Baaghi TV

Category: جرائم و حادثات

  • ننکانہ صاحب: سیلابی صورتحال کے پیش نظر دریائی علاقوں میں دفعہ 144 نافذ

    ننکانہ صاحب: سیلابی صورتحال کے پیش نظر دریائی علاقوں میں دفعہ 144 نافذ

    ننکانہ صاحب(باغی ٹی وی ،نامہ نگار احسان اللہ ایاز) ضلع ننکانہ صاحب میں حالیہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر انسانی جان و مال کے تحفظ کے لیے دریائی علاقوں میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔ اس اقدام کا مقصد شہریوں کو کسی بھی ممکنہ نقصان سے بچانا ہے۔ ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق، ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ نے دفعہ 144 کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

    حفاظتی انتظامات کے بغیر کشتیوں، فیریوں اور بیڑوں کے ذریعے دریائے راوی کو پار کرنے پر مکمل پابندی عائد ہے۔ پرائیویٹ آپریٹرز کو دریا عبور کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ سے (NOC) حاصل کرنا لازمی ہوگا۔

    دریائے راوی اور ضلع کی تمام نہروں و ندی نالوں میں نہانے پر بھی دفعہ 144 نافذ ہوگی۔

    دریا اور نہروں کے پلوں پر غیر ضروری طور پر کھڑے ہونے پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔

    انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ جو افراد سیلاب زدہ علاقوں میں اپنی رہائش نہیں چھوڑیں گے، ان کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔

    ضلعی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ان ہدایات پر سختی سے عمل کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

  • لنڈی کوتل:وکلاء کا چارسدہ میں ایڈووکیٹ عاصم شاہ کے قتل پر شدید احتجاج، فوری اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ

    لنڈی کوتل:وکلاء کا چارسدہ میں ایڈووکیٹ عاصم شاہ کے قتل پر شدید احتجاج، فوری اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ

    لنڈی کوتل(تحصیل رپورٹر) پشاور ہائی کورٹ کے سابق ایگزیکٹو ممبر قبیس شینواری ایڈووکیٹ نے چارسدہ میں قتل ہونے والے ایڈووکیٹ میاں عاصم شاہ کاکاخیل کے بہیمانہ قتل کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اس واقعے کی صاف اور شفاف تحقیقات کرائی جائیں۔

    ڈسٹرکٹ خیبر پریس کلب لنڈی کوتل میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے قبیس شینواری ایڈووکیٹ نے کہا کہ وکلاء برادری اس بے حسی سے ہونے والے قتل پر شدید غم و غصہ میں ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ایڈووکیٹ عاصم شاہ کا قتل بغیر کسی وجہ کے انتہائی بے دردی سے کیا گیا ہے اور ہم اس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔

    انہوں نے آئی جی پولیس خیبر پختونخواہ اور دیگر ذمہ داران سے مطالبہ کیا کہ قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے اور انہیں قرار واقعی سزا دی جائے۔ قبیس شینواری ایڈووکیٹ نے متنبہ کیا کہ اگر ملزمان کو جلد گرفتار نہیں کیا گیا اور واقعے کی فوری اور صاف و شفاف تحقیقات نہیں کی گئیں تو وکلاء برادری سخت احتجاج پر مجبور ہو جائے گی۔

  • سیالکوٹ: ہیڈ مرالہ بیراج پر اونچے درجے کا سیلاب، پانی ساڑھے 9 لاکھ کیوسک سے تجاوز کر گیا، فوج طلب

    سیالکوٹ: ہیڈ مرالہ بیراج پر اونچے درجے کا سیلاب، پانی ساڑھے 9 لاکھ کیوسک سے تجاوز کر گیا، فوج طلب

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، ڈسٹرکٹ رپورٹر مدثر رتو) مون سون بارشوں اور بھارتی آبی جارحیت کے باعث دریائے چناب میں خطرناک سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ ہیڈ مرالہ بیراج پر پانی کی آمد 9 لاکھ 20 ہزار کیوسک سے تجاوز کر گئی ہے، جو 2014 کے تباہ کن سیلاب کی یاد دلا رہی ہے، جب اسی سطح کے پانی نے ہزاروں افراد کو متاثر کیا تھا۔

