Baaghi TV

Category: جرائم و حادثات

  • رحیم یار خان: کچے کے ڈاکوؤں کا پولیس چوکی پر حملہ، 5 ایلیٹ اہلکار شہید، ایک ڈاکو ہلاک، آئی جی پنجاب کا نوٹس

    رحیم یار خان: کچے کے ڈاکوؤں کا پولیس چوکی پر حملہ، 5 ایلیٹ اہلکار شہید، ایک ڈاکو ہلاک، آئی جی پنجاب کا نوٹس

    رحیم یار خان (باغی ٹی وی) صادق آباد کے علاقے ماہی چوک کے قریب واقع شیخانی پولیس چوکی پر کچے کے درجنوں ڈاکوؤں نے رات کی تاریکی میں راکٹ لانچرز اور جدید اسلحے سے حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں ایلیٹ فورس کے 5 اہلکار شہید جبکہ 2 زخمی ہو گئے۔ فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو بھی ہلاک ہو گیا۔ شہید اہلکاروں کی شناخت محمد عرفان، محمد سلیم، خلیل احمد، غضنفر عباس اور نخیل حسین کے نام سے ہوئی ہے۔

    پولیس ترجمان کے مطابق شہید ہونے والے 3 اہلکاروں کا تعلق بہاول نگر جبکہ 2 کا تعلق رحیم یار خان سے ہے۔ یہ تمام اہلکار گزشتہ 6 ماہ سے کچے کے علاقے میں ڈیوٹی سرانجام دے رہے تھے۔ شہدا کی تدفین مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ کی جائے گی۔

    واقعے کی اطلاع ملنے پر ڈی پی او عرفان علی سموں پولیس نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچے اور جوابی کارروائی کی قیادت کی۔ پولیس کے مطابق ڈاکوؤں کا تعاقب جاری ہے اور علاقے میں سرچ آپریشن مزید تیز کر دیا گیا ہے۔

    آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے آر پی او بہاولپور سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ انہوں نے ڈی پی او رحیم یار خان کو فائرنگ میں ملوث تمام ڈاکوؤں کی فوری گرفتاری کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب پولیس اپنے شہدا کے خون کو رائیگاں نہیں جانے دے گی۔

    آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ بزدلانہ حملے سے پولیس کا مورال پست نہیں ہوگا، بلکہ ان قربانیوں سے ہمارے عزم کو مزید تقویت ملتی ہے۔ انہوں نے شہید اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ریاست دشمن عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا اور کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن بھرپور طاقت کے ساتھ جاری رہے گا۔

    پولیس ترجمان کے مطابق حملہ انتہائی منظم طریقے سے کیا گیا اور ڈاکو راکٹ لانچر اور خودکار ہتھیاروں سے لیس تھے۔ تاہم پولیس جوانوں نے بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے ایک ڈاکو کو مار گرایا اور دیگر کی تلاش جاری ہے۔

    علاقے میں صورتحال تاحال کشیدہ ہے جبکہ پولیس کی بھاری نفری موقع پر موجود ہے۔ مقامی افراد نے بھی شہید اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے حکومتی سطح پر سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

  • خواتین کو تصاویر، ویڈیوز سے بلیک میل اور ہراساں کرنے میں ملوث ملزم گرفتار

    خواتین کو تصاویر، ویڈیوز سے بلیک میل اور ہراساں کرنے میں ملوث ملزم گرفتار

    نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے)نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں خواتین کی تصاویر اور ویڈیوز میں ترمیم کر کے انہیں بلیک میل اور ہراساں کرنے میں ملوث ملزم گرفتار کرلیا۔

    نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی اسلام آباد نے ایک بڑی کارروائی کے دوران خواتین کو ہراساں اور بلیک میل کرنے میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا،گرفتار ملزم اسد شیراز پر الزام ہے کہ اس نے بدنیتی سے شکایت کنندہ اور اُس کی بہن کی تصاویر اور ویڈیوز میں جعلی انداز میں ترمیم کی اور انہیں ٹک ٹاک اور واٹس ایپ جیسے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پھیلایا، ملزم متاثرہ خاتون اور اُس کے اہلِ خانہ کو مسلسل بلیک میل اور ہراساں کرتا رہا۔

    این سی سی آئی اے نے کارروائی کرتے ہوئے جی-10 اسلام آباد میں چھاپہ مار کر ملزم کو گرفتار کر کے ملزم کے خلاف پیکا ایکٹ سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، ملزم سے تفتیش شروع کردی گی ہے ایسے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل جاری رکھا جائے گا-

    ادھرمحکمہ انسداد منشیات روہڑی سرکل نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے کوئٹہ سے کراچی آنے والی مسافر وین میں سوار مسافر سے لاکھوں روپے مالیت کی ڈیڑھ کلو آئس برآمد کرلیروہڑی میں سینٹرل جیل روڈ پر کوئٹہ سے کراچی جانے والی مسافر وین پر چھاپہ مارا ملزم صدام حسین کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    سندھ رینجرز اورپولیس کی مشترکہ کارروائی: مال بردار ٹرکوں کو لوٹنے اور ڈرائیورز کو اغوا کرنے میں ملوث 6 ملزمان گرفتار

    اس سے قبل گزشتہ روز محکمہ انسداد منشیات نے 2 خواتین سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کی اعلیٰ معیار کی 30 کلوگرام چرس برآمد کی تھی، ملزمان سے منشیات اسمگلنگ میں استعمال ہونے والی کار بھی ضبط کی گئی تھی،وزیر ایکسائز مکیش کمار چاؤلہ نے کہا ہے کہ سندھ کے تمام سرحدی راستوں پر مزید سخت نگرانی کی جائے، خفیہ معلومات کے نیٹ ورک کو بھی مزید فعال کیا جائے۔

    پی ٹی آئی کا ایوان بائیکاٹ یا نظام کا بائیکاٹ؟ فیصلہ عمران خان کی ہدایت پر ہوگا،گوہر

  • سندھ رینجرز اورپولیس کی مشترکہ کارروائی: مال بردار ٹرکوں کو لوٹنے اور ڈرائیورز کو اغوا کرنے میں ملوث 6 ملزمان گرفتار

    سندھ رینجرز اورپولیس کی مشترکہ کارروائی: مال بردار ٹرکوں کو لوٹنے اور ڈرائیورز کو اغوا کرنے میں ملوث 6 ملزمان گرفتار

    سندھ رینجرز اور ملیر پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے مبینہ طور پر کراچی میں مال بردار ٹرکوں سے سامان چوری کرنے اور ٹرک ڈرائیورز کو اغوا کرنے میں ملوث 6 مشتبہ ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

    سندھ رینجرز کے جاری کردہ بیان کے مطابق پاکستان رینجرز (سندھ) اور پولیس نے خفیہ انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کراچی کے علاقے کورنگی میں مشترکہ آپریشن کیا،آپریشن کے دوران بین الاقوامی منشیات اسمگلنگ میں ملوث 6 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، ان میں عرفان عرف عرفان اللہ شامل ہے، جو افغان شہری اور اس نیٹ ورک کا کلیدی رکن ہے، اس سال وہ بین الاضلاعی بسوں اور ٹرکوں کے ذریعے ملک کے مختلف حصوں میں منشیات منتقل کر رہا تھا۔

    ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق گزشتہ کئی مہینوں سے ملزمان کراچی سے دیگر شہروں کو جانے والے کارگو ٹرکوں کو لوٹتے، ڈرائیورز کو اغوا کرتے اور انہیں نامعلوم مقام پر منتقل کر دیتے تھےملزمان پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ وہ ٹرکوں سے سامان چوری کرنے کے بعد وہ ان گاڑیوں کو کراچی کے سنسان علاقوں میں چھوڑ دیتے تھےقانون نافذ کرنے والے اداروں نے آپریشن کے دوران 308 , 308 نشہ آور گولیاں، 3 ڈیجیٹل ترازو، گنتی کرنے والی مشین، 2 موبائل فونز، اسمگلنگ میں استعمال ہونے والے 3 شناختی کارڈز، اور جدید اسلحہ برآمد کیا،ملزمان 20 سے 25 افراد پر مشتمل گروہ کا حصہ ہیں، گرفتار ملزمان کراچی کے مختلف تھانوں میں درج مقدمات میں مطلوب تھے، انہیں مزید تفتیش کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

  • علی پور: آوارہ کتوں کا بھیڑوں کے ریوڑ پر حملہ، دو بھیڑیں ہلاک، دو افراد گرفتار

    علی پور: آوارہ کتوں کا بھیڑوں کے ریوڑ پر حملہ، دو بھیڑیں ہلاک، دو افراد گرفتار

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) مظفرگرھ کی تحصیل علی پور شہر اور اس کے نواحی علاقے کندائی میں آوارہ کتوں کی بھرمار خطرناک صورت اختیار کر گئی ہے۔ حالیہ واقعے میں ایک خونخوار آوارہ کتے نے غریب شخص کے بھیڑوں کے ریوڑ پر حملہ کر کے پانچ بھیڑوں کو شدید زخمی کر دیا، جن میں سے دو موقع پر ہی دم توڑ گئیں۔

    عینی شاہدین کے مطابق علی پور کے مختلف علاقوں میں آوارہ کتے شہریوں اور مال مویشیوں کے لیے مستقل خطرہ بن چکے ہیں، خاص طور پر رات کے وقت یہ کتے راہگیروں اور جانوروں پر حملہ آور ہو جاتے ہیں۔ مقامی انتظامیہ کی جانب سے آوارہ کتوں کے خلاف مؤثر کارروائی نہ ہونے پر شہریوں میں شدید اضطراب پایا جاتا ہے۔

    پولیس کے مطابق کندائی کے علاقے میں پیش آنے والے واقعے کے بعد فوری کارروائی کرتے ہوئے کتے کے دو مبینہ مالکان کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور ان کے خلاف تھانہ کندائی میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ حملہ آور کتے کو تلف کر دیا گیا ہے جبکہ بھیڑوں کے مالک کو پہنچنے والے مالی نقصان کا بھی ازالہ کروا دیا گیا ہے۔

    اہل علاقہ نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ آوارہ کتوں کے خلاف بھرپور آپریشن کیا جائے تاکہ شہریوں اور مویشیوں کی جان و مال کو محفوظ بنایا جا سکے۔

  • نارنگ منڈی: سودی کاروبار عروج پر، سادہ لوح عوام کا معاشی استحصال، پولیس و ادارے خاموش

    نارنگ منڈی: سودی کاروبار عروج پر، سادہ لوح عوام کا معاشی استحصال، پولیس و ادارے خاموش

    نارنگ منڈی (باغی ٹی وی،نامہ نگار محمد وقاص قمر) نارنگ منڈی اور گردونواح میں سودی کاروبار کھلے عام جاری ہے، جبکہ پولیس اور سیکیورٹی ادارے مکمل خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔ قرآن و حدیث میں سود کی سخت ترین وعید کے باوجود گلی محلوں میں یہ مکروہ دھندہ پوری ڈھٹائی سے جاری ہے، جہاں سادہ لوح، غربت سے پریشان شہریوں کو سبز باغ دکھا کر پہلے قرضہ دیا جاتا ہے اور پھر سود کی بھاری قسطوں کی صورت میں ان کا جینا دوبھر کر دیا جاتا ہے۔

