Baaghi TV

Category: بہاولپور

  • اوچ شریف: سبزی و فروٹ منڈی میں من مانی قیمتیں، عوام پریشان

    اوچ شریف: سبزی و فروٹ منڈی میں من مانی قیمتیں، عوام پریشان

    اوچ شریف ،باغی ٹی وی(نامہ نگارحبیب خان) سبزی و فروٹ کے آڑھتیوں نے منڈی میں اپنی من مانی قیمتیں مقرر کرنا شروع کر دی ہیں، جس کے باعث عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ شہریوں کے مطابق، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی غیر موجودگی اور انتظامیہ کی خاموشی کے سبب نرخوں میں بے تحاشہ اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔

    اوچ شریف کی سبزی و فروٹ منڈی میں روزانہ بولیاں لگتی ہیں، مگر سرکاری افسران کی موجودگی نہ ہونے کے برابر ہے، جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے آڑھتی اپنی مرضی کے ریٹ مقرر کر رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق، اشیاء کی قیمتوں میں 20 سے 30 فیصد اضافی وصول کیا جا رہا ہے، جبکہ غیر معیاری اشیاء بھی مہنگے داموں فروخت کی جا رہی ہیں۔

    حکومت پنجاب کے سستے داموں سبزی اور پھل فراہم کرنے کے دعوے اوچ شریف میں حقیقت کے برعکس نظر آ رہے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ہر بار میڈیا پر مہنگائی کی خبریں آنے کے بعد انتظامیہ چند دن کے لیے متحرک ہوتی ہے، مگر جلد ہی سب کچھ پہلے جیسا ہو جاتا ہے۔

    عوامی و سماجی تنظیموں نے مطالبہ کیا ہے کہ سبزی و فروٹ منڈیوں میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی نگرانی یقینی بنائی جائے، تاکہ نرخ قابو میں رہیں۔ شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور ڈپٹی کمشنر بہاولپور سے اپیل کی ہے کہ فوری ایکشن لے کر اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں استحکام پیدا کیا جائے، تاکہ غریب عوام سستی سبزی اور پھل خرید سکیں۔

  • ریاست بہاولپور کی عظمت کا نشان،صادق گڑھ پیلس، زبوں حالی کا شکار

    ریاست بہاولپور کی عظمت کا نشان،صادق گڑھ پیلس، زبوں حالی کا شکار

    اوچ شریف،باغی ٹی وی(نامہ نگارحبیب خان) احمد پور شرقیہ کا تاریخی صادق گڑھ پیلس جو کبھی ریاست بہاولپور کی عظمت و جاہ و جلال کی علامت تھا، آج کھنڈر میں تبدیل ہو چکا ہے۔ ایک صدی قبل تعمیر ہونے والا یہ شاندار محل، جو کبھی شاہی تقریبات اور درباری نشستوں کے لیے مشہور تھا، اب شکستہ در و دیوار اور سنسان راہداریوں کے باعث اجڑے دیار کا منظر پیش کر رہا ہے۔

    ریاست بہاولپور کے عباسی حکمرانوں نے ابتدائی طور پر قلعہ دراوڑ کو مسکن بنایا، لیکن بڑھتے ہوئے ریاستی امور کے پیش نظر ڈیرہ نواب میں صادق گڑھ پیلس تعمیر کیا۔ ایک کلومیٹر طویل فصیل میں گھرا یہ محل اپنی مضبوط دیواروں، نادر تعمیرات اور قیمتی اشیاء کی موجودگی کے باعث جنوبی ایشیا کے منفرد محلات میں شمار ہوتا تھا۔

    صادق گڑھ پیلس میں دربار، زنانہ حرم، شاہی مسجد، ترکی ہال، استقبالیہ، بندوق ساز فیکٹری، پاکستان کا پہلا بجلی گھر، واٹر پلانٹ، موٹر ورکشاپ اور صراف خانہ سمیت بے شمار شاہی حصے موجود تھے۔ دربار ہال قیمتی فانوس، سونے سے مزین دیواروں اور بلوریں فرنیچر سے آراستہ تھا، جہاں شاہی مہمانوں کو سونے کے برتنوں میں کھانا پیش کیا جاتا تھا۔

