Baaghi TV

Category: بہاولپور

  • اوچ شریف:مرکزی عیدگاہ کوڑا کرکٹ اور سیوریج کے پانی کا شکار، انتظامیہ غافل

    اوچ شریف:مرکزی عیدگاہ کوڑا کرکٹ اور سیوریج کے پانی کا شکار، انتظامیہ غافل

    اوچ شریف،باغی ٹی وی(نامہ نگارحبیب) ڈیرہ نواب صاحب میں واقع مرکزی عید گاہ اور جنازہ گاہ سیوریج کے گندے پانی اور کوڑا کرکٹ کے ڈھیر میں تبدیل ہو گئی، لیکن انتظامیہ کی بے حسی برقرار ہے۔

    نواب سر صادق محمد خان عباسی مرحوم کے آبائی علاقے صادق گڑھ پیلس روڈ پر واقع اس مقام پر اہل علاقہ عید نماز اور جنازے کی ادائیگی کرتے ہیں، مگر سیوریج لائن بند ہونے کے بعد اہل محلہ نے گندہ پانی عیدگاہ میں چھوڑ دیا، جس سے بدبو اور تعفن پھیل گیا ہے۔

    علاوہ ازیں، صفائی نہ ہونے کے باعث جگہ جگہ کوڑا کرکٹ کے ڈھیر لگ چکے ہیں جبکہ لوگوں نے مین گیٹ بند ہونے کے سبب دیواریں توڑ کر غیر قانونی راستے بھی بنا لیے ہیں۔

    ویسٹ مینجمنٹ اور میونسپل کمیٹی کے ذمہ داران خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی، اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ اور چیف آفیسر میونسپل کمیٹی نے کبھی اس جانب توجہ دینا گوارا نہیں کیا۔

    ڈیرہ نواب صاحب کے رہائشی اور سماجی شخصیت قاضی محمد افضل ایڈووکیٹ ہائی کورٹ نے کمشنر بہاولپور ڈویژن اور ڈپٹی کمشنر بہاولپور سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

  • پنجاب سیاحت کا مرکز بنے گا، وزیراعلیٰ مریم نواز کا اعلان

    پنجاب سیاحت کا مرکز بنے گا، وزیراعلیٰ مریم نواز کا اعلان

    اوچ شریف (نامہ نگار حبیب خان) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں پنجاب میں سیاحت کے فروغ کے لیے اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔ پنجاب میں 170 سیاحتی مقامات اور ٹریلز کی تعمیر و مرمت اور بحالی کی اصولی منظوری دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ، پنجاب کی پہلی مکمل ٹورازم میگنی فیسینٹ ایپ بھی تیار کر لی گئی ہے، جس کا جلد آغاز کیا جائے گا۔ میگنی فیسینٹ ایپ کے ذریعے 170 سیاحتی مقامات کی ورچوئل سیر کی جا سکے گی۔

    میگنی فیسینٹ ایپ کی خصوصیات
    * سیاحت سے متعلق تمام تر فیچرز شامل
    * ٹریول وزٹ اور ہوٹل بکنگ کی سہولت
    * فوڈ پانڈا اور دیگر سروسز تک رسائی
    * چیٹ بوٹ سے مفید معلومات

    وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب کے سب سے بڑے اور جامع ٹورازم پلان کی اصولی منظوری دے دی ہے۔ پنجاب بھر میں مذہبی، تاریخی، قدیمی ورثہ، اثار قدیمہ اور ایکو ٹورازم کو فروغ دیا جائے گا۔ قدیمی تہذیب سے قربت کا احساس دلانے کے لیے سیاحوں کے لیے ٹورسٹ ویلج بھی بنائے جائیں گے۔ پنجاب میں پہلی مرتبہ ٹورازم ٹریل بھی تیار کی جائیں گی۔

