Baaghi TV

Category: ڈیرہ غازی خان

  • جنوبی پنجاب: نہروں میں نہانے پر پابندی، دفعہ 144 نافذ

    جنوبی پنجاب: نہروں میں نہانے پر پابندی، دفعہ 144 نافذ

    اوچ شریف / ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی،نامہ نگار+سٹی رپورٹر)جنوبی پنجاب کے دو بڑے اضلاع بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان میں شہریوں کی قیمتی جانوں کے تحفظ کے لیے ضابطہ فوجداری کی دفعہ 144 کے تحت نہروں، آبی گزرگاہوں اور دریاؤں میں نہانے، تیرنے، کشتی رانی، کھیل کود اور غیر ضروری اجتماعات پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

    ڈپٹی کمشنر بہاولپور ڈاکٹر فرحان فاروق نے ضلع بھر میں نہروں اور پانی کے دیگر ذخائر میں نہانے پر 30 روزہ پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا ہے، جبکہ ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان محمد عثمان خالد نے 27 جولائی تک دفعہ 144 کے نفاذ کا حکم جاری کرتے ہوئے دریائے سندھ اور تمام بڑی نہروں کے کنارے سرگرمیوں پر مکمل روک لگا دی ہے۔

    دونوں اضلاع میں جاری اعلامیوں کے مطابق یہ فیصلے بڑھتے ہوئے ڈوبنے کے واقعات، انسانی جانوں کے ضیاع اور موسم برسات کے خطرات کے پیش نظر کیے گئے ہیں۔ انتظامیہ نے والدین سے خصوصی اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو نہروں اور دریا کے قریب جانے سے روکیں اور قانون کی پابندی کرتے ہوئے اپنی اور دوسروں کی حفاظت یقینی بنائیں۔

    دونوں ڈپٹی کمشنرز نے واضح کیا ہے کہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر سخت قانونی کارروائی کی جائے گی اور کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی۔ یہ پابندیاں فوری طور پر نافذ العمل ہیں اور ان کا مقصد صرف ایک ہے: انسانی جانوں کو بچانا اور ممکنہ سانحات کا راستہ روکنا۔

    انتظامیہ کا یہ فیصلہ عوامی تحفظ کے لیے ایک بروقت اور سنجیدہ اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔

  • سیالکوٹ: دفعہ 144 نافذ، برسات اور شہری دفاع سے متعلق ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی کی زیر صدارت اہم اجلاس

    سیالکوٹ: دفعہ 144 نافذ، برسات اور شہری دفاع سے متعلق ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی کی زیر صدارت اہم اجلاس

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی ،بیوروچیف شاہد ریاض) ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی کی زیر صدارت ڈی سی آفس کانفرنس روم میں برسات، شہری دفاع اور دفعہ 144 سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلعی انتظامیہ، سول ڈیفنس، اور ایمرجنسی سروسز کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ مظفر مختار، اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ انعم بابر، اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال غلام فاطمہ، اسسٹنٹ کمشنر پسرور سدرہ ستار، ڈی او ایمرجنسی نوید اقبال، انچارج ڈی ڈی ایم اے کیوان حسن اور چیف وارڈن شہری دفاع طاہر مجید کپور سمیت دیگر حکام شریک ہوئے۔

    ڈپٹی کمشنر نے موسم برسات کی شدت اور نہروں میں نہانے کے بڑھتے ہوئے رجحان کے پیش نظر دفعہ 144 کے نفاذ کا اعلان کرتے ہوئے خبردار کیا کہ اس کی خلاف ورزی پر گرفتاریاں عمل میں لائی جائیں گی۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ بچوں کو ندی نالوں اور نہروں میں نہانے سے روکیں تاکہ قیمتی جانوں کا تحفظ ممکن ہو۔

    اجلاس میں آوارہ کتوں کے بڑھتے ہوئے خطرے پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا، جس پر لوکل گورنمنٹ کو فوری مہم تیز کرنے کی ہدایت دی گئی، جبکہ تمام ہسپتالوں میں کتے کے کاٹنے کی ویکسین کی دستیابی یقینی بنانے کا بھی حکم دیا گیا۔

