Baaghi TV

Category: بہاولپور

  • اوچ شریف: مولانا فضل الرحمان کی قاری سیف الرحمان راشدی سے تعزیت

    اوچ شریف: مولانا فضل الرحمان کی قاری سیف الرحمان راشدی سے تعزیت

    اوچ شریف،باغی ٹی وی (نامہ نگارحبیب خان )مولانا فضل الرحمان کا قاری سیف الرحمان راشدی سے ٹیلیفونک رابطہ، جواں سال بیٹے کے انتقال پر اظہار افسوس

    جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے جے یو آئی بہاولپور کے امیر قاری سیف الرحمان راشدی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور ان کے جواں سال بیٹے کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

    مولانا فضل الرحمان نے مرحوم کے لیے دعائے مغفرت کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کریم مرحوم کی مغفرت فرمائے، درجات بلند کرے اور اعلیٰ علیین میں مقام عطا فرمائے۔ انہوں نے قاری سیف الرحمان اور ان کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جواں اولاد کی موت بڑا صدمہ ہے، اللہ کریم آپ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

  • اوچ شریف: موضع بیٹ احمد میں چوری کی واردات، محنت کش کی قیمتی گائے چوری

    اوچ شریف: موضع بیٹ احمد میں چوری کی واردات، محنت کش کی قیمتی گائے چوری

    اوچ شریف (نامہ نگار حبیب خان) اوچ شریف کے نواحی علاقے موضع بیٹ احمد بستی کالڑہ میں چوری کی سنگین واردات پیش آئی، جس میں نامعلوم چور ایک محنت کش مجید کالڑہ کی قیمتی گائے چرا کر فرار ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق مجید کالڑہ جو کہ ایک محنت کش ہیں، اپنی گائے پال کر اپنے بچوں کا پیٹ پالتے تھے۔ انہوں نے رات کے وقت اپنی گائے کو گھر کے قریب باڑے میں باندھ کر سو گئے۔ تاہم علی الصبح جب وہ باڑے میں گئے تو گائے غائب تھی۔

    گائے کی چوری کی اس واردات کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ دیہاتیوں نے پولیس سے اپیل کی ہے کہ چوروں کا جلد از جلد سراغ لگا کر انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور محنت کش کسان کی قیمتی گائے واپس دلائی جائے۔

    متاثرہ شخص نے کہا کہ وہ پہلے ہی مالی مشکلات سے دوچار تھے اور اب ان کی واحد قیمتی ملکیت بھی چوری ہو گئی ہے۔ انہوں نے مقامی انتظامیہ اور اعلیٰ حکام سے انصاف کی فراہمی کی اپیل کی ہے۔

    علاقہ مکینوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ چوری کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کے سدباب کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں۔

  • اوچ شریف: موضع ککس کے رہائشی محمد جاوید کی جرائم سے توبہ، نئی زندگی کا آغاز

    اوچ شریف: موضع ککس کے رہائشی محمد جاوید کی جرائم سے توبہ، نئی زندگی کا آغاز

    اوچ شریف (نامہ نگار حبیب خان) اوچ شریف کے نواحی علاقے موضع ککس بستی حاجی محمد یار ککس میں ایک اہم اور خوش آئند واقعہ پیش آیا، جہاں مقامی رہائشی محمد جاوید ولد عبد الرزاق نے جرائم سے توبہ کر کے ایک نئی زندگی شروع کرنے کا اعلان کیا۔ اس موقع پر علاقے کے معززین، بزرگوں اور دیگر اہلِ علاقہ کی بڑی تعداد موجود تھی، جنہوں نے محمد جاوید کے اس فیصلے کو سراہا اور اسے نیکی اور بھلائی کے راستے پر چلنے کی تلقین کی۔

    توبہ کے اس یادگار اجتماع میں زراعت آفیسر عبدالمالک، قاری بشیر احمد اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ محمد جاوید کا جرائم سے کنارہ کش ہو کر ایک مثبت زندگی کی طرف آنا پورے علاقے کے لیے خوشی کی بات ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ جرائم سے دور رہیں اور اپنی زندگی کو بہتر بنانے کے لیے محنت اور ایمانداری کے راستے کو اپنائیں۔

