Baaghi TV

Category: بہاولپور

  • اوچ شریف: شہید کیپٹن محمد آصف شکرانی فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک

    اوچ شریف: شہید کیپٹن محمد آصف شکرانی فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک

    اوچ شریف( باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) اوچ شریف کے نواحی گاؤں موضع شکرانی کے بہادر سپوت، پاک فوج کے نڈر افسر کیپٹن محمد آصف شکرانی کو بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے دوران وطن کی خاطر جان قربان کرنے پر پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کر دیا گیا۔

    شہید کی نمازِ جنازہ مقامی گراؤنڈ میں ہزاروں سوگواران کی موجودگی میں ادا کی گئی، جس میں کور کمانڈر بہاولپور، ڈی پی او بہاولپور، ایم این اے کے فرزند مخدوم سید سمیع حسن گیلانی، سابق ایم پی اے مخدوم سید افتخار حسن گیلانی، موجودہ ایم پی اے مخدوم سید عامر علی شاہ، پاک فوج کے اعلیٰ افسران، وکلاء، صحافی، سماجی شخصیات اور علاقے کے عمائدین سمیت ہر طبقۂ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

    نمازِ جنازہ کے بعد شہید کے جسدِ خاکی پر پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں اور پاک فوج کے دستے نے سلامی پیش کی۔ فضا "پاک فوج زندہ باد”، "شہید کی جو موت ہے وہ قوم کی حیات ہے” اور "پاکستان زندہ باد” کے نعروں سے گونجتی رہی۔

    اس موقع پر کور کمانڈر بہاولپور نے کہا کہ کیپٹن محمد آصف شکرانی کی بہادری اور وطن سے محبت پاک فوج کے عزم اور قربانی کے جذبے کی روشن مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج دہشت گردی کے خاتمے اور وطن کے دفاع کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہے۔

    علاقے کے مکینوں نے شہید کے اہل خانہ سے گہری ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کیپٹن محمد آصف شکرانی کی شہادت ان کے لیے باعثِ فخر ہے اور ان کا نام ہمیشہ عزت و احترام سے یاد رکھا جائے گا۔

  • بہاولپور میں جشنِ آزادی کے موقع پر ٹائیکوانڈو چیمپئن شپ کا انعقاد

    بہاولپور میں جشنِ آزادی کے موقع پر ٹائیکوانڈو چیمپئن شپ کا انعقاد

    بہاولپور (نامہ نگار حبیب خان) پاکستان کے 78ویں یومِ آزادی کی مناسبت سے ڈرنگ اسٹیڈیم بہاولپور میں پنجاب اور بہاولپور ڈویژن ٹائیکوانڈو ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام ٹائیکوانڈو چیمپئن شپ کا انعقاد کیا گیا۔

    اس ٹورنامنٹ میں ڈویژن بھر کی 20 ٹیموں نے شرکت کی اور کھلاڑیوں نے اپنی مہارت کا شاندار مظاہرہ کیا۔ چیمپئن شپ کا مقصد نوجوانوں میں کھیلوں کی حوصلہ افزائی کرنا اور ٹائیکوانڈو جیسے مارشل آرٹس کو فروغ دینا تھا۔

    مقابلوں کے دوران کھلاڑیوں نے بھرپور تکنیک اور مہارت کے ساتھ ایک دوسرے کو شکست دینے کی کوشش کی۔ شریک کھلاڑیوں نے کہا کہ ایسے ایونٹس کا تسلسل جاری رہنا چاہیے تاکہ نوجوان کھلاڑیوں کو بین الاقوامی پلیٹ فارمز پر اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع مل سکے۔

  • اوچ شریف: پولیس پارٹی پر قبضہ گروپ کا حملہ، کانسٹیبل شدید زخمی

    اوچ شریف: پولیس پارٹی پر قبضہ گروپ کا حملہ، کانسٹیبل شدید زخمی

    اوچ شریف (نامہ نگار حبیب خان) اوچ شریف کے نواحی علاقے محمد پور میں ایک قیمتی زمین پر قبضے کی کوشش کو ناکام بنانے کے لیے پہنچی پولیس پارٹی پر حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں کانسٹیبل محمد شاہد حسین شدید زخمی ہو گئے۔

    پولیس ترجمان کے مطابق، 10 اگست 2025 کو صبح 8 بجے خواجہ مرید حسین نے پولیس کو اطلاع دی کہ کچھ افراد ان کی 5 کنال اراضی پر زبردستی قبضہ کر رہے ہیں۔ اس اطلاع پر تھانہ اوچ شریف سے ایک پولیس ٹیم جس میں اے ایس آئی نذیر احمد، کانسٹیبل محمد شاہد حسین، اور ہیڈ کانسٹیبل محمد شاہ نواز شامل تھے، موقع پر پہنچی۔

