Baaghi TV

Category: اہم خبریں

  • بلاول نیب میں پیش، ڈی چوک میں پی پی کے کارکنان گرفتار

    بلاول نیب میں پیش، ڈی چوک میں پی پی کے کارکنان گرفتار

    پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نیب دفتر پہنچ گئے، اس دوران پیپلز پارٹی کے کارکنان کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے

    باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق بلاول زرداری نیب دفتر پہنچ گئے ہیں، آصفہ زرداری ، مرتضیٰ وہاب اورنیّر بخاری بھی بلاول بھٹو کے ہمراہ ہیں ،نیب ہیڈکوارٹرزکے باہر پیپلز پارٹی کے کارکنان موجود ہیں جنہوں نے شدید نعرے بازی کی ،پولیس نے پی پی کے کارکنان کو ڈی چوک پر روکا جہاں کارکنان نے پولیس والوں کے ساتھ ہاتھا پائی کی ،پولیس نے متعدد کارکنان کو گرفتار کر لیا ہے. پولیس نے جیالوں کو منتشر کرنے کے لئے واٹر کینن کا بھی استعمال کیا ہے

    واضح رہے کہ نیب راولپنڈی نے سابق صدرآصف زرداری کو 29 مئی کودوبارہ طلب کیا ہے .پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کو پاورپروجیکٹ،غیرقانونی ٹھیکوں کے کیس میں نیب نے طلب کیا ہے، زرداری کو نیب نے 29 مئی کو اولڈ نیب ہیڈکوارٹر پیش ہونے کی ہدایت کی ہے تاہم زرداری نے پیش ہونے سے معذرت کر لی . اسی روز پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری کو بھی جے وی اوپل کیس میں طلب کر رکھا ہے .بلاول کو نیب نے 24 مئی کو بلایا تھا لیکن بلاول پیش نہ ہوئے اب نیب نے بلاول کو بھی 29 مئی کو ہی طلب کیا ہوا ہے. بلاول نیب میں پیش ہو چکے ہیں.

  • بلاول کی نیب میں پیشی، جیالوں کوروک دیا گیا

    بلاول کی نیب میں پیشی، جیالوں کوروک دیا گیا

    پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو آج نیب میں پیش ہوں گے جبکہ شریک چیئرمین آصف زرداری نے آج نیب پیش ہونے سے معذرت کر لی. بلاول بھٹوکےہمراہ نیب آفس آنے والےسینکڑوں جیالوں کوایوب چوک پرروک دیا گیا

    باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق بلاول زرداری آج نیب میں پیش ہوں گے ،بلاول کو پارک لین کمپنی کی انکوائری میں نیب راولپنڈی کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہو کر بیان ریکارڈ کروانے کے لئے طب کیا گیا ہے۔ بلاول بھٹو کارکنوں کے ہمراہ قافلے کی صورت میں نیب دفتر جا رہے تھے کہ کارکنان کو ایوب چوک پر روک دیا گیا ، نیب نے آئی جی اسلام آباد سے سیکورٹی سخت کرنے کے انتظامات کے لئے خط لکھا تھا، وفاقی پولیس کے ساڑھے تین سو ماتحت پولیس افسران و اہلکار تعینات کئے ہیں۔ اس موقع پر کسی کارکن کو نیب بلڈنگ میں داخلہ کی اجازت نہیں دی جائے گی. دوسری جانب آصف علی زرداری نے نیب راولپنڈی میں آج پیش ہونے سے معذرت کرلی۔ آصف زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے نیب کو درخواست دے دی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ آج ہائی کورٹ میں کیس ہے، پیش نہیں ہو سکتا، عید کے بعد کی کوئی تاریخ دے دیں پیش ہو جاؤں گا۔

  • نانک پیلس گوردوارہ نہیں‌ حویلی ہے، بھارتی میڈیا پروپیگنڈا بند کرے، مہندرسنگھ پال کا ویڈیو پیغام

    نانک پیلس گوردوارہ نہیں‌ حویلی ہے، بھارتی میڈیا پروپیگنڈا بند کرے، مہندرسنگھ پال کا ویڈیو پیغام

    ایم پی اے و صوبائی پارلیمانی سیکرٹری وزارتِ انسانی حقوق پنجاب مہندرپال سنگھ نے ویڈیو پیغام جاری کیا ہے جس میں‌ ہندوستانی ٹی وی چینلز کی طرف سے پاکستان کے خلاف جاری مذموم پروپیگنڈا پر شدید ردعمل ظاہر کیا ہے.

