Baaghi TV

Category: بہاولپور

  • اوچ شریف : عیدگاہ اہل حدیث نزد چونگی پیرواہ میں گٹروں کا پانی چھوڑ دیا گیا

    اوچ شریف : عیدگاہ اہل حدیث نزد چونگی پیرواہ میں گٹروں کا پانی چھوڑ دیا گیا

    اوچ شریف، باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان) عیدگاہ اہل حدیث،نزد چونگی پیرواہ میں گٹروں کا پانی چھوڑ دیا گیا،عملہ صفائی غائب،بلدیہ نے آنکھیں بند کرلیں۔

    تفصیل کے مطابق عید گاہ اہل حدیث نزد چونگی پیرواہ احمد پور شرقیہ شہر کا معروف قدیمی مقام ہے۔جہاں سالانہ عیدین کے اجتماعات کے علاوہ آئے روز فوت شدگان کی نماز جنازہ ادا کی جاتی ہیں، عید گاہ کی حالت اب یہ ہے کہ اس کے ایک طرف قرب وجوار کے مکینوں نے دیوار توڑ کر گٹروں کا پانی اندر چھوڑ دیا ہے،جس سے ہر طرف تعفن اور بدبو پھیل گئی ہے۔

    عید گاہ جو کہ نماز پڑھنے کی جگہ ہے وہاں گٹروں کا پانی بہہ رہا ہے۔واقعہ یہ ہے کہ عیدگاہ کے آس پاس کے گٹر بند چکے ہیں،جس کے باعث نالیوں کا پانی باہر نکل آیا اور مقامی رہائشیوں نے انتہائی غفلت کامظاہرہ کرتے ہوئے عیدگاہ کی دیوار توڑ کر گندے پانی کو اندر چھوڑ دیا ہے،اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے،

    دوسری طرف عملہ بلدیہ نے آنکھیں بند کر رکھی ہیں،عید گاہ کی نگران کمیٹی نے بار بار بلدیہ کو توجہ دلائی کہ لوگوں کے سیوریج کے دیرینہ مسائل حل کرکے عیدگاہ میں گندے پانی کا داخلہ بند کیا جائے، لیکن وہ ٹس سے مس نہیں ہوتے،

    عید گاہ اہل حدیث کے ممبران کمیٹی اور جملہ اہل اسلام نے اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ سے درخواست کی ہے کہ وہ اس مسئلے کا فوری نوٹس لیں کیوں کہ آئندہ دو ہفتوں کے بعد عید الفطر کی آمد آمد ہے،مردوں کے علاوہ خواتین کی بھی کثیر تعداد نماز عید کی ادائیگی کے لئے یہاں آتی ہے،عید کی نماز کے لئے عیدگاہ کے ماحول کا صاف ستھرا ہونا ازحد ضروری ہے۔

  • اوچ شریف:چوروں اور ڈاکوؤں سلیمانی ٹوپی پہن لی،پولیس کاغذی کارروائی اور دیہاڑیاں لگانے میں مصروف

    اوچ شریف:چوروں اور ڈاکوؤں سلیمانی ٹوپی پہن لی،پولیس کاغذی کارروائی اور دیہاڑیاں لگانے میں مصروف

    اوچ شریف،باغی ٹی وی (حبیب خان نامہ نگار):چوروں اور ڈاکوؤں سلیمانی ٹوپی پہن لی،محلہ خواجگان میں کھڑی خواجہ حنان علی کی کار غائب ہوگئی ،پولیس کاغذی کارروائی اور دیہاڑیاں لگانے میں مصروف

    اوچ شریف پولیس نے شریف شہریوں کوناکوں چنے چبوائے ہوئے ہے لیکن اپنے پیٹی بھائیوں چوروں ڈاکوؤں کوپکڑنے میں نا کام نظر آتی ہے کیونکہ ان لوگوں سلیمانی ٹوپیاں پہن رکھی ہیں اور وہ پولیس کودکھائی نہیں دیتے،اس لئے ڈا کو اور چور پولیس کو نظرآئے بغیرآسانی سے گزرجاتے ہیں ۔

