Baaghi TV

Category: بہاولپور

  • اوچ شریف: آوارہ کتے کے باعث موٹرسائیکل حادثہ، دو افراد زخمی

    اوچ شریف: آوارہ کتے کے باعث موٹرسائیکل حادثہ، دو افراد زخمی

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان)شمس آباد ٹول پلازہ بہاولپور لنک روڈ کے قریب ایک افسوسناک حادثہ اس وقت پیش آیا جب تیز رفتار موٹرسائیکل کے سامنے اچانک ایک آوارہ کتا آ گیا، جس کے باعث موٹرسائیکل بے قابو ہو کر الٹ گئی۔ حادثے میں دو افراد زخمی ہو گئے جن کی شناخت محمد کامران ولد محمد اشفاق، عمر 18 سال، اور محمد اشفاق ولد غلام رسول، عمر 60 سال، دونوں رہائشی جلال پور کے طور پر ہوئی ہے۔

    ریسکیو ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد زخمیوں کو RHC مبارک پور منتقل کر دیا گیا جہاں انہیں مزید طبی سہولیات مہیا کی گئیں۔

    حادثے کی وجہ سڑک پر آوارہ کتوں کی موجودگی بتائی جا رہی ہے، جو مسافروں کی زندگیوں کے لیے مستقل خطرہ بن چکے ہیں۔ شہریوں اور مسافروں نے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سڑکوں پر آوارہ کتوں کی روک تھام کے لیے فوری اقدامات کریں تاکہ آئندہ ایسے جان لیوا حادثات سے بچا جا سکے۔

  • بہاولپور: تیز رفتار کار کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار جاں بحق، ایک زخمی

    بہاولپور: تیز رفتار کار کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار جاں بحق، ایک زخمی

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) بہاولپور کے قریب اشرف شوگر مل کے مقام پر افسوسناک ٹریفک حادثے میں ایک موٹرسائیکل سوار موقع پر جاں بحق جبکہ دوسرا شدید زخمی ہو گیا۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ اُس وقت پیش آیا جب تیز رفتار کار نے موٹرسائیکل کو پیچھے سے ٹکر مار دی۔ ٹکر اس قدر شدید تھی کہ عبدالحمید ولد منظور احمد، عمر 36 سال، ساکن اڈا نور پور چوک، سر پر گہری چوٹ لگنے کے باعث موقع پر ہی دم توڑ گیا، جب کہ دوسرا موٹرسائیکل سوار مشتاق ولد علی احمد، عمر 45 سال، ساکن خانقاہ شریف، متعدد فریکچرز کا شکار ہوا۔ ریسکیو ٹیم نے زخمی کو فوری طبی امداد دے کر بہاول وکٹوریہ اسپتال منتقل کر دیا۔

    جاں بحق شخص کی لاش ضروری قانونی کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی گئی ہے۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

  • بہاولپور پولیس اور الرشید ڈائگناسٹک سنٹر میں معاہدہ: شہداء کی فیملیز مفت، ملازمین کو 50٪ رعایت

    بہاولپور پولیس اور الرشید ڈائگناسٹک سنٹر میں معاہدہ: شہداء کی فیملیز مفت، ملازمین کو 50٪ رعایت

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) ضلع بہاولپور پولیس اور الرشید ڈائگناسٹک سنٹر (RDC) کے درمیان ایک اہم فلاحی معاہدہ طے پا گیا ہے جس کے تحت شہداء پولیس اہلکاروں کی فیملیز کو مکمل مفت اور حاضر سروس ملازمین کو 50 فیصد رعایت کے ساتھ ڈائگناسٹک سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

    اس معاہدے پر دستخط کی تقریب میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) بہاولپور محمد حسن اقبال نے خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے اس اقدام کو پولیس فورس کی فلاح و بہبود کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔ ڈی پی او کا کہنا تھا کہ پولیس شہداء کی قربانیوں کا اعتراف اور زندہ اہلکاروں کی صحت کی نگہداشت ریاست اور نجی شعبے کی مشترکہ ذمہ داری ہے، اور یہ معاہدہ اسی جذبے کی ایک عملی مثال ہے۔