    شہریوں کا کہنا ہے کہ کئی خاندان سود کی دلدل میں اس قدر پھنس چکے ہیں کہ اپنے گھر بار تک فروخت کر بیٹھے، لیکن پھر بھی سود سے نجات نہیں مل سکی۔ اللہ تعالیٰ نے سودی کاروبار کرنے والے کو اپنے مدمقابل قرار دیا ہے، مگر اس کے باوجود علاقے میں جگہ جگہ نجی اداروں اور ذاتی ڈیرے قائم کر کے یہ غلیظ کاروبار جاری ہے، جو دین، انسانیت اور ملکی قانون کی صریح خلاف ورزی ہے۔

    مقامی لوگوں نے انکشاف کیا ہے کہ یہ سود خور مافیاز مہذب لباس، میٹھی زبان اور جعلی ہمدردی کے ذریعے غربت زدہ خاندانوں کو اپنے جال میں پھنسا لیتے ہیں اور پھر ان کی پوری زندگی کا چین چھین لیتے ہیں۔ افسوسناک امر یہ ہے کہ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے ان سرگرمیوں سے باخبر ہونے کے باوجود آنکھیں بند کیے ہوئے ہیں، جس سے سود خوروں کو مزید شہہ مل رہی ہے۔

    اہل علاقہ نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر شیخوپورہ بلال ظفر شیخ، مذہبی و سماجی جماعتوں اور حکومت پنجاب سے اپیل کی ہے کہ فوری نوٹس لیا جائے، سودی کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے، اور غریب عوام کو اس معاشی ظلم سے نجات دلائی جائے۔

  • نارنگ منڈی: شہر و نواح میں جعلی مشروبات کی فروخت عروج پر، فوڈ اتھارٹی اور انتظامیہ خاموش

    نارنگ منڈی: شہر و نواح میں جعلی مشروبات کی فروخت عروج پر، فوڈ اتھارٹی اور انتظامیہ خاموش

    نارنگ منڈی (نامہ نگار باغی ٹی وی محمد وقاص قمر) نارنگ شہر اور اس کے گردونواح میں ناقص، غیر معیاری اور مضر صحت جعلی مشروبات کی کھلے عام فروخت جاری ہے جبکہ پنجاب فوڈ اتھارٹی اور دیگر متعلقہ ادارے مکمل طور پر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق شہر کی عام دکانوں پر غیر رجسٹرڈ، نامعلوم کمپنیوں کے کولڈ ڈرنکس اور جوسز بلا روک ٹوک فروخت ہو رہے ہیں جن کے استعمال سے متعدد شہریوں کے بیمار ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

    اہل علاقہ نے بتایا کہ یہ جعلی مشروبات نہ صرف انسانی صحت کے لیے خطرناک ہیں بلکہ بچوں میں پیٹ، جگر اور دیگر بیماریوں کا باعث بھی بن رہے ہیں۔ ان مشروبات کی فروخت میں روز بروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے، جس سے مقامی انتظامیہ کی کارکردگی پر سنجیدہ سوالات اٹھنے لگے ہیں۔

    شہریوں کا کہنا ہے کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے کوئی چیک اینڈ بیلنس موجود نہیں، ان کا عملہ دفتروں تک محدود ہے اور موقع پر کارروائی نہ ہونے کے برابر ہے۔

    اہل علاقہ نے وزیراعلیٰ پنجاب، سیکریٹری فوڈ اور ڈی جی فوڈ اتھارٹی سے فوری نوٹس لینے اور جعلی مشروبات کے خلاف کریک ڈاؤن کا مطالبہ کیا ہے تاکہ عوام کی صحت کو لاحق خطرات کا سدباب کیا جا سکے۔

  • بہاولپور : آلو گوبھی کا سالن کھانے سے ایک بچہ جاں بحق، 3 تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل

    بہاولپور : آلو گوبھی کا سالن کھانے سے ایک بچہ جاں بحق، 3 تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل

    بہاولپور (نامہ نگار حبیب خان): بہاولپور کے علاقے سمہ سٹہ ٹانگہ اڈہ میں فوڈ پوائزننگ کا ایک انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، جہاں رات کے کھانے میں آلو گوبھی کھانے سے ایک 6 سالہ بچے کی جان چلی گئی، جبکہ تین دیگر بچوں کو تشویشناک حالت میں بہاول وکٹوریہ ہسپتال (بی وی ایچ) منتقل کیا گیا ہے۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق، خوش قسمتی سے ان تینوں بچوں کی حالت اب خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔

    ریسکیو ٹیم اور ہسپتال کے ابتدائی ذرائع کے مطابق، بستی بدھا نیئر آر ایچ سی خانقاہ کے رہائشی چار بچوں نے رات کو آلو گوبھی کھائی تھی، جس کے بعد اچانک ان کی طبیعت بگڑ گئی۔ ابتدائی تحقیقات میں یہ شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ کھانے میں کوئی زہریلا مواد شامل تھا جس کی وجہ سے یہ فوڈ پوائزننگ ہوئی۔
    جاں بحق اور متاثرہ بچوں کی تفصیلات:محمد سلمان ولد محمد کورا (عمر: 6 سال، بستی بدھا نیئر آر ایچ سی خانقاہ): بدقسمتی سے محمد سلمان موقع پر ہی دم توڑ گئے اور انہیں ہسپتال منتقل نہیں کیا جا سکا۔محمد عثمان ولد الطاف (عمر: 4 سال، بستی بدھا نیئر آر ایچ سی خانقاہ)شمشیر ولد الطاف (عمر: 3 سال، بستی بدھا نیئر آر ایچ سی خانقاہ)لقمان ولد منیر احمد (عمر: 3 سال، بستی بدھا نیئر آر ایچ سی خانقاہ)

    بہاول وکٹوریہ ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عامر محمود بخاری نے تصدیق کی ہے کہ تینوں بچوں کو ایمرجنسی وارڈ میں داخل کیا گیا ہے اور ڈاکٹروں کی ایک ٹیم ان کے علاج میں مصروف ہے۔

    مقامی پولیس نے اس دلخراش واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فوڈ پوائزننگ کی اصل وجہ جاننے کے لیے کھانے کے نمونے حاصل کر کے ٹیسٹنگ کے لیے لیبارٹری بھیجے جائیں گے تاکہ زہریلے مادے کی موجودگی کی تصدیق کی جا سکے۔

  • ننکانہ:متروکہ وقف املاک بورڈ،سیکیورٹی سپروائزرڈان نکلا،کرپشن کا بھونچال،محکمہ میں تھرتھلی مچ گئی

    ننکانہ:متروکہ وقف املاک بورڈ،سیکیورٹی سپروائزرڈان نکلا،کرپشن کا بھونچال،محکمہ میں تھرتھلی مچ گئی

    ننکانہ صاحب(باغی ٹی وی رپورٹ) متروکہ وقف املاک بورڈ (ETPB) ننکانہ صاحب کے دفتر سے آنے والی خبروں نے ایک بڑے سکینڈل کا پردہ چاک کر دیا ہے جہاں ایک سیکیورٹی سپروائزر مبینہ طور پر پورے محکمے کو اپنی مٹھی میں لیے ہوئے تھا! محمد ارسلان نسیم، ایک سیکیورٹی سپروائزر کے معمولی عہدے پر فائز ہونے کے باوجود، ایسے سنگین الزامات کی زد میں ہے جنہوں نے نہ صرف اپنے اختیارات کی تمام حدیں پھلانگ دیں بلکہ رشوت کے عوض سرکاری زمینوں اور دکانوں پر ناجائز قبضے کی سرپرستی کا مکروہ کھیل بھی کھیلا۔

    ذرائع سےسنسنی خیز تفصیلات کے مطابق ارسلان نسیم کی اصلی تعیناتی محض سیکیورٹی سپروائزر کے طور پر تھی، لیکن ایک پراسرار سازش کے تحت وہ لمبے عرصے سے ایڈمنسٹریٹر کے ریڈر کا غیر قانونی عہدہ سنبھالے ہوئے تھا۔ یہ ایک ایسا عہدہ تھا جسے اختیار کرنے کا اسے کوئی قانونی حق نہیں تھا، اور اسی کی آڑ میں مبینہ طور پر اس نے کرپشن کا ایک وسیع جال بچھا دیا۔