    پولیس کے پہنچنے پر ملزمان صدیق، شفیق، اور حمید (ولدان غلام علی کھوکھر) اپنے 8 سے 10 نامعلوم ساتھیوں کے ہمراہ مسلح حالت میں موجود تھے۔ انہوں نے پولیس پارٹی پر حملہ کر دیا۔ ملزم صدیق نے کانسٹیبل محمد شاہد کے سر پر سوٹی ماری، جس سے وہ شدید زخمی ہو گئے۔ زخمی کانسٹیبل کو فوری طور پر رورل ہیلتھ سینٹر لے جایا گیا، جہاں سے انہیں بہاول وکٹوریہ اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ان کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

    زمین کے مالک خواجہ مرید حسین کے مطابق، یہ زمین انہیں وراثت میں ملی تھی۔ ملزمان اس کے قیمتی حصے پر قبضہ کرنے کے لیے ٹریکٹر سے ہل چلا رہے تھے۔ پولیس نے اس واقعے کا مقدمہ درج کر کے ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنا شروع کر دیے ہیں۔

  • اوچ شریف: خالد عرف "بڈو بھلکا” کی قرآن پر توبہ، گناہوں سے کنارہ کشی کا عہد

    اوچ شریف: خالد عرف "بڈو بھلکا” کی قرآن پر توبہ، گناہوں سے کنارہ کشی کا عہد

    اوچ شریف (نامہ نگار حبیب خان) احمد پور شرقیہ کی پیراگون سٹی کے رہائشی خالد عرف بڈو بھلکا نے ایک عوامی تقریب میں قرآن پاک پر ہاتھ رکھ کر اپنے سابقہ گناہوں اور جیب تراشی سے ہمیشہ کے لیے توبہ کا اعلان کیا۔

    یہ تقریب پیراگون سٹی کی جامع مسجد میں منعقد ہوئی، جہاں اہل علاقہ کے معززین، سابق کونسلرز اور متعدد شہری موجود تھے۔ اس موقع پر قاری محمد حفیظ اللہ نے تلاوتِ قرآن پاک کی سعادت حاصل کی جبکہ دعا حضرت مولانا محمد عمر فاروق نے کرائی۔

    اس سے قبل، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بہاولپور کی ہدایت پر تھانہ سٹی احمد پور شرقیہ میں ہونے والی کچہری میں بھی خالد بھلکا پیش ہوئے اور معززین علاقہ کی جانب سے تحریر کردہ بیانِ حلفی پیش کیے گئے تھے۔ تقریب کے اختتام پر شرکاء میں لنگر بھی تقسیم کیا گیا۔

  • اوچ شریف : کھجور یں توڑتے ہوئے شخص بجلی کے کرنٹ سے جاں بحق

    اوچ شریف : کھجور یں توڑتے ہوئے شخص بجلی کے کرنٹ سے جاں بحق

    اوچ شریف (باغی ٹی وی،نامہ نگار حبیب خان) اوچ شریف کے نواحی علاقے مخدوم پور میں ایک دلخراش واقعہ پیش آیا جہاں کھجور توڑنے کی کوشش میں ایک شخص بجلی کا کرنٹ لگنے سے جان کی بازی ہار گیا۔

    تفصیلات کے مطابق خادم حسین ولد امام بخش کھجور کے درخت پر چڑھے تھے کہ اچانک وہ درخت کے قریب سے گزرنے والی مین بجلی کی کیبل سے چھو گئے۔ کرنٹ لگنے کے بعد وہ کچھ دیر تک درخت پر ہی لٹکے رہے۔

    مقامی لوگوں کی اطلاع پر ریسکیو 1122 کی ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچی۔ ٹیم نے بڑی احتیاط کے ساتھ خادم حسین کو درخت سے نیچے اتارا اور ان کی زندگی بچانے کے لیے موقع پر ہی سی پی آر (CPR) فراہم کرنے کی کوشش کی، مگر تمام کوششیں بے سود ثابت ہوئیں اور وہ جانبر نہ ہو سکے۔

    خادم حسین کی لاش کو بعد ازاں آر ایچ سی (RHC) اوچ شریف منتقل کر دیا گیا۔ اس افسوسناک حادثے نے پورے علاقے میں گہرے غم و افسوس کی فضا پیدا کر دی ہے۔

  • احمد پور شرقیہ: ڈی پی او احسن اقبال کی کھلی کچہری، عوامی شکایات پر فوری احکامات

