Baaghi TV

Category: ڈیرہ غازی خان

  • دراہمہ:گیدڑ والا تا دری میرو روڈ کھنڈر میں تبدیل، عوام پریشان

    دراہمہ:گیدڑ والا تا دری میرو روڈ کھنڈر میں تبدیل، عوام پریشان

    دراہمہ (باغی ٹی وی،خبرنگار) وزیر اعلیٰ پنجاب کا نعرہ "سڑکیں بحال، پنجاب خوشحال” کھوکھلا ثابت ہوا، گیدڑ والا تا دری میرو روڈ علاقہ مکینوں کے لیے عذاب بن گیا۔ جگہ جگہ گہرے گڑھوں کے باعث چند منٹ کا سفر گھنٹوں میں طے ہونے لگا، مریضوں، مزدوروں، طلبہ و ملازمین کو شدید مشکلات کا سامنا۔ قیمتی گاڑیوں کے انجن ناکارہ ہونے کا خدشہ، آئے روز حادثات معمول بن گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈیرہ غازیخان میں گیدڑوالا سے دری میرو تک یہ سڑک وسیم اکرم پلس کے دور میں تعمیر ہوئی، مگر ناقص مٹیریل کے باعث ان کی حکمرانی ختم ہوتے ہی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوگئی۔ سڑک کی خستہ حالی اور ریسکیو سہولیات کے فقدان کے باعث مریضوں کو ہسپتال پہنچانا مشکل ہوگیا ہے، جب کہ سکول جانے والے بچے، ملازمین اور مزدور تاخیر سے اپنی منزل پر پہنچنے پر مجبور ہیں۔

    علاقہ مکینوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ گیدڑ والا تا دری میرو روڈ کو ازسر نو کارپٹڈ کیا جائے تاکہ اس سڑک پر سفر کرنے والے شہری سکھ کا سانس لے سکیں۔

  • ڈیرہ غازیخان:کوٹ چھٹہ کے قریب ایل پی جی ٹرالر میں آگ لگ گئی، 1 جاں بحق، متعدد زخمی

    ڈیرہ غازیخان:کوٹ چھٹہ کے قریب ایل پی جی ٹرالر میں آگ لگ گئی، 1 جاں بحق، متعدد زخمی

    ڈیرہ غازیخان (باغی ٹی وی رپورٹ)کوٹ چھٹہ میں انڈس ہائی وے پر ایل پی جی ٹرالر میں آگ، ایک شخص جاں بحق، متعدد زخمی

    تفصیل کے مطابق کوٹ چھٹہ میں انڈس ہائی وے پر شنواری پمپ کے قریب ایل پی جی ٹرالر میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس نے تین دیگر کیپسول ٹرالروں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ حادثے کے بعد تمام ڈرائیور موقع سے فرار ہو گئے۔

    ریسکیو 1122 کو 13:24 پر ایمرجنسی کال موصول ہوئی، جس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے قریبی اسٹیشن سے فائر وہیکل، موٹر بائیک ایمبولینس اور ریسکیو ایمبولینس روانہ کی گئیں۔ اضافی مدد کے لیے ڈی جی خان اور راجن پور کے مختلف اسٹیشنز سے 6 فائر وہیکلز اور 2 ریسکیو وہیکلز طلب کی گئیں۔

    ریسکیو عملے نے ڈی سی کنٹرول روم اور پولیس کنٹرول روم کو مطلع کرنے کے ساتھ ساتھ پمپ اور قریبی ہوٹل کے تمام عملے کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا۔ فائر فائٹنگ اور کولنگ کے عمل کے دوران افسوسناک طور پر ایک 60 سالہ شخص آگ کے دھماکے میں جاں بحق ہو گیا، جبکہ چند ریسکیورز معمولی زخمی ہوئے۔

    ریسکیو آپریشن کی نگرانی ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈیرہ غازیخان وقاص خلیق کر رہے ہیں اور فائر فائٹنگ کا عمل اب بھی جاری ہے۔