    ان سلیمانی ٹوپیوں کی وجہ سے اوچ شریف شہر کے مختلف علاقوں میں دن دہاڑے چوری کی وارداتوں میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے لیکن ضلعی انتظامیہ اور مقامی پولیس ان جرائم پیشہ عناصر کی گرفتاری اور واداتوں میں کمی لانے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے

    موٹر سائیکلوں کی چوری کی وارداتیں تو سننے میں آتی تھیں لیکن گذشتہ روز دن دہاڑے محلہ خواجگان سے کار چوری کی داستان سی سی ٹی وی فوٹیج کےذریعے سامنے آگئی اور سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس نے اوچ شریف مقامی پولیس کی کارکردگی کھول کر رکھ دیا،

    اوچ شریف کے شہری خوف و ہراس میں مبتلا ہو گئے شہر بھر میں اس ماہ مقدس رمضان المبارک میں درجنوں واقعات رونماء ہوچکے ہیں اور شہری مکمل طور پر جرائم پیشہ عناصر کے رحم وکرم ہے اور مذکورہ بالا تمام تمام جرائم میں ملوث عناصر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی گرفت سے آزاد اور انتہائی دیدہ دلیری کے ساتھ ہر واردات کے بعد فرار ہوجاتے ہیں مگر ریکوری ایک فی صد کی بھی نہیں ہوئی

    شہریوں کا میڈیا کو دئے گئے بیان میں کہا کہ آئے روز چوری کی وارداتوں سے پولیس کی کارکردگی کا بخوبی اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔جب کہ مقامی پولیس تھانہ پر فقط ماہانہ لین دین کے معاملات کو ترجیح دی جارہی ہے۔

    پولیس کی نوکری، جو پہلے باعث خطرہ ہوا کرتی تھی اور والدین، جو اپنی اولاد کو پولیس میں بھرتی کروانے سے گریز کرتے تھے، اب بڑے شوق سے اس ملازمت کو ترجیح دے رہے ہیں۔

    اوچ شریف تھانہ پر اس وقت بہت ہی کڑی توجہ مرکوز کرنے کا وقت ہے۔ ایک بار ایس ایچ او سے لے کر تمام تھانہ اوچ شریف عملہ کا تبادلہ اور قانون پر مکمل عمل کروانے والے ایمان دار افسران کی تعیناتی کا فوری اقدام کرنا ضروری ہوگیا ہے، جو اوچ شریف کے عوام کو مجرموں سے نجات اور قانون کو گھر کی لونڈی سمجھنے والوں کو سزا دلوانے میں کارگر ثابت ہوگا

  • چونیاں:لیسکو نے 35 سے 40 ہزار یونٹوں کی ناجائز اوور بلنگ کردی، کسان پریشان

    چونیاں:لیسکو نے 35 سے 40 ہزار یونٹوں کی ناجائز اوور بلنگ کردی، کسان پریشان

    چونیاں،باغی ٹی وی(نامہ نگارعدیل اشرف) لیسکو سب ڈویژن الہ آباد نےکسانوں کے بجلی بلوں میں 35 سے40 ہزار یونٹوں کی ناجائز اوور بلنگ کر کے ریکارڈ قائم کر دیا، کسان گھروں کے چولہے جلائیں یا بجلی کے بل ادا کریں، اوور بلنگ سے کسان پریشان۔

    تفصیلات کیمطابق بجلی چوری نہ روکنے پر لیسکو واپڈا کے چوری شدہ زائد یونٹوں کا بوجھ باقاعدگی سے بل ادا کرنے والوں پر ڈالنا لیسکو واپڈا ڈویژن چونیاں نے اپنا وطیرہ بنا لیا، ایس ڈی او الہ آباد ویسٹ اور دیگر سب ڈویژنوں نے کسانوں کے ٹیوب ویل کےبجلی بلوں میں 35 سے 40 ہزار یونٹ اضافی ڈال کر ناجائز اوور بلنگ کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے۔

    کسان در بدر ٹھوکریں کھانے پر مجبور، خود ساختہ کٹنگ کے ساتھ کسانوں کو بجلی کے بھاری بل ادا کرنے پر مجبور کیا جا رہا۔ یونٹوں کو بلوں سے نکالنے کے لیے کسانوں کو دفتر میں ذلیل کیا جانے لگا۔

