Baaghi TV

Category: بہاولپور

  • اوچ شریف: محکمہ ڈاک کی غفلت، بیٹ بختیاری کا شہری پارسل لینے آیا، خالی ہاتھ لوٹ گیا

    اوچ شریف: محکمہ ڈاک کی غفلت، بیٹ بختیاری کا شہری پارسل لینے آیا، خالی ہاتھ لوٹ گیا

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) محکمہ ڈاک اوچ شریف کی مجرمانہ غفلت اور غیر ذمہ داری کا ایک اور واقعہ، نواحی علاقے بیٹ بختیاری کے رہائشی محمد آصف کو شدید گرمی میں طویل فاصلہ طے کر کے پوسٹ آفس پہنچنے کے باوجود پارسل نہ دیا گیا۔

    محمد آصف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اس کا ضروری پارسل اوچ شریف ڈاکخانے پہنچ چکا تھا، مگر متعلقہ عملے نے اسے گھر پہنچانے کے بجائے فون کر کے خود آنے کو کہا۔ محمد آصف کے مطابق جب وہ شدید گرمی میں تھکا ہارا پوسٹ آفس پہنچا تو عملے نے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ ملازم ابھی آیا نہیں، کل آ کر پارسل لے جانا۔ کئی گھنٹوں کے انتظار کے باوجود بھی کسی نے شنوائی نہ کی، جس پر وہ خالی ہاتھ اور مایوس واپس لوٹا۔

    محمد آصف کا کہنا تھا کہ اس کی عزتِ نفس کو مجروح کیا گیا، اور وہ اذیت ناک تجربے سے گزرا۔ اس نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ غفلت برتنے والے اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے اور محکمہ ڈاک کے ناقص نظام کو درست کیا جائے۔

    اوچ شریف کے دیگر شہریوں نے بھی شکایات کرتے ہوئے کہا کہ یہ پہلا واقعہ نہیں، محکمہ ڈاک کی تاخیر، بدانتظامی اور غیر ذمہ دار عملے کی شکایات عام ہیں۔ عوام کا مطالبہ ہے کہ محکمہ ڈاک کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے تاکہ شہریوں کی بنیادی سہولیات میں مزید رکاوٹ نہ آئے۔

  • احمد پور شرقیہ: پسند کی شادی میں ناکامی پر نوجوان کی خودکشی، ورثہ کا پوسٹ مارٹم سے انکار، احتجاج

    احمد پور شرقیہ: پسند کی شادی میں ناکامی پر نوجوان کی خودکشی، ورثہ کا پوسٹ مارٹم سے انکار، احتجاج

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) تھانہ دھوڑکوٹ کی حدود میں موضع ودھنور کے رہائشی نوجوان نے پسند کی شادی نہ ہونے اور والد کی ڈانٹ سے دلبرداشتہ ہو کر زہریلی دوا پی کر خودکشی کر لی۔ متوفی کی شناخت 22/23 سالہ عبدالحمید ولد سعید احمد، قوم حسام کے طور پر ہوئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق عبدالحمید نے گھریلو رنجش اور مرضی کی شادی میں ناکامی پر گھر میں موجود فصلِ کپاس پر استعمال ہونے والی زہریلی اسپرے پی لی۔ تشویشناک حالت میں اسے فوری طور پر بہاول وکٹوریہ ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گیا۔ واقعے کی اطلاع پر مقامی پولیس افسر خدا بخش ایس آئی نے ضابطے کی کارروائی مکمل کرتے ہوئے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے احمد پور شرقیہ ہسپتال منتقل کیا۔

    تاہم لواحقین نے پوسٹ مارٹم کرانے سے انکار کر دیا اور مطالبہ کیا کہ لاش بغیر پوسٹ مارٹم کے حوالے کی جائے۔ پولیس نے قانونی تقاضوں کے تحت پوسٹ مارٹم کو ضروری قرار دیا جس پر متوفی کے ورثہ نے سول ہسپتال کے باہر احتجاج کرتے ہوئے سڑک بلاک کر دی۔ احتجاج کی اطلاع پر ایس ایچ او تھانہ سٹی احمد پور شرقیہ فوری طور پر موقع پر پہنچے، ورثہ سے مذاکرات کیے اور انہیں اعتماد میں لے کر روڈ کھولوا دیا۔

