Baaghi TV

Category: ڈیرہ غازی خان

  • ایک جرأت مند باب اختتام کو پہنچا . ڈی پی او ڈیرہ غازی خان سید علی کو سلامِ الوداع

    ایک جرأت مند باب اختتام کو پہنچا . ڈی پی او ڈیرہ غازی خان سید علی کو سلامِ الوداع

    ڈیرہ غازی خان ( باغی ٹی وی نیوز رپورٹر شاہد خان)ڈیرہ غازی خان میں جرأت، بہادری اور پیشہ ورانہ دیانت کا ایک روشن باب اپنے اختتام کو پہنچا۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) سید علی نے اپنے تبادلے کے موقع پر SDPOs، SHOs، برانچ انچارجز اور دیگر پولیس افسران و اہلکاروں سے الوداعی ملاقات کی۔ اس موقع پر فضا جذبات سے لبریز تھی اور ہر چہرے پر قائدانہ صلاحیتوں سے بھرپور ایک افسر کے جانے کا ملال نمایاں تھا۔

    پولیس اسٹاف نے ڈی پی او سید علی کی بے باک قیادت، مثالی نظم و ضبط اور جرائم کے خلاف ان کی ناقابلِ فراموش جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ سید علی نے اپنے دورِ تعیناتی میں نہ صرف دہشت گرد عناصر کے خلاف فرنٹ لائن قیادت کی بلکہ جرائم پیشہ گروہوں، منشیات فروشوں اور خطرناک ڈاکوؤں کے خلاف بھی فیصلہ کن کارروائیاں کیں۔

    ڈی پی او سید علی کا سب سے نمایاں کارنامہ فتنۂ خوارج کے خلاف ان کی جرات مندانہ مہم تھی، جس میں انہوں نے جان کی پروا کیے بغیر فرنٹ لائن پر کمانڈ کی۔ ان کی قیادت میں ضلع بھر میں امن و امان کی صورتحال میں واضح بہتری دیکھی گئی، عوام کا پولیس پر اعتماد بحال ہوا، اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنایا گیا۔

    عوامی حلقوں، صحافتی اداروں اور سول سوسائٹی کی جانب سے بھی ڈی پی او سید علی کی خدمات کو سراہتے ہوئے نیک تمناؤں کے ساتھ رخصت کیا گیا۔ انہیں "جرأت، فرض شناسی اور انصاف کی علامت” قرار دیا جا رہا ہے، اور ان کے جانے کو ایک خلا تصور کیا جا رہا ہے جسے پُر کرنا آسان نہ ہوگا۔

    ڈی پی او سید علی کا کہنا تھا کہ وہ ہمیشہ ڈیرہ غازی خان کو اپنی عملی زندگی کا قابلِ فخر باب سمجھیں گے، اور جہاں بھی رہیں گے، عوام کی خدمت اور قانون کی عملداری کو مقدم رکھیں گے۔

  • ڈیرہ غازی خان: چہلم شہدائے کربلا ، سیکیورٹی اور انتظامی انتظامات کو حتمی شکل

    ڈیرہ غازی خان: چہلم شہدائے کربلا ، سیکیورٹی اور انتظامی انتظامات کو حتمی شکل

    ڈیرہ غازی خان(باغی ٹی وی،سٹی رپورٹر جواد اکبر) ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس میں نواسہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور شہداء کربلا کے چہلم کے موقع پر سیکیورٹی، سہولیات اور دیگر انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں پولیٹیکل اسسٹنٹ کوہ سلیمان امیر تیمور، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل قدسیہ ناز، اسسٹنٹ کمشنرز، متعلقہ محکموں کے افسران اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔

    ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد نے ہدایت دی کہ چہلم کے جلوس اور مجالس کے لیے سیکیورٹی اور سہولیات عاشورہ کی طرز پر فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی کنٹرول روم کو مکمل فعال رکھا جائے گا جبکہ سیف سٹی اور دیگر سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کا موثر نظام نافذ کیا جائے گا۔

    اجلاس میں بتایا گیا کہ ضلع بھر میں چہلم کے موقع پر 12 مجالس اور 4 جلوس برآمد ہوں گے جن کے لیے تمام تر انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد نے مزید ہدایت دی کہ ضلعی امن کمیٹی کے اراکین، منتظمین اور رضاکاروں کے ساتھ قریبی روابط رکھے جائیں تاکہ امن و امان اور سہولیات کے انتظامات مؤثر انداز میں یقینی بنائے جا سکیں۔