    سیاحتی ٹریلز:
    * ڈسٹرکٹ مال روڈ، وال سٹی آف لاہور، سکھ سائٹس، جی ٹی روڈ کی مغل یادگاریں
    * سالٹ رینج، بھاٹی گیٹ، ٹیکسالی گیٹ، گوجرانوالہ، ایمن آباد سکھ ٹورازم ٹریل
    * گندھار تہذیب سے متعلق گندھار ٹریل (ٹیکسلا میوزیم، دھرما راچی کا، جولیاں، سرکیپ اور گری قلعہ)

    پنجاب میں گوردوارے اور گرجاگھروں کی قدیمی عمارتوں کو بھی بحال کرنے کی تجویز کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ ملتان کی لیونگ ہیریٹیج سائٹ قلعہ کہنہ قاسم باغ کو وادی سندھ کی تہذیب کے نشان کے طور پر بحال کیا جائے گا۔ اوچ شریف میں زائرین کی سہولت کے لیے خصوصی ٹریل ڈویلپ کی جائے گی۔ چھانگا مانگا فارسٹ پارک اور لال سوہانرا نیشنل پارک کو ایکو ٹورازم کے فروغ کے لیے ڈویلپ کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

    سیاحت کے فروغ کے لیے گورننس کی بہتری کے لیے پنجاب ٹورازم اینڈ ہیریٹیج اتھارٹی ایکٹ 2025ء پیش کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب کی پہلی ٹورازم اینڈ ہیریٹیج اتھارٹی کی اصولی منظوری بھی دے دی ہے۔ لاہور، ملتان، بہاولپور، چکوال اور جہلم سمیت مختلف شہروں میں ٹورازم سائٹس کو ڈویلپ کیا جائے گا۔

    وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ پنجاب میں عالمی سیاحت کے فروغ کی بنیاد رکھی جا رہی ہے۔ تمام سیاحتی مقامات کو عالمی معیار کے مطابق بنایا جائے گا۔ ٹیکسلا کو مکمل ٹورسٹ سائٹ بنایا جائے گا، جہاں فائیو سٹار ہوٹل بھی تعمیر کیا جائے گا۔ ان کی پوری توجہ پنجاب میں سیاحت کے فروغ پر مرکوز ہے، اور وہ پنجاب کو سیاحتی مرکز بنانا چاہتی ہیں۔

  • اوچ شریف: بازار میں زہر بکتا ہے، ملاوٹ مافیا بے لگام، حکام کی کارروائی کا انتظار

    اوچ شریف: بازار میں زہر بکتا ہے، ملاوٹ مافیا بے لگام، حکام کی کارروائی کا انتظار

    اوچ شریف (نامہ نگار حبیب خان): اوچ شریف اور گردونواح میں ملاوٹ شدہ اور غیر معیاری اشیائے خورونوش کی فروخت عروج پر پہنچ گئی ہے، جس کے باعث شہریوں کی صحت داؤ پر لگ چکی ہے۔ مقامی بیکریوں، مٹھائی کی دکانوں، دودھ دہی فروشوں اور دیگر کھانے پینے کے مراکز میں ملاوٹ شدہ اشیاء کا کھلے عام استعمال جاری ہے۔

    ذرائع کے مطابق اوچ شریف میں فروخت ہونے والے دودھ، دہی، بیکری آئٹمز، مٹھائی اور دیگر اشیائے خورونوش میں غیر معیاری کوکنگ آئل، ناقص گھی، مصنوعی مٹھاس، کارن سیرپ اور دیگر مضرِ صحت کیمیکلز کا بے دریغ استعمال کیا جا رہا ہے۔ بیکریوں میں گندے انڈوں سے کیک، بسکٹ اور دیگر اشیاء تیار کی جا رہی ہیں، جس کے باعث شہری مختلف بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں۔ معدے کے امراض، فوڈ پوائزننگ، ہیپاٹائٹس اور دیگر صحت کے مسائل عام ہو گئے ہیں، مگر انتظامیہ کی جانب سے اس خطرناک صورتحال پر کوئی کارروائی دیکھنے میں نہیں آ رہی۔