    پولیس اور ورثہ کے درمیان جاری کشیدگی وقتی طور پر ختم کر دی گئی ہے، جبکہ قانونی کارروائی جاری ہے۔

  • پنجاب کے 1183 تاریخی مقامات کھدائی کے منتظر، ہزاروں سال پرانی تہذیبیں مٹنے لگیں

    پنجاب کے 1183 تاریخی مقامات کھدائی کے منتظر، ہزاروں سال پرانی تہذیبیں مٹنے لگیں

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) پنجاب بھر میں 7 ہزار قبل مسیح سے لے کر برٹش دور تک کے 1183 آثار قدیمہ کی سائٹس کھدائی نہ ہونے کے باعث مٹنے کے خطرے سے دوچار ہو چکی ہیں۔ محکمہ آثار قدیمہ کی 29 سال پرانی تحقیق کے مطابق ان میں سے کسی ایک مقام پر بھی عملی کام شروع نہیں کیا جا سکا۔ فنڈز کی عدم دستیابی اور حکومتی عدم توجہی کی وجہ سے ہزاروں سالہ تاریخی ورثہ زمین میں دفن ہو کر معدوم ہونے لگا ہے۔

    1992 میں مرتب کی گئی محکمانہ فہرست کے مطابق صرف بہاولپور اور چولستان میں 454 سائٹس موجود ہیں، جبکہ مجموعی طور پر صوبے بھر میں 7 ہزار قبل مسیح کی 19، 3300 قبل مسیح کی ہاکڑہ تہذیب، 2500 قبل مسیح کی ہڑپہ کے ابتدائی دور کی 56، درمیانے دور کی 31، 1400 قبل مسیح کی 5، 700 قبل مسیح کی 256 سائٹس، ابتدائی اسلامی دور (آٹھویں تا گیارہویں صدی) کی 145، سلاطین دور (12ویں تا 15ویں صدی) کی 195، مغلیہ دور (15ویں تا 18ویں صدی) کی 324 اور سکھ و برطانوی دور (18ویں صدی تا 1947) کی 176 سائٹس شامل ہیں۔

    ضلع بہاولپور میں 60، ملتان میں 50، خانیوال میں 51، وہاڑی میں 39، لودھراں میں 36، راجن پور میں 11، ڈیرہ غازی خان میں 14، مظفر گڑھ میں 20، لیہ میں 11 اور جھنگ میں 55 آثار قدیمہ کی نشان دہی کی جا چکی ہے۔ اوچ شریف میں محلہ بخاری جبکہ چولستان میں قلعہ ڈراوڑ سے 40 کلومیٹر دور گویری والا اور کڈھ والا سائٹس یزمان کی ہڑپہ دور کی تاریخ بیان کرتی ہیں، جن کی کھدائی سے قبل مسیح کے قدیم شہر منظر عام پر آ سکتے ہیں۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر ان مقامات پر سنجیدہ کھدائی شروع کی جائے تو پنجاب میں ہڑپہ اور سندھ میں موہنجو داڑو کے درمیانی دور کی مکمل گمشدہ تہذیب کو دریافت کیا جا سکتا ہے۔ تاہم محکمہ آثار قدیمہ کی جانب سے آج تک کسی بھی سائٹ پر کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا، جس کے باعث یہ قیمتی ورثہ وقت کے ساتھ مٹتا جا رہا ہے۔ ماہرین نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری فنڈز فراہم کر کے ان تاریخی مقامات کی کھدائی اور تحفظ کا عمل شروع کیا جائے تاکہ ہزاروں سال پرانی تہذیبوں کی بقا ممکن ہو سکے۔