    چند ماہ قبل ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر نے خود ارسلان نسیم کے خلاف تھانہ سٹی ننکانہ صاحب میں ایف آئی آر درج کروائی۔ اس ایف آئی آر میں اس پر ناجائز تعمیرات کی اجازت دینے، قبضہ گروپوں کی پشت پناہی کرنے، اور بھاری رشوت وصول کرنے جیسے سنگین الزامات عائد کیے گئے تھے! اس کے بعد اسے لاہور منتقل کر دیا گیا، لیکن حیران کن طور پر اس نے عدالت سے حکم امتناع حاصل کر لیا۔ اگرچہ وہ حکم امتناع اب ختم ہو چکا ہے، لیکن یہ بدعنوان عنصر اب بھی غیر قانونی طور پر ننکانہ آفس میں ڈیرہ جمائے ہوئے ہے!

    ذرائع کا دعویٰ ہے کہ محمد ارسلان نے مبینہ طور پر چیئرمین آفس میں بھاری رشوت دے کر اپنا تبادلے کا آرڈر دبوا رکھا ہے اور وہ اب بھی دندناتا پھر رہا ہے۔ سب سے حیران کن انکشاف یہ ہے کہ ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر کی غیر موجودگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے، اس نے بچیکی اور واربرٹن روڈ پر واقع 70 سیل شدہ دکانیں بھاری رشوت لے کر دوبارہ کھلوا دیں! بتایا جاتا ہے کہ بعض دکان داروں سے 3 سے 5 لاکھ روپے تک کی وصولی کی گئی اور بعض کے لیے تو جعلی کرائے نامے بھی تیار کیے گئے!

    اس خوفناک صورتحال کے باوجود، عوامی نمائندوں نے بارہا ایڈمنسٹریٹر کو آگاہ کیا، لیکن اس نے کوئی نوٹس نہیں لیا، بلکہ ذرائع کے مطابق وہ بھی اس سارے عمل میں یا تو آنکھیں بند کیے ہوئے ہے یا پھر خود ملوث ہے! دکانوں میں بدستور کاروبار جاری ہے، جو اس پورے معاملے کی سنگینی کی چیخ چیخ کر گواہی دے رہا ہے۔

    عوامی اور سماجی حلقوں نے اس شرمناک صورتحال پر شدید احتجاج کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے فوری، شفاف اور غیر جانبدارانہ انکوائری کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بدعنوان عناصر کے خلاف سخت ترین محکمانہ کارروائی کی جائے تاکہ متروکہ وقف املاک بورڈ جیسے اہم ادارے میں قانون کی بالادستی قائم ہو سکے۔

    کیا اعلیٰ حکام اس کرپشن کے عفریت کو لگام ڈال سکیں گے؟ یا یہ بدعنوان عناصر اسی طرح آزادانہ گھومتے رہیں گے؟

  • غیرت کے نام پر سفاکی،بھائی نے بہن، بہنوئی اور بھانجے کو قتل کر دیا

    غیرت کے نام پر سفاکی،بھائی نے بہن، بہنوئی اور بھانجے کو قتل کر دیا

    شہر قائد کے علاقے گھگر پھاٹک میں غیرت کے نام پر دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں ایک شخص نے پسند کی شادی پر اپنی بہن، بہنوئی اور معصوم بھانجے کو قتل کر دیا۔