    انہوں نے الرشید ڈائگناسٹک سنٹر کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات سے نہ صرف پولیس اہلکاروں کے اہل خانہ کو سہولت میسر آئے گی بلکہ فورس کے حوصلے میں بھی اضافہ ہوگا۔ یہ معاہدہ عوامی خدمت کے شعبے میں پولیس اور نجی اداروں کے درمیان فلاحی تعاون کی نئی راہیں کھولے گا۔

  • اوچ شریف: صفائی کا نظام مفلوج، محرم سے قبل شہری سراپا احتجاج

    اوچ شریف: صفائی کا نظام مفلوج، محرم سے قبل شہری سراپا احتجاج

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) محرم الحرام کے مقدس ایام کی آمد سے قبل اوچ شریف کے مختلف علاقوں خصوصاً بستی سادات میں صفائی کا نظام مکمل طور پر مفلوج ہو چکا ہے۔ گلی کوچے، امام بارگاہوں کے اطراف اور جلوسوں کے روٹس گندگی، کیچڑ اور بدبودار پانی سے بھرے پڑے ہیں، جس سے نہ صرف شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے بلکہ وبائی امراض کے پھیلنے کا بھی خطرہ بڑھ گیا ہے۔

    شہریوں نے ضلعی انتظامیہ، بلدیاتی اداروں اور صفائی کے متعلقہ محکموں کی مجرمانہ غفلت پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہر سال محرم سے قبل نالوں کی صفائی اور جلوس کے روٹس کی تیاری کی جاتی تھی، لیکن اس بار مکمل خاموشی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسا محسوس ہو رہا ہے جیسے متعلقہ افسران خوابِ غفلت میں ہیں اور شہریوں کو ان کے حال پر چھوڑ دیا گیا ہے۔

    عزاداروں کے لیے جلوسوں کے راستوں پر گندگی کے ڈھیر، بند نالے اور بدبو دار پانی کی موجودگی کسی بڑے سانحے کا پیش خیمہ بن سکتی ہے۔ شہریوں نے اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ محمد نوید حیدر اور ڈپٹی کمشنر بہاولپور سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر صفائی کے مؤثر اقدامات نہ کیے گئے تو وہ شدید احتجاج پر مجبور ہوں گے۔

    شہریوں کا کہنا ہے کہ محرم سے قبل یہ صورتحال انتظامیہ کی کارکردگی پر ایک بڑا سوالیہ نشان ہے اور اگر بروقت ایکشن نہ لیا گیا تو نہ صرف عزاداری متاثر ہوگی بلکہ امن و امان کی صورتحال بھی خطرے میں پڑ سکتی ہے۔

  • اوچ شریف: ہوٹلوں پر آوارہ کتوں کا قبضہ، میونسپل کمیٹی غفلت کا شکار، شہری سراپا احتجاج

    اوچ شریف: ہوٹلوں پر آوارہ کتوں کا قبضہ، میونسپل کمیٹی غفلت کا شکار، شہری سراپا احتجاج

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان)تحصیل احمد پور شرقیہ کا مرکزی و مصروف ترین شہر اوچ شریف آوارہ کتوں کی یلغار سے شدید متاثر ہے۔ جلال پور پیر والا روڈ، ریسٹ ہاؤس، الشمس چوک، محلہ گیلانی، جگ پورہ، عمر ٹاؤن اور ناصر ٹاؤن جیسے گنجان آباد علاقے مکمل طور پر کتوں کے رحم و کرم پر ہیں۔ ہوٹلوں کے باہر دندناتے کتوں کے غول نہ صرف مسافروں کو خوف میں مبتلا کیے ہوئے ہیں بلکہ مقامی خواتین، بچے اور بزرگ بھی گھروں میں محصور ہو چکے ہیں۔

    عینی شاہدین کے مطابق کتوں کے حملوں میں موٹر سائیکل سوار زخمی ہو چکے ہیں، جبکہ ہوٹلوں کے باہر خوف کا سماں ہے۔ شہریوں نے الزام عائد کیا ہے کہ "کتا مار مہم” صرف کاغذی کارروائیوں اور جعلی بلوں تک محدود ہے، حالانکہ میونسپل کمیٹی کو اس مقصد کے لیے باقاعدہ بجٹ فراہم کیا جاتا ہے۔ نہ کوئی ٹیم نظر آتی ہے، نہ کسی کتے کی تلفی کا ریکارڈ موجود ہے۔