    محکمہ انہار کے مطابق ہیڈ مرالہ بیراج کی گنجائش 11 لاکھ کیوسک ہے، تاہم موجودہ بہاؤ ساڑھے 9 لاکھ کیوسک سے زیادہ ہو گیا ہے۔ اگر پانی کی سطح مزید بلند ہوئی تو ہیڈ مرالہ کے حفاظتی بند کو گجرات کی جانب سے توڑنے کا امکان ہے، جس سے متعدد دیہات زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔ خانکی کے مقام پر پانی کی آمد 4 لاکھ 32 ہزار کیوسک ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ دریائے راوی اور ستلج میں بھی بپھرا ہوا ریلا کئی علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے رہا ہے۔

    ضلعی انتظامیہ کے مطابق سیالکوٹ میں اب تک 405 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد 27 اگست کو تمام تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ ضلع بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے اور شہریوں کو گھروں میں رہنے، بلا ضرورت سفر سے گریز کرنے اور ندی نالوں کے قریب نہ جانے کی سخت ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

    دوسری طرف سیلابی صورتحال کے پیش نظر حکومت پنجاب نے فوج اور آرمی ایوی ایشن کو ریسکیو و ریلیف سرگرمیوں کے لیے طلب کر لیا ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے وفاقی وزارتِ داخلہ کو خط لکھ کر فوجی دستوں کی فوری تعیناتی کی درخواست کی ہے۔ پی ڈی ایم اے کے ترجمان نے صورتحال کو انتہائی سنگین قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ فوجی دستے اور ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز مل کر ریلیف آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں۔

    گجرات میں دریائے چناب کے کری شریف حفاظتی بند کے اوپر سے پانی گزرنا شروع ہو گیا ہے، جس نے بند کو توڑ کر قریبی سڑکوں کو بھی ڈبو دیا ہے، نتیجتاً ٹریفک معطل ہو گئی اور دیہاتی شدید مشکلات میں گھر گئے۔ سراخ پور، کری شریف اور خلیل پور سمیت متعدد دیہات کے مکینوں نے انتظامیہ کی تاخیر پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے کیونکہ اب تک امدادی ٹیمیں کئی متاثرہ مقامات تک نہیں پہنچ سکیں۔

    بھمبھر نالے میں طغیانی سے دادو برسالہ، گوجر کوٹلہ اور پلاوڑی دیہات کو بھی خطرہ لاحق ہے جہاں پانی کا کٹاؤ صرف 15 فٹ کے فاصلے پر رہ گیا ہے۔ شکرگڑھ کے گاؤں جرمیاں جھنڈا سے لوگوں کو ریسکیو کیا جا رہا ہے، اسسٹنٹ کمشنر عدنان عاطف اور ڈپٹی کمشنر نارووال سید حسن رضا خود امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔

    شدید بارش اور پانی کی بلند سطح کے باعث ریسکیو ٹیموں کو مشکلات کا سامنا ہے، تاہم اب تک دریائے راوی سے 294 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔ راولپنڈی، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ اور حافظ آباد سے ریسکیو ٹیموں کو نارووال منتقل کیا گیا ہے۔ ادھر گجرات شہر میں ایک بار پھر موسلا دھار بارش سے نکاسی آب کا نظام مفلوج ہو گیا ہے اور عوام کو شدید مشکلات درپیش ہیں۔

  • قلعہ دیدار سنگھ میں دلخراش واقعہ، 6 سالہ بچہ مشین میں آ کر جاں بحق

    قلعہ دیدار سنگھ میں دلخراش واقعہ، 6 سالہ بچہ مشین میں آ کر جاں بحق

    گوجرانوالہ(باغی ٹی وی،نامہ نگارمحمدرمضان نوشاہی) گوجرانوالہ کے علاقہ قلعہ دیدار سنگھ میں ایک دلخراش واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک 6 سالہ بچہ پلاسٹک دانہ مکسر مشین میں آ کر جاں بحق ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق، محلہ محمد پورہ میں 6 سالہ معیز مشین پر بیٹھا تھا کہ اچانک اس کا ہاتھ بٹن پر لگنے سے مشین چل پڑی۔ شور کی آواز سن کر لوگ اس کی طرف دوڑے لیکن ان کے پہنچنے سے پہلے ہی معیز دم توڑ چکا تھا۔

