Baaghi TV

Category: بہاولپور

  • بہاولپور: ڈی ایچ اے میں تین موٹرسائیکلیں ٹکرا گئیں، ایک جاں بحق،3زخمی

    بہاولپور: ڈی ایچ اے میں تین موٹرسائیکلیں ٹکرا گئیں، ایک جاں بحق،3زخمی

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) بہاولپور کے پوش علاقے ڈی ایچ اے میں تیز رفتاری کا ایک اور المناک واقعہ پیش آیا، جہاں تین موٹر سائیکلوں کے تصادم کے نتیجے میں ایک 17 سالہ نوجوان موقع پر جاں بحق جبکہ تین افراد شدید زخمی ہو گئے۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب تین موٹر سائیکلوں پر سوار چار نوجوان خطرناک حد تک تیز رفتاری سے ایک دوسرے کے قریب پہنچے اور بےقابو ہو کر آپس میں ٹکرا گئے۔

    حادثے کی اطلاع ملتے ہی ڈی ایچ اے کی ایمبولینس فوری طور پر موقع پر پہنچی اور تین زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا۔ اس دوران ریسکیو 1122 بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ بدقسمتی سے محمد فیضان ولد محمد اسلم جو محلہ 08/BC، پٹھانوں والی بہاولپور کا رہائشی تھا، شدید دماغی چوٹ کے باعث موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ متوفی کی عمر 17 سال تھی۔

    پولیس کی موجودگی میں ریسکیو عملے نے جائے وقوعہ پر قانونی کارروائی مکمل کی، جس کے بعد نوجوان کی لاش ورثاء کے حوالے کر دی گئی۔ حادثے نے علاقے میں افسوس اور سوگ کی فضا پیدا کر دی ہے

  • بہاولپور اور اوچ شریف میں ٹریفک حادثات: ایک بچہ جاں بحق، چار افراد زخمی

    بہاولپور اور اوچ شریف میں ٹریفک حادثات: ایک بچہ جاں بحق، چار افراد زخمی

    اوچ شریف(باغی ٹی وی ،نامہ نگارحبیب‌خان)بہاولپور اور اوچ شریف میں تیز رفتاری اور لاپروائی کے باعث پیش آنے والے تین الگ الگ ٹریفک حادثات میں ایک 13 سالہ بچہ جاں بحق اور چار افراد زخمی ہو گئے۔ ان واقعات نے علاقے میں ٹریفک قوانین پر عمل درآمد کی ضرورت کو ایک بار پھر اجاگر کر دیا ہے۔

    پہلا افسوسناک واقعہ بہاولپور کے حاصل پور روڈ، 7-بی سی کے قریب پیش آیا، جہاں ایک تیز رفتار ہنڈا سٹی کار نے 13 سالہ محمد رضوان ولد فیض احمد کو ٹکر مار دی۔ محمد رضوان، جو 7-بی سی چک کا رہائشی تھا، برف لینے کے بعد سڑک پار کر رہا تھا کہ ڈیرہ بکھا سے بہاولپور کی طرف آنے والی کار کی زد میں آ گیا۔ شدید سر کی چوٹ کے باعث وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ ریسکیو ٹیم نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر کارروائی مکمل کی اور بچے کی لاش کو لواحقین کے حوالے کر دیا۔

    دوسرا حادثہ اوچ شریف میں سمیع گیلانی کی رہائش گاہ کے قریب پیش آیا، جہاں تیز رفتار موٹر سائیکل بے قابو ہو کر فٹ پاتھ سے جا ٹکرائی۔ اس حادثے میں دو نوجوان، 19 سالہ سلمان ولد عبد الحمید اور 18 سالہ اظہر ولد کرم حسین، شدید زخمی ہو گئے۔ دونوں لاری اڈا احمد پور شرقیہ کے رہائشی ہیں۔ سلمان کو سر پر گہری چوٹیں آئیں اور وہ مسلسل متلی کی شکایت میں مبتلا رہا، جبکہ اظہر کے اوپری اور نچلے ہونٹوں پر گہرے زخم آئے۔ ریسکیو ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دونوں زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور انہیں تشویشناک حالت میں رورل ہیلتھ سینٹر (RHC) اوچ شریف منتقل کر دیا۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ موٹر سائیکل کی انتہائی تیز رفتاری اور لاپروائی اس حادثے کی بنیادی وجہ تھی۔