  • اوچ شریف: تربیلا ڈیم میں ڈوبنے والے نوجوان کی 3 روز بعد لاش برآمد

    اوچ شریف: تربیلا ڈیم میں ڈوبنے والے نوجوان کی 3 روز بعد لاش برآمد

    اوچ شریف (باغی ٹی وی،نامہ نگار حبیب خان)اسلام آباد کے تربیلا ڈیم میں نہاتے ہوئے ڈوبنے والا اوچ شریف کا نوجوان محمد علی اکبر مانک تین روز کی مسلسل تلاش کے بعد مردہ حالت میں مل گیا، جس کے بعد چک مانک گاؤں میں کہرام مچ گیا اور علاقہ سوگ میں ڈوب گیا۔

    محمد علی اکبر مانک، جو روزگار کے سلسلے میں اسلام آباد میں مقیم تھا، تین روز قبل دوستوں کے ہمراہ تفریح کے لیے غازی تربیلا ڈیم گیا تھا، جہاں نہاتے ہوئے وہ اچانک گہرے پانی میں ڈوب گیا۔ واقعے کے بعد ریسکیو ٹیموں نے تین دن مسلسل سرچ آپریشن جاری رکھا اور آج بالآخر اس کی لاش برآمد کر لی گئی۔

    لاش کی اطلاع جنگل میں آگ کی طرح پھیل گئی، گاؤں میں غم و اندوہ کی فضا چھا گئی، والدین اور عزیز و اقارب پر قیامت ٹوٹ پڑی۔ اسلام آباد میں نمازِ جنازہ ادا کی گئی جس میں بڑی تعداد میں دوست احباب اور اہل علاقہ نے شرکت کی، بعدازاں میت کو آبائی گاؤں چک مانک منتقل کیا گیا جہاں آج تدفین عمل میں لائی جائے گی۔

    اہل علاقہ نے نوجوان کی ناگہانی موت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ ہر دل کو دہلا دینے والا ہے اور والدین کے لیے ناقابلِ برداشت صدمہ ہے۔

  • اوچ شریف:ایران پر حملہ، اسرائیل کی حمایت، امریکا مسلم دنیا کا دشمن بن چکا، انجمن تاجران

    اوچ شریف:ایران پر حملہ، اسرائیل کی حمایت، امریکا مسلم دنیا کا دشمن بن چکا، انجمن تاجران

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان)اوچ شریف کی انجمن تاجران نے امریکہ کی جانب سے ایران پر حملے اور اسرائیل کی اندھی حمایت کو مسلم دنیا کے خلاف خطرناک سازش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اب وقت آ چکا ہے کہ مسلم اُمہ متحد ہو کر دشمن کو اس کی زبان میں جواب دے۔

    انجمن تاجران کے صدر عمر خورشید سہمن، نائب صدر میاں محمد عامر صدیقی اور جنرل سیکرٹری حاجی طارق حسین نے مشترکہ بیان میں کہا کہ امریکہ اب کھل کر اسرائیل کا اتحادی بن چکا ہے اور مسلم ممالک کو نشانہ بنانے پر تُلا ہوا ہے۔ ایران پر حملہ پوری مسلم دنیا کے لیے وارننگ ہے، اگر آج خاموشی اختیار کی گئی تو کل کسی اور اسلامی ملک کی باری ہو گی۔

    انہوں نے کہا کہ مسلم ممالک اب صرف مذمتی بیانات اور قراردادوں پر اکتفا نہ کریں بلکہ حقیقی اتحاد کا مظاہرہ کریں، ورنہ دشمن کی عالمی سازشوں کا شکار ہوتے رہیں گے۔ انجمن تاجران نے اپیل کی کہ مسلم حکمران، علماء اور عوام متحد ہو کر مشترکہ مؤقف اپنائیں اور فرقہ واریت، قوم پرستی اور لسانیت کو ترک کر کے امت کی بقا کے لیے ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوں۔