    یہ عظیم الشان محل آج ویران ہو چکا ہے۔ مسجد کی دیواریں گر چکی ہیں، باغات اجڑ چکے ہیں، قیمتی فانوس غائب ہو گئے ہیں اور در و دیوار بوسیدگی کا شکار ہو چکے ہیں۔ محل کی حفاظت نہ ہونے کے باعث کئی قیمتی اشیاء لوٹ لی گئیں جبکہ تاریخی ورثہ مٹی میں دفن ہوتا جا رہا ہے۔

    نواب صادق خامس کی وفات کے بعد صادق گڑھ پیلس 23 حصوں میں تقسیم ہوا، جس کے باعث اس کی دیکھ بھال ممکن نہ رہی۔ اس تاریخی مقام کی حفاظت اور بحالی کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ اس انمول ورثہ کومزید تباہی سے بچایا جا سکے۔

  • اوچ شریف: چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں اضافہ، پولیس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان؟؟؟

    اوچ شریف: چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں اضافہ، پولیس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان؟؟؟

    اوچ شریف ،باغی ٹی وی(نامہ نگارحبیب خان) شہر میں چوری اور ڈکیتی کی بڑھتی ہوئی وارداتوں نے شہریوں کو عدم تحفظ کا شکار کر دیا، جبکہ پولیس کی خاموشی پر عوام نے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق تھانہ اوچ شریف کی حدود میں گزشتہ دو ہفتوں سے چوری اور ڈکیتی کے متعدد واقعات پیش آ چکے ہیں، جن میں مسلح ڈاکو اور چور دکانوں اور گھروں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ گزشتہ شب بھی معروف تاجر آصف خان کی کنفیکشنری شاپ پر پانچ مسلح ڈاکوؤں نے دھاوا بول کر دکاندار اور عملے کو یرغمال بنا لیا اور 1 لاکھ 10 ہزار روپے نقدی اور 1 لاکھ روپے مالیت کے قیمتی موبائل لوٹ کر فرار ہو گئے۔

    اس کے علاوہ محلہ امیر آباد اور ٹینکی چوک میں بھی چور متعدد دکانوں کی چھتیں کاٹ کر قیمتی سامان لے اڑے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ پولیس کی لاپرواہی اور مجرمانہ خاموشی نے جرائم پیشہ عناصر کو کھلی چھوٹ دے رکھی ہے، جس سے عوام میں خوف و ہراس پھیل چکا ہے۔

    شہریوں نے ڈی پی او بہاولپور اور دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اوچ شریف میں چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں پر قابو پانے کے لیے فوری اور سخت کارروائی کی جائے۔ عوام کا کہنا ہے کہ پولیس محض روایتی ایف آئی آر درج کر کے خانہ پری کر رہی ہے، جبکہ عملی اقدامات نہ ہونے کے باعث جرائم میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ اگر صورتحال برقرار رہی تو شہریوں کا قانون نافذ کرنے والے اداروں پر سے مکمل اعتماد ختم ہو جائے گا۔

  • اوچ شریف: رمضان المبارک کا تقدس پامال، کھلے عام ہوٹلوں اور ڈھابوں پر کھانے پینے کی فروخت جاری

    اوچ شریف: رمضان المبارک کا تقدس پامال، کھلے عام ہوٹلوں اور ڈھابوں پر کھانے پینے کی فروخت جاری

    اوچ شریف،باغی ٹی وی(نامہ نگارحبیب خان) رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں اوچ شریف میں کھلے عام ہوٹلوں اور ڈھابوں پر کھانے پینے کی اشیا فروخت کی جا رہی ہیں، جس پر شہریوں نے شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق، تحصیل احمد پور شرقیہ میں احترام رمضان کے قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہو رہی ہے، جہاں شہر میں جگہ جگہ ہوٹل، جوس کارنر اور کھانے پینے کے ٹھیلے کھلے نظر آ رہے ہیں۔ شہریوں نے اس صورتحال پر سخت غصے کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ کو نااہلی کا ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔

    شہریوں کا کہنا ہے کہ دفعہ 144 نافذ ہونے کے باوجود کئی ہوٹل اور کیفے کھلے ہیں، جبکہ بس اڈوں اور اسپتالوں کی رعایت کی آڑ میں قانون کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں۔ مقامی افراد نے الزام عائد کیا کہ انتظامیہ کی مبینہ ملی بھگت اور رشوت کے باعث ہوٹل مالکان کھلے عام قانون شکنی کر رہے ہیں، لیکن کسی کے خلاف کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی جا رہی۔

    شہریوں نے ڈی سی بہاولپور اور اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ سے فوری نوٹس لینے اور سخت کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے تقدس کو بحال رکھنے کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں۔