    کسان دفتروں کے چکر لگا کر پریشان، متاثرہ کسان محمد علی، ذیشان بگا، سردار شہزاد و دیگر نے بتایا کہ ہم کئی ماہ سے واپڈا دفتر کے چکر لگا رہے ہمارے بجلی کے بلوں میں ناجائز اوور بلنگ کی گئی اور 40 ہزار تک اضافی یونٹ ڈالے گئے ہیں لیکن ایس ڈی او سمیت دیگر عملہ بات سنتے کو تیار نہیں اور بل سے اضافی یونٹ نکالنے سے انکاری ہیں۔

    کسانوں نے حکومت پاکستان سے بجلی کی قیمتیں کم کرنے اور ناجائز اوور بلنگ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

  • چونیاں: پلانٹ فار پاکستان ہمارے لئے لائف لائن ہے ،عبدالغفار ڈوگر

    چونیاں: پلانٹ فار پاکستان ہمارے لئے لائف لائن ہے ،عبدالغفار ڈوگر

    چونیاں،باغی ٹی وی(نامہ نگارعدیل اشرف) پلانٹ فار پاکستان ہمارے لئے لائف لائن ہے پالوشن کی روک تھام، بہتر ماحول اور موسم کیلئے شجر کاری انتہائی ضروری ہو چکی ہے

    ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز قصور عبدالغفار ڈوگر نے گورنمنٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین چونیاں میں شجر کاری مہم کے سلسلہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شجرکاری موسمیاتی تبدیلیوں کا واحد حل ہے درخت لگانا صدقہ جاریہ اور قدرت کا انمول تحفہ ہیں

    سرکاری کالجز میں شجر کاری مہم کی تقریبات کا آغاز "انٹرنیشنل فارسٹ ڈے”کی مناسبت سے ہو گیا ہے اس عالمی دن کے موقع پر گورنمنٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین میں شجرکاری کا آغاز پرنسپل کالج شبانہ شیراز کی زیر نگرانی ہوا۔

    تقریب کے دوسرے مہمانِ خصوصی اسسٹنٹ کمشنر چونیاں عامر بٹ نے خطاب کرتے ہوئے پودوں کی افادیت کو بخوبی اجاگر کیا اور اس بات پر زور دیا کہ گلوبل وارننگ اور ماحولیاتی تبدیلیوں سے چھٹکارا صرف پودوں کی کاشتکاری اور آبیاری سے ممکن ہے

    ہر پاکستانی شہری کو اپنا حصہ ڈالنا چاہیے جنتا ہو سکے اپنے گھر کے افراد کو بھی پودے لگانے کی جان کاری دیں تاکہ آنے والے دس سالوں میں ہمیں اس سے بہتر موسم مل سکے۔

    تقریب میں وائس پرنسپل نصرت فاروق، لیکچرار ڈاکٹر فاخرہ اکبر اور دیگر اساتذہ اکرام اور طالبات نے شرکت کی اور شجر کاری مہم کے سلسلہ میں ریلی بھی نکالی۔تقریب کے اختتام پر ملکی سلامتی کے لیے دعا کی گئی

  • چونیاں:ماہ صیام میں بھی مسلسل 7 سے 10 گھنٹے تک بجلی غائب رہنا معمول بن گیا

    چونیاں:ماہ صیام میں بھی مسلسل 7 سے 10 گھنٹے تک بجلی غائب رہنا معمول بن گیا

    چونیاں،باغی ٹی وی(نامہ نگارعدیل اشرف)ماہ صیام میں بھی مسلسل 7 سے 10 گھنٹے تک بجلی غائب رہنا معمول بن گیا،مساجد اور گھروں میں پانی ختم نمازی وضو کرنے سے بھی تنگ، غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ دو ماہ سے جاری، لیسکو حکام نوٹس لیں شہریوں کا مطالبہ

    تفصیلات کے مطابق چھانگا مانگا شہر اور اس کے گرد ونواح میں گزشتہ دو سے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے جس پہ کئی بار اہلیانِ علاقہ نے احتجاج بھی کیا ماہ صیام میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ کم کیا جائے تا ہم کوئی شنوائی نا ہوئی ہے ہر روز سات سے اٹھ گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ جاری ہے