  • یومِ شہداء پولیس: ڈیرہ غازی خان میں شہداء کو خراجِ عقیدت، ڈی پی او سید علی کی شرکت

    یومِ شہداء پولیس: ڈیرہ غازی خان میں شہداء کو خراجِ عقیدت، ڈی پی او سید علی کی شرکت

    ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی، نیوز رپورٹر: شاہد خان)یومِ شہداء پولیس کے موقع پر ڈیرہ غازی خان پولیس کی جانب سے ایک پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ان عظیم سپاہیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا جنہوں نے ملک و قوم کے تحفظ کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ دیا۔

    تقریبات میں ڈی پی او ڈیرہ غازی خان سید علی، ایس ڈی پی او سٹی، ڈی ایس پی ٹریفک سمیت دیگر پولیس افسران، اسکولوں کے طلباء، شہریوں اور میڈیا نمائندگان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

    تقریب کے دوران ڈی پی او سید علی نے شہداء کی یاد میں شمعیں روشن کیں، جبکہ شرکاء نے بھی ان کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے شمعیں جلا کر ان کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔تقریب میں شہداء کے درجات کی بلندی اور ملک و قوم کی سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

    اس موقع پر باغی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی پی او سید علی نے کہا:”شہداء پولیس ہمارا فخر اور قیمتی سرمایہ ہیں۔ ان کی لازوال قربانیاں ہمیشہ ہماری رہنمائی کرتی رہیں گی۔ یومِ شہداء ہمیں یاد دلاتا ہے کہ آج جو آزادی اور امن ہمیں میسر ہے، وہ ان ہی جانبازوں کی بے مثال قربانیوں کا نتیجہ ہے۔”

    انہوں نے مزید کہا:”ہم ہر لمحہ شہداء کی فیملیز کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ان کا دکھ ہمارا دکھ ہے، اور ان کا فخر ہمارا فخر۔”

    یومِ شہداء پولیس کے موقع پر منعقدہ یہ تقریب نہ صرف پولیس شہداء کی قربانیوں کا اعتراف ہے بلکہ نئی نسل کو ان کی قربانیوں سے روشناس کرانے کا ذریعہ بھی ہے۔

  • تونسہ اور ڈیرہ غازی خان میں دریائے سندھ میں پانی کی سطح بلند،  نشیبی علاقے زیرِ آب، سیلابی خطرہ منڈلانے لگا

    تونسہ اور ڈیرہ غازی خان میں دریائے سندھ میں پانی کی سطح بلند، نشیبی علاقے زیرِ آب، سیلابی خطرہ منڈلانے لگا

    ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی رپورٹ)دریائے سندھ میں پانی کی سطح مسلسل بلند ہو رہی ہے، جس کے نتیجے میں تونسہ اور ڈیرہ غازی خان کے متعدد کچے علاقے زیرِ آب آ گئے ہیں جبکہ مزید بستیوں اور زرعی زمینوں کو بھی شدید خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔ دریائے سندھ میں پانی کے بہاؤ میں تیزی کے باعث شادن لُنڈ، کالا، کالاکالونی، دری ڈھولے والی، شاہ صدر دین، پیر عادل، لاڈن، دری میرو، دراہمہ، سمینہ سادات، جھوک اُترا، جکھڑ امام شاہ اور شیرو جیسے دریا کنارے آباد نشیبی علاقوں میں پانی داخل ہونے لگا ہے۔

    متعدد علاقوں میں فصلیں تباہ ہو چکی ہیں جبکہ رہائشی آبادیوں میں بھی پانی گھسنے کے خدشات بڑھتے جا رہے ہیں۔ مقامی افراد کے مطابق کچی آبادیوں کے علاوہ پکی بستیوں میں بھی سیلابی ریلے پہنچنے کا خطرہ ہے، تاہم تاحال خاطر خواہ اقدامات دیکھنے میں نہیں آئے۔

    ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تونسہ میں 15 ریلیف کیمپس قائم کیے گئے ہیں تاکہ متاثرین کو بروقت محفوظ مقام پر منتقل کیا جا سکے، تاہم بیشتر مکین اب بھی اپنے گھروں اور مال مویشیوں کو چھوڑنے پر آمادہ نہیں۔ ضلعی انتظامیہ کے ترجمان کے مطابق مکینوں کو بار بار خبردار کیا جا رہا ہے کہ وہ حفاظتی اقدامات کے پیش نظر نقل مکانی کر لیں، لیکن وہ اپنے گھروں، فصلوں اور جانوروں کو چھوڑنے سے گریزاں ہیں۔

    تونسہ کےعلاقے میں متعدد خاندان کشتیوں کے ذریعے محفوظ مقامات کی طرف نقل مکانی کر رہے ہیں، تاہم اس عمل میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ نہ صرف رسائی کے راستے متاثر ہو چکے ہیں بلکہ نقل مکانی کے دوران قیمتی سامان بھی ضائع ہو رہا ہے۔

    محکمہ آبپاشی اور فلڈ کنٹرول ذرائع کے مطابق دریا میں پانی کا بہاؤ تاحال بڑھ رہا ہے اور آئندہ چند روز مزید خطرناک ہو سکتے ہیں۔ نشیبی علاقوں کو خالی کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، تاہم مکینوں کے انکار کے باعث خطرہ بڑھتا جا رہا ہے۔

    عوامی و سماجی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کے اربابِ اختیار صرف فوٹو سیشن کرکے کاغذی کارروائیاں مکمل نہ کریں بلکہ عملی طور پر فیلڈ میں نکلیں، زمینی حقائق کا جائزہ لیں اور فوری و مؤثر اقدامات کریں تاکہ قیمتی جان و مال کے نقصان سے بچا جا سکے۔

  • ڈیرہ غازی خان: وڈور روڈ چار ماہ سے زیر تعمیر، شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا

    ڈیرہ غازی خان: وڈور روڈ چار ماہ سے زیر تعمیر، شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا

    ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی، نیوز رپورٹر شاہد خان)ڈیرہ غازی خان میں گرلز کالج کے سامنے واقع وڈور روڈ گزشتہ تقریباً چار سے پانچ ماہ سے ری کنسٹرکشن کے لیے توڑا گیا ہے، مگر تاحال اس کی تعمیر مکمل نہیں ہو سکی، جس کے باعث مقامی شہریوں اور راہگیروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ یہ ٹوٹا پھوٹا روڈ اب شہریوں کے لیے درد سر بن چکا ہے۔

    بارشوں کے دنوں میں اس روڈ پر پانی جمع ہو جاتا ہے، جس سے صورتحال مزید خراب ہو جاتی ہے۔ دن بھر ٹریکٹر ٹرالیوں کا رش بھی اس روڈ پر رہتا ہے، جو متعدد حادثات کا باعث بن چکا ہے۔ افسوسناک طور پر، ان حادثات میں کئی نوجوان شہری اور بچے اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ پہلے ہی یہ روڈ سنگل تھا، اور اب اسے توڑ کر شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق ٹھیکیداروں کی نااہلی، غفلت اور مبینہ کرپشن کی وجہ سے یہ روڈ تاحال مکمل تعمیر نہیں ہو سکا ہے۔ ڈیرہ غازی خان میں وڈور روڈ کے علاوہ دیگر تمام کارپیٹڈ روڈز کا کام مکمل ہو چکا ہے۔ مقامی شہریوں نے انتظامیہ سے پرزور اپیل کی ہے کہ ٹھیکیداروں کی کرپشن کا شکار اس روڈ کو جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو مزید مشکلات سے نجات مل سکے۔

  • ڈیرہ غازی خان: ڈپٹی کمشنر کا سپورٹس کمپلیکس منصوبے کا معائنہ، جلد تکمیل کی ہدایت

    ڈیرہ غازی خان: ڈپٹی کمشنر کا سپورٹس کمپلیکس منصوبے کا معائنہ، جلد تکمیل کی ہدایت

    ڈیرہ غازی خان (سٹی رپورٹر جواد اکبر) ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان محمد عثمان خالد نے گورنمنٹ جامع ہائی سکول میں زیر تعمیر سپورٹس کمپلیکس منصوبے کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ امیر مسلم اور ایکسیئن بلڈنگز محمد وقاص نے منصوبے کی تفصیلات پر مبنی بریفنگ دی۔ بتایا گیا کہ یہ سپورٹس کمپلیکس حال ہی میں واگزار کرائے گئے سرکاری رقبے پر تعمیر کیا جا رہا ہے جس میں کرکٹ ارینا، والی بال کورٹ اور دیگر کھیلوں کی سہولیات شامل ہوں گی۔

    ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ منصوبے کی تکمیل میں تیزی لائی جائے تاکہ طلبہ اور شہریوں کو جلد از جلد صحت مندانہ سرگرمیوں کے مواقع میسر آ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ سپورٹس کمپلیکس نہ صرف گورنمنٹ کمپری ہینسو ہائی سکول کے طلبہ بلکہ شہر کے دیگر نوجوانوں کے لیے بھی کھیل اور تفریح کا مثبت ذریعہ ثابت ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ کھیل نوجوانوں کی جسمانی و ذہنی نشوونما کے لیے ناگزیر ہیں اور ایسے منصوبے معاشرے میں مثبت تبدیلی کا سبب بنتے ہیں۔

  • ڈیرہ غازی خان: مانکا کینال سے مردہ جانور کا گوشت برآمد، ملزم فرار

    ڈیرہ غازی خان: مانکا کینال سے مردہ جانور کا گوشت برآمد، ملزم فرار

    ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی، سٹی رپورٹر جواد اکبر)ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مانکا کینال سے مردہ جانور کا مضر صحت گوشت برآمد کر لیا۔ کارروائی محکمہ لائیو اسٹاک اور فوڈ اتھارٹی کی مشترکہ ٹیم نے اسسٹنٹ کمشنر ہیڈ کوارٹر نذر حسین کورائی کی نگرانی میں کی، تاہم ملزم موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

    برآمد شدہ گوشت کو فوری طور پر ضبط کر کے غازی گھاٹ کے مقام پر دریائے سندھ میں تلف کر دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد نے اس موقع پر واضح کیا کہ انسانی صحت سے کھیلنے والے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ مضر صحت یا مشکوک گوشت کی فروخت کی صورت میں فوری طور پر ضلعی انتظامیہ یا متعلقہ محکموں کو اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔

  • تونسہ میں ایڈز اسکریننگ مہم کا آغاز، 50 ہزار سے زائد افراد کی جانچ کا ہدف

    تونسہ میں ایڈز اسکریننگ مہم کا آغاز، 50 ہزار سے زائد افراد کی جانچ کا ہدف

    ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی ،سٹی رپورٹرجواداکبر) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے "صحت مند پنجاب” وژن اور سیکرٹری محکمہ صحت و آبادی نادیہ ثاقب کی ہدایات کی روشنی میں، پنجاب ایڈز کنٹرول پروگرام نے ضلع ڈیرہ غازی خان کی تحصیل تونسہ میں گھر گھر ایچ آئی وی/ ایڈز اسکریننگ مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ یہ مہم پروگرام کی پراجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر سمیرہ اشرف کی سربراہی میں شروع کی گئی ہے۔

    اس مہم کے تحت تقریباً 5600 گھروں اور 50,000 سے زائد افراد کی ایچ آئی وی/ ایڈز اسکریننگ کی جائے گی، جس کے لیے 40 ٹیمیں بھرپور لگن کے ساتھ تونسہ میں کام کر رہی ہیں۔ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (WHO) کی معاونت سے جاری اس مہم کو مقامی آبادی کی جانب سے انتہائی مثبت ردعمل ملا ہے۔

    اس اسکریننگ مہم کا مقصد نہ صرف علاقہ میں پھیلی ایڈز کی وبا پر قابو پانا ہے، بلکہ اس مرض میں مبتلا افراد کو ٹی ایچ کیو ہسپتال تونسہ میں موجود پنجاب ایڈز کنٹرول پروگرام کے سینٹر سے مفت علاج اور ادویات بھی فراہم کی جائیں گی۔ یہ مہم صوبے میں ایچ آئی وی سے نمٹنے کے لیے پنجاب ایڈز کنٹرول پروگرام کی کوششوں اور عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

  • ڈیرہ غازی خان:ستھرا پنجاب پروگرام پر کمشنر اشفاق احمد چوہدری کی زیر صدارت اہم اجلاس

    ڈیرہ غازی خان:ستھرا پنجاب پروگرام پر کمشنر اشفاق احمد چوہدری کی زیر صدارت اہم اجلاس

    ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی،سٹی رپورٹرجواداکبر) کمشنر ڈیرہ غازی خان اشفاق احمد چوہدری کی زیر صدارت "ستھرا پنجاب پروگرام” کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔

    اجلاس میں ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے ڈپٹی کمشنرز اور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے افسران نے شرکت کی اور پروگرام سے متعلق تفصیلی بریفنگ پیش کی۔

    اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان عثمان خالد، ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ عثمان طاہر جپہ، ڈپٹی کمشنر کوٹ ادو منور عباس بخاری اور ڈپٹی کمشنر راجن پور شفقت اللہ مشتاق سمیت دیگر متعلقہ حکام اور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے نمائندے موجود تھے۔

    اجلاس میں ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت جاری صفائی مہم، ویسٹ کلیکشن، کوڑا کرکٹ کی تلفی اور شہری و دیہی علاقوں میں صفائی ستھرائی کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

    کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صفائی شہری سہولیات کا بنیادی جزو ہے، اور اس پروگرام کو مؤثر اور نتیجہ خیز بنانے کے لیے تمام ضلعی افسران اپنی ذمہ داریاں ایمانداری سے ادا کریں۔ انہوں نے زور دیا کہ عوام کو صاف ماحول فراہم کرنا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ کمشنر کا مزید کہنا تھا کہ ستھرا پنجاب پروگرام وزیراعلیٰ پنجاب کا ایک انقلابی پروگرام ہے جو پنجاب کے شہروں اور دیہاتوں کو خوبصورت بنائے گا۔

    ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے نمائندوں نے اجلاس کو بتایا کہ پروگرام کے تحت تمام شہروں اور قصبوں میں صفائی کے انتظامات بہتر بنائے جا رہے ہیں، کوڑا کرکٹ اٹھانے کے لیے مشینری اور افرادی قوت میں اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ مانیٹرنگ کا نظام بھی مؤثر بنایا گیا ہے۔

    کمشنر نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر صفائی مہم کی نگرانی کریں اور عوامی شکایات کا بروقت ازالہ یقینی بنائیں۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو یہ بھی ہدایت کی کہ شہری آگاہی مہمات چلائی جائیں اور اسکولوں، اسپتالوں اور دیگر عوامی مقامات پر صفائی ٹیمیں خصوصی توجہ دیں۔

    اجلاس میں صفائی کے معیار کو مزید بہتر بنانے، گلی محلوں کی صفائی، ڈمپنگ پوائنٹس کی نشاندہی، اور ویسٹ کلیکشن نظام کی بہتری کے لیے مختلف تجاویز بھی زیر غور آئیں۔ اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کو کامیاب بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ، ویسٹ مینجمنٹ کمپنیاں اور شہریوں کو باہم مل کر کام کرنا ہو گا۔

  • ڈیرہ غازی خان: ریونیو واجبات کی سو فیصد ریکوری کا ہدف، نادہندگان کے خلاف سخت اقدامات کا حکم

    ڈیرہ غازی خان: ریونیو واجبات کی سو فیصد ریکوری کا ہدف، نادہندگان کے خلاف سخت اقدامات کا حکم

    ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی ،سٹی رپورٹرجواد اکبر)ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان محمد عثمان خالد کی زیر صدارت ریونیو معاملات سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عثمان بخاری، اسسٹنٹ کمشنرز اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

    اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عثمان بخاری نے سرکاری واجبات کی وصولی، نادہندگان کی فہرست اور زیر التوا کیسز سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری واجبات کی 100 فیصد وصولی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ تمام ریونیو افسران فیلڈ میں نکل کر ریکوری کے عمل کو تیز کریں اور نادہندگان کے خلاف قانونی اختیارات کا مؤثر استعمال کیا جائے، جن میں جائیداد کی قرقی جیسے اقدامات بھی شامل ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ زیر التوا جوڈیشل انکوائریوں اور انضباطی کارروائیوں کو فوری طور پر نمٹایا جائے اور کسی قسم کی غفلت یا سستی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام ریونیو افسران کو متنبہ کیا کہ فرائض میں عدم دلچسپی یا کارکردگی میں کمی پر سخت کارروائی کی جائے گی اور ان کی انفرادی کارکردگی کا باقاعدہ جائزہ لیا جائے گا۔

    اجلاس میں موجود افسران نے یقین دہانی کروائی کہ جاری ہدایات پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ سرکاری محصولات کی وصولی کو مؤثر اور شفاف بنایا جا سکے۔