    تیسرا حادثہ اوچ شریف کے علی پور روڈ پر للو والی پل کے قریب پیش آیا، جہاں دو موٹر سائیکلیں تیز رفتاری کے باعث آپس میں ٹکرا گئیں۔ اس واقعے میں 35 سالہ محمد فیاض ولد محمد امین اور ان کا 12 سالہ بیٹا محمد معاذ زخمی ہو گئے۔ محمد فیاض، جو اکبر ٹاؤن اوچ شریف کے رہائشی ہیں، کی بائیں ہاتھ کی انگلی میں فریکچر ہوا، جبکہ محمد معاذ کے دائیں گھٹنے پر گہرا زخم آیا۔ ریسکیو ٹیم نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر دونوں کو ابتدائی طبی امداد دی اور بعد میں انہیں RHC اوچ شریف منتقل کیا۔ عینی شاہدین نے اس حادثے کی وجہ بھی موٹر سائیکل سواروں کی غیر محتاط ڈرائیونگ اور تیز رفتاری کو قرار دیا۔

    ریسکیو ذرائع نے تمام واقعات میں فوری اور موثر کارروائی کرتے ہوئے زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی اور جاں بحق بچے کی لاش کو لواحقین کے حوالے کیا۔ ان حادثات نے علاقے میں ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد کی ضرورت کو واضح کر دیا ہے۔ مقامی لوگوں اور عینی شاہدین نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ تیز رفتاری اور لاپروائی سے بچنے کے لیے سڑکوں پر ٹریفک قوانین پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے اور ڈرائیوروں میں شعور اجاگر کیا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے المناک واقعات سے بچا جا سکے۔

  • اوچ شریف: نہر میں ڈوبی بچی جاں بحق، کار حادثے میں دو زخمی

    اوچ شریف: نہر میں ڈوبی بچی جاں بحق، کار حادثے میں دو زخمی

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) اوچ شریف اور اس کے نواحی علاقے آج دو دل دہلا دینے والے واقعات کی لپیٹ میں رہے جنہوں نے مقامی آبادی کو سوگوار کر دیا۔ ایک جانب تین سالہ معصوم بچی اقرا عباسیہ لنک کینال میں ڈوب کر جاں بحق ہو گئی، تو دوسری طرف موٹروے انٹرچینج کے قریب کار حادثے میں ایک مرد اور بچہ زخمی ہو گئے۔

    پہلا واقعہ اوچ شریف روڈ پر واقع عباسیہ لنک (ابو ظہبی) کینال کے کنارے پیش آیا، جہاں تین سالہ بچی اقرا کھیلتے ہوئے نہر میں جا گری۔ نہر کی گہرائی 16 فٹ جبکہ چوڑائی 200 فٹ بتائی گئی ہےاور حادثہ بچی کے گھر سے محض 50 میٹر کے فاصلے پر پیش آیا۔ ریسکیو 1122 کو صبح 5 بج کر 10 منٹ پر اطلاع دی گئی، جس پر واٹر ریسکیو وین، اسکیوبا ڈائیورز اور سات ریسکیورز پر مشتمل ٹیم 16 منٹ کے اندر موقع پر پہنچ گئی۔ کئی گھنٹوں کے ریسکیو آپریشن کے بعد بچی کی لاش قاسم والا بنگلہ (لیاقت پور) کے مقام سے نکال کر لواحقین کے حوالے کی گئی۔ واقعے کے بعد علاقے میں کہرام مچ گیا اور فضا سوگوار ہو گئی۔

    دوسرا واقعہ موٹروے ایم فائیو انٹرچینج کے قریب پیش آیا، جہاں لاہور سے رحیم یار خان جانے والی فیملی کی الٹو کار کو ایک تیز رفتار نامعلوم ٹرالر نے ٹکر مار دی۔ حادثے میں کار سوار ایک مرد کے سر پر شدید چوٹ آئی جبکہ ایک بچہ معمولی زخمی ہوا۔ ٹرالر ٹکر مارنے کے بعد موقع سے فرار ہو گیا۔ ریسکیو 1122 کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر ابتدائی طبی امداد دی اور زخمیوں کو تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال احمد پور شرقیہ منتقل کر دیا گیا۔ پولیس نے قانونی کارروائی شروع کر دی ہے اور مفرور ٹرالر ڈرائیور کی تلاش جاری ہے۔

