Baaghi TV

Category: بہاولپور

  • اوچ شریف: میزان بینک کا اے ٹی ایم سکیورٹی دروازے کے بغیر، صارفین پریشان

    اوچ شریف: میزان بینک کا اے ٹی ایم سکیورٹی دروازے کے بغیر، صارفین پریشان

    اوچ شریف (باغی ٹی وی،نامہ نگارحبیب خان ) تاریخی شہر اوچ شریف میں واقع میزان بینک کی برانچ میں نصب اے ٹی ایم کا سکیورٹی دروازہ گزشتہ کئی ہفتوں سے غائب ہے۔ اس صورتحال نے بینک کے صارفین کو شدید تشویش میں مبتلا کر رکھا ہے۔

    دن رات اے ٹی ایم کا استعمال کرنے والے افراد اپنی رقوم نکلوانے اور ٹرانزیکشن کرنے میں بے حد ہچکچاہٹ محسوس کر رہے ہیں۔ شہر میں چوری کی وارداتوں میں اضافے کے باعث صارفین مزید خوفزدہ ہیں۔

    باغی ٹی وی کے نامہ نگار حبیب خان کے مطابق، متعدد صارفین نے بتایا کہ انہوں نے بینک کے عملے کو اس مسئلے سے آگاہ کیا ہے لیکن کوئی ٹھوس اقدام نہیں اٹھایا گیا۔ بینک عملہ صرف زبانی جمع خرچ کرتا رہا ہے۔

    صارفین نے اسٹیٹ بینک اور میزان بینک کے حکام سے فوری طور پر سکیورٹی دروازہ لگانے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جب تک سکیورٹی کا مناسب انتظام نہیں کیا جاتا، وہ اے ٹی ایم کا استعمال کرنے سے گریز کریں گے۔

  • اوچ شریف: چار دیواری سے محروم قبرستان آوارہ کتوں کی آماجگاہ بن گئے

    اوچ شریف: چار دیواری سے محروم قبرستان آوارہ کتوں کی آماجگاہ بن گئے

    اوچ شریف (باغی ٹی وی ،نامہ نگارحبیب خان) چار دیواری سے محروم قبرستان آوارہ کتوں کی آماجگاہ بن گئے

    تفصیل کے مطابق اوچ شریف میں درجنوں قبرستان چار دیواری سے محروم ہونے کی وجہ سے آوارہ کتوں کی آماجگاہ بن چکے ہیں۔ یہ کتے قبروں کو کھودتے ہیں، ان پر پیشاب پاخانہ کرتے ہیں اوریہیں پر کھاتےپیتے ہیں۔ اس سے نہ صرف مردوں کی بے حرمتی ہو رہی ہے بلکہ قبرستانوں کی صفائی ستھرائی بھی متاثر ہو رہی ہے۔

    مقامی لوگوں اور سماجی تنظیموں کا کہنا ہے کہ قبرستانوں میں آوارہ کتوں کی پھیلائی گندگی سے بدبو اورتعفن پھیل رہا ہے۔ قبروں پر لکھی ہوئی قرآنی آیات اور ناموں پر بھی گندگی پائی جاتی ہے۔

    شہریوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر جلد ہی اس مسئلے کا حل نہ نکالا گیا تو آوارہ کتے قبروں کو کھود کر مردوں کی بھی بے حرمتی کریں گے۔ انہوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ آوارہ کتوں کو تلف کرکے اس مسئلے کا حل نکالیں اور قبرستانوں کی چاردیواریاں بنوائی جائیں تاکہ قبرستان کاتقدس پامال نہ ہو.