    اس ساری صورتحال کے پیش نظر مقامی لوگ پانی کی بوند بوند کو ترس گئے اور مساجد اور گھروں میں پانی ختم ہونے کی وجہ سے نمازی وضو کرنے سے تنگ ہیں مقامی لوگوں نے بارہا انتظامیہ و واپڈا سب ڈویژن چھانگامانگا سے سوال کیا ہے کہ ہمارا کیا قصور ہے جو ہمیں اس طرح ذلیل کیا جاتا ہے کیا ہم لوگ آپ کی نظروں میں انسان نہیں ہیں

    مقامی لوگوں نے بتلایا کہ واپڈا سب ڈویژن چھانگامانگا کی طرف سے ہمارے ساتھ ایسا سلوک گزشتہ کئی ماہ سے کیا جا رہا ہے جب اس حوالے سے علاقہ مکینوں سے بات ہوئی تو ان کا کہنا ہے ایس ڈی او واپڈ چھانگا مانگا اور اس کی گردونواح کی بجلی بند کروا کے بجلی کی سپلائی کہیں اور دی جاتی ہے اور مال بٹورا جاتا ہے

    علاقہ مکینوں کا وزیراعلی پنجاب محترمہ مریم نواز شریف سے سوال ہے کہ ہم کسی اور سلطنت کے باسی ہیں یا پھر لیسکو حکام ہمیں اپنا صارف مانتی ہی نہیں؟

    چھانگا مانگا کے علاقہ مکینوں کا وزیراعلی پنجاب محترمہ مریم نواز شریف سے مطالبہ ہے ایس ڈی او چھانگا مانگا کا احتساب کیا جائے اور ہمیں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے نجات دلائی جائے۔

  • اوچ شریف:نہم کلاس کی طالبہ کا رول نمبر سلپ مانگنا جرم بن گیا،استانی کا بچی پر بہیمانہ تشدد

    اوچ شریف:نہم کلاس کی طالبہ کا رول نمبر سلپ مانگنا جرم بن گیا،استانی کا بچی پر بہیمانہ تشدد

    اوچ شریف باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان)نہم کلاس کی طالبہ کا رول نمبر سلپ مانگنا جرم بن گیا،استانی کا بچی پر بہیمانہ تشدد

    مار نہیں پیار کے بورڈ اسکولوں کے گیٹوں پر لگے خانہ پری ہوتی ہیں اور لوگوں کو جھانسہ دینے کے مترادف ثابت ہوئے گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول محراب والا میں ماں کا درجہ رکھنے والی ٹیچر لاریب فضل جلاد بن گئی اور سلپ مانگنے پر طالبہ پر بیہمانہ تشددکیا جس پر ٹیچر کیخلاف تھانہ ڈیرہ نواب صاحب میں مقدمہ درج طالبہ پر بیہمانہ تشدد پر طالبات میں خوف و ہراس

    موضع محراب والا کے گرلز ہائی اسکول کی نویں کلاس کی طالبہ زینب بی بی اپنی رولنمبرسلپ لینے اسکول گئی تو موجود ٹیچر نے اسے تھپڑوں اور مکوں سے مارا بعدازاں اس کو بالوں سے پکڑ کر ڈیسک پر دائیں بائیں مارا اور گلے میں دوپٹہ ڈال کر جھنجھوڑتی رہی وہ چیختی چلاتی رہی، اس کے کاندھوں پر زخم کے نشان ہوگئے

    گواہان نےموقع پر پہنچ کر اسے چھڑایا اور اس کا میڈیکل بھی کرایا گیا، تشدد ثابت ہونے پر تھانہ ڈیرہ نواب صاحب پولیس نے مقدمہ نمبر 63/24 بجرم A 328 درج کیا لیا ہے

    یاد رہےمقدمہ متاثرہ طالبہ کے والد محمد جلیل ولد غلام رسول قوم نہڑ ساکن محراب والا کی درخواست پر درج کیا گیا ہے

  • اوچ شریف:بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام کے بند پوائنٹ کھولے جائیں،خواتین سراپا احتجاج