  • یزمان:چک 108 ڈی این بی میں جاز ٹاور کی بیٹریوں میں آگ لگ گئی

    یزمان:چک 108 ڈی این بی میں جاز ٹاور کی بیٹریوں میں آگ لگ گئی

    اوچ شریف،باغی ٹی وی(نامہ نگارحبیب خان) تحصیل یزمان کے علاقے چک 108 ڈی این بی، ہیڈ راجکان میں جاز کے موبائل ٹاور کی بیٹریوں میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے باعث شدید دھواں اٹھنے لگا۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق آگ ممکنہ طور پر شارٹ سرکٹ کے باعث لگی۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچی اور فائر فائٹنگ آپریشن شروع کر دیا۔ ریسکیو اہلکاروں نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے آگ پر قابو پا لیا، جبکہ کولنگ کا عمل جاری ہے تاکہ دوبارہ آگ بھڑکنے کا خدشہ نہ رہے۔

    حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم علاقے میں عارضی طور پر موبائل سگنلز متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ علاقہ مکینوں نے ریسکیو ٹیم کی بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے جاتے تو نقصان زیادہ ہو سکتا تھا۔

  • اوچ شریف: ڈکیتی کی واردات، مسلح ڈاکو لاکھوں روپے لوٹ کر فرار

    اوچ شریف: ڈکیتی کی واردات، مسلح ڈاکو لاکھوں روپے لوٹ کر فرار

    اوچ شریف،باغی ٹی وی(نامہ نگارحبیب خان) اوچ شریف میں جرائم کی وارداتوں میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے، جہاں مسلح ڈاکو بے خوف ہو کر وارداتیں کر رہے ہیں۔ تازہ ترین واقعے میں حسینی چوک روڈ پر واقع ایک کنفیکشنری شاپ پر پانچ مسلح ڈاکوؤں نے دھاوا بول کر لاکھوں روپے کی نقدی اور قیمتی سامان لوٹ لیا۔

    تفصیلات کے مطابق تاجر عاقب خان کی کنفیکشنری شاپ پر گزشتہ رات تقریباً 8 بجے پانچ مسلح ڈاکو ایک گاڑی میں سوار ہو کر پہنچے۔ ڈاکوؤں نے اسلحے کے زور پر دکاندار اور عملے کو یرغمال بنایا اور دکان سے 1 لاکھ 10 ہزار روپے نقدی اور 1 لاکھ روپے مالیت کے دو قیمتی موبائل فون لوٹ کر فرار ہو گئے۔

    عینی شاہدین کے مطابق ڈاکو واردات کے بعد تیزی سے موقع سے نکل گئے۔ اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس موقع پر پہنچ گئی، شواہد اکٹھے کیے اور ملزمان کی تلاش کے لیے علاقے میں ناکہ بندی کر دی۔

    شہریوں نے بڑھتی ہوئی وارداتوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور شہریوں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ پولیس کو گشت بڑھانا چاہیے اور علاقے میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے فوری اقدامات کرنے چاہئیں۔

  • اوچ شریف: 10 سالہ بچہ تالاب میں ڈوب کر جاں بحق

    اوچ شریف: 10 سالہ بچہ تالاب میں ڈوب کر جاں بحق

    اوچ شریف،باغی ٹی وی(نامہ نگارحبیب خان) چنی گوٹھ روڈ پر احمد پور ٹول پلازا کے قریب افسوسناک حادثہ پیش آیا، جہاں 10 سالہ بچہ دل حسن نہاتے ہوئے تالاب میں ڈوب کر جاں بحق ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق فیروز پمپ کے قریب ایک خاتون کپڑے دھونے میں مصروف تھی جبکہ اس کا بیٹا دل حسن جس کی عمر 10 سال تھی قریبی ٹیوب ویل کے تالاب میں نہا رہا تھا۔ کھیلتے ہوئے بچہ گہرے پانی میں چلا گیا اور ڈوب گیا۔

    قریبی افراد نے جب بچے کو پانی میں نہ پایا تو تلاش شروع کی، جس کے بعد لواحقین نے اپنی مدد آپ کے تحت اسے نکال لیا۔ ریسکیو 1122 کو فوری اطلاع دی گئی، جنہوں نے موقع پر پہنچ کر بچے کو طبی امداد دی اور مصنوعی سانس (سی پی آر) دے کر ہوش میں لانے کی کوشش کی۔ تاہم حالت نازک ہونے پر تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال احمد پور شرقیہ منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں کی بھرپور کوششوں کے باوجود وہ زندگی کی بازی ہار گیا۔