    ریسکیو 1122 کی جانب سے دونوں واقعات میں بروقت کارروائی کی گئی، تاہم معصوم اقرا کی جان نہ بچائی جا سکی، جس پر ہر آنکھ اشکبار ہے۔

  • اوچ شریف: بنگلہ مستوئی کے قریب مزدا گاڑی الٹنے سے 7 زخمی، 4 ہسپتال منتقل

    اوچ شریف: بنگلہ مستوئی کے قریب مزدا گاڑی الٹنے سے 7 زخمی، 4 ہسپتال منتقل

    اوچ شریف (باغی ٹی وی نامہ نگار حبیب خان) اوچ شریف موٹروے روڈ پر بنگلہ مستوئی کے قریب ایک مزدا گاڑی (منی ٹرک نمبر KE-5263) الٹنے کا حادثہ پیش آیا جس میں 7 افراد زخمی ہو گئے۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب گاڑی جانوروں کو لاہور چھوڑ کر واپس رحیم یار خان جا رہی تھی اور ڈرائیور کو نیند آنے کے باعث گاڑی بے قابو ہو گئی۔ گاڑی میں کل 20 افراد سوار تھے۔

    ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچیں اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔ تین زخمیوں کو موقع پر فرسٹ ایڈ دی گئی جبکہ 4 کو مزید علاج کے لیے آر ایچ سی اوچ شریف منتقل کر دیا گیا۔ خوش قسمتی سے کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا اور زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔

    زخمیوں میں ظہور احمد، صادق حسین، ملازم حسین اور فرمان حسین شامل ہیں جو اسپتال منتقل کیے گئے، جبکہ عبد الستار، اکبر اور محمد آصف کو موقع پر طبی امداد دی گئی۔ عینی شاہدین کے مطابق حادثے کی وجہ ڈرائیور کی نیند اور غفلت تھی۔ حادثے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا لیکن ریسکیو ٹیموں کی بروقت کارروائی سے حالات قابو میں آ گئے۔

  • احمد پور شرقیہ: ذاتی دشمنی پر فائرنگ، ایم بی بی ایس ڈاکٹر سمیت دو افراد جاں بحق

    احمد پور شرقیہ: ذاتی دشمنی پر فائرنگ، ایم بی بی ایس ڈاکٹر سمیت دو افراد جاں بحق

    اوچ شریف (باغی ٹی وی،نامہ نگار حبیب خان) تحصیل یزمان کے نواحی علاقے اڈا 42 ہزار پر لشاری برادری کے دو گروپوں کے درمیان پرانی دشمنی ایک بار پھر خونریز تصادم کی صورت اختیار کر گئی، جس میں ایم بی بی ایس ڈاکٹر شیراز ندیم اور محمد وسیم اجمل فائرنگ سے موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، جبکہ دو دیگر افراد زخمی ہو گئے۔

    جاں بحق افراد کی نماز جنازہ ان کے آبائی گاؤں چک 43/DNB میں ادا کی گئی، جس میں رکن قومی اسمبلی چوہدری طارق بشیر چیمہ، رکن صوبائی اسمبلی حسن عسکری شیخ، متعدد سیاسی و سماجی شخصیات، معززین علاقہ اور ہزاروں کی تعداد میں سوگواروں نے شرکت کی۔ واقعے نے سیاسی، سماجی اور طبی حلقوں میں گہرے دکھ اور افسوس کی لہر دوڑا دی ہے۔

    مقتول ڈاکٹر شیراز کے والد اور مدعی مقدمہ محمد ندیم خان لشاری — جو خود ایک معروف سیاسی شخصیت ہیں — نے باغی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ان کے قریبی رشتہ دار کلیم اللہ، انعام اللہ، اختر ثانی، محمد احمد سلامت اور عطا اللہ نے پرانی دشمنی کی بنیاد پر گھات لگا کر مسلح حملہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ فائرنگ کے نتیجے میں ان کے بیٹے ڈاکٹر شیراز ندیم اور وسیم اجمل موقع پر دم توڑ گئے جبکہ اسد اجمل کو سینے میں دو گولیاں لگیں اور شہزاد لشاری بھی زخمی ہوا۔