  • ڈیرہ غازیخان: ہاؤسنگ سوسائٹیز میں اربوں کا فراڈ، ذمہ داران کو فوری گرفتارکیا جائے.شیخ عثمان فاروق

    ڈیرہ غازیخان: ہاؤسنگ سوسائٹیز میں اربوں کا فراڈ، ذمہ داران کو فوری گرفتارکیا جائے.شیخ عثمان فاروق

    ڈیرہ غازی خان،باغی ٹی وی (سٹی رپورٹرجواداکبر)ہاؤسنگ سوسائٹیز میں اربوں کا فراڈ، ذمہ داران کو فوری گرفتارکیا جائے.شیخ عثمان فاروق

    جماعت اسلامی پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل شیخ عثمان فاروق ایڈووکیٹ نے گلبرگ ہاؤسنگ سوسائٹی اور سمارٹ ولاز کے منصوبوں میں اربوں روپے کے فراڈ پر سخت ردعمل دیتے ہوئے ذمہ داران کی فوری گرفتاری اور متاثرین کو حق دلانے کا مطالبہ کیا ہے۔

    دفتر جماعت اسلامی میں بزنس فورم کے صدر میاں نعیم ثاقب اور شیخ سلیم ارشد کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ غلام اصغر گورمانی اور ملک ظفر تھتھل سمیت ان کے حاشیہ بردار بروکرز نے عوام کو سبز باغ دکھا کر اربوں روپے ہڑپ کر لیے۔ کئی سال گزرنے کے باوجود نہ ولاز فراہم کیے گئے اور نہ ہی پلاٹس کی رجسٹریاں مکمل کی گئیں۔

    انہوں نے انکشاف کیا کہ سمارٹ ولاز کے رجسٹری شدہ خریداروں کو قبضہ نہیں دیا گیا جبکہ گلبرگ ہاؤسنگ کے پلاٹ مالکان کو غیر قانونی طور پر عثمانیہ گارڈن نامی منصوبے میں مزید رقم ادا کرنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔

    شیخ عثمان نے مزید کہا کہ وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب کی سرپرستی کے دعویدار یہ فراڈیے کھلے عام دندناتے پھر رہے ہیں، جبکہ ضلعی اور ڈویژنل انتظامیہ بھی خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔

    انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ملزمان کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کیے جائیں، ایف آئی اے اور نیب کے ذریعے تحقیقات کرائی جائیں اور متاثرین کو ان کا حق دلایا جائے۔ بصورت دیگر جماعت اسلامی متاثرین کے ساتھ احتجاجی دھرنوں کی قیادت کرے گی، اور اگر امن و امان کا مسئلہ پیدا ہوا تو اس کی ذمہ داری حکومت اور فراڈ میں ملوث افراد پر ہوگی۔

  • ڈیرہ غازی خان: برائی کا اڈہ بند نہ ہوا، دراہمہ پولیس نے درخواست ہی گم کر د،مدعی

    ڈیرہ غازی خان: برائی کا اڈہ بند نہ ہوا، دراہمہ پولیس نے درخواست ہی گم کر د،مدعی

    پیرعادل،باغی ٹی وی(نامہ نگارباسط علی) ڈیرہ غازیخان کی حدود تھانہ دراہمہ ،سبزی منڈی کے قریب واقع ایک برائی کے اڈے کے خلاف کارروائی نہ ہونے اور پولیس کی جانب سے درخواست گم کرنے کے الزامات سامنے آئے ہیں۔

    حسکول پمپ کے مالک سیف اللہ خان سوری، اسد خان سوری اور دیگر شہریوں نے مشترکہ درخواست دے کر تھانہ دراہمہ کو آگاہ کیا تھا کہ پمپ کے پیچھے جھونپڑیوں میں فحاشی اور دیگر غیر قانونی سرگرمیاں جاری ہیں۔ انہوں نے خوف ظاہر کیا تھا کہ اس سے جرائم میں اضافہ ہو رہا ہے اور نوجوان نسل تباہ ہو رہی ہے۔