    مقامی سماجی کارکنان رجب حسین، محمد اسحاق، طارق آرائیں، ملک زاہد اور نعمان سمیت دیگر شہریوں نے ضلعی حکومت اور ڈپٹی کمشنر بہاولپور سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ میونسپل کمیٹی اوچ شریف کو جوابدہ بنایا جائے اور فوری مؤثر کارروائی کے ذریعے عوام کو آوارہ کتوں کے عذاب سے نجات دلائی جائے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا شہریوں کی جان و مال کی حفاظت صرف اعلانات تک محدود رہے گی؟ یا واقعی انتظامیہ عملی اقدام بھی کرے گی؟

  • پنجاب بجٹ میں وعدے ہوا ہو گئے، احمد پور شرقیہ ضلع کا خواب ادھورا، اوچ شریف ترقی سے دور

    پنجاب بجٹ میں وعدے ہوا ہو گئے، احمد پور شرقیہ ضلع کا خواب ادھورا، اوچ شریف ترقی سے دور

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان)پنجاب حکومت کے مالی سال 2025-26 کے بجٹ نے جنوبی پنجاب کے عوام، بالخصوص احمد پور شرقیہ اور اوچ شریف کے رہائشیوں کو ایک بار پھر مایوسی سے دوچار کر دیا ہے۔ تاریخی، ثقافتی اور سیاسی اہمیت کے باوجود احمد پور شرقیہ کو ضلع اور اوچ شریف کو تحصیل کا درجہ دینے کا وعدہ اس سال بھی پورا نہ ہو سکا۔

    گزشتہ برس وزیر اعظم میاں شہباز شریف نے احمد پور شرقیہ کو ضلع بنانے کا اعلان کیا تھا، جس پر عوام نے گہری امیدیں وابستہ کیں، مگر تازہ بجٹ میں اس اعلان کا کوئی ذکر شامل نہیں، جس پر شہریوں میں شدید غم و غصے کی فضا ہے۔ دوسری جانب صوفیائے کرام کی سرزمین اوچ شریف، جو روحانیت اور تاریخ میں خاص مقام رکھتا ہے، ترقیاتی منصوبوں سے مکمل محروم رہا۔

    مقامی افراد کا کہنا ہے کہ اوچ شریف میں آج بھی بجلی، پانی، سڑکوں، صحت و تعلیم جیسی بنیادی سہولیات کا فقدان ہے۔ شہریوں اور سیاسی و سماجی حلقوں نے حکومت پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ احمد پور شرقیہ کو فوری ضلع کا درجہ دیا جائے اور اوچ شریف کو تحصیل بنا کر بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور سیاحت کے فروغ کے لیے بجٹ مختص کیا جائے۔ عوام کا کہنا ہے کہ اگر حکومت جنوبی پنجاب کی ترقی میں واقعی سنجیدہ ہے تو وعدوں کی بجائے عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ محروم علاقے ترقی کی راہ پر آ سکیں۔

  • اوچ شریف:موٹر وے پر افسوسناک حادثہ، ہائی روف ٹریلر سے ٹکرا گئی، نوجوان زخمی

    اوچ شریف:موٹر وے پر افسوسناک حادثہ، ہائی روف ٹریلر سے ٹکرا گئی، نوجوان زخمی

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) سیر و تفریح کا خوشگوار خواب اس وقت خوفناک حادثے میں بدل گیا جب سکھر سے اسلام آباد جانے والی ایک فیملی کی ہائی روف وین موٹر وے پر جھانگڑہ انٹرچینج کے قریب ایک کھڑے ٹریلر سے جا ٹکرائی۔ حادثے کا سبب ڈرائیور کو اچانک نیند کا آ جانا بتایا جا رہا ہے، جس کے باعث گاڑی قابو سے باہر ہو گئی اور ٹریلر سے جا ٹکرائی۔

    اس افسوسناک واقعے میں 28 سالہ نوجوان محمد حامد ولد محمد ماجد شدید زخمی ہو گیا۔ اطلاعات کے مطابق حادثے کے نتیجے میں اس کے بائیں پاؤں پر گہرا زخم اور دائیں ران پر شدید خراشیں آئیں۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیم فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچی اور ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد زخمی کو رورل ہیلتھ سنٹر اوچ شریف منتقل کر دیا۔ ڈاکٹروں کے مطابق نوجوان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

