفیکشن ویسٹ ہسپتال کے اندر دو سے تین دن تک جمع رہتا ہے۔ اگست کے آغاز میں ویسٹ تلف تو کیا گیا تھا، لیکن ویسٹ روم اب بھی مکمل طور پر بھر چکا ہے۔ اس تعفن اور بدبو کے باعث ہسپتال کی رہائشی کالونی میں مقیم ملازمین اور ان کے اہل خانہ ذہنی و جسمانی اذیت میں مبتلا ہیں۔

    قانونی ایس او پیز کے مطابق ویسٹ کی بروقت لفٹنگ اور تلفی لازمی ہے لیکن نہ تو بیگز بروقت فراہم کیے جا رہے ہیں، نہ ہی ویسٹ کو عالمی معیار کے مطابق جلایا جا رہا ہے۔ ملازمین کا کہنا ہے کہ کمپنی اپنے ورکرز کو ہراساں کرتی ہے اور جو بھی خلاف ورزی کی نشاندہی کرے اسے برخاست کر دیا جاتا ہے۔

    سب سے تشویشناک پہلو یہ ہے کہ ویسٹ اسٹوریج روم سے چند فرلانگ کے فاصلے پر سی ای او ہیلتھ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کے دفاتر و رہائش گاہیں، ایم ایس ہسپتال کی رہائش اور انچارج آئی آر ایم این سی ایچ کا دفتر بھی موجود ہے۔ باوجود اس کے، حکام کی خاموشی ان کی کارکردگی پر بڑا سوالیہ نشان ہے۔

    شہریوں اور ہیلتھ ملازمین نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، سیکرٹری صحت نادیہ ثاقب، صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر اور ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ سے فوری نوٹس لینے اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

  • کراچی :سی ٹی ڈی  اور حساس اداروں کی مشترکہ کارروائی،دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا

    کراچی :سی ٹی ڈی اور حساس اداروں کی مشترکہ کارروائی،دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا

    محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) اور حساس اداروں نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے شہر میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا۔

    سی ٹی ڈی کے مطابق کارروائیاں منگھوپیر اور کشمیر روڈ کے علاقوں میں کی گئیں جن کے دوران مختلف کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے 5 شدت پسندوں کو گرفتار کیا گیا گرفتار ملزمان میں تحریک طالبان پاکستان کے اللہ نور اور سرفراز شامل ہیں جبکہ سلیم، جہانزیب اور امداداللہ القاعدہ برصغیر کے رکن نکلے۔

    سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق دہشت گرد پڑوسی ملک میں عسکری تربیت حاصل کرچکے تھے اور کراچی میں تخریبی کارروائیوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں غیر قانونی اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرلیے گئے ہیں اور مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ ان کے دیگر سہولت کاروں اور نیٹ ورک تک پہنچا جا سکے۔

    پہلی ترجیح انسانی جانوں، مویشیوں اور بیراجوں کی حفاظت ہے،شرجیل میمن

    سیلاب متاثرین کی مدد: کے پی حکومت نے وفاق سے تعاون مانگ لیا

    پنجاب :مون سون کے نویں اسپیل نے بہت تباہی مچائی،24 گھنٹوں میں مزید خطرہ

  • گوجرانوالہ:موٹرسائیکل چوری کے خلاف بڑی کارروائی، 7 گروہوں کے 16 ملزمان گرفتار

    گوجرانوالہ:موٹرسائیکل چوری کے خلاف بڑی کارروائی، 7 گروہوں کے 16 ملزمان گرفتار

    گوجرانوالہ(نامہ نگار،محمدرمضان نوشاہی) گوجرانوالہ کی اینٹی وہیکل لفٹنگ سٹاف (AVLS) پولیس نے ماہِ اگست کے دوران موٹرسائیکل چوروں کے خلاف ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے 7 گروہوں کے 16 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔

    پولیس نے گرفتار ملزمان کے قبضے سے 42 موٹرسائیکلیں، 3 لاکھ روپے نقدی، 3 موبائل فونز، اور ناجائز اسلحہ برآمد کیا ہے۔ ڈی ایس پی اے وی ایل ایس طارق محمود کی زیرِ نگرانی ٹیموں نے جدید سائنسی طریقہ کار اور سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ان ملزمان کا سراغ لگایا۔ گرفتار ملزمان اور ان سے برآمد ہونے والا مالِ مسروقہ متعلقہ تھانوں کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

    اس موقع پر، سی پی او محمد ایاز سلیم نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پولیس سماج دشمن عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹے گی تاکہ شہریوں کو ایک پرامن ماحول فراہم کیا جا سکے۔

  • اوکاڑہ : دریائے ستلج کا 27 سالہ سیلاب کا ریکارڈ ٹوٹنے کا خدشہ، بڑے ریلے سے تباہی کا خطرہ

    اوکاڑہ : دریائے ستلج کا 27 سالہ سیلاب کا ریکارڈ ٹوٹنے کا خدشہ، بڑے ریلے سے تباہی کا خطرہ

    اوکاڑہ(نامہ نگارملک ظفر) دریائے ستلج میں بھارت کی جانب سے آبی جارحیت کے نتیجے میں پانی کا بہاؤ خطرناک حد تک بڑھ گیا ہے، جس سے 27 سالہ سیلاب کا ریکارڈ ٹوٹنے کا خدشہ ہے۔ ذرائع کے مطابق، دریائے ستلج میں پانی کا بہاؤ 1 لاکھ 38 ہزار کیوسک سے تجاوز کر چکا ہے اور مسلسل بلند ہو رہا ہے۔

    پانی کا یہ بڑا سیلابی ریلا تباہی مچاتا ہوا ہیڈ سلیمانکی کی جانب بڑھ رہا ہے۔ یاد رہے کہ 1998 میں ہیڈ سلیمانکی سے 3 لاکھ 20 ہزار کیوسک اور 1988 میں 4 لاکھ کیوسک کا ریلا گزرا تھا۔ موجودہ صورتحال کے پیش نظر، ہیڈ سلیمانکی پر ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے اور دھرنگہ بند میں شگاف پڑنے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔

    اوکاڑہ کی ضلعی انتظامیہ تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لاتے ہوئے امدادی کارروائیوں میں مصروف ہے۔ پاکستان رینجرز، پولیس اور ریسکیو اہلکار ہائی الرٹ پر ہیں۔ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں مزید پولیس نفری طلب کر لی گئی ہے۔

    ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر چوہدری ظفر اقبال کی قیادت میں ریسکیو ٹیمیں سیلاب میں پھنسے ہوئے لوگوں اور ان کے مال مویشیوں کو کشتیوں کے ذریعے محفوظ مقامات پر منتقل کر رہی ہیں۔

    محکمہ صحت، سول ڈیفنس، اور محکمہ لائیو سٹاک بھی متاثرہ افراد کی بھرپور امداد میں مصروف ہیں۔ سیلاب سے بچاؤ کے اعلانات کے ذریعے عوام سے محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی مسلسل اپیل کی جا رہی ہے۔