  • اوچ شریف: غیرت کے نام پر فائرنگ، تین افراد شدید زخمی

    اوچ شریف: غیرت کے نام پر فائرنگ، تین افراد شدید زخمی

    اوچ شریف باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان)اوچ شریف کے نواحی علاقے شمس کالونی میں غیرت کے نام پر فائرنگ کا لرزہ خیز واقعہ پیش آیا، جس میں تین افراد شدید زخمی ہو گئے۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے کارروائی شروع کر دی ہے، جبکہ شہر میں خوف و ہراس کی فضا قائم ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مرکزی ملزم محمد جعفر ولد لعل حسین قوم عباسی، سکنہ شمس کالونی، نے اپنی بیوی فوزیہ بی بی اور ساتھی محمد سلیم ولد غلام حیدر قوم پوترار کے ہمراہ غیرت کے شبہ پر حملہ کیا۔ ملزمان رکشے پر سوار ہو کر شمس کالونی میں واقع درزی سعید احمد ولد غلام حیدر بلوچ کی دکان پر پہنچے۔ محمد جعفر نے دکان کے باہر اتر کر سعید احمد پر 30 بور پستول سے فائر کیا جو سیدھا اس کی گردن پر لگا، نتیجتاً وہ شدید زخمی ہو گیا۔

    ملزمان اس کے بعد رکشے پر ہی چند قدم دور فیصل لطیف ولد حاجی عبدالطیف انور کی دکان پر پہنچے، جہاں حاجی عبدالطیف اپنے بیٹے فیصل کے ہمراہ موجود تھے۔ محمد جعفر نے دوبارہ فائرنگ کی، جس سے حاجی عبدالطیف کے دائیں کندھے کے نیچے گولی لگی اور وہ شدید زخمی ہو گئے۔ اس ہولناک حملے میں ایک راہگیر محمد آصف ولد خادم حسین قوم مغل پٹھان، جو قریبی حمام کے باہر موجود تھا، کو بھی بائیں ٹانگ پر گولی لگی۔

    واقعے کے فوراً بعد شہری محمد اکرم ولد اللہ بخش اور محمد عثمان ولد خدا بخش بلوچ نے مضروبین کو سنبھالا اور فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر عینی شاہدین کے بیانات قلمبند کیے اور مدعی فیصل لطیف کی تحریری درخواست پر مقدمہ درج کر لیا۔

    درخواست کے مطابق محمد جعفر کو شبہ تھا کہ اس کی بیوی کے درزی سعید احمد اور حاجی عبدالطیف کے ساتھ ناجائز تعلقات ہیں، جس پر اس نے قانون اپنے ہاتھ میں لیتے ہوئے دن دہاڑے تین افراد کو گولیوں کا نشانہ بنایا۔

    واقعے کے بعد شمس کالونی اور اطراف میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ مقامی شہریوں اور سماجی حلقوں نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ غیرت کے نام پر قانون ہاتھ میں لینے والے درندہ صفت افراد کو فوری گرفتار کر کے قانون کے مطابق سخت سے سخت سزا دی جائے تاکہ معاشرے میں عدل، انصاف اور امن کو یقینی بنایا جا سکے۔

  • اوچ شریف: جعلی دودھ کا زہریلا کھیل، فوڈ اتھارٹی کی خاموشی عوام کی زندگیوں پر بھاری

    اوچ شریف: جعلی دودھ کا زہریلا کھیل، فوڈ اتھارٹی کی خاموشی عوام کی زندگیوں پر بھاری

    اوچ شریف(باغی ٹی وی ،نامہ نگارحبیب خان ) جعلی دودھ کا زہریلا کھیل، فوڈ اتھارٹی کی خاموشی عوام کی زندگیوں پر بھاری

    اوچ شریف میں ایک شرمناک اور خطرناک صورتِ حال روزمرہ کا معمول بن چکی ہے، جہاں خالص دودھ کے نام پر شہریوں کو کیمیکلز سے بھرپور زہریلا مشروب پلایا جا رہا ہے۔ زم زم ڈیری سمیت شہر کی متعدد دودھ فروش دکانیں غلیظ پانی، سنگاڑھا پاؤڈر، یوریا، سرف اور دیگر جان لیوا کیمیکلز سے تیار کردہ جعلی دودھ اور دہی سینکڑوں گھرانوں تک سپلائی کر رہی ہیں۔ سادہ لوح عوام خالص دودھ کی تلاش میں اپنی جیب خالی کر رہے ہیں اور اپنی صحت کو شدید خطرات سے دوچار کر رہے ہیں۔ اس زہریلے دودھ کے استعمال سے ہیپاٹائٹس، معدے کے امراض، دل کی بیماریاں، بچوں کی قوتِ مدافعت میں کمی اور فوڈ پوائزننگ کے کیسز میں خطرناک حد تک اضافہ ہو رہا ہے۔ ہسپتال مریضوں سے بھرے پڑے ہیں، لیکن فوڈ اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ اس سنگین مسئلے پر مجرمانہ خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔

    فوڈ اتھارٹی جو عوام کی صحت کی نگہبان ہونی چاہیے، اس گھناؤنے کھیل میں مبینہ طور پر مافیا کی سرپرست بنی ہوئی ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق فوڈ اتھارٹی کے کچھ اہلکار دودھ فروش مافیا سے ماہانہ نذرانے وصول کر کے اس غیر قانونی دھندے کو تحفظ فراہم کر رہے ہیں۔ عوامی شکایات کے باوجود کوئی ٹھوس کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی، جس سے شہریوں میں شدید بے چینی اور غصہ پایا جا رہا ہے۔ خالص دودھ کی دوگنی قیمت پر یہ زہریلا مشروب فروخت کیا جا رہا ہے، بےضابطہ کہ نہ کوئی ریٹ لسٹ ہے، نہ معیار کی جانچ اور نہ ہی لیبارٹری رپورٹس۔ یہ سب کچھ انتظامیہ کی سرپرستی میں ہو رہا ہے، جو عوام کی جیب اور صحت پر ڈاکا ڈال رہا ہے۔

    شہری، وکلا، اساتذہ، ڈاکٹرز اور سماجی حلقوں نے اس خطرناک صورتِ حال پر گہرے غم و غصے کا اظہار کیا ہے اور ڈپٹی کمشنر بہاولپور ڈاکٹر فرحان فاروق سے فوری ایکشن کا مطالبہ کیا ہے۔ وہ زم زم ڈیری سمیت تمام جعلی دودھ فروشوں کے خلاف مقدمات درج کرنے، فوڈ اتھارٹی کے کرپٹ اہلکاروں کو معطل کر کے انکوائری شروع کرنے، شہر بھر میں دودھ اور دہی کے لیبارٹری ٹیسٹ کر کے رپورٹس عوام کے سامنے پیش کرنے اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کارروائی کی مکمل تفصیلات جاری کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ وہ اب خاموش نہیں رہیں گے اور اپنے حق کے لیے آواز بلند کرتے رہیں گے۔ وہ صاف دودھ اور صحت مند زندگی کو اپنا بنیادی حق سمجھتے ہیں اور اس زہریلے کھیل کے خاتمے تک جدوجہد جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔

  • اوچ شریف: نابالغ سے جعلی نکاح کے ذریعے زیادتی، ہائی کورٹ کا سخت ایکشن،مقدمہ درج

    اوچ شریف: نابالغ سے جعلی نکاح کے ذریعے زیادتی، ہائی کورٹ کا سخت ایکشن،مقدمہ درج

    اوچ شریف(باغی ٹی وی ،نامہ نگار حبیب خان)نابالغ سے جعلی نکاح کے ذریعے زیادتی، ہائی کورٹ کا سخت ایکشن، مقدمہ درج

    اوچ شریف کی راؤ کالونی میں 14 سالہ عاصمہ بی بی کے ساتھ جعلی نکاح کے ذریعے زیادتی کے دل دہلا دینے والے واقعے پر بہاولپور ہائی کورٹ نے سخت نوٹس لیتے ہوئے ملوث افراد کے خلاف فوجداری مقدمات درج کرنے کا حکم دے دیا۔

    متاثرہ لڑکی کی والدہ سلمیٰ بی بی نے عدالت میں درخواست دائر کی کہ ان کی بیٹی کو جنید سلیم، شاہد، محبوب، شہزاد اور مرکزی ملزم محمد زاہد نے اغوا کیا۔ بعد ازاں، قاضی محمد وسیم (نکاح خواں) اور دیگر گواہوں کی ملی بھگت سے ایک جعلی نکاح نامہ تیار کیا گیا تاکہ اس غیر قانونی فعل کو نکاح کا روپ دیا جا سکے۔