    ڈپٹی کمشنر نے چیف وارڈن شہری دفاع طاہر مجید کپور سے ملاقات کے دوران ساتویں اور دسویں محرم الحرام کے موقع پر سیکیورٹی و ایمرجنسی ڈیوٹی پلان پر تبادلہ خیال کیا۔ اس دوران شہری دفاع کی تنظیم نو اور ریسکیو 1122 کے ساتھ مشترکہ ایکشن پلان کی تیاری پر زور دیا گیا تاکہ ہنگامی حالات میں بہتر، مربوط اور بروقت خدمات فراہم کی جا سکیں۔

  • ڈیرہ غازی خان: محرم الحرام میں سیکیورٹی، کنٹرول رومز فعال، سیف سٹی کیمروں سے نگرانی کا عمل شروع

    ڈیرہ غازی خان: محرم الحرام میں سیکیورٹی، کنٹرول رومز فعال، سیف سٹی کیمروں سے نگرانی کا عمل شروع

    ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی، نیوز رپورٹر شاہد خان) محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے کے لیے ڈیرہ غازی خان میں ضلعی کنٹرول رومز مکمل طور پر فعال کر دیے گئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد نے ڈی پی او سید علی اور دیگر افسران کے ہمراہ ضلعی کنٹرول روم اور سیف سٹی کنٹرول روم کا دورہ کیا۔

    اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد نے بتایا کہ شہر بھر میں حساس مجالس اور جلوسوں کی نگرانی سیف سٹی اور سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے کی جا رہی ہے، تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ آن لائن مانیٹرنگ سسٹم کے ذریعے ہر لمحہ مجالس اور جلوسوں کی مؤثر نگرانی ممکن بنائی جا رہی ہے۔

    ڈپٹی کمشنر کے مطابق مجالس اور جلوسوں کی آڈیو ویڈیو ریکارڈنگ کے ساتھ ساتھ دیگر ذرائع سے بھی مانیٹرنگ جاری ہے۔ سیف سٹی کیمروں کی مدد سے شہر کی اہم شاہراہیں، داخلی و خارجی راستے اور حساس مقامات مکمل طور پر کور کر لیے گئے ہیں۔

    حکام کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی کے حوالے سے کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، اور تمام ادارے باہم مربوط انداز میں فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔

  • ڈیرہ غازی خان: محرم سیکیورٹی انتظامات کا اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس

    ڈیرہ غازی خان: محرم سیکیورٹی انتظامات کا اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس

    ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی، نیوز رپورٹرشاہد خان)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر کمشنر ڈیرہ غازی خان اشفاق احمد چوہدری کی زیر صدارت ڈویژنل انٹیلی جنس کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں آر پی او کیپٹن (ر) سجاد حسن خان، تمام ڈپٹی کمشنرز، ڈی پی اوز اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں محرم الحرام کے دوران امن و امان، ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد، اور حساس معاملات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

    کمشنر اشفاق چوہدری نے ہدایت کی کہ لاؤڈ اسپیکر کے غلط استعمال پر فوری کارروائی کی جائے اور شعلہ بیان مقررین کی زبان بندی اور ضلع بندی کو ہر صورت نافذ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تمام منتظمین کے ساتھ قریبی رابطہ رکھا جائے اور مجالس و جلوسوں کے اوقات اور روٹس پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ فرقہ وارانہ نفرت پھیلانے والے بیانات، وال چاکنگ اور سوشل میڈیا پر اشتعال انگیزی کو فوری روکا جائے، حساس مجالس اور جلوسوں کی ویڈیو اور آڈیو ریکارڈنگ، سیف سٹی کیمروں اور دیگر ذرائع سے نگرانی بڑھائی جائے۔

