Baaghi TV

Category: بہاولپور

  • اوچ شریف: یومِ سیاہ کشمیر پر خاموشی، عوامی و ادارہ جاتی بے حسی ،کوئی ریلی یا تقریب منعقد نہ ہوئی

    اوچ شریف: یومِ سیاہ کشمیر پر خاموشی، عوامی و ادارہ جاتی بے حسی ،کوئی ریلی یا تقریب منعقد نہ ہوئی

    اوچ شریف(باغی ٹی وی ،نامہ نگارحبیب خان ) یومِ سیاہ کشمیر پر خاموشی، سول سوسائٹی اور اداروں کی بے حسی پر عوام کا اظہارِ مایوسی

    تفصیل کے مطابق 27 اکتوبر کو جہاں ملک بھر میں یومِ سیاہ کشمیر منایا گیا اور کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا گیا، وہیں اوچ شریف میں اس موقع پر خاموشی اور بے حسی نے سب کو حیران کر دیا۔ مذہبی و سیاسی جماعتوں، سول سوسائٹی، اور میونسپل کمیٹی کی عدم دلچسپی سے شہر میں نہ کوئی ریلی نکالی گئی اور نہ ہی کسی تقریب کا انعقاد ہوا۔ اس دن کی خاموشی نے عوام میں مایوسی پیدا کی اور کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کے مظاہرے کو نظر انداز کیے جانے پر سوالات اٹھائے۔

    مقامی افراد کا کہنا تھا کہ حکومتی سطح پر اس دن کے حوالے سے کوئی خاص حکمتِ عملی نہ ہونے کی وجہ سے عوام کو یومِ سیاہ کشمیر کی اہمیت سے آگاہ نہیں کیا جا سکا۔ مسجدوں میں کوئی خصوصی دعا یا خطاب بھی منعقد نہیں ہوا اور نہ ہی شہریوں نے بینرز یا پلے کارڈز اٹھا کر کشمیریوں کے حق میں آواز بلند کی۔ سول سوسائٹی اور مذہبی جماعتوں کی جانب سے عدم شرکت نے شہریوں کو مایوس کر دیا جو اس موقع پر کشمیری بھائیوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کی امید کر رہے تھے۔

    شہر کے نوجوانوں اور سماجی کارکنوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ موقع کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کرنے کا تھا لیکن اداروں اور سیاسی جماعتوں کی بے حسی نے اس کی اہمیت کو نظرانداز کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ کی جانب سے بھی کوئی واضح حکمتِ عملی نہیں بنائی گئی جس سے عوام میں شعور اور جذبہ بیدار ہو سکتا۔

    کچھ شہریوں نے زور دیا کہ کشمیر کے مسئلے پر عوام میں شعور اجاگر کرنے اور آئندہ یومِ سیاہ کشمیر کو مؤثر طریقے سے منانے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت اور متعلقہ اداروں کو ایسے مواقع پر سرگرمیوں کا اہتمام کرنا چاہیے تاکہ عوام میں کشمیر کے حوالے سے جذبات کو زندہ رکھا جا سکے اور کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کیا جا سکے۔

  • ڈپٹی کمشنر بہاولپور کا رات گئے اوچ شریف میں ہسپتال اور شہر کا اچانک دورہ

    ڈپٹی کمشنر بہاولپور کا رات گئے اوچ شریف میں ہسپتال اور شہر کا اچانک دورہ

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار: حبیب خان) ڈپٹی کمشنر بہاولپور ڈاکٹر فرحان فاروق نے رات گئے رورل ہیلتھ کمپلیکس اوچ شریف کا اچانک دورہ کیا۔ اس موقع پر نائٹ شفٹ کے انچارج ڈاکٹر شاہد قریشی، ایم ایس ڈاکٹر رانا ارشد اور دیگر عملے سے ملاقات کی گئی۔

    ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال کے مختلف وارڈز کا معائنہ کرتے ہوئے صفائی ستھرائی، ادویات کی فراہمی اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ حاضری رجسٹر بھی چیک کیا گیا تاکہ عملے کی حاضری کو یقینی بنایا جا سکے۔

    اس دوران ڈاکٹر فرحان فاروق نے شہر کے مختلف مقامات کا بھی دورہ کیا، جن میں الشمس چوک کا معائنہ قابل ذکر ہے۔ میونسپل کمیٹی کے سپروائزر عامر تبسم اور آفاق علی نے انہیں مین سڑک کی کشادگی، ریڑھی بانوں کی منتقلی، تجاوزات کے خاتمے اور گرین بیلٹ کی خصوصی دیکھ بھال کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر بریفنگ دی۔

    ڈپٹی کمشنر نے ان اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے میونسپل کمیٹی اوچ شریف کو ہدایات جاری کیں کہ عوامی سہولیات میں مزید بہتری لائی جائے اور تجاوزات کے خاتمے کے عمل کو تیز کیا جائے۔