    پولیس تھانہ قلعہ دیدار سنگھ نے واقعے کی اطلاع ملتے ہی کارروائی شروع کر دی ہے۔

  • ڈیرہ غازی خان:عوام کے مسائل کے حل کے لیے آر پی او کی روزانہ کھلی کچہری

    ڈیرہ غازی خان:عوام کے مسائل کے حل کے لیے آر پی او کی روزانہ کھلی کچہری

    ڈیرہ غازی خان(باغی ٹی وی نیوز رپورٹرشاہدخان) ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان نے عوام کی شکایات اور پولیس سے متعلقہ مسائل کے فوری حل کے لیے روزانہ کی بنیاد پر کھلی کچہری کا انعقاد جاری رکھا ہوا ہے۔

    کھلی کچہری میں ریجن کے تمام اضلاع سے شہریوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی اور اپنے مسائل براہ راست آر پی او کے سامنے پیش کیے۔ کیپٹن (ر) سجاد حسن خان نے مسائل سنے اور ان کے ازالے کے لیے موقع پر ہی احکامات جاری کیے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ تمام درخواستوں کا باقاعدہ فالو اپ لیں اور مقررہ مدت میں رپورٹ پیش کریں۔

    اس موقع پر آر پی او کا کہنا تھا کہ پولیس عوام کی خدمت کے لیے ہر وقت تیار ہے اور شہریوں کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ کھلی کچہری کا مقصد عوام کے مسائل کو فوری سننا اور ان کی داد رسی کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے پولیس اہلکاروں کو خبردار کیا کہ عوامی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے، اور اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

  • اوکاڑہ: لرزہ خیز قتل کی واردات،گھات لگائےدشمنوں کی فائرنگ، شہری سے جاں بحق

    اوکاڑہ: لرزہ خیز قتل کی واردات،گھات لگائےدشمنوں کی فائرنگ، شہری سے جاں بحق

    اوکاڑہ(نامہ نگار ملک ظفر) اوکاڑہ کے تھانہ اے ڈویژن کی حدود میں فائرنگ کے ایک لرزہ خیز واقعے میں ایک شہری جاں بحق ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق، نواحی گاؤں 40 تھری آر کا رہائشی حبیب بھٹی کسی کام کے سلسلے میں لالہ زار کالونی میں زرعی ترقیاتی بینک آیا جہاں پہلے سے گھات لگائے اس کے مخالفین نے اس پر فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں حبیب بھٹی موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

    پولیس ترجمان کے مطابق، مقتول اور ملزمان کے درمیان دیرینہ دشمنی چلی آ رہی تھی۔ چھ ماہ قبل بھی اسی دشمنی کی بنا پر مقتول کے بھائی کو قتل کر دیا گیا تھا۔

    واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے لیا اور سیف سٹی کیمروں کی مدد سے ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر راشد ہدایت نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو ملزمان کی جلد گرفتاری یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی ہے۔

  • اوکاڑہ:دریائے ستلج میں اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ،انخلا اور ریسکیو آپریشن جاری

    اوکاڑہ:دریائے ستلج میں اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ،انخلا اور ریسکیو آپریشن جاری

    اوکاڑہ(نامہ نگار ملک ظفر) دریائے ستلج میں اونچے درجے کے سیلاب کے خدشہ کے پیش نظر اوکاڑہ کی ضلعی انتظامیہ نے انخلا اور ریسکیو آپریشن کا عمل تیز کر دیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی ہدایات پر دریائے ستلج سے ملحقہ دیہات سے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔

    ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد شجعین وسطرو نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ چوہدری عبدالجبار گجر کے ہمراہ اٹاری کے مقام پر جاری ریسکیو اور ریلیف آپریشن کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے پانی میں گھرے کئی افراد کو کشتیوں کے ذریعے نکالا۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر چوہدری ظفر اقبال بھی موقع پر موجود تھے اور خود آپریشن کی نگرانی کر رہے تھے۔