    آر پی او سجاد حسن خان نے کہا کہ محکمہ داخلہ پنجاب کی ہدایات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا اور پنجاب پولیس دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر سیکیورٹی انتظامات کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔

  • ڈیرہ غازی خان: محرم الحرام کے لیے سکیورٹی انتظامات کا حتمی جائزہ، آر پی او اور کمشنر کی زیر صدارت ڈویژنل انٹیلی جنس کمیٹی کا اجلاس

    ڈیرہ غازی خان: محرم الحرام کے لیے سکیورٹی انتظامات کا حتمی جائزہ، آر پی او اور کمشنر کی زیر صدارت ڈویژنل انٹیلی جنس کمیٹی کا اجلاس

    ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی،سٹی رپورٹرجواداکبر)ڈیرہ غازی خان میں محرم الحرام کے موقع پر امن و امان، سکیورٹی اور انتظامی تیاریوں کو حتمی شکل دینے کے لیے ریجنل پولیس آفیسر کیپٹن (ر) سجاد حسن خان اور کمشنر ڈیرہ غازی خان اشفاق احمد چوہدری کی زیر صدارت ڈویژنل انٹیلی جنس کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈویژن بھر کے تمام ڈپٹی کمشنرز، ڈی پی اوز اور سکیورٹی اداروں کے اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔

    اجلاس میں محرم الحرام کے دوران درپیش ممکنہ چیلنجز، تھریٹ الرٹس، حساس علاقوں، سابقہ حل طلب فرقہ وارانہ تنازعات، جلوس و مجالس کے روٹس، وقت کی پابندی، اور سکیورٹی معاہدوں پر عملدرآمد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس کے ساتھ ساتھ حساس مقامات پر فلیش پوائنٹس اور ٹربل سپاٹس کی کڑی نگرانی، اور روزانہ کی بنیاد پر سرچنگ و کومبنگ آپریشنز کے احکامات بھی جاری کیے گئے۔

    آر پی او کیپٹن (ر) سجاد حسن خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریجن بھر میں محرم کے دوران 1360 جلوس اور 4658 مجالس کے لیے 10 ہزار سے زائد سکیورٹی اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔ 34 فلیش پوائنٹس اور 112 ٹربل سپاٹس کو حساس قرار دے کر وہاں خصوصی سکیورٹی بندوبست کیا جا رہا ہے۔ مجالس و جلوسوں کی 1670 جدید کیمروں کے ذریعے نگرانی کی جائے گی، جبکہ ڈرونز، سمارٹ آئی اور دیگر سافٹ ویئرز کے ذریعے بھی سکیورٹی اقدامات کو مؤثر بنایا جا رہا ہے۔

    آر پی او نے ہدایت کی کہ تمام ضلعی افسران خود امام بارگاہوں، جلوسوں کے راستوں اور مجالس کی سکیورٹی کو چیک کریں۔ طے شدہ روٹس، اوقات اور معاہدوں کی مکمل پابندی کرائی جائے۔ حساس علاقوں میں روزانہ کی بنیاد پر پولیس، CTD، اور دیگر اداروں کے ہمراہ سرچ آپریشنز کیے جائیں۔ ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ماک ایکسرسائزز بھی کی جائیں۔

    انہوں نے ہوٹلوں، سراؤں، بس اڈوں اور کرایہ داران سمیت فورتھ شیڈول میں شامل افراد کی سخت نگرانی کی ہدایت دی، اور کہا کہ لاؤڈ سپیکر ایکٹ، اشتعال انگیز تقاریر، فرقہ وارانہ مواد، وال چاکنگ اور نفرت آمیز پوسٹروں کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کی جائے۔ سوشل میڈیا پر بھی مکمل نظر رکھی جائے تاکہ کوئی بھی شرپسند عناصر ماحول کو خراب نہ کر سکیں۔