    تاہم، دو ہفتے گزر جانے کے بعد بھی پولیس نے کوئی کارروائی نہیں کی۔ جب اسد خان سوری تھانہ پہنچے تو انہیں بتایا گیا کہ ان کی درخواست گم ہو گئی ہے۔ اس پر انہوں نے الزام لگایا کہ پولیس نے جان بوجھ کر درخواست گم کی ہے تاکہ برائی کے اڈے کو بند نہ کروایا جائے۔

    اسد خان سوری نے وزیر اعلیٰ پنجاب، آئی جی پنجاب، آر پی او اور ڈی پی او ڈیرہ غازی خان سے اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملے میں مداخلت کریں اور پولیس کے خلاف قانونی کارروائی کریں۔

    دوسری طرف صحافی برادری نے بھی اس معاملے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اسد خان سوری اور دیگر شہریوں نے بتایا ہے کہ وہ صحافی برادری کے ساتھ مل کر ڈی پی او ڈیرہ غازی خان کے سامنے اپنی درخواست پیش کریں گے اور انصاف کا مطالبہ کریں گے۔

  • کوٹ چھٹہ:فاروق احمد خان تالپور کی قرآن خوانی جامع مسجد انوار مدینہ میں منعقدہوئی

    کوٹ چھٹہ:فاروق احمد خان تالپور کی قرآن خوانی جامع مسجد انوار مدینہ میں منعقدہوئی

    کوٹ چھٹہ،باغی ٹی وی(تحصیل رپورٹرمریدٹالپور) فاروق احمد خان تالپور کی قرآن خوانی بستی تالپور کی جامع مسجد انوار مدینہ میں منعقد کی گئی، جس میں علاقے کے معززین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

    محفل کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا گیا، نعت رسول مقبول ﷺ بھی پیش کی گئی۔ محفل میں قاری عبدالرحمن صاحب نے موت کی حقیقت پر تفصیلی گفتگو کی جبکہ پروفیسر عطاءالمصطفی مدنی نے خصوصی بیان دیا۔

    تقریب میں سیاسی و سماجی شخصیات، بشمول سردار انعام اللہ خان تالپور، سابق مشیر وزیراعلیٰ پنجاب میر مرزا خان تالپور کے بڑے صاحبزادے میر شاہجہان خان تالپور، میر یاسر عرفات، شاہد رشید خان چانڈیہ، اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔

    قرآن خوانی کے اختتام پر مرحوم کی مغفرت کے لیے اجتماعی دعا کی گئی اور ان کے بیٹوں کی دستار بندی کی رسم پروفیسر عطاءالمصطفی مدنی اور دیگر معززین نے انجام دی۔

    اہلِ علاقہ نے مرحوم کی مغفرت کے لیے خصوصی دعائیں کیں اور ان کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔

  • ڈیرہ غازی خان: تجاوزات کے خاتمے کے لیے مہم کا آغاز، تاجر برادری کو وارننگ جاری

    ڈیرہ غازی خان: تجاوزات کے خاتمے کے لیے مہم کا آغاز، تاجر برادری کو وارننگ جاری

    ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی، نیوز رپورٹر شاہد خان) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ڈیرہ غازی خان میں تجاوزات کے خاتمے کے لیے بھرپور مہم شروع کر دی گئی ہے۔ تاجروں کو از خود تجاوزات ہٹانے کے لیے وارننگ دی گئی ہے، جبکہ شاہراہوں اور مرکزی بازاروں میں موجود پختہ تجاوزات کو مسمار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد کی زیر صدارت اجلاس میں ان اقدامات کا فیصلہ کیا گیا، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر قدسیہ ناز، اسسٹنٹ کمشنرز تیمور عثمان، جنید خان، اور انفورسمنٹ ٹیموں کے سربراہان نے شرکت کی۔

    ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف اور چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان تجاوزات کے خاتمے کے آپریشن کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔ انہوں نے ہدایت دی کہ تجاوزات کے خاتمے سے قبل شاہراہوں اور بازاروں کا سروے کیا جائے اور قبل و بعد کی تصاویر شیئر کی جائیں۔

    ضبط شدہ سامان تاجروں کو جرمانے اور آئندہ تجاوزات نہ کرنے کی یقین دہانی کے بعد واپس کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آپریشن بلا امتیاز اور مستقل بنیادوں پر جاری رہے گا۔ تجاوزات کے خلاف آپریشن کے لیے ضروری مشینری فراہم کی جائے گی، اور وہ خود اس مہم کی نگرانی کریں گے۔

    اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت دی گئی کہ وہ انجمن تاجران کے ساتھ رابطے میں رہیں اور تاجروں کو رضاکارانہ طور پر تجاوزات ہٹانے کے لیے آمادہ کریں۔ شہری حلقوں نے ان اقدامات کو سراہا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ یہ مہم ڈیرہ غازی خان میں ٹریفک کے مسائل حل کرنے میں معاون ثابت ہوگی۔

  • ڈیرہ غازی خان: ٹیچنگ ہسپتال ،کرپشن کیس تحقیقات کی فائلیں چمک کی وجہ سے گم  ہوگئیں

    ڈیرہ غازی خان: ٹیچنگ ہسپتال ،کرپشن کیس تحقیقات کی فائلیں چمک کی وجہ سے گم ہوگئیں

    لاہور (باغی ٹی وی انویسٹی گیشن سیل)ڈیرہ غازی خان، ٹیچنگ ہسپتال ،کرپشن کیس تحقیقات کی فائلیں چمک کی وجہ سے گم ہوگئیں

    تفصیلات کے مطابق ڈیرہ غازی خان میں قومی احتساب بیورو (نیب) ملتان کی جانب سے ٹیچنگ ہسپتال میں بدعنوانی اور مالی بے ضابطگیوں کے الزامات پر کی گئی تحقیقات ایک بار پھر متعلقہ حکام کی غفلت اور کرپٹ مافیا کی چالاکیوں کی بھینٹ چڑھ گئی۔22 فروری 2024 کو نیب ملتان نے ایک لیٹرنمبر No NABM20211101256069) چیف سیکرٹری پنجاب کو ارسال کیا، جس میں ٹیچنگ ہسپتال و میڈیکل کالج ڈی جی خان میں الیکٹرو میڈیکل آلات کی خریداری کے دوران ہونے والی بے ضابطگیوں کی تفصیلات فراہم کی گئیں۔ نیب نے اپنی رپورٹ مزید کارروائی کے لیے محکمہ صحت پنجاب کو بھیج دی۔

    نیب کی تحقیقات کے مطابق لیٹر آف کریڈٹ (ایل سی)کی میچورٹی کے وقت ایکسچینج ریٹ کی تبدیلی کے باعث وینڈرز کو 30 کروڑ روپے زائد ادائیگی کی گئی۔ فرنیچر کی خریداری میں جی ایس ٹی کی کٹوتی نہیں کی گئی، حالانکہ یہ ٹیکس لازمی تھا۔ خریدے گئے آلات کی اصل ماخذ کی تصدیق بھی نہیں کی گئی، جس سے شفافیت پر سوالیہ نشان اٹھتا ہے۔

    نیب ملتان کی سفارشات پر پنجاب حکومت کے اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے 12 مارچ 2024 کو ایک تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی۔ یہ کمیٹی محکمے کے سینئر افسران پر مشتمل تھی اور اسے سات دن کے اندر اپنی سفارشات پیش کرنے کی ہدایت دی گئی تھی۔
    حیران کن طور پر سات دن میں مکمل ہونے والی تحقیقات آج تک منظرِ عام پر نہ آسکیں۔

    اطلاعات کے مطابق کرپٹ عناصر نے تحقیقات کو دبانے کی کوشش کی اور متعلقہ فائلیں ہی غائب کر دی گئیں۔ اس عمل نے نہ صرف انصاف کی فراہمی میں رکاوٹ ڈالی بلکہ حکومتی نظام کی شفافیت پر بھی سوال کھڑے کیے۔