    پولیس تھانہ ڈیرہ نواب صاحب اطلاع ملنے پر فوری موقع پر پہنچی اور لاشوں و زخمیوں کو سول ہسپتال احمد پور منتقل کیا۔ مدعی کی درخواست پر مقدمہ نمبر 261/25 بجرم 302، 324 درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں تاہم تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آ سکی۔

    واقعے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے جبکہ مقتولین کے اہل خانہ اور قریبی عزیز غم اور انصاف کے حصول کی جدوجہد میں مبتلا ہیں۔ سیاسی و سماجی حلقوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ قاتلوں کو فوری گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے تاکہ آئندہ ایسے اندوہناک واقعات سے بچا جا سکے۔

  • اوچ شریف:جائیداد تنازع، 85 سالہ میر خاں کو قتل کی دھمکیاں، وزیر اعلیٰ سے تحفظ کی اپیل

    اوچ شریف:جائیداد تنازع، 85 سالہ میر خاں کو قتل کی دھمکیاں، وزیر اعلیٰ سے تحفظ کی اپیل

    اوچ شریف (باغی ٹی وی،نامہ نگار حبیب خان) احمد پور شرقیہ کے نواحی علاقے موضع کوٹلہ سلطان احمد کے 85 سالہ بزرگ شہری میر خاں نے میڈیا سے گفتگو میں سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بعض بااثر افراد ان پر جھوٹے الزامات لگا رہے ہیں اور جائیداد کے تنازع پر انہیں قتل کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز، آئی جی پنجاب اور دیگر اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ انہیں اور ان کے اہل خانہ کو فوری تحفظ فراہم کیا جائے۔

    میر خاں نے اپنی فریاد میں کہا کہ ان کی بہن زینب الہیٰ کی شادی 1952 میں نہال خان سے ہوئی تھی، جنہوں نے اپنی زندگی میں انہیں طلاق نہیں دی۔ تاہم، اب مخالفین اسلم، اکرم، بشیر، اللہ بچایا اور دیگر افراد جعلی طلاق نامہ تیار کر کے میر خاں کی بہن کی ملکیت پر قبضہ جمانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 30 جون 2007 کو انہوں نے یونین کونسل کوٹلہ موسیٰ خان سے باقاعدہ تحریری طور پر استفسار کیا تھا کہ کیا زینب الہیٰ کے متعلق کوئی طلاق نامہ جمع ہے؟ جواب میں یونین کونسل نے تصدیق کی کہ ایسی کوئی دستاویز ریکارڈ میں موجود نہیں۔

    میر خاں نے مزید بتایا کہ ان کے بہنوئی نہال خان 2005 میں اور بہن زینب الہیٰ 2014 میں انتقال کر گئیں۔ نہال خان نے اپنی زندگی میں زینب الہیٰ کو شرعی حصہ یعنی سولہواں (1/16) حصہ دیا تھا۔ بعدازاں، زینب الہیٰ نے چار کنال چھ مرلے کا رقبہ اپنی مرضی سے میر خاں کو فروخت کیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ اب اس جائیداد کو بنیاد بنا کر انہیں جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں، جس پر وہ شدید خوف اور عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ میر خاں نے اپیل کی کہ انہیں انصاف دیا جائے، جعلسازی کی تحقیقات کرائی جائیں اور جانی تحفظ فراہم کیا جائے تاکہ وہ اپنی باقی زندگی سکون سے گزار سکیں۔

  • اوچ شریف:سروس اسٹیشنز پر کریک ڈاؤن، ڈینگی مہم میں غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی, عمران سیال

    اوچ شریف:سروس اسٹیشنز پر کریک ڈاؤن، ڈینگی مہم میں غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی, عمران سیال

    اوچ شریف (باغی ٹی وی،نامہ نگار حبیب خان) ڈینگی مہم کے فوکل پرسن اور ہیلتھ انسپکٹر عمران حیدر سیال کی جانب سے ڈینگی لاروا کی افزائش روکنے کے لیے سروس اسٹیشنز پر بھرپور کریک ڈاؤن کیا گیا۔ کارروائی کے دوران بسم اللہ سروس اسٹیشن سمیت متعدد مقامات پر اچانک چھاپے مارے گئے، جہاں کھڑے پانی، ناقص صفائی اور انتظامی غفلت پر سخت برہمی کا اظہار کیا گیا۔