    محمد جاوید نے کہا کہ ماضی میں وہ بعض غلط سرگرمیوں میں ملوث رہا، لیکن اب وہ سچے دل سے ان سب سے توبہ کرتا ہے اور آئندہ ایک دیانتدار اور نیک زندگی گزارنے کا عزم رکھتا ہے۔ اس کے اس فیصلے پر اہل علاقہ نے خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اسے ثابت قدم رکھے۔

  • اوچ شریف:موٹروے پر محفوظ سفر، وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ریسکیو 1122 چوبیس گھنٹے الرٹ

    اوچ شریف:موٹروے پر محفوظ سفر، وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ریسکیو 1122 چوبیس گھنٹے الرٹ

    اوچ شریف (نامہ نگار حبیب خان) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور موٹروے پر حادثات کے دوران بروقت امداد فراہم کرنے کے لیے ریسکیو 1122 کی ٹیمیں اور گاڑیاں 24 گھنٹے الرٹ رہیں گی۔ اوچ شریف انٹرچینج اور جھانگڑہ مشرقی انٹرچینج پر جدید سہولیات سے آراستہ ایمبولینسز اور ریسکیو اہلکاروں کی موجودگی یقینی بنا دی گئی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری مدد فراہم کی جا سکے۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے بھر میں شہریوں کو محفوظ سفری سہولیات فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ ان کی ہدایات پر ریسکیو 1122 کے اہلکاروں کو خصوصی تربیت دی گئی ہے تاکہ وہ حادثات، طبی ایمرجنسیز اور دیگر ہنگامی حالات میں فوری اور مؤثر مدد فراہم کر سکیں۔ اس اقدام کا مقصد نہ صرف شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے بلکہ موٹروے پر سفر کرنے والوں کو اعتماد دینا ہے کہ کسی بھی ناگہانی صورتحال میں ریسکیو 1122 ان کی مدد کے لیے موجود ہو گی۔

    ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر باقر حسین نے کہا کہ ریسکیو 1122 کی گاڑیاں اور اہلکار دن رات کسی بھی ممکنہ حادثے یا طبی ایمرجنسی کے لیے مکمل تیار رہیں گے۔ اس حوالے سے تمام ضروری اقدامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور ریسکیو 1122 کی خصوصی ٹیمیں جدید طبی آلات اور سہولیات سے لیس ایمبولینسز کے ساتھ تعینات کر دی گئی ہیں۔

    ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر کے مطابق کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں شہری فوری طور پر ریسکیو 1122 کے ہیلپ لائن نمبر 1122 پر کال کریں۔ عوام کی آگاہی کے لیے موٹروے پر مختلف مقامات پر بینرز اور سائن بورڈز بھی لگائے گئے ہیں، جن پر ریسکیو 1122 کے رابطہ نمبرز اور حفاظتی تدابیر درج ہیں۔

    ریسکیو 1122 اور پنجاب حکومت نے شہریوں کی حفاظت کے پیش نظر چند احتیاطی تدابیر بھی جاری کی ہیں، جن پر عمل کرکے حادثات کی شرح کو کم کیا جا سکتا ہے:

    گاڑی کی رفتار مقررہ حد میں رکھیں اور سیٹ بیلٹ کا استعمال یقینی بنائیں۔
    طویل سفر سے پہلے گاڑی کے بریک، ٹائر، انجن آئل اور دیگر فنی پہلوؤں کا معائنہ کروائیں۔
    دھند، بارش یا خراب موسم میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
    نیند یا تھکاوٹ محسوس ہو تو گاڑی روک کر آرام کریں تاکہ حادثات سے بچا جا سکے۔
    کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر ریسکیو 1122 کو اطلاع دیں تاکہ بروقت مدد فراہم کی جا سکے۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ "عوام کی حفاظت اور فلاح و بہبود ہماری اولین ترجیح ہے۔ ہم شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں، اور ریسکیو 1122 کی 24 گھنٹے تعیناتی اسی وژن کا ایک اہم حصہ ہے۔