    اجلاس میں کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے بھی اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی ہدایت کے مطابق محرم الحرام کے انتظامات میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ تمام جلوسوں کے راستوں پر صفائی، چھڑکاؤ، روشنی، پانی، اور گرمی سے بچاؤ کے انتظامات کو ترجیح دی جائے۔ ہنگامی صورتحال کے لیے الگ پلان تیار کر کے ماک ایکسرسائزز کی جائیں تاکہ فوری ردعمل ممکن ہو سکے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کو ٹریفک پلان، متبادل راستوں اور سکیورٹی اقدامات سے بروقت آگاہ کیا جائے تاکہ عوام کو سہولت اور اعتماد میسر آ سکے۔ اجلاس کے شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ محرم الحرام کے دوران ہر ممکن اقدامات کے ذریعے امن و امان کو یقینی بنایا جائے گا اور شرپسند عناصر کو سختی سے کچلا جائے گا۔

  • ڈیرہ غازی خان: اتحاد بین المسلمین کانفرنس، مولانا عبدالخبیر آزاد کا دورہ، قیامِ امن، قومی وحدت اور استحکامِ پاکستان پر زور

    ڈیرہ غازی خان: اتحاد بین المسلمین کانفرنس، مولانا عبدالخبیر آزاد کا دورہ، قیامِ امن، قومی وحدت اور استحکامِ پاکستان پر زور

    ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی،سٹی رپورٹرجواداکبر) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی و خطیب بادشاہی مسجد لاہور مولانا سید عبدالخبیر آزاد کی قیادت میں صوبائی اتحاد بین المسلمین وفد نے ڈیرہ غازی خان کا دورہ کیا اور محرم الحرام کے تناظر میں ہونے والی "اتحاد بین المسلمین کانفرنس” میں شرکت کی۔

    کانفرنس کی صدارت مولانا سید عبدالخبیر آزاد نے کی جس میں آر پی او کیپٹن (ر) سجاد حسن خان، کمشنر اشفاق احمد چوہدری، ڈی پی اوز، ڈپٹی کمشنرز، اور درجنوں مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علما، مشائخ، ذاکرین، تاجر، ضلعی امن کمیٹیوں کے اراکین اور عوامی نمائندگان نے شرکت کی۔

    مولانا عبدالخبیر آزاد نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ استحکام اور دفاعِ پاکستان کا پیغام لے کر ڈیرہ غازی خان پہنچے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ محرم الحرام کے دوران فرقہ واریت سے بچاؤ اور بین المسالک ہم آہنگی سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ علما ممبر و محراب سے اخوت اور اتحاد کا پیغام دیں۔ انہوں نے آپریشن "بنیان مرصوص” میں پاک فوج کی فتح کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کا جھوٹا "پہلگام ڈرامہ” بے نقاب ہو چکا ہے، اور دنیا آج افواج پاکستان کی قربانیوں کی معترف ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم وزیر اعلیٰ مریم نواز کے شکر گزار ہیں جنہوں نے اتحاد بین المسلمین کے قافلے پورے پنجاب میں روانہ کیے تاکہ محرم کے دوران امن کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے علمائے کرام سے اشتعال انگیز تقاریر سے گریز، لاؤڈ اسپیکر کے محتاط استعمال، اور تمام مکاتب فکر کے احترام کی تلقین کی۔

    کانفرنس میں کمشنر اشفاق چوہدری نے کہا کہ محرم کے دوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر کارروائی ہوگی، اور سوشل میڈیا کی نگرانی کی جا رہی ہے۔ آر پی او کیپٹن (ر) سجاد حسن نے بتایا کہ حساس مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جا چکے ہیں، اور بغیر اجازت جلوس و مجالس پر پابندی ہوگی۔

    علما کرام نے اس موقع پر ہاتھوں کی زنجیر بناکر قومی یکجہتی اور امن کا عملی مظاہرہ کیا اور اسلام، پاکستان، اور پاک فوج کے حق میں نعرے بلند کیے۔ وفد اور ڈویژنل امن کمیٹی کے ارکان نے قیام امن کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ آخر میں استحکام پاکستان، قومی سلامتی اور امت مسلمہ کی کامیابی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