  • اوچ شریف:ڈاکٹر عثمان ظفر کے والد گرامی کی برسی منائی گئی

    اوچ شریف:ڈاکٹر عثمان ظفر کے والد گرامی کی برسی منائی گئی

    اوچ شریف باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان): رورل ہیلتھ سنٹر اوچ شریف میں تعینات ماہر امراض بچگان ڈاکٹر عثمان ظفر کے والد گرامی ظفراقبال اعوان کی برسی پر قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا۔

    اس موقع پر صحت کے شعبے سے وابستہ شخصیات، دوست احباب اور مقامی افراد نے شرکت کی اور مرحوم کی مغفرت کے لیے دعا کی۔

    ڈاکٹر عثمان ظفر نے اپنے والد کی یاد میں قرآن خوانی کا اہتمام کرکے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر شرکت کرنے والوں نے مرحوم کے کردار اور خدمات کو سراہا۔

  • اوچ شریف:فلائی اوورکا نہ ہونا،غوث الاعظم چوک موت کا چوراہابن گیا

    اوچ شریف:فلائی اوورکا نہ ہونا،غوث الاعظم چوک موت کا چوراہابن گیا

    اوچ شریف باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان): اوچ شریف میں غوث الاعظم چوک پر فلائی اوورز نہ ہونے کی وجہ سے ٹریفک حادثات میں روزانہ جانوں کا نقصان ہو رہا ہے۔ اس چوک پر قومی شاہراہ اور شہر کی داخلی سڑکیں ملتی ہیں، جس کی وجہ سے یہاں ہمیشہ ٹریفک کا رش رہتا ہے۔

    شہریوں کو سڑک عبور کرنے کے لیے پل نہ ہونے کی وجہ سے وہ اکثر موٹر گاڑیوں کی زد میں آ جاتے ہیں۔ گزشتہ چند سالوں میں درجنوں افراد حادثات میں اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں، سینکڑوں زخمی ہوئے ہیں، اور کئی تو معذور تک ہو گئے ہیں۔

    مقامی نمائندے اقتدار میں ہوتے ہوئے بھی اس مسئلے پر کوئی توجہ نہیں دے رہے۔ شہریوں کا مطالبہ ہے کہ ارباب اختیار فوری طور پر غوث الاعظم چوک پر فلائی اوورز کی تعمیر کا کام شروع کریں تاکہ قیمتی انسانی جانوں کو بچایا جا سکے۔

  • اوچ شریف :استقبالِ ربیع الاول کی شاندار تقریب

    اوچ شریف :استقبالِ ربیع الاول کی شاندار تقریب

    اوچ شریف باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان): اوچ شریف میں جشنِ ولادتِ نبیؐ کے آغاز میں جماعت اہل سنت نے شاندار موٹرسائیکل ریلی کا انعقاد کیا۔ اس موقع پر جماعت کے صدر، حاجی غلام یٰسین سومرو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے انسانیت کو اندھیروں سے نکال کر نور کی راہ دکھائی۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات امن، بھائی چارہ اور برداشت کا درس دیتی ہیں۔

    سومرو نے مزید کہا کہ جماعت اہل سنت نے جشنِ میلادالنبیؐ کے سلسلے میں خصوصی لائحہ عمل تیار کیا ہے جس کے تحت محافل میلاد اور جلوسوں کا انعقاد کیا جائے گا۔

    موٹرسائیکل ریلی علی حمزہ پیٹرول پمپ سے شروع ہو کر شہر کے مختلف علاقوں سے گزرتی ہوئی حسینی چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی میں بڑی تعداد میں لوگ شریک ہوئے۔

    علامہ عبدالستار سعیدی نے ریلی کے اختتام پر وطن عزیز کی ترقی اور کشمیر و فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کی آزادی کے لیے دعا کی۔

  • اوچ شریف: شہید اے ایس آئی ارشاد بڈانی کی قربانی کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا،چوہدری فرخ

    اوچ شریف: شہید اے ایس آئی ارشاد بڈانی کی قربانی کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا،چوہدری فرخ

    اوچ شریف باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان): پنجاب پولیس کے شہید اے ایس آئی ارشاد بڈانی کو ان کے یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ شہید کی آخری آرام گاہ پر چاق و چوبند پولیس دستے نے سلامی پیش کی اور ڈی ایس پی چوہدری فرخ جاوید سمیت دیگر عہدیداروں نے پھول چڑھا کر فاتحہ خوانی کی۔