    احمد پور شرقیہ: ڈی پی او احسن اقبال کی کھلی کچہری، عوامی شکایات پر فوری احکامات

    اوچ شریف (باغی ٹی وی ،نامہ نگارحبیب خان) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر احسن اقبال نے احمد پور شرقیہ میں کھلی کچہری منعقد کی، جس میں بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کر کے اپنے مسائل اور شکایات پیش کیں۔ ڈی پی او نے تمام شکایات بغور سنیں اور موقع پر ہی متعلقہ افسران کو فوری کارروائی کے احکامات جاری کیے۔

    اس موقع پر ڈی پی او احسن اقبال نے کہا کہ کرپشن، غفلت اور کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ عوام کو انصاف کی فراہمی پولیس کی اولین ترجیح ہے اور ہر شکایت پر بلا امتیاز اور فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے شہریوں کو یقین دلایا کہ ان کے مسائل کے حل کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

  • اوچ شریف: پیپلز پارٹی رہنماؤں کا یومِ آزادی پر پیغام، پاکستان کی ایٹمی و اسٹریٹجک حیثیت پر فخر

    اوچ شریف: پیپلز پارٹی رہنماؤں کا یومِ آزادی پر پیغام، پاکستان کی ایٹمی و اسٹریٹجک حیثیت پر فخر

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) پاکستان پیپلز پارٹی ڈویژن بہاولپور کے ڈپٹی انفارمیشن سیکرٹری رانا محمد سلیم، سابقہ ٹکٹ ہولڈر عاصم عباسی، ضلعی صدر لیبر بیورو سید امجد بشیر، ضلعی صدر سرکل اسٹڈی عظیم وقار، ضلعی نائب صدر بشیر احمد جوئیہ، احمد داؤد، عبدالرحمن مغل، شعبہ خواتین کی ڈویژنل صدر سائرہ عباسی، ڈویژنل نائب صدر نسرین بیگ، فاطمہ زیدی ایڈووکیٹ (نائب صدر ڈویژن بہاولپور) اور تحصیل صدر احمد پور شرقیہ ام البنین نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ آزادی ایک عظیم نعمت ہے جسے 14 اگست 1947ء کو لاکھوں قربانیوں کے بعد حاصل کیا گیا۔

    رہنماؤں نے کہا کہ پاکستان ایک ایٹمی طاقت اور پرامن ملک ہے، جس کے دوستانہ تعلقات مسلم دنیا میں نہایت گہرے ہیں۔ خواتین نے بھی تحریکِ آزادی میں مردوں کے شانہ بشانہ جدوجہد کی اور اپنی ذمہ داریاں بھرپور طریقے سے نبھائیں۔ آبادی کے لحاظ سے پاکستان او آئی سی کا دوسرا بڑا ملک اور واحد نیوکلیئر طاقت ہے، جو اپنی اسٹریٹجک حیثیت سے خطے اور قریبی علاقوں کے سنگین مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت نے 2025ء میں پاکستان پر جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی لیکن اسے منہ کی کھانی پڑی۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی بصیرت کی بدولت 1974ء میں او آئی سی کے تاریخی سربراہی اجلاس کے ذریعے اسلامی دنیا میں اتحاد اور یکجہتی کو فروغ ملا، جو پیپلز پارٹی کے لیے ہمیشہ اولین ترجیح رہا ہے۔

    رہنماؤں کا کہنا تھا کہ پاکستان او آئی سی کے پلیٹ فارم سے کشمیر اور فلسطین کے عوام کی جدوجہدِ آزادی کی مکمل حمایت کرتا رہے گا۔ کشمیری عوام کے حقِ خود ارادیت اور فلسطینی عوام کے حقوق کے لیے پاکستان کی حمایت ہماری قومی اور اسلامی یکجہتی کی علامت ہے۔

  • اوچ شریف: مقتول صحافی ظفر اقبال نائچ کے قاتل اہل خانہ پر دباؤ ڈالنے لگے، پولیس پر سرپرستی کا الزام

    اوچ شریف: مقتول صحافی ظفر اقبال نائچ کے قاتل اہل خانہ پر دباؤ ڈالنے لگے، پولیس پر سرپرستی کا الزام

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) احمد پور شرقیہ کے نواحی علاقے چنی گوٹھ میں مقامی صحافی ظفر اقبال نائچ کے اہل خانہ نے الزام لگایا ہے کہ ان کے بیٹے اور بھائی کے قاتل نہ صرف کھلے عام گھوم رہے ہیں بلکہ انہیں کیس کی پیروی سے روکنے کے لیے مسلسل دباؤ ڈال رہے ہیں، اور انکار پر جان کے دشمن بن گئے ہیں۔