    شہریوں محمد عاقل، رسول بخش، صفدر حسین، طلحہ زبیر خان، انس خان اور دیگر نے شکایت کی ہے کہ اوچ شریف کے مختلف علاقوں چوک، الشمس، خیرپور ڈاہا روڈ، بورڈنگ اسکول موڑ، ٹینکی چوک اور حسینی چوک میں موجود بیکری ورکشاپس میں صفائی ستھرائی کا انتہائی ناقص انتظام ہے۔ ان ورکشاپس سے بدبو اور تعفن اٹھنے کے باعث عوام کا جینا محال ہو گیا ہے، جبکہ بیکری اور مٹھائی کی دکانوں پر ناقص اشیاء کی فروخت جاری ہے۔

    باوثوق ذرائع کے مطابق بعض مقامی بیکری مالکان اور مٹھائی فروش اپنی ناقص مصنوعات پر معروف ملٹی نیشنل کمپنیوں کے جعلی لیبل لگا کر فروخت کر رہے ہیں۔ اس فراڈ کے باعث نہ صرف صارفین کو دھوکہ دیا جا رہا ہے بلکہ انہیں مضرِ صحت اشیاء کھانے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔

    اوچ شریف کے عوامی و سماجی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر بہاولپور اور متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر ان صحت دشمن عناصر کے خلاف سخت کارروائی کریں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ملاوٹ مافیا کی روک تھام اور معیاری خوراک کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے فوڈ اتھارٹی اور دیگر متعلقہ اداروں کو متحرک کیا جائے، تاکہ عوام کی صحت محفوظ رہ سکے۔

  • اوچ شریف : گراں فروشی کے خلاف کریک ڈاؤن، متعدد دکانداروں کو جرمانے

    اوچ شریف : گراں فروشی کے خلاف کریک ڈاؤن، متعدد دکانداروں کو جرمانے

    اوچ شریف (نامہ نگار حبیب خان) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن اور ڈپٹی کمشنر بہاولپور ڈاکٹر فرحان فاروق کی ہدایت پر رمضان المبارک میں گراں فروشی کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ اسپیشل پرائس کنٹرول مجسٹریٹ عمران حیدر سیال نے اوچ شریف اور احمد پور شرقیہ کے مختلف بازاروں میں چھاپے مارے۔

    اس دوران انہوں نے پھل، سبزی، کریانہ اور دیگر اشیائے خوردونوش کی دکانوں کا معائنہ کیا اور نرخ ناموں اور اشیاء کی کوالٹی کا جائزہ لیا۔ انہوں نے صارفین سے بھی گفتگو کی اور اشیاء کی مقررہ نرخ پر فروخت کے بارے میں دریافت کیا۔

    اسپیشل پرائس کنٹرول مجسٹریٹ نے دکانداروں کو ہدایت کی کہ اشیائے ضروریہ مقررہ نرخ پر فروخت کی جائیں۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے صارفین سے کہا کہ اگر کوئی دکاندار ریٹ لسٹ سے زیادہ نرخ پر اشیاء فروخت کرتا ہے تو وہ فوری طور پر شکایت درج کرائیں۔

    انہوں نے پل جھانگرہ غربی، اوچ شریف شہر چوک بختیاری، شمس چوک، خرم پور سمیت مختلف علاقوں میں سبزی، فروٹ اور دودھ دہی فروشوں کا معائنہ کیا۔ سرکاری ریٹ لسٹ آویزاں نہ کرنے، گراں فروشی اور زائد المعیاد اشیاء کی فروخت پر متعدد دکانداروں کو بھاری جرمانے کیے گئے۔

  • اوچ شریف: اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ کا گراں فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری

    اوچ شریف: اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ کا گراں فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری

    اوچ شریف (باغی ٹی وی) وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ نوید حیدر فیلڈ میں متحرک، گراں فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری، سرکاری نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کے احکامات جاری۔ خلاف ورزی پر سخت کارروائی کی وارننگ۔