    باغی ٹی وی کی رپورٹ‌ کے مطابق اپنے ویڈیو پیغام میں انہو‌ں نے کہاکہ ہندوستانی میڈیا 2 کنال کی جس عمارت کو گردوارہ بتارہا ہے وہ گوردوارہ نہیں‌ ہے بلکہ اس عمارت کا نام نانک پیلس ہے جو برصغیر کی تقسیم سے قبل نانک سنگھ نامی شخص نے بنائی تھی. انہوں نے بتیا کہ نانک سنگھ تقسیم ہند کے وقت بھارت ہجرت کر گئے تھے.

    ایم پی اے و صوبائی پارلیمانی سیکرٹری وزارتِ انسانی حقوق مہندرپال سنگھ نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ بھارتی ٹی وی چینلز کا پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا سراسر جھوٹ پر مبنی ہے جس کی کوئی حقیقت نہیں‌ ہے۔ یاد رہے کہ ہندوستانی میڈیا کی طرف سے پاکستان میں‌ موجود ایک عمارت کے حوالہ سے پروپیگنڈا کیا جارہا تھا کہ پاکستان میں‌ گوردوارے کو نقصان پہنچایا گیا ہے تاہم مہندر سنگھ پال کے ویڈیو پیغام سے ساری حقیقت کھل کر واضح‌ ہو گئی اور ہندوستانی میڈیا کا جھوٹا پروپیگنڈا بے نقاب ہو گیا ہے.

  • حکومت نے سپریم کورٹ‌ کے سینئر جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کیخلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس دائر کر دیا

    حکومت نے سپریم کورٹ‌ کے سینئر جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کیخلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس دائر کر دیا

    پی ٹی آئی حکومت کی جانب سے مستقبل کے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس دائر کر دیا گیا ہے۔

    باغی ٹی وی کی رپور‌ٹ کے مطابق ایک سینئر صحافی کی طرف سے سوشل میڈیا سائٹ ٹویٹر پر کی گئی ٹویٹ میں‌ کہا گیا ہے کہ
    پی ٹی آئی کی حکومت نے مذکورہ ریفرنس صرف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف ہی دائر نہیں کیا بلکہ تین اور ججز بھی ہیں جن کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل سے رجوع کیا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ وہی سینئر جسٹس ہیں‌ جنہوں نے جسٹس مشیر عالم کے ہمراہ فیض آباد دھرنا کیس کا فیصلہ سنایا تھا. اس فیصلے میں‌ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد اور بعض‌ دوسری حکومتی شخصیات کے کردار سے متعلق بھی سوالات اٹھائے گئے تھے. اس فیصلہ کے خلاف پاکستانی وزارت دفاع نے بھی سپریم کورٹ‌ میں‌ نظر ثانی کی اپیل دائر کی تھی جس میں‌ استدعا کی گئی تھی کہ مذکورہ فیصلہ سے پاک فوج سے متعلق استعمال ہونے والے الفاظ حذف کیے جائیں۔

    پی ٹی آئی حکومت کی طرف سے مستقبل کے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سے متعلق سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس دائر کرنے کی خبروں‌ سے ملک میں ایک نئی بحث چھڑ گئی ہے.

  • مکہ مکرمہ، اسلامی سربراہی کانفرنس کی کوریج 390 صحافی اور 59 ٹی وی چینلز کریں‌ گے

    مکہ مکرمہ، اسلامی سربراہی کانفرنس کی کوریج 390 صحافی اور 59 ٹی وی چینلز کریں‌ گے

    سعودی عرب میں اسلامی سربراہی اجلاس کے حوالہ سے میڈیا کے لئے وسیع پیمانے پر انتظامات کئے جارہے ہیں.