  • اوچ شریف: 7 سالہ بچہ  کرنٹ لگنے سے جاں بحق

    اوچ شریف: 7 سالہ بچہ کرنٹ لگنے سے جاں بحق

    اوچ شریف (باغی ٹی وی ) نواحی علاقے رتھر نہرانوالی کی بستی مسو خان میں افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں 7 سالہ بچہ بجلی والی موٹر سے کرنٹ لگنے کے باعث جاں بحق ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق بچے کے والدین جانوروں کے لیے گھاس کاٹنے کی غرض سے گھر سے باہر گئے ہوئے تھے۔ اس دوران بچہ گھر میں نصب بجلی کی موٹر کے قریب مردہ حالت میں پایا گیا۔ واقعے کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق موت کی وجہ بجلی کا شدید کرنٹ بتایا جا رہا ہے۔ متوفی بچہ محمد اقبال نامی شخص کا بیٹا تھا۔

    اس افسوسناک حادثے سے گھر میں کہرام مچ گیا اور بستی کی فضا سوگوار ہو گئی۔

  • اوچ شریف: فرید ایکسپریس کی زد میں آ کر نوجوان جاں بحق

    اوچ شریف: فرید ایکسپریس کی زد میں آ کر نوجوان جاں بحق

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار: حبیب خان) احمد پور شرقیہ سے کراچی جانے والی فرید ایکسپریس کی ٹکر سے ایک نوجوان موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ہتھیجی کے رہائشی محمد بلال ولد فدا حسین اپنی اہلیہ کے ساتھ موٹر سائیکل پر سفر کر رہے تھے۔ احمد پور شرقیہ ریلوے پھاٹک بند ہونے کی وجہ سے انہوں نے دوسری جانب سے ریلوے لائن عبور کرنے کی کوشش کی تاہم اسی دوران فرید ایکسپریس کی زد میں آگئے اور موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔

    حادثے کے دوران محمد بلال کی اہلیہ محفوظ رہی اور اسے کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور قانونی کارروائی کے بعد لاش کو لواحقین کے حوالے کر دیا۔

    ریلوے لائن پر اس قسم کے واقعات کے بعد عوام نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ریلوے پھاٹک پر مناسب حفاظتی انتظامات کیے جائیں تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے۔

  • اوچ شریف: مینتھول سے بھرا 22 ویلر ٹینکر الٹ گیا

    اوچ شریف: مینتھول سے بھرا 22 ویلر ٹینکر الٹ گیا

    اوچ شریف (باغی ٹی وی ،نامہ نگارحبیب خان) قومی شاہراہ طاہر والی کے مقام پر 22 ویلر ٹینکر جو مینتھول آئل سے لوڈ تھا حادثے کا شکار ہو کر الٹ گیا۔ یہ ٹینکر کراچی سے خیبر پختونخواہ کے شہر جدون جا رہا تھا۔

    حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ ریسکیو کنٹرول روم بہاولپور کو اطلاع دینے والے کالر نے بتایا کہ آئل ٹینکر الٹنے کے باعث ممکنہ خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔

    کنٹرول روم بہاولپور نے فوری طور پر ایک ایمبولینس، فائر وہیکل اور ریسکیو گاڑی جائے وقوعہ پر روانہ کی۔ خوش قسمتی سے ٹینکر روڈ کے کنارے الٹا اور ٹریفک کی روانی متاثر نہیں ہوئی۔

    پولیس اور ریسکیو حکام نے علاقے کا جائزہ لیا تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے یا نقصان سے بچا جا سکے۔ ٹینکر میں موجود مینتھول آئل کی وجہ سے حفاظتی اقدامات پر خصوصی توجہ دی گئی۔

    حادثے کے بعد ٹریفک کی روانی معمول کے مطابق جاری رہی اور کسی قسم کی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

  • اوچ شریف: برطانوی ہائی کمشنر کا دورہ، تاریخی حیثیت کو سراہا

    اوچ شریف: برطانوی ہائی کمشنر کا دورہ، تاریخی حیثیت کو سراہا

    اوچ شریف(باغی ٹی وی،نامہ نگارحبیب خان ) برطانوی ہائی کمشنر کااوچ شریف کا دورہ، تاریخی ورثے اور اولیائے کرام کی سرزمین کو خراج تحسین کیا

    تفصیلات کے مطابق برٹش ہائی کمیشن اسلام آباد کے نمائندے جیک ویدر نے اپنے وفد کے ہمراہ تاریخی شہر اوچ شریف کا دورہ کیا۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ اولیائے کرام کی سرزمین پر آنا ان کے لیے ایک اعزاز ہے اور اوچ شریف کی تاریخی و روحانی اہمیت کو سراہتے ہوئے اسے ایک یادگار تجربہ قرار دیا۔