    حادثے کے بعد موٹر وے پولیس اور ریسکیو ٹیموں نے جائے وقوعہ کو کلیئر کر کے متاثرہ گاڑی کو ہٹایا اور ٹریفک کو بحال کیا۔ فیملی کے دیگر افراد معجزانہ طور پر محفوظ رہے تاہم حادثے کے باعث شدید ذہنی صدمے کا شکار ہیں۔ پولیس نے ابتدائی رپورٹ درج کر لی ہے جبکہ حادثے کی مزید تفتیش جاری ہے۔

  • اوچ شریف: پیٹرولیم قیمتوں میں اضافے پر عوام سراپا احتجاج، مہنگائی کا بم ناقابلِ برداشت قرار

    اوچ شریف: پیٹرولیم قیمتوں میں اضافے پر عوام سراپا احتجاج، مہنگائی کا بم ناقابلِ برداشت قرار

    اوچ شریف (باغی ٹی وی نامہ نگار حبیب خان)وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کر دیا گیا، جس نے اوچ شریف کے شہریوں کو شدید غم و غصے میں مبتلا کر دیا ہے۔ شہریوں نے اس اقدام کو غربت کی چکی میں پسے عوام پر ایک اور معاشی بم قرار دیتے ہوئے شدید ردعمل دیا۔

    نئے نرخوں کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 80 پیسے فی لیٹر اضافہ ہوا جس کے بعد نئی قیمت 258 روپے 43 پیسے، جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے 95 پیسے اضافہ ہوا، جس کے بعد نئی قیمت 262 روپے 59 پیسے فی لیٹر ہو گئی۔

    اوچ شریف کے شہریوں محمد علی، معاذ خالد، محمود الحسن، محمد عمران، محمد شاہد نذیر، ملک یعقوب اور محمد ساجد خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے عوام پر مہنگائی کا ایک اور زہریلا وار کیا ہے۔ پہلے ہی غربت، بے روزگاری اور مہنگائی نے زندگی اجیرن کر رکھی ہے، اب ایندھن کی قیمتیں بڑھنے سے روزمرہ زندگی مزید ناقابلِ برداشت ہو جائے گی۔

    شہریوں نے حکمرانوں کی شاہانہ زندگی اور پروٹوکول پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جب تک حکومتی اخراجات میں کٹوتی نہیں کی جاتی اور صرف عوام کو ہی قربانی کا بکرا بنایا جاتا رہے گا، تب تک یہ بحران سنگین ہوتا جائے گا۔ شہریوں نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے فوری ریلیف نہ دیا تو عوامی ردعمل حکومت کے لیے خطرے کی گھنٹی بن سکتا ہے۔

    انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکمران اپنی عیاشیاں ختم کریں اور مہنگائی کے خلاف عملی اقدامات کرتے ہوئے پٹرولیم قیمتوں میں کیا گیا اضافہ واپس لیں تاکہ عوام کچھ سکھ کا سانس لے سکیں۔

  • اوچ شریف: موت کی سواری، کھٹارا ویگنیں بےقابو، انتظامیہ خاموش

    اوچ شریف: موت کی سواری، کھٹارا ویگنیں بےقابو، انتظامیہ خاموش

    اوچ شریف (باغی ٹی وی نامہ نگار حبیب خان)اوچ شریف سے احمد پور شرقیہ، چنی گوٹھ، علی پور اور جلال پور پیر والا تک چلنے والی پرانی، خستہ حال اور غیر فٹ پبلک ویگنیں شہریوں کی جانوں کے لیے خطرہ بن چکی ہیں۔ یہ کھٹارا گاڑیاں نہ کھڑکیوں سے لیس ہیں، نہ شیشوں سے، اور نہ ہی ان کے پاس فٹنس سرٹیفکیٹ موجود ہیں۔ حیران کن طور پر یہ گاڑیاں ایل پی جی سلنڈروں پر چلائی جا رہی ہیں، جن کا استعمال پبلک ٹرانسپورٹ میں اوگرا کی جانب سے سختی سے ممنوع قرار دیا گیا ہے۔