    بچے کی ناگہانی موت پر علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی جبکہ ورثا شدت غم سے نڈھال ہو گئے۔

  • اوچ شریف:موٹر وے ایم 5 پر اوور سپیڈ گاڑی چلانے پر ڈرائیور گرفتار

    اوچ شریف:موٹر وے ایم 5 پر اوور سپیڈ گاڑی چلانے پر ڈرائیور گرفتار

    اوچ شریف،باغی ٹی وی(نامہ نگارحبیب خان)موٹر وے ایم 5 پر تیز رفتاری کا جنون ایک ڈرائیور کو مہنگا پڑ گیا۔ موٹروے پولیس نے بیٹ نمبر 25 پر کارروائی کرتے ہوئے بدرالدین نامی ڈرائیور کو گرفتار کر لیا جو 161 کلومیٹر فی گھنٹہ کی خطرناک رفتار سے گاڑی چلا رہا تھا۔

    موٹروے پولیس کے ترجمان کے مطابق بدرالدین کی تیز رفتاری نہ صرف قانون کی خلاف ورزی تھی بلکہ دیگر مسافروں کی زندگیوں کے لیے بھی خطرہ تھی۔ موٹروے پر لائٹ وہیکلز کی رفتار کی حد 120 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے اور اس سے تجاوز کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جاتی ہے۔

    بدرالدین کی گاڑی کو تحویل میں لے کر تھانے میں بند کر دیا گیا ہے اور ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ موٹروے پولیس نے واضح کیا ہے کہ 150 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زائد رفتار پر گاڑی چلانے والوں کو بھاری جرمانے اور قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

    موٹروے پولیس کا یہ اقدام تیز رفتاری کے خلاف ایک واضح پیغام ہے جس کا مقصد سڑکوں پر محفوظ سفر کو یقینی بنانا ہے۔

  • سرائیکی اجرک ڈے: اوچ شریف اور احمد پور شرقیہ میں ثقافتی رنگ نمایاں

    سرائیکی اجرک ڈے: اوچ شریف اور احمد پور شرقیہ میں ثقافتی رنگ نمایاں

    اوچ شریف، باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان) سرائیکی وسیب سمیت ملک بھر میں سرائیکی اجرک ڈے بھرپور جوش و خروش سے منایا گیا۔ اوچ شریف اور احمد پور شرقیہ میں خصوصی تقریبات منعقد کی گئیں، جہاں شہریوں اور طلباء نے سرائیکی اجرک پہن کر اپنی ثقافت اور روایات کو اجاگر کیا۔

    اوچ شریف میں شہریوں نے سرائیکی اجرک پہن کر اپنی ثقافت اور روایات کو اجاگر کیا۔ مختلف مقامات پر تقریبات منعقد کی گئیں، جن میں شرکاء نے سرائیکی ثقافت کی اہمیت اور اس کی تاریخی حیثیت پر روشنی ڈالی۔

    سرائیکی اجرک، جو نیلے اور فیروزی رنگوں سے مزین ہے، وسیب کی قدیم پہچان اور ورثے کی علامت سمجھی جاتی ہے۔ ماہرین کے مطابق، اس مخصوص رنگ کا انتخاب ملتانی کاشی گری سے متاثر ہو کر کیا گیا ہے، جو کہ خطے کی تاریخی عمارتوں اور مزارات میں نمایاں نظر آتا ہے۔ اوچ شریف میں حضرت جلال الدین سرخپوش، حضرت مخدوم جہانیاں جہاں گشت اور دیگر بزرگانِ دین کے مزارات اپنی نیلی اور فیروزی ٹائلوں کی بنا پر سرائیکی ثقافت کی روحانی و تاریخی عظمت کی عکاسی کرتے ہیں۔

    ثقافتی ماہرین کے مطابق، "اجرک” کا لفظ عربی کے "ازرک” سے ماخوذ ہے، جس کے معنی نیلے رنگ کے ہیں۔ سرائیکی وسیب میں یہی رنگ روحانیت، ثقافت اور فنونِ لطیفہ کی علامت سمجھا جاتا ہے۔