    شہید ارشاد بڈانی نے کم عمری میں ہی عوام کی خدمت میں اپنی جان کا نذرانہ دے دیا تھا۔ ان کی شجاعت اور قربانی کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ اس موقع پر ڈی ایس پی چوہدری فرخ جاوید نے کہا کہ شہید کی موت قوم کی حیات ہے اور ان کی قربانی نے ہمیں فخر سے سر بلند کیا ہے۔

    شہید کے آبائی علاقے چک کہل میں منعقدہ اس تقریب میں شہید کے اہل خانہ اور عزیز و اقارب نے بھی شرکت کی۔ عوام نے بھی شہید کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کی مغفرت کے لیے دعا کی۔

  • اوچ شریف:عوام کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے، جینا مرنا ان کے ساتھ ہے،عمر رضا گیلانی

    اوچ شریف:عوام کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے، جینا مرنا ان کے ساتھ ہے،عمر رضا گیلانی

    اوچ شریف(باغی ٹی وی نامہ نگارحبیب خان )مخدومزادہ سید عمر رضا گیلانی نے کہا ہے کہ چاہے وہ اقتدار میں ہوں یا نہ ہوں، وہ عوام کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے اور ان کا جینا مرنا عوام کے ساتھ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کی نماز کے بعد شمس محل میں مقامی صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کے دوران کیا۔

    مخدومزادہ سید عمر رضا گیلانی نے کہا کہ وہ اپنے ووٹروں، سپورٹروں اور حلقے کی عوام کو کبھی اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حلقے کی تمام برادریاں ان کے لیے قابل احترام ہیں، لیکن بڈانی، بلوچ اور رڈ برادری ان کے گھر کی طرح ہیں۔

    انہوں نے موجودہ ملکی حالات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں مہنگائی اور بے روزگاری عروج پر ہے اور لوگ بھوکے مر رہے ہیں۔ بجلی کے بھاری بلوں نے عوام کی زندگی مشکل بنا دی ہے، اور ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے حالیہ بارشوں میں کڑکنے والی بجلی کی وصولی بھی پاکستانی صارفین سے شروع کر دی گئی ہے۔

    مخدومزادہ سید عمر رضا گیلانی نے حکمرانوں سے اپیل کی کہ وہ عوام پر ترس کھائیں اور انہیں بجلی کے بھاری بلوں سے نجات دلائیں۔ انہوں نے ملک کے تمام مسائل کے حل کے لیے ایک جامع معاشی ایجنڈا تیار کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

  • اوچ شریف میں 10 سالہ بچہ، کرنٹ لگنے سے جاں بحق

    اوچ شریف میں 10 سالہ بچہ، کرنٹ لگنے سے جاں بحق

    اوچ شریف(باغی ٹی وی نامہ نگار حبیب خان) اوچ شریف کے نواحی علاقے سرور آباد کی بستی مہیسر میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے۔ جس میں 10 سالہ بچہ حاجی محمد ریاض مہسر کا بیٹا محمد احمد پیڈسٹل فین سے کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہو گیا۔

    بتایا جاتا ہے کہ صبح سویرے گھر والے گھریلو کام میں مصروف تھے اور گھر میں پیڈسٹل فین صحن میں کھڑا تھا اور بچہ پید سٹل فین سے کچھ فاصلے پر مردہ حالت میں پڑا تھا جس کی موت بجلی کا کرنٹ لگنے کی وجہ بنی ہے اس حادثے سے گھر میں سنسناہٹ کی فضا قائم ہو گئی اور والدین کو شدید صدمہ پہنچا۔
    اس المناک واقعے نے ایک بار پھر بجلی کے خطرات کی طرف توجہ مبذول کرائی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ گھروں میں بجلی کے آلات کے استعمال کے دوران احتیاطی تدابیر نہ برتنے سے ایسے حادثات رونما ہوتے ہیں۔

  • اوچ شریف:بی آئی ایس پی کے رجسٹرڈ فائدہ اٹھانے والےاپنا سروے جلد مکمل کروالیں ،رائیس ممتاز