    برطانوی وفد نے شمس محل کا وزٹ کیا اور دربار حضرت محبوب سبحانی مخدوم سید افتخار حسن گیلانی (سابق ایم پی اے) سے خصوصی ملاقات کی۔ دربار کے ولی عہد مخدوم زادہ سید عمر رضا گیلانی نے مہمانوں کو دربار کی زیارت کروائی اور نادر تاریخی نوادرات دکھائے۔

    جیک ویدر نے کہا کہ اوچ شریف کی تاریخی و روحانی عظمت کو نہ صرف پاکستان بلکہ یورپ، بالخصوص برطانیہ میں بھی بڑی عزت اور قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اوچ شریف کا ورثہ پاکستان کی ثقافتی و تاریخی شناخت کا ایک اہم حصہ ہے۔

    برطانوی وفد کے دورے کو مقامی سطح پر بھرپور سراہا گیا، اور شہریوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ بین الاقوامی شخصیات اوچ شریف کے روحانی اور ثقافتی ورثے کو تسلیم کر رہی ہیں۔

    سجادہ نشین مخدوم سید افتخار حسن گیلانی نے برطانوی وفد کے دورے کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس طرح کے دورے مستقبل میں ثقافتی اور سفارتی تعلقات کو مزید فروغ دیں گے۔ وفد کو اوچ شریف کے اولیاء کرام کے مزاروں اور دیگر تاریخی مقامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔

    جیک ویدر اور ان کا وفد اپنے دورہ اوچ شریف سے نہایت متاثر ہوا اور انہوں نے شہر کی تاریخی اور روحانی عظمت کو ایک یادگار تجربہ قرار دیا۔ وفد نے اپنے تاثرات میں کہا کہ اوچ شریف کا ورثہ نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں اہمیت کا حامل ہے اور ایسے مقامات کو محفوظ بنانا انتہائی ضروری ہے۔

  • اوچ شریف: پرائس کنٹرول خلاف ورزی اور تجاوزات کے خلاف کارروائی، متعدد دکانیں سیل

    اوچ شریف: پرائس کنٹرول خلاف ورزی اور تجاوزات کے خلاف کارروائی، متعدد دکانیں سیل

    اوچ شریف(باغی ٹی وی ،نامہ نگارحبیب خان ) اسسٹنٹ کمشنر عثمان امین نے پرائس کنٹرول لسٹ کی خلاف ورزی اور غیر قانونی تجاوزات کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے کئی دکانوں کو جرمانے کیے اور متعدد کو سیل کر دیا۔

    مین بازار، جہانیاں روڈ اور ہاتھی گیٹ بازار میں میونسپل کمیٹی نے تجاوزات کے خاتمے کے لیے آپریشن شروع کر دیا ہے۔ کارروائی کے دوران ان دکانداروں کو بھی نوٹس جاری کیے گئے جنہوں نے عوامی جگہوں پر غیر قانونی طور پر دکانیں اور تھڑے قائم کیے تھے۔ آپریشن کی اطلاع پر دکانداروں اور تھڑے والوں میں افراتفری پھیل گئی، تاہم بازاروں کی کشادگی پر شہریوں نے خوشی کا اظہار کیا۔

    اسسٹنٹ کمشنر عثمان امین نے خبردار کیا کہ دکاندار اپنی حدود میں سامان رکھیں اور سرکاری نرخوں پر اشیاء کی فروخت یقینی بنائیں، بصورت دیگر سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ اقدامات شہر کی ترقی اور عوامی سہولت کے لیے ضروری ہیں۔

    شہریوں نے انتظامیہ کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے بازاروں میں ٹریفک اور پیدل چلنے والوں کی مشکلات میں کمی آئے گی۔ شہریوں نے ڈپٹی کمشنر بہاولپور، اسسٹنٹ کمشنر اور میونسپل کمیٹی کے اقدامات کو مثبت قرار دیا۔

    میونسپل کمیٹی کے چیف آفیسر قاضی نعیم نے اعلان کیا کہ یہ آپریشن آئندہ بھی جاری رہیں گے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے تاجروں سے اپیل کی کہ وہ تعاون کریں تاکہ اوچ شریف کو ایک منظم، کشادہ اور خوبصورت شہر بنایا جا سکے۔

  • اوچ شریف: ڈیرہ شیخ حمید اللہ قومی شاہراہ پر ڈکیتی، ملزمان فرار

    اوچ شریف: ڈیرہ شیخ حمید اللہ قومی شاہراہ پر ڈکیتی، ملزمان فرار

    اوچ شریف (باغی ٹی وی ،نامہ نگارحبیب خان) تھانہ چشریف کی حدود میں واقع ڈیرہ شیخ حمید اللہ قومی شاہراہ پر ڈکیتی کی واردات پیش آئی، جہاں چار نامعلوم مسلح افراد نے ایک شہری سے موٹر سائیکل چھین لیا۔