    باغی ٹی وی کی رپورٹ‌ کے مطابق سعودی وزیر اطلاعات ترکی الشبانہ کی قیادت میں‌ میڈیا کی سہولت کے لئے یہ سب انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ تیرہ نگران ٹیموں کے تعاون سے سعودی وزارت اطلاعات اس میگا ایونٹ کی کوریج کرنے والے 390 مقامی اور بین الاقوامی صحافتی اداروں کے اجتماع کو سہولیات فراہم کرنے کی خاطر دن رات ایک کر رہے ہیں۔ #مکہ_سمٹ کو دنیا بھر سے 59 ٹی وی چینلزکور کرنے آ رہے ہیں۔ اس سلسلہ میں‌ سعودی وزارت اطلاعات چار میڈیا سینٹرز کے ذریعے آنے والے معزز صحافیوں کو خدمات فراہم کرے گی جن سے متعلق صحافیوں کی رہائش گاہوں پر تعارفی بریفنگ دی جائے گی۔ اس بریفنگ کا اہتمام 11 حکومتی اور غیر سرکاری ٹیموں کے توسط سے کیا جائے گا جو اس انتہائی اہم اجلاس سے متعلق اہم پیش رفت اور کامیابیوں سے صحافیوں کو آگاہ کریں گے۔

    میڈیا رپورٹس میں‌ بتایا گیا ہے کہ مختلف ملکوں سے آنے والے عہدیداران مقامی اور بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے سامنے براہ راست پریس کانفرنسوں سے بھی خطاب کریں گے۔ اسی طرح‌اس اہم موقع پر بین الاقوامی میڈیا سے تعلق رکھنے والے نمائندوں کو مختلف سرکاری اداروں کا دورہ بھی کرایا جائے گا تاکہ وہ سعودی عرب میں ہونے والی اہم تبدیلیوں کا خود براہ راست جائزہ لے سکیں۔ تینوں سربراہی اجلاسوں کی نگرانی اور معاونت کے لئے قائم میڈیا کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر فھد بن حسن آل عقرآن ہوں‌گے. انہوں نے بتایا کہ مکہ المکرمہ میں ہونے والے اس اہم عالمی سرگرمی کے شایان شان غیر معمولی میڈیا کو یقینی بنایا جائے گا۔ ان سربراہی اجلاسوں میں 57 ملکوں کے سربراہ شریک ہو رہے ہیں۔

    یا د رہے کہ سعودی عرب کے مختلف شہروں‌پر میزائل داغنے اور تیل تنصیبات پر حملوں‌کے بعد اسلامی سربراہی اجلاس بلایا گیا ہے تاکہ مسلمان ملک باہم مل بیٹھ کر مستقبل کا لائحہ عمل ترتیب دے سکیں. پاکستانی وزیر اعظم عمران خان بھی اس اہم اجلاس میں شریک ہو رہے ہیں.

  • اسلامی سربراہی اجلاس، مکہ مکرمہ کو اسلامی ممالک کے پرچموں سے سجا دیا گیا

    اسلامی سربراہی اجلاس، مکہ مکرمہ کو اسلامی ممالک کے پرچموں سے سجا دیا گیا

    مکہ مکرمہ میں‌ ہونے والی اسلامی سربراہی کانفرنس کے پیش نظر مقدس شہر کی تمام سڑکیں اجلاس میں شریک ہونے والے تمام ملکوں کے پرچموں سے سجا دی گئی ہیں.

    باغی ٹی وی کی رپور‌ٹ‌ کے مطابق مکہ مکرمہ کی وسیع و عریض سڑکیں اور شاہرائیں مقدس شہر میں ہونے والے خلیجی، عرب اور اسلامی سربراہی اجلاسوں میں شرکت کے لئے آنے والے قائدین کے قومی پرچموں سے سجا دی گئی ہیں۔ مکہ مکرمہ میں‌ سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی دعوت اور میزبانی میں تین اجلاس منعقد ہو رہے ہیں۔

    سربراہی اجلاس کے سلسلہ میں‌ مقدس شہر کی تزئین اور آرائش کے نگران ادارے کے سیکریٹریٹ نے شہر کے پانچ کلومیٹر رقبے پر خیر مقدمی بینر اور آرائشی جھالریں سجا ئی ہیں۔ اسی طرح خیر مقدمی کلمات پر مبنی نیون سائن اور خوبصورت چراغاں سے شہر بقعہ نور بنا ہوا ہے۔ مکہ مکرمہ ہی میں سعودی عرب کی میزبانی میں 31 مئی جمعہ کو اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی کا چودھواں سربراہ اجلاس منعقد ہو گا۔ شاہ سلمان بن عبدالعزیز اس اجلاس کی صدارت کریں گے جس کاعنوان ’’#مکہ_سمٹ: مستقبل کے لیے اکٹھ ‘‘ رکھا گیا ہے۔ اس اجلاس کا مقصد اسلامی دنیا کو درپیش مسائل کے پیش نظر ایک مشترکہ مؤقف اختیار کرنا ہے۔

    واضح رہے کہ سعودی عرب کے مختلف شہروں‌ پر حوثی باغیوں‌ کے حملوں‌ کے بعد برادر اسلامی ملک کی جانب سے ان اجلاسوں‌کا انعقاد کیا جارہا ہے جس کا مقصد متفقہ طور پر مستقبل کا لائحہ عمل طے کرنا ہے. وزیر اعظم عمران خان بھی اس میں شریک ہوں‌گے.