  • اوچ شریف: ٹریکٹر ٹرالی کی ٹکر سے نوجوان شدید زخمی، ٹانگ ٹوٹ گئی

    اوچ شریف: ٹریکٹر ٹرالی کی ٹکر سے نوجوان شدید زخمی، ٹانگ ٹوٹ گئی

    اوچ شریف (نامہ نگار حبیب خان) اوچ شریف میں ایک افسوسناک حادثے میں ٹریکٹر ٹرالی کی موٹر سائیکل کو ٹکر سے نوجوان شدید زخمی ہو گیا۔ حادثے میں نوجوان کی دائیں ٹانگ ٹوٹ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق رضا علی ولد محمد علی جو کہ اوچ شریف کے رہائشی ہیں، اپنی موٹر سائیکل پر جا رہے تھے کہ اچانک ایک ٹریکٹر ٹرالی نے انہیں ٹکر مار دی۔ عینی شاہدین کے مطابق ٹریکٹر ٹرالی غلط سمت سے آ رہی تھی جس کے باعث یہ حادثہ پیش آیا۔

    تصادم کے نتیجے میں رضاعلی سڑک پر گر گئے اور ان کی دائیں ٹانگ ٹوٹ گئی۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق، ان کا فیمر (ران کی ہڈی) فریکچر ہو گیا ہے، تاہم زخم بند (کلوزڈ فریکچر) ہے۔ ریسکیو عملے نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر زخمی کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور انہیں قریبی ہسپتال منتقل کر دیا۔

    حادثے کے بعد ٹریکٹر ٹرالی کا ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

  • اوچ شریف: قبرستان کی خستہ حال دیوار گرنے کاخدشہ،ارباب اختیار کی غفلت، شہریوں میں خوف و ہراس

    اوچ شریف: قبرستان کی خستہ حال دیوار گرنے کاخدشہ،ارباب اختیار کی غفلت، شہریوں میں خوف و ہراس

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) قبرستان حضرت صفی الدین حقانی کی مین دیوار شدید خستہ حالی کا شکار ہو چکی ہے اور کسی بھی وقت گر سکتی ہے۔ اس صورتحال نے شہریوں میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے اور ارباب اختیار کی غفلت پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق حضرت صفی الدین حقانی کے دربار سے ملحقہ قبرستان کی مین دیوار زمین کی سطح سے چند فٹ اونچی ہے اور خستہ حالی کی وجہ سے کسی بھی وقت زمین بوس ہو سکتی ہے۔ یہ قبرستان محلہ خواجگان کی ایک مصروف گلی میں واقع ہے، جہاں سے روزانہ سیکڑوں طلبہ، طالبات اور شہری گزرتے ہیں۔

    مقامی افراد کے مطابق اگر یہ دیوار گر گئی تو کسی بڑے جانی نقصان کا اندیشہ ہے۔ اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے کئی بار متعلقہ حکام کو اس سنگین صورتحال کی جانب متوجہ کرنے کی کوشش کی تاہم ابھی تک کوئی عملی اقدام نہیں اٹھایا گیا۔

    شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ دیوار کسی بھی وقت زمین بوس ہو سکتی ہے، جس سے نہ صرف پیدل چلنے والے افراد کی جانوں کو خطرہ لاحق ہے بلکہ آس پاس کی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچ سکتا ہے۔ انہوں نے ارباب اختیار سے فوری طور پر نوٹس لینے اور دیوار کی مرمت یا تعمیر نو کا کام شروع کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

    شہریوں نے ارباب اختیار کی غفلت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر خدانخواستہ کوئی حادثہ پیش آ گیا تو اس کے ذمہ دار حکام ہوں گے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ جلد از جلد اس مسئلے کا حل نکالا جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

  • اوچ شریف: ڈاکٹر محمد شاہد قریشی کی شاندار خدمات پر ترقی، شہریوں کی طرف سے مبارکباد

    اوچ شریف: ڈاکٹر محمد شاہد قریشی کی شاندار خدمات پر ترقی، شہریوں کی طرف سے مبارکباد