    عوامی اور سماجی حلقے اس معاملے میں حکومت سے فوری ایکشن لینے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ نیب کی کاوشوں کو نظرانداز کرنا عوام کے اعتماد کو ٹھیس پہنچانے کے مترادف ہے۔حکومت اور متعلقہ اداروں کو فوری طور پر اس معاملے کی شفاف تحقیقات کر کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کرنی چاہیے تاکہ عوام کا اعتماد بحال ہو اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو۔

  • ڈیرہ غازی خان: معروف ہومیو ڈاکٹر راؤ محمد سلیم اصغر وفات پا گئے

    ڈیرہ غازی خان: معروف ہومیو ڈاکٹر راؤ محمد سلیم اصغر وفات پا گئے

    ڈیرہ غازی خان (سٹی رپورٹر جواد اکبر) معروف ہومیو ڈاکٹر ذیشان ہومیوپیتھک سٹور کے بانی ڈاکٹر راؤ محمد سلیم اصغر وفات پا گئے

    تفصیلات کے ڈیرہ غازی خان کی مشہور و معروف کاروباری شخصیت و بانی ذیشان ہومیو سٹور ڈاکٹر راؤ محمد سلیم اصغر بقضائے الہیٰ وفات پا گئے۔ مرحوم راؤ محمد فیاض، جو ایک سینئر صحافی ہیں کے سسر و کزن اور راؤ محمد نعمان سلیم، ڈاکٹر راؤ محمد عمران سلیم کے والد تھے۔ ان کی نماز جنازہ اللہ آباد کالونی، پرانا نادرا آفس، 3 مرلہ اسکیم میں ادا کی گئی۔

    نماز جنازہ میں ڈیرہ غازی خان کے مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والی معزز شخصیات نے شرکت کی، جن میں ڈی جی خان بار کے معروف قانون دان و سابق صدر بار راؤ محمد اعجاز ایڈووکیٹ، مہر فدا حسین ایڈووکیٹ، کفائیت عباس ایڈووکیٹ، امتیاز کریم درانی ایڈووکیٹ، اور کثیر تعداد میں صحافی و وکلاء برادری شامل تھی۔ اس کے علاوہ ڈیرہ غازی خان کی کاروباری، سیاسی و سماجی شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

    مرحوم کے بھائیوں راؤ محمد شمیم اصغر، راؤ محمد وسیم اصغر، راؤ محمد ندیم اصغر، سماجی و کاروباری شخصیت ساجد خان، عمر خان ککے زئی، جرنلسٹ جواد بھٹی، ماڈل ٹاؤن اور شہر بھر کے دیگر معززین اور مرحوم کے قریبی عزیز و اقارب بھی جنازے میں شریک ہوئے۔

    ڈاکٹرراؤ محمد سلیم اصغر کی وفات سے ڈیرہ غازی خان ایک ہمدرد اور ماہر ہومیوپیتھک ڈاکٹر سے محروم ہو گیا ہے۔ مرحوم نے اپنے کیریئر کے دوران نہ صرف طب کے میدان میں نمایاں خدمات انجام دیں بلکہ معاشرتی مسائل کے حل میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔

    شہر کے عوام کا کہنا ہے کہ ان کی وفات سے پیدا ہونے والا خلا شاید کبھی پُر نہ ہو سکے گا۔ مرحوم کی انسان دوستی اور طبی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے اور ان کے لواحقین کو صبر جمیل دے۔

  • ڈیرہ غازی خان: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی آمد،ہر طرف ناکہ بندی ،عوام کو مشکلات کا سامنا،انتظامیہ ناکام

    ڈیرہ غازی خان: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی آمد،ہر طرف ناکہ بندی ،عوام کو مشکلات کا سامنا،انتظامیہ ناکام

