Baaghi TV

Category: بہاولپور

  • موٹروے ایم-5 پر اوور اسپیڈ گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری

    موٹروے ایم-5 پر اوور اسپیڈ گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری

    اوچ شریف ،باغی ٹی وی(نامہ نگارحبیب خان) انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس رفعت مختار کی ہدایات پر سیکٹر I، موٹروے ایم-5 پر اوور اسپیڈ گاڑیوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن جاری ہے۔

    سیکٹر کمانڈر رانا سرفراز ناصر کے مطابق تیز رفتاری کرنے والے ڈرائیوروں پر جرمانے اور ایف آئی آر درج کی جائے گی۔ جدید آئی ٹی ایس سسٹم اور مینول کیمروں کے ذریعے گاڑیوں کی نگرانی کی جا رہی ہے، جبکہ تمام ٹول پلازہ جات اور سروس ایریاز میں بینرز بھی آویزاں کر دیے گئے ہیں تاکہ عوام کو آگاہی دی جا سکے۔

    سیکٹر کمانڈر کا کہنا تھا کہ 150 کلومیٹر فی گھنٹہ کی حد سے تجاوز کرنے پر نہ صرف جرمانہ ہوگا بلکہ ایف آئی آر بھی درج کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اوور اسپیڈنگ سے نہ صرف ڈرائیور بلکہ دیگر مسافروں کی زندگیاں بھی خطرے میں پڑ جاتی ہیں، جو کہ کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہیں۔

    موٹروے پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ رفتار کی حد کا خیال رکھیں اور محفوظ سفر کو یقینی بنائیں۔

  • بہاولپور: کچن میں آگ لگنے سے 20 سالہ لڑکی شدید جھلس گئی

    بہاولپور: کچن میں آگ لگنے سے 20 سالہ لڑکی شدید جھلس گئی

    اوچ شریف،باغی ٹی وی(نامہ نگارحبیب خان) بہاولپور کے علاقے راما پھاٹک، احمد پور روڈ کے قریب افسوسناک حادثہ پیش آیا، جہاں 20 سالہ مہریں دختر محمد فاروق شدید جھلس گئیں۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق مہریں کچن میں لیٹی ہوئی تھیں اور چولہا جل رہا تھا، اچانک چولہے سے اٹھنے والی آگ نے ان کی رضائی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ کے شعلے تیزی سے بھڑک اٹھے، جس کے نتیجے میں لڑکی کا 70 فیصد جسم جھلس گیا۔

    اہلِ خانہ نے فوری طور پر ریسکیو 1122 کو اطلاع دی، جنہوں نے موقع پر پہنچ کر ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور لڑکی کو بہاول وکٹوریہ اسپتال (بی وی ایچ) منتقل کر دیا۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے کے وقت مہریں کچن میں اکیلی تھیں جبکہ دیگر اہل خانہ دوسرے کاموں میں مصروف تھے۔ واقعے کے بعد گھر میں خوف و ہراس پھیل گیا، اور اہل خانہ نے میڈیا سے بات کرنے سے گریز کیا۔

  • اوچ شریف: بارش، خشک سردی کا خاتمہ، موسم خوشگوار

    اوچ شریف: بارش، خشک سردی کا خاتمہ، موسم خوشگوار

    اوچ شریف،باغی ٹی وی (نامہ نگارحبیب خان) بارش، خشک سردی کا خاتمہ، موسم خوشگوار

    اوچ شریف اور گردونواح میں رات بھر وقفے وقفے سے ہونے والی بارش نے خشک سردی کا خاتمہ کر دیا، جس کے بعد موسم انتہائی خوشگوار ہوگیا۔ بادلوں کی گرج چمک، رم جھم اور ٹھنڈی ہواؤں نے فضا کو معطر کر دیا، جبکہ بارش سے دھلی سڑکیں اور سرسبز درختوں نے قدرتی حسن میں اضافہ کر دیا۔

    شہریوں نے بارش کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے کسی نعمت سے کم نہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ طویل خشک موسم کے بعد ہونے والی یہ بارش نہ صرف سردی کی شدت کم کرنے میں مددگار ثابت ہوگی بلکہ زراعت کے لیے بھی انتہائی مفید رہے گی، خاص طور پر گندم اور دیگر فصلوں کے لیے سودمند ثابت ہوگی۔ کسانوں نے بھی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس بارش سے زمین کی زرخیزی میں اضافہ ہوگا اور بہتر پیداوار حاصل ہوگی۔