    عدالت عالیہ نے نادرا ریکارڈ کے مطابق متاثرہ لڑکی کی عمر 14 سے 15 سال قرار دی اور فیصلہ سنایا کہ نابالغ لڑکی نکاح کے معاہدے کی قانونی اہلیت نہیں رکھتی۔ عدالت نے ایس ایچ او تھانہ اوچ شریف کو ہدایت کی کہ محمد زاہد، قاضی محمد وسیم، نکاح رجسٹرار اور گواہوں کے خلاف اغوا، زیادتی، جعل سازی اور چائلڈ میرج ریسٹرینٹ ایکٹ سمیت فوجداری دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا جائے۔


    عدالتی احکامات پر فوری عمل کرتے ہوئے پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے اور سب انسپکٹر محمد اعتزاز احسن کو تفتیش سونپ دی گئی ہے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں اور مکمل چالان جلد عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ متاثرہ والدہ نے اعلیٰ حکام سے انصاف کی فراہمی اور ملزمان کو سخت سزا دینے کی اپیل کی ہے تاکہ معاشرے میں ایسے واقعات کی روک تھام ہو سکے۔

    اس واقعے نے مقامی آبادی میں شدید غم و غصہ پیدا کیا ہے، اور رہائشیوں اور سماجی کارکنوں نے نابالغ بچیوں کے تحفظ کے لیے سخت قوانین اور ان کے نفاذ پر زور دیا ہے۔

  • اوچ شریف: ایم پی اے عامر علی شاہ کی گورنر پنجاب سے اہم ملاقات

    اوچ شریف: ایم پی اے عامر علی شاہ کی گورنر پنجاب سے اہم ملاقات

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان)پی پی 250 سے رکنِ پنجاب اسمبلی مخدوم سید عامر علی شاہ نے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے گورنر ہاؤس لاہور میں اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں حلقے کے ترقیاتی منصوبوں، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور عوامی مسائل پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

    مخدوم عامر علی شاہ نے تعلیم، صحت، سڑکوں کی تعمیر، زرعی سہولیات اور صاف پانی کے منصوبوں پر گورنر پنجاب کو بریف کیا اور پسماندہ علاقوں کی ترقی کے لیے خصوصی توجہ کی اپیل کی۔ گورنر پنجاب نے مسائل کے حل اور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ مقامی نمائندوں کی سفارشات کو ترجیح دی جائے گی۔

    اس موقع پر مخدوم عامر علی شاہ نے گورنر پنجاب کو اوچ شریف کے دورے کی دعوت دی، جو انہوں نے قبول کرتے ہوئے جلد ممکنہ دورے کا وعدہ کیا۔ سیاسی حلقوں نے اس ملاقات کو عوامی فلاح کے لیے مثبت پیش رفت قرار دیا ہے۔

  • مخدوم یاور بخاری کی عبدالمجید ناصح کی عیادت، سیاسی امور پر گفتگو

    مخدوم یاور بخاری کی عبدالمجید ناصح کی عیادت، سیاسی امور پر گفتگو

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) اوچ شریف کی ہر دلعزیز سیاسی و سماجی شخصیت مخدوم سید یاور عباس بخاری نے ڈیرہ نواب صاحب میں معروف مذہبی، سیاسی و سماجی رہنما عبدالمجید خان ناصح کی عیادت کی۔ انہوں نے ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ ناصح صاحب دوستوں کا قیمتی اثاثہ ہیں، ان کی موجودگی حلقہ احباب کے لیے باعث برکت ہے۔

    اس موقع پر مخدوم یاور عباس بخاری نے کہا کہ انسان کی اصل طاقت رشتوں میں محبت اور رابطے کی مضبوطی ہوتی ہے، عبدالمجید ناصح جیسے لوگ دلوں پر راج کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ناصح صاحب کی عوامی خدمات اور خلوص انہیں محبوب بناتے ہیں۔

    عیادت کے دوران سیاسی گفتگو میں مخدوم یاور عباس بخاری نے انکشاف کیا کہ وہ جلد ولی عہد امیر آف بہاولپور پرنس بہاول عباس خان عباسی سے ملاقات کریں گے، جس میں اوچ شریف کی موجودہ سیاسی صورت حال پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