    مقتول کی ضعیف ماں، بہن اور دیگر اہل خانہ نے مقامی صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ تھانہ ترنڈہ محمد پناہ کی پولیس مبینہ طور پر ملزمان کی پشت پناہی کر رہی ہے۔ اسی سرپرستی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ملزمان نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا رکھا ہے اور ہمیں دھمکیاں دے کر انصاف سے محروم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

    اہل خانہ کا مزید کہنا تھا کہ ملزمان کا تعلق کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کے متعدد واقعات اور کچے کے ڈاکوؤں سے ہے، اس لیے وہ انتہائی خطرناک مجرم ہیں۔ انہوں نے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا کہ فوری ایکشن لے کر قاتلوں کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

    ادھر سیاسی، سماجی اور صحافتی تنظیموں نے بھی واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے مقتول صحافی ظفر اقبال نائچ کے قاتلوں کو جلد از جلد سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے، تاکہ آئندہ کسی کو حق اور سچ کی آواز دبانے کی جرات نہ ہو۔

  • اوچ شریف:ایم 5  موٹروے پر غیر قانونی اسٹاپس، حادثات اور جرائم میں اضافہ

    اوچ شریف:ایم 5 موٹروے پر غیر قانونی اسٹاپس، حادثات اور جرائم میں اضافہ

    اوچ شریف(باغی ٹی وی،نامہ نگارحبیب خان ) ایم فائیو موٹروے پر ظاہر پیر سے ملتان کے درمیان ٹرانسپورٹرز کی جانب سے من مرضی کے غیر قانونی اسٹاپس قائم کر دیے گئے ہیں، جس سے نہ صرف حادثات میں اضافہ ہو رہا ہے بلکہ جرائم کی وارداتیں بھی بڑھ رہی ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق، موٹروے پر اوچ شریف کے مختلف مقامات پر موٹر وے پولیس اور ٹرانسپورٹرز کی ملی بھگت سے بسیں کھلے عام سواریاں اتار چڑھاتی ہیں۔ موٹروے قوانین کے تحت ویرانے میں گاڑی روکنا اور پیدل کراسنگ کرنا سختی سے منع ہے، مگر اس کی خلاف ورزی معمول بن چکی ہے۔

    ان غیر قانونی اسٹاپس پر پک اینڈ ڈراپ کا سلسلہ زور و شور سے جاری ہے جس کی وجہ سے حادثات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اس کے ساتھ ہی، ان مقامات پر جرائم کی وارداتوں میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

    سی پیک کے قریب رہنے والے مقامی شہری اس صورتحال پر سخت پریشانی کا شکار ہیں اور خود کو غیر محفوظ محسوس کرتے ہیں۔ انہوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اس غیر قانونی سرگرمی کا نوٹس لیا جائے اور ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

  • بہاولپور:پولیس کی جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بڑی کارروائی، 8 ملزمان گرفتار

    بہاولپور:پولیس کی جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بڑی کارروائی، 8 ملزمان گرفتار

    بہاولپور(باغی ٹی وی ،حبیب خان) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد حسن اقبال کی ہدایت پر بہاولپور پولیس نے جرائم پیشہ افراد کے خلاف جاری مہم میں بڑی کامیابیاں حاصل کیں۔ گزشتہ روز کی کارروائیوں میں 8 ملزمان کو گرفتار کیا گیا اور ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں شراب، ناجائز اسلحہ اور پتنگیں برآمد کی گئیں۔

    یہ کارروائیاں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے "منشیات سے پاک پنجاب” ویژن کے تحت کی جا رہی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق تھانہ کوتوالی اور تھانہ سٹی احمدپور شرقیہ پولیس نے دو ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 80 لیٹر شراب اور 11 کپی برآمد کیں۔تھانہ سول لائنز، صدر بہاولپور اور تھانہ سٹی یزمان پولیس نے چار ملزمان کو گرفتار کیا جن کے پاس سے 2 پسٹل 30 بور اور 2 ریوالور 32 بور برآمد ہوئے۔تھانہ بغدادالجدید اور تھانہ عباس نگر پولیس نے دو ملزمان کو گرفتار کر کے 222 پتنگیں اور خطرناک دھاتی ڈوریں قبضے میں لیں۔

    تمام گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

    ڈی پی او محمد حسن اقبال نے کہا کہ جرم جیسا بھی ہو، قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سماج دشمن عناصر کے خلاف یہ کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