    اوچ شریف:بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام کے بند پوائنٹ کھولے جائیں،خواتین سراپا احتجاج

    اوچ شریف،باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان) بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے بند پوائنٹ کھولے جائیں ،پریشان حال خواتین سراپا احتجاج

    تفصیل کے مطابق احمدپورشرقیہ سمیت گردونواح میں رمضان المبارک کی آمد سے قبل ہی (BISP) کی طرف سے سوشل میڈیا پر میسج چلنا شروع ہوئے کہ آمدہ چند دنوں میں خواتین کو 10500 روپے کی قسط شروع کر دی جائے گی تاہم بینیفشری خواتین ڈیوائسز نہ چلنے کی وجہ سے درپدر کی ٹھوکریں کھا رہی ہیں

    ضرورت اس امر کی ہے اگر بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں خواتین کو سپورٹ کرنا ہی ہے تو ان کے لیے باقاعدہ مختلف علاقوں میں کاؤنٹر قائم کیۓ جائیں تاکہ انہیں رقم وصول کرنے میں آسانی رہے

    صبح سے لے کر رات گئے تک یہ خواتین مختلف علاقوں میں ٹولیوں کی شکل میں پیسے لینے کے لیے قطاروں میں ذلیل و خوار ہیں مگر افسوس کہ انتظامیہ کی طرف سے انہیں کوئی ریلیف نہیں مل رہا

    کمشنر بہاولپور، ڈی سی او بہاولپور اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی اقساط کو تقسیم کرانے کے لیے فوری طور پر عملی اقتدامات کرائیں تاکہ ان غریب خواتین کو باآسانی رقم کاحصول ممکن ہو سکے اورہ خواتین خوار ہونے سے بچ جائیں.

  • بہاولپور:جرم ثابت ہونے پر منشیات ڈیلر کو ساڑھے پانچ سال قید با مشقت اور جرمانے کی سزا

    بہاولپور:جرم ثابت ہونے پر منشیات ڈیلر کو ساڑھے پانچ سال قید با مشقت اور جرمانے کی سزا

    اوچ شریف باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان) ایڈیشنل سیشن جج بہاولپور محمد خالد اسحاق نے جرم ثابت ہونے پر منشیات ڈیلر کو ساڑھے پانچ سال قید با مشقت اور جرمانہ کا حکم سنا دیا۔

    پولیس تھانہ صدر بہاولپور نے پشین بلوچستان کے رہائشی منشیات ڈیلر راز محمدسے چرس کی بھاری مقداربرآمد کرکے مقدمہ نمبر327/21بجرم 9(C)درج کیاتھا۔

    مجرم اپنی کرولا کار پر مختلف علاقوں میں منشیات سپلائی کرتا تھا۔

    عدالت نے کیس کی سماعت کے بعد جرم ثابت ہونے پر مجرم راز محمد کو ساڑھے پانچ سال قید با مشقت،25ہزار روپے جرمانہ اور مجرم کی کار کرولا بحق سرکار ضبط کرنے کی سزا کا حکم سنا دیا۔ عدم ادائیگی جرمانہ پر مجرم کومزید ساڑھے پانچ ماہ قید بھگتنا ہوگی

  • اوچ شریف:ٹریفک پولیس حولدار محمد طارق  محمود اعوان کی والدہ کی نماز جنازہ کردی گئی

    اوچ شریف:ٹریفک پولیس حولدار محمد طارق محمود اعوان کی والدہ کی نماز جنازہ کردی گئی

    اوچ شریف باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان) سابق یونین ناظم ڈاکٹر فیاض محمود اعوان، ایڈوکیٹ ہائی کورٹ امتیاز اعوان، ارشاد احمد اعوان کی چچی اور ٹریفک پولیس حولدار محمد طارق محمود اعوان کی والدہ کی نماز جنازہ امیر اہل سنت علامہ مفتی محمد محسن فیضی کی امامت میں ان کے ابائی علاقہ بستی ڈھکواں احمد پور شرقیہ میں ادا کی گئی