    تفصیلات کے مطابق احمد پور شرقیہ سمیت تحصیل بھر میں گراں فروشی کے خلاف گرینڈ آپریشن جاری ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر نوید حیدر نے سبزی، فروٹ، گوشت اور دیگر اشیاء کے اسٹالز اور دکانوں کا معائنہ کیا۔ اضافی نرخ وصول کرنے پر جرمانے عائد کیے گئے۔ بعد ازاں انہوں نے سستا چینی سیل پوائنٹس کا بھی معائنہ کرتے ہوئے انتظامیہ کو مزید بہتری کے احکامات جاری کیے۔

    اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا تھا کہ سرکاری نرخوں پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور گراں فروشی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ خلاف ورزی پر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

  • اوچ شریف:رمضان میں بھی قصابوں کا مکروہ دھندہ جاری، ناقص گوشت کی فروخت،انتظامیہ خاموش

    اوچ شریف:رمضان میں بھی قصابوں کا مکروہ دھندہ جاری، ناقص گوشت کی فروخت،انتظامیہ خاموش

    اوچ شریف، باغی ٹی وی(نامہ نگار حبیب خان) اوچ شریف اور گردونواح میں رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں بھی مضر صحت، لاغر اور مردہ جانوروں کے گوشت کی فروخت کا سلسلہ جاری ہے۔ قصائی مافیا انسانی صحت سے کھیلنے میں مصروف ہے، جبکہ متعلقہ ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ ناقص اور زہریلے گوشت کے استعمال سے شہری مختلف بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں، مگر انتظامیہ کی چشم پوشی کے باعث یہ مکروہ دھندہ کھلے عام جاری ہے۔

    ذرائع کے مطابق مختلف علاقوں میں غیر قانونی طور پر بیمار اور مردہ جانوروں کا گوشت فروخت کیا جا رہا ہے۔ قصائی مافیا دیہی علاقوں سے لاغر اور بیمار جانور انتہائی کم قیمت پر خرید کر ان کے گوشت کو مختلف کیمیکلز کے ذریعے مصنوعی طور پر تازہ بناتے ہیں اور پھر یہ گوشت شہر کی مختلف مارکیٹوں، ہوٹلوں، بیکریوں میں سپلائی کیا جاتا ہے۔

    رمضان المبارک میں شہری سحر و افطار میں زیادہ تر گوشت سے بنی اشیاء استعمال کرتے ہیں، لیکن ناقص گوشت کی فروخت کے باعث فوڈ پوائزننگ، معدے کی بیماریاں، یرقان اور دیگر سنگین مسائل میں اضافہ ہو رہا ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق غیر معیاری گوشت کا استعمال بچوں اور بوڑھوں کے لیے زیادہ خطرناک ثابت ہو رہا ہے۔

    عوامی وسماجی حلقے متعلقہ اداروں کی خاموشی پر شدید غم و غصے کا اظہار کر رہے ہیں۔ لائیو اسٹاک، فوڈ اتھارٹی اور دیگر ذمہ دار ادارے اس غیر قانونی دھندے سے باخبر ہونے کے باوجود کوئی عملی اقدام نہیں کر رہے۔ رمضان المبارک کے دوران بھی مضر صحت گوشت کی فروخت کھلے عام جاری ہے، مگر انتظامیہ بے بس نظر آ رہی ہے۔

    اوچ شریف شہر کے مکینوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری، ڈی سی بہاولپور اور دیگر متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر مضر صحت گوشت فروخت کرنے والے عناصر کو سخت سزائیں دی جائیں، ان کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں اور غیر معیاری گوشت فروخت کرنے والی دکانوں کو فوری طور پر سیل کیا جائے۔

  • اوچ شریف: مولانا فضل الرحمان کی قاری سیف الرحمان راشدی سے تعزیت

    اوچ شریف: مولانا فضل الرحمان کی قاری سیف الرحمان راشدی سے تعزیت

    اوچ شریف،باغی ٹی وی (نامہ نگارحبیب خان )مولانا فضل الرحمان کا قاری سیف الرحمان راشدی سے ٹیلیفونک رابطہ، جواں سال بیٹے کے انتقال پر اظہار افسوس

    جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے جے یو آئی بہاولپور کے امیر قاری سیف الرحمان راشدی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور ان کے جواں سال بیٹے کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

    مولانا فضل الرحمان نے مرحوم کے لیے دعائے مغفرت کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کریم مرحوم کی مغفرت فرمائے، درجات بلند کرے اور اعلیٰ علیین میں مقام عطا فرمائے۔ انہوں نے قاری سیف الرحمان اور ان کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جواں اولاد کی موت بڑا صدمہ ہے، اللہ کریم آپ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

  • اوچ شریف: موضع بیٹ احمد میں چوری کی واردات، محنت کش کی قیمتی گائے چوری

    اوچ شریف: موضع بیٹ احمد میں چوری کی واردات، محنت کش کی قیمتی گائے چوری

    اوچ شریف (نامہ نگار حبیب خان) اوچ شریف کے نواحی علاقے موضع بیٹ احمد بستی کالڑہ میں چوری کی سنگین واردات پیش آئی، جس میں نامعلوم چور ایک محنت کش مجید کالڑہ کی قیمتی گائے چرا کر فرار ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق مجید کالڑہ جو کہ ایک محنت کش ہیں، اپنی گائے پال کر اپنے بچوں کا پیٹ پالتے تھے۔ انہوں نے رات کے وقت اپنی گائے کو گھر کے قریب باڑے میں باندھ کر سو گئے۔ تاہم علی الصبح جب وہ باڑے میں گئے تو گائے غائب تھی۔

    گائے کی چوری کی اس واردات کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ دیہاتیوں نے پولیس سے اپیل کی ہے کہ چوروں کا جلد از جلد سراغ لگا کر انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور محنت کش کسان کی قیمتی گائے واپس دلائی جائے۔

    متاثرہ شخص نے کہا کہ وہ پہلے ہی مالی مشکلات سے دوچار تھے اور اب ان کی واحد قیمتی ملکیت بھی چوری ہو گئی ہے۔ انہوں نے مقامی انتظامیہ اور اعلیٰ حکام سے انصاف کی فراہمی کی اپیل کی ہے۔

    علاقہ مکینوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ چوری کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کے سدباب کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں۔

  • اوچ شریف: موضع ککس کے رہائشی محمد جاوید کی جرائم سے توبہ، نئی زندگی کا آغاز

    اوچ شریف: موضع ککس کے رہائشی محمد جاوید کی جرائم سے توبہ، نئی زندگی کا آغاز

    اوچ شریف (نامہ نگار حبیب خان) اوچ شریف کے نواحی علاقے موضع ککس بستی حاجی محمد یار ککس میں ایک اہم اور خوش آئند واقعہ پیش آیا، جہاں مقامی رہائشی محمد جاوید ولد عبد الرزاق نے جرائم سے توبہ کر کے ایک نئی زندگی شروع کرنے کا اعلان کیا۔ اس موقع پر علاقے کے معززین، بزرگوں اور دیگر اہلِ علاقہ کی بڑی تعداد موجود تھی، جنہوں نے محمد جاوید کے اس فیصلے کو سراہا اور اسے نیکی اور بھلائی کے راستے پر چلنے کی تلقین کی۔

    توبہ کے اس یادگار اجتماع میں زراعت آفیسر عبدالمالک، قاری بشیر احمد اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ محمد جاوید کا جرائم سے کنارہ کش ہو کر ایک مثبت زندگی کی طرف آنا پورے علاقے کے لیے خوشی کی بات ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ جرائم سے دور رہیں اور اپنی زندگی کو بہتر بنانے کے لیے محنت اور ایمانداری کے راستے کو اپنائیں۔