    دوسری جانب بعض نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کے باعث شہریوں کو معمولی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا، تاہم مجموعی طور پر موسم کی تبدیلی نے عوام میں خوشی کی لہر دوڑا دی۔ مختلف علاقوں میں شہریوں نے خوشگوار موسم کا لطف اٹھانے کے لیے تفریحی مقامات کا رخ کیا، جبکہ گھروں میں بھی گرما گرم پکوانوں کی خوشبو نے موسم کے مزے دوبالا کر دیے۔

  • ہیڈپنجند: دریائے چناب زہر کا دریا بن گیا! آبی حیات اور انسانی زندگیاں داؤ پر لگ گئیں

    ہیڈپنجند: دریائے چناب زہر کا دریا بن گیا! آبی حیات اور انسانی زندگیاں داؤ پر لگ گئیں

    اوچ شریف، باغی ٹی وی(نامہ نگار حبیب خان )ہیڈ پنجندکے مقام پر دریائے چناب زہر آلود پانی کا گڑھ بن چکا ہے، جہاں آبی حیات ختم ہو رہی ہے اور انسانی زندگی کو شدید خطرات لاحق ہو چکے ہیں۔ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس نہ ہونے کے باعث صنعتی فضلہ اور سیوریج کا گندہ پانی براہ راست دریا میں شامل ہو رہا ہے، جس نے اس کے پانی کو زہریلا بنا دیا ہے۔ حکومتی منصوبے تو موجود ہیں، مگر عملی اقدامات کا شدید فقدان نظر آ رہا ہے، جس کے نتیجے میں ماحولیاتی تباہی کی صورتحال دن بدن سنگین ہوتی جا رہی ہے۔ قریبی شہروں کا سیوریج اور فیکٹریوں سے خارج ہونے والا خطرناک کیمیکل آلودگی کا سب سے بڑا سبب ہے۔ نہ صرف دریا میں مچھلیاں اور دیگر آبی مخلوقات ناپید ہو رہی ہیں، بلکہ دریا کے کنارے بسی جنگلی حیات بھی زہریلے اثرات سے محفوظ نہیں۔

    ماہرین کے مطابق آلودہ پانی کے باعث دریا کے کناروں پر موجود درختوں اور پرندوں کی نسلیں بھی متاثر ہو رہی ہیں۔ دوسری طرف یہی زہریلا پانی کھیتوں میں آب پاشی کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے، جس سے سبزیاں اور دیگر اجناس انسانی صحت کے لیے خطرہ بن چکی ہیں۔ شہری انجانے میں آلودہ پانی سے پیدا ہونے والی خوراک کھانے پر مجبور ہیں، جو مختلف بیماریوں کو دعوت دے رہی ہے۔

    نیو یارک یونیورسٹی کی حالیہ تحقیق کے مطابق پاکستان میں دریاؤں کے آلودہ پانی میں دوا سازی کے اجزا، نکوٹین، کیفین اور دیگر زہریلے کیمیکل موجود ہیں، جو نہ صرف آبی حیات بلکہ انسانی صحت اور ماحولیاتی توازن کے لیے بھی مہلک ہیں۔ اس کے باوجود متعلقہ ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔

    عوامی و سماجی، شہری و مذہبی حلقوں نے ارباب اختیار سے سوال کرتے ہوئے پوچھا ہے کہ حکومت دریائے چناب کی آلودگی ختم کرنے کے لیے کیا اقدامات کر رہی ہے؟ کیاہیڈ پنجند کے اردگرد مچھلیوں ودیگر آبی حیات کی نسلیں ختم ہونے دی جائے گی ؟ صنعتی فضلہ اور زہریلے کیمیکل کا ماحولیاتی نظام پر کیا اثر ہو رہا ہے؟ دریا کے زہریلے پانی کا زیر زمین پانی اور زراعت پر کیا اثر پڑ رہا ہے؟ کیا حکومتی ادارے عالمی تحقیقی رپورٹس کے باوجود کسی عملی اقدام کا ارادہ رکھتے ہیں؟ اور سب سے اہم سوال یہ کہ دریائی آلودگی روکنے کے لیے قانون موجود ہونے کے باوجود اس پر عمل درآمد کیوں نہیں ہو رہا؟

    اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو دریائے چناب کی تباہی ناقابل واپسی حد تک پہنچ سکتی ہے، جس کے اثرات نہ صرف ماحول بلکہ انسانی صحت اور معیشت پر بھی تباہ کن ہوں گے۔ کیا حکومت اور بااختیار حلقے اس خطرے کو روکنے کے لیے جاگیں گے یا پھر یہ دریا بھی صرف ماضی کی ایک داستان بن کر رہ جائے گا؟عوامی و سماجی ،مذہبی حلقوں اور سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے شہریوں نے حکام بالا سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے

  • اوچ شریف: رمضان کی آمد پر مہنگائی کا طوفان، ذخیرہ اندوز سرگرم، عوام پریشان

    اوچ شریف: رمضان کی آمد پر مہنگائی کا طوفان، ذخیرہ اندوز سرگرم، عوام پریشان

    اوچ شریف،باغی ٹی وی(نامہ نگارحبیب خان) رمضان المبارک کی آمد قریب آتے ہی سٹاک مافیا نے اشیائے خورد و نوش کی مصنوعی قلت پیدا کرکے من مانی قیمتوں پر فروخت کے لیے ذخیرہ اندوزی شروع کر دی، جس کے باعث عوام شدید پریشانی کا شکار ہیں۔ وئیر ہاؤسز، گوداموں اور ڈیروں پر اشیاء کی وافر مقدار میں ذخیرہ کرنے کا انکشاف ہوا ہے، جبکہ متعلقہ افسران اور ذخیرہ اندوزوں کے گٹھ جوڑ کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔ تحصیل و مقامی انتظامیہ کی خاموشی سے عوام میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے، شہریوں نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب اور کمشنر بہاولپور سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک کے قریب آتے ہی اوچ شریف اور گردونواح میں اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جس سے عام شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ چینی، گھی، سبزیاں، پھل اور دیگر ضروری اشیاء کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، جبکہ اسٹاک مافیا کی جانب سے بڑے پیمانے پر ذخیرہ اندوزی کے باعث مارکیٹ میں مصنوعی قلت پیدا ہو رہی ہے۔

    شہری محمد آصف، مشتاق احمد، محمد یوسف، سمیع اللہ فاروقی، طلحہ خان اور محمد اسماعیل سمیت دیگر افراد نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ مہنگائی کے طوفان کو کنٹرول کرنے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں، تاکہ غریب عوام رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں سہولت کے ساتھ روزے رکھ سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر سال رمضان سے قبل مہنگائی کا نیا طوفان کھڑا ہو جاتا ہے، مگر حکومتی اقدامات ناکافی ثابت ہوتے ہیں۔

    شہریوں نے الزام لگایا ہے کہ تحصیل و ضلعی انتظامیہ مکمل طور پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ ذخیرہ اندوزوں، منافع خوروں اور ناجائز منافع کمانے والے تاجروں کے خلاف کوئی عملی کارروائی نہیں کی جا رہی، جس کی وجہ سے حالات مزید خراب ہو رہے ہیں۔ عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو متحرک کر کے اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں کو مستحکم رکھا جائے۔

    تاجر برادری کا کہنا ہے کہ حکومت کو محض کارروائیوں پر توجہ دینے کے بجائے مہنگائی کی اصل وجوہات پر قابو پانے کے لیے طویل المدتی پالیسی مرتب کرنی چاہیے، تاکہ ہر سال رمضان میں پیدا ہونے والی مشکلات کا مستقل حل نکالا جا سکے۔ شہریوں نے کمشنر بہاولپور اور وزیر اعلیٰ پنجاب سے اپیل کی ہے کہ فوری طور پر نوٹس لے کر ہنگامی اقدامات کیے جائیں، تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے اور روزے دار کسی قسم کی مشکلات کا شکار نہ ہوں۔