    نماز جنازہ میں حاجی میاں محمد عمر داؤد خان عباسی، سابق جج یحیی کلاچی، سابق یونین ناظمین سردار فیض خان خاکوانی، مہر جمیل سیال، مہر شوکت یار ایڈوکیٹ، حاجی محمد سلیم غوری، خالد خان بلوچ ایڈوکیٹ، مفتی محمد حسین فیضی، سید علی رضا کاظمی، مہر مشتاق احمد ایڈوکیٹ، ملک خیر محمد، حاجی امان اللہ جٹ وریا، محمد سلیم خان نیازی، محمد اسلم تھیم، مجتبی احمد قریشی، ملک منیر احمد، نزر پہلوان جوہیہ، ارشاد احمد کھنوارہ، محمد شفیع کھنوارہ، حاجی بلال بھٹہ، قاری در محمد مہروی،

    جہانزیب گیلانی عرف چاند شاہ، ڈاکٹر میاں صدیق عاصم، حاجی محمد اشرف بلوچ، محمد ناصر خان نیازی، سماجی کارکن جان محمد چوھان، حکیم خضر عباس، ملک مختیار حسین چنڑ، ملک شوکت حسین چنڑ، ملک محمد صادق کھاڑک، کے علاوہ ٹریفک پولیس ملازمین سمیت علاقہ مکینوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی بعد ازاں مفتی محمد محسن فیضی نے مرحومہ کے ایصال ثواب کے لیے دعا کرائی

  • اوچ شریف:اعلیٰ عدلیہ نمازوں کے اوقات میں تمام ٹی وی چینلز کو آذان نشرکرنے کا حکم دے،  مخدوم ظفر گیلانی

    اوچ شریف:اعلیٰ عدلیہ نمازوں کے اوقات میں تمام ٹی وی چینلز کو آذان نشرکرنے کا حکم دے، مخدوم ظفر گیلانی

    اوچ شریف ،باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان) اعلیٰ عدلیہ نمازوں کے اوقات میں تمام ٹی وی چینلز کو آذان نشرکرنے کا حکم دے مخدوم سید ظفر حسن گیلانی

    تفصیل کے مطابق سابق چیئرمین بلدیہ مخدوم سید ظفر حسن گیلانی نے چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں ٹی وی چینلز کو پانچ وقت کی اذان نشر کرنے اور تفریح کے نام پر تمام بے ہودہ پروگراموں کو بند کرنے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیاہے

    انہوں نے کہا کہ سارا سال ناچنے اور گانے والے رمضان المبارک کی نشریات میں سر پر ڈوپٹہ اوڑھ کر شلوار قمیض اور واسکٹ پہن کر ایک نیا روپ دھار لیتے ہیں اور عوام کو دین کی باتیں سکھانے لگتے ہیں ایسے کرداروں کی ہر صورت حوصلہ شکنی کی ضرورت ہے۔

    دینی موضوعات کیلئے بھونڈوں کی بجائے جید علمأ کرام کو مدعو کیا جانا چاہئے تا کہ اسلام کاحقیقی پیغام عام لوگوں تک پہنچ سکے

    انہوں نے کہا کہ تفریح کے نام پر نوجوان نسل کو ایک سوچی سمجھی منصوبہ بندی کے تحت تباہ و برباد کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مٹھی بھر سیکولر عناصر نے اسلام کے نام پر وجود میں آنے والے اسلامی جمہوریہ پاکستان کے چو بیس کروڑ عوام کو یرغمال بنایا ہوا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ معاشرے میں بڑھتی ہوئی عریانی وفحاشی کے باعث بن رہے ہیں انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت وقت کو معاشرتی اقدار کے تحفظ کے لئے فحاشی و عریانی کے سدباب کرنے کا پابند کیا جاۓ

    انہوں نے کہا کہ مغربی و ہندوستانی کلچر نے بچوں سے لے کر نوجوان نسل کے اخلاق کو شدید متاثر کیا ہوا ہے۔ بے ہودہ ٹی وی پروگرام اسلامی تہذیب کا جنازہ نکال رہے ہیں اورکوئی پوچھنے والا نہیں۔

    انہوں نے چیف جسٹس آف پاکستان سے اس بابت فوری نوٹس لینے کی اپیل کی ہے