    ڈیرہ غازی خان (سٹی رپورٹر جواد اکبر)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی آمد،ہر طرف ناکہ بندی ،عوام کو مشکلات کا سامنا،انتظامیہ ناکا،

    وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی شہر آمد کے موقع پر انتظامات کے دوران عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ پاکستان چوک اور دیگر اہم مقامات پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، جس کی وجہ سے شہریوں کی آمدورفت متاثر ہوئی۔ خاص طور پر بلوچستان جانے والے افراد اور کاروباری لوگ پریشانی کا شکار ہوئے، جب کہ مریض بھی گاڑیوں میں روکے گئے۔

    یہ صورتحال اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ وزیر اعلیٰ کی آمد کے دوران عوامی سہولت کے لئے مکمل انتظامات نہ کیے گئے، جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ عوام کا کہنا ہے کہ حکومت کے اعلیٰ عہدیداران کی آمد کے دوران ان کے وعدے پورے نہیں ہوتے اور اس طرح کی ناکہ بندیوں کی وجہ سے ان کی روزمرہ زندگی متاثر ہوتی ہے۔

  • ڈیرہ غازیخان:ہم 9 مئی والے نہیں، 28 مئی والے ہیں،مریم نواز

    ڈیرہ غازیخان:ہم 9 مئی والے نہیں، 28 مئی والے ہیں،مریم نواز

    ڈیرہ غازی خان(باغی ٹی وی رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ ہم 9 مئی والے نہیں، بلکہ 28 مئی والے ہیں، ہم پاکستان کے عزت کے رکھوالے ہیں۔

    ڈیرہ غازی خان میں اسکالر شپ پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج اسکالر شپس کی تقسیم کا آخری دن ہے، بہت جلد لیپ ٹاپس اور ای بائیکس لے کر طلبہ کے پاس آؤں گی تاکہ وہ بہتر سفری سہولیات کے ساتھ تعلیم حاصل کرسکیں۔

    انہوں نے کہا کہ مخالفین نے ہمیشہ جھوٹ کا سہارا لیا، مگر عوام کے دلوں میں ہمارے لیے جو محبت ہے، اسے کوئی مٹانہیں سکتا۔ مریم نواز نے یقین دہانی کرائی کہ ہر اسکالر شپ میرٹ پر دی گئی ہے اور کسی قسم کی سفارش پر کوئی اسکالر شپ نہیں دیا گیا۔

    انہوں نے طلبہ کو ملک کا مستقبل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگلے چند سالوں میں یہی نوجوان پاکستان کا جھنڈا تھامیں گے اور ملک کی ترقی میں کردار ادا کریں گے۔ وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ اس سال 30 ہزار اسکالر شپس دی جا رہی ہیں، جنہیں اگلے سال 50 ہزار تک بڑھا دیا جائے گا، اور خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے طلبہ کے لیے بھی منصوبے زیر غور ہیں۔

    تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جنہوں نے بچوں کے ہاتھوں میں لیپ ٹاپ دینے کے بجائے جھوٹ اور پروپیگنڈا کو فروغ دیا، وہ آج نوجوانوں کے مستقبل کے دشمن بنے ہوئے ہیں۔ مریم نواز نے کہا کہ پاکستان ہماری ریڈ لائن ہے، اور ہماری فورسز ہماری حفاظت کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرتی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے ملک میں موٹرویز کا جال بچھا کر عوام کو سہولت فراہم کی، مگر مخالفین صرف تخریب کاری میں مصروف رہے۔ جیلوں میں موجود بچوں کے والدین سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو کسی کے بہکاوے میں نہیں آنا چاہیے، کیوں کہ ورغلانے والے تو سکون سے بیٹھے ہیں اور نقصان عام لوگوں کا ہو رہا ہے۔

    آخر میں انہوں نے کہا کہ ہم 9 مئی والے نہیں، 28 مئی والے ہیں۔ ہم تدریس اور ترقی کی زبان بولتے ہیں اور علم کے علمبردار ہیں، ڈنڈا بردار نہیں۔