    ہیلتھ انسپکٹر نے موقع پر موجود عملے کو واضح ہدایت دی کہ فوری طور پر کھڑے پانی کا خاتمہ کیا جائے اور تمام متاثرہ جگہوں پر موبائل آئل کا اسپرے یقینی بنایا جائے تاکہ ڈینگی لاروا کی افزائش کا ہر ممکنہ خطرہ ختم کیا جا سکے۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران حیدر سیال نے کہا کہ ڈینگی ایک سنجیدہ اور جان لیوا مسئلہ ہے، جس پر کسی قسم کی غفلت یا لاپرواہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ آئندہ اگر صفائی کے انتظامات میں کوتاہی پائی گئی تو متعلقہ افراد کو نہ صرف بھاری جرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا بلکہ فوجداری مقدمات بھی درج کیے جائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ ڈینگی کے خاتمے کے لیے ضلعی انتظامیہ پوری سنجیدگی اور عزم کے ساتھ کام کر رہی ہے، اور اس مشن میں عوام، اداروں اور تمام متعلقہ فریقین کو اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھانا ہوں گی۔

    عمران حیدر سیال کا کہنا تھا کہ یہ جنگ صرف محکمہ صحت کی نہیں بلکہ پوری قوم کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ ان کی یہ بھرپور کارروائی شہریوں میں ایک مثبت پیغام کا باعث بنی ہے کہ اب غفلت اور لاپرواہی کے دن گزر چکے ہیں، اور صحتِ عامہ سے کھیلنے والے عناصر کے گرد قانون کا شکنجہ مزید سخت کر دیا جائے گا۔

  • بہاولپور: لال سوہانرا نیشنل پارک میں ورلڈ انوائرمنٹ ڈے کے موقع پر شجرکاری مہم

    بہاولپور: لال سوہانرا نیشنل پارک میں ورلڈ انوائرمنٹ ڈے کے موقع پر شجرکاری مہم

    بہاولپور (باغی ٹی وی،نامہ نگار حبیب خان) وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر 5 جون کو لال سوہانرا نیشنل پارک میں ورلڈ انوائرمنٹ ڈے کے موقع پر شجرکاری مہم اور آگاہی ریلی کا بھرپور انعقاد کیا گیا، جس میں شہریوں، طلباء، صحافیوں اور تاجر برادری سمیت مختلف طبقات زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے جوش و خروش سے شرکت کی۔

    تقریب کی صدارت ڈویژنل فاریسٹ آفیسر (ڈی ایف او) نیشنل پارک عمران ستار اور سب ڈویژنل فاریسٹ آفیسر (ایس ڈی ایف او) محمد موسیٰ نے کی۔ اس موقع پر ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے "پلاسٹک کے استعمال میں کمی لائیں، درخت لگائیں، ماحول کو آلودگی سے بچائیں” کا مؤثر پیغام عوام تک پہنچایا گیا۔

    معروف صحافی سعید اختر چوہدری، سماجی کارکن عمر شہزاد عرف بھولا چشتی، تاجروں اور محکمہ جنگلات کے اہلکاروں نے نہ صرف شرکت کی بلکہ شجرکاری میں حصہ لے کر ماحولیاتی بہتری کے لیے عملی اقدام بھی اٹھایا۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی ایف او عمران ستار نے کہا کہ درخت نہ صرف زمین کی خوبصورتی کا باعث ہیں بلکہ یہ ماحولیاتی توازن کو برقرار رکھنے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فضائی آلودگی، گلوبل وارمنگ اور گرین ہاؤس ایفیکٹ جیسے چیلنجز کا واحد قدرتی حل شجرکاری ہے۔

    ایس ڈی ایف او محمد موسیٰ نے کہا کہ جدید صنعتی ترقی نے جہاں انسانی سہولتوں میں اضافہ کیا ہے، وہیں قدرتی ماحول کو بھی نقصان پہنچایا ہے۔ اس وقت شجرکاری قومی، اخلاقی اور مذہبی فریضہ بن چکا ہے۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ ہر فرد کم از کم ایک درخت ضرور لگائے تاکہ آئندہ نسلوں کو صاف اور صحت مند ماحول میسر آسکے۔