  • اوچ شریف: جلوے بکھیرتی بھکارنیوں کی یلغار، نوجوان گمراہی کا شکار

    اوچ شریف: جلوے بکھیرتی بھکارنیوں کی یلغار، نوجوان گمراہی کا شکار

    اوچ شریف،باغی ٹی وی(نامہ نگارحبیب خان) شہر اور گردونواح میں پیشہ ور بھکاریوں کی یلغار، خصوصاً خوبرو نوجوان بھکارنیوں کی بڑھتی ہوئی تعداد نے شہریوں کو پریشان کر دیا۔ مارکیٹوں، بازاروں اور گلی کوچوں میں علی الصبح ہی ان کا راج قائم ہو جاتا ہے، جہاں یہ خواتین نہ صرف بھیک مانگتی ہیں بلکہ نوجوانوں کو بے راہ روی کی طرف مائل کرنے کا ذریعہ بھی بن رہی ہیں۔ شہریوں نے متعلقہ حکام سے فوری ایکشن لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اوچ شریف اور ملحقہ علاقوں میں بھیک مانگنے والوں کی تعداد خطرناک حد تک بڑھ چکی ہے، جس کے باعث بازاروں میں خریداری کرنے آنے والے شہری، خاص طور پر خواتین، شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ گاہکوں سے پہلے ہی بھکاری مارکیٹوں میں پہنچ جاتے ہیں، جس کی وجہ سے کاروباری سرگرمیاں بھی متاثر ہو رہی ہیں۔

    شہریوں کا کہنا ہے کہ گداگری کے نام پر چلنے والا یہ دھندہ محض بھیک مانگنے تک محدود نہیں رہا بلکہ بعض نوجوان بھکارنیوں کے گروہ غیر اخلاقی سرگرمیوں میں بھی ملوث ہیں۔ باوثوق ذرائع کے مطابق یہ خواتین بھیک مانگنے کی آڑ میں نوجوانوں کو گناہ کی دعوت دیتی ہیں، جس سے نوجوان نسل بے راہ روی کا شکار ہو رہی ہے۔ کئی مقامات پر بھکاری خواتین اور ان کے ساتھ موجود چھوٹے بچے مشکوک سرگرمیوں میں ملوث پائے گئے ہیں، لیکن انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔

    شہریوں نے شکایت کی ہے کہ مقامی پولیس، اسپیشل برانچ اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے ان عناصر کے خلاف کارروائی کرنے میں ناکام دکھائی دے رہے ہیں۔ شہریوں کے مطابق گداگری ایکٹ پر عملدرآمد نہ ہونے کے باعث یہ پیشہ ور گروہ دن بدن مضبوط ہوتے جا رہے ہیں۔

    عوامی حلقوں نے کمشنر بہاولپور، آر پی او بہاولپور، ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او بہاولپور سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر میں بڑھتی ہوئی گداگری، منشیات فروشی اور فحاشی میں ملوث گروہوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے اور گرینڈ آپریشن کے ذریعے پیشہ ور بھکاریوں کا خاتمہ کیا جائے، تاکہ شہری بلا خوف و خطر خریداری کر سکیں اور نوجوان نسل اخلاقی گراوٹ سے محفوظ رہ سکے۔

  • اوچ شریف: تیز رفتاری کے باعث موٹر سائیکل حادثہ، 16 سالہ لڑکا جاں بحق،چھوٹا بھائی زخمی

    اوچ شریف: تیز رفتاری کے باعث موٹر سائیکل حادثہ، 16 سالہ لڑکا جاں بحق،چھوٹا بھائی زخمی

    اوچ شریف ،باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان) اوچ شریف کے نواحی علاقے نو شہرہ جدید میں تیز رفتاری کے باعث موٹرسائیکل حادثہ، 16 سالہ لڑکامحمد اشرف جاں بحق جبکہ اس کا 6 سالہ بھائی شدید زخمی ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق جھانگڑہ روڈ پر ایک تیز رفتار موٹر سائیکل بے قابو ہو کر فٹ پاتھ سے جا ٹکرائی، جس کے نتیجے میں محمد اشرف ولد محمد اکرم موقع پر ہی دم توڑ گیا، جبکہ اس کا 6 سالہ بھائی محمد اظہر شدید زخمی ہو گیا۔

    ریسکیو 1122 کی ٹیم فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچی اور زخمی بچے کو طبی امداد دینے کے بعد وکٹوریہ ہسپتال، بہاولپور منتقل کر دیا گیا۔ ریسکیو عملے کے مطابق حادثہ موٹر سائیکل کی تیز رفتاری اور عدم توازن کے باعث پیش آیا۔

    حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی، جبکہ جاں بحق نوجوان کی میت قانونی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دی گئی۔

  • بہاولپور:دربار حضرت چنن پیر کے عرس پر 27 فروری کو عام تعطیل کا اعلان

    بہاولپور:دربار حضرت چنن پیر کے عرس پر 27 فروری کو عام تعطیل کا اعلان

    اوچ شریف ،باغی ٹی وی(نامہ نگارحبیب خان)حضرت عماد الدین المعروف چنن پیر کے عرس کے موقع پر بہاولپور میں کل مقامی تعطیل ہوگی ۔