    پولیس کے مطابق واقعے میں جاں بحق ہونے والوں میں 45 سالہ عبدالمجید، 40 سالہ سکینہ اور 6 سالہ عبدالنبی شامل ہیں، جن کا تعلق بلوچستان کے ضلع لسبیلہ سے تھا۔ واردات میں ملوث شخص مقتولہ سکینہ کا بھائی ہے، جو شادی کے خلاف ہونے پر کراچی آیا اور تینوں افراد کو بے دردی سے موت کے گھاٹ اتار دیا۔ایس ایس پی ملیر کا کہنا ہے کہ سکینہ اور عبدالمجید نے سات سال قبل پسند کی شادی کی تھی اور چند ماہ قبل ہی کراچی کے علاقے گھگر پھاٹک میں آ کر رہائش اختیار کی تھی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ واردات کے بعد ملزم نے عبدالمجید کے بھائی کو فون کرکے قتل کی اطلاع دی۔ جائے وقوعہ سے دو کلہاڑیاں، ایک بیلچہ، مردانہ چپل اور جوتا برآمد ہوا ہے۔پولیس نے مزید بتایا کہ گزشتہ تین روز کے دوران کراچی میں غیرت کے نام پر قتل سمیت پانچ افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں، جس نے شہر میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔

    ایران پر ممکنہ حملے، روس کی امریکا و اسرائیل کو سخت تنبیہ

    آسٹریلوی حکومت کا بڑا فیصلہ،یوٹیوب پر بھی کم عمر بچوں کے لیے پابندی عائد

    لندن ہائیکورٹ کی فلسطین ایکشن کو پابندی کے خلاف اپیل کی اجازت

    دوستی کا انجام قوم بھگت رہی ہے،کانگریس کی مودی سرکار پر کڑی تنقید

  • اوچ شریف: کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی، جرائم پیشہ افراد سرگرم، شہری عدم تحفظ کا شکار

    اوچ شریف: کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی، جرائم پیشہ افراد سرگرم، شہری عدم تحفظ کا شکار

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان)اوچ شریف میں کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مجرمانہ غفلت نے صورتحال کو مزید سنگین کر دیا ہے۔ شہر کے مختلف گنجان آباد علاقوں بشمول اوچ بخاری، اوچ گیلانی، شمس کالونی، امیر آباد، اکبر ٹاؤن، اختر کالونی، ناصر ٹاؤن، سمیع ٹاؤن، عمر ٹاؤن، اقبال آباد، شمیم آباد اور حسینی چوک میں مکان مالکان کی جانب سے کرایہ داروں کے کوائف پولیس کو جمع نہ کروانے کا سلسلہ عام ہو چکا ہے۔

    اس قانونی غفلت کی آڑ میں جرائم پیشہ اور مشکوک افراد نے ان رہائشی علاقوں میں اپنے ڈیرے جما لیے ہیں، جس سے چوری، ڈکیتی اور دیگر جرائم میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ رات کے وقت چوری کی وارداتیں معمول بنتی جا رہی ہیں اور انجان چہروں کی آمدورفت نے خوف کی فضا قائم کر دی ہے۔

    مقامی رہائشیوں نے باغی ٹی وی سے گفتگو میں حالیہ وارداتوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی خاموشی جرائم پیشہ عناصر کی پشت پناہی کے مترادف ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کرایہ داری ایکٹ پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے اور تمام مکان مالکان کو پابند کیا جائے کہ وہ اپنے کرایہ داروں کی تفصیلات متعلقہ تھانوں میں لازمی جمع کرائیں۔

    شہریوں نے خبردار کیا کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو جرائم کی شرح میں مزید اضافہ ہو گا جو شہر کے امن و امان کو شدید خطرے میں ڈال دے گا۔ مقامی پولیس سے رابطے کی کوشش کے باوجود کوئی مؤثر یا تسلی بخش مؤقف سامنے نہ آ سکا، جس نے شہریوں کے تحفظات کو مزید گہرا کر دیا ہے۔

    شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، آئی جی پنجاب، اور ڈپٹی کمشنر بہاولپور سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری نوٹس لیتے ہوئے اوچ شریف میں قانون کی بالادستی قائم کریں تاکہ عوام کو تحفظ کا احساس دلایا جا سکے اور مجرموں کا قلع قمع کیا جا سکے۔