    محمد جاوید نے کہا کہ ماضی میں وہ بعض غلط سرگرمیوں میں ملوث رہا، لیکن اب وہ سچے دل سے ان سب سے توبہ کرتا ہے اور آئندہ ایک دیانتدار اور نیک زندگی گزارنے کا عزم رکھتا ہے۔ اس کے اس فیصلے پر اہل علاقہ نے خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اسے ثابت قدم رکھے۔

  • اوچ شریف:موٹروے پر محفوظ سفر، وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ریسکیو 1122 چوبیس گھنٹے الرٹ

    اوچ شریف:موٹروے پر محفوظ سفر، وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ریسکیو 1122 چوبیس گھنٹے الرٹ

    اوچ شریف (نامہ نگار حبیب خان) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور موٹروے پر حادثات کے دوران بروقت امداد فراہم کرنے کے لیے ریسکیو 1122 کی ٹیمیں اور گاڑیاں 24 گھنٹے الرٹ رہیں گی۔ اوچ شریف انٹرچینج اور جھانگڑہ مشرقی انٹرچینج پر جدید سہولیات سے آراستہ ایمبولینسز اور ریسکیو اہلکاروں کی موجودگی یقینی بنا دی گئی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری مدد فراہم کی جا سکے۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے بھر میں شہریوں کو محفوظ سفری سہولیات فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ ان کی ہدایات پر ریسکیو 1122 کے اہلکاروں کو خصوصی تربیت دی گئی ہے تاکہ وہ حادثات، طبی ایمرجنسیز اور دیگر ہنگامی حالات میں فوری اور مؤثر مدد فراہم کر سکیں۔ اس اقدام کا مقصد نہ صرف شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے بلکہ موٹروے پر سفر کرنے والوں کو اعتماد دینا ہے کہ کسی بھی ناگہانی صورتحال میں ریسکیو 1122 ان کی مدد کے لیے موجود ہو گی۔

    ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر باقر حسین نے کہا کہ ریسکیو 1122 کی گاڑیاں اور اہلکار دن رات کسی بھی ممکنہ حادثے یا طبی ایمرجنسی کے لیے مکمل تیار رہیں گے۔ اس حوالے سے تمام ضروری اقدامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور ریسکیو 1122 کی خصوصی ٹیمیں جدید طبی آلات اور سہولیات سے لیس ایمبولینسز کے ساتھ تعینات کر دی گئی ہیں۔

    ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر کے مطابق کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں شہری فوری طور پر ریسکیو 1122 کے ہیلپ لائن نمبر 1122 پر کال کریں۔ عوام کی آگاہی کے لیے موٹروے پر مختلف مقامات پر بینرز اور سائن بورڈز بھی لگائے گئے ہیں، جن پر ریسکیو 1122 کے رابطہ نمبرز اور حفاظتی تدابیر درج ہیں۔

    ریسکیو 1122 اور پنجاب حکومت نے شہریوں کی حفاظت کے پیش نظر چند احتیاطی تدابیر بھی جاری کی ہیں، جن پر عمل کرکے حادثات کی شرح کو کم کیا جا سکتا ہے:

    گاڑی کی رفتار مقررہ حد میں رکھیں اور سیٹ بیلٹ کا استعمال یقینی بنائیں۔
    طویل سفر سے پہلے گاڑی کے بریک، ٹائر، انجن آئل اور دیگر فنی پہلوؤں کا معائنہ کروائیں۔
    دھند، بارش یا خراب موسم میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
    نیند یا تھکاوٹ محسوس ہو تو گاڑی روک کر آرام کریں تاکہ حادثات سے بچا جا سکے۔
    کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر ریسکیو 1122 کو اطلاع دیں تاکہ بروقت مدد فراہم کی جا سکے۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ "عوام کی حفاظت اور فلاح و بہبود ہماری اولین ترجیح ہے۔ ہم شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں، اور ریسکیو 1122 کی 24 گھنٹے تعیناتی اسی وژن کا ایک اہم حصہ ہے۔