    ڈپٹی کمشنر بہاولپور ڈاکٹر فرحان فاروق نے اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق (کل) 27 فروری بروز جمعرات مقامی تعطیل ہوگی۔ مقامی تعطیل کا اعلان بسلسلہ عرس مبارک حضرت عماد الدین میلہ چنن پیر ضلع بہاولپور کے حوالے سے کیا گیا ہے۔

    بہاول پور سے تقریباً 60 میل دور صحرائے چولستان میں قلعہ ڈیراور اور دین گڑھ کے درمیان پنجاب کی رقبے کے لحاظ سے سب سے بڑی تحصیل یزمان سے ذرا آگے چنن پیر کا مزار ہے، تقریباً 600 سال قدیم اس مزار پر ہندو اور مسلمان یکساں ایمان سے آتے ہیں۔

    حضرت عماد الدین المعروف چنن پیر کا عرس پاکستان میں اپنی نوعیت کا واحد عرس ہے جو مسلسل سات ہفتے یعنی فروری کی آخری جمعرات بمطابق ہندی مہینے چیت سے شروع ہو کر اپریل کی اوائل جمعرات تک جاری رہتا ہے، مسلسل سات جمعرات تک جاری رہنے والا یہ میلہ پانچویں جمعرات کو اپنے عروج پر پہنچ جاتا ہے۔

    عرس مبارک کی تقریبات روایتی جوش و خروش اور عقیدت کے ساتھ جاری ہیں، جہاں ملک بھر سے زائرین کی بڑی تعداد دربار حضرت چنن پیر پر حاضری دے رہی ہے۔ یہ دربار صدیوں سے عقیدت و روحانیت کا مرکز رہا ہے، اور ہر سال عرس کے موقع پر لاکھوں عقیدت مند یہاں حاضر ہو کر اپنی عقیدت کا اظہار کرتے ہیں۔

    ضلعی انتظامیہ نے زائرین کی سہولت کے لیے سیکیورٹی اور ٹریفک کے خصوصی انتظامات کیے ہیں۔ پولیس، ریسکیو 1122 اور دیگر ادارے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہائی الرٹ رہیں گے، جبکہ محکمہ صحت کی جانب سے میڈیکل کیمپس بھی قائم کیے جا رہے ہیں تاکہ زائرین کو فوری طبی امداد فراہم کی جا سکے۔

    مقامی افراد اور زائرین نے ضلعی انتظامیہ کے اس فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ عام تعطیل کے اعلان سے عرس مبارک کی تقریبات میں شرکت مزید آسان ہو جائے گی۔

  • اوچ شریف: بڑھتے حادثات، ریسکیو 1122 کی کارکردگی اور حفاظتی اقدامات پر غور

    اوچ شریف: بڑھتے حادثات، ریسکیو 1122 کی کارکردگی اور حفاظتی اقدامات پر غور

    اوچ شریف،باغی ٹی وی(نامہ نگارحبیب خان) شہر میں بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات اور ریسکیو 1122 کی کارکردگی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اس اجلاس میں ریسکیو 1122 اوچ شریف انچارج محمد اکرم نے پریس کلب اوچ شریف اینڈ پی سی ڈیجیٹل میڈیا کے صدر میاں محمد عامر صدیقی، جنرل سیکرٹری حبیب خان اور دیگر عہدیداران خواجہ سہیل عباس شفیق انجم صفدر حسین سے خصوصی ملاقات کی۔

    ریسکیو انچارج محمد اکرم نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر باقر حسین کی ہدایات کے تحت ریسکیو 1122 اپنی خدمات کو مزید بہتر بنانے کے لیے دن رات مصروف عمل ہے۔ اس وقت اوچ شریف مرکز میں 16 اسٹاف ممبرز، 2 ایمبولینسز اور 6 کوالیفائیڈ ڈسپنسرز دستیاب ہیں جو ہر قسم کی ایمرجنسی میں عوام کو بروقت امداد فراہم کر رہے ہیں۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ روزانہ 8 سے 10 ایمرجنسی کیسز رپورٹ ہوتے ہیں، جن میں زیادہ تر ٹریفک حادثات شامل ہیں۔ قومی شاہراہ، جلال پور ایکسپریس روڈ، پنجند روڈ اور ککس موڑ جیسے مقامات حادثات کے ہاٹ اسپاٹ بن چکے ہیں، جہاں روزانہ قیمتی جانیں ضائع ہو رہی ہیں۔