  • عمران خان اور مودی کے درمیان ملاقات طے پا گئی، بھارتی میڈیا نے تصدیق کر دی

    عمران خان اور مودی کے درمیان ملاقات طے پا گئی، بھارتی میڈیا نے تصدیق کر دی

    ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی کی حلف برداری تقریب میں‌ تو پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کو شرکت کی دعوت نہیں‌ دی گئی تاہم دونوں‌ لیڈروں کے مابین کرغیزستان میں ملاقات ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے.

    باغی ٹی وی کی رپورٹ‌ کے مطابق کرغیزستان میں 13 اور 14 جون کو ہونے والی شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے موقع پر وزیراعظم عمران خان اور ہندوستانی وزیر اعظم نریندرمودی کے درمیان ملاقات ہو سکتی ہے۔ اس سلسلہ میں‌ہندوستانی میڈیا کا کہنا ہے کہ وزارت خارجہ کے ذرائع نے دونوں‌ ملکوں‌کے سربراہان کے مابین پہلی ملاقات کی تصدیق کر دی گئی ہے اور دونوں‌ اطراف سے ملاقات کے ایجنڈے کی باقاعدہ تیاری کا آغاز کر دیا گیا ہے.

    بھارت میں حالیہ الیکشن میں‌کامیابی پر وزیر اعظم عمران خان نے نریندر مودی کو مبارکباد پیش کی تھی اور ان کی جیت کو خطہ میں امن کے لئے خوش آئند قرار دیا تھا. واضح‌رہے کہ مودی کے دوبارہ برسراقتدار آنے کے بعد دونوں‌ لیڈروں کی یہ پہلی ملاقات ہو گی.

  • پٹرول کی قیمتوں کے بعد بجلی کے نرخوں‌ میں بھی اضافہ کی خبر، عوام میں‌ پریشانی کی لہر

    پٹرول کی قیمتوں کے بعد بجلی کے نرخوں‌ میں بھی اضافہ کی خبر، عوام میں‌ پریشانی کی لہر

    نیپرا کی طرف سے ایک بار پھر بجلی کے نرخوں میں اضافہ کر دیا گیا ہے جس پر پاکستانی عوام میں تشویش کی لہر دوڑ‌ گئی ہے.

    باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کی خبروں‌کے بعد اب 55 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری کی خبریں‌سامنے آنے پر مہنگائی کے ہاتھوں‌ پریشان لوگوں‌ میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے. نیپرا نے منگل کے دن بجلی کی قیمتوں میں 55 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دیدی ہے. اضافے سے صارفین پر 5 ارب 20 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا جب کہ اضافہ اپریل کی ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے. اس اضافے کا اطلاق لائف لائن صارفین، کے الیکڑک اور زرعی صارفین پر نہیں ہوگا جب کہ اضافی رقم آئندہ ماہ کے بلوں میں وصول کی جائے گی۔

    سی پی پی اے کے مطابق اپریل میں آر ایل این جی والے پلانٹس نہیں چلائے گئے. اسی طرح اپریل میں ہائیڈل سے 22.94 فیصد اور کوئلے سے 10.34 فیصد بجلی پیدا کی گئی ہے جبکہ مقامی گیس سے 18.24 فیصد اوردرآمدی ایل این جی سے30.83 فیصد بجلی پیدا کی گئی.

    یاد رہے کہ پچھلے چند ماہ میں متعدد مرتبہ بجلی، گیس اور پٹرول کی قیمتوں‌ میں اضافہ کیا گیا ہے جس سے مہنگائی بہت زیادہ بڑھی ہے اور عوام پریشانی سے دوچار ہیں.

