چنیوٹ میں شہتوت کھانے پر بااثر افراد کی جانب سے اونٹنیوں پر مبینہ تشدد کا واقعہ سامنے آگیا، ملزمان پر کلہاڑیوں کے وار کرکے اونٹنیوں کی گردن اور پیٹ زخمی کرنے کا الزام ہے۔ تشدد کے نتیجے میں اونٹنیوں کی پسلیاں بھی ٹوٹنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
متاثرین کے مطابق زمیندار کی جانب سے شہتوت کھانے پر اونٹنیوں کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا، جس سے وہ شدید زخمی ہوگئیں۔ متاثرین کا الزام ہے کہ ملزمان نے اونٹنیوں کی گردن اور پیٹ پر کلہاڑیوں سے متعدد وار کیے، جس کے باعث انہیں گہرے زخم آئے اور بعض کی پسلیاں تک ٹوٹ گئیں۔
ملزمان کی گرفتاری نہ ہونے پر متاثرین زخمی اونٹنیوں کو اپنے ہمراہ لے کر ریجنل پولیس افسر (آر پی او) کے دفتر پہنچ گئے اور حکام کو واقعے سے آگاہ کرتے ہوئے انصاف کی درخواست کی۔
متاثرین نے الزام عائد کیا کہ واقعے کے باوجود پولیس مبینہ طور پر ملزمان کو گرفتار نہیں کر رہی، جبکہ مقدمے میں دونوں اونٹنیوں کی مجموعی قیمت صرف ڈیڑھ لاکھ روپے درج کی گئی ہے۔
متاثرین کا کہنا تھا کہ اونٹنیوں کی درج کی گئی قیمت انتہائی کم ہے اور موجودہ حالات میں ’’ڈیڑھ لاکھ کے تو اب دو بکرے بھی نہیں آتے۔‘‘ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اونٹنیوں کی اصل مالیت کا باقاعدہ تعین کیا جائے اور ان پر مبینہ تشدد میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔
متاثرین نے آر پی او حکام سے مطالبہ کیا کہ واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو ملزمان کی گرفتاری اور زخمی اونٹنیوں کو انصاف فراہم کرنے کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت کی جائے۔