    سرائیکی دانشور میاں محمد عامر صدیقی، عمر خورشید، سہمن، شفیق انجم اور عمران دانش نے کہا کہ سرائیکی اجرک نہ صرف ایک پہناوا ہے بلکہ وسیب کی شناخت اور تشخص کی علامت بھی ہے۔ انہوں نے اس ثقافتی ورثے کی ترویج اور قومی سطح پر اس کی شناخت دینے پر زور دیا تاکہ سرائیکی ثقافت کو مزید فروغ حاصل ہو۔

    شہریوں نے بھی سرائیکی اجرک کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ یہ اجرک وسیب کے لوگوں کے اتحاد، محبت اور روایات کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت سرائیکی ثقافت کے فروغ کے لیے اقدامات کرے اور سرائیکی اجرک کو سرکاری سطح پر تسلیم کرتے ہوئے اسے قومی ثقافتی ورثے کا حصہ بنایا جائے۔

    احمد پور شرقیہ میں گورنمنٹ صادق عباس گرائجوئٹ کالج ڈیرہ نواب صاحب کے نئے پرنسپل پروفیسر شاہد حسین مغل، وائس پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر سیف اللہ جامعی، صدر شعبہ سرائیکی پروفیسر ڈاکٹر محمد الطاف ڈاھر جلالوی، پروفیسر راشد رسول بلوچ اور پروفیسر عمیر الرحمن چوہان کو 6 مارچ سرائیکی کلچر ڈے کے حوالے سے معزز سول سوسائٹی اور طلباء نے سرائیکی کلچرل اجرک اور پھولوں کے گلدستے پیش کیے۔

    اس موقع پر صدر شعبہ سرائیکی پروفیسر ڈاکٹر محمد الطاف ڈاھر جلالوی نے کہا کہ کسی بھی علاقے کی زبان، تاریخ، ادب، فنون، تہذیب و تمدن اور ثقافت اس خطے کی ہزاروں سال پرانی شناخت کا ورثہ ہوتی ہے۔ سرائیکی نیلی اجرک امن و محبت، رواداری اور برداشت کے تصوفانہ فلسفے کا پیغام ہے۔ پاکستان خوبصورت زبانوں اور ثقافتوں کا حسین روشن گلدستہ ہے۔ مادری زبانیں اور کلچرل روایتی لباس و میلوں سے آپس میں اتحاد و یکجہتی، فطری خوشی، احترام آدمیت اور خلوص جیسے جذبات پیدا ہوتے ہیں۔

  • اوچ شریف :سرکاری سکولوں میں داخلوں کے لیے آگاہی ریلی، والدین سے بچوں کو داخل کرانے کی اپیل

    اوچ شریف :سرکاری سکولوں میں داخلوں کے لیے آگاہی ریلی، والدین سے بچوں کو داخل کرانے کی اپیل

    اوچ شریف، باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان): حکومت پنجاب کے ویژن کے مطابق بچوں کے بہتر مستقبل کے لیے سرکاری سکولوں میں داخلے کی ترغیب دینے کے لیے اوچ شریف میں ایک آگاہی ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں محکمہ تعلیم کے افسران، اساتذہ، والدین اور سماجی رہنماؤں نے بھرپور شرکت کی۔

    ڈپٹی ایجوکیشن آفیسر عبدالروف سپرا نے خطاب کرتے ہوئے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے 5 سال تک کے بچوں کو سرکاری اسکولوں میں داخل کرائیں، جہاں معیاری تعلیم اور بہتر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ اساتذہ اپنی انتھک محنت سے بہترین نتائج دیں گے تاکہ بچوں کا مستقبل روشن ہو۔

    سماجی رہنما ناصر خان نے اس موقع پر کہا کہ حکومت پنجاب تعلیم کے فروغ کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو سرکاری اسکولوں میں داخل کرائیں تاکہ انہیں معیاری اور مفت تعلیم میسر آ سکے۔ ناصر خان نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ بچوں کے لیے وظائف اور والدین کی معاونت کے لیے خصوصی پروگرام بھی متعارف کرائے جائیں تاکہ کم وسائل والے گھرانوں کو مدد فراہم کی جا سکے۔

    ریلی کے شرکاء نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر "تعلیم سب کے لیے”، "معیاری تعلیم، روشن مستقبل” جیسے نعرے درج تھے۔ ریلی مختلف شاہراہوں سے گزرتی ہوئی اختتام پذیر ہوئی، جہاں مقررین نے تعلیم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے عوام کو سرکاری اسکولوں میں داخلے کی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی تلقین کی۔