    اس مہم کے دوران شہریوں نے جوش و خروش سے پودے لگا کر اس بات کا ثبوت دیا کہ وہ ماحولیاتی تحفظ کے لیے سنجیدہ اور باشعور ہیں۔ تقریب میں ماحول دوست پیغامات پر مشتمل بینرز، پلے کارڈز اور آگاہی مواد بھی تقسیم کیا گیا۔

    تقریب کے اختتام پر شجرکاری مہم کو ہر سطح پر جاری رکھنے اور اسے ایک تحریک کی شکل دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

  • اوچ شریف گرڈ اسٹیشن روڈ  آثارقدیمہ کے کھنڈرات میں تبدیل، عوامی نمائندے خاموش

    اوچ شریف گرڈ اسٹیشن روڈ آثارقدیمہ کے کھنڈرات میں تبدیل، عوامی نمائندے خاموش

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) اوچ شریف شہر کی مرکزی شاہراہ گرڈ اسٹیشن روڈ مکمل طور پر تباہ حالی کا شکار ہو چکی ہے، جہاں روزانہ سینکڑوں شہری اور واپڈا ملازمین اذیت ناک سفر پر مجبور ہیں۔ گہرے گڑھوں، اکھڑی ہوئی تارکول، کیچڑ اور گردوغبار سے بھرے اس واحد راستے نے عوام کی زندگی کو اجیرن بنا دیا ہے۔

    یہ سڑک واپڈا دفتر اور گرڈ اسٹیشن کی جانب جانے والی اہم گزرگاہ ہے جہاں روزانہ نہ صرف ملازمین آتے ہیں بلکہ عوام بجلی کے بل، میٹر تبدیلی اور شکایات کے لیے بھی اسی سڑک پر سفر کرتے ہیں۔ سڑک کی بربادی کے باعث موٹر سائیکل سوار آئے روز گر کر زخمی ہو رہے ہیں، گاڑیاں پنکچر ہو رہی ہیں، رکشے اُلٹ رہے ہیں، اور بارش کے بعد گڑھے خطرناک حادثات کا سبب بن رہے ہیں۔

    واپڈا اہلکاروں اور شہریوں نے متعدد بار متعلقہ اداروں کو درخواستیں دیں، سوشل میڈیا پر تصاویر و ویڈیوز وائرل کیں، مگر بلدیاتی ادارے اور عوامی نمائندے مکمل خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔

    شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر فوری طور پر گرڈ اسٹیشن روڈ کی مرمت یا ازسرنو تعمیر شروع نہ کی گئی تو یہ سڑک صرف خستہ حال نہیں بلکہ حکومتی غفلت کی علامت بن جائے گی۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر بہاولپور ڈاکٹر فرحان فاروق اور نو منتخب نمائندوں سے فوری ایکشن کا مطالبہ کیا ہے۔

  • قربانی دکھاوے سے پاک ہو، خلوص ہی اصل عبادت ہے: سجادہ نشینان دربار اوچ شریف

    قربانی دکھاوے سے پاک ہو، خلوص ہی اصل عبادت ہے: سجادہ نشینان دربار اوچ شریف

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) دربار عالیہ حضرت محبوب سبحانی کے سجادہ نشین مخدوم سید افتخار الحسن گیلانی اور دربار حضرت جلال الدین سرخ پوش کے سجادہ نشین مخدوم سید زمرد حسن بخاری نے مشترکہ بیان میں ذوالحجہ کے بابرکت مہینے میں قربانی کو ریاکاری سے پاک کرنے کی اپیل کی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ قربانی صرف رسم یا نمائش نہیں بلکہ اللہ کی رضا کے لیے خالص عبادت ہے۔ دکھاوے سے اس کی روح ختم ہو جاتی ہے۔ یہ عبادت ایثار، خلوص اور وفا کا مظہر ہے جس کا نعم البدل کوئی عمل نہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ اس موقع پر غریبوں اور مستحق افراد کا خاص خیال رکھا جائے کیونکہ یہی قربانی کا اصل پیغام ہے۔ اگر ہم خلوص نیت سے یہ عمل انجام دیں تو اللہ کا قرب حاصل کر کے معاشرے میں امن و بھائی چارہ قائم کیا جا سکتا ہے۔

    انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ قربانی کے وقت خلوص کو مقدم رکھیں اور دکھاوے سے گریز کریں تاکہ یہ عمل اللہ کی بارگاہ میں مقبول ہو۔