  • ڈیرہ غازیخان:ظلم کیخلاف جہاد ہماری روایت، امریکہ و اسرائیل انجام کو پہنچیں گے: قاری جمال

    ڈیرہ غازیخان:ظلم کیخلاف جہاد ہماری روایت، امریکہ و اسرائیل انجام کو پہنچیں گے: قاری جمال

    ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی ،سٹی رپورٹر جواد اکبر) جمعیت علماء اسلام پنجاب کے نائب امیر مولانا قاری جمال عبدالناصر نے اسلام آباد میں جمعیت کے مرکزی عہدیداران سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ، اسرائیل یا بھارت کی جانب سے مظلوموں پر ظلم کے خلاف ہم سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑے ہیں۔ ظلم سے بغاوت اور مظلوم کی بلا تفریق حمایت جمعیت کی تاریخ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم شیخ الہند کے مشن کے امین ہیں اور ہماری رگوں میں انگریز کی بغاوت خون کی طرح دوڑتی ہے۔ آل انڈیا سے خزانے لوٹ کر یورپ لے جانے والے برطانوی تاجروں اور شہنشاہوں کے خلاف ہمارے اساتذہ نے جہاد کیا اور برطانیہ جیسی سپر پاور کو ٹکڑے ٹکڑے کر دیا۔ سویت یونین بھی علماء اور مجاہدین سے ٹکرایا اور پاش پاش ہو گیا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ اور یورپ نے اربوں ڈالر خرچ کر کے مسلمانوں میں فرقہ واریت، تشدد اور نفرت کو فروغ دیا، اور افغانستان، عراق، لیبیا، شام اور فلسطین میں خون کی ہولی کھیلی۔ آج وہی طاقتیں ایران پر جنگ مسلط کر چکی ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ قائد جمعیت مولانا فضل الرحمان نے فرقہ واریت سے بالاتر ہو کر ایران کی غیر مشروط حمایت کا اعلان کیا ہے۔ اب امریکہ، اسرائیل اور بھارت کو ٹکڑے ٹکڑے ہونے سے دنیا کی کوئی طاقت نہیں بچا سکتی۔

    اس موقع پر جمعیت علماء اسلام کے تحصیل امیر سردار عبدالمجید خان ڈیوآنی، مولانا کلیم اللہ ملکانی، مولانا شاہد ندیم ابوغازی، ملک نذیر خان انگاری، مولانا محمد عثمان گوندل، اکرم خان لودھی و دیگر ممبران مجلس عمومی جمعیت علماء اسلام پنجاب بھی موجود تھے۔ آخر میں مری میں ہونے والے شاندار اور کامیاب عمومی اجلاس پر جمعیت علماء اسلام پنجاب کے امیر سید محمود میاں صاحب، ناظم عمومی حافظ نصیر احمد احرار اور تمام مجلس عاملہ کو مبارکباد پیش کی گئی۔

  • ڈیرہ غازیخان: ویسٹ مینجمنٹ عملے کے لیے کیش ایوارڈ تقریب 21 جون کو ہوگی

    ڈیرہ غازیخان: ویسٹ مینجمنٹ عملے کے لیے کیش ایوارڈ تقریب 21 جون کو ہوگی

    ڈیرہ غازیخان (باغی ٹی وی، نیوز رپورٹر شاہد خان)ڈسٹرکٹ مینیجر ویسٹ مینجمنٹ کمپنی توفیق عادل کے مطابق، عیدالاضحیٰ کے دوران صفائی کے مثالی انتظامات پر ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ڈیرہ غازیخان کے اسٹاف کو کیش ایوارڈ دینے کی تقریب 21 جون کو صبح 11 بجے مرحبا میرج ہال میں منعقد ہو گی۔

    تقریب میں کمشنر اشفاق احمد چوہدری، ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد، ایم پی اے محمد حنیف پتافی، اور سی ای او ویسٹ مینجمنٹ کمپنی شاہد ندیم رانا سمیت دیگر معززین شرکت کریں گے۔