    محمد شجعین وسطرو نے ریسکیو اہلکاروں کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ کسی بھی جانی نقصان سے بچنے کے لیے ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں کو مزید تیز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سیلابی صورتحال میں شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور متاثرہ دیہات سے تمام لوگوں کے انخلا تک آپریشن بلا تعطل جاری رہے گا۔

    انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مدد کے لیے فوری طور پر ریسکیو 1122 سے رابطہ کریں۔

  • کراچی:ڈیفنس موڑ پر ٹرک نے موٹرسائیکل سوار شہری کو روندڈالا

    کراچی:ڈیفنس موڑ پر ٹرک نے موٹرسائیکل سوار شہری کو روندڈالا

    کراچی: ڈیفنس موڑ پر خوفناک ٹریفک حادثے میں شہری کی ہلاکت کی ویڈیو سامنے آگئی۔

    افسوسناک واقعہ منگل کی صبح سویرے ڈیفنس موڑ پر پیش آیا جس دوران مرغیوں کے ٹرک نے سگنل توڑتے ہوئے موٹر سائیکل سوار کو ٹکر مار دی،حادثے کے نتیجے میں ایک سکیورٹی گارڈ جاں بحق اور ٹرک ڈرائیور فرار ہوگیا۔

    حادثے کی سامنے آنے والی سی سی ٹی وی میں مرغیوں کے تیز رفتار ٹرک کو سگنل توڑکر موٹرسائیکل سوار شخص کو ٹکر مارتے دیکھاجاسکتا ہے، پولیس حکام کا بتانا ہے کہ فرار ٹرک ڈرائیور کی تلاش جاری ہے اور اسے جلد گرفتار کرلیا جائے گا جب کہ ٹرک ڈرائیور نے آگے جاکر ایک رکشے کو بھی ٹکر ماری تھی،جب کہ رکشے کو شدید نقصان پہنچا اور رکشے میں سوارافراد بھی زخمی ہوگئے، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔

    کراچی:بارش کے دوران گرنے والا 150 سالہ قدیم برگد کا درخت بحال

    حادثے میں جاں بحق موٹرسائیکل سوار شخص کی شناخت 50 سالہ ماجد خان ولد عادل شاہ کے نام سے کی گئی متوفی سکیورٹی گارڈ تھا اور ڈیفنس فیز ٹو میں واقع سکیورٹی کمپنی میں ملازمت کرتا تھا پولیس نے فوری کارروائی کرتےہوئے پولٹری ٹرک کوقبضے میں لے کر اس کے ڈرائیور ارشدکےخلاف مقدمہ درج کرلیا پولیس حادثے سے متعلق مزیدتفتیش کررہی ہے۔

    ادھرکورنگی صنعتی ایریا تھانے کےعلاقے قیوم آباد چورنگی کے قریب تیزرفتارمسافرمزدا کی ٹکرسے خاتون جاں بحق ہوگئی، جس کی لاش قانونی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کی گئی فوری طورپرخاتون کی شناخت ممکن نہیں ہوسکی۔

    سی ڈی اے کا اسلام آباد کو فری وائی فائی سٹی بنانے کا اعلان

    جبکہ،اُدھر شاہ فیصل کالونی برج اترتےہوئےٹرالرالٹ گیا، جس سے ٹریفک کی روانی متاثرہو گئی ۔ پولیس کے مطابق ٹریفک کے لیے متبادل راستہ فراہم کیا گیا اور گاڑیوں کو شاہ فیصل برج سےفوجی فاؤنڈیشن کی جانب موڑ دیا گیا۔

  • ڈیرہ غازی خان: پولیس کا بڑا آپریشن، فتنہ الخوارج کی دہشت گردی کی کوشش ناکام

    ڈیرہ غازی خان: پولیس کا بڑا آپریشن، فتنہ الخوارج کی دہشت گردی کی کوشش ناکام

    ڈی جی خان(باغی ٹی وی) ڈیرہ غازی خان پولیس نے ایک بڑی کارروائی کے دوران دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنا دیا۔ پولیس، ایس آئی یو اور ایلیٹ فورسز نے قبائلی علاقے جادے والی میں سرچ آپریشن کیا، جہاں جادے والی قبرستان کے قریب سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنانے کے لیے نصب آئی ای ڈی برآمد ہوئی۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دھماکا خیز ڈیوائس کو ناکارہ بنا دیا، جس سے علاقہ ایک بڑے سانحے سے محفوظ رہا۔

    ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق دہشت گردوں کا ہدف سیکیورٹی فورسز تھیں، تاہم پولیس اور فورسز کی بروقت حکمتِ عملی نے ان کے مذموم عزائم خاک میں ملا دیے۔ آپریشن کے دوران علاقے کو مکمل طور پر کارڈن کر کے سیکیورٹی یقینی بنائی گئی۔

    آر پی او ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان نے کارروائی کی براہِ راست نگرانی کی اور پولیس ٹیموں کی بہادری کو سراہا۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر طارق ولایت نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان کی سرزمین دہشت گردوں کے لیے تنگ کر دی جائے گی، دہشت گرد عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے قبائلی اور حساس علاقوں میں پولیس و فورسز کے سرچ آپریشن کامیابی سے جاری ہیں۔

  • گھوٹکی پولیس کی بڑی کارروائی، 9 موٹر سائیکلوں سمیت بھتہ خور اور بائیک لفٹر گینگ گرفتار

    گھوٹکی پولیس کی بڑی کارروائی، 9 موٹر سائیکلوں سمیت بھتہ خور اور بائیک لفٹر گینگ گرفتار

    میرپور ماتھیلو (نامہ نگار،مشتاق لغاری) ایس ایس پی گھوٹکی محمد انور کھیتران کی ہدایات پر گھوٹکی پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے بھتہ خوری اور موٹر سائیکل چوری میں ملوث ایک بڑے گینگ کا پردہ فاش کر دیا۔ پولیس نے کارروائی کے دوران 5 مرکزی ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 9 چوری شدہ موٹر سائیکلیں برآمد کر لیں۔

    ڈی ایس پی گھوٹکی انور علی شیخ اور ایس ایچ او تھانہ اے سیکشن محمد قابل بھیو کی قیادت میں پولیس ٹیم نے مختلف سنگین مقدمات میں مطلوب ملزمان وزیر ولد عطا محمد گھوٹو، سرور ولد امین گھوٹو، ریاض ولد در محمد گھوٹو، اسداللہ ولد خدا بخش گھوٹو، اور پرویز ولد محمد بچل گھوٹو کو گرفتار کیا۔

    ابتدائی تفتیش کے مطابق، گرفتار ملزمان ریاض گھوٹو اور اسد اللہ گھوٹو کا تعلق جاگیرانی گینگ کے ڈاکوؤں لطف جاگیرانی، ندیم جاگیرانی اور شوکت جاگیرانی سے ہے۔ یہ ملزمان نہ صرف جاگیرانی گینگ کے سہولت کار ہیں بلکہ بھتہ خوری میں بھی ملوث ہیں۔ گرفتار ملزمان نے حال ہی میں گھوٹکی کی شوگر مل سے چار موٹر سائیکلیں چوری کرنے کا بھی اعتراف کیا ہے جو برآمد کر لی گئی ہیں۔

    یاد رہے کہ کچھ دن قبل ڈاکو ندیم جاگیرانی اور اس کے ساتھیوں نے گھوٹکی شہر کے رحمو محلہ میں رشید لنجار کے گھر پر فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں ایک مرد اور ایک عورت زخمی ہوئے تھے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان نے مختلف علاقوں میں متعدد سنگین وارداتوں میں ملوث ہونے کا انکشاف کیا ہے۔ یہ ملزمان کچے کے علاقے میں جاگیرانی گینگ سے ملاقات کرتے تھے اور انہیں شہروں میں وارداتوں کے لیے معلومات فراہم کرتے تھے۔ ملزمان کا کرمنل ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔ ایس ایس پی گھوٹکی نے اس کامیاب کارروائی پر پولیس پارٹی کے لیے شاباشی کا پیغام دیا ہے۔