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) رورل ہیلتھ سینٹر اوچ شریف میں اپنی شاندار پیشہ ورانہ خدمات کے اعتراف میں میڈیکل آفیسر ڈاکٹر محمد شاہد قریشی کو 17ویں گریڈ سے ترقی دے کر 18ویں گریڈ میں تعینات کر دیا گیا۔ ان کی ترقی کی خبر سنتے ہی شہر بھر میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور شہریوں کی طرف سے مبارکبادوں کا تانتا بندھ گیا۔

    ڈاکٹر محمد شاہد قریشی کی ترقی کی خبر سنتے ہی شہر کے سیاسی، سماجی اور طبی حلقوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ متعدد معززین، سماجی کارکنان اور شعبہ صحت سے تعلق رکھنے والے افراد نے انہیں مبارکباد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ مقامی عمائدین نے ان کی ترقی کو اوچ شریف کے عوام کے لیے ایک خوش آئند خبر قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ وہ اپنی خدمات کو مزید جوش و جذبے کے ساتھ جاری رکھیں گے۔

    شہریوں نے ڈاکٹر محمد شاہد قریشی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ ایک محنتی اور فرض شناس ڈاکٹر ہیں جنہوں نے ہمیشہ مریضوں کی خدمت کو ترجیح دی ہے۔ انہوں نے ڈاکٹر صاحب کی ترقی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان کی بہترین کارکردگی کا صلہ ہے۔

    ڈاکٹر محمد شاہد قریشی نے اپنی ترقی پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں مزید لگن اور محنت سے نبھائیں گے۔ انہوں نے اپنے ساتھیوں اور اہل علاقہ کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کی حوصلہ افزائی کی۔

  • احمد پور شرقیہ: سرکاری چھٹی کے باوجود چیف آفیسر بلدیہ کا شہر کا دورہ، صفائی و سیوریج مسائل کا جائزہ

    احمد پور شرقیہ: سرکاری چھٹی کے باوجود چیف آفیسر بلدیہ کا شہر کا دورہ، صفائی و سیوریج مسائل کا جائزہ

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) چیف آفیسر بلدیہ احمد پور شرقیہ عدنان فرخ نے سرکاری چھٹی کے باوجود اپنی انتظامیہ کے ہمراہ شہر کے مختلف علاقوں کا اچانک دورہ کیا اور صفائی و سیوریج کے مسائل کا جائزہ لیا۔ دورے میں سب انجینئر ملک محمود اقبال، خواجہ سید فہیم رضا، محمد اکبر خان اور طاہر خان بھی شامل تھے۔

    چیف آفیسر نے راؤ کالونی میں سیوریج کے نکاسی آب کے جاری کام کا معائنہ کیا اور علاقہ مکینوں کو یقین دلایا کہ جلد ہی ان کی مشکلات کا ازالہ کر دیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ چنگی پیرواہ ڈسپوزل اسٹیشن پر کام آخری مراحل میں ہے اور اس کے مکمل ہوتے ہی شہر کی مرکزی سیوریج لائنوں کی صفائی کی جائے گی، جس سے تمام متاثرہ علاقوں میں نکاسی آب کا مسئلہ حل ہو جائے گا۔

    انہوں نے سب انجینئر ملک محمود اقبال کو ہدایت کی کہ ڈسپوزل کے جاری کام کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انتظامیہ عوامی مسائل کے حل کے لیے دن رات کام کر رہی ہے اور شہر میں ترقیاتی کاموں کو تیزی سے مکمل کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

    راؤ کالونی کے مکینوں نے چیف آفیسر کے دورے کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ بلدیہ کی سنجیدگی کا ثبوت ہے اور امید ظاہر کی کہ جلد ہی انہیں سیوریج مسائل سے نجات مل جائے گی۔

    سرکاری چھٹی کے باوجود انتظامیہ کے افسران کی موجودگی اور مسائل کے حل کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو عوامی حلقوں نے خوب سراہا اور اسے بلدیہ کی مستعدی اور عوامی خدمت کا جذبہ قرار دیا۔

  • اوچ شریف: نقشہ اور کمرشل فیسوں پر تنازعہ، نجی تعلیمی اداروں اور میونسپل کمیٹی میں مذاکرات