    ریسکیو انچارج کے مطابق ٹریفک حادثات کی بڑی وجوہات میں تیز رفتاری، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی، ہیلمٹ اور حفاظتی تدابیر کا عدم استعمال اور روڈ سیفٹی کے بنیادی اصولوں کی کمی شامل ہیں۔

    ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر باقر حسین نے ہدایت دی ہے کہ ریسکیو 1122 کی تمام ٹیمیں الرٹ رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری امدادی کارروائیاں انجام دیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹریفک حادثات کی روک تھام کے لیے عوامی آگاہی مہم شروع کی جائے گی، تاکہ شہریوں کو روڈ سیفٹی کے اصولوں پر عمل کرنے کی ترغیب دی جا سکے۔

    اوچ شریف پریس کلب کے صدر میاں محمد عامر صدیقی اور جنرل سیکرٹری حبیب خان نے ریسکیو 1122 کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کے وسائل میں اضافے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر شہری ٹریفک قوانین کی پاسداری کریں، ہیلمٹ کا استعمال یقینی بنائیں اور حفاظتی تدابیر اپنائیں تو حادثات کی شرح میں نمایاں کمی آ سکتی ہے۔

    ٹریفک حادثات کی بڑھتی ہوئی شرح سنگین مسئلہ بن چکی ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ کیا شہری روڈ سیفٹی کے اصولوں پر عمل کریں گے، یا مزید قیمتی جانیں ضائع ہوتی رہیں گی؟

  • اوچ شریف: ککس موڑ پر موت کا رقص،آئے روز حادثات، انتظامیہ تماشائی

    اوچ شریف: ککس موڑ پر موت کا رقص،آئے روز حادثات، انتظامیہ تماشائی

    اوچ شریف ،باغی ٹی وی(نامہ نگارحبیب خان) ککس موڑ پر موت کا رقص جاری، آئے روز حادثات، انتظامیہ تماشائی

    تفصیل کے مطابق اوچ شریف کے نواح میں واقع ککس موڑجہاں ہر روز موت گھات لگائے بیٹھی ہے، جہاں روزانہ کوئی نہ کوئی قیمتی جان حادثے کی نذر ہو جاتی ہے مگر انتظامیہ کی آنکھیں بند اور ضمیر سو رہا ہے۔

    تازہ ترین واقعے میں 50 سالہ محمد اقبال ولد حاجی احمد جو ہتھیجی کے رہائشی تھے، ایک خوفناک حادثے کا شکار ہو گئے۔ تیز رفتار ٹرالی اور ٹریلر کے خوفناک تصادم کے باعث وہ شدید زخمی ہوئے۔ ریسکیو ٹیمیں فوراً موقع پر پہنچیں مگر سر پر شدید چوٹ لگنے کی وجہ سے محمد اقبال ہسپتال پہنچنے سے پہلے ہی دم توڑ گئے۔

    یہ پہلا سانحہ یا حادثہ نہیں ہے کہ بلکہ ککس موڑ پر ہونے والے حادثات کی ایک نہ ختم ہونے والی فہرست ہے، جہاں اب تک درجنوں افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ ہر حادثے کے ساتھ کسی کا سہاگ اجڑ جاتا ہے، کسی ماں کی گود خالی ہو جاتی ہے اور کئی بچے یتیم ہو جاتے ہیں مگر متعلقہ ادارے خوابِ غفلت میں ہیں۔

    علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ یہ حادثات انتظامیہ کی بے حسی اور لاپرواہی کا نتیجہ ہیں۔ اگر یہاں مناسب ٹریفک سائنز، اسپیڈ بریکر اور دیگر حفاظتی اقدامات کیے جاتے تو کئی قیمتی جانیں ضائع ہونے سے بچ سکتی تھیں۔

    شہریوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے پُرزور مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر حفاظتی اقدامات کیے جائیں، بصورتِ دیگر عوام احتجاج پر مجبور ہوگی۔
    شہریوں کا مزید کہنا تھا کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو مزید قیمتی جانیں ضائع ہو سکتی ہیں۔ کیا انتظامیہ مزید گھروں کے چراغ گل ہونے کے بعد جاگے گی؟ یا پھر عوام کو خود سڑکوں پر نکل کر اپنے حقوق کے لیے لڑنا ہوگا؟

    حکام کو ہوش کے ناخن لینے ہوں گے، ورنہ عوامی غصہ ایک شدید احتجاج میں تبدیل ہو سکتا ہے!