    تفصیلات کے مطابق اوچ شریف کے علاقہ موضع ککس کے رہائشی خادم حسین نے تھانہ اوچ شریف میں شکایت درج کراتے ہوئے بتایا کہ وہ اپنی فصل کماد میں پانی لگانے والے مزدور کو روٹی دینے کے لیے موٹر سائیکل ہنڈا 70/CD پر جا رہا تھا۔ جب وہ قومی شاہراہ پر پہنچا تو اچانک چار مسلح افراد نے اسے گھیر لیا۔ دو ڈاکوؤں کے پاس پسٹل تھے، جنہوں نے اسلحہ کے زور پر موٹر سائیکل چھین لیا اور اسے اسٹارٹ کرنے کی کوشش کی۔

    خادم حسین کی جانب سے شور مچانے پر ملزمان خوفزدہ ہو کر موٹر سائیکل چھوڑ کر فرار ہوگئے۔ تھانہ اوچ شریف کی پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، لیکن ابھی تک ملزمان کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔ شہریوں نے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے تاکہ علاقے میں سیکیورٹی کی صورتحال کو بہتر بنایا جا سکے۔

  • اوچ شریف: استاد قمر عباس خان کی ریٹائرمنٹ پر پروقار الوداعی تقریب

    اوچ شریف: استاد قمر عباس خان کی ریٹائرمنٹ پر پروقار الوداعی تقریب

    اوچ شریف (باغی ٹی وی،نامہ نگارحبیب خان) استاد قمر عباس خان کی ریٹائرمنٹ پر پروقار الوداعی تقریب

    تفصیل کے مطابق گورنمنٹ پرائمری اسکول مانک نوشہرہ، مرکز خرم پور کے ٹیچر قمر عباس خان مدتِ ملازمت مکمل ہونے پر ریٹائرڈ ہو گئے۔ ان کے اعزاز میں اسکول میں ایک پروقار الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں اساتذہ، طلبہ، والدین اور اسکول کونسل کے اراکین سمیت بڑی تعداد میں لوگ شریک ہوئے۔

    تقریب کے مہمانانِ خصوصی اے ای او مرکز خرم پور محمد صادق بھٹی اور صدر بہاول پور ٹیچرز ایسوسی ایشن تحصیل احمد پور شرقیہ، اللہ ڈتہ سعیدی تھے۔ خطاب کرتے ہوئے محمد صادق بھٹی نے کہا کہ استاد قوم کا معمار ہوتا ہے، اور جو قومیں اساتذہ کا احترام کرتی ہیں وہ ترقی کی منازل طے کرتی ہیں۔ انہوں نے قمر عباس خان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی محنت نے ہزاروں طلبہ کا مستقبل سنوارا ہے، اور آج ان کے شاگرد نہ صرف اوچ شریف بلکہ ملک بھر میں مختلف شعبوں میں ملک کا نام روشن کر رہے ہیں۔

    تقریب میں اہلِ علاقہ اور طلبہ نے قمر عباس خان کے لیے محبت اور عزت کا اظہار کیا اور انہیں شاندار انداز میں رخصت کیا۔ اس موقع پر ان کی علمی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا اور حاضرین نے ان کی یادگار خدمات کو سراہا۔

  • اوچ شریف: یحییٰ مستوئی کی جیولن تھرو میں ضلعی سطح پر تیسری پوزیشن

    اوچ شریف: یحییٰ مستوئی کی جیولن تھرو میں ضلعی سطح پر تیسری پوزیشن

    اوچ شریف (باغی ٹی وی،نامہ نگارحبیب خان) یحییٰ مستوئی کی جیولن تھرو میں ضلعی سطح پر تیسری پوزیشن

    تفصیل کے مطابق گورنمنٹ ایلیمنٹری اسکول اوچ موغلہ کے طالب علم یحییٰ مستوئی نے کھیلوں کے سالانہ مقابلوں میں جیولن تھرو کی کیٹیگری میں ضلعی سطح پر تیسری پوزیشن حاصل کر لی۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی بہاول پور کے زیراہتمام تقریب میں سی ای او ایجوکیشن نے یحییٰ مستوئی کو ٹرافی اور تعریفی سرٹیفکیٹ سے نوازا۔

    تقریب میں بہاول پور ٹیچرز ایسوسی ایشن کے صدر عبدالستار خان، تحصیل احمد پور شرقیہ کے صدر اللہ ڈتہ سعیدی اور چوہدری غلام مرتضیٰ بھی موجود تھے۔ انہوں نے یحییٰ مستوئی، اسکول کے ہیڈ ماسٹر اور اساتذہ کو اس کامیابی پر مبارکباد پیش کی اور ان کی محنت کو سراہا۔