    مسافروں کے مطابق یہ ویگنیں حد سے زیادہ اوورلوڈ ہوتی ہیں اور اندر نصب سلنڈر کسی بھی وقت دھماکہ کر سکتے ہیں، مگر ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی، سول ڈیفنس، ٹریفک پولیس اور پٹرولنگ فورس سب نے آنکھیں بند کر رکھی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ان اداروں کے بعض افسران اور ٹرانسپورٹ مافیا کے درمیان مبینہ "ماہانہ ڈیل” طے ہے، جس کے نتیجے میں گاڑیاں بلاخوف رواں دواں ہیں۔ پولیس ناکوں پر روکنے کے باوجود بھی کوئی مؤثر کارروائی نہیں ہوتی، صرف چند رسمی چالان کرکے افسران کی "اطمینان رپورٹ” تیار کر لی جاتی ہے۔

    اوچ شریف تا احمد پور شرقیہ اور دیگر علاقوں میں سڑکوں پر دوڑتی یہ غیرقانونی گاڑیاں انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان بن چکی ہیں۔ شہریوں اور مسافروں نے کمشنر بہاول پور، ڈپٹی کمشنر، اور ڈی پی او بہاول پور سے فوری نوٹس لینے، غیرقانونی ٹرانسپورٹ کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی اپنانے، اور ملوث افسران و ٹرانسپورٹ مافیا کے خلاف فوجداری مقدمات درج کرنے کا پرزور مطالبہ کیا ہے تاکہ قیمتی انسانی جانوں کو بچایا جا سکے۔

  • سیالکوٹ، بہاولپور: سوئمنگ پول اور کرنٹ لگنے کے واقعات میں 3 بچے جاں بحق

    سیالکوٹ، بہاولپور: سوئمنگ پول اور کرنٹ لگنے کے واقعات میں 3 بچے جاں بحق

    سیالکوٹ، بہاولپور (بیوروچیف شاہدریاض+نامہ نگارحبیب خان ) بچوں کی ہلاکت کے دلخراش واقعات سامنے آئے ہیں جنہوں نے والدین اور عوام کو شدید دکھ اور غم میں مبتلا کر دیا ہے۔

    سیالکوٹ میں سوئمنگ پول میں نہاتے ہوئے دو کمسن بچے ڈوب کر جاں بحق ہو گئے۔ واقعہ محلہ حیات پورہ، بلو مہر والی گلی میں پیش آیا، جہاں ایک ہی گھر کے 9 سالہ محمد حسین اور 10 سالہ محمد حنان ایمن آباد روڈ فروٹ منڈی کے قریب واقع ایک سوئمنگ پول میں نہاتے ہوئے جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ اطلاع ملنے پر تھانہ صدر کے ایس ایچ او میاں رزاق فوری موقع پر پہنچے اور انکوائری شروع کی، جبکہ سوئمنگ پول کا مالک موقع سے فرار ہو گیا۔

    ایس ایچ او کا کہنا ہے کہ ملزم کو جلد گرفتار کیا جائے گا۔ بچوں کے والدین اور علاقہ مکینوں نے ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد سے مطالبہ کیا ہے کہ غیرقانونی سوئمنگ پولز کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے تاکہ بچوں کی زندگیاں محفوظ رہ سکیں۔

    دوسری جانب بہاولپور کی تحصیل اوچ شریف کے علاقے خانقاہ شریف میں 6 سالہ معصوم بچہ محمد عمر کھیلتے ہوئے پیڈسٹل فین سے کرنٹ لگنے کے باعث جاں بحق ہو گیا۔ ریسکیو 1122 ذرائع کے مطابق، واقعہ کے وقت بچہ گھر میں کھیل رہا تھا جب وہ پنکھے کی زد میں آ گیا۔ ریسکیو ٹیم ایمرجنسی میڈیکل ٹیکنیشن شکیل حسن کی قیادت میں موقع پر پہنچی، تاہم بچہ موقع پر ہی دم توڑ چکا تھا۔ غمزدہ اہل خانہ نے لاش کو اسپتال منتقل کرنے سے انکار کر دیا۔

    ان دل دہلا دینے والے واقعات نے متعلقہ حکام کی کارکردگی پر سوالات اٹھا دیے ہیں، اور شہریوں کا مطالبہ ہے کہ بچوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں۔