    اوچ شریف: نقشہ اور کمرشل فیسوں پر تنازعہ، نجی تعلیمی اداروں اور میونسپل کمیٹی میں مذاکرات

    اوچ شریف (نامہ نگار حبیب خان) میونسپل کمیٹی اوچ شریف کی جانب سے نقشہ اور کمرشل فیسوں کی عدم ادائیگی پر پیف سے الحاق شدہ تعلیمی اداروں اور دیگر نجی سکولوں کو نوٹسز جاری کیے جانے کے بعد، اوچ سول سوسائٹی کے صدر محمد عمر خورشید سہمن کی قیادت میں تعلیمی اداروں کے سربراہان نے چیف آفیسر میونسپل کمیٹی فرخ عدنان سے ملاقات کی۔

    ملاقات میں انچارج انفورسمنٹ جام سجاد ابراہیم جھلن، تاجر رہنما چوہدری محمد طارق اور نجی تعلیمی اداروں کے سربراہان ظہیر الدین بابر، زوار حسین بھٹہ، اشتیاق احمد انجم، سرفراز علی خان جتوئی، محمد شکیل سیال، سراج احمد سحر، طارق حسین خان اور سجاد حسین جوئیہ بھی موجود تھے۔

    صدر اوچ سول سوسائٹی محمد عمر خورشید سہمن نے چیف آفیسر کو بتایا کہ زیادہ تر پیف سکول اور نجی تعلیمی ادارے کرائے کی عمارتوں میں قائم ہیں اور میونسپلٹی کی جانب سے کمرشل فیسوں اور نقشہ فیسوں کے نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔

    انچارج انفورسمنٹ جام سجاد ابراہیم جھلن نے چیف آفیسر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ جن سکولوں کے نقشے منظور نہیں تھے، انہیں نوٹسز جاری کیے گئے تھے، جس کے خلاف سکول مالکان نے لاہور ہائی کورٹ بہاولپور بینچ میں رٹ پٹیشن دائر کی تھی، جو 24 فروری 2025 کو خارج کر دی گئی۔ اس لیے، نقشہ منظوری کے لیے دوبارہ نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔

    چیف آفیسر فرخ عدنان نے انچارج انفورسمنٹ کو ہدایت کی کہ قانون اور میرٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے نجی سکول مالکان کے مسائل حل کیے جائیں۔

  • اوچ شریف: قرآن اکیڈمی پر حملہ، دو لیپ ٹاپ، 15 ہزار روپے نقدی چھین لی گئی، موبائل فون توڑ دیا

    اوچ شریف: قرآن اکیڈمی پر حملہ، دو لیپ ٹاپ، 15 ہزار روپے نقدی چھین لی گئی، موبائل فون توڑ دیا

    اوچ شریف ،باغی ٹی وی (نامہ نگارحبیب خان) اوچ شریف شہر میں واقع عمر ٹاؤن میں ایک قرآن اکیڈمی پر تین افراد نے حملہ کر کے استاد پر تشدد کیا، دو لیپ ٹاپ، 15 ہزار روپے نقدی چھین لی اور موبائل فون توڑ دیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق، محمد ایاز، جو اکیڈمی میں آن لائن بچوں کو قرآن پڑھاتا ہے، نے تھانہ اوچ شریف میں رپورٹ درج کرائی کہ 27 فروری 2025 کی صبح ساڑھے آٹھ بجے حماد، وقار اور حامد نامی تین افراد اکیڈمی میں داخل ہوئے اور آتے ہی اس پر تشدد شروع کر دیا۔ ایاز کے شور مچانے پر آس پاس کے لوگ جمع ہو گئے۔ملزمان نے ایاز کا موبائل فون توڑ دیا اور اکیڈمی میں موجود دو لیپ ٹاپ اور 15 ہزار روپے نقدی بھی چھین لی۔

    ایاز کے مطابق ملزمان نے اس سے سوال کیا کہ وہ ان کے دوست کے بیٹے سفیان کے ساتھ موبائل پر گیم کیوں کھیلتا ہے۔
    پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