  • یوم تکبیر، پاکستان تیس منٹ‌ میں تمام بھارتی شہروں‌ کو صفحہ ہستی سے مٹا سکتا ہے. ڈاکٹر عبدالقدیر خاں

    یوم تکبیر، پاکستان تیس منٹ‌ میں تمام بھارتی شہروں‌ کو صفحہ ہستی سے مٹا سکتا ہے. ڈاکٹر عبدالقدیر خاں

    پاکستان کے نامور ایٹمی سائنسدان اور محسن پاکستان محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا ہے کہ پاکستان آدھے سے پونے گھنٹے میں انڈیا کے تمام شہروں کو صفحہ ہستی سے مٹاسکتا ہے. وطن عزیز پاکستان کے ایٹمی طاقت بننے کے بعد اللہ کے فضل و کرم سے اب کوئی ملک شرارت کرنے کے بعد آرام سے نہیں نکل سکتا.

    باغی ٹی وی کی رپورٹ‌ کے مطابق ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا کہ 1971 میں ازلی دشمن انڈیا نے پاک فوج کے ساتھ بہت بدسلوکی کی تھی لیکن ایٹمی دھماکوں کے بعد اب وہ سب دہرانا اور ایسی کوئی مذموم حرکت کرنا بھارت کیلئے خواب بن چکا ہے. اس وقت حالات یہ ہیں‌ کہ یہ ایٹم بم ہی ہے جس کی وجہ سے بھارت پاکستان سے جنگ نہیں کر رہا. کسی کو بھی اب نیوکلیئر جنگ کا نہیں سوچنا چاہیے۔

    انہوں نے کہاکہ ایٹم بم پاکستان نے بہت پہلے بنا لیا تھا مگرحکمرانوں کی وجہ سے دھماکے کرنے میں تاخیر ہوئی. ہم چاہتے تو 1983-84 میں ایٹمی دھماکہ آسانی سے کر سکتے تھے او ہم نے بہت مختصر عرصے میں ایٹم بم بھی بنا کر رکھ دیا تھا۔ جنرل ضیاءالحق کو ایک ہفتے کا نوٹس لکھ کر دے دیا تھا اور 1998 میں نواز شریف بھی ٹال مٹول کر رہے تھے، تمام سائنسدانوں نے ملک کیلئے اپنی فیملی کو بھلا دیا تھا تاہم جب پاکستان نے دھماکے کیے تو خوشی ہوئی۔

    انہوں نے کہا کہ جس طرح امریکہ کو روس کا ڈر ہے اسی طرح بھارت کو پاکستان کا ڈر ہے ، بھارت ہمیں تباہ کرسکتا ہے تو ہم بھی انہیں تباہ کرسکتے ہیں ، پاکستان آدھے سے پونے گھنٹے میں بھارت کے تمام شہر مٹاسکتا ہے، کسی کو اگر دیوار سے لگادیا جائے تو پھر اس کے پاس جو ہتھیار ہوتا ہے وہ استعمال ہوہی جاتا ہے ۔

  • کرکٹ کے دیوانوں‌ کیلئے ورلڈ کپ سے قبل بڑی خوشخبری، پاکستان اہم ایونٹ کی میزبانی کرے گا

    کرکٹ کے دیوانوں‌ کیلئے ورلڈ کپ سے قبل بڑی خوشخبری، پاکستان اہم ایونٹ کی میزبانی کرے گا

    کرکٹ کے چاہنے والوں کے کیلئے ورلڈ کپ کے آغاز سے قبل ہی بڑی خوشخبری سنا دی گئی ہے۔ ایشین کرکٹ کونسل کی جانب سے اگلے برس کے ایونٹ کی میزبانی پاکستان کو دے دی گئی ہے۔

    باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ایشین کرکٹ کونسل کا منگل کے دن سنگاپور میں اجلاس ہوا ہے جس میں یہ اہم فیصلہ کیا گیا ہے۔ ایشین گیمز 2018 میں کرکٹ شامل نہیں تھی تاہم 2022 کی ایشین گیمز میں کرکٹ کو شامل کرلیا گیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس میں اگلے سال منعقد ہونے والے ایشیا کپ کی میزبانی پاکستان کو دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا ۔ ایشیا کپ کا فارمیٹ ٹی 20 ہوگا اور اس ایونٹ سے پہلے سکیورٹی وفد پاکستان کا دورہ کرتے ہوئے پاکستان میں سکیورٹی کے معاملات کا جائزہ لے گا۔

    آئی سی سی ورلڈ کپ سے فراغت کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ ایشیا کپ کی تیاری کرے گا۔ واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم ان دنوں ورلڈ کپ کی تیاریوں میں مصروف ہے اور پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے سری لنکا کو بھی لاہور اور کراچی میں میچ کھیلنے کی دعوت دی گئی ہے۔