  • پنجاب میں حکومتی رٹ زمین بوس، پرائیویٹ سکولز میں تندور جیسے کمروں میں تدریس جاری

    پنجاب میں حکومتی رٹ زمین بوس، پرائیویٹ سکولز میں تندور جیسے کمروں میں تدریس جاری

    ڈیرہ غازیخان(باغی ٹی وی رپورٹ)پنجاب میں حکومتی رٹ زمین بوس، پرائیویٹ سکولز میں تندور جیسے کمروں میں تدریس جاری

    تفصیلات کے پنجاب بھر کی طرح ڈیرہ غازیخان میں بھی گرمی کی شدید لہر کے باوجود درجنوں پرائیویٹ اور پیف سکولز حکومتی احکامات کو نظرانداز کرتے ہوئے آج بھی کلاسز جاری رکھے ہوئے ہیں۔ وزیر تعلیم پنجاب کی جانب سے 20 مئی 2025 کو صوبے بھر کے تمام سرکاری و نجی سکولوں میں 28 مئی سے موسم گرما کی تعطیلات کا اعلان کیا گیا تھا مگر متعدد نجی سکول مالکان نے اس نوٹیفکیشن کو نظرانداز کر کے تدریسی عمل جاری رکھا ہے۔

    شدید گرمی کے دوران ان سکولوں میں صبح 6:30 سے 10:00 بجے تک تدریسی سرگرمیاں جاری ہیں، جنہیں والدین نے "تندور جیسے کلاس رومز” قرار دیا ہے۔ والدین کا کہنا ہے کہ سکولوں میں نہ پنکھے چل رہے ہیں، نہ ہوا کا گزر ہے اور نہ ہی پینے کے ٹھنڈے پانی کی مناسب سہولیات موجود ہیں۔ ایسے میں بچوں کو پڑھنے پر مجبور کرنا کھلی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔

    صوبہ پنجاب خاص طور ڈرہ غازیخان میں درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کر چکا ہےجو کہ 50 ڈگری تک محسوس کیا جارہا ہے اور محکمہ موسمیات کی جانب سے ہیٹ ویو کی وارننگ جاری ہے۔ اسی خطرے کے پیشِ نظر وزیر تعلیم پنجاب نے 28 مئی سے سکولوں اور کالجوں میں تعطیلات کا اعلان کیا تھا۔ تاہم بیشتر نجی سکولز مالکان نے اس فیصلے کو ہوا میں اڑا دیا۔ بچوں کو سکول بلانے کا مقصد صرف فیسیں وصول کرنا اور بزنس کو برقرار رکھنا بتایا جا رہا ہے۔

    والدین کی جانب سے شدید ردعمل دیکھنے میں آ رہا ہے۔ لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی، ملتان اور گوجرانوالہ سمیت مختلف شہروں میں والدین نے سکولز کے سامنے احتجاجی مظاہرے کیے اور پرائیویٹ سکولز مافیا کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ ایک والد حبیب خان نے باغی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ "ہمیں مجبوراً بچوں کو بھیجنا پڑ رہا ہے کیونکہ فیسیں لی جا رہی ہیں اور غیر حاضری پر جرمانے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ سوال یہ کہ کیا حکومت صرف نوٹیفکیشن جاری کرنے کے لیے ہے؟”

    عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ جب کالجز جن میں نوجوان تعلیم حاصل کرتے ہیں 15 اگست تک بند کیے جا چکے ہیں تو پھر نازک عمر کے بچوں کے سکولز کھلے رکھنے کا کوئی جواز نہیں۔ حکومت کی خاموشی اور اداروں کی بے حسی نے والدین کو مایوسی کی دلدل میں دھکیل دیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق تمام سکولز (سرکاری و نجی) 28 مئی سے بند ہوں گے اور 15 اگست 2025 کو دوبارہ کھلیں گے۔

    شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب اور وزیر تعلیم سے مطالبہ کیا ہے کہ جو سکولز حکومتی احکامات کی خلاف ورزی کر رہے ہیں، ان کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔ سکولز کی رجسٹریشن منسوخ کی جائے، بھاری جرمانے عائد کیے جائیں اور بچوں کی صحت سے کھیلنے والے اداروں کو نشان عبرت بنایا جائے۔

    والدین کا سوال واضح ہےکہ کیا حکومت اپنی رٹ بحال کر پائے گی یا یہ خاموشی پرائیویٹ سکولز مافیا کے لیے کھلی چھوٹ ثابت ہو گی؟

  • ڈی جی خان: خواتین کے حقوق سے متعلق آگاہی سیمینار، قانونی تحفظ اور معاونت پر زور

    ڈی جی خان: خواتین کے حقوق سے متعلق آگاہی سیمینار، قانونی تحفظ اور معاونت پر زور

    ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی، نیوز رپورٹر شاہد خان) خواتین کے حقوق کے تحفظ اور قانونی معاونت کے حوالے سے ایک اہم تربیتی ورکشاپ کا انعقاد محکمہ سوشل ویلفیئر و بیت المال کے زیر اہتمام ڈپٹی کمشنر آفس میں کیا گیا۔ ڈسٹرکٹ ویمن پروٹیکشن اتھارٹی، ایف ڈی او اور دیگر اداروں کے اشتراک سے منعقدہ اس سیمینار میں مختلف محکموں کے نمائندگان نے شرکت کی، جن میں ہیلتھ، لوکل گورنمنٹ، غازی یونیورسٹی، پراسیکیوشن، پنجاب پولیس، بار ایسوسی ایشن سمیت دیگر ادارے شامل تھے۔

    سیکرٹری ڈسٹرکٹ ویمن پروٹیکشن کمیٹی ثریا مجید رانا نے کہا کہ اس سیمینار کا مقصد نہ صرف عام شہری بلکہ سرکاری اداروں کو بھی خواتین کے حقوق کے تحفظ کے متعلقہ قوانین سے آگاہ کرنا ہے، تاکہ پالیسی سازی سے لے کر عملی اقدامات تک ہر سطح پر مؤثر عملدرآمد ممکن بنایا جا سکے۔

    افتتاحی خطاب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل قدسیہ ناز نے حکومت پنجاب کی جانب سے خواتین کے تحفظ کیلئے کیے گئے اقدامات اور قانون سازی پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ادارہ جاتی سطح پر سنجیدہ کوششیں ہی خواتین کو محفوظ اور بااختیار بنانے میں کامیابی لا سکتی ہیں۔

    سیمینار کے اہم مقرر، ممبر ڈسٹرکٹ بار شیخ امجد حسین ایڈووکیٹ نے تفصیل سے خواتین کے قانونی حقوق پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں خواتین کے لیے بنائے گئے متعدد قوانین جیسے کہ:

    تحفظ خواتین برائے ہراسمنٹ ایکٹ 2010،ایسڈ کرائم کنٹرول ایکٹ 2011،پنجاب گھریلو تشدد کے خلاف تحفظ ایکٹ 2016.اینٹی ریپ انویسٹی گیشن اینڈ ٹرائل ایکٹ 2021.دی مسلم فیملی لاز آرڈیننس 1961

    ان تمام قوانین کی موجودگی اور مؤثر عملدرآمد سے خواتین کو قانونی تحفظ حاصل ہے۔ مزید یہ کہ خواتین ہیلپ لائن 1043 اور پولیس ایمرجنسی نمبر 15 پر فوری رابطہ کر کے مدد حاصل کی جا سکتی ہے۔

    ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر ذکاء الدین بزدار، غازی یونیورسٹی کی نمائندہ سمیرا بانو اور دیگر شرکاء نے بھی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے خواتین کے تحفظ اور مساوی مواقع کی اہمیت پر زور دیا۔

    آخر میں شرکاء کو سرٹیفکیٹس بھی دیے گئے، اور اس اقدام کو خواتین کی فلاح، شعور اور خودمختاری کی جانب ایک مثبت قدم قرار دیا گیا۔