    اوچ شریف:بی آئی ایس پی کے رجسٹرڈ فائدہ اٹھانے والےاپنا سروے جلد مکمل کروالیں ،رائیس ممتاز

    اوچ شریف،باغی ٹی وی (نامہ نگارحبیب خان) تحصیل احمد پور شرقیہ میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے انچارج اسسٹنٹ ڈائریکٹر رائیس ممتاز احمد نے مقامی صحافیوں سےبات کرتے ہوئے پروگرام سے رجسٹرڈ فائدہ اٹھانے والوں سے اپنا ڈائنامک سروے فوری طور پر مکمل کرنے کی درخواست کی ہے۔

    اسسٹنٹ ڈائریکٹر نے بتایا کہ جو خاندان ابھی تک اپنا سروے مکمل نہیں کروا پائے ہیں، وہ فوری طور پر تحصیل دفتر میں بی آئی ایس پی کا دورہ کرکے اپنا سروے مکمل کروائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ جو خاندان سروے مکمل نہیں کروائے گا، اسے پروگرام سے نکال دیا جائے گا۔

    اسسٹنٹ ڈائریکٹر نے مزید بتایا کہ سروے مکمل کرنے کے لیے کسی قسم کی فیس نہیں لی جائے گی۔ اس کے لیے صرف استفادہ کنندگان کو اپنا اور اپنے شوہر کا نیشنل آئیڈنٹی کارڈ (NIC)، بچوں کے ب فارم اور اپنا موبائل نمبر ساتھ لانا ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ اگر کسی کو سروے کے دوران کوئی مسئلہ پیش آتا ہے تو وہ فوری طور پر دفتر میں آئے تاکہ اس کاازالہ کیا جا سکے۔

  • اوچ شریف:گندگی نے عباسیہ کینال کو زہریلا بنا دیا،چولستانی عوام کی زندگیاں خطرے  سے دوچار

    اوچ شریف:گندگی نے عباسیہ کینال کو زہریلا بنا دیا،چولستانی عوام کی زندگیاں خطرے سے دوچار

    اوچ شریف (باغی ٹی وی،نامہ نگارحبیب خان)گندگی نے عباسیہ کینال کو زہریلا بنا دیا،چولستانی عوام کی زندگیوں کو خطرے سے دوچار کردیا

    تفصیل کے مطابق عباسیہ لنک کینال شدید آلودگی کا شکار ہو چکی ہے، جس سے چولستان کے علاقے میں رہنے والے لاکھوں افراد کی صحت کو شدید خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔ مقامی لوگوں کے مطابق، کینال کے کنارے گوالوں نے اپنے جانوروں کا گوبر پھینک کر اور قریبی رہائشیوں کی جانب سے فضلہ پھینکنے کی وجہ سے پانی انتہائی آلودہ ہو چکا ہے۔

    اس آلودگی کی وجہ سے نہ صرف کینال کا پانی بدبودار ہو چکا ہے بلکہ اس میں زہریلے مادے بھی شامل ہو گئے ہیں۔ یہ پانی نہ صرف چولستان کی ہزاروں ایکڑ زمین کو سیراب کرتا ہے بلکہ وہاں کے مکین اور مال مویشی بھی اسی پانی کا استعمال کرتے ہیں۔ اس سے ہیپاٹائٹس بی اور سی سمیت دیگر خطرناک بیماریوں کے پھیلنے کا اندیشہ ہے۔

    اس سنجیدہ مسئلے کے باوجود مقامی انتظامیہ اور متعلقہ محکمے ابھی تک اس معاملے پر کوئی خاطر خواہ اقدامات اٹھانے میں ناکام رہے ہیں۔ عوام کا کہنا ہے کہ اگر جلد از جلد اس مسئلے کا حل نہ نکالا گیا تو اس سے چولستان کے علاقے میں وبائی امراض پھیلنے کا خطرہ ہے۔

    مقامی لوگوں نے حکومت اور متعلقہ حکام سے فوری طور پر اس مسئلے کا نوٹس لیتے ہوئے آلودہ پانی کو صاف کرنے اور مستقبل میں اس طرح کی آلودگی کو روکنے کے لیے سخت اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے۔